Tag: اتھارٹی

  • وادی کیلاش کے لیے خصوصی اتھارٹی قائم

    وادی کیلاش کے لیے خصوصی اتھارٹی قائم

    پشاور: خیبر پختونخواہ کی وادی کیلاش کے لیے خصوصی اتھارٹی قائم کردی گئی، اتھارٹی کیلاش میں تمام ترقیاتی اسکیموں کی نگرانی کرے گی جبکہ وادی کی سیاحت کو فروغ بھی دے گی۔

    تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخواہ کی صوبائی حکومت نے کیلاش ویلیز ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی منظوری دے دی، 4 ہزار آبادی والے علاقے کیلاش کے لیے اسپیشل اتھارٹی قائم کی گئی ہے۔

    جاری کردہ دستاویز کے مطابق اتھارٹی کیلاش میں نئی عمارت نہیں بننے دے گی اور کیلاش قبیلے میں تمام ترقیاتی اسکیموں کی نگرانی کرے گی، کیلاش قبیلے میں قائم عمارتوں کو نہیں گرایا جائے گا۔

    اتھارٹی کا مقصد کیلاش کی ثقافت کو محفوظ کرنا ہے جبکہ اس سے وادی کیلاش کی سیاحت کو فروغ بھی دیا جاسکے گا۔

    خیال رہے کہ صوبائی کابینہ نے کالام، کمراٹ اور کیلاش کے لیے الگ اتھارٹیز کے قیام کی منظوری دی تھی۔

    دستاویزات کے مطابق اتھارٹیز کے قیام سے ان علاقوں کی سیاحت کو مزید تقویت ملے گی جبکہ اتھارٹیز علاقوں کا قدرتی حسن برقرار رکھنے کے لیے کردار ادا کریں گی۔

  • چترال:امدادی کاموں کے لیے این ڈی ایم اے کے ہیلی کاپٹر روانہ

    چترال:امدادی کاموں کے لیے این ڈی ایم اے کے ہیلی کاپٹر روانہ

    چترال: خیبر پختونخوا کے علاقے چترال میں برفانی تودے گرنے کے بعد امدادی کام جاری ہیں۔ صوبائی حکومت کی درخواست پر این ڈی ایم اے نے چترال میں ہیلی کاپٹر مہیا کر دیے۔

    شدید برفباری اور بارش کے باعث چترال میں برفانی تودے گرنے کے بعد علاقے کا زمینی رابطہ منقطع ہوگیا۔ علاقے میں امدادی کام جاری ہے۔

    خیبر پختونخواہ حکومت کی درخواست پر قدرتی آفات سے نمٹنے کےادارے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی این ڈی ایم اے نے چترال میں امداد اور بحالی کے لیے ہیلی کاپٹر مہیا کر دئیے ہیں۔

    این ڈی ایم اے کے مطابق متاثرین کی امداد کے لیے ہیلی کاپٹر کے ذریعے گولیان، استور گوریاں اور یرخولاسٹ ویلی میں امدادی سامان بھی فراہم کیا جائے گا۔

    ادارے کے فراہم کیے گئے ہیلی کاپٹر متاثرین کو خیمے، کمبل، ادویات، خوراک کی ترسیل اور مریضوں کی منتقلی کے لیے استعمال کیے جائیں گے۔

    این ڈی ایم اے کے مطابق جن علاقوں کا زمینی رابطہ منقطع ہوگیا ہے وہاں زخمیوں کو طبی امداد ہیلی کاپٹر کے ذریعے دی جائے گی۔

    واضح رہے کہ چند روز قبل چترال میں برفانی تودے گرنے کے 2 واقعات میں ایک ہی گھر کے 3 افراد سمیت دس افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