Tag: اجلاس

  • گیس چوری کی روک تھام کے لیے خصوصی ٹاسک فورس تشکیل دینے کی ہدایت

    گیس چوری کی روک تھام کے لیے خصوصی ٹاسک فورس تشکیل دینے کی ہدایت

    اسلام آباد: وفاقی وزیر پیٹرولیم عمر ایوب نے گیس چوری کی روک تھام کے لیے بلا تاخیر خصوصی ٹاسک فورس تشکیل دینے کی ہدایت کردی، ان کا کہنا تھا کہ گیس چوری اور لائن لاسز کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر پیٹرولیم عمر ایوب کی زیر صدارت پٹرولیم اجلاس ہوا۔ اس موقع پر معاون خصوصی برائے پیٹرولیم ندیم بابر بھی موجود تھے۔

    سیکریٹری پیٹرولیم اسد حیا الدین نے وزیر پیٹرولیم کو تیل و گیس کی تلاش و پیداوار کے جاری منصوبوں سے آگاہ کیا۔ انہوں نے ایل این جی سپلائی معاہدوں، پپٹرولیم پروڈکٹس کی کھپت، موجودہ ریفائنری، مقامی پیداواری صلاحیت سمیت دیگر امور پر بھی اجلاس کو تفصیلی بریفنگ دی۔

    وفاقی سیکریٹری نے وزیر پیٹرولیم کو پیٹرولیم ڈویژن کے ذیلی اداروں کی کارکردگی سے بھی آگاہ کیا۔ بریفنگ کے دوران پیٹرولیم ڈویژن کے تمام اعلیٰ افسران موجود تھے۔

    اس موقع پر عمر ایوب نے کہا کہ گیس چوری اور لائن لاسز کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، گیس چوری کی روک تھام کے لیے بلا تاخیر خصوصی ٹاسک فورس تشکیل دی جائے۔

    انہوں نے کہا کہ ٹاسک فورس دونوں گیس کمپنیوں سے روزانہ کی بنیاد پررپورٹ طلب کرے۔ قومی اثاثوں کی حفاظت سوئی نادرن اور سوئی سدرن کی اولین ذمہ داری ہے۔

    معاون خصوصی ندیم بابر کا کہنا تھا کہ انتظامیہ لائن لاسز میں کمی کے لیے کمر بستہ ہو جائے۔ انہوں نے یقین دہانی کروائی کہ گیس و تیل کے مزید بلاکس آفر کیے جائیں گے اور او جی ڈی سی ایل اور پی پی ایل کی ڈرلنگ سرگرمیاں بڑھائی جائیں گی۔

  • وزیراعظم کی زیرصدارت نوتشکیل شدہ وفاقی کابینہ کا اجلاس آج ہوگا

    وزیراعظم کی زیرصدارت نوتشکیل شدہ وفاقی کابینہ کا اجلاس آج ہوگا

    اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت نوتشکیل شدہ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں 16 نکاتی ایجنڈا زیر بحث آئے گا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی صدارت میں ہونے والے وفاقی کابینہ کے اہم اجلاس میں 16 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا جائے گا۔

    ذرائع کے مطابق اجلاس میں اقتصادی صورت حال سمیت اہم امور زیربحث آئیں گے، مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ معاشی پالیسیوں سے کابینہ کو آگاہ کریں گے۔

    اجلاس میں این ایچ اے میں ڈیپوٹیشن پر ممبر فنانس کی تعیناتی کی منظوری دی جائے گی، سعودی فنڈ برائے ترقی کے منصوبوں کے لیے ٹیکس چھوٹ پرغور کیا جائے گا۔

    وفاقی کابینہ کو اجلاس میں ملک کے موجودہ تعلیمی نظام میں تبدیلی پر بریفنگ دی جائے گی اور رحم کی اپیلوں میں تاخیراورکمزوریوں کودور کرنے کی منظوری دی جائے گی۔

    وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت اجلاس میں بینکنگ کورٹ ون پشاورکے جج کو واپس بلانے کا فیصلہ کیا جائے گا، ڈراوٹ ریسپانس پلان 2019 منظوری کے لیے کابینہ میں پیش کیا جائے گا۔

    اجلاس میں او پی ایف کے بورڈ آف گورنرزکے سابق ممبران کے کیسزکا جائزہ لیا جائے گا، نیشنل انڈوومنٹ اسکالرشپ وزارت منصوبہ بندی کے حوالے کرنے کی منظوری دی جائے گی۔

