Tag: اتحادی جماعتیں

  • ’آپ بڑے ہیں راستہ نکالیں‘ بلاول ہاؤس اجلاس میں گورنر سندھ کی زرداری سے اپیل

    کراچی: بلاول ہاؤس میں اتحادی جماعتوں کے اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی، اجلاس میں حلقہ بندیوں کے معاملے پر پی پی نے قانونی مسئلہ پیش کیا تو گورنر سندھ نے آصف زرداری سے کہا ’آپ بڑے ہیں کوئی راشتہ تلاش کریں۔‘

    تفصیلات کے مطابق بلاول ہاؤس میں اتحادی جماعتوں کے اہم اجلاس کا احوال سامنے آ گیا ہے، بلاول ہاؤس کے اجلاس میں کراچی کے بلدیاتی انتخابات ممکنہ نتائج پر غور کیا گیا۔

    اجلاس میں لیگی وفد نے رائے دی کہ بلدیاتی انتخابات میں تحریک انصاف کی جیت کا راستہ روکنا چاہیے، وفاقی وزرا نے کہا پی ڈی ایم اتحادی جماعتیں اختلافات ختم کریں ورنہ وفاق پر اثر پڑے گا۔

    ایم کیو ایم کا مؤقف تھا کہ وہ موجودہ حلقہ بندیوں کے ساتھ الیکشن لڑنے کی پوزیشن میں نہیں ہیں، ایم کیو ایم رہنماؤں نے کہا موجودہ حلقہ بندیوں سے سیاسی مستقبل کو نقصان پہنچے گا۔

    تاہم پی پی قانونی ٹیم کی رائے تھی کہ حلقہ بندیوں کی تبدیلی ممکن نہیں، ان سے چھیڑ چھاڑ پر معاملہ عدالت جائے گا۔ لیکن ایم کیو ایم رہنماؤں نے واضح کیا کہ ان کا مسئلہ قانونی نہیں سیاسی ہے۔

    گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے پی پی شریک چیئرمین آصف علی زرداری سے اپیل کی کہ ’آپ بڑے ہیں ہمارے لیے راستہ تلاش کریں، پارلیمان میں طاقت ہے آپ حلقہ بندیاں نئی کریں۔‘

    آصف زرداری نے جواب میں کہا کہ ایم کیو ایم سے پرانا تعلق ہے، میں چاہتا ہوں ایم کیو ایم مضبوط ہو۔

  • حکومت کی تمام اتحادی جماعتوں کا حفیظ شیخ کی حمایت کا اعلان

    حکومت کی تمام اتحادی جماعتوں کا حفیظ شیخ کی حمایت کا اعلان

    اسلام آباد: سینیٹ الیکشن میں حکومت کی تمام اتحادی جماعتوں نے حفیظ شیخ کی حمایت کا اعلان کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق ق لیگ، ایم کیو ایم اور جی ڈی اے سمیت حکومت کی تمام اتحادی جماعتوں نے سینیٹ الیکشن میں حفیظ شیخ کی حمایت کا اعلان کر دیا ہے۔

    وفاقی وزیر خزانہ حفیظ شیخ کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس میں اتحادی جماعتوں نے بھرپور یک جہتی کا اظہار کیا۔

    حفیظ شیخ نے کہا تین مارچ تاریخی دن ہوگا، پی ٹی آئی سینیٹ میں اکثریت حاصل کرے گی، ہم چاہتے ہیں الیکشن میں پیسہ نہ چلے، گالم گلوچ نہ ہو، جمہوری طریقے سے ارکان اپنے حلقوں کی نمائندگی کریں۔

    انھوں نے کہا ہم سب ایک دوسرے کا ہاتھ تھامے ہوئے ہیں، عوام چاہتے ہیں کہ قیادت ایمان دار ہو، اصل مسائل عوام کے ہیں جنھیں ہم حل کریں گے، ہم چاہتے ہیں سینیٹ الیکشن مہذب ہوں خرید و فروخت نہ ہو، اس سے پہلے بھی 3 بار سینیٹر منتخب ہو چکا ہوں، جب بھی موقع ملتا ہے ہم پاکستان کی خدمت کے لیے حاضر ہوتے ہیں۔

    ایم کیو ایم کے امین الحق نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے اراکین کو رجھانے کی کوششیں کی ہیں لیکن تمام اراکین وفاقی حکومت کے اتحادی ہونے کی وجہ سے متحد ہیں۔

    انھوں نے کہا ایم کیو ایم جمہوریت، پارلیمنٹ کی بالا دستی اور بدعنوانی کے خاتمے کے لیے حکومت کے ساتھ ہے، پیپلز پارٹی کی حکومت نے سندھ کی ترقی پر توجہ نہیں دی، سندھ کے ارکان پارلیمنٹ کو ڈرایا دھمکایا اور رشوت کی پیش کش بھی کی جا رہی ہے۔

    جی ڈی اے کی رہنما فہمیدہ مرزا نے کہا کہ تمام حلیف جماعتیں متحد ہیں، جی ڈی اے حکومت کی اتحادی جماعت ہے، سینیٹ الیکشن میں حفیظ شیخ کی حمایت کریں گے، سینیٹ کے راستے میں کرپشن ختم کرنے کے لیے دروازے بند کرنا ضروری ہے، اس لیے اسمبلی، سینیٹ سے قانون سازی نہ ہو تو آرڈیننس لانے پڑتے ہیں۔

