Tag: ابو ظہبی

  • اسلام آباد سے ابو ظہبی روانہ ہونے والی پرواز 15 گھنٹے تاخیر کا شکار

    اسلام آباد سے ابو ظہبی روانہ ہونے والی پرواز 15 گھنٹے تاخیر کا شکار

    اسلام آباد: پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے) کی اسلام آباد سے ابو ظہبی روانہ ہونے والی پرواز 15 گھنٹے تاخیر کا شکار ہے، مسافر سخت پریشانی کے عالم میں ایئرپورٹ پر محو انتظار ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے) کی اسلام آباد سے متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابو ظہبی روانہ ہونے والی پرواز 15 گھنٹے تاخیر کا شکار ہے۔

    پی کے 261 کو 9 دسمبر رات 10 بجے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے روانہ ہونا تھا۔

    مسافروں کا کہنا ہے کہ تکنیکی فالٹ کا کہہ کر پہلے ڈھائی گھنٹے جہاز میں بٹھائے رکھا گیا، ڈھائی گھنٹے بعد لاؤنج میں منتقل کیا گیا۔

    مسافروں کا مزید کہنا ہے کہ ہر آدھے گھنٹے بعد مزید آدھے گھنٹے انتظار کا بتایا جاتا ہے۔

  • عرب امارات کا قومی دن: 1 ہزار درہم کا نیا کرنسی نوٹ جاری

    عرب امارات کا قومی دن: 1 ہزار درہم کا نیا کرنسی نوٹ جاری

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات کے قومی دن کے موقع پر 1 ہزار درہم کا نیا کرنسی نوٹ جاری کیا گیا ہے، پرانا نوٹ بھی بدستور چلتا رہے گا۔

    اردو نیوز کے مطابق متحدہ عرب امارات کے سینٹرل بینک نے 51 ویں یوم وطنی کے موقع پر ایک ہزار درہم والا نوٹ جاری کیا ہے۔

    ایک ہزار درہم والا نیا نوٹ پولیمر مادے سے تیار کردہ ہے، اس کا ڈیزائن نئے طرز کا ہے اور اس میں جعلسازی سے بچاؤ کے لیے نئے فیچرز رکھے گئے ہیں۔

    نیا کرنسی نوٹ امارات کی قیادت کے تصور، امارات کی حکمت عملی، مستقبل کے حوالے سے اس کی امنگوں اور 51 ویں یوم وطنی کے جشن کے تقاضوں کے عین مطابق مارکیٹ میں لایا گیا ہے۔

    امارات کے سینٹرل بینک کا کہنا ہے کہ ایک ہزار درہم کا نیا نوٹ سنہ 2023 کی پہلی ششماہی کے دوران بینک کی تمام شاخوں اور اے ٹی ایم میں دستیاب ہوگا۔

    سینٹرل بینک کا کہنا ہے کہ ایک ہزار درہم کا پرانا نوٹ بھی بدستور چلتا رہے گا، نئے نوٹ کے اجرا سے اس پر کوئی فرق نہیں پڑے گا۔

  • عرب امارات میں 3 دن کی تعطیلات کا اعلان

    عرب امارات میں 3 دن کی تعطیلات کا اعلان

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات میں 51 ویں یوم وطنی اور یوم شہید کے موقع پر پورے ملک میں 3 دن کی تعطیلات کا اعلان کیا ہے۔

    اردو نیوز کے مطابق وزارت افرادی قوت و اماراتائیزیشن نے 51 ویں یوم وطنی اور یوم شہید کے موقع پر پورے ملک میں 3 دن کی تعطیلات کا اعلان کیا ہے۔

    یکم سے 3 دسمبر 2022 تک سرکاری اور پرائیوٹ سیکٹر کے تمام ملازمین کو تنخواہ سمیت چھٹی دی جائے گی۔

