Tag: ابوظبی

  • متحدہ عرب امارات اور امریکا کے درمیان (AI) شراکت داری کا آغاز

    متحدہ عرب امارات اور امریکا کے درمیان (AI) شراکت داری کا آغاز

    ابوظبی میں متحدہ عرب امارات اور امریکا نے 5 گیگاواٹ صلاحیت کے آرٹیفیشل انٹلیجنس (AI) کیمپس کے پہلے مرحلے کا آغاز کردیا ہے۔ یہ منصوبہ ’امریکا- امارات آرٹیفیشل انٹلیجنس ایکسیلیریشن پارٹنرشپ‘ کے تحت قائم کیا گیا ہے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق امریکی صدر کے دورہ مشرق وسطیٰ کے آخری مرحلے میں متحدہ عرب امارات میں آرٹیفیشل انٹلیجنس سینٹر کی شراکت داری کا آغاز ہوا۔

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور اماراتی صدر شیخ محمد بن زاید کی ابوظبی کے شاہی محل قصر الوطن میں موجودگی کے موقع پر آرٹیفیشل انٹلیجنس سینٹر قائم کرنے کا اعلان کیا گیا جس کے لیے امریکا اور اماراتی حکام مسلسل کئی سالوں سے کوششوں میں مصروف تھے۔

    رپورٹس کے مطابق 5 گیگاواٹ بجلی کی گنجائش ایک بہت بڑی مقدار ہے، جس سے کیمپس کی وسعت کا اندازہ کیا جاسکتا ہے۔ اس سینٹر میں جدید ترین کمپیوٹرز اور سرورز شامل ہوں گے جو آرٹیفیشل انٹلیجنس کے پیچیدہ کاموں کے لیے استعمال ہوں گے، سینٹر میں انتہائی بڑے ڈیٹا کا تجزیہ کیا جاسکے گا۔

    ابوظبی کا آرٹیفیشل انٹلیجنس (AI) کیمپس نیوکلئیر، شمسی اور گیس توانائی کے ذرائع سے بجلی حاصل کرے گا تاکہ کاربن کے اخراج کو کم سے کم رکھا جا سکے، اس کا مقصد نہ صرف جدید ٹیکنالوجی کی ترقی ہے بلکہ ماحول دوست طریقوں سے توانائی کا استعمال بھی ہے۔

    امریکی سیکریٹری تجارت ہاورڈ ڈبلیو لوٹنک کا اس موقع پر کہنا تھا کہ یہ معاہدہ مشرق وسطیٰ میں تاریخی شراکت داری کا آغاز ہے۔ یہ اعلیٰ درجے کے سیمی کنڈکٹرز اور ڈیٹا سینٹرز میں بڑی سرمایہ کاری کو فروغ دے گا۔امریکی کمپنیاں یو اے ای میں ڈیٹا سینٹرز کو آپریٹ کریں گی۔

    دوسری جانب قطر کے وزیرِاعظم محمد بن عبدالرحمن بن جاسم الثانی کا کہنا ہے کہ وہ غزہ پر ہونے والے مذاکرات میں پیشرفت نہیں دیکھ رہے۔

    قطر کے وزیرِاعظم محمد بن عبدالرحمن بن جاسم الثانی کا غیر ملکی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہنا تھا کہ جب تک اسرائیل کی جانب سے غزہ پر بمباری کا سلسلہ جاری ہے تو کیسے مان لیا جائے کہ وہ جنگ بندی میں سنجیدہ ہے۔

    دوران انٹرویو اُن کا کہنا تھا کہ ہماری ٹیم دونوں فریقین سے بات چیت کر رہی ہے، لیکن میں آج دعوے سے نہیں کہہ سکتا کے مذاکرات میں جلد کوئی پیشرفت ہوگی۔

    اُنہوں نے کہا کہ اسرائیلی مذاکراتی ٹیم جس وقت دوحہ پہنچی اس وقت امریکی صدر کا دورہ قطر بھی تھا، لیکن جب بہتر برتاؤ کا ارادہ ہی نہیں تو مذاکرات میں حل کیسے ہوگا؟۔

