Tag: اجلاس

  • امن عامہ میں خلل ڈالنے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی ہوگی، وزیراعلیٰ پنجاب

    امن عامہ میں خلل ڈالنے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی ہوگی، وزیراعلیٰ پنجاب

    لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ امن عامہ میں خلل ڈالنے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی ہوگی، قانون ہاتھ میں لینے والےعناصر کے خلاف قانون اپنا راستہ خود بنائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیرصدارت صوبائی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں کابینہ نے پنجاب ای سٹیمپ رولز 2016 میں ترامیم کی منظوری دے دی۔ ای اسٹیمپ رولزمیں ترامیم سے عوام کو آن لائن ادائیگی کی سہولت ملے گی۔

    اجلاس میں پنجاب پولیس رولز 2017 میں ترامیم کا معاملہ محکمہ قانون کی اجازت سے مشروط کردیا گیا۔ وزیرقانون راجہ بشارت ترامیم کا جائزہ لے کر آئندہ اجلاس میں رپورٹ دیں گے۔

    صوبائی کابینہ کے اجلاس میں انسپکٹر لیگل بی ایس 16 کی بھرتیوں پر پولیس رولز میں ترامیم اور ضابطہ فوجداری کوڈ آف کریمنل پروسیجر میں ترامیم کی منظوری دی گئی۔

    اجلاس میں بتایا گیا کہ ترامیم کے بعد حکومت مجاز افسران کو مجسٹریٹ کے اختیارات تفویض کرسکے گی، اختیارات کے نفاذ کے میکنزم کو مزید مؤثر بنایا جاسکے گا۔

    صوبائی کابینہ کے اجلاس میں یونیورسٹی آف ایگریکلچرملتان کے لیے وائس چانسلرکی تعیناتی کے طریقہ کار کی منظوری دے دی گئی۔

    وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ کسی کو معمولات زندگی میں خلل ڈالنے کی ہرگز اجازت نہیں ہے، امن عامہ میں خلل ڈالنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی ہوگی، قانون ہاتھ میں لینے والےعناصر کے خلاف قانون اپنا راستہ خود بنائے گا۔

    سردار عثمان بزدار نے کہا کہ امن کا قیام اور عوام کے جان ومال کا تحفظ ریاست کی ذمہ داری ہے، ریاست عوام کے جان ومال کے تحفظ کی ذمہ داری نبھائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ صوبے میں عوام کے جان و مال کا تحفظ پہلی ترجیح ہے۔

  • وفاقی کابینہ کا اجلاس 16 اکتوبر کو طلب کرلیا گیا

    وفاقی کابینہ کا اجلاس 16 اکتوبر کو طلب کرلیا گیا

    اسلام آباد: وفاقی کابینہ کا اجلاس 16 اکتوبر کو طلب کرلیا گیا، اجلاس میں کابینہ سے وزیر اعظم کے غیر ملکی دوروں پر مشاورت سمیت مختلف امور زیر غور آئیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ کا اجلاس 16 اکتوبر بروز بدھ کو طلب کرلیا۔ وفاقی کابینہ کے اجلاس کا 15 نکاتی ایجنڈا جاری کردیا گیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ کابینہ اجلاس میں وزیر اعظم دورہ چین پر کابینہ کو اعتماد میں لیں گے، وزیر اعظم کے دورہ سعودی عرب اور ایران پر بھی مشاورت کی جائے گی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ملکی سیاسی اور معاشی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا۔ کابینہ کو متروکہ وقف املاک کے اثاثہ جات پر بریفنگ دی جائے گی۔ اسلام آباد ماسٹر پلان پر بھی کابینہ کو بریفنگ دی جائے گی۔

    اجلاس میں کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کی تنظیم نو پر بھی کابینہ کو بریف کیا جائے گا، اجلاس میں عوامی مفادات سے متعلق اقدامات پر عملدر آمد رپورٹ کا جائزہ لیا جائے گا جبکہ اقتصادی رابطہ کمیٹی کے گزشتہ اجلاس کے فیصلوں کی توثیق کی جائے گی۔

