Tag: اثاثوں

  • بھارت کی امیر ترین اداکارہ کون ہیں؟ نام نے سب کو حیران کردیا

    بھارت کی امیر ترین اداکارہ کون ہیں؟ نام نے سب کو حیران کردیا

     بھارتی ادارے ہورون انڈیا نے بھارت کی امیر ترین شخصیات کی فہرست جاری کردی ہے جس میں شوبز انڈسٹری کے کئی فنکار بھی شامل ہیں۔

    بھارتی  ادارے  ہورون انڈیا کی  رچ لسٹ میں انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کی بھی متعدد شخصیات  شامل ہیں جن میں شاہ رخ خان سرفہرست ہیں تاہم امیر ترین بھارتی اداکارہ کے نام نے سب کو حیران کردیا ہے۔

    ہورون انڈیا رچ لسٹ 2024 کے مطابق بھارت میں امیر افراد کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے اور بھارت میں ایک ہزار 539 افراد ایسے ہیں جن کے پاس ہزار کروڑ سے زائد کے اثاثے ہیں۔

    ہورون انڈیا رچ لسٹ کی جانب سے کیے گئے انکشاف کے مطابق بالی ووڈ کے کنگ شاہ رخ خان 7300 کروڑ بھارتی روپے کے اثاثوں کے ساتھ بھارت کے سب سے امیر اداکار ہیں۔

    تاہم بھارت کی امیر ترین اداکارہ نہ تو ایشوریا رائے ہیں، نہ ہی دپیکا، پریانکا، کترینہ نہ کاجل ہے بلکہ وہ اداکارہ ہیں جو اب بہت کم فلموں میں نظر آتی ہیں یہ اداکارہ شاہ رخ خان کے ساتھ بہت سی فلموں میں کام کرچکی ہیں۔

    بھارت کی امیر ترین اداکارہ جوہی چاولہ ہیں جو کہ 4 ہزار 600 کروڑ  بھارتی روپے کے اثاثوں کی مالک ہیں، 90 کی دہائی سے فلمی کیریئر کا آغاز کرنے والی جوہی چاولہ نے متعدد ہٹ فلموں میں کام کیا ہے۔

    سن 2000 میں جوہی چاولہ نے فلم پروڈکشن کے شعبے میں قدم رکھا، وہ شاہ رخ کی کمپنی ریڈ چلی انٹرٹینمنٹ میں پارٹنر بھی ہیں، اس کے علاوہ وہ شاہ رخ خان کے ساتھ ہی آئی پی ایل کی امیر ترین ٹیم کلکتہ نائٹ رائیڈرز کی شریک مالک ہیں۔

    واضح رہے کہ جوہی چاولہ نے 1995 میں بھارتی صنعت کار جے مہتا سے شادی کی تھی جن سے اب ان کے دو بچے ایک بیٹا اور ایک بیٹی ہے۔

  • اثاثوں پر سمجھوتہ نہیں ہوسکتا اگر کسی نے کہا ہے تو اسے سامنے لانا چاہئے، شاہد خاقان

    اثاثوں پر سمجھوتہ نہیں ہوسکتا اگر کسی نے کہا ہے تو اسے سامنے لانا چاہئے، شاہد خاقان

    اسلام آباد: مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ اثاثوں پر سمجھوتہ نہیں ہوسکتا اگر کسی نے کہا ہے تو اسے سامنے لانا چاہئے۔

    اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ اسحاق ڈار نے کوئی ایسی بات کی تو ان کیمرہ سیشن بلا کر حقائق عوام کو بتائیں، یہ بات بہت تشویشناک ہے دنیا کے سامنے رکھنی چاہئے۔

    شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ ہر ملک اپنے اثاثوں اور ملکی مفادکا تحفظ کرتے ہیں، ہمارے ایٹمی اثاثے ہماری سالمیت کا اہم جز ہے، ان اثاثوں پر سمجھوتہ نہیں ہوسکتا اگر کسی نے کہا ہے تو اسے سامنے لانا چاہئے۔

    سابق وزیر اعظم نے کہا کہ 15 سالوں نے عدالتوں میں کیس چل رہے ہیں کوئی انصاف نہیں ملتا یہاں لوگ سالوں سے جیلوں میں بیٹھے ہیں کوئی پوچھنے والا نہیں ہے، ہم نے چیئرمین نیب سے کہا سیاستدانوں کو ایک طرف کردیں کیس سنیں نا سنیں آپکی مرضی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ملک میں انصاف کے نظام کی بات کرتے ہیں تو انصاف ہوتا ہوا نظر بھی آنا چاہئے، ہم توکہتے ہیں عدالتوں میں کیمرے لگائیں تا کہ عوام کو پتا چلے کیا ہو رہا ہے، لوگ سالوں سے عدالتوں میں گھوم رہے ہیں کیسز کا کوئی حل نہیں نکلتا ہے۔