    ایپل صارفین کی گفتگو ریکارڈ کرنے پر 790 کروڑ روپے ادا کریگا

    قطری وزیر اعظم نے کہا کہ وہ امریکی نژاد اسرائیلی یرغامالی کی رہائی کو ایک اچھی پیش رفت کے طور پر دیکھتے ہیں۔

  • ابوظبی کے حکمران خاندان کے شیخ سعید بن زید النہیان انتقال کر گئے

    ابوظبی کے حکمران خاندان کے شیخ سعید بن زید النہیان انتقال کر گئے

    ابوظبی کے حکمران خاندان کے شیخ سعید بن زید النہیان انتقال کر گئے۔

    تفصیلات کے مطابق ابوظبی کے حکمران خاندان کے شیخ سعید بن زید النہیان 58 برس کی عمر میں انتقال کر گئے، وہ اماراتی صدر شیخ محمد بن زاید النہیان کے بھائی تھے۔

    عرب میڈیا کے مطابق شیخ سعید بن زید النہیان کچھ عرصے سے شدید بیمار تھے، شیخ سعید کو جون 2010 میں ابوظبی کے حکمران کا نمائندہ مقرر کیا گیا تھا۔

    یو اے ای حکومت نے ان کے انتقال پر 3 دن کے سوگ کا اعلان کر دیا ہے، جب کہ قومی پرچم بھی سرنگوں رہے گا۔

  • ابوظبی: گاڑی سے سگریٹ پھینکنے پر کتنا جرمانہ؟

    ابوظبی: گاڑی سے سگریٹ پھینکنے پر کتنا جرمانہ؟

    ابوظبی: گاڑی سے سگریٹ کا ٹکڑا سڑک پر پھینکنے پر ایک ہزار درہم جرمانہ ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق ابوظبی پولیس نے کہا ہے کہ گاڑی سے سڑک پر سگریٹ کے ٹکڑے پھینکنا قابل سزا عمل ہے، اس پر ایک ہزار درہم جرمانہ ہوگا۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ جو افراد شاہراہوں سے گزرتے ہوئے یا پبلک پارکنگ میں کھڑکیوں سے سگریٹ کے ٹکڑے، پلاسٹک بیگز، پانی کی خالی بوتلیں اور خالی کپ باہر پھینکیں گے، ان پر جرمانہ عائد کیا جائے گا۔

    الامارات الیوم کے مطابق ڈرائیوروں نے بھی بتایا کہ ان دنوں پولیس ٹریفک اور ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی کا سخت نوٹس لے رہی ہے، اور ایک ہزار درہم جرمانہ کیا جا رہا ہے۔

    گاڑی کی کھڑکی سے سگریٹ کا ٹکڑا باہر پھینکنے پر 6 ٹریفک پوائنٹ بھی کاٹے جا رہے ہیں۔

    ابوظبی پولیس کا کہنا ہے کہ گزشتہ برسوں کے دوران سیکڑوں ڈرائیوروں نے ڈرائیونگ کے دوران کچرا سڑکوں پر پھینکا، یہ تہذیب کے منافی عمل ہے۔

  • ابوظبی کے حکمران کے انتقال پر پاکستانی شخصیات کی جانب سے تعزیت

    ابوظبی کے حکمران کے انتقال پر پاکستانی شخصیات کی جانب سے تعزیت

    کراچی: قونصل جنرل یو اے ای نے ابوظبی کے حکمران کے انتقال پر تعزیت کرنے والے پاکستانی شخصیات کا شکریہ ادا کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق قونصل جنرل یو اے ای بخیت عتیق الرمیثی نے متحدہ عرب امارات کے صدر اور ابوظبی کے حکمران شیخ خلیفہ بن زاید النہیان کے انتقال پر اظہار افسوس کرنے والے پاکستانیوں کا شکریہ ادا کیا ہے۔

    شیخ خلیفہ بن زاید النہیان کے انتقال پر پوری مسلم امہ سوگ میں ہے، یو اے ای میں سوگ منایا گیا، پاکستان میں بھی اس پر سوگ اور بہت اظہار افسوس کیا جا رہا ہے۔