    کابینہ اجلاس کے ایجنڈے میں نیشنل فرٹیلائزر مارکیٹنگ لمیٹڈ کے مینیجنگ ڈائریکٹر کی تعیناتی، اسلام آباد ہیلتھ کیئر ریگولیشن ایکٹ کے تحت بورڈ ممبران کی نامزدگی اور رئیل اسٹیٹ آرڈیننس 2019 بھی شامل ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ کابینہ اجلاس میں ملک میں گندم کی صورتحال پر بھی رپورٹ پیش کی جائے گی۔

  • ایف اے ٹی ایف کے ابتدائی اجلاس کا آغاز 13 اکتوبر سے ہوگا

    ایف اے ٹی ایف کے ابتدائی اجلاس کا آغاز 13 اکتوبر سے ہوگا

    اسلام آباد: فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کا ابتدائی اجلاس 13 سے 18 اکتوبر تک پیرس میں ہوگا، وفاقی وزیر اقتصادی امور ڈویژن حماد اظہر اجلاس میں شرکت کے لیے آج روانہ ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق فرانسیسی دارالحکومت پیرس میں ہونے والے ایف اے ٹی ایف اجلاس کے لیے پاکستان نے اپنی دستاویزات پیش کردی ہیں، وفاقی وزیر اقتصادی امور ڈویژن حماد اظہر اجلاس میں شرکت کے لیے آج روانہ ہوں گے۔

    ایف اے ٹی ایف کی جانب سے پاکستان سے منی لانڈرنگ سے متعلق مزید سوالات پوچھے گئے تھے، پاکستان پیرس اجلاس میں جواب پیش کرے گا۔

    اپنے جواب میں پاکستان کی جانب سے منی لانڈرنگ اور تخریب کاروں کی معاونت کرنے والے اکاؤنٹس اور اثاثوں کے بارے میں تفصیلات کی وضاحت کی جائے گی، حماد اظہر پاکستانی ٹیم کی قیادت کریں گے۔

    خیال رہے کہ ایف اے ٹی ایف کا گزشتہ اجلاس ستمبر میں ہوا تھا جس میں پاکستان نے مؤثر انداز میں اپنا کیس پیش کیا، ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ پر پاکستان کے بارے میں حتمی فیصلہ رواں اجلاس میں ہوگا۔

    گزشتہ اجلاس میں پاکستان نے مختلف معاملات پر پیش رفت سے متعلق ذیلی گروپ کو آگاہ کیا تھا جبکہ پاکستان نے اقدامات پر مبنی رپورٹ بھی جمع کروائی تھی۔

    گزشتہ اجلاس میں پاکستان اورایف اے ٹی ایف حکام میں براہ راست مذاکرات بنکاک میں ہوئے تھے، بات چیت کے ایجنڈے میں سرفہرست دہشت گردی اور ٹیررازم فنانسنگ کے خطرات شامل تھے۔

    مذاکرات کے نتیجے میں پاکستان کا نام گرے لسٹ سے نکالنے یا بلیک لسٹ میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا جانا تھا جو اب رواں اجلاس میں سامنے آئے گا۔

  • وزیر اعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس

    وزیر اعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس جاری ہے، اجلاس 16 نکاتی ایجنڈے پر مشتمل ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس شروع ہوگیا۔ وزیر اعظم کامیاب دورہ امریکا سے متعلق کابینہ کو اعتماد میں لیں گے اور عالمی رہنماؤں سے ملاقاتوں سے بھی کابینہ کو آگاہ کریں گے۔

    اجلاس میں مقبوضہ کشمیر کی تازہ صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا۔

    وفاقی کابینہ کا اجلاس 16 نکاتی ایجنڈے پر مشتمل ہے، اجلاس میں کابینہ اپنے فیصلوں پر عملدر آمد کا جائزہ لے گی۔

