Tag: اجلاس

  • وزیر اعظم نے وفاقی کابینہ کا اجلاس کل طلب کرلیا

    وزیر اعظم نے وفاقی کابینہ کا اجلاس کل طلب کرلیا

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ کا اجلاس کل طلب کرلیا جس کے لیے 13 نکاتی ایجنڈا جاری کردیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ کا اجلاس کل طلب کر لیا۔ وفاقی کابینہ کا اجلاس دن ساڑھے 11 بجے وزیر اعظم آفس میں ہوگا۔

    وفاقی کابینہ کے اجلاس کے لیے 13 نکاتی ایجنڈا جاری کردیا گیا جس کے مطابق مختلف معاملات پر غور ہوگا۔ اجلاس میں صحت کے شعبے میں فلسطین کے ساتھ معاہدے کی منظوری دی جائے گی۔

    چیئرمین نیپرا اور ممبران کی تقرری بھی کابینہ ایجنڈے میں شامل ہے جبکہ اجلاس میں اسٹیل مل کے لیے ضمنی گرانٹ کی منظوری دی جائے گی۔

    ذرائع کے مطابق کابینہ وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کے لیے 5 کروڑ کی خصوصی گرانٹ کی بھی منظوری دے گی۔ اس کے علاوہ موبائل کمپنیوں کی لائسنس کی تجدید بھی کابینہ اجلاس کے ایجنڈے میں شامل ہے۔

    خیال رہے کہ اس سے قبل وفاقی کابینہ کا اجلاس 10 دسمبر کو ہوا تھا جس میں وزیر اعظم عمران خان نے تمام وزرا سے 100 دن کی کارکردگی دریافت کی تھی۔

    گزشتہ اجلاس میں ہر وزارت سے اقدامات، کفایت شعاری مہم اور آئندہ پلان پر بات کی گئی تھی جبکہ وزرا سے آئندہ کارکردگی بہتر بنانے کے لیے اقدامات سے متعلق بھی پوچھا گیا تھا۔

    اجلاس میں وزیر اعظم نے ہر 3 ماہ بعد وزرا کی کارکردگی کا جائزہ لینے کا فیصلہ کیا تھا۔

    وزیر اعظم نے وزرا کو اسٹریٹیجک پلان تیار کرنے کی ہدایت بھی کی تھی، وزیر اعظم کی ہدایت پر اسٹریٹیجک پلان 5 سال کے لیے بنایا جائے گا۔

  • وزیر اعلیٰ سندھ کی زیر صدارت امن و امان کی صورتحال پر اجلاس، سیکیورٹی اداروں کی سرزنش

    وزیر اعلیٰ سندھ کی زیر صدارت امن و امان کی صورتحال پر اجلاس، سیکیورٹی اداروں کی سرزنش

    کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے امن و امان کی صورتحال پر اجلاس کے دوران سیکیورٹی اداروں کی سخت سرزنش کرتے ہوئے ایم کیو ایم رہنما علی رضا عابدی کے قاتلوں کی فوری گرفتاری کا حکم دیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت امن و امان کی صورتحال پر ہنگامی اجلاس منعقد ہوا۔

    وزیر اعلیٰ نے کہا کہ 4 ہفتے میں 6 واقعات ہوئے، قائد آباد کا واقعہ، چینی قونصل خانے پر حملہ، ایم کیو ایم کی محفل میلاد پر حملہ اور بعد ازاں پاک سرزمین پارٹی کے 2 کارکن قتل ہوئے اور اب یہ علی رضا عابدی کا واقعہ پیش آیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ یہ صورتحال تشویشناک ہے، دہشت گرد اکٹھے ہو رہے ہیں اور ہم چپ کر کے بیٹھے ہیں۔ یہ کیوں کنٹرول نہیں ہو رہے۔

    وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ضلع جنوبی میں زیادہ واقعات ہوئے ہیں، مجھے شدید افسوس ہے پولیس کیا کر رہی ہے؟ ’امن و امان قائم کرنے والے اداروں کو مکمل خود مختاری دی، نتائج اتنے اچھے نہیں مل رہے۔

    انہوں نے کہا کہ مجھے ہر صورت شہریوں کا تحفظ چاہیئے، شہریوں کو خوف میں مبتلا نہیں ہونے دوں گا۔

