Tag: اجتماعی شادی

  • بڑا فراڈ: اجتماعی شادی کے نام پر پیسہ جمع کر کے منتظمین فرار

    بڑا فراڈ: اجتماعی شادی کے نام پر پیسہ جمع کر کے منتظمین فرار

    مہنگائی کے دور میں غریب خاندانوں کیلیے اجتماعی شادی کسی نعمت سے کم نہیں مگر ایک گروہ اسی نام پر غریبوں سے فراڈ کر گیا۔

    آج کل مہنگائی کے دور میں جہاں غریب اور متوسط طبقے کے لیے دو وقت کی روٹی کا بندوبست کرنا مشکل امر ہوتا جا رہا ہے وہاں شادی کے اخراجات برداشت کرنا تو غریب کے لیے ناممکن بن چکا ہے۔

    ایسے میں کئی گروپ اجتماعی شادیوں کے سلسلے کو فروغ دے رہے ہیں جس سے فائدہ اٹھا کر سفید پوش افراد اپنے بیٹوں اور بیٹیوں کے گھر بسا رہے ہیں لیکن بھارت میں ایک نوسرباز گروہ نے اجتماعی شادی کے نام پر غریبوں سے ہی فراڈ کر دیا۔

    دھوکا دہی کا یہ افسوسناک واقعہ بھارتی ریاست گجرات کے علاقے راجکوٹ میں پیش آیا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق راجکوٹ میں ’’رشی ونش سماج‘‘ کے نام پر ایک تنظیم نے اجتماعی شادیوں کا پروگرام مرتب کیا، لیکن جب دولہا اور دلہن اپنے مختصر اہلخانہ کے ہمراہ تنظیم کی بتائی گئی جگہ پہنچے تو وہاں سناٹا چھایا ہوا تھا۔

    دولہا، دلہن اور ان کے خاندانوں نے کافی دیر تک منتظمین کا انتظار کیا، لیکن ان کا کچھ اتا پتہ نہ چلا جس کے باعث متاثرین نے پولیس کو رپورٹ درج کرائی اور اپنے ساتھ ہونے والے بڑے فراڈ کا انکشاف کر دیا۔

    پولیس کے مطابق درخواست گزاروں نے بتایا کہ شادی کرنے کے خواہشمند 28 جوڑوں سے 15 سے 40 ہزار فی جوڑا رقم انتظامات کے نام پر وصول کی گئی اور یہ رقم لے کر وہ گروہ رفو چکر ہوگیا۔

    راجکوٹ پولیس نے پدمنا نگر اسٹیشن میں دھوکہ دہی اور مجرمانہ سازش جیسی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا ہے۔ اس معاملے میں مرکزی منتظم سمیت کل چھ لوگوں کے خلاف شکایت درج کی گئی ہے۔

    ان میں سے دلیپ گوہل، دیپک ہیرانی، اور منیش وٹھل پارا کو گرفتار کر لیا گیا ہے، جبکہ ہاردک شیشنگیا، دلیپ ورسندا، اور مرکزی ملزم چندریش چھترالا کی تلاش جاری ہے۔

    پولیس کو موصول ہونے والی معلومات کے مطابق اس اجتماعی شادی کی تقریب کے لیے چند مخیر حضرات سے چندہ بھی لیا گیا تھا۔ اس کے علاوہ دولہا اور دلہن کے اہل خانہ سے 15 سے 40 ہزار روپے بھی لیے گئے۔

    https://urdu.arynews.tv/champions-trophy-2025-pak-vs-india-match-groom-innitiative/

  • ویڈیو: سعودی عرب میں 300 جوڑوں کی اجتماعی شادی، ہر جوڑے کو گھر اور گاڑی کا تحفہ!

    ویڈیو: سعودی عرب میں 300 جوڑوں کی اجتماعی شادی، ہر جوڑے کو گھر اور گاڑی کا تحفہ!

