Tag: ابو ظہبی

  • عرب امارات میں سونے کی قیمت میں مسلسل کمی

    عرب امارات میں سونے کی قیمت میں مسلسل کمی

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات میں سونے کی قیمت میں مسلسل کمی دیکھی جارہی ہے، گزشتہ ہفتے سونے کی قیمت میں مزید 2 درہم کمی ہوئی۔

    اردو نیوز کے مطابق متحدہ عرب امارات میں گزشتہ ہفتے کے آخر میں ایک گرام سونے کی قیمت میں 1.75 سے 2.50 درہم کی کمی ریکارڈ کی گئی۔

    دبئی اور شارجہ کی گولڈ مارکیٹس میں گزشتہ ہفتے کے آخر کے مقابلے میں اس ہفتے کے آخر میں مزید کمی ریکارڈ کی گئی۔

    24 قیراط ایک گرام سونے کی قیمت ڈھائی درہم کم ہو کر 237.25 درہم تک پہنچ گئی جبکہ 22 قیراط ایک گرام سونے کی قیمت 2 درہم کم ہو کر 220 درہم تک آگئی۔

    21 قیراط ایک گرام سونے کی قیمت پونے 2 درہم کم ہو کر 213 درہم ہوئی ہے جبکہ 18 قیراط ایک گرام سونا سوا دو درہم کمی کے ساتھ 182.5 درہم ہوگیا۔

    زیورات کے ایک شوروم کے مینیجر کا کہنا ہے کہ گزشتہ دنوں گولڈ مارکیٹ میں سونے کے زیورات کی طلب میں بہتری آئی ہے، قیمتیں کم ہونے پر لوگوں نے خریداری شروع کی ہے۔ زیورات کی طلب آئندہ ایام میں بڑھنے کی توقع ہے۔

  • عرب امارات میں سونے کے قیمت میں مسلسل کمی

    عرب امارات میں سونے کے قیمت میں مسلسل کمی

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات میں سونے کی قیمت مسلسل گھٹ رہی ہے جس کے بعد سونے کی خریداری میں اضافہ ہورہا ہے۔

    اردو نیوز کے مطابق متحدہ عرب امارات کی گولڈ مارکیٹس میں گزشتہ 3 ہفتوں کے دوران ایک گرام سونے کی قیمت میں ساڑھے گیارہ درہم کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

    سونے کے نرخ مسلسل 3 ہفتے سے کم ہو رہے ہیں، رواں ہفتے کے آخر تک مختلف قیراط کے سونے کی قیمت میں ڈیڑھ تا 2 درہم کمی ہوئی ہے۔

    گزشتہ 3 ہفتوں کے دوران مجموعی کمی ساڑھے 11 درہم ریکارڈ کی گئی ہے۔

    شورومز کے ذمہ داران کا کہنا ہے کہ مسلسل تیسرے ہفتے نرخوں میں کمی کے باعث سونے کے زیورات اور سونے کے سکے خریدنے والوں کی تعداد میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

    ان کا کہنا ہے کہ بعض لوگ اپنی بچت سونے میں محفوظ کرنے کے لیے سکے خرید رہے ہیں جبکہ متعدد نے سونے کے نرخوں میں کمی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے زیورات کی خریداری کی۔

  • ایمریٹس ایئر لائن ہوٹل میں مفت قیام دے گی

    ایمریٹس ایئر لائن ہوٹل میں مفت قیام دے گی

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات کی ایمریٹس ایئر لائن نے مسافروں کو محدود مدت کے لیے ہوٹل میں مفت قیام کی سہولت دینے کا اعلان کیا ہے۔

    اردو نیوز کے مطابق ایمریٹس ایئر لائن کی جانب سے مسافروں کے لیے 2 راتیں ہوٹل میں قیام کی پیشکش کی گئی ہے، مسافروں کو ہوٹل امارات ایئر کی جانب سے مفت فراہم کیا جائے گا۔

    دنیا کے کسی بھی ملک سے امارات ایئر کے ذریعے سفر کرنے والے خواہ وہ امارات آئے یا وہاں سے سفر کریں، انہیں مفت ہوٹل قیام کی سہولت فراہم کی جائے گی۔

    ایئر لائن کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ فرسٹ کلاس سے سفر کرنے والوں کے لیے 2 راتیں جبکہ اکانومی کلاس کے مسافروں کو ایک رات کے لیے ایئر لائن کی جانب سے مفت ہوٹل میں قیام کی سہولت فراہم کی جائے گی۔

