Tag: اجلاس

  • وزیر اعظم کی اسلام آباد میں گرین ایریاز کے تحفظ کی ہدایت

    وزیر اعظم کی اسلام آباد میں گرین ایریاز کے تحفظ کی ہدایت

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں وزیر اعظم نے وفاقی دارالحکومت میں بے ربط تعمیرات اور جامع منصوبہ بندی کے بغیر پھیلاؤ پر تشویش کا اظہار کیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں معاون خصوصی زلفی بخاری، سابق وزیر خزانہ اسد عمر، کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کے چیئرمین، تعمیرات، ٹاؤن پلاننگ، ماحولیات، قانون کے حکام اور متعلقہ ماہرین بھی شریک ہوئے۔

    اجلاس میں اسلام آباد کے ماسٹر پلان سے متعلق معاملات پر مشاورت کی گئی اور وفاقی دارالحکومت میں بے ربط تعمیرات اور جامع منصوبہ بندی کے بغیر پھیلاؤ کا جائزہ لیا گیا۔

    اجلاس میں عوام کو درپیش مشکلات بشمول ماحولیاتی و انتظامی مسائل پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

    اس موقع پر وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ آبادی میں مسلسل اضافے اور انتظامی مسائل کو نظر انداز کیا گیا، نتیجہ تعمیرات میں بے ہنگم اضافے اور گرین ایریاز کی تلفی کی صورت میں نکلا ہے۔ گرین ایریاز میں کمی سے ماحولیاتی تبدیلیوں کے منفی اثرات ہوئے۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ماحولیاتی تغیر اور آلودگی ملک کا بڑا مسئلہ ہے، مسائل کے حل پر فوری توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ آبادی میں اضافے اور زمینی حقائق کا مکمل جائزہ لیا جائے۔

    وزیر اعظم نے عبوری عرصے کے لیے گرین ایریاز کے تحفظ کے لیے اقدامات کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ تعمیرات کے لیے ذیلی قوانین کو جلد حتمی شکل دی جائے۔

    انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں کچی آبادیوں کو بہتر رہائشی سہولتیں فراہم کریں گے، رہائشیوں کو جدید شہری سہولتیں دے کر معیار زندگی بہتر کریں گے۔

    اجلاس میں چیئرمین سی ڈی اے کی جانب سے شجر کاری مہم پر بھی وزیر اعظم کو بریفنگ دی گئی۔

  • ذوالحج کا چاند دیکھنے کے لیے رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج ہوگا

    ذوالحج کا چاند دیکھنے کے لیے رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج ہوگا

    کراچی: ذوالحج کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج ہوگا، اجلاس بعد نماز عصر میٹ کمپلیکس کراچی میں منعقد ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مفتی منیب الرحمٰن کا کہنا ہے کہ ذوالحج کا چاند دیکھنے کے لیے رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج ہوگا۔

    مفتی منیب الرحمٰن کی جانب سے کہا گیا ہے کہ اجلاس بعد نماز عصر میٹ کمپلیکس کراچی میں منعقد ہوگا۔

    محکمہ موسمیات کی پیشگوئی

    دوسری جانب محکمہ موسمیات نے ذوالحج کے چاند کی پیشگوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج ذوالحج کا چاند نظر آنے کے قوی امکانات ہیں، عید الضحیٰ 12 اگست کو ہوگی۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ چاند آج 8 بجکر 12 منٹ پر پیدا ہونا شروع ہوجائے گا، اس دوران ملک کے بیشتر حصوں میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے، 7 بجکر 17 منٹ پر سورج طلوع ہوجائے گا۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق آج غروب آفتاب کے بعد چاند 53 منٹ تک افق پر دیکھا جا سکے گا، چاند کی عمر 35 گھنٹے 29 منٹ ہوگی۔

