Tag: ابوظہبی

  • پاکستان اورآسٹریلیا کے درمیان پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ آج کھیلا جائے گا

    پاکستان اورآسٹریلیا کے درمیان پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ آج کھیلا جائے گا

    ابوظہبی : پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کا پہلا میچ آج کھیلا جائے گا، دونوں ٹیمیں جیت کے لیے پُرعزم ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ آج ابوظہبی میں کھیلا جائے گا، میچ پاکستانی وقت کے مطابق 9 بجے شروع ہوگا۔

    آسٹریلیا کے خلاف پہلے ٹی ٹوئنٹی ٹیم میں کپتان سرفراز احمد، محمد حفیظ، فخرزمان، بابراعظم، حسین طلعت، عماد وسیم، شاداب خان، حسن علی، فہیم اشرف اور شاہین آفریدی شامل ہیں۔

    پاکستان کو ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں نمبر ون پوزیشن برقرار رکھنے کے لیے آسٹریلیا سے ایک میچ جیتنا ہوگا جبکہ آسٹریلیا کو رینکنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے کے لیے پاکستان سے سیریز تین صفر سے جیتنی ہوگی۔

    آسٹریلیا پاکستان کے خلاف 1-2 سے ٹی ٹوئنٹی سیریز جیت کر بھارت کودوسری پوزیشن سے محروم کرسکتا ہے۔

    پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان اب تک 17 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے گئے ہیں جن میں سے دس میچز میں پاکستان اور سات میں آسٹریلیا نے کامیابی حاصل کی ہے۔

    ابو ظہبی ٹیسٹ: پاکستان نے آسٹریلیا کو 373 رنز سے شکست دے دی

    یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے پاکستان نے دوسرے ٹیسٹ میں آسٹریلیا کو 373 رنز سے شکست دی تھی جس کے بعد پاکستان نے 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز 0-1 سے جیت لی تھی۔

  • ابوظہبی ٹیسٹ: شاہینوں نے گینگروز کے گرد شکنجہ کس دیا

    ابوظہبی ٹیسٹ: شاہینوں نے گینگروز کے گرد شکنجہ کس دیا

    ابوظہبی: شاہینوں نے گینگروز کے گرد شکنجہ کس دیا، ابوظہبی ٹیسٹ میں پاکستان کی پوزیشن مستحکم ہوگئی.

    تفصیلات کے مطابق پاک آسٹریلیا ٹیسٹ سیریز کے دوسرے ٹاکرے میں پاکستان نے مخالف ٹیم پر غلبہ پا لیا.

    تیسرے دن پاکستانی بلے باز چھائے رہے. پاکستان نے آسٹریلیا کو جیت کے لئے 538 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف دے دیا.

    بابر اعظم نے 99 رنز کی شان دار اننگز کھیلی۔ کپتان سرفراز احمد نے ایک بار پھر ذمے دارانہ بیٹنگ کی اور 81 رنز اسکور کیے.

    فخر زمان 66، اظہر علی 64 اور  اسد شفیق نے 44 رنز  اسکور کیے۔ انگلش بالر نیتھن لائن نے 4 کھلاڑیوں کو اپنا شکار بنایا.

    پاکستان نے دوسری اننگز 400 رنز 9 وکٹوں پر ڈیکلیئر کر کے آسٹریلیا کو 538 رنز کا ٹارگیٹ دے دیا.

    دن کے اختتام تک آسٹریلیا نے ایک وکٹ کے نقصان پر 47 رنز بنائے تھے. یاد رہے کہ پاکستان نے پہلی اننگز میں 282 رنز  اسکور کیے تھے، جب کہ آسٹریلیا کی ٹیم پہلی اننگز میں صرف 145 رنز ہی بنا سکی۔


    آسٹریلیا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے 15 رکنی قومی ٹیم کا اعلان


    یاد رہے کہ سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں دونوں ٹیموں کے درمیان کانٹے دار مقابلہ ہوا تھا.

    پاکستان اپنی شان دار پرفارمینس کے طفیل جیت کے قریب پہنچ گیا تھا، مگر سنیچری اسکور کرنے والے انگلش بلے باز عثمان خواجہ رکاوٹ بن گئے اور میچ سنسنی خیز مقابلے کے بعد ڈرا ہوگیا.

