Tag: اجلاس

  • کشمیریوں کی تکالیف کا ازالہ کرنا اقوام متحدہ کی ذمہ داری ہے: وزیر اعظم

    کشمیریوں کی تکالیف کا ازالہ کرنا اقوام متحدہ کی ذمہ داری ہے: وزیر اعظم

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ 50 سال میں پہلی بار مقبوضہ کشمیر پر سلامتی کونسل کا اجلاس ہوا، کشمیریوں کی تکالیف کا ازالہ کرنا اور تنازعے کا حل عالمی ادارے کی ذمہ داری ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان سےقانون داں بابر اعوان کی ملاقات ہوئی جس میں کشمیر سے متعلق عالمی صورتحال اور قانونی معاملات پر مشاورت ہوئی، ملاقات میں سیاسی، قانونی اور آئینی امور پر بھی گفتگو ہوئی۔

    وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے اقوام متحدہ میں کشمیر کا مقدمہ بہترین انداز میں پیش کیا، دنیا کشمیر کے معاملے پر پاکستان کا مؤقف سن اور سمجھ رہی ہے، کشمیر پر پاکستان سفارتی محاذ پر درست سمت میں آگے بڑھا ہے۔ سنگین معاملے پر دوست ممالک کی حمایت پر شکر گزار ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے گزشتہ روز تفصیلی بات ہوئی۔ امریکی صدر معاملے کا بغور جائزہ لے رہے ہیں، کرفیو، کریک ڈاؤن اور ممکنہ نسل کشی کے خدشے سے انہیں آگاہ کیا۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر سلامتی کونسل اجلاس کا خیر مقدم کرتا ہوں، 50 سال میں پہلی بار دنیا کے بڑے سفارتی فورم پر مسئلہ کشمیر اٹھایا گیا۔ اقوام متحدہ کی 11 قراردادوں میں کشمیریوں کے حق خود ارادیت کا عزم کیا گیا۔ سیکیورٹی کونسل کا اجلاس اقوام متحدہ کی قراردادوں کی یاد دہانی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کی تکالیف کا ازالہ کرنا اور تنازعے کا حل عالمی ادارے کی ذمہ داری ہے۔ کشمیر کے معاملے پر دو ٹوک مؤقف سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ کشمیر عالمی سطح پر متنازعہ علاقہ ہے بھارت یکطرفہ فیصلہ نہیں کر سکتا۔

    بابر اعوان نے کشمیر کاز کے لیے وزیر اعظم کے دلیرانہ اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم نے مودی کو بے نقاب کر کے عالم اسلام کی نبض پر ہاتھ رکھا۔

    انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ میں بھارت کے بیانیے کو شکست ہوئی، بی جے پی حکومت کو معاملہ اقوام عالم تک پہنچنے پر تنقید کا سامنا ہے۔

    خیال رہے کہ مقبوضہ کشمیر پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا اجلاس گزشتہ روز ہوا تھا جس کے دوران کونسل کو مقبوضہ کشمیر کے موجودہ حالات پر بریفنگ دی گئی تھی۔ سلامتی کونسل اجلاس میں 5 مستقل اور 10 غیر مستقل نمائندے شریک ہوئے تھے۔

    سلامتی کونسل کے اجلاس کے بعد اقوام متحدہ میں چین کے مستقل مندوب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا تھا کہ ارکان نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا۔

    چینی مندوب کے مطابق مقبوضہ کشمیر کا مسئلہ تاریخی ہے، مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیئے، بھارتی آئینی ترامیم سے خطے میں تناؤ پیدا ہوگا۔

    انہوں نےمزید کہا تھا کہ کشمیر کی موجودہ صورتحال پر چین کو بھی تشویش ہے، بھارتی اقدامات سے چین کی سلامتی بھی چیلنج ہوئی ہے، بھارت کے یک طرفہ اقدامات درست نہیں۔