    وفاقی کابینہ کے اجلاس میں قیمتوں میں اضافے پروزیردفاع کی سربراہی میں قائم کمیٹی کی سفارشات پیش کی جائیں گی، چیف شماریات کا اضافی چارج دینے کی منظوری دی جائے گی۔

    اجلاس میں ریلوے کی مال بردارگاڑیوں کی حکومتی اداروں کے استعمال سے متعلق عملدرآمد کا جائزہ لیا جائے گا، کابینہ ای سی سی اجلاس کے فیصلوں کی بھی منظوری دے گی۔

  • وزیراعظم کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس آج ہوگا

    وزیراعظم کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس آج ہوگا

    اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں 17نکاتی ایجنڈے پر غور کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی صدارت میں ہونے والے وفاقی کابینہ کے اہم اجلاس میں ملک میں رائج نظام تعلیم میں اصلاحات سمیت 17 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا جائے گا۔

    وفاقی کابینہ کے اجلاس میں چیئرمین اوگرا اور اتھارٹی ممبران کی تنخواہ سے متعلق کابینہ کے فیصلے پرعملدآمد کا جائزہ لیا جائے گا۔

    وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت اجلاس میں وزارتوں اور ڈویژنوں میں ریکروٹنگ کے مجوزہ طریقہ کار سے متعلق اپنے فیصلے کا جائزہ لیا جائے گا۔

    وفاقی کابینہ اجلاس میں صوبائی کاؤنٹرٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کو انویسٹی گیشن اینڈ پراسیکیوشن ایجنسی بنانے اور چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ایجوکیشن کی ڈیپوٹیشن میں توسیع کی منظوری دے گی۔

    وزیراعظم کی زیرصدارت اجلاس میں سیزن 2018 اور 2019 کے لیے گندم خریداری کی منظوری دےگی جبکہ ملک میں موجود وفاق کی فارغ جائیدادوں کی فروخت کا جائزہ بھی لیا جائے گا۔

    اجلاس میں وفاقی کابینہ کو ملک میں رائج نظام تعلیم اور اس میں اصلاحات پر بریفنگ دی جائے گی، ملک میں یکساں نظام تعلیم کو رائج کرنے کے حوالے سے تجاویز بھی دی جائے گی۔

    یاد رہے رواں ماہ 9 اپریل کو وزیراعظم عمران خان کی زیرصدرات وفاقی کابینہ کے اجلاس میں ای سی سی کے فیصلوں کی توثیق کی گئی تھی جبکہ وزیراعظم نے فیصلوں پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی تھی۔

  • قائمہ کمیٹی برائے داخلہ نے نیشنل ایکشن پلان پر وزارت داخلہ سے بریفنگ طلب کرلی

    قائمہ کمیٹی برائے داخلہ نے نیشنل ایکشن پلان پر وزارت داخلہ سے بریفنگ طلب کرلی

    اسلام آباد: سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے داخلہ نے کوئٹہ دھماکے کے پیش نظر نیشنل ایکشن پلان پر وزارت داخلہ سے بریفنگ طلب کرلی۔ وزارت داخلہ نے کمیٹی سے بریفنگ کے لیے وقت مانگا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی کے رہنما رحمٰن ملک کی زیر صدارت سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں سب سے پہلے آج صبح کوئٹہ میں ہونے والا دھماکہ زیر بحث آیا۔ اجلاس کے شرکا نے دھماکے کی وزارت داخلہ اور بلوچستان حکومت سے تفصیل طلب کرلی۔

    کمیٹی چیئرمین رحمٰن ملک کا کہنا تھا کہ دھماکے میں 18 افراد شہید اور 30 سے زائد زخمی ہوئے، ایسے واقعات کو فرقہ وارانہ رنگ نہ دیا جائے کیونکہ یہ دشمن کروا رہا ہے، نیشنل ایکشن پلان پر کمیٹی نے وزارت داخلہ سے بریفنگ مانگی ہے۔ وزارت داخلہ نے کمیٹی سے بریفنگ کے لیے کچھ وقت مانگا ہے۔

    کمیٹی کے شرکا کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کی بڑی وجہ جعلی شناختی کارڈ اور جعلی نمبر پلیٹس ہیں، پارلیمنٹ ہاؤس میں بھی جعلی نمبر پلیٹ والی گاڑیاں آجاتی ہیں۔ دنیا بھر میں شناختی کارڈ ایک پروفائل کی طرح ہے۔ پاکستان میں ایسا سسٹم نہیں جس کے باعث مشکلات ہیں۔