  • ابوظہبی، حکومت نے ویزہ پالیسی میں نرمی کردی

    ابوظہبی، حکومت نے ویزہ پالیسی میں نرمی کردی

    ابوظہبی: متحدہ عرب امارات کی حکومت نے طلاق یافتہ اور بیوہ خواتین سمیت طالب علموں کے لیے نئی ویزہ پالیسی کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات کی حکومت نے اپنے ملک میں سیاحت کو بڑھانے کے لیے نئی ویزہ پالیسی متعارف کروائی جس کے تحت بیوہ اور طلاق یافتہ خواتین اپنے بچوں کے ساتھ بغیر اسپانسر ابوظہبی کا ویزہ حاصل کرسکیں گی۔

    حکومتی ترجمان نے بدھ کے روز ویزہ پالیسی میں نرمی کے حوالے سے اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ ’وہ غیرملکی خواتین جن کو بیوہ یا شوہر سے علیحدہ ہوئے ایک سال سے کم عرصہ ہوا وہ جلد ویزہ حاصل کرسکیں گی‘۔

    حکومت نے اعلان کیا کہ غیر ملکی سیاحوں کو ویزے کی معیاد بڑھانے کے لیے ابوظہبی چھوڑنے کی ضرورت نہیں بلکہ وہ یہیں رہتے ہوئے  ویزہ میں ایک سال تک کی توسیع کرواسکتے ہیں۔

    مزید پڑھیں: جاپانی حکومت کا غیر ملکی مزدوروں کی ویزہ پالیسی میں نرمی کا فیصلہ

    غیر ملکی امور دیکھنے والے حکومتی ترجمان بریگیڈیئر سعید رکھن الرشیدی کا کہنا تھا کہ وہ غیر ملکی طالب علم جن کی عمریں 18 سال سے زائد ہیں اُن کے بھی ویزہ کی معیاد میں ایک سال کی توسیع کردی جائے گی۔

    اُن کا کہناتھا کہ اس سے قبل حکومت نے یہ شرط عائد کررکھی تھی کہ جب تک خواتین کو اُن کے خاوند اسپانسر نہ کریں وہ ابوظہبی نہیں آسکتی تھیں البتہ اب انہیں اس کی ضرورت نہیں ہوگی بلکہ انہیں اور بچوں کو مکمل سہولیات دی جائیں گی۔

    بیوہ یا طلاق یافتہ خواتین کو ویزہ حاصل کرنے کے لیے درخواست کے ساتھ طلاق نامہ / ڈیتھ سرٹیفیکٹ، میڈیکل فٹنس اور بچوں کے تمام کوائف فراہم کرنے ہوں گے، ایک سال کی فیس 100 درہم مقرر کی گئی ہے۔

    الرشیدی کا کہنا تھا کہ ’وہ طالب علم جو گریجویشن کے لیے ابوظہبی کی جامعات میں داخلہ لیں گے اُن کے لیے 18 سال عمر کی شرط اور والدین کی جانب سے اسپانسر ضروری ہے‘۔

    یہ بھی پڑھیں: دبئی میں سیاحت کے لیے نئی ویزہ پالیسی متعارف

    طالب علموں کی ویزہ فیس بھی 100 درہم ہوگی اور انہیں ماضی کی طرح بینک اکاؤنٹ میں کوئی سیکیورٹی رقم جمع کرانے کی ضرورت نہیں البتہ یونیورسٹی کے کاغذات اور تعلیمی اسناد کی شرط ضروری ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ ہر قسم کے ویزہ کی معیاد ایک مہینے کے لیے آسانی کے ساتھ بڑھا دی جائے گی جس کی فیس 600 درہم مقرر کی گئی ہے۔

    الرشیدی کا مزید کہنا تھا کہ حکومت نے ویزہ پالیسی میں نرمی کا قانون سیاحت کو فروغ دینے کے لیے کیا تاکہ غیر ملکی مزدور ابوظہبی آکر ملازمت اختیار کرسکیں اس کے ذریعے ملک کی معیشت کو مضبوط کیا جاسکتا ہے۔ نئی ویزہ پالیسی کا اطلاق 21 اکتوبر سے ہوگا۔

  • ابوظہبی ٹیسٹ: پاکستانی ٹیم 282 رنز پر آؤٹ، آسٹریلیا نے 2 وکٹوں کے نقصان پر 20 رنز بنالیے

    ابوظہبی ٹیسٹ: پاکستانی ٹیم 282 رنز پر آؤٹ، آسٹریلیا نے 2 وکٹوں کے نقصان پر 20 رنز بنالیے