  • مسئلہ کشمیر پر سیکیورٹی کونسل کا ہنگامی اجلاس آج ہوگا

    مسئلہ کشمیر پر سیکیورٹی کونسل کا ہنگامی اجلاس آج ہوگا

    نیویارک: مسئلہ کشمیر پر سیکیورٹی کونسل کا ہنگامی اجلاس آج طلب کرلیا گیا، سلامتی کونسل کا اہم اجلاس پاکستان کی درخواست پر بلایا جا رہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق مسئلہ کشمیر پر 50 سال بعد سیکیورٹی کونسل کا ہنگامی اجلاس آج بلایا گیا ہے، اجلاس میں سلامتی قونصل اپنی ہی پانچ دہائیوں قبل کی قرارداد پر غور کرے گی ، سلامتی کونسل کے سامنے کشمیر کے ڈیڑھ کروڑ کشمیریوں کی حالیہ صورتحال بھی ہوگی کہ کس طرح بھارت بنیادی انسانی حقوق کی پامالی کررہا ہے۔

    یہ بند کمرہ اجلاس امریکہ کے شہر نیویارک میں واقع اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹر میں پاکستان کے مقامی وقت کے مطابق شام 7 بجے ہوگا۔ ہوگا۔

    دفترخارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کونسل کی صدر کو خط لکھا تھا جس میں ان سے کونسل کے ہنگامی اجلاس منعقد کرنے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔

    دفترخارجہ کے مطابق سیکیورٹی کونسل کے اجلاس میں بھارت کی جانب سے کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنت کے غیرقانونی اقدام پر بات کی جائے گی جو اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کونسل کی قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی ہے۔

    اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا خط سلامتی کونسل کی صدرکو پیش کیا تھا۔

    پاکستان کا سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس بلانے کا مطالبہ

    مودی حکومت کی جانب سے کشمیر کی خصوصی حیثیت سے متعلق بھارتی آئین کے آرٹیکل 370 کی منسوخی کے بعد سے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی دنیا کو پاکستان کے بیانیے سے آگاہ کرنے میں متحرک نظر آرہے ہیں۔

    یاد رہے کہ دو روز قبل وزیر اعظم پاکستان عمران خان کا آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ میں امبیسیڈر بن کر کشمیر کی آواز دنیا میں اٹھاؤں گا۔

    قرارداد پیش کرنے کا طریقہ

    سلامتی کونسل کے پانچ رکن ممالک خود ایجنڈا تشکیل دیتے ہیں جسے کونسل کا صدر یو این کے تمام اراکین میں تقسیم کردیتا ہے۔ رکن ممالک اپنی تجاویز دیتے ہیں لیکن ہوتا پھر وہی ہے جو کونسل چاہتی ہے۔

    قرارداد پاس کرنے کا طریقۂ کار بہت ہی پیچیدہ ہے۔ پہلے ڈرافٹ کی تیاری کچھ اس طریقے سے عمل میں لائی جاتی ہے کہ وہ سب کو قابل قبول بھی ہو۔

    کونسل میں قرارداد پیش ہونے کے بعد ووٹنگ کا مرحلہ آتا ہے جس میں پانچ مستقل رکن ممالک کے علاوہ دس غیر مستقل رکن ممالک بھی حصہ لیتے ہیں۔

    غیر مستقل رکن ممالک بھی قرارداد پر اپنی تجاویز دیتے ہیں لیکن اس کے بعد بھی ہوتا وہی ہے جو کونسل کے مستقل ارکان کی مرضی ہوتی ہے۔

    جب یہ ممالک ایک حل پر پہنچ جاتے ہیں تو پھر ہی کوئی نتیجہ نکلتا ہے لیکن اگر ایک رکن بھی متفق نہ ہو تو قرارداد ویٹو ہوجاتی ہے۔

     

