Tag: اجلاس

  • نیب حکام کا اجلاس، مختلف ریفرنسز دائر کرنے کی منظوری

    نیب حکام کا اجلاس، مختلف ریفرنسز دائر کرنے کی منظوری

    اسلام آباد: قومی ادارہ احتساب (نیب) کے چیئرمین جسٹس (ر) جاوید اقبال کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا جس میں مختلف ریفرنسز کی منظوری دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق قومی ادارہ احتساب (نیب) کے چیئرمین جسٹس (ر) جاوید اقبال کی زیر صدارت نیب ہیڈ کوارٹرز میں اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سابق چیئرمین کے پی ٹی احمد حیات کے خلاف بدعنوانی ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دی گئی۔

    اجلاس میں سابق وائس چانسلر عبد الولی خان یونیورسٹی مردان احسان علی، ایگزیکٹو انجینئر ایری گیشن خیرپور ایاز احمد اور سابق پولیس افسران ملک نوید، میاں رشید و دیگر کے خلاف بھی ریفرنسز کی منظوری دی گئی۔

    اس موقع پر چیئرمین نیب جاوید اقبال کا کہنا تھا کہ نیب کرپشن فری پاکستان کے لیے بھرپور کوششیں کر رہا ہے۔ وائٹ کالر کرائم کی تحقیقات نہ کرنے کی صلاحیت کا تاثر مسترد کرتے ہیں۔

    چیئرمین نیب نے کہا کہ 900 ارب روپے کے کرپشن کیسز احتساب عدالتوں میں دائر کیے جاچکے ہیں۔

    اس سے قبل چیئرمین نیب جاوید اقبال نے بتایا تھا کہ میگا کرپشن کے 179 میں سے 105 کیسز پر ریفرنس دائر ہوچکے ہیں، میگا کرپشن کے 15 کیسز انکوائری اور 19 تفتیش کے مرحلے میں ہیں۔

    انہوں نے کہا تھا کہ نیب تمام صوبوں میں بلا امتیاز کارروائی کر رہا ہے، میگا کرپشن کے مقدمات کو منطقی انجام تک پہنچانا اولین ترجیح ہے۔

    چیئرمین نیب کا مزید کہنا تھا کہ بدعنوانی کا خاتمہ قومی فریضہ ہے، انتقامی کارروائی پر یقین نہیں رکھتے۔

  • کابینہ اجلاس: خیبر پختونخواہ کی پہلی صحت پالیسی منظور

    کابینہ اجلاس: خیبر پختونخواہ کی پہلی صحت پالیسی منظور

    پشاور: صوبہ خیبر پختونخواہ کی کابینہ کا اجلاس پہلی بار قبائلی ضلع میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں پختونخواہ کی پہلی ہیلتھ پالیسی سال 2025-2018 کی منظوری دے دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخواہ کی کابینہ کا اجلاس ضلع خیبر میں ہوا۔ اجلاس سے قبل وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ محمود خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تاریخ میں پہلی بار سابق فاٹا میں کابینہ کا اجلاس کر رہے ہیں۔

    وزیر اعلیٰ نے کہا کہ قبائلیوں کے لیے خوشخبری ہے ہم نے منصوبہ بندی کرلی ہے، قبائلیوں کو صحت کارڈ، تعلیم اور ترقیاتی منصوبے دیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ باجوڑ سے وزیرستان تک کابینہ کے مزید اجلاس ہوں گے، وزیر اعظم کے وژن کے مطابق قبائلی اضلاع کو ترقی دیں گے۔

    صوبائی کابینہ کے اجلاس میں فاٹا انضمام سے متعلق ششماہی اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں فلاحی اداروں کی رجسٹریشن اور ریگولرائزیشن بل 2018 کی منظوری پر بھی غور کیا گیا۔

