Tag: ابو ظہبی

  • عرب امارات: ملازمین کی تنخواہ کے حوالے سے اہم اعلان

    عرب امارات: ملازمین کی تنخواہ کے حوالے سے اہم اعلان

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات میں وزارت افرادی قوت نے کہا ہے کہ ملازمین کی تنخواہیں بینک کے ذریعے ادا کرنے پر مالکان کو رعایتیں دی جائیں گی۔

    اردو نیوز کے مطابق متحدہ عرب امارات کی وزارت افرادی قوت و اماراتائزیشن نے کمپنیوں اور اداروں کے مالکان سے کہا ہے کہ وہ اپنے ملازمین کی تنخواہیں بینک اکاؤنٹس کے ذریعے ادا کریں۔

    وزارت افرادی قوت نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ جو لوگ اپنے ملازمین کی تنخواہیں بینک اکاؤنٹس کے ذریعے ادا کریں گے انہیں تحفظ اجرت قانون میں اندراج کے حوالے سے رعایتیں دی جائیں گی۔

    وزارت کا کہنا ہے کہ بینکوں کے ذریعے تنخواہ ادا کرنے کے متعدد فائدے ہیں، پہلا یہ ہے کہ ملازمین کی تنخواہیں ادا کرنے کا ریکارڈ محفوظ ہوجائے گا۔

    دوسرا فائدہ یہ ہوگا کہ آجر اور اجیر کے درمیان اچھے تعلقات استوار ہوں گے، اجیروں کو مقررہ وقت پر تنخواہ ملتی رہے گی، علاوہ ازیں ایک فائدہ یہ بھی ہے کہ ملازمین کو شفاف نظام کے تحت آسانی سے تنخواہ وصول ہوتی رہے گی۔

  • عرب امارات: ایک گاڑی سے 63 ہزار درہم کی ٹریفک خلاف ورزیاں

    عرب امارات: ایک گاڑی سے 63 ہزار درہم کی ٹریفک خلاف ورزیاں

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات میں ایک خاتون نے عدالت میں دعویٰ دائر کیا ہے کہ ان کے شوہر نے ان کی گاڑی سے 63 ہزار درہم کی ٹریفک خلاف ورزیاں کیں، اور انہیں یہ رقم واپس دلوائی جائے۔

    اردو نیوز کے مطابق متحدہ عرب امارات میں ابو ظہبی فیملی کورٹ نے شوہر کے خلاف اس کی اہلیہ کا 63 ہزار درہم کا دعویٰ مسترد کردیا۔

    خاتون نے شوہر سے 63 ہزار درہم دلوانے کے لیے عدالت سے رجوع کیا تھا۔

    خاتون کا کہنا تھا کہ شوہر نے ان کی گاڑی چوری کر کے ٹریفک خلاف ورزیاں کیں اور گاڑی کا مالک ہونے کی وجہ سے انہیں 63 ہزار درہم جرمانے کے طور پر ادا کرنا پڑ رہے ہیں، انہیں یہ رقم واپس دلوائی جائے۔

    عدالت نے خاتون کا دعویٰ یہ کہہ کر مسترد کردیا کہ انہوں نے اس بات کا کوئی ثبوت پیش نہیں کیا کہ ان کی گاڑی شوہر نے چوری کی تھی اور ٹریفک خلاف ورزیاں ان کی لاعلمی میں ہوئی ہیں۔

  • ابو ظہبی: مساجد کے اطراف غلط پارکنگ پر بھاری جرمانہ عائد

    ابو ظہبی: مساجد کے اطراف غلط پارکنگ پر بھاری جرمانہ عائد

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابو ظہبی کی ٹریفک پولیس نے عبادات و تراویح کے لیے آنے والوں کی گاڑی پارکنگ کے حوالے سے ہدایات جاری کی ہیں۔

    اردو نیوز کے مطابق متحدہ عرب امارات میں ابو ظبہی محکمہ ٹریفک نے خبردار کیا ہے کہ مساجد کے اطراف غلط طریقے سے گاڑی پارک کرنے پر 500 درہم جرمانہ ہوگا۔