  • مقبوضہ کشمیر میں نہتے شہریوں کا قتل عام کیا جا رہا ہے، صدر آزاد کشمیر

    مقبوضہ کشمیر میں نہتے شہریوں کا قتل عام کیا جا رہا ہے، صدر آزاد کشمیر

    کراچی: صدر آزاد جموں و کشمیرسردار مسعود خان کا کہنا ہے کہ مقبوضہ کشمیر پربھارتی مظالم پر اقوام متحدہ کوایکشن لینا ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق اے آروائی نیوز کے پروگرام باخبرسویرا میں بات چیت کرتے ہوئے صدر آزاد کشمیر مسعود خان نے کہا کہ آج سلامتی کونسل کا اجلاس بہت اہم ہے۔

    انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں نہتے شہریوں کا قتل عام کیا جا رہا ہے، اقوام متحدہ کو بھارت کےغیرقانونی اقدام پرایکشن لینا چاہیئے، بھارتی اقدام بین الاقوامی قوانین کے مطابق جنگی جرائم ہیں۔

    صدر آزاد جموں و کشمیر نے کہا کہ اقوام متحدہ کو مقبوضہ کشمیر پرتین نکات پر بات کرنا چاہیئے، بھارت نے کشمیریوں سے تمام حقوق چھیننے کا منصوبہ بنایا ہے۔

    مسئلہ کشمیر پر سیکیورٹی کونسل کا ہنگامی اجلاس آج ہوگا

    واضح رہے کہ مسئلہ کشمیر پر سیکیورٹی کونسل کا ہنگامی اجلاس آج طلب کرلیا گیا، سلامتی کونسل کا اہم اجلاس پاکستان کی درخواست پر بلایا جا رہا ہے۔

    اجلاس میں مسئلہ کشمیر کے مختلف پہلوؤں اور ان کو حل کرنے سے متعلق امور پر صلاح مشورہ کیا جائےجس کے بعد باقاعدہ اجلاس سے متعلق فیصلے کا امکان ہے۔

    مقبوضہ کشمیر کی حیثیت بھارت کی جانب سے یکطرفہ بدلنے کے معاملے پر وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا اجلاس بلانے کے لیے خط لکھا تھا۔

  • وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس شروع

    وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس شروع

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس شروع ہوگیا ہے، وزیر اعظم نے ہدایت کی ہے کہ صرف قومی نوعیت کے ضروری معاملات کو پیش کیا جائے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس شروع ہوگیا، وزیر اعظم کی ہدایت پر ایجنڈا آئٹمز کو محدود کر دیا گیا ہے۔ وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ قومی نوعیت کے ضروری معاملات کو ترجیح دی جائے۔

    کابینہ اجلاس میں اقتصادی رابطہ کمیٹی کے فیصلوں کی منظوری دی جائے گی، وزیر اعظم نے عوامی فلاح و بہبود منصوبوں کے لیے تجاویز بھی طلب کرلیں۔ کراچی، لاہور، پشاور اور ملتان میں بلند عمارتوں کی تعمیر کا معاملہ ایجنڈے میں شامل ہے۔

    اجلاس میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے اہم انتظامی معاملات اور نیشنل فرٹیلائزر کو آپریشن کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کو عہدے سے ہٹانے کی منظوری دی جائے گی۔

    کابینہ اجلاس میں یونیورسٹی آف انجینیئرنگ اینڈ ایمرجنگ ٹیکنالوجی کے قیام کا بل بھی ایجنڈے کا حصہ ہے، احساس پروگرام کے زیر انتظام منصوبوں کی بھی منظوری دی جائے گی۔

    وفاقی کابینہ کو احساس پروگرام پر عملدر آمد اور وزارت مواصلات کی کارکردگی پر بھی بریفنگ دی جائے گی۔

  • بجلی، گیس، پانی اور روڈ انفرا اسٹرکچر کی دستیابی اولین ترجیح ہے: وزیر اعظم

    بجلی، گیس، پانی اور روڈ انفرا اسٹرکچر کی دستیابی اولین ترجیح ہے: وزیر اعظم

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت خصوصی اقتصادی زونز سے متعلق اجلاس ہوا، وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ بجلی، گیس، پانی اور روڈ انفرا اسٹرکچر کی دستیابی اولین ترجیح ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا جس میں ملک میں خصوصی اقتصادی زونز کے قیام سے متعلق مشاورت کی گئی۔ اجلاس میں معاشی ٹیم کے ارکان اور اقتصادی ماہرین شریک ہوئے۔