    وفاقی حکومت کا عیدالضحیٰ پر چار چھٹیاں دینے کا اعلان، نوٹی فکیشن جاری

    یاد رہے کہ 31 جولائی کو حکومت پاکستان نے عید الضحیٰ کی سرکاری تعطیلات کا نوٹی فکیشن بھی جاری کیا تھا جس کے مطابق 12 سے 15 اگست تک تعطیلات ہوں گی۔

    وزارت داخلہ کی جانب سے جاری ہونے والے نوٹی فکیشن کے مطابق پیر 12 اگست سے 15 اگست جمعرات تک تمام سرکاری و نجی کاروباری مراکز اور تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔ ملک بھر کے تمام سرکاری و نجی دفاتر 16 اگست بروز جمعہ سے معمول کے مطابق کھلیں گے۔

  • اقتصادی رابطہ کمیٹی اجلاس: روٹی کی پرانی قیمتیں بحال کرنے کا فیصلہ

    اقتصادی رابطہ کمیٹی اجلاس: روٹی کی پرانی قیمتیں بحال کرنے کا فیصلہ

    اسلام آباد: مشیر خزانہ عبد الحفیظ شیخ کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں روٹی کی پرانی قیمتیں بحال کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔ چھوٹے تندوروں کے لیے گیس کی پرانی قیمتیں بھی بحال کردی گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ کمیٹی نے روٹی کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کا نوٹس لیتے ہوئے روٹی کی پرانی قیمتیں بحال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    اقتصادی رابطہ کمیٹی اجلاس میں روٹی کی پرانی قیمتیں بحال کرنے کے لیے ایک ارب سے زائد کی سبسڈی منظور کی گئی ہے۔ روٹی فروخت کرنے والے چھوٹے تندوروں کو گیس سبسڈی دی جائے گی۔

    اجلاس میں کہا گیا کہ بڑے کمرشل تندوروں یا ہوٹلز کو گیس پر سبسڈی نہیں ملے گی، چھوٹے تندوروں کے لیے گیس کی قیمتیں 30 جون 2019 والی پوزیشن پر بحال کردی گئیں۔

    خیال رہے کہ روٹی کی قیمت میں اضافے پر گزشتہ روز وزیر اعظم عمران خان نے بھی نوٹس لیا تھا۔ وزیر اعظم نے روٹی اور نان کی قیمتوں میں اضافے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اضافے کی وجوہات جاننے کے لیے اجلاس بھی طلب کرلیا تھا۔

    اجلاس میں پیٹرولیم ڈویژن، وزارت غذائی تحفظ اور دیگر وزرا و افسران کو طلب کیا گیا تھا، وزیر اعظم نے دریافت کیا تھا کہ گیس کی قیمتوں میں اضافے سے تندور پر کتنا اثر پڑا ہے۔

    آج ہونے والے اقتصادی رابطہ کمیٹی اجلاس میں کاٹن کی درآمد پر 10 فیصد ڈیوٹی اور سیلز ٹیکس عائد کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔

    اس سے قبل اقتصادی رابطہ کمیٹی کے گزشتہ اجلاس میں گندم کی برآمد پر پابندی لگا دی گئی تھی، گندم کی برآمد پر پابندی آٹے کی قیمت میں اضافے کے باعث لگائی گئی تھی۔

    گزشتہ اجلاس میں بھی روٹی اور نان کی قیمت میں اضافے کی روک تھام کے لیے اقدامات کی ہدایت کی گئی تھی۔ اقتصادی رابطہ کمیٹی کے گزشتہ اجلاس میں سال 20-2019 کے لیے تمباکو کی کم از کم قیمت کا تعین بھی کر دیا گیا تھا۔

  • وزیراعظم کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس جاری

    وزیراعظم کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس جاری

    اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس جاری ہے، جس میں رولز آف بزنس 1973 میں ترمیم اور ایم ڈی نیکا کی تعیناتی کی منظوری دی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس جاری ہے، اجلاس کے آغاز میں کابینہ نے طیارہ حادثے میں شہید ہونے والے افراد کے لیے فاتحہ خوانی کی۔