    قائمہ کمیٹی برائے داخلہ نے کوئٹہ میں دہشت گردی پر خصوصی اجلاس کرنے کا فیصلہ کیا۔

    دوران اجلاس سینیٹر اعظم سواتی نے کہا کہ شرم آتی ہے ہم لوگ خود قانون توڑنے میں پیش پیش ہیں۔ پارلیمنٹ میں جعلی نمبر پلیٹ والی گاڑیاں داخل ہوتی ہیں۔ میں اپنے آپ کو اس بات کا ذمہ دار سمجھتا ہوں۔

    اعظم سواتی کا کہنا تھا کہ رجسٹریشن اور نمبر پلیٹوں کا معاملہ انتہائی اہم ہے۔

    اجلاس میں خیبر پختونخواہ کے شہر ہری پور میں 7 سال کے بچے سے زیادتی اور قتل کا کیس زیر بحث آیا۔ ڈی پی او نے کمیٹی کو بتایا کہ قاتل پکڑا گیا اور اس وقت سینٹرل جیل میں ہے، قاتل نے اقبال جرم کیا اور میڈیکل رپورٹ سے ثابت بھی ہوا۔

    چیئرمین کمیٹی نے قاتل کی گرفتاری پر ڈی پی او اور پولیس پارٹی کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ ایسے قاتل کا فوری ٹرائل کر کے سزا دی جائے۔

    اجلاس میں شہر کراچی میں قصر ناز میں 5 بچوں کی ہلاکت کے معاملے پر بھی بریفنگ دی گئی۔ ڈی آئی جی سندھ نے کمیٹی کو بتایا کہ 21، 22 فروری کو فیملی کے ساتھ حادثہ پیش آیا، یہ لوگ بلوچستان سے راستے میں کھاتے پیتے آئے۔ رات کو کراچی میں صدر سے بریانی لے کر آئے۔

    ڈی آئی جی کے مطابق شواہد میں کھانے کے سیمپل اور سفید پاؤڈر ملا تھا، کھانے کے ڈبوں پر بھی پاؤڈر پایا گیا تھا۔

    قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کے اجلاس میں قصر ناز میں ہلاک ہونے والے 5 بچوں ورثا بھی شریک تھے۔

  • حکومت سیاحت کے فروغ کے لیے ہر ممکن سہولت فراہم کرے گی: وزیر اعظم

    حکومت سیاحت کے فروغ کے لیے ہر ممکن سہولت فراہم کرے گی: وزیر اعظم

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت سیاحت کے فروغ اور ترقی پر اجلاس کے دوران وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت سیاحت کے فروغ کے لیے ہر ممکن سہولت فراہم کرے گی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت سیاحت کے فروغ اور ترقی پر اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں وزیر اعظم کو سیاحت کے فروغ کے اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔

    وزیر اعظم کو پختونخواہ ٹورازم ایکٹ کے مسودے پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ صوبے میں سیاحتی زون قائم کیے جا رہے ہیں، پنجاب میں سیاحت کے فروغ کے لیے 8 زون قائم کیے جا رہے ہیں۔

    وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ نجی شعبہ سیاحت کے فروغ کے لیے کردار ادا کرے، سیاحتی زونز کے قیام میں ماحول اور قدرتی حسن کو مد نظر رکھا جائے۔ ویب سائٹ پر مقامی اور غیر ملکی سیاحوں کے لیے تفصیل دی جائے۔

    انہوں نے کہا کہ حکومت سیاحت کے فروغ کے لیے ہر ممکن سہولت فراہم کرے گی۔

    چند روز قبل ٹورازم سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پوری دنیا میں سیاحتی مقامات دیکھ چکا ہوں، جو خوبصورتی پاکستان میں ہے وہ دنیا میں کہیں اور نہیں۔

    انہوں نے کہا تھا کہ پاکستان کے شمالی علاقے دنیا میں سب سے زیادہ پرکشش ہیں، ساحلی سیاحت میں بہت امکان ہے، پہاڑی سلسلوں کی الگ الگ خصوصیات ہیں، پاکستان کے تمام سیاحتی ریزورٹ انگریزوں کے دور میں بنے تھے۔