    ابوظہبی: پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان جاری دوسرے ٹیسٹ میچ کے پہلے روز پاکستانی ٹیم 282 رنز پر آؤٹ ہوگئی، آسٹریلیا نے 2 وکٹوں کے نقصان پر 20 رنز بنالیے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ابوظہبی میں کھیلے جانے دوسرے ٹیسٹ میچ کے پہلے روز کا کھیل ختم ہوگیا، قومی ٹیم پہلی اننگز میں 282 رنز پر آؤٹ ہوگئی، آسٹریلیا نے 2 وکٹوں کے نقصان پر 20 رنز بنالیے، دونوں وکٹیں محمد عباس نے حاصل کیں۔

    آسٹریلوی اوپنر بلے باز عثمان خواجہ 3 اور نائٹ واچ مین پیٹرسڈل 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، ایرون فنچ 13 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔

    پاکستان کی جانب سے محمد عباس نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 2 وکٹیں حاصل کیں، ٹیسٹ کرکٹ میں عباس نے اپنی 50 وکٹیں بھی مکمل کرلی ہیں۔

    قبل ازیں  پاکستان اور آسٹریلیا کی ٹیموں کے مابین ابوظہبی کے شیخ زید اسٹیڈیم میں پانچ روز پر مشتمل دوسرے ٹیسٹ کے پہلے دن کا میچ کھیلا گیا، قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔

    ٹیسٹ ڈیبیو کرنے والے کھلاڑی فخر زمان اور محمد حفیظ نے پاکستان کی جانب سے اننگر کا آغاز کیا تو 5 رنز کے مجموعی اسکور پرمحمد حفیط مچل اسٹارک کی گیند پرآؤٹ ہوگئے۔

    پاکستانی ٹیم نے بیٹنگ کا آغاز کیا تو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور 60 پر 5 کھلاڑی پویلین روانہ ہوئے، محمد حفیظ 4، اظہر 15، حارث سہیل ، اسد شفیق اور بابر اعظم بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔

    بعد ازاں کپتان سرفراز احمد اور فخرز زمان نے محتاط انداز میں ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کی گرتی بیٹنگ لائن کو سہارا فراہم کیا، سرفراز اور فخر زمان 94 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے جبکہ قومی ٹیم کا مڈل آرڈر بری طرح سے ناکام نظر آیا۔

    آسٹریلیا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کے لیے زخمی اوپنر امام الحق کی جگہ فخرزمان کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

    پاکستان کی جانب سے میر حمزہ ڈیبیو کرنے والے کھلاڑی ہیں جنہیں وہاب ریاض کی جگہ ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

    قومی کرکٹ ٹیم کے اسکواڈ میں کپتان سرفراز احمد، محمد حفیظ، فخرزمان، اظہرعلی، حارث سہیل، اسد شفیق، بابر اعظم، بلال آصف، محمد عباس، یاسر شاہ اور میرحمزہ پرمشتمل ہے۔

    دوسری جانب ٹم پین کی قیادت میں آسٹریلوی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔

    آسٹریلیا کا شان دار کم بیک، سنسنی خیز مقابلے کے بعد دبئی ٹیسٹ ڈرا

    واضح رہے کہ 2 میچز پرمشتمل سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں آسٹریلوی بلے باز عثمان خواجہ کی شاندار بیٹنگ کی بدولت میچ ڈرا ہوگیا تھا۔

  • ابوظہبی: منشیات اسمگلنگ میں ملوث عالمی گروہ گرفتار

    ابوظہبی: منشیات اسمگلنگ میں ملوث عالمی گروہ گرفتار

    ابوظہبی : اماراتی پولیس نے متحدہ عرب امارات سمیت عالمی سطح پرمنشیات اسمگل اور فروخت کرنے والے 5 افراد پر مشتمل گروہ کو گرفتار کر کے 17 کلو سے زائد منشیات برآمد کرلی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات کی ریاست و دارالحکومت ابوظہبی کی پولیس منشیات اسمگلنگ اور سپلائی کرنے والے گروہ کو دو مختلف سرچ آپریشن کے دوران گرفتار کیا ہے۔

    ابوظہبی کے پولیس ترجمان کا کہنا تھا کہ گرفتار ملزمان پورے ملک میں منشیات فررخت کرنے کی منصوبہ بندی کررہے تھے جنہیں خفیہ اطلاعات کے بعد ہفتے کے روز گرفتار کرکے 17.5 کلو گرام منشیات ضبط کی تھیں۔