    اجلاس میں ڈی آئی جی ساؤتھ نے علی رضا عابدی کے قتل پر بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ ہمیں جائے وقوع سے 5 خول ملے۔ علی رضا عابدی کے والد کا انٹرویو کیا۔ علی رضا عابدی کا فون تحویل میں لے لیا گیا جبکہ گولیوں کے خول لیب بھیجے گئے ہیں۔

    بریفنگ میں بتایا گیا کہ سی سی ٹی وی فوٹیج میں کافی واضح شہادتیں موجود ہیں جن سے قاتل گرفتار ہو جائیں گے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ’ہوجائیں گے نہیں مجھے قاتل گرفتار چاہیئیں‘۔

    ڈی آئی جی ساؤتھ نے مزید بتایا کہ قتل میں جو طریقہ کار اپنایا اس سے واضح شہادتیں مل رہی ہیں، قائد آباد سے قتل کے واقعے تک واقعات کی سیریز نظر آرہی ہے۔ کچھ اہم گرفتاریاں ہوئی ہیں، تفتیش کر کے کافی کچھ واضح ہوگا۔

    آئی جی سندھ کلیم امام نے اجلاس کو بتایا کہ کراچی پولیس نے کل 3 بڑے گینگ گرفتار کیے، شہر میں پیٹرولنگ بڑھا رہے ہیں۔ علی رضا عابدی کا موبائل فون ڈی کوڈ کروا رہے ہیں۔

  • نوازشریف کی زیرصدارت مسلم لیگ ن کا اجلاس

    نوازشریف کی زیرصدارت مسلم لیگ ن کا اجلاس

    اسلام آباد: مسلم لیگ ن کی سینٹرل آرگنائزنگ کمیٹی کے اجلاس میں عدالت سے نوازشریف کو سزا ہونے کی صورت میں عوامی رابطہ مہم چلانے کا فیصلہ کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پارلیمنٹ ہاؤس میں نوازشریف اور شہبازشریف کی زیرصدارت ن لیگ کی سینٹرل آرگنائزنگ کمیٹی کا اجلاس ہوا۔

    اجلاس میں پارٹی شاہد خاقان عباسی، ایازصادق، حمزہ شہباز، احسن اقبال، راناتنویر، آصف کرمانی،عبد القادربلوچ، مریم اورنگزیب نے شرکت کی۔

    ذرائع کے مطابق اجلاس میں عدالت سے نواز شریف کوسزا کی صورت میں عوامی رابطہ مہم چلانے کا فیصلہ کیا گیا، عوامی رابطہ مہم کی قیادت حمزہ شہبازشریف کریں گے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ن لیگ کی عوامی رابطہ مہم کا آغاز30 دسمبرسے باقاعدہ شروع ہوگا، 30 دسمبر کولاہورمیں مسلم لیگ ن کا یوم تاسیس منعقد کیا جائے گا۔

    ذرائع کے مطابق یوم تاسیس سے حمزہ شہبازاورپارٹی کی سینئرقیادت خطاب کرے گی، اپوزیشن کی دیگرجماعتوں سے بھی رابطے ہوں گے۔

    اس سے قبل اسپیکرقومی اسمبلی اسد قیصر نے ن لیگ کوکمیٹی روم نمبر2 میں اجلاس سے روک دیا تھا جس کے بعد نوازشریف کی زیرصدارت ن لیگ کا اجلاس اپوزیشن چیمبرمیں ہوا۔

    نواز شریف کے گارڈز کا کیمرا مین پر تشدد، ایک گارڈ گرفتار، دوسرا فرار


    یاد رہے کہ تین روز قبل پارلیمنٹ ہاؤس میں مسلم لیگ ن کے پارلیمانی اجلاس کے بعد کوریج کرنے والے صحافیوں کو نواز شریف کے اسکواڈ نے دھکے دیے اور دو کیمرا مینوں پر تشدد کیا تھا۔

    بعدازاں کیمرا مین کو زخمی کرنے والے نواز شریف کے گارڈ کو پولیس کے حوالے کر دیا گیا تھا، تشدد کرنے والا گارڈ پارلیمنٹ کی سیکورٹی کی حراست میں تھا۔

  • وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس جاری

    وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس جاری

    اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس جاری ہے جس میں وزیرخزانہ اسد عمر اخراجات میں کمی سے متعلق بریفنگ دیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وزیراعظم آفس میں وفاقی کابینہ کا اجلاس شروع ہوگیا۔ اجلاس میں وفاقی کابینہ نے وزارت داخلہ کو حسن داوڑاورعلی وزیرکے نام ای سی ایل سے ہٹانے کی ہدایت کردی۔

