Tag: ابو ظہبی

  • عرب امارات: کم آمدنی والے افراد کے لیے ماہانہ الاؤنس

    عرب امارات: کم آمدنی والے افراد کے لیے ماہانہ الاؤنس

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات میں کم آمدنی والے افراد کے لیے الاؤنس کی فراہمی شروع کردی گئی جبکہ ایک اور الاؤنس ستمبر سے جاری کیا جائے گا۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات میں سماجی بہبود کی وزارت نے منگل 5 جولائی سے افراط زر الاؤنس کی تقسیم شروع کردی گئی جبکہ فیملی الاؤنس ستمبر سے تقسیم کیا جائے گا۔ فیملی الاؤنس میں بیوی اور بچے شامل ہیں۔

    وزارت سماجی بہبود کا کہنا ہے کہ افراط زر الاؤنس میں پیٹرول، کھانے پینے کی اشیا، پانی اور بجلی کے الاؤنس شامل ہیں۔

    سماجی بہبود کی وزارت نے افراط زر الاؤنسسز اور فیملی الاؤنس کے درمیان فرق کے حوالے سے بتایا کہ جو الاؤنس ستمبر میں اب سے 2 ماہ بعد دیا جائے گا، اس کا تعلق دراصل ان نئے اضافوں سے ہے جس کا تذکرہ نئے پروگرام کے تحت محدود آمدنی والوں کی اعانت کے نظام میں کیا گیا ہے۔

    وزارت کی جانب سے کہا گیا کہ ستمبر میں جو الاؤنس دیے جائیں گے ان کا تعلق محدود آمدنی والے اماراتی خاندانوں کے اعانتی پروگرام سے ہے۔

    اس کے تحت فیملی کے سربراہ کا الاؤنس، بیوی کا الاؤنس، بچوں کا الاؤنس، رہائش کے لیے مختص اعانت، بے روزگاری الاؤنس اور 45 برس سے زیادہ عمر کے بے روزگاروں کے الاؤنس سے ہے۔

    امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید آل نہیان نے محدود آمدنی والے شہریوں کے لیے سماجی اعانت پروگرام کی تنظیم نو کی ہدایت جاری کی ہے، اس کے تحت یہ پروگرام 28 ارب درہم سے شروع کیا جائے گا۔

    سالانہ سماجی اعانت بجٹ 2.7 ارب درہم سے بڑھ کر 5 ارب درہم تک پہنچ جائے گا۔

    اعانتی پروگرام میں 4 عناصر کا اضافہ کیا گیا ہے، ان میں رہائش، یونیورسٹی کی تعلیم، 45 برس سے زیادہ عمر کے بے روزگار شہری اور روزگار کے متلاشی شہریوں کی اعانت شامل ہے۔

  • ارجنٹینا فٹبال ورلڈ کپ کی تیاری ابو ظہبی میں کرے گا

    ارجنٹینا فٹبال ورلڈ کپ کی تیاری ابو ظہبی میں کرے گا

    رواں برس قطر میں کھیلے جانے والے ورلڈ کپ کی تیاری کے لیے ارجنٹینا کی فٹبال ٹیم ابو ظہبی میں قیام کرے گی اور دوستانہ میچ کھیلے گی۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق ارجنٹینا فٹبال ایسوسی ایشن اور ابو ظہبی اسپورٹس کونسل کے درمیان اسٹریٹجک تعاون معاہدہ کے بعد ارجنٹینا کی فٹبال ٹیم اس سال قطر میں کھیلے جانے والے ورلڈ کپ کی تیاری کے لیے ابو ظہبی میں قیام کرے گی۔

    2 بار ورلڈ کپ فٹ بال جیتنے والی ارجنٹینا کی ٹیم اپنی تیاریوں کے لیے ابو ظہبی میں دوستانہ میچ کھیلے گی۔

    ارجنٹینا کے سپر اسٹار لیونل میسی کے لیے ٹرافی جیتنے کا یہ آخری موقع ہوگا کیونکہ وہ ٹورنامنٹ شروع ہونے تک 35 سال کے ہو جائیں گے۔

    ابو ظہبی اسپورٹس کونسل کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق مشترکہ کام کے کئی مہینوں کے تبادلے کے بعد ابو ظہبی اسپورٹس کونسل نے ارجنٹینا فٹ بال ایسوسی ایشن کے ساتھ مل کر ایک طویل معاہدے کو مضبوط کیا ہے۔

    بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ابو ظہبی 2022 کے ورلڈ کپ کے لیے ارجنٹینا کی قومی ٹیم کی تیاری کے کیمپ کی میزبانی کرے گا جس میں نومبر میں دوستانہ میچ بھی شامل ہوں گے۔

    ارجنٹینا کے متحدہ عرب امارات کے ساتھ تعاون کے ایک حصے کے طور پر ابو ظہبی میں سپر کوپا ارجنٹینا فائنلز 2023 سے 2026 تک مسلسل 4 سال تک کھیلے جائیں گے۔

    ارجنٹینا فٹ بال ایسوسی ایشن لاطینی امریکا کی پہلی فیڈریشن بن گئی ہے جس نے مشرق وسطیٰ کے خطے میں اعلی عالمی اثر والے کھیلوں کے ایونٹ کو برآمد کیا۔

    ارجنٹینا کو گروپ سی میں رکھا گیا ہے جو 22 نومبر کو سعودی عرب کے خلاف اپنی مہم کا آغاز کرے گا، اس کے بعد وہ 26 نومبر کو میکسیکو کا سامنا کرے گا اور 30 نومبر کو پولینڈ کے خلاف کھیلے گا۔

    یاد رہے کہ فٹ بال کا عالمی کپ رواں برس 21 نومبر سے 18 دسمبر تک قطر میں کھیلا جائے گا۔

  • ادنوک کی جانب سے تازہ ترین بلاک بسٹر آئی پی او، ابو ظہبی کی اب تک کی سب سے بڑی لسٹنگ

    ادنوک کی جانب سے تازہ ترین بلاک بسٹر آئی پی او، ابو ظہبی کی اب تک کی سب سے بڑی لسٹنگ

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات کی ابو ظہبی نیشنل آئل کمپنی (ادنوک) کی جانب سے تازہ ترین بلاک بسٹر آئی پی او، ابو ظہبی کی اب تک کی سب سے بڑی لسٹنگ قرار پائی ہے۔

    مقامی میڈیا رپورٹ کے مطابق ابو ظہبی نیشنل آئل کمپنی (ادنوک) اور اس کے دیرینہ شراکت دار بوریالیس اے جی نے ابوظہبی سیکیورٹیز ایکسچینج (اے ڈی ایکس) میں اپنے پیٹرو کیمیکلز جوائنٹ وینچر،بروج پی ایل سی کی ابتدائی عوامی پیشکش کے لیے بک بلڈنگ اور پبلک سبسکرپشن کا عمل کامیابی سے مکمل کرنے کا اعلان کیا ہے۔

    سیٹلمنٹ پر سیلنگ شیئر ہولڈرز، ادنوک اور بوریالیس کو 3 ارب 57 لاکھ 69 ہزار 158 پیش کردہ حصص جو جاری کردہ مجموعی حصص کیپٹل کے 10 فیصد کے مساوی ہے، فی حصص 2.45 درہم کی آفر پرائس کے ساتھ 2 ارب ڈالر سے زیادہ حاصل ہوں گے۔

    حصص کی پیش کش کو نمایاں طور پر ہدف سے زیادہ سبسکرائب کیا گیا اور متحدہ عرب امارات کے خوردہ سرمایہ کاروں اور اہل ادارہ جاتی سرمایہ کاروں کی جانب سے زبردست مانگ دیکھنے میں آئی۔

    آئی پی او کی کل مجموعی طلب 83 ارب 40 کروڑ ڈالر سے زیادہ رہی، عوامی سبسکرپشن کے عمل کے آغاز کے ایک گھنٹے سے بھی کم وقت کے اندر بک بلڈنگ کا عمل مکمل ہوگیا۔

    اے ڈی ایکس پر لسٹنگ کی متوقع تاریخ 3 جون ہے، لسٹنگ کے بعد، ادنوک بروج میں 54 فیصد اکثریتی حصص کا مالک رہے گا، جبکہ بوریالیس ایم ای کے پاس 36 فیصد حصص ہوں گے۔

    ادنوک ڈسٹری بیوشن، ادنوک ڈرلنگ اور فرٹی گلوب کی انتہائی کامیاب آئی پی او کے بعد بروج چوتھی کمپنی ہے جس کے حصص ادنوک کی جانب سے مارکیٹ میں پیش کیے گئے ہیں۔

