Tag: اجازت

  • ایران کو یورپی پابندیوں سے بچ نکلنے کی اجازت نہیں دیں گے، برطانیہ

    ایران کو یورپی پابندیوں سے بچ نکلنے کی اجازت نہیں دیں گے، برطانیہ

    لندن :برطانیہ نے باور کرایا ہے کہ ایران کو اپنی پیش کردہ ان ضمانتوں کی پاسداری کرنا چاہیے کہ تیل بردار جہازگریس 1 شام ہر گز نہیں جائے گا۔

    تفصیلات کے مطا بق برطانوی وزارت خارجہ کے ترجمان نے ایک بیان میں مزید کہا کہ ہم ایران یا کسی بھی شخص کو اس بات کی اجازت ہر گز نہیں دیں گے کہ وہ ایسی حکومت کے حوالے سے یورپی یونین کی پابندیوں کو چکمہ دے جس نے اپنے عوام کے خلاف کیمیائی ہتھیاروں کا استعمال کیا ہو۔

    ترجمان کے مطابق ایران کی جانب سے آبنائے ہرمز میں تجارتی جہازوں کو غیر قانونی طور پر تحویل میں لینے یا ان پر حملہ کرنے کا ‘ جبل طارق کی حکومت کے شام پر عائد یورپی یونین کی پابندیوں پر عمل درامد کے ساتھ کوئی موازنہ یا تعلق نہیں۔

    ادھر جبل طارق میں شائع ہونے والے ایک اخبار نے بتایا کہ جبل طارق کے حکام نے اپنی تحویل میں موجود ایرانی تیل بردار جہاز کو آزاد کر دیا،بعد ازاں اعلان کیا گیا کہ جبل طارق میں عدالت عظمی نے مذکورہ جہاز کی رہائی کا فیصلہ جاری کیا تھا۔

    میڈیا ذرائع کا کہنا ہے کہ ایرانی تیل بردار جہاز”گریس 1“ کی رہائی کا فیصلہ ، ایرانی حکومت کی جانب سے جبل طارق کے حکام کو موصول ہونے والی تحریری سرکاری یقین دہانی کے بعد عمل میں آیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق تحریری یقین دہانی میں کہا گیا تھا کہ جہاز میں لدے تیل کو شام میں نہیں اتارا جائے گا۔

    دوسری جانب لندن میں ایرانی سفیر حمید بعید نجاد نے اپنی فارسی میں کی گئی ایک ٹویٹ میں کہا کہ امریکا نے آخری لمحات میں تیل بردار جہاز کی رہائی روکنے کے لیے انتہائی کوششیں کیں مگر اسے بدترین ہزیمت کا سامنا کرنا پڑا۔

    سفیر نے مزید کہا کہ تمام تیاریاں پوری کر لی گئی ہیں اور تیل بردار جہاز جبل طارق سے جلد روانہ ہو جائے گا۔

  • اسرائیل کا رشیدہ طلیب اور الہان عمر کو داخلے کی اجازت سے انکار

    اسرائیل کا رشیدہ طلیب اور الہان عمر کو داخلے کی اجازت سے انکار

    واشنگٹن/یروشلم : اسرائیل نے صیہونی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنانے والی امریکی کانگریس کی دو خواتین رکن رشیدہ طلیب اور الہان عمر کو دورہ اسرائیل سے روک دیا۔

    تفصیلات کے مطابق ظالم صیہونی ریاست اسرائیل کی حکومت نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دباؤ پر امریکی کانگریس کی مسلمان رکن خواتین کو اسرائیل کے دورے کی اجازت دینے سے انکار کردیا ہے، الہان عمر اور رشیدہ طلیب نے اگلے ہفتے مقبوضہ مغربی کنارے اور مشرقی یروشلم کا دورہ کرنا تھا۔

    دونوں مسلمان خواتین رکن اسرائیلی حکومت کے خلاف ’بائیکاٹ تحریک‘ کی حمایت کرتی ہیں اوراسرائیلی قانون مہم کے حامیوں کے دورے پر پابندی عائد کرنے کی اجازت دیتا ہے۔

    واضح رہے کہ صدر ٹرمپ نے ٹویٹ میں کہا تھا کہ ’ان دو خواتین کو دورے کی اجازت دینا اسرائیل کی کمزوری ہوگی‘۔

    صدر ٹرمپ نے ٹویٹ میں دونوں قانون سازوں کو دورے سے روکنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دونوں خواتین ’اسرائیل اور یہودیوں سے نفرت کرتی ہیں‘ اور ان کے خیالات کو تبدیل کرنا ممکن نہیں ہے۔

