Tag: اثاثہ جات

  • اربوں کے اثاثے، ریٹائرڈ آئی جی کے خلاف نیب نے تحقیقات شروع کر دیں

    اربوں کے اثاثے، ریٹائرڈ آئی جی کے خلاف نیب نے تحقیقات شروع کر دیں

    کراچی: سندھ پولیس کے ریٹائرڈ آئی جی جیل خانہ جات نصرت منگن بھی نیب کے ریڈار پر آ گئے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق سابق آئی جی جیل خانہ جات نصرت منگن کے خلاف نیب نے تحقیقات شروع کر دیں، ذرایع کا کہنا ہے کہ نیب کراچی نے نصرت حسین منگن کے 7 ارب سے زائد اثاثوں کا سراغ لگا لیا ہے۔

    نصرت منگن کے اثاثہ جات کی تصدیق کا عمل شروع کر دیا گیا ہے، اس سلسلے میں نیب حکام کی جانب سے ضلع ٹھٹھہ میں نصرت منگن کی اراضی کی تصدیق کے لیے ڈپٹی کمشنر سے بھی تفصیلات طلب کی گئی ہیں۔

    نیب ذرایع کا کہنا ہے کہ نصرت منگن اور ان کی فیملی کے ارکان کے نام ضلع ٹھٹھہ کے مختلف علاقوں میں 96 ایکڑ ارضی ہے۔

    نصرت منگن کے سرکاری اور 4 نجی بینکوں کے اکاؤنٹس کی بھی تفصیلات طلب کی گئی ہیں، نصرت منگن نجی بینک میں پیر سرمد کے نام سے کھلنے والے اکاؤنٹ کو بھی آپریٹ کرتے رہے، اس اکاؤنٹ سے سابق آئی جی جیل کے اکاؤنٹ میں کروڑوں کی ٹرانزیکشنز کی گئیں۔

    سابق آئی جی جیل خانہ جات نصرت حسین منگن

    ذرایع کے مطابق نجی بینک میں چند دیگر اکاؤنٹس بھی مشتبہ ہیں، نیب نے عائشہ خاتون اور میرا نامی خاتون کے اکاؤنٹس کی تفصیلات بھی طلب کر لی ہیں۔ نصرت منگن کی ملکیت میں رانی پور میں سی این جی اسٹیشن بھی ہے۔

    نیب زدہ اور نااہل قرار دیے گئے افسر کی کراچی میں بطور ایڈمنسٹریٹر تعیناتی

    واضح رہے کہ نصرت منگن رواں سال ریٹائرڈ ہوئے ہیں، تحقیقات کا سامنا کرنے والے پولیس افسر کی زیادہ پوسٹنگ سینٹرل جیل کراچی میں رہی، دوران سروس بھی نصرت منگن مخلتف الزامات کا سامنا کرتے رہے ہیں۔

  • اسحٰق ڈار کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات ریفرنس: سماعت 12 ستمبر تک ملتوی

    اسحٰق ڈار کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات ریفرنس: سماعت 12 ستمبر تک ملتوی

    اسلام آباد: احتساب عدالت میں سابق وزیر خزانہ اسحٰق ڈار کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات ریفرنس کی سماعت 12 ستمبر تک ملتوی کردی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت میں سابق وزیر خزانہ اسحٰق ڈار کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات ریفرنس کی سماعت جج محمد بشیر نے کی۔

    سماعت میں گواہ سعید احمد احتساب عدالت میں پیش ہوئے۔

    وکیل صفائی قاضی مصباح نے دوسرے گواہ اشتیاق احمد پر جرح مکمل کرلی۔ گواہ اشتیاق احمد کو گزشتہ سماعت پر مزید دستاویزات کے ساتھ آج طلب کیا گیا تھا۔

    احتساب عدالت نے کیس کی مزید سماعت 12 ستمبر تک ملتوی کر دی۔

    خیال رہے کہ گزشتہ سماعت میں استغاثہ کے دوسرے گواہ بشارت محمود کا بیان بھی قلمبند کیا گیا تھا۔

    بشارت محمود نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ یکم نومبر2017 کو نیب لاہور سے کال آف نوٹس ملا تھا، نیب میں 2004 سے کلرک کی خدمات سر انجام دے رہا ہوں۔

    اس سے قبل سماعت میں استغاثہ کے 4 گواہوں کے بیانات قلمبند کیے گئے تھے۔ آخری سماعت میں عدالت میں شریک ملزمان سعید احمد، نعیم محمود اور منصور رضا رضوی بھی پیش ہوئے تھے۔

  • اقتدار میں آنے کے بعد ٹرمپ کے اثاثوں میں نمایاں کمی

    اقتدار میں آنے کے بعد ٹرمپ کے اثاثوں میں نمایاں کمی

    واشنگٹن : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ عہدہ سنبھالنےکے بعد ارب پتی افراد کی فہرست میں تنزلی کے بعد 248 ویں نمبر پر آگئے ہیں جب کہ صدر بننے سے قبل وہ 156 ویں نمبر پر براجمان تھے.

    تفصیلات کے مطابق صدر بننے کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ کے اثاثوں میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے جس کے بعد وہ امیر ترین امریکیوں کی فہرست میں 92 درجے تنزلی کے بعد 156 سے 248 ویں پوزیشن پر آگئے ہیں جب کہ محض ایک سال کے دورِ صدارت کے دوران ٹرمپ کے اثاثوں میں ساٹھ کروڑ ڈالر کی نمایاں کمی واقع ہوئی ہے.

    ذرائع کے مطابق یہ اعداد و شمار جریدے فوربس میں شائع ہوئے جس نے حال ہی میں چار سو امیر ترین امریکی شخصیات کی 36 ویں سالانہ فہرست جاری کی ہے جس کے مطابق گزشتہ برس کی نسبت امریکی صدر اور ریئل اسٹیٹ ٹائیکون ڈونلڈ ٹرمپ کے اثاثوں میں ساٹھ کروڑ ڈالر کی کمی ہوئی ہے.

    دوسری جانب عام تاثر یہ ہے کہ پاکستان میں معمولی سا اقتدار ملنے کے بعد سیاسی رہنماؤں کے اثاثوں میں دن دگنی اور رات چوگنی کے مصداق حیران کن حد تک اضافہ ہوجاتا ہے اور یہی نہیں پاکستانی حکمرانوں کے اپنے کاروبار مین تو بڑھوتی ہوتی رہتی ہے لیکن قومی ادارے تنزلی کا شکار رہتے ہیں.

    ایسی صور تحال میں جب کہ پاکستانی حکمراں غیرقانونی اثاثہ جات بنانے کے الزام میں پاناما کیس اور اب نیب ریفرنس میں پیشیاں بھگت رہے ہیں وہاں  امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اقتدار میں آنے کے بعد سے اثاثوں میں اضافے کے بجائے کمی پاکستانی سیاستدانوں کے بڑھتے اثاثوں پر سوالیہ نشان ہیں.


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