Tag: ابہا

  • سعودی عرب میں برف باری، تصاویر وائرل

    سعودی عرب میں برف باری، تصاویر وائرل

    ریاض: سعودی عرب کے پر فضا مقام ابہا میں برف باری ہوئی ہے جس کی تصاویر اور ویڈیوز وائرل ہوگئیں، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بالائی مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کے امکانات ہیں۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق ابہا میں برفباری کے مناظر کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہیں، بارش کے بعد ابہا شہر کے شمال بللحمر اور بیحان تحصیل میں برفباری ہوئی ہے۔

    موسمیات کے قومی مرکز نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ جازان، عسیر اور باحہ کے بالائی مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کے امکانات ہیں۔

    مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ ریجنز کے بعض بالائی مقامات پر بھی بارش ہوسکتی ہے۔

    قصیم، حائل اور ریاض ریجنز میں بعض مقامات پر گرد آلود ہواؤں سے حد نظر محدود ہوگی، مشرقی ریجن کے شمالی مقامات بھی گرد آلود ہواؤں کی زد میں ہوں گے۔

  • سعودی عرب: 6 سالہ بچی سانپ کے کاٹنے سے دم توڑ گئی

    سعودی عرب: 6 سالہ بچی سانپ کے کاٹنے سے دم توڑ گئی

    ریاض: سعودی عرب میں 6 سالہ بچی سانپ کے کاٹنے سے دم توڑ گئی، ابہا کے گورنر عسیر شہزادہ ترکی بن طلال نے بچی کے گھر پہنچ کر سوگوار خاندان سے اظہار تعزیت کیا۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب میں 6 سالہ بچی کے سانپ کے ڈسنے سے ہلاکت کے واقعہ پر سوشل میڈیا پر رنج و غم کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

    یہ واقعہ ابہا میں پیش آیا جہاں بچی کو واش روم میں سانپ نے ڈس لیا۔

    بچی کی والدہ نے واقعے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ واش روم جانے کے چند سیکنڈ بعد میری بیٹی کی چیخ کی آواز سنی، میں تیزی سے گئی تو بیٹی نے بتایا کہ چوہا اسے کاٹ کر بھاگ گیا ہے۔

    والدہ کا کہنا ہے کہ انہوں نے واش روم میں ہر طرف نظر دوڑائی مگر کہیں کچھ نظر نہیں آیا، پھر بچی کے جسم پر خراش کا نشان دیکھا، ایک جگہ کاٹنے کا نشان بھی نظر آیا۔

    والدین کے مطابق بچی کو فوری طور پر ابہا جنرل ہسپتال میں داخل کیا گیا، طبی معائنے سے پتہ چلا کہ اسے چوہے نے نہیں بلکہ سانپ نے ڈسا تھا۔

    اہلخانہ کا کہنا ہے کہ گھر سے اسپتال جانے اور اگلی صبح تک بچی تمارا نے کسی طرح کی کوئی تکلیف محسوس نہیں کی تاہم بعد میں وہ دم توڑ گئی۔

    ابہا جنرل اسپتال کے طبی عملے نے بچی کی جان بچانے کےلیے ہر ممکن کوشش کی، بلڈ ٹیسٹ سے علم ہوا کہ کوبرا کا زہر بچی کے جسم میں سرایت کرگیا تھا۔ گورنر عسیر شہزادہ ترکی بن طلال نے بھی سعودی بچی کے گھر پہنچ کر سوگوار خاندان سے اظہار تعزیت کیا۔

  • سعودی عرب: معروف سموسہ مارکیٹ سبزی منڈی میں تبدیل

    سعودی عرب: معروف سموسہ مارکیٹ سبزی منڈی میں تبدیل

    ریاض: سعودی عرب کے عسیر ریجن میں واقع معروف سموسہ مارکیٹ رواں برس بند ہے، مارکیٹ کو پھلوں اور سبزیوں کی منڈی میں تبدیل کردیا گیا ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب میں عسیر ریجن کے شہر ابہا کے المشہد محلے میں اس سال رمضان کے دوران معروف سموسہ مارکیٹ بند ہے، 15 برس قبل کھلنے والی یہ مارکیٹ مقامی شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کی تفریح گاہ اور رمضان شاپنگ کا روایتی مرکز بنی ہوئی تھی۔

    عسیر ریجن سعودی عرب کے جنوب مغرب میں واقع ہے جب کہ ابہا کا المشہد محلہ شہر کے شمال میں پڑتا ہے، سموسہ مارکیٹ 10 ہزار میٹر کے رقبے میں پھیلی ہوئی تھی۔

    عسیر ریجن اور اطراف کے باشندے رمضان شاپنگ کے لیے سموسہ مارکیٹ کے عادی ہوگئے تھے، یہ لوگ گھریلو لوازمات اور کھانے پینے کی اشیا اسی مارکیٹ سے خریدا کرتے تھے۔

    اب کرونا وائرس کی وجہ سے حفاظتی اقدامات کے تحت اسے بند کر دیا گیا ہے۔

    سموسہ مارکیٹ میں تقریباً 2 سو اسٹال لگتے تھے، 5 ہزار صارفین اپنی رمضان شاپنگ یہاں سے کرتے تھے اور یہ روزانہ 3 گھنٹے کے لیے کھلا کرتی تھی۔ یہاں کے سارے دکاندار سعودی تھے جن میں خواتین بھی شامل تھیں۔

    عسیر میونسپلٹی نے اس سال کرونا وائرس کی وجہ سے سموسہ مارکیٹ کو پھل و سبزی منڈی میں تبدیل کردیا ہے۔

    میونسپلٹی کے اعلیٰ عہدیدار محمد العاوی نے بتایا کہ پھل اور سبزی منڈی میں 15 دکانیں کھلوائی گئی ہیں اور یہاں روزانہ 20 ٹن کے لگ بھگ سبزیاں اور پھل فروخت ہو رہے ہیں۔

    دکاندار میونسپلٹی کے ضابطوں کی پابندی کرتے ہوئے حفاظتی ماسک اور دستانے استعمال کر رہے ہیں جبکہ پھل اور سبزیاں خریدنے کے لیے آنے والے سماجی فاصلہ رکھ کر شاپنگ کر رہے ہیں۔