    اجلاس میں وفاقی کابینہ عوامی مفاد کے نئے منصوبوں پر غور کرے گی، وفاقی کابینہ اقتصادی رابطہ کمیٹی کے فیصلوں کی توثیق کرے گی، کابینہ کمیٹی برائے نجکاری کے فیصلوں کی بھی توثیق کی جائے گی۔ ہلال اتھارٹی سے متعلق ای سی سی فیصلوں پر عمل کا جائزہ بھی لیا جائے گا۔

    اجلاس میں کونسل آف ریسرچ واٹر ریسورسز کو وزارت آبی وسائل کے زیر انتظام کرنے پر بھی غور کیا جائے گا۔ نیکٹا کو وزارت داخلہ کے ماتحت کرنے کے لیے رولز آف بزنس 1973 میں ترمیم کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔

    کابینہ اجلاس میں ای کامرس پالیسی فریم ورک اور یونائیٹڈ نیشنز ورلڈ ٹورازم آرگنائزیشن کی چینی بطور آفیشل زبان کے معاملے کا جائزہ لیا جائے گا، جبکہ رئیل اسٹیٹ آرڈیننس 2019 کی منظوری بھی دے جائے گی۔

    وفاقی کابینہ نادرا کے آڈٹ کی بھی منظوری دے گی، پاکستان کونسل آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے بورڈ آف گورنرز کے لیے 2 ناموں کی منظوری اور غیر قانونی تمباکو اشیا روکنے کے لیے اقدامات پر بریفنگ بھی ایجنڈے میں شامل ہے۔

    اجلاس میں کراچی پورٹ ٹرسٹ کی کثیر المنزلہ عمارتوں کی تعمیر پر بھی بریفنگ دی جائے گی۔

  • وزیراعلیٰ سندھ کی زیرصدارت صوبائی کابینہ کا اجلاس

    وزیراعلیٰ سندھ کی زیرصدارت صوبائی کابینہ کا اجلاس

    کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیرصدارت اجلاس میں کابینہ نے پولیس قانون پرکمیٹی کی منظوری دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیرصدارت صوبائی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں ریسکیوسروس 1122 پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    اجلاس میں بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ یہ ایجنڈہ ری ہیبلی ٹیشن ڈیپارٹمنٹ نے پیش کیا ہے، ریسکیو سروس کے قیام کا بل تیار کیا گیا ہے۔

    اجلاس میں بتایا گیا کہ ریسکیو سروس کے لیے ایمرجنسی کونسل کے قیام کی تجویز دی گئی ہے، یہ ایمرجنسی کونسل 13 اراکین پر مشتمل ہوگی، کونسل چیئرمین وزیراعلیٰ اور پرائیوٹ سیکٹر سے 2 لوگ شامل ہوں گے۔

    صوبائی کابینہ کے اجلاس میں بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ ڈرافٹ قانون کے تحت سندھ ریسکیو سروس اکیڈمی کا قیام عمل میں لایا جائے گا، یہ اکیڈمی قلیل ،طویل کورس کرائے گی تاکہ ٹیکنیکل لوگ آگے آسکیں۔

    اجلاس میں بتایا گیا کہ یہ اکیڈمی اسپیشل کورس کرا کر شعبے میں ماہرین کو آگے لائیں گے۔

    صوبائی کابینہ نے اجلاس میں وزیرصحت، وزیرری ہیبلی ٹیشن ،مشیر قانون کی سب کمیٹی بنا دی، کمیٹی ڈرافٹ قانون کو ایک مرتبہ دیکھے گی اور مزید سفارشات دے گی۔

    سیکرٹری داخلہ نے سندھ کابینہ کو بریفنگ میں بتایا کہ پولیس قانون میں مسائل حل کرنے کے لیے کمیٹی بنائی گئی ہے، کمیٹی میں مشیر قانون، ایڈووکیٹ جنرل سندھ شامل ہیں۔

    ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق کابینہ نے پولیس قانون پرکمیٹی کی منظوری دے دی۔