    دبئی ٹریفک پولیس نے گاڑیوں کے مالکان سے کہا ہے کہ رمضان کے دوران مثبت طرز عمل اپنائیں، ٹریفک کے نظام میں خلل نہ پیدا کریں، پارکنگ کے داخلی راستے بند کرنے سے گریز کریں۔ گاڑیاں منظم شکل میں پارک کی جائیں۔

    پولیس نے کہا کہ تراویح کے لیے مسجد آتے ہوئے گاڑی ایسے پارک کریں کہ پہلے سے پارک گاڑی کو نکلنے میں پریشانی نہ ہو۔

    ٹریفک پولیس کی جانب سے کہا گیا ہے کہ رمضان کے دوران ٹریفک سلامتی کا جامع پلان تیار کیا گیا ہے، ٹریفک اہلکار سمارٹ سسٹم کے ذریعے ٹریفک خلاف ورزیاں کرنے والوں کے حوالے سے قانونی کارروائی کریں گے۔

    ٹریفک پولیس نے مزید کہا کہ فرض نمازوں خصوصاً تراویح کے موقع پر مساجد کے اطراف ٹریفک رش ہے، نماز کے لیے آنے والے فٹ پاتھ اور گاڑیوں کے آگے پیچھے بھی پارکنگ کر دیتے ہیں جس سے پہلے سے پارک گاڑیوں کے مالکان کو نکلنے میں مشکلات کا سامنا ہوتا ہے۔

    رمضان کے دوران ہر سال یہ مناظر دیکھنے میں آتے ہیں، اس سے سب کو پریشانی ہو رہی ہے، ٹریفک اہلکار اسے منظم کرنے کے لیے مہم چلا رہے ہیں۔

  • فلائی دبئی کا رعایتی ٹکٹس کا اعلان

    فلائی دبئی کا رعایتی ٹکٹس کا اعلان

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات کی ایئر لائن فلائی دبئی نے 25 شہروں کے لیے رعایتی ٹکٹوں کی پیشکش کی ہے۔

    اردو نیوز کے مطابق متحدہ عرب امارات میں فلائی دبئی نے 7 عرب شہروں سمیت 25 ایئر پورٹس کے لیے رعایتی ٹکٹ کی پیشکش کی ہے۔

    فلائی دبئی کا کہنا ہے کہ موسم بہار کی پیشکش میں سیاحتی کلاس ٹکٹ کی شروعات 11 سو 87 درہم سے کی گئی ہے۔

    بیان میں کہا گیا ہے کہ نئی پیشکش سے فائدہ اٹھانے والے آئندہ موسم بہار کے دوران 25 سیاحتی مقامات کا دورہ کر سکیں گے۔

    پیشکش والے نرخ کسی پیشگی اطلاع کے بغیر کسی بھی وقت تقسیم ہو سکتے ہیں، پروازیں دبئی سے منتخب شہروں کے لیے ہیں۔

    فلائی دبئی کا کہنا ہے کہ جمعرات 23 مارچ 2023 تک بکنگ کروائی جا سکتی ہے جبکہ ٹکٹ 18 جون 2023 تک مؤثر ہوں گے، ٹکٹ پیکج آنے جانے کا ہے جبکہ یکطرفہ ٹکٹ بھی خریدا جاسکتا ہے۔

    ٹورسٹ اور بزنس کلاس دونوں ٹکٹوں پر پیشکشیں ہیں، فلائی دبئی نے جن 25 ایئرپورٹس کے لیے رعایتی ٹکٹوں کا اعلان کیا ہے ان کا تعلق افریقہ، وسطی ایشیا، برصغیر، کوکاز، جنوب مشرقی اور وسطی یورپ، جی سی سی اور مشرق وسطی کے ممالک سے ہے۔

  • عرب امارات: 5 سالہ ملٹی پل فیملی سیاحتی ویزا کیسے جاری ہوگا؟

    عرب امارات: 5 سالہ ملٹی پل فیملی سیاحتی ویزا کیسے جاری ہوگا؟

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات کے حکام نے 5 سالہ ملٹی پل فیملی سیاحتی ویزا جاری کروانے کے لیے رہنما ہدایات اور شرائط جاری کی ہیں۔

