Tag: ائیر مارشل ارشد ملک

  • پی آئی اے کی اونچی اڑان ، ادارہ 8 سال بعد منافع میں آگیا

    پی آئی اے کی اونچی اڑان ، ادارہ 8 سال بعد منافع میں آگیا

    کراچی: قومی ایئرلائن ( پی آئی اے ) کی بہترین حکمت عملی کے باعث 8 سال میں پہلی دفعہ 8 ارب روپے کا خالص منافع ہوا، ائیر مارشل ارشد ملک نے تمام ملازمین اور محنت کشوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا سال 2019 ہمارا ٹرن اراونڈ کا سال تھا، جس میں تمام ملازمین نے انتظامیہ کے ساتھ مل کر بہت محنت کی۔

    تفصیلات کے مطابق قومی ایئرلائن ( پی آئی اے )نےسال2019کے نتائج جاری کردئیے ، سی ای اوارشدملک کی سربراہی میں پہلے سال کےنتائج اسٹاک ایکسچینج میں جمع کرائے گئے۔

    نتائج کے مطابق 2019 میں پی آئی اے کے ریونیو میں 43 فیصد اضافہ جو 104 ارب سے بڑھ کر 148 ارب تک پہنچ گیا، جس کے بعد 8 سال میں پہلی دفعہ پی آئی اے کو گراس منافع ہوا۔

    جاری نتائج میں کہا گیا 2018 میں پی آئی اے کو 18 ارب کا گراس خسارہ ہوا تھا جو 2019 میں 8 ارب گراس منافع میں تبدیل ہوگیا، پی آئی اے کے کل آپریشنل نقصان میں 76 فیصد کی کمی۔ آئی.

    پی آئی اے نے 2018 میں 32 ارب کا آپریشنل نقصان کیا تھا جو 2019 میں کم ہو کے 7۔7 ارب رہ گیا ہے ، 2019 کے دوسرے چھ مہینوں میں پی آئی اے نے بریک ایون کیا تاہم پہلے چھ مہینوں میں ہونے والے خسارے کی وجہ سے سال 7۔7 ارب پر بند ہوا۔

    پی آئی اے کے کل خسارہ میں سال 2018 کے خسارے کو فنانس کرنے کے باوجود 2019 میں 19 فیصد کی کمی ہوئی جبکہ سیٹ فیکٹر میں بھی واضح اضافہ جو 77 فیصد سے بڑھ کر 81 فیصد ہو گیا۔

    واضح رہے دنیا کی بہترین ایئرلائنز کا سیٹ فیکٹر 80 فیصد کے قریب ہوتا ہے۔

    ائیر مارشل ارشد ملک نے تمام ملازمین اور محنت کشوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا سال 2019 ہمارا ٹرن اراونڈ کا سال تھا جس میں تمام ملازمین نے انتظامیہ کے ساتھ مل کر بہت محنت کی۔

    سی ای او پی آئی اے کا کہنا تھا کہ جب انتظامیہ سنبھالی تو پی آئی اے کے دو سالوں (2017-2018) کا آڈٹ اور فنانشل نتائج التواء کا شکار تھے ، قلیل مدت میں تین سالوں (2017-2019) کا آڈٹ کروانا میری فنانس ٹیم کی بہت بڑی کامیابی ہے۔

    ائیر مارشل ارشد ملک نے مکمل سپورٹ پر وزارت ہوابازی, غلام سرور خان اور وزیر اعظم پاکستان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ سال 2020 ایک چیلنجنگ سال ہے جس میں عالمی سطح پر ہوا بازی کی صنعت زوال کا شکار ہوگئی ہے، بہت محنت کرنا ہوگی اور مشکل فیصلے کرنا ہوں گے مگر اللہ کی مدد شامل حال رہی تو کچھ بھی ناممکن نہیں۔

    وزیرہوبازی غلام سرور خان نے حوصلہ افزا نتائج پر پی آئی اے کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا حکومت پاکستان اور وزارت ہوابازی پی آئی اے کے حالیہ اور آئیندہ کئے جانے والے انتظامی اقدامات کو مکمل حمایت کرتی ہے، پی آئی اے کی بحالی کیلئے ہر ممکن وسائل کو بروکار لایا جائے گا غلام سرور خان