    مذکورہ پیشکش 26 مئی سے 31 اگست 2023 تک کے لیے فراہم کی جا رہی ہے۔

    ہوٹل میں قیام کی مفت پیشکش سے مستفید ہونے کے لیے فلائٹ بکنگ کروانے کے بعد ای میل پر بکنگ نمبر، فلائٹ کی تفصیلات، امارات پہنچنے کی تاریخ، مسافر کا نام اور ٹیلی فون نمبر ارسال کیا جائے جس کے بعد ایئر لائن انتظامیہ کی جانب سے مفت ہوٹل بکنگ کی کنفرمیشن ارسال کر دی جائے گی۔

  • عرب امارات: مقامی ملازمین نہ رکھنے پر بھاری جرمانہ ہوگا

    عرب امارات: مقامی ملازمین نہ رکھنے پر بھاری جرمانہ ہوگا

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات میں مقامی ملازمین کو ملازمت پر رکھنے کے حوالے سے حکام نے نئی ہدایات جاری کردی ہیں۔

    اردو نیوز کے مطابق متحدہ عرب امارات میں وزارت افرادی قوت و اماراتائیزیشن نے 50 یا اس سے زیادہ ہنر مند ملازمین والے نجی اداروں کو اماراتائیزیشن کے حوالے سے ششماہی اہداف جلد پورے کرنے کی ہدایت کی ہے۔

    وزارت افرادی قوت نے متنبہ کیا ہے کہ اماراتائیزیشن کے اہداف کی پابندی نہ کرنے پر 42 ہزار درہم جرمانہ ہوگا۔

    50 یا اس سے زیادہ ملازم والی کمپنی کو 1 فیصد مقامی شہریوں کو جگہ دینا ہوگی اور یہ کام 30 جون سے قبل مکمل کرنا ہوگا۔

    وزارت کا کہنا ہے کہ اماراتائیزیشن کے اہداف کی تکمیل کی مہلت ختم ہونے پر یکم جولائی سے خلاف ورزی کرنے والے نجی اداروں پر جرمانوں کی کارروائی شروع ہوگی۔

    وزارت نے بیان میں کہا کہ جو نجی کمپنیاں اور ادارے اماراتائیزیشن کا ہدف پورا کر رہے ہیں انہیں ملازمین کی روزگار ٹریننگ کے سلسلے میں معیاری سہولتیں اور ترغیبات دی جارہی ہیں۔

    وزارت کا کہنا ہے کہ ایسے اداروں کو 80 فیصد تک رعایت دی جاتی ہے، جون کے اختتام سے قبل مہارت والی ملازمتوں کے حوالے سے ایک فیصد اور سال رواں کے اختتام سے قبل 2 فیصد تک اماراتائیزیشن کرنا ہوگی۔

  • ابو ظہبی میں گھر میں آگ لگنے سے 6 افراد جاں بحق

    ابو ظہبی میں گھر میں آگ لگنے سے 6 افراد جاں بحق

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابو ظہبی میں رہائشی ولا میں آگ لگنے سے 6 افراد جاں بحق ہوگئے۔

    اردو نیوز کے مطابق ابو ظہبی کے معزز نامی علاقے کے ایک ولا میں آتش زدگی سے 6 افراد جاں بحق جبکہ 7 جھلس کر زخمی ہوگئے ہیں۔

    اتھارٹی کا کہنا ہے کہ فائر بریگیڈ کی ٹیموں نے آتشزدگی کی اطلاع ملتے ہی جائے وقوعہ پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کیں۔

    فائر بریگیڈ نے فوری طور پر مکینوں کو مکان سے نکالنے اور محفوظ مقام پر پہنچانے کے ساتھ زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد بھی فراہم کی۔

    بیان میں کہا گیا کہ آتش زدگی میں 6 افراد چل بسے جبکہ سات زخمی ہوگئے جن میں سے 2 کی حالت نازک ہے۔

    سول ڈیفنس اتھارٹی کا کہنا ہے کہ ابھی تک آتشزدگی کے اسباب کا پتہ نہیں چل سکا اور متعلقہ حکام واقعہ کی تحقیقات کر رہے ہیں، مرنے والوں میں ایک کا نام فاطمہ محمد الحوسنی بتایا گیا ہے جو امارات ہلال احمر کی ایک رضا کار ہیں۔

  • شارجہ کے فلیٹ میں نشہ آور پودے اگانے کا انکشاف، حکام کی کارروائی

    شارجہ کے فلیٹ میں نشہ آور پودے اگانے کا انکشاف، حکام کی کارروائی

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات کے شہر شارجہ میں نشہ آور پودے پکڑے گئے ہیں جنہیں وہیں رہائشی افراد کاروبار کے لیے اگا رہے تھے۔

    اردو نیوز کے مطابق متحدہ عرب امارات میں پبلک پراسیکیوشن شارجہ کی ایک رہائشی عمارت میں نشہ آور پودے اگانے کے واقعے کی تحقیقات کر رہی ہے۔

