ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے 24 جولائی کو بنگلہ دیش میں ہونے والے اجلاس میں بھارت شرکت کرے گا یا نہیں اہم خبر سامنے آ گئی ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق رواں برس 3 اپریل کو چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے ایشین کرکٹ کونسل کی صدارت کا منصب سنبھالا اور رواں ماہ 24 جولائی کو نئی باڈی کا اجلاس بنگلہ دیش میں طلب کیا ہے۔
تاہم گزشتہ دنوں بھارت بنگلہ دیش سے سیاسی تناؤ کی وجہ سے اس اجلاس کی مخالفت میں کھل کر سامنے آیا اور رکن ممالک سے اجلاس میں شرکت نہ کرنے سے متعلق لابنگ شروع کر دی تھی۔
رپورٹ کے مطابق اس سلسلے میں بھارت کی جانب سے رکن ممالک کو اجلاس میں شرکت نہ کرنے پر پرکشش آفرز بھی کی گئیں اور آئی سی سی چیئرمین جے شاہ نے بھی اس کے لیے لابنگ کی۔ جس کے بعد سری لنکا اور اومان نے بھارت کے موقف کی حمایت کر دی، تاہم اکثر رکن ممالک اے سی سی اجلاس کا انعقاد ڈھاکا میں چاہتے ہیں۔
تاہم اب بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے صدر امین الاسلام کا کہنا ہے کہ ایشین کرکٹ کونسل کا اجلاس ڈھاکا میں ہی ہوگا اور اس میں بھارت سمیت تمام رکن ممالک شرکت کریں گے۔
امین الاسلام نے مزید کہا کہ ایشین کرکٹ کونسل کی میٹنگ اہم ہے، جس میں رواں برس ایشیا کپ کے شیڈول کی حتمی منظوری بھی شامل ہے۔
واضح رہے کہ ایشیا کپ رواں برس ستمبر میں بھارت کی میزبانی میں کھیلا جانا ہے۔ تاہم بھارت کی جانب سے گزشتہ دنوں پاکستان میں ہونے والی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے لیے بھارت کے پاکستان نہ آنے اور اپنے میچز ہائبرڈ ماڈل کے تحت دبئی میں کھیلنے پر دونوں ممالک کے درمیان ایک معاہدہ طے پایا تھا۔
اس معاہدے کے تحت 2027 تک ایک دوسرے کے ملکوں میں ہونے والے کرکٹ ایونٹس میں پاکستان اور بھارت اپنے میچز نیوٹرل وینیو پر کھیلیں گے۔ جس کے باعث پورا ایونٹ یا پاکستان کے میچز نیوٹرل وینیو (یو اے ای) میں ہونے کا امکان ہے۔
واضح رہے کہ ایشیا کپ 2025 ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ کے تحت کھیلا جا رہا ہے۔ اس ایونٹ میں پاکستان، بھارت، سری لنکا، بنگلہ دیش، افغانستان اور ایک کوالیفائر ٹیم حصہ لے گی۔
https://urdu.arynews.tv/asian-cricket-councils-annual-meeting/