    صدر ٹرمپ نے کہا کہ یہ دونوں خواتین منی سوٹا اور مشی گن کے لیے باعث ندامت ہیں اور وہاں کے لوگوں کے لیے انہیں دوبارہ منتخب کرنا بہت مشکل ہو گا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہناتھا کہ الہان عمر اور رشیدہ طلیب دونوں کو اسرائیلی ناقد ہونے کےباعث تنقید کا بنایا گیا تھا لیکن مذکورہ اراکین کانگریس یہودی مخالف ہونے کے الزامات کی تردید کرتی رہی ہیں۔

    الہان عمر اور راشدہ طلیب 18 سے 22 اگست تک یروشلم کا دورہ کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں، جہاں مسلمانوں کا قبلہ اول اور یہودیوں کے اہم مذہبی مقامات موجود ہیں۔

    وال سٹریٹ جرنل کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ یہ دونوں خواتین اسرائیل پہنچنے کے بعد یروشلم، بیت لحم ، الخلیل اور رام اللہ جانے کا ارادہ رکھتی تھیں۔ فلسطینیوں سے متعلق اسرائیلی حکومت کی پالیسی پر ان کی تنقید سے کئی حلقوں میں سوالات اٹھائے جا رہے تھے۔

    اجلاس کے بعد اسرائیل کے سرکاری اہل کاروں نے میڈیا کو بتایا کہ اس بات کا واضح امکان موجود ہے کہ اسرائیل امریکی کانگریس کی ان دونوں ارکان کو یروشلم کا دورہ کرنے کی اجازت نہ دے۔

    الہان عمر اور راشدہ طلیب ڈیموکریٹک پارٹی کی طرف سے امریکی ایوان نمائندگان میں منتخب ہونے والی دو پہلی مسلمان خواتین ہیں۔

  • ہواوے کو دوبارہ امریکی کمپنیوں کے ساتھ تجارت کی اجازت مل گئی

    ہواوے کو دوبارہ امریکی کمپنیوں کے ساتھ تجارت کی اجازت مل گئی

    واشنگٹن : امریکی حکومت نے چین کی معروف ٹیکنالوجی کمپنی ’ہواوے‘ پر عائد پابندیوں میں نرمی کا اعلان کردیا، ڈونلڈ ٹرمپ نے چینی مصنوعات پر نئے ٹیکس عائد نہ کرنے کا وعدہ کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وائٹ ہاﺅس کے اقتصادی مشیر لاری کوڈلو نے کہا ہے کہ امریکا اور چین کے درمیان تجارتی امور پر مذاکرات امریکی کمپنیوں کو ہواوے کی مصنوعات کی فروخت کے لائسنس جاری کرنے کا بہترین موقع ہے۔

    لاری کوڈلو کا کہنا تھا کہ چین کی سب سے بڑی ٹیکنالوجی کمپنی ‘ہواوے’ پر عائد کردہ پابندیوں میں نرمی عام معافی نہیں، چینی کمپنی پر بعض پابندیاں بدستور برقرار رہیں گی۔

    اقتصادی مشیر کا بیان ایسے وقوت میں سامنے آیا ہے جب ہفتے کے روز چینی اور امریکی صدور نے دونوں ملکوں کے درمیان جاری معاشی جنگ ختم کرنے کا اعلان کیا تھا، بات چیت کے دوران امریکی حکومت نے چینی مصنوعات پر نئے ٹیکس عائد نہ کرنے کا وعدہ کیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہناتھا کہ دونوں معاشی طاقتوں کے درمیان جاری تجارتی محاذ آرائی کے جلو میں چینی صدر سے جاپان میں ہونے والی ملاقات میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے لچک دار رویہ اپنایا۔

    امریکی حکومت نے چینی ٹیکنالوجی کمپنی ‘ہواوے’ کی مصنوعات کی خرید وفروخت کی اجازت دے دی ہے اور باور کرایا ہے کہ چینی مصنوعات امریکا کی قومی سلامتی کے لیے خطرہ نہیں بنیں گی۔

    وائٹ ہاﺅس کے مشیر نے انٹرویو میں کہا کہ چین کے ساتھ تجارت کے لیے بہترین موقع ہے، وزیر تجارت ویلبر روس کو چاہیے کہ وہ پرمٹ جاری کرنے کا دروازہ کھول دیں۔