    ادنوک عالمی سطح پر کیمیکلز اور پیٹرو کیمیکل سیکٹر میں ترقی کے مواقع سے فائدہ اٹھانے کے لیے اچھی پوزیشن میں ہے۔

  • متحدہ عرب امارات میں منکی پاکس کا پہلا کیس رپورٹ

    متحدہ عرب امارات میں منکی پاکس کا پہلا کیس رپورٹ

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات میں جسمانی خارش کی بیماری منکی پاکس کا پہلا کیس رپورٹ کیا گیا ہے، دنیا بھر میں کیسز کی مجموعی تعداد 130 سے تجاوز کر چکی ہے۔

    مقامی ویب سائٹ کے مطابق منکی پاکس کا پہلا کیس متحدہ عرب امارات میں رپورٹ ہونے سے عرب ممالک میں خوف پھیل گیا۔

    یو اے ای کے حکام نے پہلے منکی پاکس کیس کی تصدیق کی، جس کے بعد ملک بھر میں بیماری کی مانیٹرنگ بڑھا دی گئی، عرب امارات کے ہمراہ یورپی ممالک سلووانیا اور چیک ری پبلک میں بھی منکی پاکس کے کیس کی تصدیق کردی گئی۔

    دونوں یورپی ممالک میں منکی پاکس کا کیس رپورٹ ہونے کے بعد اب تک دنیا بھر میں منکی پاکس سے متاثرہ ممالک کی تعداد بڑھ کر 18 ہو چکی ہے۔

    منکی پاکس کے اب تک سب سے زیادہ کیسز یورپ میں رپورٹ ہوئے جن کی تعداد 100 کے قریب ہے جبکہ دنیا بھر میں کیسز کی مجموعی تعداد 130 سے تجاوز کر چکی ہے۔

    عرب امارات سے قبل اسرائیل میں گزشتہ دو ہفتوں سے ماہرین ایک ایسے شخص کا علاج کرنے میں مصروف تھے، جن سے متعلق انہیں خدشہ تھا کہ وہ منکی پاکس سے متاثر ہے۔

    اب تک اسرائیل واحد مشرق وسطیٰ کا ملک تھا، جہاں منکی پاکس کا کیس رپورٹ ہوا تھا۔

    یو اے ای میں کیس رپورٹ ہونے کے بعد دیگر خلیجی ممالک سمیت جنوبی ایشیائی ممالک میں بھی تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے، کیوں کہ امارات اور جنوبی ایشیائی ممالک کے درمیان لوگوں کا سفر عام بات ہے۔

    اس وقت دنیا میں منکی پاکس کی کوئی خصوصی ویکسین موجود نہیں، تاہم اس کا علاج دیگر جسمانی اور خارش کی بیماریوں کی ویکسینز سے کیا جا رہا ہے۔

    منکی پاکس کی بیماری ہوا کے ذریعے کرونا کی طرح نہیں پھیلتی جبکہ اس میں موت کی شرح بھی ایک فیصد تک ہے۔

  • ابو ظہبی: بالکونیوں پر کپڑے سکھانے پر پابندی، بھاری جرمانہ عائد

    ابو ظہبی: بالکونیوں پر کپڑے سکھانے پر پابندی، بھاری جرمانہ عائد

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابو ظہبی میں حکام نے رہائشی بالکونیوں پر کپڑے سکھانے سے ممانعت کی ہدایت کردی، خلاف ورزی کرنے والوں کو 1 ہزار درہم جرمانہ عائد ہوسکتا ہے۔

    اماراتی میڈیا رپورٹ کے مطابق ابو ظہبی کی شہری بلدیہ نے رہائشیوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ اپارٹمنٹس کی بالکونی میں کپڑے سکھانے سے باز رہیں، کھڑکیوں اور دیواروں سے کپڑے لٹکائے رکھنے سے شہر کی خوبصورتی میں بگاڑ آتا ہے۔

    یہ وارننگ ابو ظہبی کی شہری بلدیہ کی طرف سے ایک آگاہی مہم کے دوران جاری کی گئی ہے تاکہ شہریوں میں شہر کی خوبصورتی برقرار رکھنے کی اہمیت کو اجاگر کیا جاسکے۔