    وفاقی کابینہ نے شہدا کے درجات کی بلندی اوراہل خانہ کے لیے صبرجمیل اور حادثے میں زخمی ہونے والوں کی جلد صحت یابی کے لیے بھی دعا کی۔

    کابینہ اجلاس کے ایجنڈا کے مطابق وفاقی کابینہ رولز آف بزنس 1973 میں ترمیم ، پاسکو کے ایم ڈی کی تعیناتی اور سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ کو وزارت انسانی حقوق منتقل کرنے کی منظوری دے گی۔

    وزیراعظم عمران خان کے زیرصدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں این سی ایچ آر کے چیئرمین اور ممبران کی تعیناتی ،بچوں کے حقوق کے لیے کمیشن اور ایم ڈی نیکا کی تعیناتی کی منظوری بھی دی جائے گی۔

    اجلاس میں وفاقی کابینہ متبادل انرجی ڈیولپمنٹ بورڈ کے سی ای او اور انٹرٹینمنٹ بجٹ اور گفٹس کے خاتمے کی بھی منظوری دے گی۔

  • وزیراعظم نے وفاقی کابینہ کا اجلاس آج طلب کرلیا

    وزیراعظم نے وفاقی کابینہ کا اجلاس آج طلب کرلیا

    اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس آج ہوگا جس میں ملک کی سلامتی اور معاشی صورت حال کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس آج ہوگا جس میں عمران خان اپنے دورہ امریکا پر کابینہ کو اعتماد میں لیں گے۔

    ذرائع کے مطابق وفاقی اجلاس میں ملک کی سلامتی اور معاشی صورت حال بھی جائزہ لیا جائے گا۔

    وعدہ کرتا ہوں کہ قوم کو کبھی مایوس نہیں‌ کروں گا: وزیراعظم

    یاد رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے اسلام آباد ایئرپورٹ پر استقبالی ہجوم سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ جب تک لٹیروں کا احتساب نہیں کریں گے انہیں جیلوں میں نہیں ڈالیں گے ملک آگے نہیں بڑھے گا، پاکستان کو علامہ اقبال اور قائداعظم کا پاکستان بنانا ہے، میں وعدہ کرتا ہوں قوم کو کبھی مایوس نہیں کروں‌ گا۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ ہم نے پاکستان میں اصلاحات کرنی ہیں، ادارے ٹھیک کرنے ہیں، ڈاکو ملک کو مشکل حالات میں چھوڑ کرگئے، اسی ملک سے پیسہ جمع کرکے اسپتال بنائیں گے، بچوں کو پڑھائیں گے

  • مسئلہ کشمیر پر ٹرمپ کی ثالثی کا بیان، لوک سبھا میں مودی پر شدید لعن طعن

    مسئلہ کشمیر پر ٹرمپ کی ثالثی کا بیان، لوک سبھا میں مودی پر شدید لعن طعن

    نئی دہلی: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مسئلہ کشمیر پر ثالثی کی پیشکش کے بعد بھارتی پارلیمنٹ میں صف ماتم بچھ گئی، پارلیمنٹ ارکان نے دل کھول کر وزیر اعظم نریندر مودی کو لعن طعن کی، کانگریس لیڈر سونیا گاندھی امریکی صدر کا بیان دستاویز کی صورت میں لوک سبھا میں لے آئیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کے کامیاب دورہ امریکا اور خصوصاً مسئلہ کشمیر پر امریکی صدر ٹرمپ کی دلچسپی کے بعد بھارت میں طوفان کھڑا ہوگیا، بھارتی میڈیا اور سوشل میڈیا پر شور شرابے کے بعد آج لوک سبھا کا اجلاس ہوا تو ارکان پارلیمنٹ نے وزیر اعظم مودی کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔

    امریکی صدر ٹرمپ نے وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کے دوران کہا تھا، ’میں 2 ہفتے قبل مودی سے ملا تھا اور اس دوران ہم نے مسئلہ کشمیر پر بھی بات چیت کی۔ مودی نے پوچھا تھا کہ کیا آپ مسئلے پر ثالث کا کردار ادا کرنا چاہیں گے؟‘

    امریکی صدر کے اس بیان کے بعد بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی شامت آگئی، بھارت گزشتہ 70 سال سے مسئلہ کشمیر پر کسی بھی قسم کی ثالثی کو قبول کرنے سے صاف انکار کرتا رہا ہے چنانچہ اب مودی کے حوالے سے اس بات کے سامنے آنے کے بعد بھارتی نہایت غم و غصے میں ہیں۔

    بھارتی وزارت خارجہ اس حوالے سے تردید بھی جاری کرچکی ہے کہ نریندر مودی نے ٹرمپ کو اس حوالے سے کوئی درخواست نہیں کی تاہم بھارتی اس تردید کو ذرا بھی خاطر میں نہ لائے۔

    آج نریندر مودی کو لوک سبھا کے اجلاس میں شریک ہونا تھا تاہم اس سے قبل ہی ارکان پارلیمنٹ نے شور شرابہ کر کے آسمان سر پر اٹھا لیا، لوک سبھا میں مطالبہ کیا گیا کہ نریندر مودی اس حوالے سے صاف صاف بتائیں کہ آیا انہوں نے ٹرمپ سے یہ درخواست کی ہے یا نہیں، اپوزیشن کے ارکان نے احتجاجاً اجلاس سے واک آؤٹ بھی کیا۔

    کانگریس لیڈر سونیا گاندھی امریکی صدر کا بیان دستاویز کی صورت میں لوک سبھا میں لے آئیں اور پارٹی لیڈر منیش تیواڑی کے حوالے کیا تاکہ مودی کی خبر لیتے ہوئے کوئی نکتہ رہ نہ جائے۔

    گزشتہ روز کانگریس کے سابق صدر راہول گاندھی نے بھی نریندر مودی سے جواب طلب کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ قوم کو بتائیں ٹرمپ سے امریکا دورے کے دوران کیا بات چیت طے ہوئی۔

    راہول کا کہنا تھا کہ اگر امریکی صدر کا کشمیر کے معاملے پر ثالثی کا بیان درست ہے تو مودی نے بھارت کے مفاد اور شملہ معاہدے سے انحراف کیا۔

    انہوں نے کہا تھا کہ مودی کی کمزور تردید سے کچھ نہیں ہوگا وہ قوم کو حقائق سے آگاہ کریں اور بتائیں کہ آخر دورہ امریکا میں ٹرمپ سے بات چیت میں کیا طے کر کے آئے۔

  • اپوزیشن کی رہبرکمیٹی کا اجلاس آج طلب

    اپوزیشن کی رہبرکمیٹی کا اجلاس آج طلب

    اسلام آباد: اپوزیشن کی رہبر کمیٹی کا اجلاس آج طلب کرلیا گیا، اجلاس میں 25 جولائی کے اپوزیشن کے احتجاج کو حتمی شکل دی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے مقامی ہوٹل میں اکرم درانی کی زیرصدارت اپوزیشن کی رہبر کمیٹی کا اجلاس آج ہوگا جس میں 25 جولائی کے احتجاج کو حتمی شکل دی جائے گی۔

    اس سے قبل 11 جولائی کو اپوزیشن کی رہبر کمیٹی کے اجلاس کے بعد اکرم درانی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ رہبرکمیٹی نے چیئرمین سینیٹ کے لیے میر حاصل بزنجو کے نام پراتفاق کیا ہے۔

    اپوزیشن نے حاصل بزنجو کو چیئرمین سینیٹ کے لئے نامزد کردیا

    اکرم درانی کا کہنا تھا کہ چیئرمین سینیٹ کے لیے میرحاصل بزنجو امیدوار ہوں گے، تمام ممبران نے میرحاصل بزنجو پر اتفاق کیا، کوشش کریں گے کہ دیگر لوگوں کے ووٹ بھی حاصل کریں۔