    وزارت افرادی قوت و اماراتائیزیشن نے عام تعطیل کے حوالے سے ہدایت سرکاری و پرائیوٹ سیکٹرز کی منظور شدہ سرکاری تعطیلات کے اس فیصلے پر عمل درآمد کرتے ہوئے جاری کی ہے جو اماراتی کابینہ نے کیا تھا۔

    وزارت افرادی قوت نے یوم وطنی کے موقع پر ملک کی اعلیٰ قیادت، اماراتی عوام اور مقیم غیر ملکیوں کو مبارکباد دی ہے جبکہ یوم شہید پر شہدائے وطن کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔

  • ابو ظہبی: ٹریفک خلاف ورزی کے جرمانے پر رعایت کس صورت میں مل سکتی ہے؟

    ابو ظہبی: ٹریفک خلاف ورزی کے جرمانے پر رعایت کس صورت میں مل سکتی ہے؟

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابو ظہبی میں ٹریفک پولیس نے ٹریفک خلاف ورزیوں پر عائد جرمانوں پر رعایت کا اعلان کیا ہے۔

    اردو نیوز کے مطابق متحدہ عرب امارات میں ابو ظہبی ٹریفک پولیس نے ٹریفک خلاف ورزیوں پر عائد جرمانے پہلی فرصت میں جمع کرانے والوں کے لیے رعایت کا اعلان کیا ہے۔

    60 دن کے اندرجرمانہ جمع کروانے پر 35 فیصد اور 60 دن سے ایک سال کے اندر جرمانہ ادا کرنے پر 25 فیصد رعایت ملے گی۔

    ابو ظہبی ٹریفک پولیس نے کا کہنا تھا کہ ٹریفک خلاف ورزیوں کے جرمانے کسی منافع کے بغیر مقررہ بینکوں کے ذریعے قسطوں میں بھی جمع کروائے جا سکتے ہیں۔

    ابو ظہبی نیشنل بینک، الامارات الاسلامی، المشرق، ابو ظہبی کمرشل اورابو ظہبی اسلامی بینکوں میں سے کسی ایک بینک میں ٹریفک خلاف ورزی کا جرمانہ قسطوں میں ادا کیا جاسکتا ہے۔

    ابو ظہبی پولیس کا کہنا ہے کہ جرمانوں کی ادائیگی 4 چینلز کے ذریعے کی جا سکتی ہے، ان میں ابو ظہبی پولیس کی ویب سائٹ، سمارٹ ایپ (تم، شرطہ ابو ظہبی)، اسعاد سروس سینٹر اور براہ راست ادائیگی شامل ہیں۔

    ابو ظہبی پولیس کی جنرل کمانڈ نے آگے بڑھو اور فائدہ اٹھاؤ کے سلوگن کے تحت آگہی مہم شروع کی ہے، اس کے ذریعے عوام کو ٹریفک خلاف ورزیوں کے چالان جلد جمع کروانے پر مختلف سہولتوں اور رعایتوں سے فائدہ اٹھانے کی ترغیب دی جارہی ہے۔

  • عرب امارات میں 1 لاکھ ملازمتیں: نئی رپورٹ جاری

    عرب امارات میں 1 لاکھ ملازمتیں: نئی رپورٹ جاری

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات میں اگلے 4 برسوں میں 1 لاکھ ملازمتیں پیدا ہوں گی جس کی وجہ مائیکرو سافٹ کی ریاست میں بڑے پیمانے پر کاروباری سرگرمیاں ہیں۔

    انٹرنیشنل ڈیٹا کارپوریشن کی حال ہی میں جانے والی ایک اسٹڈی کے مطابق مائیکرو سافٹ کلاؤڈ اگلے 4 برسوں میں عرب امارات میں 39 بلین امریکی ڈالر کا منافع کمائے گی۔

    مائیکرو سافٹ، اس کے شراکت داروں اور صارفین کی جانب سے بڑے پیمانے پر کاروباری سرگرمیوں کے باعث امارات میں لگ بھگ 97 ہزار ملازمتوں کا اضافہ ہوگا۔