  • ڈینگی پر قابو پانے کے لیے عثمان بزدار کی افسران کو آخری وارننگ

    ڈینگی پر قابو پانے کے لیے عثمان بزدار کی افسران کو آخری وارننگ

    لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے صوبے میں ڈینگی پر قابو پانے کے لیے افسران کو آخری وارننگ دے دی، انہوں نے ڈیرہ غازی خان کا دورہ منسوخ کرتے ہوئے آج راولپنڈی جانے کا بھی اعلان کیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیر صدارت انسداد ڈینگی سے متعلق اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں وزیر اعلیٰ نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ڈینگی پر قابو پانے کے لیے افسران کو آخری تنبیہ دے دی۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ ڈپٹی کمشنر لاہور اور راولپنڈی کو ڈینگی کے باعث تبدیل کیا، اب جو کوتاہی کرے گا اس کی باری ہے۔

    عثمان بزدار نے ڈیرہ غازی خان کا دورہ منسوخ کرتے ہوئے آج راولپنڈی جانے کا بھی اعلان کیا۔

    خیال رہے کہ ڈینگی وائرس نے صوبہ پنجاب کو بری طرح اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔ وزیر اعظم کے معاون خصوصی ظفر مرزا کے مطابق ملک بھر میں 10 ہزار ڈینگی مریضوں کی تصدیق ہو چکی ہے۔

    ظفر مرزا کا کہنا ہے کہ آئندہ کچھ دنوں میں ڈینگی مریضوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔ پنجاب میں 2363، سندھ میں 2258، پختونخواہ میں 1514 اور بلوچستان میں 1752 ڈینگی کے مریض ہیں۔

    دوسری جانب پنجاب کے سرکاری اسپتالوں میں ڈینگی کی غلط ٹیسٹ رپورٹس جاری ہونے کا بھی انکشاف ہوا ہے۔ لاہور کے شاہدرہ ٹیچنگ اسپتال میں عملے نے غفلت کا مظاہرہ کرتے ہوئے بیگم کوٹ کےرہائشی کی ڈینگی سے متعلق منفی رپورٹ جاری کی۔

    مذکورہ شہری کو صحت مند قرار دے کر اسپتال سے ڈسچارج کیا گیا تاہم شہری نے نجی اسپتال سے ڈینگی ٹیسٹ کروائے تو رپورٹ مثبت آئی۔

  • وزیراعظم عمران خان سے کشمیر اسٹڈی گروپ کے بانی کی ملاقات

    وزیراعظم عمران خان سے کشمیر اسٹڈی گروپ کے بانی کی ملاقات

    نیویارک : وزیراعظم عمران خان سے نیویارک میں کشمیر اسٹڈی گروپ کے بانی فاروق کتھواری نے ملاقات کی۔

    تفصیلات کے مطابق نیویارک میں کشمیراسٹڈی گروپ کے بانی فاروق کتھواری نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی اور مقبوضہ کشمیر کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا۔

    وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پوری دنیا پر مودی حکومت کا اصل چہرہ واضح ہوجائے گا۔ انہوں نے بھارت کے غیرقانونی تسلط اور انسانی حقوق کی پامالی کو مزید اجاگر کرنے کی تلقین بھی کی۔

    وزیراعظم اور کشمیراسٹڈی گروپ کے بانی کے درمیان ہونے والی ملاقات میں وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی، مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد، معاون خصوصی نعیم الحق، ڈاکٹر ملیحہ لودھی، امریکا میں پاکستانی سفیر ڈاکٹراسد مجید خان سمیت سینئر افسران بھی موجود تھے۔

    وزیراعظم عمران خان 7 روزہ امریکا کے دورے پر ہیں، وزیراعظم کل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سمیت دیگر رہنماؤں سے ملاقاتیں کریں گے اس کے علاوہ وہ 27 ستمبر کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے۔

    مقبوضہ کشمیرمیں 49ویں روز بھی کرفیو

    واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں آج مسلسل 49ویں روز بھی کرفیو برقرار ہے اور مواصلات کا نظام مکمل پر معطل ہے، قابض انتظامیہ نے ٹیلی فون سروس بند کررکھی ہے جبکہ ذرائع ابلاغ پرسخت پابندیاں عائد ہیں۔

    کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق مواصلاتی نظام کی معطلی، مسلسل کرفیو اور سخت پابندیوں کے باعث لوگوں کو بچوں کے لیے دودھ، زندگی بچانے والی ادویات اور دیگر اشیائے ضروریہ کی شدید قلت کا سامنا ہے۔

  • وزیر اعظم نے وفاقی کابینہ کا اجلاس کل طلب کرلیا

    وزیر اعظم نے وفاقی کابینہ کا اجلاس کل طلب کرلیا

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ کا اجلاس کل طلب کرلیا، اجلاس میں مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کے جائزے سمیت متعدد امور زیر غور آئیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ کا اجلاس کل طلب کرلیا۔ اجلاس کا 19 نکاتی ایجنڈہ جاری کردیا گیا ہے۔

    اجلاس میں مقبوضہ کشمیر کی تازہ صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا، وزیر اعظم وفاقی کابینہ کو دورہ امریکا کے پلان سے آگاہ کریں گے جبکہ اجلاس میں عالمی رہنماؤں سے روابط اور سفارتی کوششوں پر بریفنگ دی جائے گی۔

    اجلاس میں وزارتوں میں فلاحی منصوبے شروع کرنے کے فیصلے میں پیشرفت کا جائزہ لیا جائے گا، سی پیک منصوبے سے متعلق کابینہ کمیٹی کے فیصلوں کی توثیق کی جائے گی۔ سی پیک منصوبوں کے چینی باشندوں کے لیے ورک ویزہ کی منظوری بھی اجلاس کے ایجنڈے میں شامل ہے۔

    اجلاس میں توانائی اور اقتصادی رابطہ کمیٹی کے فیصلوں اور لیجس لیٹو کیسز سے متعلق کابینہ کمیٹی کے گزشتہ فیصلوں کی بھی توثیق ہوگی۔

    وفاقی کابینہ اپنے گزشتہ فیصلوں پر عملدر آمد کا بھی جائزہ لے گی، اس دوران پاکستان الائیڈ ہیلتھ پروفیشنل اینڈ پیرا میڈکس ایکٹ 2019 کی منظوری کا بھی امکان ہے۔ پاکستان تمباکو کنٹرول ڈائریکٹرز کی از سر نو تشکیل کی منظوری بھی دی جائے گی۔

    ریلوے بورڈ میں پرائیویٹ ممبرز کی تقرری کی منظوری بھی اجلاس کے ایجنڈے کا حصہ ہے۔ وفاقی کابینہ پمز ریفارمز ایکٹ 2019 کی اصولی منظوری دے گی۔

  • برآمدات سے قبل اضافی چینی کی موجودگی یقینی بنائی جائے گی: مشیر تجارت

    برآمدات سے قبل اضافی چینی کی موجودگی یقینی بنائی جائے گی: مشیر تجارت

    اسلام آباد: مشیر تجارت عبد الرزاق داؤد کا کہنا ہے کہ برآمدات سے قبل اضافی چینی کو یقینی بنایا جائے گا، چین کی 1 ارب ڈالر مارکیٹ رسائی میں چینی نے 3 لاکھ ٹن کا کوٹا پورا کیا۔

    تفصیلات کے مطابق مشیر تجارت عبد الرزاق داؤد کی زیر صدارت شوگر ایڈوائزری بورڈ کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن اور کسان بورڈ کے نمائندوں نے شرکت کی۔

    اجلاس میں سیکریٹری تجارت سردار احمد اور سیکریٹری صنعت و پیداوار بھی شریک ہوئے۔

    اجلاس میں گنے اور چینی کی موجودہ صورتحال اور چین و افغانستان برآمد کی گئی چینی کی مقدار کا جائزہ لیا گیا۔

