اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت نے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کی ہے، پاکستان مناسب جواب کا حق محفوظ رکھتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزارت خارجہ میں شاہ محمود قریشی کی زیرصدارت ہنگامی اجلاس ہوا جس میں سابق خارجہ سیکریٹریز اور سینئر سفارت کاروں نے شرکت کی۔
وزارت خارجہ میں ہونے والے اجلاس میں موجودہ صورت حال اور خطے میں امن و امان کے حوالے سے مشاورت کی گئی۔
شاہ محمود قریشی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کا خواہاں ہے، بھارت خطے میں امن تہہ و بالا کرنے پر تلا ہوا ہے۔
وزیرخارجہ نے کہا کہ پاکستان ذمے دارانہ رویے کا مظاہرہ کرتے ہوئے آگے بڑھ رہا ہے۔
[bs-quote quote=” شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بچہ بچہ اپنی مسلح افواج کے ساتھ شانہ بشانہ تیار کھڑا ہے۔” style=”style-8″ align=”left”][/bs-quote]
اس سے قبل شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ میں نے کل کہا تھا قوم کوگمراہ نہیں کروں گا، پاکستان کوتیار رہنا ہوگا، پاکستان پرخطرات کے بادل منڈلا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا تھا کہ پاکستان کے چپے چپے کا دفاع کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، پاکستانی افواج ملک کے دفاع کے لیے تیارہے۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ بھارت انتخابات کے خاطر خطے کا امن تباہ کرنے پرتلا ہے، مختلف ممالک کے وزرائےخارجہ سے بات ہوئی ہے۔
لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی، پاک فضائیہ کا بھرپور جواب، بھارتی طیارے بھاگ گئے
واضح رہے کہ بھارتی ایئرفورس کی لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کرنے پر پاک فضائیہ نے بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے بھارتی طیاروں کو بھاگنے پر مجبور کردیا۔
میجرجنرل آصف غفور کے مطابق بھارتی طیاروں نے مظفرآباد سیکٹر سے دراندازی کی کوشش کی اور بھارتی طیارے اپنا پےلوڈ بالاکوٹ کے قریب گرا کرفرار ہوگئے۔