Tag: اجلاس

  • شنگھائی تعاون تنظیم خطے میں قیام امن کے لیے اہم پلیٹ فارم ہے: وزیر خارجہ

    شنگھائی تعاون تنظیم خطے میں قیام امن کے لیے اہم پلیٹ فارم ہے: وزیر خارجہ

    اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) سربراہی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شنگھائی تعاون تنظیم خطے میں قیام امن کے لیے اہم پلیٹ فارم ہے، ایس سی او ممبر ممالک کے لیے پاکستان میں باہمی فائدے کے مواقع ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق دفتر خارجہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے بتایا کہ ایس سی او کونسل آف ہیڈز آف گورنمنٹ کا 17 واں اجلاس ہو رہا ہے جس میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے خطاب کیا۔

    وزیر خارجہ نے وزیر اعظم عمران خان کا تاجک حکومت کو نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا، انہوں نے اجلاس کے کامیاب انعقاد پر تاجک حکومت کی کاوشوں کو بھی سراہا۔

    شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ایس سی او ایک اہم پلیٹ فارم ہے، یہ پلیٹ فارم خطے میں قیام امن کے لیے اہم ہے، ایس سی او ممبر ممالک کے لیے پاکستان میں باہمی فائدے کے مواقع ہیں۔

    وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ حکومت کا معاشی ایجنڈا پاکستانی عوام سمیت خطے کے لیے فائدہ مند ہے، سی پیک منصوبوں کی تکمیل سے بڑے ثمرات حاصل ہوں گے۔ افغانستان میں امن اور استحکام پاکستان کے لیے اہم ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان ایس سی او کنٹیکٹ گروپ کی حمایت کرتا ہے۔ وزیر خارجہ پاکستان نے سیکریٹری جنرل ایس سی او کی کاوشوں کو بھی سراہا۔

    شاہ محمود قریشی نے کہا کہ رکن ممالک کے مابین تجارتی روابط پر پاکستان کردار ادا کر سکتا ہے، شنگھائی تعاون تنظیم چیلنجز سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتی ہے، مشترکہ مفادات پر مل کر کام کرنے پر یقین رکھتے ہیں۔

  • کیا ن لیگ کا لوڈ شیڈنگ ختم کرنے کا دعویٰ درست نہیں؟ شہباز شریف

    کیا ن لیگ کا لوڈ شیڈنگ ختم کرنے کا دعویٰ درست نہیں؟ شہباز شریف

    اسلام آباد: اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کا کہنا ہے کہ وزیر خزانہ کی تقریر میں سچ کا فقدان ہے۔ کیا ن لیگ کا 2018 کے الیکشن تک لوڈ شیڈنگ ختم کرنے کا دعویٰ درست نہیں تھا؟

    تفصیلات کے مطابق اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ وزیر خزانہ کی تقریر میں سچ کا فقدان ہے۔ سچ اور مفروضوں کا فیصلہ ہوجائے گا۔

    انہوں نے کہا کہ وزیر خزانہ نے لوڈ شیڈنگ کی بات کی لیکن کچھ بتایا نہیں، ’کیا ن لیگ کا 2018 کے الیکشن تک لوڈ شیڈنگ ختم کرنے کا دعویٰ درست نہیں تھا؟ وعدہ کیا تھا کہ 2018 تک اندھیرے ختم ہوجائیں گے یہ سچ ہے یا نہیں‘؟

    شہباز شریف نے کہا کہ مسکرانا تائید ہے یا کھسیانی بلی کھمبا نوچنے کے مترادف ہے، کہا گیا تھا کہ پختونخواہ سمیت پورے ملک کو بجلی مہیا کریں گے۔ اس بیان اور اعلان پر تکیہ کرتے تو پاکستان آج اندھیروں میں ہوتا۔

    انہوں نے کہا کہ پختونخواہ میں پانچ سال میں منفی 6 میگا واٹ بجلی پیدا ہوئی۔ ہم نے اپنے منصوبوں کے ذریعے 160 ارب روپے بچائے۔ ہم نے آمر کے دور میں شروع ہونے والے منصوبے بھی مکمل کروائے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ نیلم جہلم منصوبہ 18 سال میں مکمل نہ ہوا، ’وزیر خزانہ اس منصوبے کا آڈٹ کروانے کا اعلان کرتے، ایسا اعلان ہوتا تو پورا ایوان ان کی تائید کرتا‘۔

    شہباز شریف نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور ہمارے درمیان فاصلے بڑھانے کی کوشش ناکام ہوگی۔