    سعودی عرب میں 300 جوڑوں کی اجتماعی شادی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی جس میں ہر جوڑے کو گھر اور گاڑی کا تحفہ دیا گیا۔

    عرب میڈیا کے مطابق سعودی عرب میں اجتماعی شادی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی جس میں 300 جوڑے رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے۔ ہر جوڑے کو نئی زندگی کے آغاز پر گاڑی اور گھر کا تحفہ دیا گیا۔

    اس تقریب کا اہتمام سعودی عرب کی جنرل انٹرٹینمنٹ اتھارٹی کے چیئرمین ترکی الشیخ نے کیا تھا۔

    ریاض سیزن کے تحت بولیوارڈ سٹی کے ابوبکر سالم تھیٹر میں ’’لیلہ العمر‘ کے عنوان سے تقریب میں دولہا ان کے اہل خانہ و دوستوں کے ہمراہ موجود تھے۔ تمام دولہے روایتی سعودی سفید لباس زیب تین کیے ہوئے تھے۔ ان کے چہروں پر خوشی رقصاں تھی اور وہ خود بھی رقص کرتے دکھائی دیے۔

    نوبیاہتا جوڑوں کے لیے صرف شاندار تقریب کا اہتمام ہی نہیں کیا گیا تھا بلکہ اس تقریب کے لیے بہت سے سرکاری اور نجی اداروں نے تحائف فراہم کیے تھے۔

     

    دولہا اور دلہن کو نئی زندگی کی شروعات پر گھر اور گاڑی کے تحائف بھی دیے گئے۔ اجتماعی شادی کی یہ تقریب متعدد ٹی وی چینلز اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر براہ راست نشر کی گئی۔

  • سعودی عرب: ایک ہزار جوڑوں کی اجتماعی شادی

    سعودی عرب: ایک ہزار جوڑوں کی اجتماعی شادی

    سعودی عرب کے شہر جدہ میں ایک ہزار جوڑوں کی اجتماعی شادی کی تقریب منعقد کی گئی، جس میں کمشنر جدہ شہزادہ سعود بن عبداللہ بن جلوی بھی شریک ہوئے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اجتماعی شادی کی تقریب کو ’فرح جدہ 2024‘ (جدہ کی خوشی) کا عنوان دیا گیا تھا۔

    فلاحی تنظیم کی جانب سے اجتماعی شادی کی تقریب کا اہتمام کیا گیا، ضرورت مند خاندانوں کی مدد اور ایسے نوجوان جو شادی کے اخراجات برداشت کرنے کے قابل نہیں ہوتے انکی شادی کا اہتمام کیا جاتا ہے۔

    فلاحی تنظیم کی جانب سے اجتماعی شادی کی تقریب کا انعقاد شاہ فیصل یونیورسٹی کے کمپلیکس میں کیا گیا جہاں شہر کے معروف تاجر اور نمایاں شخصیات کو بھی مدعو کیا گیا تھا۔

    فلاحی تنظیم کے سی ای او ڈاکٹر انس زرعہ نے اس موقع پر گورنر مکہ مکرمہ کا خصوصی شکریہ ادا کیا جن کی زیر سرپرستی اجتماعی شادی کی تقریب انتہائی کامیابی سے منعقد کی گئی۔

    بھارت: اجتماعی شادی کی تقریب میں جیب کترنے کی شکایات

    اس سے قبل متحدہ عرب امارات کی محبت جھیل پر 9 چینی جوڑوں کی اجتماعی شادی کی پروقار تقریب منعقد کی گئی تھی۔

    عرب میڈیا کے مطابق دبئی کی محبت جھیل پر 9 چینی جوڑوں کی اجتماعی شادی کی شاندار تقریب منعقد کی گئی، محبت آئس لینڈ پر پہلی بار اس طرح کے ایونٹ کا انعقاد کیا گیا جسے بے حد سراہا جارہا ہے۔

    اجتماعی شادی چینی رسم و رواج کے تحت کی گئی، چینی جوڑوں کی جانب سے اس اقدام کو سراہا گیا۔

  • دولھوں، دلہنوں نے گنیز ورلڈ ریکارڈ توڑ دیا

    دولھوں، دلہنوں نے گنیز ورلڈ ریکارڈ توڑ دیا

    جے پور: بھارتی ریاست راجستھان میں دولھوں، دلہنوں نے اجتماعی شادی کا گنیز ورلڈ ریکارڈ توڑ دیا۔

    تفصیلات کے مطابق 12 گھنٹوں میں 2 ہزار 413 شادیوں کا نیا عالمی ریکارڈ بن گیا ہے، یہ ریکارڈ بھارتی ریاست راجستھان میں ایک انوکھی اجتماعی شادی کی تقریب میں بنا، جہاں محض ایک دن میں دو ہزار سے زائد جوڑے شادی کے بندھن میں بندھے۔