    وزیراعظم کی زیرصدارت اجلاس میں وفاقی وزیرخزانہ اسد عمر اخراجات میں کمی سے متعلق بریفنگ دیں گے۔

    اجلاس میں وفاقی کابینہ کو سرمایہ کار کمپنیوں سے متعلق بریفنگ دی جائے گی اور اس کے علاوہ ماسٹر پلان پرنظرثانی کے لیے فیڈرل کمیشن کا قیام بھی ایجنڈے کا حصہ ہے۔

    وفاقی کابینہ کے اجلاس میں ادویات کی قیمتوں کی زیادہ سے زیادہ حد مقرر کرنے کی منظوری متوقع ہے۔

    وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت اجلاس میں وفاقی کابینہ مقامی حکومتوں کے بورڈ کے قیام اور مہاجرین کی واپسی کے لیے پاک افغان لائحہ عمل پرغور کرے گی۔

  • وزیر اعظم کا کاروباری سہولیات کے جائزے سے متعلق اجلاس ہر ماہ بلانے کا فیصلہ

    وزیر اعظم کا کاروباری سہولیات کے جائزے سے متعلق اجلاس ہر ماہ بلانے کا فیصلہ

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے کاروبار اور سرمایہ کاری سے متعلق بڑا فیصلہ کرتے ہوئے کاروباری سہولیات کے جائزے سے متعلق اجلاس ہر ماہ بلانے کا فیصلہ کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں وزیر خزانہ اسد عمر، وزیر قانون فروغ نسیم ،مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد نے شرکت کی جبکہ چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ ہارون شریف سمیت اقتصادی ماہرین بھی شریک ہوئے۔

    اجلاس میں سرمایہ کاروں کو سازگار ماحول فراہم کرنے سے متعلق معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    دوران اجلاس وزیر اعظم عمران خان کو سرمایہ کاروں کے لیے کیے گئے حالیہ اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ سرمایہ کاری کے لیے ماحول سازگار بنانے کے اقدامات جاری ہیں۔

    وزیر اعظم کو کاروباری افراد کو درپیش ٹیکسز اور پالیسی ایشوز پر بھی بریفنگ دی گئی۔ انہیں بتایا گیا کہ صوبائی سطح پر اقتصادی زون کے قیام میں رکاوٹوں کو دور کیا جا رہا ہے۔ نجی شعبے کا حکومتی پالیسیز پر اعتماد بحال کرنے کی کوششیں کر رہے ہیں۔

    وزیر اعظم نے کہا کہ سرمایہ کاروں کو درپیش مسائل پر فوری اقدامات کیے جائیں، انہوں نے ہدایت کی کہ اقتصادی ٹیم جامع پلان پیش کرے۔

    وزیر اعظم نے کاروباری سہولیات کے جائزے سے متعلق اجلاس ہر ماہ بلانے کا فیصلہ بھی کیا۔

  • اپوزیشن اپنی مرضی کا کوئی بھی چیئرمین پی اے سی نامزد کردے: شاہ محمود قریشی

    اپوزیشن اپنی مرضی کا کوئی بھی چیئرمین پی اے سی نامزد کردے: شاہ محمود قریشی

    اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ اپوزیشن سے درخواست ہے اپنی مرضی کا کوئی بھی چیئرمین پی اے سی نامزد کر دیں۔ موجودہ قائد حزب اختلاف نیب کے کیسز سے دو چار ہیں، وہ کیسے پی اے سی چیئرمین بن سکتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ کہ پروڈکشن آرڈر پر فیصلہ اسپیکر قومی اسمبلی نے ہی فرمانا ہے، ماضی میں بھی آپ نے پروڈکشن آرڈر جاری کیے ہیں، یقیناً پروڈکشن آرڈر پر آپ کا فیصلہ ہم تہہ دل سے قبول کریں گے۔

    شاہ محمود قریشی نے کہا کہ یہ ایوان ہم سب کا ہے، اس کے قوانین کا احترام ہم سب پر لازم ہے۔ حالات بدلتے رہتے ہیں، اپوزیشن حکومت میں بیٹھتی رہتی ہے۔ بحیثیت پارلیمنٹ رکن ہمیں ایک فیصلہ کرلینا چاہیئے۔