  • اصولوں پر ڈٹ جانے اور جان کی پروا نہ کرنے کا نام ہی حسینیت ہے، ائیر مارشل ارشد ملک

    اصولوں پر ڈٹ جانے اور جان کی پروا نہ کرنے کا نام ہی حسینیت ہے، ائیر مارشل ارشد ملک

    کراچی : ائیر مارشل ارشد ملک نے کہا ہے کہ سچائی اور اصولوں پر ڈٹ جانے اور جان کی پروا نہ کرنے کا نام ہی حسینیت ہے، واقعہ کربلا اور شہادت حضرت امام حسینؓ نے تاریخ میں فتح اور شکست کا مروجہ روایتی مفہوم تبدیل کر کے رکھ دیا۔

    یہ بات انہوں نے یوم عاشو پر اپنے جاری پیغام میں کہی، صدر و سی ای او پی آئی اے ائیر مارشل ارشد ملک کا اپنے پیغام میں مزید کہنا ہے کہ شہادت امام حسینؓ نے اس لحاظ سے ایک نئی تاریخ رقم کی کہ سچائی کے اصولوں کی پاسداری کی خاطر ڈٹ جانا اور بڑی سے بڑی حتی کہ جان کی قربانی دینا سب سے بڑی فتح ہوتی ہے۔

    آج تقریبا چودہ سو سال کا عرصہ گزر جانے کے بعد بھی ان کی اس عظیم قربانی کو ساری دنیا کے لئے جرات و بہادری اور باطل کا بے خوفی سے مقابلہ کرنے کی ایک لازوال مثال کے طور پر تسلیم کیا جاتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ سچائی اور اصولوں پر ڈٹ جانے اور جان کی پروا نہ کرنے کا نام ہی حسینیت ہے۔ واقعہ کربلا اور شہادت حضرت امام حسینؓ نے تاریخ میں فتح اور شکست کا مروجہ روایتی مفہوم تبدیل کر کے رکھ دیا۔

    میرا یہ ایمان ہے کہ ہماری زندگی کا ہر شعبہ حسنیت کے اصولوں پر مبنی ہو جس میں باطل کے مقابلے میں حق کا ساتھ دینے میں کسی قربانی سے دریغ نہ کیا جائے۔ جو اللہ کریم پر ایمان رکھتے ہیں اور نبی آخر الزمان حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی سنت طیبہ کی پیروی پر یقین رکھتے ہیں ان کے لئے کوئی مشکل ناممکن نہیں رہتی۔

    آئیے آج ہم اس بات کا اعادہ کریں کہ اسلام کی سربلندی کے لئے ہم اپنی زندگیوں میں حسنیت کے سچائی اور حق کے اصولوں کو ہمیشہ مقدم رکھیں گے۔ ہم اس بات کا بھی عہد کریں کہ اپنی قومی ائیر لائن پی آئی اے کے تحفظ اور ترقی کی خاطر اسے ہمیشہ اولین ترجیح دیتے رہیں گے۔

    میری اللہ کریم سے عاجزانہ التجا ہے کہ وہ ہم سب کو امام حسین کے نقش قدم پر چلنے کی توفیق عطا فرمائے ۔آمین۔

  • پی آئی اے کو منافع بخش ہونے میں کچھ وقت ضرور لگے گا۔ سی ای او ائیر مارشل ارشد ملک

    پی آئی اے کو منافع بخش ہونے میں کچھ وقت ضرور لگے گا۔ سی ای او ائیر مارشل ارشد ملک

    کراچی : پی آئی اے کے سی ای او ائیر مارشل ارشد ملک نے کہا ہے کہ مالی حسابات میں تاخیر گزشتہ ادوار کی انتظامی کوتاہی رہی ہے، ادارے کو منافع بخش ہونے میں کچھ وقت ضرور لگے گا۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی آئی اے کے شیئرز ہولڈرکے دوسرے سالانہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، سالانہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ارشد ملک کاکہنا تھا کہ سال 2017 کے اختتام پر پی آئی اے کی مجموعی آمدنی تقریباً 91 ارب جبکہ خسارہ ساڑھے 46 ارب روپے رہا۔