    وزیر اعظم نے مزید کہا تھا کہ دہشت گردی کی وجہ سے کچھ سال پہلے سیاحت ختم ہوچکی تھی، اب حالات بہتر ہیں، پاکستان میں نتھیا گلی جیسے 100 مقامات ہیں کسی کو اندازہ ہی نہیں۔ سیاحت میں سرمایہ کاری سے بہت زیادہ منافع حاصل ہوسکتا ہے۔

  • رمضان میں متوقع مہنگائی، مہنگی اشیا فروخت کرنے والوں کے خلاف روزانہ کارروائی کا فیصلہ

    رمضان میں متوقع مہنگائی، مہنگی اشیا فروخت کرنے والوں کے خلاف روزانہ کارروائی کا فیصلہ

    کراچی: رمضان المبارک میں مہنگائی کنٹرول کرنے کے حوالے سے منعقدہ اجلاس میں مہنگی اشیائے خور و نوش فروخت کرنے والوں کے خلاف روزانہ کی بنیاد پر کارروائی کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق رمضان میں مہنگائی کنٹرول کرنے کے حوالے سے سندھ حکومت کا اجلاس ہوا۔ اجلاس کی صدارت وزیر برائے زراعت، سپلائی اور پرائسز محمد اسماعیل راہو نے کی۔

    اجلاس میں سیکریٹری زراعت، سندھ کے تمام ڈی سیز، چیئرمین مارکیٹس کمیٹیز اور پرائسز کنٹرول کے افسران شریک ہوئے۔ اجلاس میں اشیائے خور و نوش کی قیمتوں کے تعین کے حوالے سے لائحہ عمل تیار کرلیا گیا۔

    اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ بیورو سپلائی اور پرائسز روزانہ کی بنیاد پر قیمتوں کی لسٹ جاری کریں گی، محکمہ پرائسز رمضان میں چینی، گوشت، آٹا، مچھلی، دودھ اور دیگر اشیائے خور و نوش کی قیمتیں مقرر کرے گا۔

    اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سبزیاں مہنگی فروخت کرنے والوں کے خلاف مارکیٹ کمیٹی کے چیئرمینز اور ڈی سی مل کر کارروائی کریں گے۔

    اسماعیل راہو کا کہنا تھا کہ اشیائے خور و نوش کی قیمتیں محکمہ پرائسز، کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز مقرر کرتے ہیں۔ رمضان میں روزانہ ہنگامی بنیادوں پر کارروائی کی جائے گی۔ کراچی میں سبزی اور فروٹس کی قیمتوں کی لسٹ روزانہ نکلتی ہے۔

    اسماعیل راہو نے ہدایت کی کہ جہاں جہاں عوام شکایت کرے فوراً متعلقہ ادارے وہاں کارروائی کریں۔ انہوں نے پرائز لسٹ تمام دکانداروں اور ڈیلروں کو فراہم کرنے کی ہدایت کردی۔

    اجلاس میں کراچی سمیت سندھ بھر میں سستے بچت بازار لگانے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ افسران نے شکایت کی کہ کورنگی میں ڈپٹی کمشنر بچت بازار ختم کر رہے ہیں جس پر اسماعیل راہو نے کہا کہ کراچی میں کوئی بچت بازار بند نہیں ہوگا۔

    اجلاس میں مہنگائی پر کنٹرول کے لیے سندھ کے تمام ڈسٹرکٹس میں شکایتی مراکز قائم کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا، شکایتی مراکز میں ڈی سیز، پرائسز اور مارکیٹ کمیٹی کے ارکان بیٹھیں گے۔ متعلقہ افسران کو مہنگی اشیائے خور و نوش فروخت کرنے والوں کے خلاف روزانہ کی بنیاد پر کارروائی کرنے کا حکم بھی دے دیا۔

  • اقتصادی رابطہ کمیٹی اجلاس: ایک لاکھ ٹن یوریا درآمد کرنے کی اجازت

    اقتصادی رابطہ کمیٹی اجلاس: ایک لاکھ ٹن یوریا درآمد کرنے کی اجازت

    اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں ایک لاکھ ٹن یوریا درآمد کرنے کی اجازت دے دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایک لاکھ ٹن یوریا درآمد کرنے کی اجازت دے دی گئی، درآمد کی اجازت کاشت کاروں کی ضرورت دیکھتے ہوئے دی گئی۔

    اجلاس میں وزارت صنعت و پیداوار کو یوریا کھاد کی قیمتوں کا تعین کرنے اور کاشت کاروں کو سستے داموں کھاد کی فراہمی کو یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی۔ کمیٹی نے اجلاس میں فیصلہ کیا کہ گیس پاور سیکٹر کو دینے پر مزید یوریا درآمد کیا جا سکتا ہے۔