    پاکستانی حکمرانوں، سیاست دانوں، تاجروں اور دیگر شہریوں اور ارباب اختیار کی بڑی تعداد نے کراچی قونصلیٹ پہنچ کر اظہار افسوس کیا۔

    قونصل جنرل یو اے ای بخیت عتیق الرمیثی نے کہا میں وزیر اعلیٰ سندھ، گورنر سندھ، صوبائی وزرا، سردار قبیلے کے سربراہ اور دیگر سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں، تاجروں اور دیگر شہریوں کا تہ دل سے مشکور ہوں، کہ وہ ہمارے اس دکھ میں شریک ہوئے اور اظہار افسوس کیا۔

  • متحدہ عرب امارات کا اہم اعلان

    متحدہ عرب امارات کا اہم اعلان

    ابوظبی: مرکزی بینک نے اپنے ذخائر تک رسائی کے لیے نئے شرائط و ضوابط متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق مرکزی بینک اپنے اسٹینڈنگ کریڈٹ اور لیکویڈیٹی انشورنس سہولیات کے لیے نئے عمومی شرائط و ضوابط متعارف کرائے گا، جس کے تحت لائسنس یافتہ مالیاتی ادارے بینک کے ذخائر تک رسائی حاصل کر سکیں گے۔

    بینک کا کہنا ہے کہ نئے شرائط و ضوابط یکم مارچ 2022 سے نافذ العمل ہوں گے، جن میں ان سہولیات کو فعال کرنے سے متعلق صوابدیدی اختیارات، اور کولیٹرل مینجمنٹ کے لیے رہنما اصولوں کی وضاحت کی گئی ہے۔

    اگر کسی اہل پارٹی کو کاروبار کے لیے فنڈ کی ضرورت پڑ جائے تو وہ اپنی صوابدید پر راتوں رات بینک کے ذخائر کے حصول کے لیے مستقل کریڈٹ سہولیات میں سے کسی ایک تک رسائی حاصل کر سکتی ہے، اس کے لیے وہ کولیٹرلائزڈ فنڈنگ یا مرابحہ ٹرانزیکشنز کا استعمال کرے گی۔

    اس کے علاوہ مرکزی بینک غیر معمولی نوعیت کے کسی بھی حقیقی یا ممکنہ مسئلے کی صورت میں ہنگامی لیکویڈٹی انشورنس سہولت کو فعال کر سکتا ہے، جہاں اہل پارٹی کو توسیع شدہ شرائط پر بنک کے ذخائر تک رسائی مل سکتی ہے۔

    مرکزی بنک کے گورنر خالد محمد بلامہ نے کہا کہ اہل ضمانت کے سپیکٹرم کی تنظیم نو مرکزی بینک کی طرف سے زیادہ مؤثر مداخلت کو یقینی بنائے گی، تاکہ تناؤ کے وقت مقامی مارکیٹ کے مسائل سے نمٹنے کے لیے اہل پارٹیز کو لیکویڈیٹی فراہم کی جا سکے۔

    انھوں نے کہا کہ نئی خصوصیات اسٹینڈنگ کریڈٹ اور لیکویڈیٹی انشورنس کی سہولیات بھی بینک کو مارکیٹ کے تمام حالات سے نمٹنے میں مدد کریں گی۔

  • ابوظبی میں داخل ہونے والوں کے لیے بڑی شرط عائد

    ابوظبی میں داخل ہونے والوں کے لیے بڑی شرط عائد

    ابوظبی: متحدہ عرب امارات میں اومیکرون کے پھیلاؤ کے پیش نظر ابوظبی نے آنے والوں پر بوسٹر شاٹس کا ثبوت دکھانا لازمی کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ابوظبی میں داخلے کے لیے اب بوسٹر شاٹس کا ثبوت دکھانا ضروری قرار دے دیا گیا ہے، گرین پاس کی حیثیت برقرار رکھنے کے لیے کرونا کا نیگیٹو رپورٹ بھی دکھانی ہوگی۔

    وزارت صحت کی ہیلتھ ایپ کے ذریعے رواں ہفتے کے آغاز میں واضح کیا گیا تھا کہ متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت میں داخل ہونے والے افراد کو اپنی ویکسینیشن کی حیثیت کی تصدیق کرتے ہوئے گرین پاس دکھانا ہوگا۔