    عبد الرزاق داؤد کا کہنا تھا کہ برآمدات سے قبل اضافی چینی کو یقینی بنایا جائے گا، چین کی 1 ارب ڈالر مارکیٹ رسائی میں چینی نے 3 لاکھ ٹن کا کوٹا پورا کیا۔

    انہوں نے کہا کہ اکتوبر کے پہلے ہفتے میں شوگر ایڈوائزری بورڈ کا اجلاس طلب کریں گے۔ آئندہ اجلاس میں گنے اور چینی کی پیداواری لاگت کا جائزہ لیں گے۔ تمام نمائندے پیداواری لاگت کا تخمینہ لگائیں گے۔

  • وزیر اعظم نے تعمیراتی سیکٹر کو انڈسٹری کا درجہ دینے کی منظوری دے دی

    وزیر اعظم نے تعمیراتی سیکٹر کو انڈسٹری کا درجہ دینے کی منظوری دے دی

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت اجلاس میں انہوں نے تعمیراتی سیکٹر کو انڈسٹری کا درجہ دینے کی اصولی منظوری دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت تعمیراتی شعبے سے متعلق اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ، سیکریٹری ہاؤسنگ، چیئرمین نیا پاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی انور علی اور معاون اطلاعات فردوس عاشق اعوان شریک ہوئیں۔

    اجلاس میں تعمیرات کے شعبے میں کاروبار کے لیے آسانیاں پیدا کرنے پر مشاورت کی گئی۔ وزیر اعظم کو تعمیرات کے شعبے میں حائل مشکلات اور ان کے حل کے لیے کیے جانے والے اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔

    بریفنگ میں بتایا گیا کہ مشاورت سے پالیسی، قوانین اور قواعد کو آسان بنایا جا رہا ہے، آن لائن معلومات کے لیے ویب پورٹل کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے۔ محکموں کے مطلوبہ اجازت ناموں کے حصول کے نظام کو سہل بنا دیا گیا۔ اجازت ناموں اور این او سی کی جگہ رائج قوانین سے مطابقت نظام متعارف کروایا جائے گا۔

    بریفنگ میں کہا گیا کہ زوننگ اور تعمیرات کے ذیلی قوانین پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے، نظام میں شفافیت کے لیے انفارمیشن ٹیکنالوجی کو متعارف کروایا جا رہا ہے، پہلے مرحلے میں بڑے شہروں اور سرکاری اراضی کار یکارڈ ڈیجیٹل ہوگا۔ لانگ ٹرم پلان میں ملک بھر میں اراضی کا ریکارڈ ڈیجیٹل کیا جائے گا۔

    وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ کاروباری برادری کے لیے آسانیاں پیدا کرنا اولین ترجیح ہے، شعبے کے فروغ کے لیے ضروری ہے اسے صنعت کا درجہ دیا جائے۔ شعبے سے منسلک افراد کے لیے آسانیاں پیدا کی جائیں گی۔

    انہوں نے کہا کہ تعمیرات سے متعلق اجازت ناموں اور این او سیزکی شرائط کم کریں، کثیر المنزلہ عمارات کے لیے سی اے اے کی اجازت کی شرط ختم کردی گئی۔ بغیر رکاوٹ کثیر المنزلہ رہائشی اور کاروباری عمارات تعمیر کی جاسکیں گی۔ لینڈ کورٹس کے قیام سے اراضی کے مسائل جلد حل کرنے میں مدد ملے گی۔

    وزیر اعظم نے تعمیراتی سیکٹر کو انڈسٹری کا درجہ دینے کی بھی اصولی منظوری دے دی۔

    اس سے قبل اجلاس میں وزیر اعظم عمران خان نے کہا تھا کہ کنٹریکٹ انفورسمٹ پر عمل اور لینڈ ریونیو ریکارڈ کو مزید منظم کیا جائے۔ نظام جدید خطوط پر استوارکرنے کے لیے وسائل بروئے کار لائے جائیں۔

    وزیر اعظم نے ہدایت کی تھی کہ کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنے کے لیے ٹیکنالوجی کا بھرپور استعمال کیا جائے۔