    انہوں نے کہا کہ 2 نکتہ نظر پر منتخب کیا جاتا ہے لیکن ہمیں ایک نکتہ نظر پر آنا ہوتا ہے، تسلیم کرتا ہوں حکومت کی ذمہ داری زیادہ ہے، کشادہ ذہن ہونا چاہیئے۔ ایوان میں روزانہ ہنگامہ کھڑا کردیں تو کسی کا فائدہ نہیں ہوگا۔ نظام نہیں چلے گا تو ذمہ داری سب کی ہے، اپوزیشن بری الذمہ نہیں۔

    وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کو انتخابات 2018 پر اعتراض تھا، اپوزیشن نے اپنے اعتراضات کو اٹھایا جس پر ایک کمیشن بنایا گیا۔ آئییں مل کر آگے بڑھتے ہیں، عوام کے لیے پاکستان کے لیے ساتھ چلتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ہم اپوزیشن میں تھے تو احتجاج ریکارڈ کروایا لیکن حکومت نے کشادہ ذہن کا مظاہرہ نہیں کیا۔ گزشتہ حکومت کشادہ ذہن کا مظاہرہ کرتی تو آج صورتحال یکسر تبدیل ہوتی۔ اسٹینڈنگ کمیٹیوں کا بننا پارلیمنٹ کی ضرورت ہے۔

    شاہ محمود قریش نے کہا کہ رولز سے ہٹ کر روایات نے جنم لیا کہ پی اے سی کا چیئرمین قائد حزب اختلاف ہونا چاہیئے، موجودہ قائد حزب اختلاف نیب کے کیسز سے دو چار ہیں، وہ کیسے پی اے سی چیئرمین بن سکتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ اپوزیشن سے درخواست ہے اپنی مرضی کا کوئی بھی چیئرمین پی اے سی نامزد کر دیں۔ آئیں مل کر ایسا فیصلہ کریں جس سے یہ ایوان مذاق نہ بن جائے۔

  • سندھ ایپکس کمیٹی اجلاس: مدارس اور سرکاری تعلیمی اداروں کی مانیٹرنگ کا فیصلہ

    سندھ ایپکس کمیٹی اجلاس: مدارس اور سرکاری تعلیمی اداروں کی مانیٹرنگ کا فیصلہ

    کراچی: سندھ ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں مدارس اور سرکاری تعلیمی اداروں کی مانیٹرنگ کا فیصلہ کیا گیا جس میں مدارس کی فنڈنگ اور نصاب کی مانیٹرنگ کی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت ایپکس کمیٹی کا 23 واں اجلاس ہوا۔ اجلاس میں کور کمانڈر کراچی، چیف سیکریٹری، صوبائی وزیر ناصر شاہ، مشیر اطلاعات مرتضیٰ وہاب، ایڈووکیٹ جنرل، ڈی جی رینجرز اور آئی جی پولیس نے شرکت کی۔

    اجلاس میں گزشتہ ایپکس کمیٹی کے فیصلوں پر عملدر آمد کا جائزہ لیا گیا، سیکیورٹی صورتحال پر بریفنگ دی گئی اور نیشنل ایکشن اور پراسیکیوشن پر تبادلہ خیال بھی کیا گیا۔

    وزیر اعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ امن کی صورتحال ہے لیکن 3 واقعات چینی قونصلیٹ حملہ، لانڈھی اور گلستان جوہر میں دھماکہ افسوسناک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سب کو سیکیورٹی پر خصوصی توجہ دینی ہے۔

    سیکریٹری داخلہ کبیر قاضی نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ مدارس کی رجسٹریشن، اداروں کی مانیٹرنگ اور ورکنگ گروپ کا قیام ہوچکا، یہ گروپ سیکریٹری داخلہ کی سربراہی میں قائم ہوا ہے۔ کمیٹی میں سیکریٹری مذہبی امور، پولیس اور دیگر اداروں کے نمائندے شامل ہیں۔

    بریفنگ میں کہا گیا کہ کمیٹی کا پہلا اجلاس 5 دسمبر 2018 کو ہو چکا ہے جس میں مدارس رجسٹریشن اور سرکاری تعلیمی اداروں کی مانیٹرنگ 3 چیزوں پر کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ مانیٹرنگ میں سورس آف فنڈنگ، نصاب کا جائزہ اور بیرون ممالک زیر تعلیم طلبا کی اسناد شامل ہیں۔