    اجلاس میں قبائلی اضلاع میں ماتحت عدالتوں کے فوری قیام کے لیے اقدامات کا جائزہ لیا گیا جبکہ لیڈی ریڈنگ اسپتال پشاور کے لیے ایک ارب جاری کرنے کی منظوری بھی دی گئی۔

    صوبائی کابینہ نے پختونخواہ کی پہلی ہیلتھ پالیسی سال 2025-2018 کی منظوری بھی دے دی۔ سیکریٹری ہیلتھ ڈاکٹر فاروق جمیل نے کابینہ کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ہیلتھ پالیسی کے ذریعے اسپتالوں میں ہیلتھ کیئر سسٹم مضبوط کیا جائے گا۔

    بریفنگ میں بتایا گیا کہ شہریوں کو ضروری، معیاری، منصفانہ اور پائیدار طبی سہولتیں دی جائیں گی، ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے فوری ردعمل کا طریقہ بنایا جائے گا۔

    پالیسی میں 3 سال سے کم عمر بچوں اور خواتین میں غذائی کمی پر پروگرام بھی شامل ہے۔

    بریفنگ کے مطابق اسٹیئرنگ کمیٹی ششماہی بنیادوں پر رپورٹس کی منظوری دے گی اور کمیٹی کو پالیسی میں تبدیلی یا قانون سازی سے متعلق اختیار حاصل ہوگا۔

    اجلاس کے بعد صوبائی وزیر اطلاعات شوکت یوسف زئی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اجلاس میں ایبٹ آباد بائی پاس کے لیے سپلیمنٹری گرانٹ کی منظوری دی گئی، پشاور سے طور خم تک ریلوے ٹریک کی بحالی کی منظوری دی گئی۔

    شوکت یوسف زئی نے بتایا کہ پشاور سے طور خم تک سفاری بس شروع کرنے کی منظوری بھی دی گئی۔ وفاق، پنجاب، پختونخواہ این ایف سی میں 3 فیصد حصہ فاٹا کو دینے پر متفق ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ کابینہ اجلاس میں صوبے کی پہلی صحت پالیسی کی منظوری دی گئی ہے، مائنز اینڈ منرل ایکٹ میں کوئلہ کان شامل کرنے کے لیے کمیٹی تشکیل دی۔ 6 ماہ میں پاک افغان سرحد طور خم 24 گھنٹے کے لیے کھول دی جائے گی۔

  • قائمہ کمیٹی اجلاس: سرکاری ملازمین کی تنخواہ میں اضافے کی سفارش

    قائمہ کمیٹی اجلاس: سرکاری ملازمین کی تنخواہ میں اضافے کی سفارش

    اسلام آباد: سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے اجلاس میں کمیٹی نے سرکاری ملازمین کی بنیادی تنخواہ میں 10 فیصد اضافے کی سفارش کی۔

    تفصیلات کے مطابق سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کا اجلاس چیئرمین فاروق نائیک کی زیر صدارت ہوا۔ قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں فنانس ترمیمی بل پر غور کیا گیا۔

    کمیٹی نے بلوچستان میں نکلنے والے کوئلے پر سیلز ٹیکس میں کمی کی سفارش کردی تاہم فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) حکام کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے کوئلے پر 425 روپے فی میٹرک ٹن سیلز ٹیکس عائد ہے، یہ سیلز ٹیکس پہلے ہی بہت کم ہے۔

    ایف بی آر حکام کا کہنا تھا کہ نئے بجٹ میں دیگر علاقوں میں کوئلہ پر سیلز ٹیکس بڑھانے کی تجویز دیں گے۔

    حکام کے مطابق گزشتہ سال ملک میں 7 کروڑ کلو گرام تمباکو کی پیداوار ہوئی، جو پیداوار ہوئی اس میں 1 کروڑ کلو گرام تمباکو برآمد کیا گیا۔ ساڑھے 4 کروڑ کلو گرام تمباکو کمپنیوں نے خریدا، ڈیڑھ کروڑ کلو گرام تمباکو کہاں گیا کچھ پتہ نہیں۔

