Tag: ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان

  • ‘مسلح افواج دشمن کوعبرتناک شکست سےدوچارکرنےکی بھر پور اہلیت رکھتی ہیں’

    ‘مسلح افواج دشمن کوعبرتناک شکست سےدوچارکرنےکی بھر پور اہلیت رکھتی ہیں’

    اسلام آباد : سربراہ پاک فضائیہ ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان کا کہا ہے کہ مسلح افواج دشمن کوعبرتناک شکست سے دو چار کرنےکی بھر پور اہلیت رکھتی ہیں ، عہدکی تجدیدکرتے ہیں اپنے پاک وطن پرکبھی آنچ نہیں آنے دیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق پاک فضائیہ نے اپنے تمام ائیربیسز اور تنصیبات پر7 ستمبر یوم شہدا کے طور پر منایا، دن کا آغاز 1965ء اور 1971ء کی جنگوں کے شہداء اور ان تمام افراد کے لیے خصوصی دعاؤں اور قرآن خوانی سے کیا گیا، جنہوں نے پاکستان کے معرض وجود میں آنے سے لے کر اب تک مادرِ وطن کے لیے اپنی جانیں قربان کیں۔

    اسی سلسلے کی مرکزی تقریب ائیر ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں منعقدکی گئی۔ سربراہ پاک فضائیہ ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان اس تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے۔

    اس دن کی مناسبت سے پا ک فضائیہ کے ایک دستے نے ائیر وائس مارشل غلام عباس گھمن، ائیر آفیسر کمانڈنگ،سدرن ائیر کمانڈ کی سر کردگی میں پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان کی جانب سے پائلٹ آفیسرراشد منہاس شہید (نشانِ حیدر) کی قبر پر فاتحہ خوانی کی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔بعد ازاں ملک بھر میں پاک فضائیہ کے شہداء کی قبروں پر بھی پھولوں کی چادریں چڑھائی گئیں۔

    اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان نے کہا کہ ۷ستمبرکے یادگار اور تاریخی دن کے موقع پر میں پاک فضائیہ کے ان تمام ہیروزکو خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں ، جودشمن کی جارحیت کے خلاف سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن گئے اور اس کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا۔

    مارشل مجاہد انور خان کا کہنا تھا کہ کہ آج ہم اپنے شہداء اور غازیوں کے عزم،ہمت اور جذبہ قربانی کو سلام پیش کرتے ہیں اور اس عہد کی تَجدید کرتے ہیں کہ ہم اپنے پاک وطن پر کبھی آنچ نہیں آنے دیں گے۔

    سربراہ پاک فضائیہ نے مزید کہا کہ بلاشبہ، پاکستان کی بہادرمسلح افواج اپنی سرحدوں اور عوام کی حفاظت کرنا خوب جانتی ہیں اور دشمن کو عبرت ناک شکست سے دو چار کرنے کی بھر پور اہلیت رکھتی ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ وطن کا دفاع، اس کی مضبوطی وسَربلندی اور اسکی تعمیر وتَرقی ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے تاکہ ہمارا پاکستان ہر محاذ پر مزید کامیاب ہو۔

    کشمیر کی موجودہ صورت حال کا ذکر کرتے ہوئے ائیر چیف نے کہا کہ آج کے دن ہم اُن کشمیری بھائیوں اور بہنوں سے بھی اظہارِیکجہتی کرتے ہیں جو سات دہائیوں سے ظلم اورتَسلط کے خلاف جِدّوجُہد کر رہے ہیں۔

  • دشمن کیجانب سے فوجی سازو سامان کی خریداری سے لاعلم نہیں، بھرپورجواب دینے کیلئے ہمہ وقت تیارہیں’

    دشمن کیجانب سے فوجی سازو سامان کی خریداری سے لاعلم نہیں، بھرپورجواب دینے کیلئے ہمہ وقت تیارہیں’

