Tag: اترپردیش

  • بھارت: نو عمر لڑکا مگرمچھ کی غذا بن گیا

    بھارت: نو عمر لڑکا مگرمچھ کی غذا بن گیا

    پیلی بھیت: بھارتی شہر پیلی بھیت میں ایک پندرہ سالہ لڑکے کو مگرمچھ نے نشانہ بنا کر اپنی غذا بنا لیا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی ریاست اترپردیش میں 10 دنوں کے اندر مگرمچھ نے دوسرے انسان کو شکار کر لیا، ضلع پھیلی بیت کے ایک گاؤں سمرکھیڈا میں ایک 15 سالہ لڑکا اوم پرکاش مگر مچھ کی غذا بن گیا۔

    اوم پرکاش بھینس کو نہلانے کے لیے قریبی دریا کھاکھرا لے کر گیا تھا، مگرمچھ اسے جبڑوں میں دبوچ کر گہرے پانی میں کھینچ کر لے گیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ گم شدہ لڑکے کی ادھ کھائی لاش جمعے کے روز دریائے کھاکھرا میں پائی گئی، لاش کی حالت سے معلوم ہوتا تھا کہ اسے مگرمچھ نے کھایا ہے۔

    ضلعی انتظامیہ نے دوسرے واقعے کے رونما ہونے کے بعد ایک بیان میں کہا ہے کہ اس طرح کے واقعات کی روک تھام اور انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے آگاہی مہم چلائی جائے گی اور خطرناک علاقوں کی نشان دہی بھی کی جائے گی۔

    یاد رہے کہ 27 جون کو اسی طرح کا ایک واقعہ اترپردیش کے دودھوا نیشنل پارک کے قریب بھی پیش آیا تھا، ایک 52 سالہ شہری جمیل اپنی بھینس جنگل کے قریب چرانے لے گیا تھا، کہ ایک مگرمچھ اسے جبڑوں میں دبوچ کر دریا میں لے گیا۔

    رپورٹس کے مطابق تین گھنٹے کی تلاش کے بعد جمیل کی ادھ کھائی لاش دریا سے ملی تھی، معلوم ہوا کہ وہ بھینس کو پانی پلانے کے لیے مگرمچھ کے علاقے میں چلا گیا تھا.

  • خاتون کو کرونا ویکسین لگانے والی فون پر مصروف نرس سے بڑی غلطی ہو گئی

    خاتون کو کرونا ویکسین لگانے والی فون پر مصروف نرس سے بڑی غلطی ہو گئی

    اتر پردیش: بھارت میں ایک نرس نے خاتون کو کرونا ویکسین لگاتے ہوئے سنگین غفلت کا مظاہرہ کیا، فون پر مصروف نرس نے ایک کی جگہ 2 ڈوز لگا دیں۔

    تفصیلات کے مطابق ریاست اتر پردیش کے ضلع کانپور کے علاقے اکبرپور میں ایک پرائمری ہیلتھ سینٹر میں معاون نرسنگ مڈ وائف سے بڑی غلطی ہو گئی جب وہ ایک طرف فون پر بات کرنے میں مصروف تھی اور دوسری طرف ایک خاتون کو کرونا وائرس کی ویکسین لگا رہی تھی۔

    خاتون کے ساتھ آئے ہوئے افراد کو جیسے ہی معلوم ہوا کہ کرونا کی 2 ڈوز لگا دی گئی ہیں تو انھوں نے طبی مرکز میں ہنگامہ مچا دیا، جس پر ضلعی مجسٹریٹ اور چیف میڈیکل آفیسر کو بھی اطلاع مل گئی۔

    خاتون کے اہل خانہ نے میڈیا کو بتایا کہ کملیش کماری یکم اپریل کو مرہولی پی ایچ سی میں پہلی ویکسین ڈوز کے لیے گئیں لیکن نرس ارچنا نے انھیں 2 ڈوز لگا دیں۔

    انھوں نے بتایا کہ جب نرس سے خاتون نے دو انجیکشنز کے بارے میں بات کرنی چاہی تو ارچنا نے الٹا چور کوتوال کو ڈانٹے کے مصداق انھیں ڈانٹ کر چپ کرا دیا، جب کہ نرس کو معافی مانگنی چاہیے تھی۔