    اجلاس میں منصوبہ بندی کمیشن کی جانب سے کہا گیا کہ بلوچستان کے ڈیموں کے لیے 5 ارب روپے جاری کریں گے۔

    اجلاس میں اسٹیٹ بینک حکام نے اسلامی بینکنگ سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اسلامی بینکنگ کے فروغ کے لیے 2001 سے اقدامات کر رہے ہیں، اسلامی بینکنگ برانچز کی تعداد بڑھ کر 2850 ہوگی۔

    حکام اسٹیٹ بینک کا کہنا تھا کہ زرعی ترقیاتی بینک نے اسلامی بینکنگ کا آپریشن شروع کردیا۔

    اجلاس میں کمیٹی نے سرکاری ملازمین کی بنیادی تنخواہ میں 10 فیصد اضافے کی سفارش بھی کردی۔ سینیٹر خانزادہ خان نے کہا کہ مہنگائی میں اضافہ ہوا، سرکاری ملازمین کی تنخواہیں بڑھائی جائیں۔

    کمیٹی رکن عائشہ رضا نے کہا کہ سرمایہ داروں کے لیے بجٹ میں ریلیف ہے مگر ملازمین کے لیے نہیں تاہم وزارت خزانہ نے تنخواہ میں اضافے کی تجویز کی مخالفت کی۔

    ایڈیشنل سیکریٹری وزارت خزانہ نے کہا کہ مالی خسارے کی صورتحال سب کے سامنے ہے، تنخواہ میں اضافے کے لیے مالی گنجائش نہیں ہے۔ اضافے کی تجویز آئندہ سال کے بجٹ میں پیش کی جانی چاہیئے۔

  • پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا اجلاس آج شہباز شریف کی زیر صدارت ہوگا

    پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا اجلاس آج شہباز شریف کی زیر صدارت ہوگا

    اسلام آباد: قومی اسمبلی کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا اجلاس آج شہباز شریف کی زیر صدارت ہوگا، اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے شہباز شریف کے پروڈکشن آرڈر جاری کر دیے۔

    تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی اجلاس کے لیے اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے شہباز شریف کے پروڈکشن آرڈر جاری کر دیے، وزیر اعظم کی خواہش پر شیخ رشید کو پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا حصہ بنا دیا گیا۔

    نعیم الحق نے اسپیکر قومی اسمبلی کو شیخ رشید کو پبلک اکائونٹس کمیٹی میں شامل کرنے کے لیے خط ارسال کر دیا، اسپیکر قومی اسمبلی کی منظوری کے بعد شیخ رشید پبلک اکائونٹس کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کرسکیں گے۔

    خیال رہے کہ یکم جنوری کو اپوزیشن لیڈر اور چیئرمین کمیٹی شہباز شریف کی زیر صدارت پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا اجلاس ہوا تھا جس میں سیکریٹری پاور ڈویژن نے بریفنگ دی گئی اور بجلی چوری کے خلاف مہم کے اعداد و شمار بھی اجلاس میں پیش کیے گئے تھے۔

    سیکریٹری پاور ڈویژن عرفان علی نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا تھا کہ آج بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت33 ہزار میگا واٹ ہے، واپڈا 9000 میگا واٹ سے زائد دیتا ہے۔

    علاوہ ازیں چیئرمین کمیٹی شہباز شریف نے کہا تھا کہ 2 ایل این جی منصوبے میں نے بطور وزیر اعلیٰ پنجاب میں لگائے تھے، دونوں منصوبوں سے بجلی نیشنل گرڈ سینٹر میں جاتی ہے۔ 18 ویں ترمیم کے بعد صوبے پاور پلانٹ بھی لگا سکتے ہیں۔