    یاد رہے 9 جولائی کو اپوزیشن سینیٹرز کی جانب سے چیئرمین سینیٹ کو ہٹانے کے لیے مشترکہ قرارداد سینیٹ سیکریٹریٹ میں جمع کرائی تھی، قرارداد پر 38 ارکان کے دستخط تھے جبکہ اپوزیشن کی جانب سے سینیٹ اجلاس کے لیے ریکوزیشن بھی جمع کرائی گئی تھی۔

    واضح رہے کہ اس وقت 104 کے ایوان میں 103 ارکان ہیں حلف نہ اٹھانے والے اسحاق ڈار کے بغیر مسلم لیگ ن کے 30 سینیٹرز ہیں، سینیٹ میں اپوزیشن نے 67 سینیٹرز اراکین کی حمایت کا دعوی کیا ہے جبکہ حکومت کو 36 ارکان سینیٹ کی حمایت حاصل ہے۔

  • اقتصادی رابطہ کمیٹی اجلاس: گندم کی برآمد پر پابندی عائد

    اقتصادی رابطہ کمیٹی اجلاس: گندم کی برآمد پر پابندی عائد

    اسلام آباد: مشیر خزانہ عبد الحفیظ شیخ کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا، اجلاس میں گندم کی برآمد پر پابندی لگادی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق مشیر خزانہ عبد الحفیظ شیخ کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں اقتصادی رابطہ کمیٹی نے ملک کی معاشی صورتحال کا جائزہ لیا۔

    ذرائع کے مطابق اقتصادی رابطہ کمیٹی نے گندم کی برآمد پر پابندی لگا دی، گندم کی برآمد پر پابندی آٹے کی قیمت میں اضافے کے باعث لگائی گئی ہے۔ اجلاس میں روٹی اور نان کی قیمت میں اضافے کی روک تھام کے لیے اقدامات کی بھی ہدایت کردی گئی۔

    اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں سال 20-2019 کے لیے تمباکو کی کم از کم قیمت کا تعین بھی کر دیا گیا۔

    اجلاس میں بوئنگ طیاروں کے آئی ایف سی سسٹم کے لیے پاکستان انٹرنیشل ایئر لائن (پی آئی اے) کی سمری بھی منظور کرلی گئی۔ پی آئی اے کو دستیاب وسائل سے 70 کروڑ روپے خرچ کرنے کی ہدایت کردی گئی۔

    اجلاس میں شماریات کے لیے قیمتوں کے تعین میں بیس ایئر 16-2015 مقرر کرنے کی بھی منظوری دی گئی جبکہ غیر نقصان دہ ایلومینیئم ویسٹ اور اسکریپ کی درآمد کی بھی اجازت دے دی گئی۔

    اقتصادی رابطہ کمیٹی کو ملک میں مہنگائی پر بھی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں صوبہ خیبر پختونخواہ کے علاقے ہنگو کے مختلف دیہاتوں میں گیس فراہمی کی سمری پر بھی غور کیا گیا جبکہ درآمدی یوریا کی بوری کی قیمت کا تعین بھی کردیا گیا۔

    اس سے قبل 3 جولائی کو ہونے والے اقتصادی رابطہ کمیٹی اجلاس میں پیٹرولیم مصنوعات کی اندرون ملک فراہمی بذریعہ ریلوے پر غور کیا گیا۔ گزشتہ اجلاس میں ملک میں گندم کی طلب و رسد کا بھی جائزہ لیا گیا تھا۔