    اہل خانہ کا کہنا تھا کہ ویکسین کے دو انجیکشنز لگنے کے باعث بازو پر تھوڑی سے سوجن ہو گئی ہے، تاہم کوئی خطرناک علامات ظاہر نہیں ہوئیں۔

    ضلعی مجسٹریٹ جیتندر پرتاپ نے میڈیا کو بتایا کہ انھوں نے اس غفلت کے مظاہرے پر سخت نوٹس لے لیا ہے، اور سی ایم او سے فیکٹ فائنڈنگ رپورٹ طلب کی ہے۔

  • بھارت: گھروں سے سونا نکالنے والے ٹھگ گرفتار

    بھارت: گھروں سے سونا نکالنے والے ٹھگ گرفتار

    اترپردیش: بھارت کے علاقے سہارنپور میں پولیس نے چار ایسے افراد کو گرفتار کیا ہے جو لوگوں کو ان کے گھروں سے سونا نکالنے کا جھانسہ دے کر لوٹ لیتے تھے۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی ریاست اترپردیش میں ضلع سہارنپور کے علاقے کوتوالی میں چار افراد کو لوگوں کو ٹھگنے کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا، ملزمان گھروں سے زمین کھود کر سونا نکالنے کا دعویٰ کرتے تھے اور اس کے لیے گھر والوں سے نقد رقم لے کر فرار ہو جاتے تھے۔

    مقامی پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان سے رقم بھی برآمد کی گئی، ملزمان متعدد قسم کے جرائم میں ملوث رہے ہیں، یہ مختلف علاقوں میں گھوم پھر کر لوگوں سے میل جول بڑھاتے تھے اور پھر گھر میں سونا دفن ہونے کا جھانسہ دے کر رقم نکلوا لیتے تھے۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ ملزمان کو کوتوالی علاقے کے گاؤں ناظرپور میں ایک واردات کے دوران گرفتار کیا گیا، شاطر ملزمان نے گاؤں کے ایک شخص پھول سنگھ کو اپنی چینی چپڑی باتوں سے پہلے شیشے میں اتارا، اور ایک نقشہ دکھا کر یقین دلایا کہ اس کے گھر کی زمین میں سونا دفن ہے، جس کے لیے پوجا پاٹ کرنی ہوگی اور نو گڑھے کھودے جائیں گے۔

    ملزمان نے دیہاتی سے کہا کہ پہلے نوگزے پیر کی قبر پر کالا کپڑا، سرسوں کا تیل، ناریل اور 521 روپے کا چڑھاوا کریں، رات میں ملزمان پھول سنگھ کے مکان پر پہنچے اور پوجا پاٹ شروع کر دی اور 50 ہزار کا مطالبہ کیا۔

    پولیس کے مطابق ملزمان نے ایک گڑھے سے ایک قسم کی دھات نکال کر پھول سنگھ کو دکھائی تو اسے شک ہو گیا، جس پر اس نے انھیں پکڑ کر پولیس کو اطلاع دے دی۔

    معلوم ہوا کہ ملزمان نے چاکلیٹ پر چمکیلی پنی چڑھا کر اسے سونا بتایا تھا، تاہم ان کی تدبیر الٹی پڑ گئی اور وہ گرفتار ہو گئے۔

  • بھارت: دیہاتیوں کی عجیب و غریب حرکت، تاوان کے لیے مگرمچھ کو یرغمال بنا لیا

    بھارت: دیہاتیوں کی عجیب و غریب حرکت، تاوان کے لیے مگرمچھ کو یرغمال بنا لیا

    اترپردیش: بھارت میں دیہاتیوں نے عجیب و غریب حرکت کر کے تاوان کے لیے مگر مچھ کو یرغمال بنا لیا۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی ریاست اترپردیش کے ایک گاؤں کے رہائشیوں نے تالاب میں آنے والے ایک مگرمچھ کو حکام کے حوالے کرنے کے لیے تاوان مانگ لیا۔

    غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق ایک 8 فٹ لمبا مگرمچھ تالاب میں بہہ کر آ گیا تھا، جسے اترپردیش کے گاؤں مدیان میں دیہاتیوں نے پکڑ لیا، پہلے تو انھوں نے حکام کو اس کی اطلاع دی تاہم بعد میں انھوں نے حکام سے تاوان طلب کرنے کا منصوبہ بنا لیا۔