    اجتماعی شادیوں کا اہتمام ایک مقامی ٹرسٹ نے کیا، جس کا مقصد پس ماندہ افراد کی شادی میں مدد کرنا تھا، گنیز ورلڈ ریکارڈ کے مطابق 26 مئی کو 2 ہزار 413 جوڑوں نے مخصوص مقام پر جمع ہو کر چھ گھنٹے سے بھی کم وقت میں شادی کی رسمیں ادا کیں۔

    گینز ورلڈ ریکارڈز کے مطابق اس سے قبل سب سے زیادہ شادیوں کا ریکارڈ 2013 میں یمن میں بنا تھا جس میں 963 یمنی جوڑوں نے شادی کی تھی۔

    راجستھان میں اجتماعی شادیوں میں مسلمان اور ہندو دونوں مذاہب کے جوڑے شریک ہوئے، ہندو جوڑوں کے لیے متعلقہ برادریوں کے اہل پجاری جب کہ مسلم جوڑوں کے لیے مسلمان قاضیوں کو قریبی علاقوں سے مدعو کیا گیا تھا۔

    شادی کی تمام رسومات مکمل ہونے کے بعد ہر جوڑے نے حکومتی نمائندوں سے نکاح نامہ وصول کیا، جس کے بعدان نوبیاہتا جوڑوں میں تحائف تقسیم کیے گئے، اور مہمانوں کو کھانا کھلایا گیا۔

    تحائف میں ضروریات زندگی کا سامان جیسا کہ بستر، برتن دیگر گھریلو سامان جیسا کہ ٹی وی، ریفریجریٹر، کولر اور دلہن کے زیورات، غیرہ شامل تھے۔

  • گورنر پنجاب نے دلھنوں کو قرآن پاک اور انگوٹھی کا تحفہ دے دیا

    گورنر پنجاب نے دلھنوں کو قرآن پاک اور انگوٹھی کا تحفہ دے دیا

    مریدکے: گورنر پنجاب چودھری محمد سرور 25 مستحق بچیوں کی اجتماعی شادیوں کی تقریب میں شرکت کے لیے مریدکے کے نواحی گاؤں علی پور ٹبہ پہنچ گئے۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز مریدکے میں گورنر پنجاب چوہدری سرور نے پچیس اجتماعی شادیوں کی تقریب میں شرکت کی، اس موقع پر انھوں نے دلھنوں کو قرآن پاک اور انگوٹھی کا تحفہ دیا۔

    چوہدری سرور نے کہا کہ ہر دلھن میری بیٹی، اور دلھا میرا بیٹا ہے، جو 50 مستحق بچیوں کی شادی کا بندوبست کریں گے، حکومت ان کے نیک کام میں پچاس فی صد مدد کرے گی۔ ہم گورنر ہاؤس میں بھی اجتماعی شادیوں کا اہتمام کر رہے ہیں۔

    گورنر پنجاب نے اس موقع پر حالات حاظرہ پر بھی بات کی، انھوں نے کہا کہ ملک کی معاشی حالت ٹھیک ہو گئی ہے، وزیر اعظم کی ہدایت پر غریبوں کے لیے احساس پروگرام شروع کیا جا رہا ہے، احساس پروگرام کے تحت غریب کو آٹا، چینی، دالیں، گھی سستا اور مفت دیا جائے گا۔

    قبل ازیں، مریدکے میں جب چوہدری سرور تقریب کے لیے پہنچے تو میزبانوں نے انھیں سفید پگڑی پہنائی، بینڈ باجوں اور پھولوں کی پتیاں نچاور کر کے ان کا استقبال کیا۔ تقریب میں ہر جوڑے کو ورک برادران کی جانب سے سوا لاکھ روپے مالیت کا جہیز کا سامان دیا گیا، باراتیوں کی بھی خوب تواضع کی گئی۔

  • بیوی کے ٹیڑھے دانتوں پر شوہر نے طلاق دیدی

    بیوی کے ٹیڑھے دانتوں پر شوہر نے طلاق دیدی

    حیدرآباد: بھارت میں ایک شخص نے بیوی کے دانت ٹیڑھے ہونے پر اسے فوری طور پر طلاق دے دی۔ پولیس نے خاتون کی درخواست پر مقدمہ درج کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق یہ واقعہ بھارتی شہر حیدرآباد میں پیش آیا جہاں شوہر نے بیوی کو صرف اس بنا پر طلاق دے دی کہ اس کے دانت ٹیڑھے تھے۔