    خیال رہے کہ امریکا نے رواں سال چینی ٹیکنالوجی کمپنی ہواوے کے موبائل فون کی خریداری پر یہ کہہ کر پابندی عاید کر دی تھی کہ ان موبائلوں میں استعمال ہونے والی ٹیکنالوجی جاسوسی کے مقاصد کے لیے استعمال کی جا سکتی ہے۔

    ‘ہواوے نے امریکا کی طرف سے جاسوسی کے الزام کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ واشنگٹن کے پاس ہواوے کے خلاف جاسوسی کے حوالے سے دعوے کا کوئی ٹھوس ثبوت یا دلیل نہیں۔

    امریکی کانگرس کے بعض ارکان جن میں ری پبلیکن کے ٹیڈ کروز اور مارکو روبیو بھی شامل ہیں کو خدشہ ہے کہ اگرہواوے کو امریکا میں مکمل آزادی کے ساتھ کام کی اجازت دی جاتی ہے یہ کمپنی امریکا کی حساس ٹیکنالوجی یا مارکیٹ پر غیر معمولی انداز میں اثر انداز ہو سکتی ہے۔

  • بیت المقدس کا تشخص تباہ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی،القسام بریگیڈ

    بیت المقدس کا تشخص تباہ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی،القسام بریگیڈ

    تہران/یروشلم : القسام بریگیڈ کے ترجمان کا کہنا ہےکہ القدس کا تشخص تبدیل کرنے یا اس کی تاریخی میراث لوٹنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

    تفصیات کے مطابق اسلامی تحریک مزاحمت حماس کے عسکری ونگ عزالدین القسام بریگیڈ نے کہا ہے کہ بیت المقدس فلسطینی قوم اور قابض صہیونیوں کے درمیان جاری کشمکش کا آئیکون ہے، بندوقوں کا رخ اور مزاحمت کا قطب نما ہے۔

    مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق القسام بریگیڈ کے ترجمان ابو عبیدہ نے انسٹا گرام پر پوسٹ ایک بیان میں کہا کہ بیت المقدس کے تشخص کو تباہ کرنے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی۔

    فلسطینی قوم اور القسام بریگیڈ دفاع القدس کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گی۔ القدس کا تشخص تبدیل کرنے یا اس کی تاریخی میراث لوٹنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

    القسام بریگیڈ کی طرف سے یہ بیان عالمی یوم القدس کی مناسبت سے جاری کیا گیا، عالمی یوم القدس کا اعلان 1979ءمیں ایران کے سابق رہبر اعلیٰ آیت اللہ علی خامنہ ای نے ہر ماہ صیام کے آخری جمعہ کے روز منعقد کرنے کا اعلان کیا تھا

    ۔ابو عبیدہ کا کہنا تھا کہ فلسطینی مزاحمت دفاع القدس کی جنگ میں ہمیشہ پیش پیش رہے گی۔فلسطینیوں نے مزاحمت کے ذریعے دشمن کی طرف سے قضیہ فلسطین کے تصفیے کی تمام سازشیں ناکام بنائیں اور آئندہ بھی القدس اور الاقصی کے خلاف سازشیں ناکام بنائی جائیں گی۔

    القسام بریگیڈ نے آئندہ ماہ بحرین میں منعقدہ عالمی اقتصادی کانفرنس کو قضیہ فلسطین کے تصفیے کے لیے امریکا اور اسرائیل کی گہری سازش قرار دیا ہے۔

  • ورلڈکپ2019: کرکٹرز کو فیملی ساتھ رکھنے کی اجازت مل گئی

    ورلڈکپ2019: کرکٹرز کو فیملی ساتھ رکھنے کی اجازت مل گئی

    لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی ورلڈکپ 2019 کے دوران کرکٹرز کو اپنی فیملی ساتھ رکھنے کی اجازت دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق پی سی بی نے ورلڈکپ کے میں کھلاڑیوں کو چوتھے میچ کے بعد فیملی کو ساتھ رکھنے کی اجازت دے دی ہے۔

    قومی کرکٹ ٹیم اپنا چوتھا میچ 12 جون کو آسٹریلیا کے خلاف کھیلے گی جس کے بعد کھلاڑی اپنی فیملی کو ساتھ رکھ سکیں گے۔

    پی سی بی نے آئی سی سی ورلڈکپ 2019 کے دوران کھلاڑیوں پر فیملی کو ساتھ رکھنے پر پابندی عائد کی تھی۔

    پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق کرکٹرز نے بورڈ کو فیصلے پر نظرثانی کی درخواست کی تھی جبکہ دیگر ٹیموں کے رجحان کو بھی دیکھ کر یہ فیصلہ کیا گیا۔

    پی سی بی کے مطابق بھارت سمیت دیگر ٹیموں کو بھی ورلڈکپ کے کچھ حصے کے لیے فیملیز کو ساتھ رکھنے کی اجازت ہے۔

    وارم اپ میچ، افغانستان نے پاکستان کو 3 وکٹوں سے شکست دے دی

    یاد رہے کہ 24 مئی کو افغانستان کے خلاف پہلے وارم اپ میچ میں قومی کرکٹ ٹیم نے افغانستان کو جیت کے لیے 263 رنز کا ہدف دیا تھا جو افغانستان نے 7 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا تھا۔

  • ٹرمپ انتظامیہ کانگریس کی اجازت کے بغیر سعودیہ کو اسلحہ کی فروخت کے لیے کوشاں

    ٹرمپ انتظامیہ کانگریس کی اجازت کے بغیر سعودیہ کو اسلحہ کی فروخت کے لیے کوشاں

    واشنگٹن : ٹرمپ انتظامیہ مشرق وسطیٰ میں اپنے اہم اتحادی سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کو 7 ارب ڈالر مالیت کا اسلحہ فروخت کرے گی۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ نے کہا ہے کہ اس نے کانگریس کو بتا دیا ہے کہ وہ ہنگامی حالات کے تحت حاصل اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے کانگریس کی منظوری کے بغیر سعودی عرب کو اسلحہ کی فروخت یقینی بنائے گی۔

    امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق ٹرمپ انتظامیہ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کو 7 ارب ڈالر مالیت کا اسلحہ فروخت کرے گی۔

    وزیر خارجہ مائیک پومپیو اور دیگر سینیر حکام سعودی عرب کو اسلحہ کی فروخت روکنے کے بل کو غیر موثر کرنے اور روکی گئی دفاعی مصنوعات سعودی عرب کو مہیا کرنے کے لیے ہنگامی پلان پرعمل درآمد کرنا چاہتے ہیں۔

    امریکی سینیٹر باب مینینڈیز کا کہنا تھا کہ کانگریس کو بتایا گیا کہ امریکی انتظامیہ سعودی عرب کو ہنگامی بنیادوں پر اسلحہ کی فروخت کا ارادہ رکھتی ہے۔ کانگریس میں اعتراضات کے باوجود ٹرمپ انتظامیہ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات سمیت دیگر ملکوں کو اسلحہ کی فروخت جاری رکھے گی۔

    خیال رہے کہ امریکی وزارت خارجہ کو اسلحہ کی فروخت کی مانیٹرنگ پر اعتراض کا اختیار حاصل ہے۔ کانگریس کے قانون کے تحت امریکی انتظامیہ کے لیے ضروری ہے کہ وہ کسی بھی ملک کو اسلحہ کی فروخت سے قبل کانگریس کو مطلع کرے۔

    تاہم ہنگامی حالت میں صدر کو یہ اختیار ہے کہ وہ کانگریس کو بتائے بغیر امریکا کے قومی سلامتی کے مفاد کے پیش نظر کسی بھی ملک کو اسلحہ فروخت کرے۔

  • اقوام متحدہ نے سینئر طالبان رہنماؤں کو سفر کی اجازت دے دی

    اقوام متحدہ نے سینئر طالبان رہنماؤں کو سفر کی اجازت دے دی

    نیویارک : اقوام متحدہ نے دوحہ میں قائم طالبان کے سیاسی سفتر کے سربراہ ملا عبدالغنی برادر سمیت گیارہ رہنماؤں سفر کی اجازت دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ کی جانب سے تحریک طالبان سے امن مذاکرات کے بعد طالبان رہنماؤں عائد سفری پابندی اٹھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    سلامتی کونسل نے واضح کیا ہے کہ دوحہ میں قائم طالبان کے سیاسی دفتر کے سربراہ ملا عبدالغنی برادر اور ڈپٹی لیڈر شیر محمد عباس اسٹانکزئی سمیت دوسرے اراکین کو بین الاقوامی سفر کی اجازت دیدی گئی ہے۔

    طالبان کے منجمد اثاثوں کی محدود بحالی بھی کردی گئی ہے، ادھر طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے سلامتی کونسل کے اقدامات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے رہنماﺅں کو کو اقوام متحدہ کی جانب سے دئیے گئے اس استثنیٰ کا علم ہے۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق سلامتی کونسل نے جاری ایک بیان میں کہا کہ یہ اجازت صرف امن اور مصالحتی مذاکرات میں شرکت کے لیے مخصوص ہے، اس اجازت کا اطلاق رواں برس یکم اپریل سے اکتیس دسمبر تک ہوگا۔