    دیہاتیوں کا خیال تھا کہ انھیں مگرمچھ کے بدلے رقم مل جائے گی، محکمہ جنگلی حیات کے ایک اہل کار کا کہنا تھا کہ مقامی افراد نے مگرمچھ پکڑ کر اسے واپس کرنے کے لیے 50 ہزار روپے کا مطالبہ کیا تھا۔

    حکام کے مطابق یہ مگر مچھ ریاست میں آنے والے سیلاب کے نتیجے میں گاؤں کے قریب واقع ٹائیگرز کی قدرتی پناہ گاہ سے اس تالاب میں پہنچ گیا تھا۔ محکمے کے اہل کار انیل پٹیل کا کہنا تھا کہ دیہاتیوں کو بڑی مشکل سے قائل کیا گیا، اور اس کے لیے مقامی انتظامیہ اور پولیس کی مدد بھی لینی پڑی۔

    اہل کار کا کہنا تھا کہ دیہاتیوں کو قانونی کارروائی کی دھمکی بھی دی گئی اور انھیں بتایا گیا کہ اس جرم میں انھیں 7 سال تک قید بھی ہو سکتی ہے، وہ بڑی مشکل سے قائل ہو گئے اور انھوں نے مگرمچھ حوالے کر دیا جسے قریب واقع دریا میں چھوڑ دیا گیا۔

    اہل کار نے بتایا کہ اس واقعے سے ثابت ہوتا ہے کہ لوگوں کو جنگلی حیات سے متعلق آگاہی کی فراہمی کی کتنی ضرورت ہے، انھیں یہ بھی معلوم نہیں تھا کہ جانوروں کے تحفظ کے قانون کی فہرست میں مگرمچھ بھی شامل ہے۔

  • بھارت: ہرن کو سالم نگلنے کے بعد اژدہے کے ساتھ کیا ہوا؟

    بھارت: ہرن کو سالم نگلنے کے بعد اژدہے کے ساتھ کیا ہوا؟

    اترپردیش: بھارتی ریاست اترپردیش میں 10 فٹ لمبے ایک پائتھن سانپ نے ہرن کو سالم نگل لیا، تاہم اسے برے انجام سے دوچار ہونا پڑا۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق یو پی میں دس فٹ لمبے پائتھن نے پورے ہرن کو نگل لیا، بعد ازاں مرے ہوئے ہرن کو اگلنے کے بعد وہ پراسرار طور پر دم توڑ گیا۔

    گاؤں والوں نے گھسیٹ کر اژدہے کو علاقے سے 3 کلومیٹر دور گنگا کنارے چھوڑ دیا تھا، تاہم ہرن کی نعش اگلنے کے بعد اس کی موت ہو گئی۔

    یہ واقعہ گزشتہ روز پیر کو اترپردیش کے امروہہ ضلع میں پیش آیا، ایک لڑکی نے مالی پورہ گاؤں کے قریب گنے کے کھیت میں پائتھن کو دیکھا، وہ گنے لینے آئی تھی جب بہت بڑے سانپ پر اس کی نظر پڑی۔

    بعد ازاں لڑکی کے شور مچانے پر گاؤں والے دوڑتے ہوئے کھیت میں پہنچے، اور سب نے کھیت کو گھیرے میں لے لیا، انھوں نے دیکھا کہ پائتھن پھول کر کُپا ہو چکا تھا، وہ سمجھے کہ سانپ نے کسی بچے کو نگل لیا ہے۔

    مقامی لوگوں نے مل کر سانپ کو گھسیٹ کر وہاں سے نکالا، اس دوران فاریسٹ ڈیپارٹمنٹ کی ٹیم بھی پولیس کے ہمراہ پہنچ گئی، ٹیم نے اژدہے کو گھسیٹ کر وہاں سے تین کلو میٹر دور گنگا کنارے چھوڑ دیا۔

    پائتھن ہرن کو ہضم کرنے سے قاصر تھا، اس لیے گنگا کنارے اس نے مردہ ہرن کو اگل دیا، تاہم کچھ دیر بعد وہ بھی مر گیا۔ محکمہ جنگلی حیات کا کہنا ہے کہ وہ سانپ کے مرنے کی وجہ معلوم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

    واضح رہے کہ جون میں ہریانہ کے یمنا نگر ضلع میں ایک جنگل کے قریب 15 فٹ لمبے پائتھن نے ایک مور کو نگل لیا تھا۔