  • وزیر اعظم کی اداروں میں بہتری کے لیے اقدامات کی ہدایت

    وزیر اعظم کی اداروں میں بہتری کے لیے اقدامات کی ہدایت

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں وزیر اعظم نے اداروں میں بہتری کے لیے فوری اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت اجلاس ہوا۔ اجلاس میں وفاقی وزرا اور پارٹی کی سینئر قیادت شریک ہوئی۔

    اجلاس میں ملکی معاشی، سیاسی اور امن و امان کی صورتحال پر تبادلہ خیال ہوا۔ وزیر اعظم کو منی بجٹ بل کی منظوری کے معاملے پر بریفنگ دی گئی۔

    اجلاس میں پارٹی امور اور سو نکاتی ایجنڈے پر بھی غور کیا گیا جبکہ ڈیم فنڈ اور سرسبز پاکستان کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

    اس موقع پر وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ حکومت عوام کی فلاح و بہبود کے لیے کام کر رہی ہے۔ کرپشن کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔

    وزیر اعظم نے اداروں میں بہتری کے لیے فوری اقدامات کرنے کی بھی ہدایت کی۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز وزیر اعظم عمران خان نے اہم قومی عمارات کو عوام کے استعمال سے متعلق چاروں گورنرز، وزرائے اعلیٰ اور وفاقی وزرا کو خط لکھا تھا۔

    وزیر اعظم نے اپنے خط میں‌ کہا تھا کہ پاکستان کو اس وقت بڑے معاشی بحران کا سامنا ہے، ہمارا قرضہ 30 کھرب روپے سے زائد ہو چکا ہے، ہم صرف 6 ارب روپے روزانہ سود کی مد میں ادا کر رہے ہیں، ان ہی حالات کے باعث وزیر اعظم ہاؤس میں رہنے کے بجائے معمولی گھر میں رہنے کا فیصلہ کیا۔

    انہوں نے کہا تھا کہ گورنرز اور وزرائے اعلیٰ کے زیر استعمال عمارات سے فائدہ اٹھایا جاسکتا ہے، مستقبل میں عمارات کو استعمال میں لانے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔

  • وفاقی کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس آج طلب

    وفاقی کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس آج طلب

    اسلام آباد: وفاقی کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کے آج ہونے والے اجلاس میں بجلی کی قیمتوں میں اضافے کا امکان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں وفاقی کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس آج طلب کیا گیا ہے۔

    اجلاس میں بجلی کے نرخوں میں 2 روپے فی یونٹ اضافے کا امکان ہے جبکہ نیپرا کی بجلی 3 روپے 75 پیسے یونٹ بجلی مہنگی کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔

    وفاقی کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں پاور ڈویژن بجلی ٹیرف سے متعلق سمری ای سی سی میں پیش کرے گی۔ اجلاس میں ایل این جی ٹرمینلزسے متعلق رپورٹ پر بھی غور ہوگا۔

    گیس قیمتوں میں اضافے کا بوجھ غریبوں نہیں امیروں پر ڈالا گیا‘ وزیرِ خزانہ

    یاد رہے کہ گزشتہ روز وفاقی وزیرِ خزانہ اسد عمرکا کہنا تھا کہ گیس قیمتوں میں اضافے کا بوجھ غریبوں پر نہیں بلکہ امیروں پر ڈالا گیا ہے، اضافے سے عام صارف متاثر نہیں ہوگا۔

    اسد عمر کا کہنا تھا کہ گیس کی قیمت میں اضافے کا اثر کسان پر نہیں پڑنے دیا جائے گا، گیس کی مد میں 154 ارب روپے کا خسارہ نواز حکومت کا پیدا کردہ ہے، بجلی کے نظام میں بھی ایک سال کے دوران 453 ارب کا خسارہ ہوا، یہ خسارے گزشتہ حکومت نے دیے۔

  • کینیڈا میں 18 ممالک کی خواتین وزراء خارجہ کا اجلاس منعقد

    کینیڈا میں 18 ممالک کی خواتین وزراء خارجہ کا اجلاس منعقد

    اوٹاوا : کینیڈا میں منعقدہ 18 ممالک کی خواتین وزراء خارجہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کینیڈین وزیر خارجہ نے کہا کہ ’ملکی فیصلہ سازی میں ہماری(خواتین) شراکت کے باعث ہماری معیشت مستحکم ہے۔

    تفصیلات کے مطابق براعظم امریکا میں واقع ملک کینیڈا کی وزیر خارجہ کی سربراہی میں کینیڈا کے شہر منٹیریال میں 18 ممالک کی وزراء خارجہ کا اجلاس منعقد ہوا جس کی اہم بات یہ تھی کہ اجلاس میں شریک تمام وزراء خواتین تھیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ کینیڈا کی وزیر خارجہ کریسٹیا فری لینڈ نے جمعے کے روز شروع ہونے والے دو روزہ اجلاس سے افتتاحی خطاب کیا جس میں اقتصادی و سماجی مسائل، خواتین کی سیاسی محاذوں تک رسائی، معاشرے میں خواتین کی ترقی، لیڈنگ مراکز میں خواتین کا کردار اور جمہوریت کا فروغ و خواتین پر ظلم و تشدد کی روک تھام کے حوالے سے گفتگو کی۔