    اس بیان میں طالبان کے منجمد اثاثوں کی محدود بحالی بھی کی گئی ہے، اس سہولت کے بعد قطر میں ہونے والے مذاکرات میں طالبان نمائندے بھرپور طریقے سے شرکت کریں گے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ افغان میڈیا نے دعویٰ کیا تھا کہ افغان میڈیا کے مطابق مذاکرات مثبت سمت کی جانب جا رہے ہیں تاہم کچھ معاملات پر ابھی بھی رکاوٹ موجود ہے۔

    امریکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ مذاکرات کار کوشش کر رہے ہیں کہ درپیش رکاوٹوں پر قابو پایا جائے، طالبان نمائندے ذبیح اللہ مجاہد کا کہنا تھا کہ مذاکرات میں ان کا صرف اس بات پر اصرار ہے کہ تمام قابض افواج افغانستان سے نکل جائیں۔

  • حمزہ شہبازشریف لندن روانہ ہوگئے

    حمزہ شہبازشریف لندن روانہ ہوگئے

    لاہور: پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہبازشریف لندن روانہ ہوگئے، وہ براستہ دوحا لندن پہنچیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے رہنما حمزہ شہبازشریف قطرایئرویز کی پرواز 629 کے ذریعہ لندن روانہ ہوگئے۔ انہوں نے لاہور ہائی کورٹ کو بیرون ملک روانگی سے متعلق آگاہ کیا۔

    مسلم لیگ ن کے رہنما حمزہ شہبازطے شدہ شیڈول کے مطابق 13 فروری کو واپس وطن پہنچیں گے۔

    حمزہ شہباز شریف نے اپنا نام بلیک لسٹ میں شامل ہونے کے خلاف لاہور ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا جس پرعدالت نے ان کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا حکم جاری کیا تھا۔

    لاہور ہائی کورٹ میں حمزہ شہبازکے وکیل اعظم نذیرتارڑ نے یقین دہائی کرائی تھی کہ ان کے موکل 10 دنوں میں واپس پاکستان آجائیں گے۔

    حمزہ شہباز شریف کو 10دن کے لیے بیرون ملک جانے کی اجازت مل گئی

    عدالت نے حمزہ شہباز کی درخواست پر وفاقی حکومت کو نوٹس جاری کرکے جواب طلب کیا تھا۔ بعد ازاں وفاقی وزارت داخلہ نے حمزہ شہباز کا نام بلیک لسٹ سے نکال دیا تھا۔

    واضح رہے کہ 11 جنوری 2019 کو قومی احتساب بیورو (نیب) نے چنیوٹ میں رمضان شوگر ملز کیس کا ریفرنس مکمل کرکے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو ملزم نامزد کیا تھا، چیئرمین نیب کی منظوری کے بعد ریفرنس عدالت میں دائر کیا جائے گا۔

  • ڈاکٹرعاصم کوعلاج کےلیے بیرون ملک جانے کی اجازت

    ڈاکٹرعاصم کوعلاج کےلیے بیرون ملک جانے کی اجازت

    کراچی : احتساب عدالت نے پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما ڈاکٹرعاصم حسین کو علاج کے لیے بیرون ملک جانے کی اجازت دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت میں پیپلزپارٹی کے رہنما ڈاکٹرعاصم حسین کی جانب سے بیرون ملک علاج کے لیے جانے کی درخواست پرسماعت ہوئی۔

    عدالت میں سماعت کے دوران درخواست گزار کی جانب سے میڈیکل رپورٹ پیش کی گئی جس میں بتایا گیا ہے کہ ڈاکٹرعاصم بیمار ہیں۔

    ڈاکٹرعاصم حسین نے احتساب عدالت سے درخواست کی کہ انہیں علاج کے لیے بیرون ملک جانے کی اجازت دی جائے۔

    احتساب عدالت نے پیپلزپارٹی کے رہنما کی درخواست منظور کرتے ہوئے انہیں بیرون ملک جانے کی اجازت دے دی۔ ڈاکٹرعاصم حسین 2 اکتوبر سے 30 اکتوبرتک بیرون ملک اپنا علاج کرواسکتے ہیں۔