    اردو نیوز کے مطابق متحدہ عرب امارات میں قومی شناخت شہریت کسٹم اور پورٹس سیکیورٹی کے وفاقی ادارے نے اسمارٹ سسٹم کے ذریعے 5 سالہ ملٹی پل فیملی سیاحتی ویزا متعارف کروایا ہے۔

    کسی بھی ملک کے شہری مقررہ شرائط پور ی کر کے ویزا حاصل کرسکتے ہیں۔

    وفاقی ادارے کا کہنا ہے کہ فیملی ویزا ہولڈر کو 90 دن تک امارات میں قیام کی اجازات ہوگی، اس میں مزید 90 دن کی توسیع بھی کی جا سکتی ہے۔

    وفاقی ادارے کے مطابق ویزے کے اجرا کی تاریخ سے 60 دن کے اندر امارات آنا ہوگا بصورت دیگر ویزا منسوخ کردیا جائے گا، 18 سال سے کم عمر بچے فیملی ویزے میں شامل ہوں گے جبکہ 18 سال سے زیادہ عمر کے افراد کو ویزے کے لیے علیحدہ درخواست دینا ہوگی۔

    فیملی سیاحتی ویزے کا زر ضمانت 3 ہزار 25 درہم مقرر ہے، ویزا فیس جس میں ہیلتھ انشورنس شامل ہوگی 750 درہم ہے۔

    ادارے نے فیملی ویزے کے لیے 9 شرائط مقرر کی ہیں، ان میں لیٹر ہیڈ پر جاری کردہ 6 ماہ کا بینک اسٹیٹمنٹ جس پر بینک کی مہر لگی ہوئی ہو، 4 ہزار ڈالر بینک بیلنس اور امارات سے ہیلتھ انشورنس کروانا شامل ہے، ویزے کا دورانیہ 180 دن ہوگا۔

    ویزے کے اجرا کے بعد سال میں ایک مرتبہ مزید 90 دن کی توسیع کروائی جا سکے گی، ہر سال 90 دن کا حساب عیسوی کیلنڈر کے بجائے ویزے کے اجرا کی تاریخ سے ہوگا، ویزا ملٹی پل اور 5 سال کے لیے جاری کیا جائے گا۔

    حکام کا کہنا ہے کہ امارات میں مقررہ مدت سے زیادہ قیام کی صورت میں ویزا منسوخ ہو جائے گا۔

  • عرب امارات میں سونے کی خریداری میں اچانک اضافہ

    عرب امارات میں سونے کی خریداری میں اچانک اضافہ

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات میں سونے کی قیمت مسلسل کم ہورہی ہے جس کے بعد لوگوں میں سونا خریدنے کا رجحان بھی بڑھ رہا ہے۔

    اردو نیوز کے مطابق متحدہ امارات کی گولڈ مارکیٹ میں مسلسل 4 ہفتوں سے سونے کے نرخ کم ہو رہے ہیں، مختلف قیراط کے ایک گرام سونے میں 15.25 درہم تک کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

    دبئی اور شارجہ کی گولڈ مارکیٹس میں شوروم مالکان کا کہنا ہے کہ حالیہ دنوں میں زیورات کی خریداری میں اضافہ ہوا ہے لیکن سب جگہ اور ہر روز یکساں نہیں ہے۔

    مقامی شہری، مقیم غیر ملکی اور سیاح زیورات کی خریداری اپنے مقاصد کے تحت کر رہے ہیں، سب سے کم سونا مقیم غیر ملکیوں نے خریدا تاہم سیاح زیورات کی سب سے زیادہ خریدار ی کر رہے ہیں۔

    امارات میں کانفرنسوں اور نمائشوں مں شرکت کے لیے آنے والے سونے کے نئے سیٹ خریدنے میں دلچسپی دکھا رہے ہیں، اپنے گھر والوں کے لیے سونے کے زیورات تحفے کے طور پر لے کر جا رہے ہیں۔

