Tag: ابتدائی رپورٹ تیار

  • غیر ملکی سیاح کی خودکشی سے متعلق  ابتدائی رپورٹ تیار،  اہم انکشاف

    غیر ملکی سیاح کی خودکشی سے متعلق ابتدائی رپورٹ تیار، اہم انکشاف

    پشاور : پولیس نے غیر ملکی سیاح کی خودکشی سے متعلق ابتدائی رپورٹ تیار کرلی ، جس میں بتایا گیا کہ پولیس متعلقہ فلیٹ پہنچی تو کمرے پر لکھا تھا پولیس کو بلالیں اور کمرے کی چابی کچن میں ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پشاور میں تھانہ ناصر باغ کی حدود میں اطالوی سیاح کی خودکشی سے متعلق پولیس کی ابتدائی رپورٹ تیار کرلی گئی۔

    رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 4 دسمبر کو اطالوی شہری کی خودکشی سے متعلق اطلاع ملی، پولیس متعلقہ فلیٹ پہنچی، جہاں ایک ایک کمرہ لاک پایا گیا، کمرے پر لکھا تھا پولیس کو بلالیں اور کمرے کی چابی کچن میں ہے۔

    ابتدائی رپورٹ میں کہا گیا کہ کچن سے کمرے کی چابی اور ملکی و غیرملکی کرنسی بھی برآمد ہوئی، موقع پر موجود عثمان خان اور علی محمودنے بتایا متوفی کا تعلق اٹلی سے ہے۔

    عثمان خان نے متوفی کو کرایہ پر فلیٹ دیا تھا ، عثمان خان نے پولیس کو بتایا کے متوفی سیاح ویزے پر آیا تھا اور گزشتہ کئی دنوں سے متوفی سےرابطہ نہیں ہوا تھا۔

    یاد رہے پشاور کے علاقے مراد آباد میں غیرملکی سیاح نے مبینہ طور پر خودکشی کرلی تھی ، غیرملکی سیاح کی شناخت مسٹر جوشوا موائسز ورگاس کے نام سے ہوئی تھی، اطالوی شہری کو 9 اکتوبر کو سیاحتی ویزا جاری ہوا تھا۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ اطالوی شہری عارضی طور پر نجی سوسائٹی کے فلیٹ میں مقیم تھا۔

  • کراچی: ریسٹورنٹ میں سلنڈر دھماکا، ابتدائی رپورٹ میں اہم انکشاف

    کراچی: ریسٹورنٹ میں سلنڈر دھماکا، ابتدائی رپورٹ میں اہم انکشاف

    کراچی : ریسٹورنٹ میں سلنڈر دھماکے کے واقعے کی ابتدائی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ دھماکا گیس لیکج اور انتہائی غفلت کے باعث ہوا، دھماکے کے بعد دکان میں گیس کھلی ہوئی ملی تھی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے مسکن چورنگی پر ریسٹورنٹ میں سلنڈر دھماکے کے واقعے کے حوالے سے کرائم سین یونٹ اور سوئی گیس عملے نے ابتدائی رپورٹ تیار کرلی۔

    تفتیشی ذرائع نے بتایا کہ دھماکے کے بعد دکان میں گیس کھلی ہوئی ملی تھی، دھماکا دکان میں مسلسل گیس جمع ہونے کی وجہ سے ہوا۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ امکان ہےرات 11بجے معمول کےمطابق گیس لوڈ شیڈنگ ہوئی، گیس بند ہونے سے عملے نے کوکنگ کا عمل سلنڈر پر منتقل کیا اور عملہ گیس والو بند کرنا بھول گیا۔

    تفتیشی ذرائع کے مطابق صبح 6 بجے گیس بحال ہوئی اور 6 بجے سےکھلے ہوئے والو سے گیس خارج ہوتی رہی اور صبح 7:30بجےگیس جمع ہونے سے دھماکا ہوا۔

    یاد رہے کراچی مسکن چورنگی پر فاسٹ فوڈ کی دکان میں سلنڈر دھماکے سے دو افراد زخمی اور متعدد گاڑیاں تباہ ہوگئں تھیں۔

    پولیس حکام کے مطابق دھماکے کے وقت دکان بند تھی ، واقعے میں دو راہگیر زخمی ہوئے، جن کی حالت خطرے سےباہر ہے۔