    ان میں سے 29 ہزار ملازمتیں انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) کے شعبے میں ہوں گی۔

    اسٹڈی میں کہا گیا ہے کہ سنہ 2026 تک مائیکرو سافٹ کلاؤڈ مقامی معیشت میں اپنی خدمات اور پروڈکٹس کی مد میں 3.4 بلین ڈالر شامل کرے گا، جواب میں اسے 39 بلین ڈالر کا ریونیو حاصل ہوگا۔

    مائیکرو سافٹ عرب امارات کے جنرل مینیجر نعیم یزبک کا کہنا ہے کہ یہ تحقیق اس بات کی تصدیق ہے کہ مائیکرو سافٹ کی کوششیں حکومت، بزنس کمیونٹی اور شہریوں کو سپورٹ کرتی ہیں اور یہی وجہ ہے کہ تمام فریقین اس کے فوائد حاصل کر رہے ہیں۔

  • امارات کا گولڈن اقامہ: کون سے افراد اہل ہوں گے؟

    امارات کا گولڈن اقامہ: کون سے افراد اہل ہوں گے؟

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات غیر ملکیوں کو گولڈن اقامہ جاری کرنے کا ارادہ رکھتا ہے، گولڈن اقامہ 10 برس کے لیے جاری کیا جائے گا۔

    اماراتی ویب سائٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے غیر ملکیوں کو گولڈن اقامہ جاری کررہا ہے۔

    یہ اقامہ امارات میں سکونت، روزگار، سرمایہ کاری اور تعلیم کے خواہش مند ان غیرملکیوں کو بھی دیا جارہا ہے جو اسپانسر یا میزبان کی خدمات حاصل کرنے میں دلچسپی نہیں رکھتے۔

    امارات ای گورنمنٹ کا کہنا ہے کہ گولڈن اقامہ سرمایہ کاروں، نئے کاروبار، خداداد صلاحیت کے مالک افراد، سائنسدانوں، ماہرین، ممتاز طلبہ اور ڈاکٹروں کو دیا جارہا ہے۔

    امارات ای گورنمنٹ کا کہنا ہے کہ گولڈن اقامہ کی درخواست ڈیجیٹل سسٹمز کے ذریعے دی جاسکتی ہے۔ وفاقی اتھارٹی برائے قومی شناخت و قومیت و کسٹم و پورٹس سیکیورٹی کو گولڈن اقامہ ویزے کی درخواست دینا ہوگی۔

    گولڈن اقامہ پرمٹ کے لیے سرمایہ کار دبئی کے محکمہ اقامہ و غیر ملکی امور جبکہ انجینیئرنگ اور سائنس کے ماہرین محکمہ اقامہ و غیر ملکی امور سے رجوع کر سکتے ہیں۔

    فن و ثقافت کے تخلیق کار اور خداداد صلاحیت کے مالک افراد وزارت ثقافت و نوجوان سے رجوع کریں۔

    امارات ای گورنمنٹ کا کہنا ہے کہ اگر گولڈن اقامہ ویزا ابو ظہبی، شارجہ، عجمان، ام القوین، راس الخیمہ یا الفجیرہ ریاستوں میں سے کسی ایک سے حاصل کرنا چاہتے ہوں تو وہ وفاقی اتھارٹی برائے قومی شناخت و شہریت و کسٹم اور پورٹس سیکیورٹی سے رابطہ کریں۔

    اماراتی ای گورنمنٹ کا کہنا ہے کہ گولڈن ویزا سسٹم کے تحت کئی مراعات دی جا رہی ہیں، 6 ماہ کے لیے ملٹی پل ویزا جاری ہوتا ہے جس میں توسیع بھی ہوسکتی ہے۔ یہ ویزا امارات کے باہر موجود ان غیر ملکیوں کو جاری کیا جاتا ہے جو گولڈن اقامہ کی کارروائی مکمل کروانے کے لیے امارات آنے کے خواہشمند ہوں۔