    بریفنگ میں کہا گیا کہ دہشت گردی میں بڑے تعلیمی اداروں کے طلبا بھی ملوث رہے ہیں۔ مدارس کی رجسٹریشن کا ڈرافٹ تیار ہے لا ڈیپارٹمنٹ جائزہ لے گا۔ جو مدارس اہم شاہراہوں پر ہیں ان کی منتقلی کے لیے بات کی جائے۔

    اجلاس میں کور کمانڈر نے کہا کہ سائبر کرائم کا سسٹم ہمارا اپنا ہونا چاہیئے۔ اس حوالے سے آرمی چیف سے درخواست کی جائے گی۔ درخواست ہوگی کہ آرمی سائبر سیکیورٹی ونگ سے مدد فراہم کی جائے۔

    اجلاس میں سیف سٹی پائلٹ پروجیکٹ کے طور پر شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ بریفنگ میں کہا گیا کہ علاقائی پولیس اور دیگر سیکیورٹی کے ادارے مل کر فیصلہ کریں گے۔

    وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اسٹریٹ کرائم کے بھوت کو اب ختم کرنا ہے، اس پر تمام قانون نافذ کرنے والے ادارے مل کر کام کریں، بہتر انویسٹی گیشن اور پراسیکیوشن کے لیے ادارے مل کر کام کریں۔

    اجلاس میں نئے پراسیکیوٹرز کی ٹریننگ کرانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔

    اجلاس میں بریفنگ دی گئی کہ بانی ایم کیو ایم کے نام سے 62 عمارتیں اور دیگر ادارے تھے، عمارتوں اور اداروں پر سے بانی ایم کیو ایم کا نام تبدیل کر دیا گیا۔

    اجلاس میں کہا گیا کہ 1899 درگاہوں کی سیکیورٹی آڈٹ بھی کی گئی۔ سندھ پولیس اور رینجرز نے پورے صوبے کی سیکیورٹ آڈٹ کی۔ 15 اضلاع کی آڈٹ ہوچکی اور کمزور مقامات کی نشاندہی کی گئی، باقی اضلاع کا سیکیورٹی آڈٹ کیا جا رہا ہے۔

    اجلاس کے شرکا کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ کچے کے علاقوں میں 110 تھانے، 50 چیک پوسٹ اور 3112 اہلکار تعینات ہیں۔ اجلاس میں کچے کے علاقوں پر مزید توجہ دینے کا فیصلہ کیا گیا۔

    وزیر اعلیٰ نے چیف سیکریٹری کے تحت کچے کے علاقوں کی ترقی پر کمیٹی قائم کردی۔ کمیٹی میں چیئرمین پی اینڈ ڈی، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو اور آئی جی پی شامل ہوں گے۔ کمیٹی کچے کے علاقوں کے لیے پیکج دینے کی سفارش مرتب کرے گی۔

    اجلاس میں بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ نان سی پیک اور سی پیک منصوبوں کی بھی آڈٹ ہوچکی ہے۔ نان سی پیک کے 93 منصوبوں پر 952 غیر ملکی کام کر رہے ہیں۔ سندھ حکومت نے 2859 سیکیورٹی اہلکاروں کو تعینات کیا ہے۔

    بریفنگ کے مطابق سی پیک کے 10 منصوبوں پر 2878 غیر ملکی کام کر رہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ان منصوبوں کی مینجمنٹ کو ہدایت کریں 2843 پرائیوٹ گارڈز رکھیں۔ ’فیصلہ ہوا تھا جتنی سیکیورٹی سرکاری ہوگی اتنی پرائیویٹ ہائر کی جائے گی‘۔

    آئی جی پولیس نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایاکہ 12 ہزار 733 ملزمان اور 601 گینگ کے کارندوں کو گرفتار کیا۔ 97 ملزم مختلف مقابلوں میں مارے گئے۔ 2 راکٹ لانچرز، اسنائپر رائفل، 2 ایل ایم جی، 4 جی تھری رائفل، 181 ایس ایم جی اور 8457 پستول برآمد کیے۔

    آئی جی نے بتایا کہ کراچی ریجن نے 205 بم یا دستی بم برآمد کیے۔ نومبر 2018 تک 47 قتل ہوئے،2017 میں تعداد 55 تھی۔