    اسلام آباد : سربراہ پاک فضائیہ ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان نے کہا ہے کہ دشمن کیجانب سے فوجی سازو سامان کی خریداری سےلا علم نہیں، دشمن کی کسی بھی مہم جوئی کی صورت میں پاک فضائیہ بری اور بحری افواج کے ہمراہ بھر پور اندازمیں جواب دینے کے لئے ہمہ وقت تیار ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق سربراہ پاک فضائیہ ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان نے اسکردو میں واقع پی اے ایف بیس قادری کا دورہ کیا اور بیس پر جاری مختلف آپریشنل سرگرمیوں بشمول جنگی جہازوں اور عملے کی فوری تعیناتی کا معائنہ کیا۔

    سربراہ پاک فضائیہ کو بیس پر جاری تعمیراتی منصوبوں کے بارے میں بریفنگ بھی دی گئی، انہوں نے عملے کی آپریشنل تیاریوں اور پیشہ وارانہ صلاحیتوں اور تیزی سے جاری تعمیراتی کاموں پر اطمینان کا اظہار کیا۔

    اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ائیر چیف نے کہا کہ پاک فضائیہ خطے کی جیو اسٹریٹیجک صورتحال سے بخوبی آگاہ ہے، ہم دشمن کی جانب سے اسلحہ اور فوجی سازو سامان کے حصول کی دوڑ سے غافل نہیں اور روایتی جنگ میں طاقت کے توازن کو برقرار رکھنے کے لئے ضروری اقدامات کئے جا رہے ہیں۔

    ائیر چیف نے قوم کو یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ دشمن کی کسی بھی مہم جوئی کی صورت میں، پاک فضائیہ بری اور بحری افواج کے ہمراہ بھر پور اندازمیں جواب دینے کے لئے ہمہ وقت تیار ہیں۔

    مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشت گردی اور اس کی افواج کے جبرو استبدادپر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ائیر چیف نے پاکستانی قوم کی کشمیری جدو جہدِ آزادی کی غیر متزلزل حمایت کا ذکر کیا اور مسئلہ کشمیر کو اقوامِ متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق فوری حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

  • مشن پرواز ،  گلوکار فخر عالم  کی ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان سے  ملاقات

    مشن پرواز ، گلوکار فخر عالم کی ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان سے ملاقات

    اسلام آباد : گلوکار فخر عالم نے ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان سے ملاقات ہوئی ، جس میں فخر عالم نے ایئر چیف کے تعاون اور مشورے کا شکریہ ادا کیا ، جس کی بدولت وہ ملک کا نام روشن کرنے میں کامیاب ہوئے۔

    تفصیلات کے مطابق معروف اینکر اور گلوکار فخر عالم نے آج ایئر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان سے ملاقات کی، یہ ملاقات فخر عالم کے دنیا کے گرد تاریخی سفر کے پس منظر میں ہوئی۔

    فخر عالم نے ایئر چیف کے تعاون اور مشورے کا شکریہ ادا کیا جس کی بدولت وہ ملک کا نام روشن کرنے میں کامیاب ہوئے۔

    اس غیر معمولی کارنامے کی تعریف کرتے ہوئے ایئر چیف نے کہا کہ یہ کوشش دنیا میں پاکستان کے مثبت امیج کو پیش کرنے میں معاون ثابت ہوگی، اس موقع پر فخر عالم نے ایئر چیف کو اپنی کتاب ”مشن پرواز – فخر عالم میکنگ ہسٹری” بھی پیش کی۔

    مزید پڑھیں : فخر عالم کا ’مشن پرواز‘ کتابی صورت میں‌ شائع

    یاد رہے فخر عالم گزشتہ برس تین نومبر کو اپنا دنیا بھر کا سفر مکمل کرنے کے بعد کراچی واپس پہنچے اور انہوں نے دنیا بھر کا چکر لگانے والے پہلے پاکستانی ہونے کا اعزاز اپنے نام کیا تھا،پاکستانی گلوکار کو مشن پرواز پر حکومت اور پوری قوم نے بہت زیادہ سراہا جس کی وجہ سے انہیں فخر پاکستان بھی قرار دیا گیا تھا۔