    ابوظہبی پولیس کے بریگیڈئر محمد سہیل الراشدی کا کہنا تھا کہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے دو الگ الگ آپریشن کے گئے تھے پہلا آپریشن ’بڑا چیلنج‘ کے نام کیا تھا جس میں پولیس نے منشیات اسمگلنگ کرنے والے عالمی گروہ کو حراست میں لے کر 12 کلو گرام ’ہیروئن‘ برآمد کی تھی۔

    ڈائریکٹر کرمنل سیکٹر ابوظہبی پولیس نے بتایا کہ ملزمان کارگو کنٹینر کے 4 ٹن وزنی اسپئر پارٹس میں چھپاکر منشیات ملک میں لائے تھے۔

    پولیس نے منشیات فروشوں کے خلاف دوسرا آپریشن ’فون کی موت‘ کے نام سے کیا تھا جس دوران منشیات فروش کو 5.5 کلو ڈرگز کے ساتھ رنگے ہاتھوں گرفتار کیا تھا جس نے منشیات موبائل فون کی دکان میں چھپائی ہوئی تھی۔


    مزید پڑھیں : ابوظہبی پولیس نے 20 افراد کو گرفتار کرکے ہیروئن اور کرسٹل برآمد کرلی


    یاد رہے کہ رواں برس اپریل میں اماراتی کے دارالحکومت ابوظہبی میں پولیس اور نارکوٹکس اہلکاروں نے خفیہ اطلاعات پر مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے منشیات اسمگلنگ اور فروخت میں ملوث ایشائی گروہ کو گرفتار کرکے 20 کلو گرام سے زائد ہیروئن اور کرسٹل برآمد کرلی ہے۔

  • ابو ظہبی میں سب سے زیادہ ٹریفک حادثے کس دن ہوتے ہیں؟

    ابو ظہبی میں سب سے زیادہ ٹریفک حادثے کس دن ہوتے ہیں؟

    ابوظہبی: متحدہ عرب امارات کی ٹریفک سروس کی سینئر اہلکار نے متنبہ کیا ہے کہ ابوظہبی میں سب سے زیادہ ٹریفک حادثے جمعرات کے روز ہوتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ابو ظہبی سٹی کی شہری حکومت کی ٹریفک سروس میں بطور انجینئر اپنے فرائض انجام دینے والی شمسا المحرمی نامی سینئر اہلکار کا کہنا ہے کہ جمعے کے روز ویک اینڈ کے سبب جمعرات کو ہر شخص جلد از جلد اپنی منزل تک پہنچنا چاہتا ہے اور یہی جلدی ہفتے کے اس مخصوص دن میں حادثوں کی شرح میں اضافے کا سبب بنتی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ جمعرات کو ہونے والے ٹریفک حادثوں کا تناسب عام دنوں سے 15 فیصد زیادہ ہوتا ہے اور ان میں سے بھی زیادہ تر حادثے ٹریفک کے مصروف ترین اوقات میں ہوتے ہیں جن میں شام کا وقت بالخصوص شامل ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ حادثوں کا ایک سبب یہ بھی ہے کہ امارات کی دیگر ریاستوں میں رہنے والے شہری جو کہ ابو ظہبی میں نوکری کرتے ہیں ، ویک اینڈ پر اپنے اپنے گھروں کا رخ کرتے ہیں جس کے سبب نہ صرف یہ کہ مرکزی شاہراؤں پر دباؤ بڑھ جاتا ہے بلکہ جلدی اور بے احتیاطی کی بنا پر حادثوں کی شرح بھی بڑھ جاتی ہے۔

    یاد رہے کہ ٹریفک حادثوں کی روک تھا م اور اسکول کے بچوں کی سیکیورٹی یقینی بنانے کے لیے متحدہ عرب امارات کے حکام نے گزشتہ ماہ اسکول بسوں پر بھی سی سی ٹی وی کیمرے لگانا شروع کردیے تھے ، منصوبے سے 11 ہزار بچوں کے تحفظ میں مدد ملے گی۔

    دوسری جانب ابوظہبی کی حکومت نے امارات کی ریاستوں میں میسر مقررہ حد رفتار سے بیس کلومیٹر فی گھنٹہ تجاوز کرنے کی سہولت بھی ختم کرتے ہوئے حدِ رفتار سے ذرا سا بھی تجاوز کرنے پرجرمانہ عائد کرنے کا فیصلہ بھی کچھ عرصہ قبل ہی لیا تھا۔