    ہیلتھ ایپ میں اب ایسے افراد جنھوں نے ویکسینیشن کی دونوں ڈوز مکمل کر لی ہیں اور 6 ماہ کا عرصہ گزر چکا ہے انھیں بوٹسر ڈوز لینا ضروری ہے ورنہ انھیں مکمل طور پر ویکسین شدہ نہیں سمجھا جائے گا۔

    ابوظبی میں داخل ہونے والے افراد کے لیے بھی ایپ پر اپنے گرین پاس کی حیثیت کو برقرار رکھنے کے لیے 2 ہفتوں کے اندر کرونا وائرس کا نیگیٹو رزلٹ دکھانا ہوگا۔

    ابوظبی کے محکمہ صحت کی جانب سے کہا گیا ہے کہ تمام افراد پر لازمی ہے کہ عوامی مقامات یا سرکاری عمارتوں میں داخل ہونے سے پہلے ہیلتھ ایپ پر اپنا گرین پاس ضرور دکھائیں۔

    وزارت صحت کے مطابق امارات نے اپنی 90 فی صد سے زیادہ آبادی کی مکمل ویکسینیشن کر دی ہے، یہ شرح دنیا بھر میں سب سے زیادہ ہے، خیال رہے کہ امارات میں دسمبر 2021 میں کرونا کیسز میں واضح کمی دیکھی گئی تھی تاہم اب ایک بار پھر کیسز میں اضافہ ہو رہا ہے۔

  • ابوظبی پر حوثیوں‌ کا ڈرون حملہ، پاکستانی سمیت 3 افراد جاں بحق

    ابوظبی پر حوثیوں‌ کا ڈرون حملہ، پاکستانی سمیت 3 افراد جاں بحق

    ابوظبی: یمن کے حوثیوں نے ابوظبی میں‌ ڈرون حملہ کیا ہے، متحدہ عرب امارات کا کہنا ہے کہ اسے شبہ ہے کہ ایندھن کے ٹرکوں کو ڈرون نے نشانہ بنایا۔

    روئٹرز کی رپورٹ کے مطابق پیر کے روز ابوظبی کے ہوائی اڈے کے قریب ایندھن کے تین ٹرک پھٹ گئے اور آگ لگ گئی، یمنی حوثی گروپ نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ حملہ ان کی جانب سے کیا گیا ہے۔

    عرب میڈیا کے مطابق ڈورن حملوں میں 3 افراد کی جاں بحق جب کہ 6 زخمی ہو گئے ہیں، مرنے والوں میں ایک پاکستانی اور 2 بھارتی شامل ہیں، یو اے ای حکام نے حملے کی تحقیقات شروع کر دی۔

    ابوظبی پولیس نے بتایا کہ تیل کی فرم ADNOC کی اسٹوریج کی سہولیات کے قریب صنعتی مصفح کے علاقے میں ایندھن کے تین ٹینکر ٹرک پھٹ گئے اور ابوظبی انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر ایک تعمیراتی مقام پر آگ بھڑک اٹھی۔

    پولیس نے سرکاری خبر رساں ایجنسی پر ایک بیان میں کہا ابتدائی تحقیقات میں ایک چھوٹے طیارے کے پرزے ملے ہیں جو ممکنہ طور پر دونوں جگہوں پر ڈرون ہو سکتے ہیں جو دھماکے اور آگ کا سبب بنے۔

    واضح رہے کہ حوثی متحدہ عرب امارات پر مشتمل سعودی زیر قیادت اتحاد سے لڑ رہے ہیں، گروپ نے اکثر سعودی عرب پر سرحد پار سے میزائل اور ڈرون حملے کیے ہیں، تاہم اس نے اب تک متحدہ عرب امارات پر ایسے چند ہی حملوں کا دعویٰ کیا ہے، جن کی زیادہ تر اماراتی حکام نے تردید کی ہے۔