  • حکومت ٹیکسٹائل شعبے کی بحالی کے لیے ہر ممکن معاونت کرے گی: وزیر اعظم

    حکومت ٹیکسٹائل شعبے کی بحالی کے لیے ہر ممکن معاونت کرے گی: وزیر اعظم

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ روزگار کے مواقعوں کے لیے اسکل ڈیولپمنٹ پر توجہ کی ضرورت ہے، حکومت ٹیکسٹائل شعبے کی بحالی کے لیے ہر ممکن معاونت کرے گی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت ٹیکسٹائل صنعت کے متعلقہ مسائل پر اجلاس ہوا۔ اجلاس میں مشیر تجارت عبد الرزاق داؤد، سیکریٹری ٹیکسٹائل افتخار بابر اور دیگر شریک ہوئے۔

    اجلاس میں وزیر اعظم عمران خان کو سیکریٹری ٹیکسٹائل ڈویژن نے ٹیکسٹائل سیکٹر لاہور اور کراچی گارمنٹس سٹی سے متعلق بریفنگ دی۔

    وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ روزگار کے مواقعوں کے لیے اسکل ڈیولپمنٹ پر توجہ کی ضرورت ہے، حکومت ٹیکسٹائل شعبے کی بحالی کے لیے ہر ممکن معاونت کرے گی۔

    انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کے لیے اسکل ڈویلپمنٹ پروگرام شروع کیا جا رہا ہے، ضروریات کے مد نظر ہنر فراہم کرنے پر خصوصی توجہ دی جائے۔

    خیال رہے کہ ادارہ برائے شماریات پاکستان کے اعداد و شمار کے مطابق رواں مالی سال 19-2018 کے ابتدائی 5 ماہ کے دوران ٹیکسٹائل کی برآمدات سے 5 ارب 50 کروڑ 62 لاکھ ڈالر سے زائد کا زرمبادلہ کمایا گیا۔

    ادارہ برائے شماریات کے مطابق گزشتہ مالی سال 18-2017 کے ابتدائی 5 ماہ کے دوران ٹیکسٹائل کی ملکی برآمدات کا حجم 5 ارب 50 کروڑ 98 لاکھ ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔

    ادارے کے مطابق برآمدات کا حجم گزشتہ سال کے 1.9 ارب ڈالر سے بڑھ کر 1.21ارب ڈالر تک پہنچ گیا ہے۔

  • خیبر پختونخواہ کابینہ کا اجلاس پہلی بار قبائلی ضلع میں ہوگا

    خیبر پختونخواہ کابینہ کا اجلاس پہلی بار قبائلی ضلع میں ہوگا

    پشاور: صوبہ خیبر پختونخواہ کی کابینہ کا اجلاس پہلی بار قبائلی ضلع میں ہوگا، فیصلہ وزیر اعظم عمران خان کی ہدایات کی روشنی میں کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ذرائع خیبر پختونخواہ حکومت کا کہنا ہے کہ صوبائی کابینہ کا اجلاس پہلی بار قبائلی ضلع میں ہوگا۔ کابینہ کا اجلاس 31 جنوری کو ضلع خیبر میں ہوگا۔

    اسٹیبلشمنٹ ڈپارٹمنٹ نے کابینہ اجلاس کا ایجنڈا مرتب کر لیا ہے۔ اجلاس 16 نکاتی ایجنڈے پر مشتمل ہوگا۔ قبائلی اضلاع میں سیشن کورٹس قیام سے متعلق امور بھی ایجنڈے کا حصہ ہوں گی۔

    ذرائع کے مطابق اجلاس میں محکمہ صحت سے متعلق پالیسی بھی زیر غور آئے گی۔

    قبائلی ضلع میں اجلاس منعقد کرنے کا فیصلہ وزیر اعظم عمران خان کی ہدایات کی روشنی میں کیا گیا ہے۔

    خیال رہے گزشتہ ماہ خیبر پختونخواہ حکومت نے اگلے 5 سال کے لیے ترقیاتی منصوبہ بندی مکمل کرلی تھی۔

