Tag: اثاثوں کے مالک

  • حمزہ شہباز ،  عثمان بزدار اور پرویز الٰہی کتنے اثاثوں کے مالک ؟ تفصیلات جاری

    حمزہ شہباز ، عثمان بزدار اور پرویز الٰہی کتنے اثاثوں کے مالک ؟ تفصیلات جاری

    اسلام آباد : وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز 41 کروڑ43 لاکھ روپے کے اثاثوں ، سابق وزیراعلیٰ عثمان بزدار 5 کروڑ 80 لاکھ سے زائد اثاثوں اور اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الٰہی 23 کروڑ 14 لاکھ کے اثاثوں کے مالک نکلے۔

    تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے پنجاب اسمبلی اراکین کے اثاثوں کی تفصیلات جاری کردیں ، جس میں بتایا گیا کہ وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز 41 کروڑ43 لاکھ روپے کے اثاثوں کے مالک ہیں۔

    الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ وزیراعلی پنجاب نے 13 کروڑ64 لاکھ روپےکے 11 رہائشی گھر ظاہر کئے، ان کی 3 زرعی زمین کی مالیت 3 کروڑ97 لاکھ روپے ہے جبکہ انھوں نے خود کو 9کروڑ71 لاکھ روپے کا مقروض ظاہر کیا۔

    حمزہ شہباز کی پہلی اہلیہ مہروالنسا50 لاکھ روپے کے اثاثوں کی مالک اور حمزہ شہباز کی دوسری اہلیہ رابعہ حمزہ 3 کروڑ74 لاکھ روپے کے اثاثوں کی مالک نکلی۔

    سابق وزیراعلیٰ عثمان بزدار 5 کروڑ 80 لاکھ سے زائد اثاثوں کے مالک ، علیم خان ایک ارب 70 کروڑ سے زائد اثاثوں کے ، سابق صوبائی وزیرمراد راس 38 لاکھ روپے کے اثاثوں اور میاں محمود الرشید 18 کروڑ سے زائد کے اثاثوں کے مالک ہیں۔

    الیکشن کمیشن کے مطابق اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الٰہی 23 کروڑ 14 لاکھ کے اثاثوں کے مالک نکلے ، پرویز الٰہی نے 6کروڑ سے زائد کی غیر زرعی زمین ملکیت اور فلور مل کی مالیت 99 لاکھ روپے ظاہر کی جبکہ پرویز الٰہی کی اہلیہ 10 کروڑ کے اثاثوں کی مالک ہیں۔

    اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی سبطین خان کے اثاثوں کی مالیت ایک کروڑ سے زائد ہیں ، سبطین خان نے زرعی اراضی کی مالیت ظاہر نہیں کی جبکہ صوبائی وزیر اویس لغاری 44 کروڑ کے اثاثوں کے مالک ہیں۔

    رکن پنجاب اسمبلی حنا پرویز بٹ نے 9 کروڑ94 لاکھ کے اثاثے ظاہر کئے ، حنا پرویز بٹ کو2 عدد گھر تحفے میں ملے تاہم تحفے میں ملنے والے گھروں کی مالیت ظاہر نہیں کی۔

    رکن پنجاب اسمبلی ثانیہ عاشق نے 35 لاکھ مالیت کے اثاثے ظاہر کئے، عظمیٰ بخاری 24 لاکھ روپے مالیت کی اثاثوں کی مالک ہیں ، ان کے پاس 70تولہ سونا بھی ہے۔

    ڈپٹی اسپیکر دوست محمد مزاری 2 کروڑ سے زائد اثاثوں اور سابق وزیرصحت یاسمین راشد 2 کروڑسے زائد مالیت کے اثاثوں کی مالک ہیں۔

  • عمران خان  کے اثاثوں کی تفصیلات سامنے آگئیں

    عمران خان کے اثاثوں کی تفصیلات سامنے آگئیں

    اسلام آباد : سابق وزیراعظم عمران خان 14 کروڑ 21 لاکھ روپے سے زائد اثاثوں کے مالک نکلے ، ان کے سال 2020 کی نسبت 2021 کے اثاثوں میں 6 کروڑ سے زائد کا اضافہ ہوا۔

    تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے گوشواروں کی تفصیلات جاری کردیں، جس میں بتایا گیا ہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان 14 کروڑ 21 لاکھ روپے سے زائد اثاثوں کے مالک ہے۔

    دستاویز میں کہا گیا کہ عمران خان کے سال 2020 کی نسبت 2021 کے اثاثوں میں 6 کروڑ سے زائد کا اضافہ ہوا ہے، ان کے سال 2020 میں اثاثوں کی کل مالیت 8 کروڑ سے زائد تھی، عمران خان کے سال 2020 میں اثاثوں کی کل مالیت 8 کروڑ سے زائد تھی۔

    الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ عمران خان پر سال 2020 میں 7 کروڑ سے زائد کا قرض تھا اور سال 2020 میں قرض کی رقم شامل کر کے اثاثوں کی مالیت 15 کروڑ روپے سے زائد تھی، تاہم سال 2021 کے اثاثوں کے مطابق عمران خان کے ذمہ کچھ واجب الادا نہیں۔

    عمران خان نے گوشواروں میں زمان پارک، میانوالی اور بھکر میں وراثتی زمین ظاہر کیں جبکہ بنی گالا گھر کو گفٹ ظاہر کیا ہے۔