    اقتصادی رابطہ کمیٹی اجلاس کے ایجنڈے میں مختلف وزارتوں کے لیے ضمنی گرانٹ کی منظوری شامل تھی جن میں ہوا بازی، دفاع، فنانس ، داخلہ، پیٹرولیم اور صنعت و پیدوار کی وزارتیں شامل ہیں۔ پاکستان نیو کلئیر ریگولیٹری اتھارٹی کے لیے گرانٹ کی منظوری بھی ایجنڈے میں شامل تھی۔

    اس سے قبل 20 مارچ کو ہونے والے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں آپریشن ضرب عضب کے متاثرین کے لیے ایک ارب 70 کروڑ روپے فنڈز کی منظوری دی گئی تھی۔

    گزشتہ اجلاس میں سول ایوی ایشن اتھارٹی کے پی آئی اے کے ذمے 96 ارب کے بقایا جات منجمد کرنے کی منظوری بھی دی گئی، 96 ارب روپے کے بقایا جات جون تک منجمد کیے گئے تھے۔

    اجلاس میں پاسکو کے گندم کی برآمدات کی مدت میں 2 ماہ کی توسیع کرنے کی منظوری دی گئی۔ اجلاس کو ایل این جی ٹرمنلز اور کپاس کی پیداوار کے حوالے سے بریفنگ بھی دی گئی تھی۔

  • بریگزٹ سے متعلق آج ہونے والا اجلاس برطانیہ کیلئے آخری موقع ہوگا

    بریگزٹ سے متعلق آج ہونے والا اجلاس برطانیہ کیلئے آخری موقع ہوگا

    لندن /برسلز : یورپی یونین کے رہنماؤں کا کہنا ہے کہ برطانیہ کا یونین سے کسی باقاعدہ معاہدے کے بغیر اخراج یا نو ڈیل بریگزٹ اب تقریباً یقینی ہو گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق یورپی پارلیمان کے بریگزٹ سے متعلقہ امور کے رابطہ کار گائی فیرہوفشٹٹ نے کہا کہ آج (بدھ کو) ہونےو الا پارلیمانی اجلاس برطانیہ کے لیے آخری موقع ہوگا کہ وہ یا تو بریگزٹ کے بارے میں پائے جانے والے جمود کو ختم کرے یا پھر نتائج کا سامنا کرنے کے لیے تیار رہے۔

    گائی فیرہوفشٹٹ کا کہنا تھا کہ لندن میں ایوان زیریں نے ایک بار پھر بریگزٹ سے متعلق تمام تر امکانات کے خلاف اپنی رائے دی ہے اور اب نو ڈیل بریگزٹ یا ہارڈ بریگزٹ بظاہر ناگزیر ہو گیا ہے۔

    یورپی پارلیمان کے جرمنی سے تعلق رکھنے والے ایک اور رکن ڑینس گائیر کا کہنا تھا کہ برطانوی پارلیمان ایک مضحکہ خیز انداز میں خود اپنا ہی راستہ روکے ہوئے ہے۔

    بریگزٹ کی موجودہ ڈیڈ لائن جو 12 اپریل کو پوری ہو رہی ہے، اگر لندن نے اس میں دوبارہ توسیع کی درخواست کی، تو یورپی یونین کو ایسی کسی توسیع پر صرف اسی صورت میں رضامندی ظاہر کرنا چاہیے کہ برطانیہ میں بریگزٹ سے متعلق ایک نیا عوامی ریفرنڈم بھی کرایا جائے۔

    مزید پڑھیں : بریگزٹ ڈیل: برطانوی وزیراعظم اپوزیشن لیڈر سے اہم ملاقات کریں گی

    خیال رہے کہ برطانوی اعظم تھریسامے بریگزٹ ڈیل سے متعلق مذاکرات کے لیے اپوزیشن لیڈر جیرمی کوربن سے خصوصی اور اہم ملاقات کریں گی تاہم ملاقات کے حوالے سے حتمی تاریخ سامنے نہیں آئی۔

    بریگزٹ ڈیل نہ ہونے کے باعث ملک میں سیاست کے علاوہ معاشی بحران کی صورت حال پیدا ہورہی ہے، امریکی ڈالر اور یورو کے مقابلے میں برطانوی پاؤنڈ کی قدر میں صفر عشاریہ تین فیصد کمی نوٹ کی گئی۔