    اجلاس میں معاشی سرگرمیاں تیز کرنے سمیت اقتصادی ترقی کے معاملات کا جائزہ کیا گیا۔ اب تک کے حکومتی فیصلوں پرعملدر آمد کی رپورٹ بھی وزیر اعظم کو پیش کردی گئی۔

    اجلاس کو مختلف حصوں میں قائم خصوصی اقتصادی زونز کی صورتحال اور صنعتوں کے لیے سہولتوں کی فراہمی اور مستقبل کے لائحہ عمل پر بریفنگ دی گئی۔ چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ زبیر گیلانی نے خصوصی اقتصادی زونز پر بریفنگ دی۔

    بریفنگ کے دوران صنعتوں کو حکومت کی جانب سے دی جانے والی مراعات سے آگاہ کیا گیا۔ وزیر اعظم عمران خان نے اقتصادی زونز کو جلد مکمل طور پر فعال بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ بجلی، گیس، پانی اور روڈ انفرا اسٹرکچر کی دستیابی اولین ترجیح ہے، خصوصی اقتصادی زونز کی فعالیت اور صنعتی عمل کو تیز کیا جائے۔ اقتصادی زونز کاروباری طبقے کو درپیش مشکلات دور کرنے کے لحاظ سے اہم ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ نوجوانوں اور ہنر مندوں کے لیے روزگار پیدا کرنے میں بھی مدد ملے گی۔

    اجلاس میں متعلقہ اداروں کے لیے چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ کو فوکل پرسن مقرر کردیا گیا، زبیر گیلانی سہولتوں کی دستیابی کا ٹائم فریم مقرر کر کے رپورٹ پیش کریں گے۔

  • وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس کل ہوگا

    وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس کل ہوگا

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس کل ہوگا ، جس میں 12 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا جائے گا اور کابینہ ای سی سی کے فیصلوں کی توثیق کرے گی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس کل صبح 11 بجے وزیراعظم ہاؤس میں ہوگا، اجلاس کا 12 نکاتی ایجنڈا جاری کر دیا گیا۔

    ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ ای سی سی کے فیصلوں کی توثیق کرے گی،عوامی مفاد کے نئے منصوبوں پر اجلاس میں بات چیت ہوگی جبکہ کراچی، لاہور، پشاور اور ملتان میں کثیر المنزلہ عمارتوں کا معاملہ زیر غور آئےگا۔

    اجلاس میں فلائٹ انسپکشن یونٹ ایریئل ورک لائسنس کلاس ون کی تجدید کی منظوری اور فیڈرل انسٹی ٹیوٹ آف حیدرآباد کے لیے قانون سازی کی اصولی منظوری دی جائے گی۔

    نیشنل فرٹیلائزر کارپوریشن کے سی ای او کو عہدے سے ہٹانے کی منظوری ،قومی پیداوار آرگنائزیشن کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی منظوری بھی کابینہ کے ایجنڈے کا حصہ ہے۔

    وفاقی کابینہ اجلاس میں پاکستان الائیڈ ہیلتھ پروفیشنل اینڈ پیرا میڈکس کونسل ایکٹ کی منظوری دے گی جبکہ احساس پروگرام سے متعلق بریفنگ بھی اجلاس کے ایجنڈے میں شامل ہے۔

    اجلاس میں خوزارت مواصلات اگست 2018 سے جون 2019 تک کی کارکردگی پر بریفنگ دے گی جبکہ وفاقی کابینہ اپنے فیصلوں پر عملدرآمد کا جائزہ لے گی اور ای سی سی کے فیصلوں کی توثیق کرے گی۔

  • مقبوضہ کشمیر سے متعلق پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس آج ہوگا