    تین نومبر کو تاریخی سفر کا ایک برس مکمل ہونے پر فخر عالم نے دستاویزی فلم جاری کی اور ’مشن پرواز‘ کے نام سے کتاب بھی شائع کی، فخر عالم کا کہنا تھا کہ میرے لیے آج کا دن اس لیے بھی خاص ہے کہ میں نے مشن پرواز صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کو بھی پیش کی۔

  • ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان نے پاک فضائیہ کی کمانڈ سنبھال لی

    ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان نے پاک فضائیہ کی کمانڈ سنبھال لی

    اسلام آباد : ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان نے پاک فضائیہ کی کمانڈ سنبھال لی، سہیل امان نے پاک فضائیہ کی کمان ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان کو سونپی۔

    تفصیلات کے مطابق پاک فضائیہ میں کمان کی تبدیلی کی پروقارتقریب کا انعقاد کیا گیا ، جس میں ایئرچیف مارشل مجاہدانورخان نےپاک فضائیہ کی کمان سنبھال لی، سہیل امان نے پاک فضائیہ کی کمان ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان کو سونپی۔

    سہیل امان نے نئے ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان کو بیجز لگائے۔

    تیئس دسمبر 1962 ء کو جنم لینے والے ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان پاک فضائیہ کے 22 ویں سربراہ ہیں، ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان نے دسمبر 1983 ء میں پاک فضائیہ کی جی ڈی پی برانچ میں کمیشن حاصل کیا اور پی اے ایف اکیڈمی اصغر خان سے اعزازی شمشیر ، بیسٹ پائلٹ ٹرافی اور چیئر مین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی گولڈ میڈل کے حقدار قرار پائے۔

    اپنے شاندار کیرئیر کے دوران انہوں نے ایک فائٹر سکواڈرن ، ایک ٹیکٹیکل اٹیک ونگ،F-16کی دو ائیر بیسز اور ریجنل ائیر کمانڈ کی کمانڈ کی،ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان ایک کوالیفائیڈ فلائنگ انسٹرکٹر ہونے کے ساتھ ساتھ کامبیٹ کمانڈ سکول ، کمانڈ اینڈ سٹاف کالج اردن ، ائیر وار کالج فیصل ا ور نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد سے فارغ التحصیل ہیں۔


    مزید پڑھیں : ائیر مارشل مجاہد انور خان پاک فضائیہ کے نئے سر براہ نامزد


    ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان چیف آف دی ائیر سٹاف کے پرسنل سٹاف آفیسر، اسسٹنٹ چیف آف دی ائیر سٹاف (آپریشنز) ، ڈپٹی چیف آف دی ائیر سٹاف (آپریشنز ) اور ڈائریکٹر جنرل سی فور آئی کے طور پر بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔

    پاک فضائیہ کے سربراہ کا عہدہ سنبھالنے سے قبل ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان ائیر ہیڈکوارٹرزاسلام آباد میں بطورڈپٹی چیف آف دی ائیر سٹاف (سپورٹ ) اور ڈائریکٹر جنرل ائیر فورس سٹریٹیجک کمانڈ خدمات سر انجام دے رہے تھے ، انہوں نے مختلف تربیتی اور لڑاکا طیارے اڑائے ہیں، ایف- 16 ، ایف -6، ایف ٹی -5 ، ٹی -37 اور ایم ایف آئی-17شامل ہیں۔

    پاک فضائیہ میں شاندار خدمات کے اعتراف میں انھیں ہلال امتیاز (ملٹری)، ستارہ امتیاز (ملٹری) اور تمغہ ء ا امتیاز (ملٹری)سے نوازا گیا۔

    خیال رہے کہ پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل سہیل امان اپنے عہدے کی معیاد مکمل ہونے پر سبکدوش ہوگئے ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