    انہوں نے بتایا کہ چینی قونصل خانے پر حملےمیں ملوث تینوں حملہ آور مارے گئے۔ 23 دہشت گردوں کو نیشنل ایکشن پلان کے تحت پھانسی کی سزا دی گئی۔ اینٹی ٹیرر ازم فنانسنگ یونٹ میں 2281 افراد پر کام کیا گیا۔ یونٹ میں 1457 فورس اہلکار کام کر رہے ہیں۔

  • روس یوکرائن کشیدگی کے بادل جی 20 اجلاس پر بھی منڈلانے لگے

    روس یوکرائن کشیدگی کے بادل جی 20 اجلاس پر بھی منڈلانے لگے

    بیونس آئرس : روس اور یوکرائن کے درمیان جاری حالیہ کشیدگی بادل ارجنٹینا میں منعقدہ جی 20 ممالک کے اجلاس پر بھی منڈلانے لگے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ یوکرائنی بحریہ کی جنگی کشتی اور جہازوں پر روسی قبضے کے معاملے پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے روسی صدر ولادی میر پیوٹن سے طے شدہ ملاقات منسوخ کردی۔

    امریکی صدر ٹرمپ کا کہنا ہے کہ وہ روسی صدر نے ملاقات نہیں کریں گے کیوں کہ روس نے یوکرائنی بحریہ کی کشتیاں، جہاز اور 24 اہلکاروں کو ابھی تک واپس نہیں کیا ہے۔

    روسی صدر ولادی میر پیوٹن کے ترجمان کا کہنا ہے کہ جی 20 ممالک کے سالانہ سربراہی اجلاس دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والی ملاقات میں عالمی امور ہر ہونی تھی۔

    دوسری جانب جرمن چانسلر اینجیلا مرکل نے حالیہ دنوں پیدا ہونے والے بحران کا سارا الزام روس پر عائد کیا ہے۔

    روس یوکرائن کشیدگی: روس نے کریمیا میں ایس 400 میزائل نصب کرنے کا فیصلہ کرلیا

    یاد رہے کہ یوکرائن اور روس کے درمیان کشیدگی جاری ہے، یوکرائن کے صدر پورشنکوف کا کہنا ہے کہ روسی صدر یوکرائن کو اپنی کالونی سمجھتے ہیں۔

    برطانوی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ یوکرائنی صدر نے روس کے ساتھ حالیہ دنوں کشیدگی میں اضافہ ہونے کے بعد حالات سے نمٹنے کے لیے روس سے ملحقہ علاقوں میں 30 دنوں کے لیے مارشل لاء نافذ کردیا ہے۔

    صدر پیٹرو کا کہنا تھا کہ روس کی جارحانہ پالیسی انتہائی ناپسند ہے، پہلے روس نے کریمیا پھر مشرقی یوکرائن اور اب بحیرہ ازوف میں جارحیت دکھا رہا ہے۔

    روس کا یوکرائنی جنگی جہازوں و کشتی پر قبضہ، حالات کشیدہ

    خیال رہے کہ اتوار کے روز روسی افواج نے یوکرائنی بحری جہازوں اور کشتیوں پر سمندری حدود کی خلاف کا الزام عائد کرتے ہوئے قبضہ کرلیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ اتوار کے روز پیش آنے والے واقعے میں یوکرائنی بحریہ کا کشتیوں اور جہازوں پر موجود عملہ بھی شدید زخمی ہوا ہے۔

    یوکرائنی صدر پیٹرو نے نیٹو سے بحیرہ ازوف میں جنگی جہاز بھیجنے کی درخواست کردی تاکہ روس سے محاز آرائی میں مدد فراہم ہوسکے اور نیٹو حکام نے بھی یوکرائن کو نیٹو کا رکن نہ ہونے کے باوجود بھرپور حمایت کرنے کا اظہار کیا ہے۔

  • حکومت نے 100روزمیں شانداراقدامات کئے، وزیراعظم عمران خان

    حکومت نے 100روزمیں شانداراقدامات کئے، وزیراعظم عمران خان

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان وفاقی کابینہ اجلاس میں دوٹوک اعلان کیا کرپٹ عناصرکے لئے کوئی رعایت نہیں، حکومت نے 100روزمیں شانداراقدامات کئے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں وزیراعظم عمران کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا، وفاقی کابینہ کے اجلاس میں تمام وزرا کی جانب سے اپنی اپنی وزارت کی کارکردگی رپورٹ پیش کی گئی، وزرا کی جانب سے پلاننگ کی تفصیلات اوراقدامات سے کابینہ کوآگاہ کیا گیا۔