  • شعیب ملک نےسینئر ہونے کا حق ادا کر دیا ‘ سرفراز احمد

    شعیب ملک نےسینئر ہونے کا حق ادا کر دیا ‘ سرفراز احمد

    ابوظہبی: قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ شعیب ملک نے سینئرہونے کا حق ادا کردیا، ان کی اننگز کی جتنی بھی تعریف کی جائے وہ کم ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایشیا کپ کے سنسنی خیرمیچ میں افغانستان کو شکست دینے کے بعد قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امام الحق اور بابراعظم نے بہترین بیٹنگ کی۔

    انہوں نے کہا کہ شعیب ملک نے سینئرہونے کا حق ادا کردیا، ان کی جتنی بھی تعریف کی جائے وہ کم ہے۔

    سرفراز احمد نے کہا کہ افغانستان کے خلاف میچ میں فیلڈنگ خراب ہوئی اور کیچز بھی ڈراپ ہوئے، اگلے میچز میں فیلڈنگ کو بہترکرنا ہوگا۔

    قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ افغانستان نے بہت اچھی بیٹنگ کی جبکہ میرے خیال میں افغانستان کے اسپنرزبہترین بولرزمیں شامل ہیں۔

    پاکستان نےافغانستان کوسنسنی خیزمقابلے کے بعد شکست دیدی

    یاد رہے کہ گزشتہ روز متحدہ عرب امارات کے شہر ابوظہبی میں ایشیا کپ کے سپر4 مرحلے کے میچ میں پاکستان نے افغانستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 3 وکٹوں سے شکست دے دی تھی۔

    پاکستان کو آخری اوور میں جیت کے لیے دس رنز درکار تھے۔ شعیب ملک نے آخری اوور میں ایک چھکا اور چوکا لگا کرپاکستان کو فتح سے ہمکنار کروایا۔

  • ایشیا کپ 2018 : بنگلہ دیش کا مقابلہ آج افغانستان سے ہوگا

    ایشیا کپ 2018 : بنگلہ دیش کا مقابلہ آج افغانستان سے ہوگا

    ابوظہبی : ایشیا کپ کے چھٹے میچ میں آج بنگلہ دیش اور افغانستان کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی، دونوں ٹیمیں پہلے ہی سپر فور مرحلے کے لیے کوالیفائی کرچکی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ابوظہبی کے شیخ زید اسٹیڈیم میں بنگلہ دیش اور افغانستان کے درمیان میچ آج کھیلا جائے گا، میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام ساڑھے 4 بجے شروع ہوگا۔

    افغانستان اور بنگلہ دیش کی ٹیمیں پہلے ہی سپر فور مرحلے کے لیے کوالیفائی کرچکی ہیں اس میچ کا نتیجہ سپر فور مرحلے پر اثر انداز نہیں ہوگا۔

    دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک پانچ ون ڈے کھیلے جاچکے ہیں جن میں سے بنگلہ دیش نے تین اور افغانستان نے دو میں کامیابی حاصل کی ہے۔

    بنگلا دیش کا ایشیا کپ میں فاتحانہ آغاز، سری لنکا کو عبرت ناک شکست

    یاد رہے کہ رواں ہفتے 15 ستمبر کو ایشیا کپ کے پہلے میچ میں بنگلا دیش نے سری لنکا کو 137 رنز سے شکست دے کر فاتحانہ آغاز کیا تھا۔

    مشفق الرحیم 144 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے تھے، انہیں بہترین کارکردگی دکھانے پر مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا تھا۔

  • ابوظہبی: صدارتی محل میں نئے وزیراورججزکی تقریبِ حلف برداری

    ابوظہبی: صدارتی محل میں نئے وزیراورججزکی تقریبِ حلف برداری

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات کی اعلیٰ قیادت کی موجود گی میں ایک نئے وزیر اور نئے ججز نے حلف اٹھا لیا ، حلف برداری کی تقریب ابو ظہبی کے صدارتی محل میں منعقد ہوئی۔