    حکام نے اسے خلاف آداب بھی قرار دیا ہے اور اس حوالے سے گائیڈ لائن پر عمل درآمد کی ہدایت کی ہے۔

    شہری بلدیہ نے خبردار کیا ہے کہ بالکونیوں کے غلط استعمال پر 1 ہزار درہم جرمانہ عائد کیا جائے گا، حکام کے مطابق اس پابندی کا ایک مقصد لانڈری کو خشک کرنے کے غیر صحت مندانہ طریقے کا سدباب کرنا بھی ہے۔

    حکام کے مطابق جدید ٹیکنالوجی کے دور میں کپڑوں کو خشک کرنے کے نئے طریقے موجود ہیں، الیکٹرانک ڈرائر اور کپڑے خشک کرنے والے ریک اس کا بہترین متبادل ہوسکتے ہیں۔

  • ابو ظہبی ایئرپورٹ پر سفری پابندیوں میں نرمی، گرین لسٹ سسٹم منسوخ

    ابو ظہبی ایئرپورٹ پر سفری پابندیوں میں نرمی، گرین لسٹ سسٹم منسوخ

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابو ظہبی میں غیر ملکی مسافروں کے لیے سفری پابندیوں میں نرمی کرتے ہوئے گرین لسٹ سسٹم منسوخ کردیا گیا ہے۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق ابو ظہبی میں سیاحت و ثقافت کے ادارے نے کہا ہے کہ ابو ظہبی آنے والے مسافروں کے لیے سفری پابندیوں میں نرمی کی گئی ہے، گرین لسٹ سسٹم منسوخ کردیا گیا ہے۔

    ابو ظہبی میں حکام ایسے ممالک کی فہرست اپ ڈیٹ کرتے رہے ہیں جہاں سے ابو ظہبی سفر کرنے والوں پر پابندیاں عائد نہیں تھیں، اب گرین لسٹ کا سلسلہ ختم کردیا گیا ہے۔

    ابو ظہبی آنے والوں کے لیے پی سی آر ٹیسٹ ضروری نہیں رہا، مسافروں سے صرف کیو آر کوڈ پر مشتمل ویکسین سرٹیفکیٹ طلب کیا جاتا ہے۔

    بغیر ویکسین والے مسافروں کے لیے پی سی آر ٹیسٹ کی نیگیٹو رپورٹ ضروری ہے، اس کا نمونہ سفر سے 48 گھنٹے قبل کا نہ ہو۔

    ویکسین نہ لگوانے والوں میں ایسے افراد بھی شامل ہوتے ہیں جو کرونا سے صحت یاب ہوچکے ہوتے ہیں، ان سے صحت یابی کا سرٹیفکیٹ طلب کیا جاتا ہے، بشرطیکہ وہ سفر سے پہلے 30 دن کے اندر اور کیو آر کوڈ پر مشمل ہو۔

    12 برس سے کم عمر بچے پی سی آر ٹیسٹ سے مستثنیٰ ہیں۔

  • عرب امارات: گولڈن اقامہ ہولڈرز کے لیے مزید رعایتوں کا اعلان

    عرب امارات: گولڈن اقامہ ہولڈرز کے لیے مزید رعایتوں کا اعلان

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات کے حکام نے گولڈن اقامہ ہولڈرز کے لیے مزید رعایتوں کا اعلان کیا ہے، فیصلہ اقامہ ہولڈرز کے کردار کو مزید بہتر بنانے کے لیے کیا گیا ہے۔

    بین الاقوامی میڈیا رپورٹ کے مطابق ابو ظہبی میں حکام نے گولڈن اقامہ ہولڈرز کے لیے مزید رعایتوں کا اعلان کیا ہے، ہیلتھ انشورنس، ہوٹلنگ اور گاڑیوں کے حوالے سے خصوصی رعایتیں دی جائیں گی۔

    اقتصادی فروغ ادارے کے ماتحت ابو ظہبی ادارہ تارکین نے کہا ہے کہ ابو ظہبی میں گولڈن اقامہ ہولڈرز کو خصوصی رعایتیں اور سہولتیں دی جائیں گی، یہ فیصلہ ابو ظہبی میں اقامہ ہولڈرز کے کردار کو مزید بہتر بنانے کے لیے کیا گیا ہے۔