    اجلاس میں سال 2017 کے مالی حسابات اور سال 2018 کے مالی حسابات کے لئے بیرونی آڈیٹرز کے تقرر کی منظوری دی گئی۔

    اجلاس میں بتایا گیا کہ 2017 میں ایندھن کی قیمتوں میں 14 فیصد اور مالی اخراجات میں 16 فیصد اضافہ رہا۔ایئرمارشل ارشد ملک کا کہنا تھا کہ قومی ائیر لائن کے حالات اب بہتری کی جانب گامزن ہیں تاہم اس کو منافع بخش ہونے میں کچھ وقت ضرور لگے گا۔

    فضائی بیڑے میں طیاروں کی صورت حال کافی بہتر جا رہی ہے، ائیر مارشل ارشد ملک نے مزید کہا کہ حصص یافتگان کی شکایات کا ازالہ کیا جائے گا اور ان کی تجاویز پر سنجیدگی سے غور کیا جائے گا۔

    ان کا کہنا تھا کہ ہمارا رواں حج آپریشن کامیابی سے جاری ہے۔ اس موقع پر حصص یافتگان نے اجلاس کے ایجنڈے اور سفارشات کی منظوری دی۔ اجلاس میں سی ایف او خلیل اللہ شیخ اور سکریٹری بورڈ آف ڈرایکٹرز محمد شعیب بھی موجود تھے۔

  • پی آئی اے نے مسلسل آٹھویں بار ایاٹا سیفٹی آڈٹ سرٹیفکیٹ حاصل کرلیا

    پی آئی اے نے مسلسل آٹھویں بار ایاٹا سیفٹی آڈٹ سرٹیفکیٹ حاصل کرلیا

    کراچی : پی آئی اے نے مسلسل آٹھویں مرتبہ ایاٹا سیفٹی آڈٹ کامیابی سے مکمل کرلیا ہے، پی آئی اے پاکستان کی واحد ایئر لائن ہے جس کے پاس ایاٹا سیفٹی سرٹیفیکیٹ موجود ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پی آئی اے نے مسلسل آٹھویں بار ایاٹا سیفٹی آڈٹ سرٹیفکیٹ حاصل کرلیا۔ پی آئی اے وزیراعظم عمران خان کے وژن کے تحت ہوا بازی کی صنعت میں اہم کردار ادا کررہا ہے۔

    پی آئی اے پاکستان کی واحد ایئر لائن ہے جس کے پاس ایاٹا سیفٹی سرٹیفیکیٹ موجود ہے۔ اس حوالے سے سی ای او پی آئی اے ائیر مارشل ارشد ملک کا کہنا ہے کہ پی آئی اے حفاظتی امور کو مقدم رکھتی ہے۔

    پی آئی اے کا ایاٹا سرٹیفیکیٹ سرٹیفیکیٹ کا حصول حفاظتی امور کی ترجیح کی ایک مثال ہے۔ ایئر مارشل ارشد ملک نے کہا ہے کہ پی آئی اے کو منافع بخش بنانے کے لئے پروازوں میں اضافہ اور مسافروں کو فراہم کی جانے والی خدمات میں مزید بہتری کا عمل جاری ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پی آئی اے کارکنان کی ادارے کی بہتری کے لئے کی جانے والی محنت اور کوششیں مثالی ہیں، قومی ایئر لائن کی اڑان ترقی کی جانب گامزن ہے، بہترین پالیسی کے ثمرات آنا شروع ہوگئے۔

    پی آئی اے کے سی ای او ارشد ملک کا مزید کہنا ہے کہ پی آئی اے حفاظتی امور کو مقدم رکھتی ہے۔ ادارے کو منافع بخش بنانے کے لئے پروازوں میں اضافہ اور سہولیات میں مزید بہتری کا عمل جاری ہے، پی آئی اے کا ایاٹا سرٹیفیکیٹ کا حصول حفاظتی امور کی ترجیح کی ایک مثال ہے۔