    گولڈن اقامہ 10 برس کے لیے جاری ہوتا ہے، اس میں توسیع کی گنجائش ہے اور اسپانسر یا میزبان کی شرط نہیں ہوتی۔

    گولڈن اقامہ ہولڈر کے اہل و عیال کو بھی اقامہ جاری کیا جاتا ہے، اس کے لیے یہ پابندی نہیں ہوتی کہ 6 ماہ سے زائد مدت امارات سے باہر نہیں رہ سکتے۔

  • دبئی: گھریلو ملازمہ پر تشدد اور قتل کرنے والے شخص کو 15 سال قید

    دبئی: گھریلو ملازمہ پر تشدد اور قتل کرنے والے شخص کو 15 سال قید

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی میں تشدد سے گھریلو ملازمہ کو ہلاک کرنے والے شخص کو 15 سال قید کی سزا سنا دی گئی۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی کی عدالت نے تشدد سے ملازمہ کی ہلاکت کے کیس میں غیر ملکی انجینیئر کو 15 سال قید کی سزا سنائی ہے۔

    پبلک پراسیکیوشن کی پوچھ گچھ اور مقدمے کی دستاویزات سے یہ بات ریکارڈ پر آئی کہ اکتوبر2019 کے دوران ایک ملازمہ غیر ملکی انجینیئر کے یہاں کام کر رہی تھی۔ ملازمت کے 5 ماہ بعد انجینیئر نے ملازمہ پر تشدد شروع کردیا۔

    تشدد اور غیر انسانی سلوک کے باعث گھریلو ملازمہ کی صحت بگڑتی چلی گئی، انجینیئر اسے اسپتال لے گیا جہاں اس نے دم توڑ دیا۔

    پبلک پراسیکیوشن نے غیر ملکی انجینیئر پر طاقت کے بے جا استعمال، جسمانی و ذہنی تشدد اور 6 ماہ تک اسے علاج کی سہولت سے محروم کرنے اور موت کا باعث بننے والے اقدامات کا ملزم قرار دیتے ہوئے فرد جرم عائد کی۔

    پرائمری کورٹ نے مقدمے کی سماعت کے بعد ستمبر 2021 کے دوران اسے قید با مشقت اور دبئی سے بے دخلی کی سزا سنائی تھی۔

    پبلک پراسیکیوشن نے پرائمری کورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کی اور غیر ملکی انجینیئر کو موت کی سزا سنانے کا مطالبہ کیا، انجینیئر نے بھی پرائمری کورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیل کی تھی۔

    ملزم کے وکیل محمد النجار نے اپیل کورٹ میں مؤقف اپنایا کہ ملازمہ گھر پر کام کررہی تھی، اس پر یہ الزام کہ ملزم نے اسے اپنی قید میں رکھا درست نہیں کیونکہ گھریلو ملازمہ کا گھر پر رہنا ڈیوٹی کے عین مطابق ہے۔

    وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ ملازمہ کچرا پھینکنے کے لیے گھر سے باہر بھی جاتی تھی اور اس نے اپنی موت سے ایک ماہ قبل اپنی تنخواہ گھر بھیجی تھی۔ اسے زبردستی گھر میں روکنے کا الزام درست نہیں۔

    وکیل نے دعویٰ کیا کہ ملازمہ کے وارث قصاص کے حق سے دست بردار ہوگئے ہیں کیونکہ انجینیئر انہیں شرعی دیت کی رقم ادا کرچکا ہے۔

    اپیل کورٹ نے دلائل سننے کے بعد انجینیئر کو پندرہ برس تک قید کی سزا دینے کا حکم دیا جس کی توثیق سپریم کورٹ سے بھی ہوگئی ہے۔

