Tag: اتحادی

  • اتحادیوں سے متعلق وزیر اعظم کا اہم قدم

    اتحادیوں سے متعلق وزیر اعظم کا اہم قدم

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے پارٹی رہنماؤں کو اتحادیوں سے متعلق بیان بازی سے روک دیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق وزیر اعظم نے اپوزیشن کی جانب سے بڑھتے دباؤ کے پیش نظر اپنے اتحادیوں سے متعلق اہم فیصلہ کرتے ہوئے پارٹی رہنماؤں کو محتاط رہنے کا کہہ دیا ہے۔

    وزیر اعظم نے پارٹی رہنماؤں سے کہا ہے کہ اتحادیوں سے متعلق معاملات کو افہام و تفہیم سے دیکھا جائے گا، اس لیے ان کے خلاف کوئی بیان نہ دے۔

    انھوں نے پارٹی رہنماؤں کو یقین بھی دلایا کہ نہ حکومت کہیں جا رہی ہے، نہ اتحادی کہیں جا رہے ہیں، اور تحریک عدم اعتماد ہی نہیں بلکہ پاکستان کے خلاف سازش بھی ناکام ہوگی۔

    دریں اثنا، وزیر اعظم نے اپوزیشن کے جلسوں کا جواب دینے کے لیے اسد عمر اور عامر کیانی کو ڈی چوک جلسے کی ذمہ داریاں سونپ دی ہیں۔ اس سے قبل وفاقی وزیر اسد عمر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا تھا کہ کپتان نے ڈی چوک اسلام آباد جلسے کا حتمی فیصلہ کر لیا ہے، جہاں 27 مارچ کو تاریخ ساز اجتماع ہوگا۔

    تحریک انصاف کا ڈی چوک پر جلسہ ، اسد عمر نے تاریخ کا اعلان کردیا

    ہیڈ آف انویسٹیگیٹو سیل نعیم اشرف بٹ کے مطابق پی ٹی آئی کور کمیٹی اجلاس میں وزیر اعظم نے بتایا کہ اپوزیشن کی گیم پلٹ گئی ہے، اتحادی ہمارے ساتھ ہیں اور جلد باقاعدہ اعلان بھی کردیں گے، ذرائع نے بتایا کہ وزیر اعظم نے پارٹی رہنماؤں سے کہا آپ پُر اعتماد رہیں، سازش کے خلاف سب ہمارے ساتھ کھڑے ہیں۔

    انھوں نے کہا اپنے حلقوں میں جائیں اور لوگوں کو موبلائز کریں، سب ڈی چوک پہنچیں، عمران خان نے یہ بھی کہا کہ خارجہ پالیسی سے متعلق ہمارے دو ٹوک مؤقف پر ہمیں عوامی حمایت حاصل ہے، اور پارٹی میں جو کنفیوژ تھے انھوں نے جلسوں میں پی ٹی آئی کی مقبولیت دیکھ لی۔

  • پنجاب میں بلا مقابلہ سینیٹ الیکشن جتوایا، حکومت کی طرف سے پھر وہی خاموشی ہے: پرویز الہٰی

    پنجاب میں بلا مقابلہ سینیٹ الیکشن جتوایا، حکومت کی طرف سے پھر وہی خاموشی ہے: پرویز الہٰی

    لاہور: چوہدری پرویز الہٰی نے کہا ہے کہ ہم نے پنجاب میں بلا مقابلہ سینیٹ الیکشن جتوایا، لیکن حکومت کی طرف سے پھر وہی پرانی خاموشی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پرویز الہٰی سے آج ڈسٹرکٹ بار منڈی بہاؤالدین کے وکلا کے ایک وفد نے ملاقات کی، جس کی سربراہی ایم پی اے ساجد خان بھٹی نے کی، چوہدری پرویز الہٰی نے ڈسٹرکٹ بار کے لیے چیک بھی دیا۔

    اس موقع پر گفتگو میں انھوں نے کہا ہم تحریک انصاف کے اتحادی ہیں، ہماری طرف سے کبھی عدم اعتماد نہیں ہوگا، تاہم ہمارے ساتھ جو چیزیں طے کی گئی تھیں، ان پر عمل درآمد نہیں ہوا۔

    پرویز الہٰی نے کہا مولانا فضل الرحمان کا معاملہ عمران خان کے کہنے پر ہم نے حل کیا، اس کے حل کے لیے چوہدری شجاعت اور میں نے بڑی محنت کی، سینیٹ الیکشن میں ولید اقبال اور جہانگیر ترین کی ہمشیرہ کو کامیاب کرایا، ورنہ یہ دونوں سیٹ ہار رہے تھے، بے شک ان سے پوچھ لیں۔