    برطانوی میڈیا کا کہنا ہے کہ وزیراعظم تھریسامے موجودہ صورت حال کے سبب شدید ذہنی دباؤ کا شکار ہیں، کئی کوششوں کے باوجود پارلیمنٹ رہنماؤں کو بریگزٹ پر قائل کرنے میں ناکام ہیں۔

  • وزیراعظم کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس آج ہوگا

    وزیراعظم کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس آج ہوگا

    اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں ملکی، سیاسی، پارلیمانی اور قومی سلامتی کے امورکا جائزہ لیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی صدارت میں وفاقی کابینہ کا اجلاس آج صبح ساڑھے گیارہ بجے وزیراعظم آفس میں ہوگا۔

    وفاقی کابینہ کے اجلاس میں 19 رکنی ایجنڈے پرغورہوگا اور وفاقی کابینہ کے فیصلوں پر عمل کا جائزہ لیا جائے گا۔

    اجلاس میں گزشتہ ہفتے شروع کیے گئے غربت مٹاؤ پروگرام پر وفاقی کابینہ کو بریفنگ دی جائے گی۔

    اجلاس کے ایجنڈے میں پی آئی اے کے نئے چیف ایگزیکٹوافسرکی تعیناتی کی منظوری اور وژن ایئر کے ڈومیسٹک اورانٹرنیشنل لائسنس کی مدت میں اضافے کا بھی امکان ہے۔

    عمران خان کی صدارت میں ہونے والے اجلاس کے ایجنڈے میں نیشنل انڈسٹریل ریلیشن کمیشن کے 3 ارکان کی تعیناتی کی توثیق اور یواے ای کے ساتھ رینوبل توانائی کے فروغ پرتعاون کی یادداشت کا جائزہ بھی شامل ہے۔

    اجلاس میں انڈین پریمیئرلیگ کے میچزدکھانے پرمکمل پابندی لگائے جانے کا امکان ہے ، رواں سال موبائل کمپنیوں کے لائسنس کی تجدید کے لیے پالیسی بھی ایجنڈے میں شامل ہے۔

    وفاقی کابینہ کے اجلاس میں اسلام آباد ایئرپورٹ کی تعمیرمیں بے ضابطگیوں کی رپورٹ کا جائزہ لیا جائے گا، فاٹا کے بجٹ اوردیگرفنڈزکی خیبرپختونخوا کومنتقلی کا فیصلہ کیے جانے کا بھی امکان ہے۔

  • اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس آج ہوگا

    اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس آج ہوگا

    اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر کی زیرصدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس آج ہوگا جس میں 19 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس آج طلب کرلیا، اجلاس میں 19 رکنی ایجنڈے سمیت وفاقی کابینہ کے فیصلوں پرعمل کا جائزہ لیا جائے گا۔

    اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں سماجی تحفظ اورغربت کے خاتمے کے ڈویژن کے قیام، پی آئی اے کے نئے چیف ایگزٹیو افسرکی تعیناتی کی منظوری دی جائے گی۔

    وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر کی زیرصدارت اجلاس کے ایجنڈے میں وژن ایئرکے ڈومیسٹک اورانٹرنیشنل لائسنس کی مدت میں اضافے اور پاکستان ملائیشیا کے آڈیٹرجنرل کے آفسزکے درمیان یادداشت کی توثیق شامل ہے۔

    اجلاس میں انڈین پریمیئرلیگ کے میچزدکھانے پرمکمل پابندی لگائے جانے کا امکان ہے ، رواں سال موبائل کمپنیوں کے لائسنس کی تجدید کے لیے پالیسی بھی ایجنڈے میں شامل ہے۔

    اسد عمر کی صدارت میں ہونے والے اجلاس کے ایجنڈے میں نیشنل انڈسٹریل ریلیشن کمیشن کے 3 ارکان کی تعیناتی کی توثیق اور یواے ای کے ساتھ رینوبل توانائی کے فروغ پرتعاون کی یادداشت کا جائزہ بھی شامل ہے۔

    اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں اسلام آباد ایئرپورٹ کی تعمیرمیں بے ضابطگیوں کی رپورٹ کا جائزہ لیا جائے گا، فاٹا کے بجٹ اوردیگرفنڈزکی خیبرپختونخوا کومنتقلی کا فیصلہ کیے جانے کا بھی امکان ہے۔