    مقبوضہ کشمیر سے متعلق پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس آج ہوگا

    اسلام آباد: مقبوضہ کشمیر سے متعلق پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس آج پارلیمنٹ ہاؤس میں طلب کیا گیا ہے جس میں مقبوضہ کشمیر کی صورت حال کا جائزہ لیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق کشمیر کمیٹی کے چیئرمین فخر امام کی زیرصدارت مقبوضہ کشمیر سے متعلق پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس آج دوپہر 2 بجے پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوگا۔

    پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس میں کمیٹی مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورت حال اور بھارت کی طرف سے نہتے شہریوں کے خلاف کلسٹر بموں کے استعمال پر تبادلہ خیال کرے گی۔

    بھارت نےمقبوضہ کشمیرکی خصوصی حیثیت ختم کردی

    بھارت نے مقبوضہ کشمیرکی خصوصی حیثیت ختم کردی اور بھارتی صدر نے آرٹیکل 370 ختم کرنے کے بل پر دستخط کر دیے۔

    واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیرکی صورت حال پربھارتی پارلیمنٹ کا اجلاس ہوا، بھارتی وزیراعظم نریندر مودی پارلیمنٹ کے اجلاس میں شریک ہوئے۔

    بھارتی وزیرداخلہ امیت شاہ نے آرٹیکل 370 ختم کرنے کا بل پارلیمنٹ میں پیش کیا، تجویز کے تحت غیر مقامی افراد مقبوضہ کشمیر میں سرکاری نوکریاں حاصل کرسکیں گے اور 370 ختم ہونے سے مقبوضہ کشمیرکی خصوصی حیثیت ختم ہوجائے گی۔

    بعد ازاں بھارتی صدر نے آرٹیکل 370 ختم کرنے کے بل پر دستخط کر دیے اور گورنر کاعہدہ ختم کرکے اختیارات کونسل آف منسٹرز کو دے دیے، جس کے بعد مقبوضہ کشمیرکی خصوصی حیثیت ختم ہوگئی۔

  • کشمیر میں بھارتی جارحیت، وزیراعظم نے اہم اجلاس طلب کرلیا

    کشمیر میں بھارتی جارحیت، وزیراعظم نے اہم اجلاس طلب کرلیا

    اسلام آباد : بھارت کی جانب سے کلسٹر بم حملے کے بعد کی صورتحال کا جائزہ لینے کےلیے وزیر اعظم عمران خان نے قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس آج طلب کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے بھارتی فورسز کی جانب سےایل او سی پر شہریوں کو نشانہ کے حوالے سے قومی سلامتی کا اجلاس طلب کیا ہے جس میں مسلح افواج کے سربراہان، انٹیلی جنس حکام اور سول قیادت شریک ہوگی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی سلامتی کے اجلاس میں کشمیر کی صورتحال سمیت بھارتی جارحیت کا جائزہ لیا جائے گا۔

    یاد رہے کہ گزشتہ دنوں بھارتی فورسز کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر شہریوں کونشانہ بنانےکے لئےکلسٹر ٹوائے بم کا استعمال کیا تھا، کلسٹرٹوائے بم سے 4سال کے بچے سمیت 2شہری شہید اور 11 زخمی ہوئے تھے۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ادارے آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ بھارتی فوج نے 30 اور 31جولائی کوآبادی کو نشانہ بنایا، بھارت نے وادی نیلم میں کلسٹر ٹوائے بم سے آبادی کو ٹارگٹ کیا، کلسٹر ٹوائے بم سے 4سال کے بچے سمیت2 شہری شہید اور 11 زخمی ہوئے تھے۔

    کلسٹربم یا اس میں بارود کا استعمال عالمی قوانین کے تحت ممنوع ہے، شہریوں پر کلسٹر ٹوائے بم کے استعمال سے بھارت کا مکروہ چہرہ بے نقاب ہوگیا، عالمی برادری کو بھارت کے اس جارحانہ اقدام کا نوٹس لینا چاہئے۔