    فلیٹ کے رہائشیوں کا کہنا ہے کہ متعلقہ حکام کو رہائشی عمارت میں گیس سلنڈر استعمال کے خلاف درخواست دی تھی، مگر کوئی سنوائی نہیں ہوئی ، اس سے قبل بھی 2020 میں اسی فلیٹ میں گیس دھماکے کی وجہ سے قیمتی جانیں ضائع اور متعدد افراد زخمی ہوگئے تھے۔

  • ہوٹل آتشزدگی: زیادہ ہلاکتیں دھویں سے ہوئیں، ابتدائی رپورٹ تیار

    ہوٹل آتشزدگی: زیادہ ہلاکتیں دھویں سے ہوئیں، ابتدائی رپورٹ تیار

    کراچی: ہوٹل آتشزدگی واقعے کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ تیار کرلی گئی جس میں کہا گیا ہے کہ ہوٹل میں آگ بجھانے کا سامان تو موجود تھا تاہم دھواں نکالنے کا مناسب انتظام نہیں تھا۔


    ہوٹل آتشزدگی: جاں بحق افراد کی تعداد 13 ہوگئی


    رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ہوٹل کے کچن میں آگ حادثاتی طور پر لگی، ہوٹل میں تین مقام پر ایمرجنسی گیٹ موجود تھے لیکن لوگ افراتفری میں ہنگامی دروازے استعمال نہیں کرسکے صرف چند لوگ ان دروازوں سے باہر نکل سکے۔

    رپورٹ میں بتایا گیا کہ آگ بجھانے کے آلات موجود تھے لیکن دھوں ختم کرنے والے آلات نہیں تھے، زیادہ تر اموات دھواں بھرنے کے باعث دم گھٹنے کے سبب ہوئیں، آگ لگنے کے وقت ہوٹل میں 100 سے زائد ملازمین موجود تھے۔

    ہوٹل انتظامیہ کے مطابق فائر الارم ٹھیک طور پر کام کررہے تھے لیکن عینی شاہدین نے بتایا کہ انہوں نے کسی الارم کی آواز نہیں سنی۔

    پولیس نے 16 افراد کے بیانات قلمبند کرلیے۔ تحقیقات میں گراؤنڈ فلور پر لگے سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج سے بھی مدد لی جارہی ہے۔

    ہوٹل انتظامیہ اور فائر بریگیڈ کی ایک دوسرے پر الزام تراشی

    دوسری جانب ہوٹل میں خوفناک آگ کےبعد الزام تراشی کے شعلے بھی بھڑک اٹھے،ہوٹل انتظامیہ نے فائر بریگیڈ کی نااہلی اور سرکاری اہلکاروں نے ہوٹل میں ناقص انتظامات کو نقصان کی وجہ قرار دیا۔


    یہ پڑھیں:میرا دم گھٹ رہا ہے، جاں‌ بحق ڈاکٹر رحیم کا اے آروائی کو آخری فون


    آگ بجھنے کے بعد ہوٹل کے سیکیورٹی افسر نے میڈیا کو کھنڈر بن جانے والا ہوٹل دکھایا، وہ جگہ بھی دکھائی جہاں آگ بھڑکی تھی۔

    سیکیورٹی افسر کا کہنا تھا کہ جان پر کھیل کر لوگوں کو بچایا، غلطی فائر بریگیڈ کی ہے وہ جلدی پہنچ جاتے تو اتنا بڑا حادثہ نہ ہوتا۔

    اے آر وائی نیوز کے نمائندہ افضل پرویزکے مطابق ہوٹل کو بند کردیا گیا ہے اور تحقیقات کا سلسلہ جاری ہے۔

  • کراچی: سپر ہائی وے لنک روڈحادثے کی ابتدائی رپورٹ تیار

    کراچی: سپر ہائی وے لنک روڈحادثے کی ابتدائی رپورٹ تیار

    کراچی: سپر ہائی وے لنک روڈ حادثے کی ابتدائی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ زیادہ جانی نقصان ایمرجنسی دروازہ نہ ہونے اور فائر بریگیڈ کے تاخیر سے پہنچنے کی وجہ سے ہوا۔