    وزیر اعظم عمران خان کو پیش کردہ منصوبوں میں دیہی علاقوں کے لیے ایمبولنس سروس، مستحق خاندانوں کو صحت انصاف کارڈ کی فراہمی اور ایک سال کے اندر 24 گھنٹے فعال ثانوی مراکز صحت کا قیام شامل تھا۔

    منصوبوں میں صحت کے شعبے میں 4 ہزار ایل ایچ ڈبلیوز کی بھرتیاں اور لائیو اسٹاک کی 5500 ایکڑ بنجر زمین کو قابل کاشت بنانا بھی شامل ہے۔

    5 سالہ منصوبہ بندی میں محکمہ پولیس میں خواتین افسران کی تعداد میں 4 گنا اضافہ، مزید 13 ماڈل پولیس اسٹیشنوں کی تعمیر اور 30ہزار خواتین کو ہنر و تربیت دے کر ان کو بااختیار بنانا بھی شامل ہے۔

    پختونخواہ حکومت 3 ماہ میں 100 فلٹریشن پلانٹ نصب کرنے، تشدد کی روک تھام کے لیے ریجنل وائلنس اگینسٹ ویمن سینٹر کے قیام، سیاحت کے فروغ کے لیے حکومتی ریسٹ ہاؤس عوامی استعمال کے لیے کھولنے اور 3 ہائیکنگ ٹریلز کے قیام کا بھی ارادہ رکھتی ہے۔

  • وزیر اعظم نے وفاقی کابینہ کا اجلاس کل طلب کرلیا

    وزیر اعظم نے وفاقی کابینہ کا اجلاس کل طلب کرلیا

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس کل ہوگا، 17 نکاتی ایجنڈے پر مشتمل اجلاس میں متعدد امور زیر غور آئیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ کا اجلاس کل طلب کرلیا، اجلاس میں 17 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا جائے گا۔

    اجلاس میں قومی ایئر لائن پی آئی اے، پاکستان سیکورٹی پرنٹنگ کارپوریشن اور سیکورٹی پیپرز لمیٹڈ کراچی کے ملازمین پر پاکستان ایسنشل سروسز مینٹی نینس ایکٹ 1952 کے اطلاق کی سمری پیش کی جائے گی۔

    ایجنڈے کے مطابق اجلاس میں ادارہ جاتی اصلاحات کی پیشرفت رپورٹ اور نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ ایکٹ 2010 میں ترامیم تجویز کرنے کی سمری پیش کی جائے گی جبکہ وزارت داخلہ آئینی پٹیشن نمبر 50 دو ہزار تیرہ غور کے لیے پیش کرے گی۔

    اجلاس میں میٹرو پولیٹن کارپوریشن اسلام آباد کے چیئر پرسن، وائس چیئرمین اور یوتھ کونسلر کے استعفے، چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین ایرا اور فیڈرل لینڈ کمیشن میں سینیئر ممبر کی تعیناتی کی سمری پیش کی جائے گی۔

    ایجنڈے کے مطابق اجلاس میں بلوچستان اور لاہور کی پیمرا کونسل آف کمپلینٹس کی تشکیل نو پر غور کیا جائے گا اور الیکٹرونک سرٹیفیکیشن ایگریڈیٹیشن کونسل کے ممبران کی از سر نو تعیناتی کی جائے گی۔

    اجلاس میں پاکستان مورٹگیج ریفائنینس کمپنی لمیٹڈ کے لیے 58 کروڑ ڈالر کی ضمنی گرانٹ جاری کرنے کی منظوری دی جائے گی جبکہ 15 جنوری 2019 کے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے فیصلوں کی توثیق کی جائے گی۔

    خیال رہے کہ وفاقی کابینہ کا گزشتہ اجلاس 17 جنوری کو ہوا تھا جس میں پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو اور وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ سے نکالنے کی منظوری دی گئی تھی۔