  • خبردار، ابوظبی میں سرخ سگنل کی خلاف ورزی پر اب یہ بھی ہو سکتا ہے

    خبردار، ابوظبی میں سرخ سگنل کی خلاف ورزی پر اب یہ بھی ہو سکتا ہے

    ابوظبی: یو اے ای میں ٹریفک قوانین میں مزید سختی آ گئی ہے، ابوظبی میں سرخ سگنل کی خلاف ورزی پرگاڑی ضبط اور بھاری جرمانے کا سامنا ہو سکتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ابوظبی پولیس نے کار سواروں کو تنبیہ جاری کی ہے کہ وہ ٹریفک سگنل کی خلاف ورزی سے گریز کریں اور ڈرائیونگ کے دوران سڑک پر توجہ مرکوز رکھیں، بہ صورت دیگر اس کے عواقب برداشت کرنے ہوں گے۔

    ابوظبی پولیس کا کہنا ہے کہ ٹریفک سگنل کی خلاف وزری پر مجموعی طور پر 51 ہزار درہم اور 12 ٹریفک پوائنٹس کا جرمانہ ہو سکتا ہے۔

    امارات کی سرکاری خبر رساں ایجنسی وام کی رپورٹ میں ابوظبی پولیس کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ گاڑیوں کی ضبطی سے متعلق قانون نمبر 5 برائے 2020 کے مطابق ایسی خلاف ورزی کے مرتکب افراد کو ایک ہزار درہم جرمانہ اور 12 بلیک پوائنٹس جاری کیے جائیں گے۔

    اس قانون کے تحت جو کار سوار سرخ سگنل کی خلاف ورزی کریں گے ان کی گاڑی 30 دن کے لیے ضبط کر لی جائے گی اور انھیں گاڑی واپس حاصل کرنے کے لیے 50 ہزار درہم فیس ادا کرنا ہوگی۔

    بیان کے مطابق اس جرم کے مرتکب شخص کا ڈرائیونگ لائسنس 6 ماہ معطل رہے گا اور عائد شدہ جرمانہ یک مُشت تین ماہ کے اندر جمع کرانا ہوگا، جرمانے کی ادائیگی میں ناکامی کی صورت میں ضبط شدہ گاڑی نیلام کر دی جائے گی۔

  • ابوظبی میں تیل و گیس کی تلاش کا بڑا معاہدہ طے

    ابوظبی میں تیل و گیس کی تلاش کا بڑا معاہدہ طے

    اسلام آباد: پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ (پی پی ایل) کی قیادت میں ایک کنسورشیم نے ابوظبی میں ہونے والی بولیوں کے دوسرے مسابقتی مرحلے میں آف شور بلاک 5 حاصل کر لیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پی پی ایل کی قیادت میں کنسورشیم نے ابوظبی میں آف شور بلاک 5 حاصل کیا ہے، یہ بلاک چار بڑی پاکستانی کمپنیوں او جی ڈی سی ایل، پی پی ایل، ایم پی سی ایل اور جی ایچ پی ایل نے حاصل کیا، معاہدے پر کمپنیوں کے سی ای اوز، یو اے ای وزیر صنعت، ایم ڈی ابوظبی آئل کمپنی نے دستخط کیے، وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر کی بھی تقریب میں شریک تھے۔

    یہ کنسورشیم متعلقہ بلاک میں تیل و گیس کی تلاش کرے گا، تیل و گیس کی تلاش، ترقی اور پیداوار کے لیے اے ڈی این او سی کی طرف سے امارات کا یہ مسابقی بولی کا دوسرا مرحلہ ہے۔

    یہ آف شور بلاک 6223 مربع کلومیٹر کے رقبے پر محیط ہے اور ابوظبی شہر سے 100 کلومیٹر شمال مشرق میں واقع ہے۔

    وفاقی وزیرِ توانائی حماد اظہر نے کہا اگرچہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات طویل اور دوستانہ دوطرفہ تعلقات رکھتے ہیں، لیکن یہ ایوارڈ توانائی کے حوالے سے دونوں ملکوں کے لیے ایک نئی شروعات ہے، اس وقت جب ملک توانائی کی بڑھتی ہوئی طلب سے نمٹ رہا ہے، تعاون کے لیے اس طرح کے سنگ میل یقینی طور پر توانائی کی فراہمی اور طلب کے فرق کو کم کرنے میں ملک کے لیے مددگار ہوں گے۔