  • رانا ثنا اللہ کے خلاف تمام ثبوت موجود ہیں: شہریار آفریدی

    رانا ثنا اللہ کے خلاف تمام ثبوت موجود ہیں: شہریار آفریدی

    اسلام آباد: وزیر مملکت برائے سرحدی امور شہریار آفریدی کا کہنا ہے کہ رانا ثنا اللہ کے خلاف تمام ثبوت موجود ہیں، عدالت میں پیش کریں گے۔ کوئی بھی وزیر ہو قانون سے بالاتر کوئی نہیں ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر مملکت برائے سرحدی امور شہریار آفریدی نے قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمان میں موجود تمام ارکان نے حلف لیا ہوا ہے، آئین کا حلف لیا ہے جو قرآن اور سنت کے تابع ہے۔

    شہریار آفریدی کا کہنا تھا کہ 85 فیصد منشیات افغانستان میں پیدا ہوتی ہے۔ اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) کی ملک بھر میں نفری 2900 ہے۔ پورے بلوچستان کے لیے 506 اور پنجاب کے لیے 543 اہلکار ہیں۔ چھوٹے اضلاع میں ملازمین کا تبادلہ ہوتا ہے تو تنخواہیں کم ہوتی ہیں۔ دنیا حیران ہے 29 سو افراد پر کنوکشن ریٹ 98 فیصد ہے۔

    انہوں نے کہا کہ 35 سال اقتدار میں رہنے والوں نے اے این ایف کے ساتھ کیا کیا، دنیا میں 40 ارب ڈالر کی منشیات یہاں پکڑی جاتی ہے۔ اسکول، کالج اور یونیورسٹیز میں منشیات پھیلائی گئی، اے این ایف والے کسی کو پھنسانے کا کام نہیں کرتے۔

    وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ فیصل آباد میں ایک شخص پکڑا گیا، ایک جیسا بیگ سامنے آیا۔ تفتیش میں کچھ معلومات ملیں اور ہم آگے بڑھے۔ رانا ثنا اللہ کی گاڑی کی 3 ہفتے مانیٹرنگ کی، ان کی گاڑی کو روکا گیا اور بیگ برآمد ہوا۔ ان سے پوچھا گیا یہ بیگ ہم کھول سکتے ہیں یا نہیں۔ انہوں نے کہا کہ کھول سکتے ہیں، جب کھولا گیا تو حقیقت سامنے آگئی۔

    انہوں نے کہا کہ رانا ثنا اللہ کے خلاف تمام ثبوت موجود ہیں، عدالت میں پیش کریں گے۔ انہیں رنگے ہاتھوں پکڑا گیا ہے اس لیے جوڈیشل ریمانڈ لیا۔ ن لیگ کے دوست پریشان نہ ہوں سارے ثبوت پیش کریں گے۔ کوئی بھی وزیر ہو قانون سے بالاتر کوئی نہیں ہے۔ میری یہ سوچ بھی نہیں کہ کسی کو سیاسی انتقام کا نشانہ بناؤں۔ جس نے اس ملک کے ساتھ خیانت کی خدا کی قسم سمجھوتہ نہیں کروں گا۔

    وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ جب ڈرگس پاکستان سے باہر جاتی ہے تو کیا امیج بنتا ہے۔ سن لیں میں نے کسی کو نہیں چھوڑنا۔ رانا ثنا اللہ سے کہیں عدالت میں پیش ہوں خود کو کلیئر کریں۔

  • وزیر اعظم کا گزشتہ ادوار میں خرچ کی گئی تمام رقم ریکور کرنے کا فیصلہ

    وزیر اعظم کا گزشتہ ادوار میں خرچ کی گئی تمام رقم ریکور کرنے کا فیصلہ

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا، اجلاس میں گزشتہ حکومتوں کے میڈیکل اور کیمپ آفسز کے اخراجات کی تفصیل سمیت 14 نکاتی ایجنڈا زیر غور آیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا، اجلاس میں گزشتہ حکومتوں کے میڈیکل اور کیمپ آفسز کے اخراجات کی تفصیل پیش کی گئی۔