    خاتون رخسانہ بیگم نے مقامی تھانے میں مقدمہ درج کراتے ہوئے بیان دیا کہ 27 جون 2017 کو اس کی شادی مصطفیٰ نامی شخص سے ہوئی، شوہر اور سسرال والوں نے زیادہ جہیز کا مطالبہ کیا اور بعدازاں سونا لانے کے لیے بھی کہا۔

    خاتون کے مطابق سسرالیوں کے مطالبے پر میرے والدین نے بہت سی چیزیں دیں، پیسے دیے اور سونا بھی بھیجا لیکن روزبروز شوہر اور اس کے خاندان والوں کے مطالبات بڑھتے گئے اور ان کی ڈیمانڈ پوری نہ ہونے پر وہ مجھے دھمکاتے ہے۔

    یہ بھی پڑھیں: شوہر کے زیادہ محبت کرنے پر خاتون نے طلاق مانگ لی

    رخسانہ بیگم کے بقول کچھ دن بعد جب شوہر گھر آیا تو اس نے کہا کہ میرے ٹیڑھے دانت اسے بالکل پسند نہیں اور اسی وجہ سے وہ اب رشتہ ختم کررہا ہے لہذا اس نے مجھے 10 سے 15 روز گھر تک گھر میں بند کیے رکھا اور جب میری حالت بگڑنے لگے تو میرے والدین کے گھر چھوڑ گیا۔

    خاتون کا کہنا ہے کہ چند روز بعد شوہر نے الزام لگایا کہ میں نے ان کے والدین کے ساتھ بدتمیزی کی ہے اور مجھے تین طلاقیں دے دیں، بعدازاں جب فون پر شوہر سے بات چیت کی تو اس دوران بھی اس نے مجھے تین طلاقیں ایک ساتھ دے دیں۔

    پولیس نے خاتون کی درخواست پر مصطفیٰ کے خلاف انڈین پینل کوڈ کے سیکشن 498 اے کے تحت جہیز مانگنے اور بیک وقت 3 طلاقیں دینے پر مقدمہ درج کرلیا۔

  • پاکستان ہندو کونسل کے تحت کراچی میں اجتماعی شادی کی تقریب کا انعقاد

    پاکستان ہندو کونسل کے تحت کراچی میں اجتماعی شادی کی تقریب کا انعقاد

    کراچی : پاکستان ہندو کونسل کے تحت کراچی میں اجتماعی شادی کی تقریب کا انعقاد کیا گیا، تقریب میں شہریوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی، حاضرین نے زندگی کا نیا سفر شروع کرنے والے جوڑوں کو مبارکباد دی۔

    اے آر وائی نیوز کی نمائندہ عمبرین الطاف کے مطابق پاکستان ریلوے کے وسیع گراؤنڈ میں پاکستان ہندو کونسل کی جانب سے ہندو برادری کے79 جوڑوں کی اجتماعی شادی کا اہتمام کیا گیا، جس میں دولہا دلہن اور ان کے رشتہ داروں کے ساتھ ساتھ مختلف سیاسی وسماجی شخصیات نے بھی شرکت کی، اس موقع پر دولہا دلہن کی خوشی دیدنی تھی۔

    اس موقع پر ہندو برادری کا کہنا تھا کہ ہم پاکستان میں بہت خوش ہیں ہمیں یہاں ہر طرح کی مذہبی آزادی حاصل ہےاور ہمیں ہر طرح کا تحفظ حاصل ہے، ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت پاکستان ہمیں شروع سے آج تک سپورٹ کررہی ہے۔

    اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے ہندو کونسل کے سرپرست اعلیٰ ڈاکٹر رمیش کمار نے کا کہنا تھا کہ کئی سال سے جاری اجتماعی شادیوں کے سلسلے کا مقصد غریب اور ضرورت مندوں کی مدد کرنا ہے۔

    ڈاکٹر رمیش کمار رات گئے تک جاری رہنے والی تقریب میں جہاں دولہا دلہن زندگی کا نیا سفر شروع کرنے پر خوشی سے نہال دیکھائی دیئے وہیں ان دولہا دلہن کے غریب والدین نے بھی پاکستان ہندو کونسل کے اس اقدام کو خوب سراہا، اس موقع پر پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کیلئے خصوصی دعائیں بھی مانگی گئیں۔