    اجلاس میں پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کے چیئرمین کے تقرر کی منظوری دی گئی جبکہ سیمنٹ انڈسٹری میں سپلائی، ڈیمانڈ اور قیمتوں کا جائزہ بھی لیا گیا۔

    وفاقی کابینہ نے پاور ڈویژن کے لیے ضمنی گرانٹ کی منظوری بھی دی تھی۔

  • سندھ پولیس میں کوئی مداخلت نہیں، نتائج چاہئیں: وزیر اعلیٰ

    سندھ پولیس میں کوئی مداخلت نہیں، نتائج چاہئیں: وزیر اعلیٰ

    کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت اجلاس میں فینسی نمبر پلیٹس اور سرکاری گاڑیوں کے غیر قانونی استعمال کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا گیا، وزیر اعلیٰ نے اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا کہ فوکس کے باوجود جرائم کنٹرول نہیں ہو رہے۔

    کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت امن و امان کی صورتحال پر اجلاس منعقد ہوا۔ ایڈیشنل انسپکٹر جنرل کراچی ڈاکٹر امیر شیخ نے وزیر اعلیٰ سندھ کو بریفنگ دی۔

    گزشتہ روز پی ای سی ایچ ایس میں قتل کے واقعے پر وزیر اعلیٰ سندھ نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ٹارگٹ کلنگ اور اسٹریٹ کرائم پر فوکس کیا ہوا ہے، فوکس کے باوجود یہ جرائم کنٹرول نہیں ہو رہے۔

    اے آئی جی نے کہا کہ کل کے واقعے کی تحقیقات کر رہے ہیں، ذاتی رنجش کا معاملہ لگتا ہے۔

    اجلاس میں فینسی نمبر پلیٹس اور سرکاری گاڑیوں کے غیر قانونی استعمال کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پولیس میں مداخلت نہیں اس لیے نتائج چاہئیں۔

    اجلاس میں غیر قانونی جگہ پر قائم پولیس اسٹیشنز کو ریگولر جگہوں پر مکمل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ نے چیف سیکریٹری سندھ اور آئی جی سندھ کو اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔

    وزیر اعلیٰ کو بریفنگ دی گئی کہ اسٹریٹ واچ فورس قائم کی گئی ہے جو مختلف پوائنٹس پر پیٹرولنگ کرتی ہے، ضلع جنوبی میں سخت چیکنگ کے باعث اسٹریٹ کرائم میں کمی آئی۔

    وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی کہ کراچی میں چیکنگ کے باعث ٹریفک کا نظام متاثر نہیں ہونا چاہیئے۔

    ڈی آئی جی نے بتایا کہ گزشتہ چند روز میں 15 اسٹریٹ کرمنلز گرفتار کیے ہیں، لیاری میں 6 ان کاؤنٹر کیے جس میں 16 کرمنلز گرفتار ہوئے۔ 80 موٹر سائیکلیں پکڑیں، 70 ہزار لیٹر ایرانی پیٹرول پکڑا ہے۔

    وزیر اعلیٰ نے کہا کہ کوئٹہ جانے والی بسوں میں ایڈیشنل ٹینک ہیں تو کارروائی کریں۔ ’ساؤتھ میں وزٹ پر گیا، پولیس نے روکا اور میرا شناختی کارڈ چیک کیا۔ کارڈ چیک کرنے کے بعد میں اہلکار سے پوچھا مجھے پہچانا؟ اس نے کہا نہیں، خوشی ہوئی اچھے طریقے سے چیک کر رہے ہیں‘۔

    انہوں نے کہا کہ ہر ڈویژن کو جی ایس ایم لوکیٹر، فرانزک لیب و دیگر سہولتیں دینا چاہتا ہوں، جن علاقوں میں جی ایس ایم لوکیٹر نہیں وہاں فراہم کریں گے۔