    ایک شوروم کے مینیجر نے بتایا کہ سونے کے نرخوں میں مسلسل کمی صارفین کو زیورات خریدنے کی ترغیب دے رہی ہے، امید ہے آئندہ سونے کی طلب میں اضافہ ہوگا۔

    24 قیراط ایک گرام سونے کی قمیت 220 درہم ہو گئی ہے، گزشتہ ہفتے کے آخر کے مقابلے میں ایک درہم کی کمی واقع ہوئی ہے۔

    22 قیراط ایک گرام سونے کی قیمت 203.75 درہم، 21 قیراط ایک گرام سونے کی قیمت 197.25 درہم اور 18 قیراط ایک گرام کی قیمت 169 درہم ہے۔

  • عرب امارات: خاتون کو پڑوسن کی صفائی سے پریشانی، مقدمہ دائر کردیا

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات میں ایک خاتون نے اپنی پڑوسن پر مقدمہ دائر کردیا کہ وہ ان کے گھر کے سامنے صفائی کے لیے جو محلول استعمال کرتی ہیں اس سے ان کی صحت خراب ہورہی ہے۔

    اردو نیوز کے مطابق متحدہ عرب امارات میں العین اپیل کورٹ نے پڑوسن سے 60 ہزا درہم ہرجانہ دلانے کا دعویٰ مسترد کرتے ہوئے پرائمری کورٹ کا فیصلہ برقرار رکھا ہے۔

    مذکورہ خاتون نے اپنی پڑوسن کے خلاف عدالت میں کیس دائر کیا تھا۔

    خاتون نے پرائمری کورٹ میں مؤقف اختیار کیا کہ اس کی پڑوسن گھر کے سامنے والے حصے کی صفائی کے لیے کلورکس استعمال کررہی ہے جس کی بو بہت زیادہ ہے، اس سے اس کی صحت پر برا اثر پڑ رہا ہے۔

    خاتون نے دعویٰ کیا کہ انہیں پڑوسن سے 60 ہزار درہم کا معاوضہ دلایا جائے۔

    پرائمری کورٹ نے دعویٰ مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پڑوسن نے صفائی کے لیے جو کلورکس استعمال کیا اس کا مقصد نقصان پہنچانا نہیں تھا۔

    بعد ازاں خاتون نے پرائمری کورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیل کورٹ سے رجوع کیا تھا، اپیل کورٹ نے بھی پرائمری کورٹ کے فیصلے کی توثیق کرتے ہوئے کہا کہ صحت پر برا اثر پڑنے کا کوئی ثبوت پیش نہیں کیا گیا۔

    اس دوران مقامی میڈیا میں اس دعوے کی خبر آنے پر اپنی نوعیت کا منفرد کیس ہونے کی وجہ سے لوگ اس میں دلچسپی لے رہے تھے۔

  • کتنے خوش نصیبوں کو گولڈن اقامہ دیا گیا؟

    کتنے خوش نصیبوں کو گولڈن اقامہ دیا گیا؟

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات نے گزشتہ برس 80 ہزار افراد کو گولڈن اقامہ جاری کیا، علاوہ ازیں آمد و رفت کے 62 ملین سے زائد معاملات نمٹائے گئے۔

    اردو نیوز کے مطابق دبئی میں اقامہ اور غیرملکیوں کے امور کے سرکاری ادارے نے کہا ہے کہ سنہ 2022 کے دوران 80 ہزار افراد کو گولڈن اقامہ جاری کیا گیا۔

    سرکاری ادارے کا کہنا ہے کہ سنہ 2022 میں 62 ملین سے زائد معاملات نمٹائے گئے، ان میں سے بری، بحری اور فضائی راستوں سے 46 ملین افراد کی آمد و رفت کی کارروائی انجام دی گئی۔

    علاوہ ازیں گزشتہ برس 2022 کے آخر تک تمام گروپوں کو گولڈن اقامے جاری کیے گئے، ان کی تعداد 79 ہزار 617 رہی جبکہ 2021 کے دوران 47 ہزار 150 گولڈن اقامے جاری کیے گئے تھے۔