    گولڈن اقامہ ہولڈر ریاست کے اقتصادی نظام کا حصہ بنیں گے، سرمایہ کاری و کاروبار میں ریاست کے اسٹریٹجک اہداف حاصل کرنے کی مہم میں حصہ لیں گے، گاڑیوں، ہوٹل اور ہیلتھ انشورنس وغیرہ سیکٹرز کی بڑی کمپنیاں گولڈن اقامہ ہولڈرز کو خصوصی آفرز دیں گی۔

    ابو ظہبی ادارہ تارکین کے قائم مقام ایگزیکٹو ڈائریکٹر حارب المہیری نے اس حوالے سے کہا ہے کہ گولڈن اقامہ نئے امکانات کی جہت میں مؤثر قدم ہے، ہماری ذمہ داری ہے کہ گولڈن اقامہ ہولڈرز کو سہولتیں اور رعایتیں مہیا کریں۔

    المہیری نے کہا کہ مستقبل میں خصوصی رعایتوں کا دائرہ کار بڑھایا جائے گا، اس میں غیر گولڈن اقامہ ہولڈرز کو بھی شامل کیا جائے گا۔

    انہوں نے کہا کہ بڑی کمپنیاں جدید طرز کی گاڑیوں پر گولڈن اقامہ ہولڈرز کو رعایتیں دیں گی، رجسٹریشن میں انہیں دوسروں پر ترجیح دی جائے گی، ادائیگی، اصلاح و مرمت اور مختلف لائسنسوں کے اجرا میں آسانیاں فراہم کی جائیں گی۔

    المہیری کا مزید کہنا تھا کہ گولڈن اقامہ ہولڈرز اور ان کے اہلخانہ کو لگژری ہوٹلوں میں رہائش کے حوالے سے خصوصی آفرز اور کھانوں میں رعایت دی جائے گی۔ ہیلتھ انشورنس کے حوالے سے بھی گولڈن اقامہ ہولڈرز کو سالانہ آفرز ملیں گی، انہیں اور ان کے اہلخانہ کو اسپیشل ہیلتھ انشورنس اسکیمیں پیش کی جائیں گی۔

  • کرونا وائرس: امارات میں 95 فیصد آبادی کی ویکسی نیشن مکمل

    کرونا وائرس: امارات میں 95 فیصد آبادی کی ویکسی نیشن مکمل

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات میں 95 فیصد سے زائد آبادی کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے مکمل طور پر ویکسی نیٹ ہوچکی ہے، کرونا وائرس کے کیسز میں کمی کا سلسلہ جاری ہے۔

    متحدہ عرب امارات کے حکام کا کہنا ہے کہ کرونا ویکسین کی دونوں خوراکیں لینے والوں کی شرح 95.21 فیصد ہوگئی ہے۔

    شعبہ صحت کی ترجمان ڈاکٹر فریدہ الحوسنی نے کہا کہ حکومت صحت، نگہداشت اور علاج کی سہولتیں بڑھا کر شعبہ صحت کی صلاحیت مضبوط سے مضبوط تر کررہی ہے اور وبا کے انسداد کے لیے ضروری اقدامات کیے جارہے ہیں۔

    ڈاکٹر الحوسنی نے بتایا کہ امارات میں پہلی خوراک لینے والوں کا تناسب 100 فیصد تک پہنچ چکا ہے جبکہ دو خوراک لینے والوں کا تناسب 95.21 فیصد ہے۔

    خیال رہے کہ متحدہ عرب امارات میں کرونا کے نئے کیسز مسلسل کم ہو رہے ہیں، بدھ 16 فروری کو کرونا وائرس کے 3 لاکھ 65 ہزار 306 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 957 مثبت نکلے۔

    نئے کیسز کے کووڈ متاثرین کی کل تعداد 8 لاکھ 71 ہزار 315 تک پہنچ گئی ہے۔ کووڈ 19 سے صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 8 لاکھ 8 ہزار 824 ہوچکی ہے۔

    امارات میں کرونا وائرس سے اب تک 2 ہزار 289 افراد کی اموات ہوچکی ہے۔

  • ابو ظہبی میں قدرتی گیس کے نئے ذخائر دریافت

    ابو ظہبی میں قدرتی گیس کے نئے ذخائر دریافت

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابو ظہبی میں 2 ٹریلین مکعب فٹ سے زائد قدرتی گیس کے ذخائر دریافت ہوئے ہیں۔