    یاد رہے کہ گزشتہ سماعت پرعدالت کی جانب سے ڈاکٹرعاصم حسین کی میڈیکل رپورٹ طلب کی گئی تھی۔

    ہاتھ پھیلانا چھوڑیں اور اپنی چیزیں بہتر بنائیں‘ ڈاکٹر عاصم

    واضح رہے کہ گزشتہ ماہ پیپلزپارٹی کے رہنما ڈاکٹر عاصم حسین کا کہنا تھا کہ ہاتھ پھیلانا چھوڑیں، اپنی چیزیں بہتر بنائیں، منی بجٹ میں ٹیکس دینے والوں کو مار دیا ہے، ملک میں ٹیکس پیئرز بڑھانے چاہئیے۔

    ڈاکٹر عاصم کا کہنا تھا کہ پاکستان معاشی طور پر تباہ ہوچکا ہے، ٹیکس کا دائرہ کار بڑھایا جائے، خود پر انحصار کریں، عمران خان آخری آپشن ہیں۔

  • کینیڈا میں مقیم سعودی طالب علموں کو تعلیم جاری رکھنے کی اجازت مل گئی

    کینیڈا میں مقیم سعودی طالب علموں کو تعلیم جاری رکھنے کی اجازت مل گئی

    اوٹاوا : کینیڈا میں مقیم 1 ہزار سے زائد سعودی طالب علموں کو ریاض حکومت نے تعلیم جاری رکھتے ہوئے میڈیکل ٹریننگ مکمل کرنے کی اجازت دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب اور کینیڈا کے درمیان جاری تنازعہ کے باعث ایک ہزار سے زائد سعودی طالب علموں کا مستقبل تباہ ہونے سے بچانے کے لیے سعودی حکومت میڈیکل ٹرینگ مکمل کرنے کی اجازت دے دی ہے۔

    خیال رہے کہ سعودی حکومت نے کینیڈین حکومت سے سفارتی تعلقات خراب ہونے کے بعد کینیڈا میں زیر تعلیم سعودی شہریوں کی اسکالر شپ منسوخ کرتے ہوئے انہیں دیگر ممالک میں منتقل ہونے کے نوٹس جاری کیے تھے۔

    کینیڈا ہیلتھ کیئرکین کے صدر پال کولیسٹر کا کہنا تھا کہ سعودی حکومت کی طرف ست طالم علموں کو کینیڈا میں میڈیکل ٹرینگ جاری رکھنے کی اجازت دی گئی ہے۔

    ہیلتھ کیئرکین کے صدر کا کہنا تھا کہ سعودی حکومت کی جانب سےتعلیم جاری رکھنے کی اجازت کے بعد طالب علم اپنا میڈیکل پروگرام دیگر ممالک میں بھی منتقل کرسکتے ہیں لیکن تعلیم کسی دوسرے ملک منتقل کرنے کے لیے تقریباً 18 ماہ وقت لگتا ہے۔

    پال کولیسٹر کا کہنا تھا کہ زیادہ تر سعودی طالب علم کینیڈا میں ہی اپنی میڈیکل ٹریننگ مکمل کرنا چاہتے ہیں اور بیشتر طالب علموں کا آخری تعلیمی سال ہے۔


    کینیڈا سعودیہ تنازعہ، جسٹن ٹروڈو نے معاملہ حل کرنے کے لیے کوششیں تیز کردی


    یاد رہے کہ کینیڈا کی وزارت خارجہ اور ریاض میں سفارت خانے کی جانب سے سعودی عرب میں گرفتار سماجی کارکنان کی رہائی کے لیے دباؤ ڈالا گیا تھا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کے مطابق معاملے پرکینیڈا کا موقف ملکی معاملات میں واضح مداخلت ہے۔

    داخلی معاملات میں مداخلت کے بعد سعودی عرب نے کینیڈا سے درآمد کیے جانے والے اجناس پر پابندی عائد کر دی تھی، یہ امر اہم ہے کہ سعودی عرب اور کینیڈا کے درمیان دو طرفہ تجارت کا سالانہ حجم چار ارب ڈالر کے مساوی ہے۔

    خیال رہے کہ کینیڈین حکومت کی جانب سے سعودی عرب کے ساتھ جاری سفارتی تعلقات میں تنازعے کے حل کے لیے متحدہ عرب امارت اور برطانوی حکومت سے رابطہ بھی کیا ہے تاکہ وہ سعودی عرب کے ساتھ جاری سفارتی تنازعہ کو دوستی میں بدلنے کے لیے کردار ادا کرے۔