  • بھارت: بجلی میٹر بدلنے کے نام پر بینک اکاؤنٹ کا صفایا کرنے والے گروہ کا پردہ فاش

    بھارت: بجلی میٹر بدلنے کے نام پر بینک اکاؤنٹ کا صفایا کرنے والے گروہ کا پردہ فاش

    بارہ بنکی: بھارتی ریاست اترپردیش میں بجلی کا میٹر بدلنے کے نام پر شہریوں کے بینک اکاؤنٹ کا صفایا کرنے والے گروہ کا پردہ فاش ہو گیا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق اتر پردیش کے ضلع بارہ بنکی کے علاقے حیدر گڑھ میں ایک ایسے گروہ کا پردہ فاش ہو گیا ہے جو گھروں میں بجلی کے میٹر تبدیل کرنے کے بہانے گھر والوں کے اکاؤنٹس سے رقم نکال لیتے تھے۔

    بارہ بنکی پولیس نے بجلی میٹر درست کرنے کے نام پر دھوکا دہی کرنے والے گروہ کے 3 کارندوں کو گرفتار کر کے ان کے خلاف مقدمہ درج کر دیا، پولیس کا کہنا تھا کہ ملزمان میں سے ایک لاک ڈاؤن سے قبل بیرون ملک سے لوٹا تھا، ملزمان سے بجلی کے میٹر اور متعدد الیکٹرانک ڈیوائسز بھی برآمد کیے گئے۔

    ملزمان کے متعلق یہ انکشاف ہوا کہ وہ خصوصی طور پر ان گھروں کو نشانہ بناتے تھے جن میں صرف خواتین موجود ہوتی تھیں، پولیس کے مطابق کوتوالی حیدر گڑھ کے گاؤں املہرا کی رہائشی خاتون دھن راجا کی شکایت پر ملزمان کے خلاف کارروائی کی گئی۔

    خاتون نے شکایت درج کرائی تھی کہ 14 جولائی کو 2 افراد موٹر سائیکل پر اس کے گھر میٹر درست کرنے آئے اور تھمب امپریشن لیا تو اس کے کھاتے سے 10 ہزار روپے نکل گئے، پولیس نے شکایت کی تحقیقات کرتے ہوئے جمعے کو قاضی پور موڑ سے رائے بریلی کے رشبھ تیواری، شیوم سنگھ اور ہری کیش کو گرفتار کر لیا۔

    ملزمان سے تفتیش میں انکشاف ہوا کہ وہ لمبے عرصے سے بجلی کا میٹر درست کرنے کے نام پر دھوکا دہی کرتے آ رہے ہیں، پولیس کے مطابق تینوں ملزمان پہلے ریکی کرتے تھے کہ کس گھر میں صرف عورتیں ہی رہتی ہیں، اس کے بعد دوپہر کے وقت یہ لوگ بجلی کے محکمے کے ملازم کے روپ میں وہاں پہنچ جاتے تھے۔

    پولیس کے مطابق ملزمان خواتین سے شناختی کارڈ لے کر ایک مشین پر تھمب امپریشن لگواتے تھے، پھر بینک کا نام پوچھ کر اندازے کے لیے سو دو سو روپے نکالتے، رقم کا اندازہ ہونے پر اکاؤنٹ سے رقم نکال لیتے تھے۔

  • اترپردیش میں زندہ جلائی جانے والی لڑکی دم توڑ گئی

    اترپردیش میں زندہ جلائی جانے والی لڑکی دم توڑ گئی

    نئی دہلی: پڑوسی ملک بھارت میں لڑکیوں کے ساتھ اجتماعی زیادتی کے بعد انھیں زندہ جلانے کا سلسلہ جاری ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اترپردیش کے علاقے اناؤ میں 23 سالہ لڑکی کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد زندہ جلا دیا گیا تھا جو دوران علاج زخموں کی تاب نہ لا کر آج چل بسی ہے۔

    بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ نوجوان لڑکی نے ملزمان کے خلاف اجتماعی زیادتی کا مقدمہ درج کرایا تھا، ملزمان گرفتار ہونے کے بعد ضمانت پر رہا ہو گئے تھے، رہائی کے بعد ملزمان نے لڑکی کو عدالت جاتے ہوئے جلا ڈالا تھا۔