    ایک رہائشی عمارت کے انچارج نے پبلک پراسیکیوشن کو رپورٹ کی تھی کہ اسے عمارت کے ایئر کنڈیشن سسٹم کی دیکھ بھال کے دوران نشہ آور پودے نظر آئے ہیں، پولیس کو اس کی رپورٹ کی گئی ہے۔

    پبلک پراسیکیوشن نے اطلاع ملتے ہی پولیس کے ہمراہ رہائشی عمارت کا معائنہ کیا تو پتہ چلا کہ متعلقہ فلیٹ میں نشہ آور پودے ایک شیلٹر کے اندر لگائے گئے ہیں۔

    رہائشی عمارت سے نشہ آور اشیا کے استعمال میں کام آنے والے آلات بھی برآمد ہوئے، پوچھ گچھ پر پتہ چلا کہ دو ایشیائی افراد نے کاروبار کے لیے نشہ آور پودے اگائے ہوئے تھے۔

    پبلک پراسیکیوشن کا کہنا ہے کہ نشہ آور پودوں کی کاشت قابل سزا جرم ہے، اس پر موت تک کی سزا دی جاسکتی ہے۔

  • امارات میں سیاحوں کا رش، ہوٹلوں کا کاروبار بڑھ گیا

    امارات میں سیاحوں کا رش، ہوٹلوں کا کاروبار بڑھ گیا

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات میں ہوٹلوں کے کاروبار میں 30 فیصد اضافہ ہوا ہے، یہ اضافہ کرونا وبا کے دوران کاروبار کم ہوجانے کے بعد ہوا ہے۔

    اردو نیوز کے مطابق دبئی سمیت متحدہ عرب امارات کے ہوٹلوں کے ذمہ داران کا کہنا ہے کہ سال رواں کے آغاز سے ہوٹلوں کا کاروبار 30 فیصد تک بڑھ گیا ہے، یہ 2019 کے دوران ہونے والے کاروبار کو پیچھے چھوڑ گیا ہے۔

    عربیین ٹریول مارکیٹ ایگزیبیشن میں شرکت کے موقع پر ہوٹلوں کے ذمہ داران نے کہا کہ سال رواں کے دوران ہوٹلوں کی بکنگ میں توجہ طلب حد تک اضافہ ہوا ہے، 10 سے 30 فیصد تک ہوٹلوں کی آمدنی بڑھی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ توقع ہے کہ سال رواں کی دوسری ششماہی کے دوران ہوٹلوں کی آمدنی میں شرح نمو مزید بڑھے گی۔

    اٹلانٹس دبئی میں سیلز مینیجر ایمن بکوش کا کہنا تھا کہ سال رواں کے شروع سے دبئی کے ہوٹلوں میں بکنگ توجہ طلب حد تک بڑھی ہے، سنہ 2019 کے مقابلے میں سیاحوں نے 25 فیصد زیادہ خرچ کیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ریستورانوں، ہوٹلوں کی سہولیات اور ہوٹلوں کے مختلف اداروں پر سیاحوں کے خرچ کا تناسب بڑھا ہے۔

    ایمن بکوش نے مزید کہا کہ گزشتہ دنوں 187 سے زائد ممالک کے لوگوں نے دبئی کے ہوٹلوں میں بکنگ کروائی، ان میں روس، برطانیہ اور یورپی ممالک کے سیاح سرفہرست ہیں۔

  • ابو ظہبی: معمر افراد کے لیے میڈیکل انشورنس پیکج متعارف

    ابو ظہبی: معمر افراد کے لیے میڈیکل انشورنس پیکج متعارف

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابو ظہبی میں معمر افراد کے لیے میڈیکل انشورنس پیکج متعارف کروا دیا گیا ہے، اس سے قبل نجی کمپنیوں کی انشورنس خاصی مہنگی تھی۔

    اردو نیوز کے مطابق ابو ظہبی کے محکمہ صحت نے معمر افراد کے لیے سالانہ 750 درہم میں میڈیکل انشورنس پیکج متعارف کروا دیا۔

    ابو ظہبی میں مقیم غیر ملکیوں کی جانب سے درخواست کی گئی تھی کہ انشورنس کمپنیاں 60 برس اور اس سے زیادہ عمر کے افراد کے لیے میڈیکل انشورنس پیکج جاری کرنے کے سلسلے میں پریشان کر رہی ہیں۔