    سابق وزیراعظم کے پاس گرینڈ حیات اسلام آباد ٹاور میں ایک فلیٹ 1 کروڑ 19 لاکھ کا ہے جبکہ ان کا اندرون یا بیرون ملک کوئی کاروبار نہیں اور نہ ان کے پاس اپنی کوئی ذاتی گاڑی ہے۔

    عمران خان کا بینک بیلنس 6 کروڑ 3 لاکھ سے زائد ہے جبکہ دو ڈالرز اکاونٹس میں 3 لاکھ 29 ہزار ڈالرز ہیں۔

    عمران خان کے ذمہ سال 2020 میں 7 کروڑ روپے واجب الادا ہیں لیکن سال 2021 میں کوئی قرض نہیں ہے، عمران خان نے گزشتہ سال کا 7 کروڑ روپے قرض ادا کر دیا تھا۔

    اس کے علاوہ عمران خان نے اثاثوں میں 2 لاکھ روپے مالیت کی 4 بکریاں بھی ظاہر کی ہیں، ان کے پاس 5 لاکھ مالیت کا فرنیچر ہے-

    دوسری جانب عمران خان نے اپنی اہلیہ بشری بی بی کے اثاثوں کی تفصیلات بھی جمع کرائی، بشری بی بی کے پاس 431 کینال کی پاکپتن میں دو مختلف زمینیں ہیں جبکہ وہ بنی گالا اسلام آباد میں 3 کینال کے گھر کی مالک ہیں۔

  • شہباز شریف ، بلاول بھٹو اور آصف زرداری کتنے اثاثوں کے مالک ؟ تفصیلات جاری

    شہباز شریف ، بلاول بھٹو اور آصف زرداری کتنے اثاثوں کے مالک ؟ تفصیلات جاری

    اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف 24 کروڑ 50 لاکھ سے زائد اثاثوں کے مالک نکلے ، ان کے اثاثوں میں 2020 کی نسبت 2021 میں3 لاکھ روپے کمی آئی۔

    تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے ارکان پارلیمنٹ کے سال 2021 کے اثاثوں کی تفصیلات جاری کر دیں، جس میں بتایا گیا کہ وزیراعظم شہباز شریف 24 کروڑ 50 لاکھ سے زائد اثاثوں کے مالک ہیں اور 14 کروڑ سے زائد کے مقروض ہیں۔

    دستاویز میں کہا گیا کہ شہباز شریف نے سلمان شہباز سے 6 کروڑ سے زائد کا قرض لےرکھا ہے جبکہ ان کے پاس 2گاڑیاں، بینک بیلنس 2 کروڑ سے زائد ہے۔

    الیکشن کمیشن نے کہا کہ شہباز شریف بیرون ملک 13 کروڑ 74 لاکھ روپے کے اثاثوں کے بھی مالک ہیں ، شہباز شریف کے اثاثوں میں 2020 کی نسبت 2021 میں3 لاکھ روپے کمی آئی۔

    وزیراعظم نے اپنی بیویوں نصرت شہباز ،تہمینہ درانی کے اثاثے بھی ڈکلئیر کردیئے ہیں، جس کے مطابق نصرت شہباز 23 کروڑ روپے کے اثاثوں کی مالک ہیں، تہمینہ درانی کے اثاثوں کی ملکیت 57 لاکھ 60 ہزار ہے۔

    بلاول بھٹو

    دستاویز میں بتایا گیا کہ بلاول بھٹو نے بیرون ملک اپنے کاروبار بھی ظاہر کیے اور ان کا بینک بیلنس 12 کروڑ سے زائد کا ہے۔

    آصف زرداری

    الیکشن کمیشن کے مطابق آصف علی زرداری 71 کروڑ 42 لاکھ سے زائد اثاثوں کے مالک نکلے، دستاویز کے مطابق آصف زرداری کا بیرون ملک کوئی کاروبار نہیں ہے۔

    مراد سعید

    اس کے علاوہ مراد سعید کا کوئی اپنا گھر نہیں، ان کے پاس ایک گاڑی اور 15 تولےسونا ہے اور ان کے اکاؤنٹس میں 29 لاکھ 63 ہزار سےزائد رقم موجود ہے۔

    عمر ایوب

    رہنما پی ٹی آئی عمر ایوب ایک ارب 19 کروڑ سے زائد کے اثاثوں کے مالک ہیں ،ان کے ذمہ 11 لاکھ 55 ہزار روپے واجب الادا ہیں جبکہ عمر ایوب نےبیرون ملک بزنس کی تفصیلات بھی جمع کرائیں۔

    اسد قیصر

    سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر ساڑھے 8 کروڑ سےزائد اثاثوں کےمالک اور ایک کروڑ 17 لاکھ سےزائدکےمقروض ہیں، ان کی 6 کروڑ 72 لاکھ سے زائد کی جائیداد ہیں۔

    اسد قیصر نے 58 لاکھ روپے کا کاروبارظاہر کیا ہے، وہ ایک گاڑی اور96 لاکھ سے زائد رقم بینک بیلنس کے مالک بھی ہیں۔

    پرویز خٹک

    دستاویز کے مطابق پرویز خٹک 16 کروڑ 71 لاکھ کے زائد کے اثاثوں کے مالک نکلے ، ان کا بینک بیلنس 3 کروڑ روپے جبکہ وہ 2 کروڑ 56 لاکھ روپے کے مقروض ہیں۔