    یو اے ای کے وزیر صنعت و ٹیکنالوجی اور ابوظبی نیشنل آئل کمپنی کے گروپ سی ای او ڈاکٹر سلطان احمد الجابر نے کہا دریافتی کنسیشن کا یہ تاریخی ایوارڈ متحدہ عرب امارات اور پاکستان کے 50 سالہ تعلقات میں توانائی کے تعاون کا ایک نیا باب ہے، ہم ابوظبی کے غیر دریافت شدہ وسائل کی تلاش اور پیداوار میں تیزی لاتے رہیں گے، اس کنسیشن کا حصول پاکستانی ای اینڈ پی کمپنیوں کے لیے ابوظبی میں تیل و گیس کے وسائل کی دریافت، تشخیص اور پیداوار کا پہلا موقع ہے۔

    واضح رہے کہ اس معاہدے کی شرائط کے تحت کنسورشیم مذکورہ بلاک میں تیل و گیس کے مواقع، دریافت اور تجزیاتی کھدائی کے لیے تیل و گیس کے دریافتی مرحلے میں 100 فی صد شراکت کا حامل ہوگا۔ کامیاب تجارتی دریافت کی صورت میں کنسورشیم کو تجارتی دریافتوں کو پختہ کرنے اور ان سے پیداوار کے حصول کے لیے پیداواری فیلڈ حاصل کرنے کا حق ہوگا۔ اے ڈی این او سی کے پاس بھی کنسیشن کے پیداواری مرحلے میں 60 فی صد شراکت حاصل کرنے کا اختیار ہوگا۔ پیداواری مرحلے کی مدت، دریافت کے مرحلے کے آغاز سے 35 سال ہے۔

  • ابوظبی: شہریوں اور رہائشیوں کے لیے سفری طریقہ کار اپ ڈیٹ

    ابوظبی: شہریوں اور رہائشیوں کے لیے سفری طریقہ کار اپ ڈیٹ

    ابوظبی: ابوظبی نے آنے والے شہریوں اور رہائشیوں کے لیے سفری طریقہ کار اپ ڈیٹ کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ابوظبی ایمرجنسی، کرائسز اینڈ ڈیزاسٹر سے متعلق کمیٹی نے بیرون ملک سفر سے واپس آنے والے ابوظبی کے شہریوں اور رہائشیوں کے لیے سفری طریقہ کار اپ ڈیٹ کر دیا ہے، جو پیر 5 جولائی 2021 سے لاگو ہوگا۔

    اپ ڈیٹ کے مطابق گرین لسٹ ممالک سے آنے والے ایسے مسافروں کو قرنطینہ کی ضرورت نہیں ہوگی، جو ویکسینیشن کرا چکے ہیں، تاہم انھیں چھٹے دن پی سی آر ٹیسٹ کرانا ہوگا۔

    دیگر مقامات سے پہنچے والے مسافروں کو لازمی طور پر آمد کے ساتھ پی سی آر ٹیسٹ دینے کے ساتھ 7 دن کا قرنطینہ کرنا ہوگا۔

    اپ ڈیٹ کے مطابق اس پروٹوکول کا اطلاق متحدہ عرب امارات کے شہریوں اور رہائشیوں پر ہوتا ہے، جنھوں نے کم از کم 28 دن قبل دوسری ویکسن لگوائی ہو، اور یہ الحسن ایپ پر رجسٹرڈ ہو۔

    گرین لسٹ والے مقامات سے ابوظبی پہنچنے والے ایسے شہریوں اور رہائشیوں، جنھوں نے ویکسین نہیں لگوائی ہے، کو آمد پر قرنطینہ کے بغیر پی سی آر ٹیسٹ لازمی طور پر کروانا ہوگا۔

    جب کہ دوسرے مقامات سے بغیر ویکسینیشن پہنچنے والوں کو آمد پر پی سی آر ٹیسٹ لازمی طور پر دینے کے ساتھ، 12 دن کے لیے قرنطینہ سے بھی گزرنا ہوگا، اور 11 دن کے بعد ان کا دوسرا پی سی آر ٹیسٹ ہوگا۔