    وفاقی کابینہ کے اجلاس میں اس حوالے سے پیش کی جانے والی دستاویز اے آر وائی نیوز نے حاصل کرلی۔ دستاویزات کے مطابق کیمپ آفسز، سیکیورٹی اور میڈیکل کے نام پر قوم کے اربوں رپوے لٹائے گئے۔

    دستاویز کے مطابق سابق وزیر اعظم نواز شریف نے 4 ارب 31 کروڑ 83 لاکھ سرکاری خزانے سے خرچ کیے، سابق صدر آصف زرداری نے 3 ارب 16 کروڑ 41 لاکھ روپے خرچ کیے۔ سابق وزیر اعلیٰ شہباز شریف نے 8 ارب 72 کروڑ 69 لاکھ سرکاری خزانے سے خرچ کیے۔

    دستاویز کے مطابق سابق وزیر اعظم شاہد خاقان نے اپنے دور حکومت میں 35 کروڑ روپے خزانے سے خرچ کیے، سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے 24 کروڑ، راجہ پرویز اشرف نے 32 کروڑ جبکہ سابق صدر مملکت ممنون حسین نے 30 کروڑ روپے سرکاری خزانے سے خرچ کیے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم نے گزشتہ ادوار میں ہونے والے اخراجات پر تشویش کا اظہار کیا اور تمام رقم ریکور کرنے کا فیصلہ کیا۔

    کابینہ اجلاس میں رولز آف بزنس 1973 کے شیڈول 1 میں ترمیم پر بات چیت ہوئی، کابینہ نے ای کامرس پالیسی فریم ورک کی منظوری دی جبکہ پی اے ایف بیس شہباز و گرد و نواح کو جیکب آباد کنٹونمنٹ ایریا کی منظوری بھی اجلاس کے ایجنڈے میں شامل تھی۔

    اجلاس میں زرعی ترقیاتی بینک کی جانب سے وفاقی کابینہ کو بریفنگ دی گئی۔ نیو ٹیک کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر کی منظوری اور گورنر ہاؤس سمیت سرکاری عمارتوں کے مستقبل کا فیصلہ بھی اجلاس کے ایجنڈے میں شامل رہا۔

    وفاقی کابینہ نے اپنے گزشتہ فیصلوں پر عملدر آمد کا جائزہ بھی لیا۔ اجلاس میں پولی تھین شاپنگ بیگز کے مٹیریل کی درآمد اور سیل پر پابندی پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں اسلام آباد میں پلاسٹک بیگز پر پابندی عائد کرنے کی منظوری دے دی گئی۔

    اجلاس میں وفاقی کابینہ نے توصیف ایچ فاروق کو چیئرمین نیپرا (نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی) تعینات کرنے کی منظوری دی۔ ایجنڈے میں ریکوری آف مورگیج بیکڈ سیکیورٹی آرڈیننس 2019، قائم مقام چیئرمین ایکسپورٹ پروسیسنگ زون اتھارٹی کا تقرر اور اسلام آباد ہیلتھ کیئر سہولت بل 2019 کی اصولی منظوری بھی شامل تھی۔

    اس سے قبل 9 جولائی کو ہونے والے اجلاس میں سابق وزیر اعظم نواز شریف اور سابق صدر آصف زرداری کے دور میں اخراجات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی تھی۔

    بریفنگ میں بتایا گیا تھا کہ نواز شریف کے دور میں 1421.5 ملین (ایک ارب 42 کروڑ 15 لاکھ) روپے غیر ملکی دوروں پر خرچ ہوئے، زرداری کے غیر ملکی دوروں پر 183.5 ملین (18 کروڑ 35 لاکھ) روپے خرچ ہوئے۔

    اجلاس کے دوران وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ سابق حکمران قومی خزانے سے پر تعیش دورے کرتے رہے، ملک اور قوم کو غیر ملکی دوروں سے کیا حاصل ہوا۔

    وزیر اعظم نے سابق ادوار میں اڑائی دولت کے ایک ایک پیسے کا حساب لینے کے عزم کا اظہار بھی کیا تھا۔