    اجلاس میں  100 روزہ حکومتی کارکردگی کا جائزہ لیاگیا، وفاقی کابینہ نے معاشی و خارجہ سطح کی کامیابیوں پر وزیراعظم کو خراج تحسین پیش کیا۔

    وزیراعظم عمران خان نے کہا حکومت نے 100روزمیں شانداراقدامات کئے، کفایت شعاری وسادگی مہم صوابدیدی فنڈزختم کرکےاربوں روپےکی بچت کی، ہمیں تباہ حال معیشت ورثے میں ملی، بحران سے نکل آئے ،معاشی استحکام آرہا ہے۔

    وزیراعظم نے کہا حکومت کی 100 روزہ کارکردگی حوصلہ افزا رہی، 100دن کےاہداف حاصل کرلئے، مالی مشکلات پرقابوپالیا گیا ہے اور 100دن میں ملک کو آگے لے جانے کی سمت کا تعین کرلیا ہے۔

    وزیراعظم نے عزم کا اظہار کیا کہ 50لاکھ گھروں کی تعمیرکامنصوبہ انقلابی قدم ہے ، ہرحال میں مکمل کریں گے، حکومت کی معاشی پالیسیوں کے ثمرات جلد سامنے آنا شروع ہوجائیں گے، کرپشن کے خلاف مہم مزید تیز کرنا ہوگی۔

    وفاقی کابینہ کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کرپشن کے خلاف مہم جاری رہے گی جبکہ لوٹی ہوئی ملکی دولت جلد واپس لانے کے لیے مزید اقدامات اٹھائے جائیں گے۔

    وفاقی کابینہ کااجلاس میں چینی کے اضافی سٹاک اور کسانوں کوادائیگی میں تاخیر پر غور کیا گیا ، وزیراعظم نے کہا شوگرملزکے تعاون سےکسانوں کے مفاد کے تحفظ دیں گے۔

    اجلاس میں پاکستان براڈکاسٹنگ کارپوریشن کے لیے 40 کروڑ اضافی گرانٹ کی منظوری دی گئی ، گرانٹ ملازمین کی تنخواہوں ، پنشن کے لئے دی گئی جبکہ کابینہ نے ریونیو شعبے سے الگ ٹیکس پالیسی لانے کا فیصلہ کرلیا ، ٹیکس پالیسی کا فیصلہ تحریک انصاف کے منشور کی روشنی میں کیا گیا۔

    کابینہ نے لیگل اور تکنیکی امور کے لیے کمیٹی قائم کردی اور پی بی سی کے مالی استحکام کے لیے پلان تیار کرنے کی منظوری بھی دی گئی، ،وزیراعظم نے ہدایت کی کسی سرکاری ملازم کوبرطرف نہیں کیا جائے گا۔

    اجلاس میں ذوالفقاربھٹو یونیورسٹی کے وی سی کی تعیناتی کے لیے سرچ کمیٹی کی تشکیل ، سی پی پی اے میں عالیہ ماجد، غیاث الدین اور حامد خان کو ڈائریکٹر لگانے اور فیصل احمد کو ڈرگ لیبارٹری کوئٹہ کا ٹیکنیکل ممبر لگانے کی منظوری دی گئی۔

    وفاقی کابینہ نے پاک افغان سرحد پر باڑاور لائٹیں کے لیے 20 ارب روپے مختص کئے گئے، سرحد پر باڑ لگانے کے لئے 20 ارب کی رقم رواں سال میں ہی جاری کی جائے گی۔

    اجلاس میں پاکستان اسٹیل ملزکےملازمین کے لئے پروویڈنٹ فنڈ، گریجوٹی، تنخواہوں ادا کرنے ، اضافی گندم پولٹری ایسوسی ایشن آف پاکستان کو دینے اور گیس لوڈ مینجمنٹ پلان کی بھی منظوری دی گئی۔

    وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت اجلاس میں دستاویزی تجاویز پرعملدرآمد ورکنگ پیپرز بھی کابینہ میں پیش کیے گئے۔