    خیال رہے کلسٹرٹوائے بم شہریوں کیخلاف تباہ کن ہتھیار ہے، اس بم سے بچوں،گھروں کوخصوصی طورپرنشانہ بنایاجاتا ہے اور یہ بم اپنے ٹارگٹ پرکھلونوں کی شکل میں بکھرجاتا ہے، اس بم سے40فیصدبچےنشانہ بنتے ہیں اور اکثر بچے کلسٹرٹوائے بم کو کھلونا سمجھ کر گھر لے جاتے ہیں۔

    کلسٹرٹوائے بم پھٹنے کے بعد بلیڈ کی طرح ہزاروں ٹکڑوں میں پھیلتا ہے ، یہ بم بارودی سرنگوں سے زیادہ خطرناک ہیں جبکہ جنیوا کنونشن اور عالمی قوانین کے تحت کلسٹر ٹوائے بم ممنوع ہے۔

  • اسلحے کی لائسنس کمپیوٹرائزیشن کی تاریخ میں 31 دسمبر تک توسیع

    اسلحے کی لائسنس کمپیوٹرائزیشن کی تاریخ میں 31 دسمبر تک توسیع

    کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت ہونے والے صوبائی کابینہ کے اجلاس میں اسلحہ کی لائسنس کمپیوٹرائزیشن کی تاریخ میں توسیع سمیت متعدد معاملات کی منظوری دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا اجلاس ہوا۔ اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ سندھ لیزنگ کمپنی کا انضام، جاری آڈٹس کی وجہ سے تاخیر کا شکار ہے۔ گرانٹس لینے والے ادارے اکاؤنٹس کھولیں تو سندھ بینک کی حالت بہتر ہو جائے۔

    کابینہ نے سندھ بینک کو 3 ارب روپے دینے اور سندھ لیزنگ کمپنی کے قائم مقام سی ای او کا عہدہ سی ایف او کو دینے کی منظوری دے دی۔ کابینہ کو بتایا گیا کہ سندھ بینک سے قرض لینے والوں کے اکاؤنٹس منجمد ہو گئے ہیں، سندھ بینک کو قرضوں کی واپسی رک گئی ہے۔

    وزیر اعلیٰ نے سندھ بینک کے بورڈ کو بھی تبدیل کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا کہ سندھ بینک بہترین بینک ہے، مزید بہتر کریں گے۔ گزشتہ سال کے رکے ہوئے پیسے وفاقی حکومت سندھ کو دے۔

    انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے 80 ارب روپے کم دیے ہیں، جولائی میں 32 ارب دیے گئے۔ کابینہ کو بتایا گیا کہ وفاق نے 60 کی جگہ صرف 32 ارب روپے دیے ہیں۔

    بریفنگ میں بتایا گیا کہ سندھ پولیس ساڑھے 4 ہزار 9 ایم ایم پستول واہ انڈسٹریز سے خریدنا چاہتی ہے، ڈالر کی بڑھتی قیمت کی وجہ سے ایک پستول کی قیمت 85 ہزار بنتی ہے۔ اس کے لیے 38 کروڑ روپے سے زائد کی ضرورت ہے۔

    وزیر اعلیٰ سندھ نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جب پستول کی قیمت ساڑھے 45 ہزار تھی تو ٹینڈر کیوں منسوخ ہوا، اب وہی پستول 85 ہزار میں خریدنا پڑ رہا ہے۔ انہوں نے معاملے پر کابینہ کی انکوائری کمیٹی بھی قائم کر دی۔

    اجلاس میں ری نیول فار کمپیوٹرائزڈ آف آرمز لائسنس پر بھی کابینہ کو بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ کمپیوٹرائزیشن کے لیے 5 بار توسیع دی جا چکی ہے۔ اس وقت تک 5 لاکھ 20 ہزار 452 لائسنس کمپیوٹرائزڈ ہو چکے ہیں۔

    وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اس حساب سے ابھی بھی 5 لاکھ 35 ہزار 843 لائسنس کمپیوٹرائزڈ ہونے ہیں۔ کابینہ نے 31 دسمبر 2019 تک کمپیوٹرائزیشن کی تاریخ میں توسیع کردی۔ وزیر اعلٰ نے محکمہ داخلہ کو ہدایت کی کہ اس کے بعد شہریوں سے اسلحہ واپس لینا شروع کردیں۔

  • کلین کراچی مہم کا ابتدائی خاکہ تیار

    کلین کراچی مہم کا ابتدائی خاکہ تیار

    کراچی: وفاقی وزیر برائے بحری امور علی زیدی کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں کلین کراچی مہم کا ابتدائی خاکہ تیار کرلیا گیا، مہم کے لیے ضلع غربی میں 48 مقامات اور ضلع جنوبی و شرقی میں 70 مقامات کی نشاندہی کی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی پورٹ ٹرسٹ (کے پی ٹی) آفس میں کراچی صاف کریں مہم کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت وفاقی وزیر برائے بحری امور علی زیدی نے کی۔

    اجلاس میں تحریک انصاف کے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی بھی شریک ہوئے جن میں آفتاب صدیقی، صائمہ ندیم، غزالہ صدف، خرم شیر زمان، عمران شاہ، راجہ اظہر، شہزاد قریشی اور عباس جعفری شامل ہیں۔

    اجلاس میں وفاقی حکومت کی کلین کراچی مہم کا ابتدائی خاکہ تیار کرلیا گیا۔ اجلاس میں اس امکان پر بھی غور کیا گیا کہ کلین کراچی مہم کا دورانیہ 2 ہفتے سے بڑھا دیا جائے۔ مہم کے پہلے مرحلے میں 6 اضلاع میں بڑے نالوں کی صفائی کی جائے گی، دوسرے مرحلے میں شاہراہوں اور گلیوں سے کچرا اٹھایا جائے گا۔

    کچرا اٹھانے کے فیز میں ڈمپنگ یارڈ خالی کرنا اور اسکولز و پارکس کے اطراف سے کچرا اٹھانا شامل ہے۔ مہم میں حصہ لینے والے وفاقی و بلدیاتی اداروں کے نمائندگان کا بھی اجلاس ہوگا۔ تحریک انصاف ارکان قومی و صوبائی اسمبلی حلقوں میں صفائی کا پلان پیش کریں گے۔ کاروباری و صنعتی اداروں، تنظیموں اور کارپوریٹ سیکٹر کا الگ اجلاس ہوگا۔ وفاقی وزیر علی زیدی تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ بھی اجلاس کریں گے۔

    خیال رہے کہ وزیر اعظم کی خصوصی ہدایت پر کراچی میں 2 ہفتے کی صفائی مہم کا آغاز کل سے ہوگا، کلین کراچی مہم کی نگرانی وفاقی وزیر علی زیدی کریں گے۔ مہم میں 10 ہزار سے زائد رضا کار، سیاسی کارکن اور عوامی نمائندے حصہ لیں گے۔ وفاقی حکومت کی کلین کراچی مہم کے لیے قومی خزانے سے فنڈز نہیں لیے جائیں گے۔

    فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن (ایف ڈبلیو او) کلین کراچی مہم کی کلیدی شراکت دار ہے جو تکنیکی مدد و ہیوی مشینری دے گی۔ کراچی کی کاروباری و صنعتی تنظیمیں بھی کلین کراچی مہم میں حصہ لیں گی۔ مہم میں ایک ہزار ٹریکٹر ٹرالیوں 200 سے زائد ڈمپر لوڈر سے کچرا ٹھکانے لگایا جائے گا۔ ہر بلدیاتی وارڈ میں رضا کار صفائی مہم کا حصہ بنیں گے۔

    کلین کراچی مہم میں ضلع غربی میں 48 مقامات کی نشاندہی کی گئی ہے، ضلع جنوبی و شرقی میں 70 مقامات کو منتخب کرلیا گیا ہے۔