    یہ بھی پڑھیں:  خاتون ڈاکٹر کو جلا کر قتل کرنے والے 4 ملزمان پولیس انکاؤنٹر میں مارے گئے

    اترپردیش پولیس نے واقعے میں ملوث 5 ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے، یاد رہے کہ بدھ کو بھی ایک لڑکی کو اجتماعی زیادتی کے بعد جلا دیا گیا تھا۔ یاد رہے کہ تئیس سالہ لڑکی کو مارچ میں اناؤ کے علاقے میں اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا تھا، جب کہ جلائے جانے کے باعث لڑکی کا 60 سے 70 فی صد جسم جھلس گیا تھا۔

    دو ہفتے قبل بھی بھارتی ریاست تلنگانہ میں ایک 27 سالہ ویٹرنری ڈاکٹر پریانکا ریڈی کو کچھ ملزمان نے زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد زندہ جلا کر قتل کر دیا تھا، اس واقعے نے بھارت میں ایک بار پھر خواتین پر تشدد اورریپ پر بحث چھیڑ دی تھی، جب کہ دنیا بھر میں اس واقعے کی گونج سنائی دی۔

  • بھارتی ریاست اترپردیش میں طیارہ گرکر تباہ

    بھارتی ریاست اترپردیش میں طیارہ گرکر تباہ

    نئی دہلی: بھارتی ریاست اترپردیش میں نجی تربیتی طیارہ گر کر تباہ ہوگیا۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق بھارتی ریاست اترپردیش میں تربیتی طیارہ گر کر تباہ ہوگیا، طیارے میں چھ مسافر سوار تھے جنہیں انتظامیہ نے محفوظ قرار دے دیا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق طیارہ بجلی کی تاروں میں پھنس گیا جس کے باعث حادثہ پیش آیا، حادثے کے فوری بعد طیارے آگ نے طیارے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

    طیارے میں چھ مسافر سوار تھے جنہیں جنہیں بھارتی انتظامیہ نے محفوظ قرار دیا ہے۔

    واضح رہے کہ فروری اور مارچ کے دوران بھارتی فضائیہ کے مجموعی طور پر 10 جنگی طیارے تباہ ہوچکے ہیں جن میں سے 2 کو پاکستانی فضائیہ نے مار گرایا تھا۔

    مزید پڑھیں: بھارتی فضائیہ کا ایک اورطیارہ راجھستان میں گرکرتباہ

    میڈیا رپورٹس کے مطابق اربوں مالیت کے طیاروں میں چار فنی خرابیوں کے باعث، 2 آپس میں ٹکرانے سے تباہ ہوئے جبکہ دو پاکستانی فضائیہ نے مار گرائے تھے۔

    یکم فروری 2019 کو بھارتی طیارہ میراج فنی خرابی کے باعث زمیں بوس ہوگیا جبکہ کچھ روز بعد 12 فروری کو بھارت کا مگ 27 تکنیکی خرابی سے گر کر تباہ ہوا تھا۔

    یاد رہے کہ 19 فروری کو دو بے ہاک طیارے آپس میں ٹکرا کر تباہ ہوئے تھے، پاکستان نے سرحدی خلاف ورزی پر 27 فروری کو بھارت کے جنگی طیارے مگ 21 اور ایس کیو 30 کو مار گرایا تھا۔

  • کوچ کی اہلیہ کی جانب سے ہراساں کیے جانے پر بھارتی کھلاڑی کا اقدام خودکشی

    کوچ کی اہلیہ کی جانب سے ہراساں کیے جانے پر بھارتی کھلاڑی کا اقدام خودکشی

    نئی دہلی: بھارتی ایتھلیٹس نے کوچ کی اہلیہ کی جانب سے ہراساں کیے جانے کے بعد اپنی زندگی کا خاتمہ کرلیا، یمنی کوچ کی اہلیہ کو پولیس نے حراست میں لے لیا۔

    خلیج ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق بھارتی ریاست اترپردیش میں یمنی کوچ کی اہلیہ کی جانب سے مبینہ طور پر ہراساں کیے جانے پر بیڈ منٹن کی بھارتی خاتون کھلاڑی نے گلے میں پھندا لگا کر اپنی زندگی کا خاتمہ کرلیا، کوچ کی اہلیہ کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔

    بھارتی خاتون کھلاڑی گزشتہ ایک سال سے اسپورٹس انسٹی ٹیوٹ ایٹاوا میں تربیت حاصل کررہی تھی، خاتون نے خودکشی سے قبل ایک نوٹ لکھا جو کوچ کی اہلیہ سدھارتھا کی گرفتاری کا سبب بنا۔

    پولیس کے مطابق خاتون نے خودکشی سے قبل لکھے گئے نوٹ میں کہا کہ مجھے جینے کا کوئی حق نہیں ہے، 13 سالہ سلونی نے خودکشی کے لیے ٹائی اور دوپٹے کا استعمال کیا۔

    [bs-quote quote=”سلونی نے خودکشی نہیں کی اس کو قتل کیا گیا ہے” style=”style-8″ align=”left” author_name=”والد وجے کمار”][/bs-quote]

    سلونی کے والد وجے کمار کا کہنا ہے کہ مجھے یقین نہیں آرہا کہ میری بیٹی نے انتہائی قدم کیوں اُٹھایا ہے۔

    وجے کمار کا کہنا تھا کہ کمرے کی دیوار 16 فٹ بلند ہے وہ پنکھے تک خود نہیں پہنچ سکتی تھی، انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ سلونی نے خودکشی نہیں کی ہے ہوسکتا ہے اس کا قتل کیا گیا ہے اور خودکشی کا رنگ دینے کی کوشش کی گئی ہو۔

    سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس سنتوش مشرا کا کہنا ہے کہ 13 سالہ بیڈمنٹن کھلاڑی سلونی کے اہل خانہ کی جانب سے واقعے کی کوئی ایف آر درج نہیں کرائی گئی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ یمنی خاتون کو حراست میں لے کر آئی پی سی 306 کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، فرانزک رپورٹ کو بھی چارج شیٹ کا حصہ بنایا جائے گا۔

    اترپردیش کے وزیر کھیل چیتن چوہان نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اسپورٹس ڈائریکٹوریٹ سے واقعے کی تفصیلات طلب کرلی ہیں۔

  • بھارت میں عجیب و غریب بچی کی پیدائش، ڈاکٹرز حیران

    بھارت میں عجیب و غریب بچی کی پیدائش، ڈاکٹرز حیران

    اترپردیش: بھارتی ریاست اترپردیش میں خاتون کے ہاں تین سروں والی بچی کی پیدائش ہوئی جس نے ڈاکٹروں کو بھی حیران کردیا۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق بھارتی ریاست اتردپیش کے مقامی اسپتال میں خاتون کو لیبر روم میں لے جانے سے قبل شدید تکلیف ہوئی جس کے بعد خاتون کی ڈیلیوری کی گئی تو خاتون نے تین سروں والی بچی کو جنم دیا جسے دیکھ کر خاتون کے اہل خانہ اور ڈاکٹرز بھی حیران و پریشان رہ گئے۔

    ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ خاتون کی ڈیلیوری نارمل ہی ہوئی ہے لیکن بچی کے تین سر دیکھ کر یقین نہیں آرہا ہے۔

    بچی کی والدہ کی حالت خطرے سے باہر بتائی گئی ہے تاہم نومولود بچی کے علاج کے بارے میں ڈاکٹرز سر جوڑکر بیٹھ گئے ہیں۔

    رپورٹ کے مطابق اس طرح کی بیماری کے واقعات دنیا بھر میں سامنے آتے رہتے ہیں، اس بیماری کو ’اینسی فیلوسیل‘ کا نام دیا گیا ہے۔

    میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ اینسی فیلو سیل بیماری میں نومولود بچی کے بچنے کے چانس 55 فیصد ہیں۔

    واضح رہے کہ چار سال قبل بھارت میں عجیب الخلقت بچی کی پیدائش ہوئی تھی جسے دیکھنے کے لیے لوگوں کا تانتا بندھ گیا تھا اور ہندوؤں نے اسے بھگوان قرار دے دیا تھا۔

    یاد رہے کہ بچی کا چہرہ عام چہروں جیسا نہیں تھا اور اس کے چہرے پر گوشت کا لوتھڑا موجود تھا جو سونڈ نما نظر آرہا تھا بچی کو لوگوں نے سونڈ کی وجہ سے بھگوان کا اوتار قرار دیا تھا۔