  • ساہیوال واقعےپروزیراعلیٰ پنجاب نےاہم اجلاس طلب کرلیا

    ساہیوال واقعےپروزیراعلیٰ پنجاب نےاہم اجلاس طلب کرلیا

    لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ساہیوال واقعے پر اہم اجلاس طلب کرلیا جس میں اعلیٰ حکام شرکت کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب نے ساہیوال واقعے پراجلاس طلب کرلیا جس میں وزیرقانون، سیکرٹری داخلہ اور آئی پنجاب بھی شرکت کریں گے۔

    اجلاس میں ساہیوال واقعے کے بعد پیدا ہونے والی سیکیورٹی صورت حال پرغورہوگا اوروزیراعلیٰ کو واقعے سے متعلق تحقیقات پرپیشرفت سے آگاہ کیا جائے گا۔

    ساہیوال واقعہ: ملزمان کو سزا دے کر مثال قائم کریں گے‘ وزیرِاعلیٰ پنجاب

    یاد رہے کہ گزشتہ روز ساہیوال میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سردار عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ بچوں کی کفالت ریاست کے ذمے ہوگی اور اس واقعے کو مثال بنائیں گے۔

    وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ متاثرہ خاندان کو انصاف ضرور ملے گا کسی کے ساتھ نا انصافی نہیں ہوگی اور انصاف ہوتا نظر آئے گا۔

    سردارعثمان بزدار کا کہنا تھا کہ ساہیوال واقعے کی تحقیقات کے لیے پہلے ہی جے آئی ٹی تشکیل دی جا چکی ہے جسے تین روز میں رپورٹ پیش کرنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔

  • گج ڈیم کی اصل لاگت 9 ارب روپے، نظر ثانی شدہ لاگت 47 ارب ہے: بریفنگ

    گج ڈیم کی اصل لاگت 9 ارب روپے، نظر ثانی شدہ لاگت 47 ارب ہے: بریفنگ

    کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ نئے گج ڈیم کا منصوبہ وفاقی حکومت کا ہے، اصل لاگت 9 ارب روپے تھی۔ پروجیکٹ کی نظر ثانی شدہ لاگت 16.9 ارب روپے تھی جبکہ دوبارہ نظر ثانی شدہ لاگت 47.7 ارب ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت نئے گج ڈیم پر اجلاس منعقد ہوا۔ 28 ہزار ایکڑ اراضی کے لیے جامشورو میں نئے گج ڈیم کی تعمیر پر وزیر اعلیٰ کو بریفنگ دی گئی۔

    بریفنگ میں بتایا گیا کہ منصوبہ وفاقی حکومت کا ہے، اصل لاگت 9 ارب روپے تھی۔ پروجیکٹ کی نظر ثانی شدہ لاگت 16.9 ارب روپے تھی۔ منصوبے پر دوبارہ نظر ثانی شدہ لاگت 47.7 ارب ہے۔

    بریفنگ کے مطابق سندھ حکومت کو ڈیڑھ ارب متاثرین کی آباد کاری کے لیے ادا کیے جانے تھے۔ وفاقی حکومت چاہتی ہے سندھ حکومت 22 ارب روپے کا اشتراک کرے۔

    وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سندھ حکومت فنڈ نہیں دے سکتی، دیگر صوبوں کی طرح وفاقی حکومت سندھ میں بھی یہ منصوبہ مکمل کرے۔ کراچی کے فور کے لیے 260 ایم جی ڈی پانی دیا جائے۔

    وزیر اعلیٰ نے کہا کہ مسئلہ بھی وفاقی حکومت کے ساتھ اٹھایا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے منصوبہ کے لیے محکمہ آبپاشی کو ہدایت جاری کر دی۔

    خیال رہے کہ گج ڈیم کی تعمیر سے متعلق کیس سپریم کورٹ میں بھی زیر سماعت ہے۔

    ایک سماعت پر سابق چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے حکومت سے گج ڈیم کی تعمیر کا شیڈول مانگتے ہوئے وزیر خزانہ اسد عمر اور وزیر توانائی عمر ایوب کو طلب کیا تھا۔