    ن لیگ کے سینئر رہنما نے کہا کہ عمران خان کو سیاست کرنےکیلئے کوئی لاش چاہئے جو حکومت دینا نہیں چاہتی، ایک شخص اپنی گرفتاری سے بچنے کیلئے گھر میں چھپ کر بیٹھا ہوا ہے، عمران خان ہمت کرے گرفتاری  دے 3،2 دن میں ضمانت مل جائےگی۔

    شاہدخاقان کا کہنا تھا کہ وارنٹ عدالت نے جاری کیے، اس لیے پیش ہونا لازم ہے، اور عمران تو وہ آدمی ہے جو  خود دعویٰ کرتے رہے کہ میں نے فلاں کو گرفتار کیا، سابقہ وزیر اعظم عدالتوں کی پرواہ نہیں کرے گا توکل کوکوئی بھی نہیں کرےگا۔

  • نیب نے خورشید شاہ سے اثاثوں کی تفصیلات طلب کر لیں

    نیب نے خورشید شاہ سے اثاثوں کی تفصیلات طلب کر لیں

    سکھر: نیب نے پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر  رہنما خورشید شاہ سے اثاثوں کی تفصیلات طلب کر لیں.

    تفصیلات کے مطابق آمدن سے زائد اثاثہ جات اور منی لانڈرنگ کی تحقیقات کے سلسلے میں‌ خورشید شاہ کو سوال نامہ ارسال کیا گیا ہے.

    موصولہ اطلاعات کے مطابق 50 سے زائد محکموں سے خورشید شاہ کے اثاثوں کی تفصیلات مانگی گئی ہیں.

    ڈی سیز کو سابق اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کی تمام جائیدادوں سے متعلق مکمل آگاہی دینے کی ہدایت کی ہے، ایف بی آر، محکمہ ایکسائز، اسٹیٹ بینک سے بھی تفصیلات طلب کی گئی ہیں.

    ڈی جی نیب سکھر  کے مطابق خورشید شاہ کو اہل خانہ سمیت اگلے ہفتے نیب آفس طلب کیا جائے گا، جہاں‌ ان سے سوالات ہوں گے.

    خیال رہے کہ 29 اگست 2019 کو چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے کہا تھا کہ ہم نے 20 ماہ میں 71 ارب روپے قومی خزانے میں جمع کرائے.

    ان خیالات کا اظہار انھوں نے نیب لاہور کے دورہ کے موقع پر کیا. ڈی جی نیب سلیم شہزاد نے اس موقع پر میگا کرپشن کیسزپر چیئرمین کو بریفنگ دی.

    چیئرمین نیب نے لاہور بیورو کی کارکردگی کو سراہا. جسٹس (ر) جاوید اقبال نے کہا کہ میگا کرپشن کیسز کے مقدمات کو انجام تک پہنچانا ترجیح ہے.

  • سعودی عرب، ورثاء اب متوفی کے اثاثوں اور سرمایہ کاری کی معلومات جان سکیں گے

    سعودی عرب، ورثاء اب متوفی کے اثاثوں اور سرمایہ کاری کی معلومات جان سکیں گے

    ریاض : سعودی حکام نے ورثا کی آسانی کےلیے متوفی کے اثاثوں اور سرمایہ کاری کی معلومات حاصل کرنے کےلیے سروس متعارف کرا دی۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب میں کیپیٹل مارکیٹ اتھارٹی(سی ایم اے ) نے مملکت میں فوت ہونے والے افراد کے مالی اثاثوں اور سرمایہ کاری کی تفصیلات ظاہر کرنے کے لیے ایک الکٹرونک سروس متعارف کرادی۔

    عرب خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ یہ سروس متوفی کے ورثا یا مجاز افراد کو موقع فراہم کرے گی کہ وہ متوفی شخص سے متعلق سیکیورٹیز اور انویسٹمنٹ اکاونٹس کی معلومات حاصل کرنے کے واسطے براہ راست رابطہ کرسکیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ کیپیٹل مارکیٹ اتھارٹی کے اس اقدام کا مقصد مارکیٹ کے نظام کو ترقی دینا، اس پر اعتماد کو مضبوط بنانا اور متوفی شخص کے اثاثوں کو جاننے کا عمل جلد از جلد مکمل کرنے کے لیے ورثا کی معاونت کرنا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا تھا کہ اس سروس کے نتیجے میں ورثا سی ایم اے کی ویب سائٹ کے ذریعے مقررہ شرائط کے تحت متوفی شخص کے مالی اثاثوں اور سرمایہ کاری کی تفصیلات جاننے کی درخواست دے سکیں گے اور متوفی سے متعلق مطلوبہ دستاویزات فراہم کرنے کے بعد کسی بھی وقت متعلقہ معلومات حاصل کر سکیں گے۔