    دبئی میں اقامہ اور غیر ملکیوں کے امور کے سرکاری ادارے کے ڈائریکٹر جنرل محمد المری کا کہنا ہے کہ محکمے سے رجوع کرنے والوں کو سہولتوں کی فراہمی ہمارا بڑا ہدف ہے۔

    انہوں نے کہا کہ اس مقصد کے لیے اچھی منصوبہ بندی کی گئی ہے، ہمارے ادارے نے حسن کارکردگی پر متعدد ایوارڈز بھی حاصل کیے ہیں۔

  • امارات میں عام تعطیل کا اعلان

    امارات میں عام تعطیل کا اعلان

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات میں سال نو کے موقع پر تعطیل کا اعلان کردیا گیا، تعطیل کا فیصلہ کابینہ سے جاری ہونے والے فیصلے کے تناظر میں کیا گیا ہے۔

    اردو نیوز کے مطابق متحدہ عرب امارات میں وزارت افرادی قوت و اماراتائزیشن نے کہا ہے کہ اتوار یکم جنوری 2023 کو نئے عیسوی سال پر پرائیوٹ سیکٹر کے تمام ملازمین کو تنخواہ سمیت چھٹی دی جائے گی۔

    وزارت افرادی قوت نے نئے عیسوی سال کی چھٹی کا اعلان سرکاری اور پرائیوٹ سیکٹرز کے لیے منظور شدہ تعطیلات کے بارے میں کابینہ سے جاری ہونے والے فیصلے کے تناظر میں کیا ہے۔

  • ابو ظہبی: سول میرج کا نیا قانون منظور

    ابو ظہبی: سول میرج کا نیا قانون منظور

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابو ظہبی میں غیر ملکیوں اور وزٹ پر آنے والوں کے لیے سول میرج کا نیا قانون منظور کرلیا گیا۔

    اردو نیوز کے مطابق متحدہ عرب امارات میں ابو ظہبی جوڈیشل ڈپارٹمنٹ میں فارنرز سروسز آفس کی سربراہ منی الرئیسی کا کہنا ہے کہ سال 2021 کے دوران سول میرج کے نئے قانون کے تحت ریاست میں مقیم غیر ملکیوں اور وزٹ ویزوں پر آنے والوں کو سول میرج کی کارروائی کے لیے 4 شرائط پوری کرنا ہوں گی۔

    منی الرئیسی کا کہنا ہے کہ پہلی شرط یہ ہے کہ دولہا اور دلہن کی کم از کم عمر 18 برس ہو اور اس کی تصدیق متعلقہ ملک سے جاری سرکاری دستاویز کے ذریعے کی جائے گی۔

    انہوں نے کہا کہ دولہا اور دلہن دونوں جج کے سامنے صاف الفاظ میں شادی کی منظوری کا اعلان کریں، اس بات کا اطمینان بھی کیا جائے گا کہ شادی کے سلسلے میں فریقین میں سے کسی ایک کی منظوری کی راہ میں کوئی قانونی رکاوٹ حائل نہیں ہے۔

    تیسری شرط شادی سے متعلق اقرار نامے میں دولہا دلہن دونوں کے دستخط ہیں۔

    علاوہ ازیں جوڈیشل ڈپارٹمنٹ کے سربراہ کی جانب سے اس سلسلے میں مزید کوئی پابندی ہوگی تو اس پر بھی عمل درآمد ضروری ہوگا۔

    منی الرئیسی کا کہنا تھا کہ ابو ظہبی جوڈیشل ڈپارٹمنٹ نے عربی، انگریزی، روسی، چینی اور ہسپانوی 5 بین الاقوامی زبانوں میں شادی کی کارروائی کی تکمیل کے لیے سول میرج سروس شروع کی ہے، ابو ظہبی جوڈیشل ڈپارٹمنٹ کی ویب سائٹ پر سول میرج کی کارروائی کے لیے درخواست دی جاسکتی ہے۔