  • فیفا ورلڈ کپ: امارات کی حیا کارڈ رکھنے والوں کے لیے بڑی سہولت

    فیفا ورلڈ کپ: امارات کی حیا کارڈ رکھنے والوں کے لیے بڑی سہولت

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات نے فیفا ورلڈ کپ قطر 2022 کی طرف سے جاری کردہ حیا کارڈ رکھنے والوں کے لیے ایک مربوط پروگرام کا اعلان کیا ہے جو اس سال 20 نومبر سے 18 دسمبر تک ہوگا۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق یہ پروگرام متحدہ عرب امارات کے ان اقدامات کے تحت آتا ہے جس کا مقصد قطر کو فیفا ورلڈ کپ 2022 کی میزبانی میں مدد فراہم کرنا ہے۔

    ملٹی پل نٹری سیاحتی ویزا کے کے ذریعے متحدہ عرب امارات ورلڈ کپ کے شائقین کی میزبانی کرے گا اور انہیں 90 دنوں کے لیے بار بار متحدہ عرب امارات میں داخل ہونے کی سہولت دے گا۔

    شناخت، شہریت، کسٹمز اور پورٹ سیکیورٹی کے لیے وفاقی اتھارٹی نے وضاحت کی ہے کہ اس پروگرام میں اس ویزا کے اجرا کی تاریخ سے 90 دنوں تک متحدہ عرب امارات میں ایک سے زیادہ داخلے کا ویزا دینا شامل ہے۔

    ویزا فیس کم کر کے 100 درہم کر دی گئی ہے اور پوری مدت کے لیے ایک بار ادا کی جائے گی۔

    اتھارٹی کا کہنا ہے کہ حیا کارڈ رکھنے والے یکم نومبر 2022 سے شروع ہونے والے اس ویزے کے لیے درخواست دے کر متحدہ عرب امارات میں داخل ہو سکتے ہیں، اس مدت کے دوران وہ کئی بار متحدہ عرب امارات میں داخل ہوسکتے ہیں۔

    متحدہ عرب امارات کے موجودہ ویزا سسٹم میں شرائط، طریقہ کار اور عام فیس کے مطابق اس ویزا کو مزید 90 دن تک بڑھایا جا سکتا ہے۔

    ویزا سے مستثنیٰ ممالک کے شہریوں کو مذکورہ طریقہ کار سے خارج کر دیا گیا ہے کیونکہ وہ موجودہ طریقہ کار کے مطابق متحدہ عرب امارات میں داخل ہو کر رہ سکتے ہیں۔

    حیا کارڈ رکھنے والے www.icp.gov.ae کے ذریعے ملٹی پل انٹری ٹورسٹ ویزا کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔

  • ہنر مندوں اور فری لانسرز کے لیے امارات کا خصوصی اقامہ

    ہنر مندوں اور فری لانسرز کے لیے امارات کا خصوصی اقامہ

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات نے سرمایہ کار یا کاروباری لائسنس میں شریک، اعلیٰ درجے کے ہنر مندوں اور فری لانسرز کے لیے گرین اقامے کی سہولت جاری کردی۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات کی حکومت غیر ملکیوں کے لیے 3 زمروں میں گرین اقامہ جاری کرے گی، یہ اقامہ 5 برس کے لیے ہوگا۔

    اماراتی حکام کا کہنا ہے کہ گرین اقامہ سرمایہ کار یا کاروباری لائسنس میں شریک، اعلیٰ درجے کے ہنرمند اور فری لانسرز کے لیے ہے۔

    حکام کے مطابق گرین اقامہ پرمٹ کے مطابق غیر ملکی کو ملک میں 5 سال تک کسی آجر کی سپانسر شپ کے بغیر قیام کا حق حاصل ہوگا، 5 سال پورے ہونے پر مزید 5 سال کے لیے توسیع ممکن ہوگی، اس کے بعد بھی توسیع کا امکان ہے۔