    ابو ظہبی میں مقیم غیر ملکیوں نے مطالبہ کیا تھا کہ میڈیکل انشورنس کمپنیوں کو سستے پیکج جاری کرنے پر آمادہ کیا جائے۔ پیکج ایسے ہوں جنہیں معمولی آمدنی والے بھی برداشت کرسکیں یا خاندانوں کی آمدنی سے مطابقت رکھتے ہوں۔

    انشورنس کمپنیوں کے نمائندوں کی جانب سے اپنے مؤقف کی وضاحت کرتے ہوئے کہا گیا کہ میڈیکل انشورنس پیکج میں کئی چیزیں اہم ہوتی ہیں، عمر، مریضوں کا ریکارڈ، صحت سہولیات، میڈیکل نیٹ ورک، علاج کے اخراجات میں شراکت کی شرح اور کوریج کا دائرہ کار وغیرہ۔

    انہوں نے مزید کہا کہ میڈیکل انشورنس پیکج کی طرف سے رقم ماہرین کی جانب سے متعین کی جاتی ہے جو وہ پیشہ ورانہ بنیاد پر رقم متعین کرتے ہیں۔

    ابو ظہبی محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ ابو ظہبی میں مقیم معمر افراد کے لیے انشورنس کمپنیاں جو میڈیکل پیکج جاری کر رہی ہیں وہ کئی طرح کے ہیں، چار قسم کے میڈیکل انشورنس پیکج پیش کیے جارہے ہیں۔

    سب سے سستا پیکج 750 درہم کا ہے، اس کا اہتمام حال ہی میں کروایا گیا ہے۔

  • عرب امارات: خود ساختہ طور پر اشیا مہنگی کرنے پر لاکھوں درہم جرمانہ

    عرب امارات: خود ساختہ طور پر اشیا مہنگی کرنے پر لاکھوں درہم جرمانہ

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات میں حکام نے انتباہ کیا ہے کہ پولٹری مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کرنے پر 2 لاکھ درم تک جرمانہ ہوسکتا ہے۔

    اردو نیوز کے مطابق متحدہ عرب امارات کی وزارت اقتصاد نے پولٹری مصنوعات کے نرخ نامے کی پابندی نہ کرنے والے تاجروں اور درآمد کنندگان کے خلاف سخت کارروائی کا انتباہ کیا ہے۔

    انڈوں اور مرغیوں کے نرخوں میں اضافے پر کم از کم 10 ہزار درہم کا جرمانہ عائد کیا جائے گا۔

    وزارت اقتصاد نے اپنے بیان میں کہا کہ نرخ ناموں کی دوبارہ خلاف ورزی پر جرمانہ 2 لاکھ درہم تک کیا جاسکتا ہے، وزارت خلاف ورزیوں اور جرمانوں کی تفصیلات میڈیا کے ذریعے جاری کرے گی۔

    وزارت کا کہنا ہے کہ پورے ملک میں انڈوں اور مرغیوں کے نرخ نامے کی پابندی کروانے کے لیے تفتیشی مہم چلائی جائے گی، رمضان کے دوران اور عید کے بعد 300 تفتیشی کارروائیوں کا پروگرام ہے۔

    وزارت کےم طابق تجارتی مراکز، کوآپریٹو سوسائٹیوں، مرغیوں اور انڈوں کے ڈیلروں اور پرچون کی دکانوں پر چھاپے مارے جاچکے ہیں۔

    درآمد کنندگان اور ریٹیل کے تاجروں سے کہا گیا ہے کہ وہ پولٹری مصنوعات مقررہ نرخ سے زیادہ پر فروخت نہ کریں، 13 فیصد اضافے کی اجازت ہے تاہم اس سے زیادہ نرخ نہیں بڑھا سکتے اور اس کی خلاف ورزی پر جرمانہ ہوگا۔

  • عرب امارات میں تنخواہوں سے متعلق اہم اعلان

    عرب امارات میں تنخواہوں سے متعلق اہم اعلان

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات میں تمام سرکاری ملازمین کو عید سے قبل 17 اپریل کو تنخواہیں ادا کرنے کا اعلان کردیا گیا ہے۔

    اردو نیوز کے مطابق متحدہ عرب امارات کے تمام سرکاری اداروں کے ملازمین کو عید الفطر کے باعث 17 اپریل کو تنخواہ ادا کی جائے گی۔

    امارات کے نائب صدر شیخ محمد بن راشد آل مکتوم نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کے تمام ملازمین کی تنخواہیں سوموار 17 اپریل 2023 کو جاری کی جائیں گی۔

    امارات کے نائب صدر نے یہ ہدایت عید الفطر کی تعطیلات قریب آنے پر دی ہیں تاکہ تمام سرکاری ملازمین اپنے اہل و عیال کے لیے عید پر خریداری اور عید کی ذمہ داریاں احسن طریقے سے انجام دے سکیں۔