    ق لیگ کے طارق بشیر چیمہ نے کہا کہ انشاء اللہ کامیابی حفیظ شیخ کی ہوگی، تمام اتحادی جماعتیں ان کے ساتھ ہیں۔

  • اتحادی جماعتوں کی ناراضی دور کرنے کے لیے پیکج ڈیل تیار

    اتحادی جماعتوں کی ناراضی دور کرنے کے لیے پیکج ڈیل تیار

    کراچی: اتحادی جماعتوں اور اپنے ناراض ارکان کو منانے کے لیے پی ٹی آئی کی وفاقی حکومت نے پیکج ڈیل تیار کر لی۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے سندھ میں ارکان قومی اسمبلی کو 15,15 کروڑ کے ترقیاتی فنڈز دینے کا فیصلہ کر لیا ہے، خصوصی ترقیاتی فنڈز پر ایم این ایز کی تجویز کردہ اسکیمیں شروع ہوں گی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ایم کیو ایم اور جی ڈی اے ارکان قومی اسمبلی کو بھی 15 کروڑ کے ترقیاتی فنڈز ملیں گے، وفاقی حکومت نے کراچی میں 100 آر او پلانٹس لگانے کا بھی فیصلہ کیا ہے، اس منصوبے کا آغاز آیندہ ماہ سے ہوگا، منصوبے کے تحت جدید ٹیکنالوجی کے حامل کنٹینر آر او پلانٹس لگائے جائیں گے۔

    رپورٹ کے مطابق ارکان قومی اسمبلی کو رواں اور گزشتہ مالی سال کے ترقیاتی فنڈ دیے جا رہے ہیں۔

    حکومتی وفد سے ملاقات ، ایم کیو ایم کا ایجنڈا

    اس سلسلے میں پی ٹی آئی رکن اسمبلی خرم شیر زمان نے کہا ہے کہ جو کام 70 سال میں کوئی نہیں کر سکا وہ پی ٹی آئی حکومت کرنے جا رہی ہے، ایم کیو ایم اور جی ڈی اے ارکان کو بھی ترقیاتی فنڈز ملیں گے، ارکان سندھ اسمبلی کو ترقیاتی فنڈز گورنر ایس آئی، ڈی سی ایل کے ذریعے دیں گے۔

    خیال رہے کہ سندھ میں پی ٹی آئی حکومت کے اتحادی ایک عرصے سے کیے گئے وعدوں کو پورا نہ کیے جانے پر وفاق سے ناراض ہیں، اس سلسلے میں کئی بار مذاکرات بھی ہوئے تاہم کوئی نتیجہ برآمد نہ ہو سکا، ایم کیو ایم کا کہنا تھا کہ وعدے پورے کرنے کے لیے ایک بار پھر وعدے کیے جاتے ہیں، خالد مقبول صدیقی نے وزارت سے استعفیٰ بھی دے دیا تھا۔

  • حکومت گرانے کا خواب دیکھنے والوں کو مایوسی کے سوا کچھ نہیں ملے گا، گورنر پنجاب

    حکومت گرانے کا خواب دیکھنے والوں کو مایوسی کے سوا کچھ نہیں ملے گا، گورنر پنجاب

    لاہور: گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کا کہنا ہے کہ حکومت گرانے کا خواب دیکھنے والوں کو مایوسی کے سوا کچھ نہیں ملے گا۔

    تفصیلات کے مطابق گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کا کہنا ہے کہ اتحادی جماعتیں حکومت کے ساتھ کھڑی ہیں، عوام نے ہمیں 5 سال حکومت کرنے کا مینڈیٹ دیا ہے۔

    گورنر پنجاب نے کہا کہ حکومت گرانے کا خواب دیکھنے والوں کو مایوسی کے سوا کچھ نہیں ملے گا، حکومت کی کامیابیوں سے اپوزیشن پریشان ہو رہی ہے۔

    چوہدری محمد سرور نے کہا کہ 2020 ترقی، امن واستحکام، خوشحالی کا سال ثابت ہوگا، وزیراعظم کی قیادت میں حکومت کامیابیوں سے آگے بڑھ رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کشمیرکی آزادی کے بغیر خطے میں امن کا خواب پورا نہیں ہوسکتا۔

    ایم کیو ایم پاکستان نے حکومت گرانے کی بلاول کی پیشکش مسترد کردی

    یاد رہے کہ گزشتہ روز ایم کیو ایم پاکستان نے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کی حکومت گرانے کی پیشکش پرجواب دیتے ہوئے کہا تھا کہ وفاقی حکومت سے اتحاد کراچی کے مفاد کی خاطر کیا، وفاقی حکومت سے اتحاد وزارتوں کے لیے نہیں۔

    ایم کیو ایم پاکستان کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو وزارتوں کی پیشکش کے بجائے مقامی حکومتوں کا نظام بااختیار بنانے پر توجہ دیں، مقامی حکومتوں کو بااختیار بنانے کابل لائیں متحدہ بھرپور ساتھ دے گی۔