    امارات کے وفاقی قانون کے مطابق گرین اقامہ قانون پر عمل درآمد آئندہ ماہ سے شروع ہوگا۔

    امارات نے فری لانسرز کے لیے گرین اقامے کے حوالے سے 3 شرائط مقرر کی ہیں، پہلی شرط یہ ہے کہ وہ وزارت افرادی قوت سے فری لانس پرمٹ حاصل کرے۔ دوسری شرط یہ ہے کہ وہ گریجویٹ ہو یا اسپیشل ڈپلومہ ہولڈر ہو اور اس کی سالانہ آمدنی 3 لاکھ 60 ہزار درہم سے کم نہ ہو۔

    ماہر ہنر مندوں کے لیے گرین اقامہ ہولڈر کے حوالے سے 4 شرائط رکھی گئی ہیں، پہلی یہ ہے کہ وہ امارات میں ملازمت کے مؤثر معاہدے کے مطابق ورک پرمٹ رکھتا ہو۔

    دوسری شرط یہ ہے کہ وہ پیشوں کی درجہ بندی میں پہلے، دوسرے یا تیسرے زمرے میں آتا ہو۔ تیسری شرط یہ ہے کہ وہ کم از کم گریجویٹ ہو، چوتھی شرط یہ ہے کہ اس کی ماہانہ آمدنی 15 ہزار درہم سے کم نہ ہو۔

    امارات نے سرمایہ کار یا شریک کاروبار کو گرین اقامہ دینے کے لیے 3 شرائط مقرر کی ہیں، پہلی یہ ہے کہ وہ سرمایہ کاروں کی درجہ بندی کے قانون کے مطابق متعلقہ ادارے سے سرمایہ کاری کی منظوری حاصل کرے، سرمایہ کاری کی قدر یا شراکت کے ثبوت پیش کرے اور متعلقہ ادارے سے کاروبار پرمٹ حاصل کرے۔

  • عرب امارات کی جانب سے 13 ارب درہم کی امداد

    عرب امارات کی جانب سے 13 ارب درہم کی امداد

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات نے گزشتہ ڈیڑھ سال کے دوران مختلف ممالک کو 13 ارب درہم کی امداد فراہم کی ہے۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات کی وزارت خارجہ اور بین الاقوامی تعاون نے کہا ہے کہ 2021 کے آغاز سے اگست 2022 کے وسط تک امارات کی طرف سے مجموعی طور پر 13 ارب درہم یا 3.5 بلین ڈالر غیر ملکی امداد فراہم کی گئی ہے۔

    وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ غیر ملکی امداد میں سے یمن کو 1.160 ارب درہم فراہم کیے گئے، اس فہرست میں کئی عرب، ایشیائی اور مغربی ممالک شامل ہیں۔

    پبلک اور ہیلتھ سیکٹر، سماجی خدمات اور تعلیم سمیت مختلف شعبوں اور پروگراموں کے لیے امارات نے امداد دی ہے۔

    امن و سلامتی سپورٹ پروگراموں کو 273 ملین درہم، پانی اور صحت عامہ کی خدمات کے شعبوں کو 268 ملین درہم امداد دی گئی۔

    صحت کے شعبے کو 2.565 ارب درہم، مختلف اشیا کی فراہمی کے پروگراموں کے لیے 1.989 ارب درہم، سماجی خدمات کے لیے 1.314 ارب درہم اور تعلیم کے شعبے میں پروگراموں کو 547 ملین درہم جبکہ ٹرانسپورٹ اور اسٹوریج کے شعبوں کو 414 ملین درہم کی امداد فراہم کی گئی۔

    یاد رہے کہ متحدہ عرب امارات علاقائی اور عالمی امن اور خوشحالی کو فروغ دینے کے لیے دنیا بھر میں انسانی ہمدردی کی بنیاد پر ترقیاتی اور پائیدار انسانی امداد فراہم کرنے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