    لنک روڈ ٹریفک حادثے کی ابتدائی رپورٹ تیار کرلی گئی ہے، رپورٹ کے مطابق بس نے بلال کالونی سے شکار پور کیلئے سفر شروع کیا اور لنک روڈ پر حادثہ ہوگیا، حادثے کے بعد بس کا ایک دروازہ بند ہوگیا، بس مالک نے ایمرجنسی دروازہ بند کرکے مسافر سیٹ لگا دی تھی، ایمرجنسی راستہ نہ ہونے سے بس سے باہر کھلنے کا راستہ نہیں تھا۔

    ابتدائی رپورٹ کے مطابق آگ لگنے پر فوری فائر بریگیڈ کو اطلاع دی گئی لیکن دو گھنٹے بعد فائر بریگیڈ پہنچی جبکہ اسٹیل مل سے پندرہ منٹ میں فائر بریگیڈ حادثے کی جگہ پہنچ سکتی تھی لیکن اسٹیل مل سے فائر بریگیڈ نہیں بھیجی گئی، حادثہ کسی دہشتگردی کا واقعہ نہیں بلکہ غفلت کا نتیجہ ہے۔

    یاد رہے کہ کراچی کے قریب سپرہائی وے پر مسافر بس اور آئل ٹینکر میں تصادم کے نتیجے میں سڑسٹھ مسافر زندگی کی بازی ہار گئے، کئی مسافروں کی لاش بری طرح جھلسنے کے باعث ناقابلِ شناخت ہیں۔

    کراچی سے شکارپور جانے والی بدقسمت مسافر بس سپرہائی وے لنک روڈ پر آئل ٹینکر سے ٹکرا گئی، حادثہ کے فوراً بعد بس میں آگ بھڑک اُٹھی، فائربریگیڈ کاعملے کی روایتی تاخیر کے سبب بس مکمل طور پر جل گئی، بس میں آنے اور جانے کا ایک ہی دروازہ تھا، دوسرے دروازے اور ایمرجنسی گیٹ سِیل کرکےاضافی سیٹیں نصب کردی گئی تھی۔

    آگ لگنے کے بعد ایک دروازہ ہونے کے باعث مسافروں کو نکلنے کی مہلت ہی نہ ملی اوروہ جھلس کرجاں بحق ہوگئے۔

    کمشنر کراچی شعیب صدیقی کا کہنا تھا کہ حادثے کے ذمہ داروں سے سختی سے نمٹاجائے گا، ڈاکٹرسیمی جمالی کا کہنا تھا کہ حادثے میں جھلسنے کی وجہ سے متعددلاشیں ناقابل شناخت ہیں، اُن کی شناخت ڈی این اے ٹیسٹ کے ذریعے کی جائے گی۔

  • پشاور:فائرنگ سے3اہلکاروں کی شہادت کا مقدمہ درج، ابتدائی رپورٹ تیار

    پشاور:فائرنگ سے3اہلکاروں کی شہادت کا مقدمہ درج، ابتدائی رپورٹ تیار

    پشاور: پولیس نے فائرنگ سے شہید تین پولیس اہلکاروں کے واقعے کی ابتدائی رپورٹ تیار کرلی، ابتدائی رپورٹ کے مطابق  شہید تینوں پولیس اہلکار پوائنٹ چھوڑ کر بلٹ پروف جیکٹس پہنے بغیر افطاری پرگئے، الرٹ نہ ہونے کی وجہ سے جوابی کارروائی نہ کرسکے۔

    پشتخرہ میں جمعے کے روز پولیس ٹارگٹ کلنگ کی تحقیقات جاری ہے، ابتدائی رپورٹ کے مطابق اطلاع کے باوجود اہلکار پوائنٹ چھوڑ کر بلٹ پروف جیکٹس پہنے بغیرافطاری کیلئے چلے گئے الرٹ نہ ہونے کی وجہ سے پولیس اہلکار جوابی فائرنگ نہ کرسکے، جس کی وجہ سے حملہ آور علاقہ غیر فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

    رپورٹ کے مطابق چار حملہ آوروں نے افطاری سے بیس منٹ بعد پشتخرہ کے علاقے میں پولیس اہلکاروں پر سولہ سے زائد گولیاں برسائیں، جس میں تین پولیس اہلکار سمیت چار افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھوبیٹھے ۔

    دوسری جانب پولیس پر حملے کی ایف آئی آر نامعلوم افراد کے خلاف درج کر لی گئی، جس میں دہشت گردی کی مختلف دفعات شامل کی گئی ہیں۔