    انھوں نے کہا آصف زرداری اور بلاول نے بلا مقابلہ سینیٹر منتخب کروانے میں اہم کردار ادا کیا، سسٹم کی بہتری کے لیے آصف زرداری اور بلاول بھٹو نے میری بات مان لی، اور ہم نے پنجاب میں بلا مقابلہ سینیٹ الیکشن جتوایا، لیکن حکومت کی طرف سے پھر وہی پرانی خاموشی ہے، الیکشن ختم ہو گیا تو کسی نے پوچھا تک نہیں۔

    چوہدری پرویز الہٰی نے کہا پنجاب میں تبدیلی کا کوئی چانس نہیں، فی الحال اپوزیشن نے پکانے کے لیے کچھ اکٹھا نہیں کیا، جہانگیر ترین بھی تحریک انصاف کا حصہ ہیں، اور وہ پارٹی میں موجود ہیں، ان کے ساتھ کتنے ممبر ہیں یہ اسمبلی میں کھڑے ہوں گے تو پتا چلے گا، میرا ان سے کوئی رابطہ نہیں ہے۔

    ان کا کہنا تھا جب ہم کسی کے ساتھ چلتے ہیں تو کسی کو دھوکا نہیں دیتے، ہم حکومت کے اتحادی ہیں لیکن ہمیں زیادہ مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، جب حکومت کو مشکل پڑتی ہے تو ہم ساتھ دیتے ہیں۔

    نواز شریف سے متعلق انھوں نے کہا ن لیگ کی سیاست کی ساری کتاب نواز شریف کی ہے، باقی سب اس کتاب کے صفحات ہیں، مسلم لیگ ن نواز شریف کی پارٹی ہے اور وہی فیصلے کرتے ہیں، شہباز شریف ہو یا کوئی اور یہ نواز شریف کا بیانیہ ہے، جب کہ مریم نواز ہی ن لیگ کی وارث ہیں، وہ نواز شریف کی مکمل سپورٹ کے ساتھ لیڈ کر رہی ہیں۔

  • اس ہفتے اتحادیوں سے مذاکرات شروع ہوجائیں گے، پرویز خٹک

    اس ہفتے اتحادیوں سے مذاکرات شروع ہوجائیں گے، پرویز خٹک

    اسلام آباد: وزیر دفاع پرویز خٹک کا کہنا ہے کہ اس ہفتے اتحادیوں سے مذاکرات شروع ہوجائیں گے، اتحادیوں سے مذاکرات کے پہلے سے طے شدہ طریقہ کار پر بات ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق اتحادیوں سے مذاکرات کے لیے بننے والی کمیٹیوں کا اہم اجلاس پارلیمنٹ ہاؤس میں صدر چیمبر میں ہوا، وزیر دفاع پرویز خٹک نے اجلاس کی صدارت کی۔

    اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار، گورنر پنجاب چوہدری سرور، گورنر سندھ عمران اسماعیل ،ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری، شفقت محمود، اسد عمر بھی موجود تھے۔

    ذرائع کے مطابق ملاقات میں اتحادیوں کے مطالبات، عملدرآمد کا جائزہ لیا جائے گا، وزیراعظم نے اتحادیوں سے مذاکرات کے لیے 3 مختلف کمیٹیاں بنائی تھیں، ق لیگ سمیت دیگر اتحادیوں نے کمیٹیوں پر تحفظات کا بھی اظہار کیا تھا۔

    حکومتی مذاکراتی کمیٹیوں کے سربراہ پرویز خٹک نے میڈیا سےگفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج ہم نے اتحادیوں سے مذاکرات کا لائحہ عمل طے کیا ہے، اس ہفتے اتحادیوں سے مذاکرات شروع ہو جائیں گے۔

    پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ اتحادیوں سےمذاکرات کے پہلے سے طےشدہ طریقہ کار پربات ہوگی، نئی کمیٹیوں کاقیام وزیراعظم عمران خان کا فیصلہ ہے، ہماری کوشش ہوگی معاملات ہفتہ دس دن میں طے ہوجائیں۔

    صحافی نے سوال کیا کہ کیاجہانگیر ترین کو دوبارہ کمیٹیوں میں شامل کیا جائےگا؟ جس پر پرویز خٹک نے جواب دیا کہ یہ فیصلہ وزیراعظم عمران خان نے کرنا ہے، جہانگیرترین خود بھی وزیراعظم سے ملاقات کریں گے۔