    تفصیلات کے مطابق یہ تقریب دبئی کے حکمران اور متحدہ عرب امارات کے وزیراعظم شیخ محمد بن راشد المکتوم، اور ابوظہبی کے ولی عہد اور متحدہ عرب امارات کی افواج کے کمانڈر ان چیف شیخ محمد بن زید النہیان کی موجود گی میں ہوئی ، دونوں شخصیات نے نئے وزیر اور ججز سے ان کے عہدے کا حلف لیا۔

    تقریب میں احمد علی محمد السائغ نے وزیرِ مملکت کے عہدے کا حلف اٹھا یا ہے جبکہ صابری شمس، عدین محمود اور الطیب عبدلغفور الغادی نے بطور جج اپنے عہدے کا حلف اٹھا یا ہے۔

    اس موقع پر شیخ محمد بن راشد اور شیخ محمد بن زید نے نئے وزیر اور جج کو ان کی کامیابی پر مبارک باد دی اور انہیں اپنے کام ایمانداری سے انجام دینے کی ہدایت بھی کی ۔

    ابوظہبی کے صدارتی محل میں منعقد ہونے والی تقریب میں لیفٹیننٹ جنرل شیخ سیف بن زید النہیان، نائب وزیراعظم اور وزیرداخلہ شیخ منصور بن زید، وزیراعظم کے ایک اور نائب اور صدارتی امور کے وزیر شیخ عبداللہ بن زید، وزیرخارجہ شیخ نہیان بن مبارک شریک تھے ، ان کے علاوہ بھی تقریب میں مملکت کے کئی اہم عہدیدار وں نے شرکت کی۔

  • ابوظہبی میں آتشزدگی، نوجوان لڑکی ہلاک، دو زخمی

    ابوظہبی میں آتشزدگی، نوجوان لڑکی ہلاک، دو زخمی

    ابو ظہبی : متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت میں واقع رہائشی عمارت میں ہولناک آتشزدگی کے باعث 10 سالہ لڑکی ہلاک جبکہ دو افراد زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابوظہبی میں واقعہ ال زاحیہ نامی علاقے میں واقع رہائشی عمارت میں پیش آنے والے آتش زدگی کے سانحے میں ایک نوجوان ایشیائی لڑکی‘ دم گھٹنے سے جاں بحق ہوگئی جبکہ دو افراد دم گھٹ جانے کے سبب نازک حالت میں اسپتال منتقل کیے گئے ہیں۔

    ابوظہبی پولیس کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی اداروں کی جانب سے رہائشی عمارت میں ہونے والے ہولناک آتشزدگی کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں، جبکہ واقعے میں ہلاک ہونے والی لڑکی کی عمر 10 برس بتائی گئی ہے۔

    اماراتی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ ہنگامی خدمات انجام دینے والے ادارے کے اہلکاروں کی جانب سے شیخ حمدان بن محمد روڈ پر واقع عمارت میں بھڑکنے والی خوفناک آگ پر قابو پانے کوشش کی جارہی ہے۔

    سول ڈیفینس کے ڈائریکٹر جنرل بریگیڈیئر جنرل محمد مایوف الکتبی کا کہنا تھا کہ رہائشی عمارتیں تعمیر کرنے والے افراد کو چاہیے کہ عمارت میں آگ پر قابو پانے والے آلات لازمی نصب کیے جائیں۔

    ابو ظہبی پولیس کے کمانڈ اینڈ کنٹرول روم کا کہنا تھا کہ ریاست میں دو مقامات پر رہائشی عمارتوں میں آتشزدگی کے واقعات رونما ہونے کی شکایات موصول ہوئی تھی، اطلاع ملتے ہی سیکیورٹی اہلکار، طبی امداد کا عملہ اور ہنگامی خدمات انجام دینے والے اہلکاروں نے فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ کر امدادی کارروائیوں کا آغاز کردیا تھا۔


    مزید پڑھیں : دبئی: کنڈرگارٹن میں ہولناک آتشزدگی، 176 بچوں کو بچالیا


    خیال رہے کہ تین ماہ قبل متحدہ عرب امارات کی ریاست راس الخیمہ میں واقعہ الورود کنڈرگارٹن کی عمارت میں اچانک ہولناک آگ بھڑک اٹھی تھی، تاہم آتشزدگی کے نتیجے میں کسی قسم کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تھا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ الورود میں پیش آنے والے ہولناک آتش زدگی کے سانحے میں ہنگامی خدمات انجام دینے والے عملے نے 176 کمسن بچوں کو باحفاظت عمارت سے باہر نکال لیا۔