    بین الاقوامی میڈیا رپورٹ کے مطابق ابو ظہبی کی نیشنل پیٹرولیم کمپنی ادنوک نے کہا ہے کہ ابو ظہبی کے سمندر میں 2 ٹریلین مکعب فٹ سے زیادہ قدرتی گیس کے ذخائر دریافت ہوئے ہیں۔

    ابو ظہبی نے 2019 کے دوران پیٹرول اور گیس کے ذخائر دریافت کرنے کے لیے جو نئے لائسنس جاری کیے تھے یہ اس کے مسابقتی عمل کا پہلا حصہ ہے۔

    اماراتی وزیر صنعت و ٹیکنالوجی ڈاکٹر سلطان الجابر نے کہا کہ یہ کامیابی قیادت کی فراست اور دور اندیشی کا نتیجہ ہے۔

    علاوہ ازیں ادنوک کمپنی نے اسمارٹ شراکت کی جو پالیسی اپنائی ہے اس کے اچھے نتائج سامنے آرہے ہیں۔

    گیس کے نئے ذخائر اٹلی کے اینی کمپنی اور تھائی لینڈ کی بی ٹی ٹی کمپنی کی شراکت سے دریافت ہوئے ہیں، مذکورہ کمپنیاں ابو ظہبی کے شمال مغرب میں 4 ہزار 33 مربع کلو میٹر کے رقبے میں ذخائر دریافت کررہی ہیں۔

  • متحدہ عرب امارات: جون 2023 سے کاروباری منافع پر 9 فیصد ٹیکس

    متحدہ عرب امارات: جون 2023 سے کاروباری منافع پر 9 فیصد ٹیکس

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات میں وزارت خزانہ نے جون 2023 سے کاروباری منافع پر 9 فیصد وفاقی ٹیکس عائد کرنے کا اعلان کیا ہے، 3 لاکھ 75 ہزار درہم سے زائد منافع پر ٹیکس لاگو ہوگا، اس سے کم پر کوئی ٹیکس نہیں لیا جائے گا۔

    بین الاقوامی میڈیا رپورٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات میں وزارت خزانہ نے جون 2023 سے کاروباری منافع پر 9 فیصد وفاقی ٹیکس عائد کرنے کا اعلان کیا ہے۔

    امارات نے کمپنیوں پر ٹیکس پالیسی دنیا میں رائج بہترین ضوابط کے تحت تیار کی ہے، ٹیکس میں استثنیٰ پالیسی بھی نافذ ہوگی جبکہ محدود دائرے میں ترامیم بھی ہوں گی۔

    وزارت خزانہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ کمپنی ٹیکس تمام تجارتی اور کاروباری سرگرمیوں پر لاگو ہوگا، اس سے قدرتی وسائل نکالنے والی سرگرمیاں مستثنیٰ ہوں گی اور وہ ریاست کی سطح پر رائج کمپنی ٹیکس کے ماتحت ہوں گی۔

    وزارت خزانہ کا مزید کہنا تھا کہ 3 لاکھ 75 ہزار درہم سے زائد منافع پر ٹیکس لاگو ہوگا، اس سے کم پر کوئی ٹیکس نہیں لیا جائے گا۔

    علاوہ ازیں ملازمت سے ہونے والی ذاتی آمدنی پر کمپنی ٹیکس لاگو نہیں ہوگا، اسی طرح غیر منقولہ جائیدادوں کے کاروبار یا دیگر سرمایہ کاریوں سے ہونے والی ذاتی آمدنی پر بھی ٹیکس نہیں لیا جائے گا۔

    سیکریٹری خزانہ کا کہنا ہے کہ متحدہ عرب امارات ملکی و بین الاقوامی کاروبار کا حجم بڑھانے میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے، کمپنی ٹیکس مسابقتی درجے کا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ حکومت کمپنی ٹیکس مقرر کر کے ٹیکس نظام میں بین الاقوامی شفافیت کی پابند رہے گی اور نقصان پہنچانے والی ٹیکس سرگرمیوں کو روکا جائے گا۔

    سیکریٹری خزانہ نے مزید کہا کہ امارات میں کمپنی ٹیکس نافذ کرنے کے لیے تمام فریقوں کو تیاری کا مناسب وقت دیا جائے گا، کمپنی ٹیکس سے متعلق مزید معلومات کے لیے ویب سائٹ سے رجوع کیا جاسکتا ہے۔