    حکومت کا 100 روزہ پلان، مرکزی تقریب آج ہوگی


    دوسری جانب حکومت کے 100 روزہ پلان کے حوالے سے مرکزی تقریب آج کنونشن سینٹرمیں ہوگی، تقریب سہ پہر تین بجے شروع ہوگی جس کی تیاریاں مکمل کرلی گئی اور دعوت نامے بھی جاری کردیے گئے ہیں۔

    یاد رہے پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے100روزہ پلان کے جائزے کے لیے ویب سائٹ بنائی تھی ، ویب سائٹ میں پلان کے بنیادی بڑے منصوبوں کو شامل کیا گیا، ویب سائٹ کی مدد سے حکومت کی 100 روزہ کارکردگی کے حوالے سے عوام کو آگاہ کیا جائے گا۔

  • بدعنوانی کا خاتمہ ہمارا ایمان ہے، کرپشن فری پاکستان کیلئے کوشاں ہیں،چیئر مین نیب

    بدعنوانی کا خاتمہ ہمارا ایمان ہے، کرپشن فری پاکستان کیلئے کوشاں ہیں،چیئر مین نیب

    لاہور : چیئرمین نیب جسٹس(ر)جاویداقبال کا کہنا ہے کہ بدعنوانی کاخاتمہ ہماراایمان ہے،کرپشن فری پاکستان کے لیے کوشاں ہیں ،نیب پراعتماد سازی میں اضافہ ہوا، شفافیت کوفروغ دینے میں مددملی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین نیب جسٹس(ر)جاویداقبال کی زیرصدارت نیب ہیڈکواٹرز میں اجلاس ہوا، اجلاس میں نیب کے تمام علاقائی بیوروز کی مجموعی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔

    چیئر مین نیب نے کہا بدعنوانی کا خاتمہ ہمارا ایمان ہے، کرپشن فری پاکستان کے لئے کوشاں ہیں، اشتہاریوں، مفروروں اور بدعنوان عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لائیں گے۔

    جاویداقبال کا کہنا تھا کہ نیب بدعنوانی کے خاتمے کو قومی ذمہ داری سمجھتا ہے، بہترین صلاحیتوں کااستعمال کرتے ہوئے کرپشن فری پاکستان کے لئے کوشاں ہیں۔

    چیئر مین نیب نے نیب حکام کوہدایت کی میگا کرپشن کے مقدمات کو ترجیحی بنیادوں پرمنطقی انجام تک پہنچایاجائے، کم مالیت کے مقدمات کو متعلقہ اینٹی کرپشن کے اداروں کو بھجوایاجائے، شفافیت ، شواہد پر 10ماہ کے مقررہ وقت کے اندر کیس انجام تک پہنچائیں اور مقررہ وقت کے اندرشکایات کی جانچ پڑتال، انکوائریاں کی جائیں۔

    [bs-quote quote=”میگا کرپشن کے مقدمات کو ترجیحی بنیادوں پرمنطقی انجام تک پہنچایاجائے” style=”default” align=”left” author_name=”چیئرمین نیب "][/bs-quote]

    ان کا کہنا تھا کہ نیب کسی کے ساتھ انتقامی کارروائی پر یقین نہیں رکھتا، چ نیب میں تمام افرادسےقانون کےمطابق عزت واحترام سے پیش آیا جائے۔

    چیئرمین نیب کو حکام نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ نیب نے گزشتہ12 ماہ میں 503 افرادکوگرفتار  اور 44315کےخلاف شکایات لیں، 1713 شکایات کی جانچ، 877 افراد کے خلاف انکوائریاں کی گئیں، نیب نے ایک سال میں 227افراد کے خلاف انویسٹی گیشنز شروع کیں۔

    ،بریفنگ میں کہا گیا 440بدعنوانی کےریفرنس مختلف احتساب عدالتوں میں دائر کئےگئے، 2580 ملین روپے بدعنوان عناصر سے برآمد کیے، جو ایک ریکارڈ ہے۔

    چیئرمین نیب کا مزید کہنا تھا کہ نیب پراعتماد سازی میں اضافہ ہوا، شفافیت کوفروغ دینے میں مددملی ہے، عالمی فورم کےعالمی مسابقتی اشاریوں میں پاکستان کی درجہ بندی میں بہتری آئی ، پاکستان نئی درجہ بندی میں140 ممالک میں سے107 ویں نمبرپرآ گیاہے، گیلپ اینڈ گیلانی کی حالیہ سروےمیں بھی 59 فیصد لوگوں نے نیب پر اعتماد کا اظہار کیا۔