    کینیڈین وزیر خارجہ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کو مردوں کے برابر حقوق دلوانا ہماری جد وجہد کا حصّہ ہے، ہمارے ممالک مضبوط اور معاشرے مستحکم ہیں کیونکہ ہم فیصلہ سازی کے عمل میں شامل ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ ملکی فیصلہ سازی میں ہماری شراکت کی وجہ سے ہماری معیشت بہتر، معاشرہ خوشحال ہے، اس لیے ہمارے ممالک زیادہ پُر امن ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ کینیڈین وزیر خارجہ کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں یورپی یونین کی وزیر برائے خارجہ امور فیڈریکا موگرینی سمیت 17 ممالک کی وزراء خارجہ شامل شریک تھی۔

  • وزیراعظم کی زیرصدارت کابینہ کا خصوصی اجلاس آج ہوگا

    وزیراعظم کی زیرصدارت کابینہ کا خصوصی اجلاس آج ہوگا

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا خصوصی اجلاس آج ہوگا جس میں بجٹ تجاویز منظوری کے لیے پیش کی جائیں گی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی صدارت میں وفاقی کابینہ کا اجلاس آج صبح 9 بجے وزیراعظم سیکریٹریٹ میں طلب کیا گیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق اجلاس میں نئے بجٹ تجاویز منظوری کے لیے پیش کی جائیں گی اور کابینہ کو وزیرخزانہ اسد عمر اور سیکریٹری سمیت دیگر حکام بریفنگ دیں گے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت اجلاس میں ایف بی آراصلاحات اورٹیکس، سلیبس تبدیلی پرکابینہ کو اعتماد میں لیا جائے گا۔

    اجلاس میں ایف بی آر وصولیوں کے نئے اہداف اور ٹیکس حجم بڑھانے کی حکمت عملی پربھی شرکا کوبریفنگ دی جائے گی، کابینہ سے منظوری کے بعد نئی بجٹ تجاویزکواسمبلی میں پیش کیا جائے گا۔

    پہلا غیر ملکی دورہ: وزیراعظم عمران خان آج سعودی عرب روانہ ہوں گے

    واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان اپنے پہلے غیر ملکی دورے پر آج سعودی عرب کے لیے روانہ ہوں گے، دو روزہ سرکاری دورے میں وہ سعودی عرب کے بعد متحدہ عرب امارات بھی جائیں گے۔

    وزیرِ اعظم عمران خان سعودی فرمانروا شاہ سلمان اور ولی عہد کی دعوت پر دورہ کر رہے ہیں۔

  • پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس، نئے صدر مملکت آج پہلا خطاب کریں گے

    پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس، نئے صدر مملکت آج پہلا خطاب کریں گے

    اسلام آباد: بیگم کلثوم نواز کے انتقال کے باعث موخر کیا گیا پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس آج ہوگا، نئے صدر مملکت عارف علوی پہلا خطاب کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق نواز شریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز کے انتقال کے باعث گذشتہ دنوں ہونے والا پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس موخر کردیا گیا تھا جو کہ آج ہوگا۔

    ملک کے نئے صدر ڈاکٹر عارف علوی اجلاس سے اپنا پہلا خطاب کریں گے، اجلاس میں نون لیگ دھاندلیوں کی تحقیقات کے لیے پارلیمانی کمیشن کے قیام کے مطالبے پر احتجاج کرے گی۔

    اخراجات کی بچت، صدر اور وزیرِ اعظم ایک ہی طیارے میں اسلام آباد روانہ

    اجلاس میں گورنرز، وزرائے اعلیٰ، مسلح افواج کےسربراہان اور سفارتکار سمیت اعلی شخصیات شریک ہوں گے۔

    خیال رہے کہ گذشتہ روز صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی حلف برداری کے بعد کراچی کا باقاعدہ دورہ کیا، انہوں نے مزار قائد پر حاضری دی، پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی بھی کی تھی۔

    قائد اعظم کے مزار پر حاضری کے موقع پر ان کے ہمراہ گورنر سندھ عمران اسماعیل، سندھ کے وزیر بلدیات سعید غنی سمیت شہر کی معزز شخصیات موجود تھیں۔

    واضح رہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان ایک روزہ دورۂ کراچی ختم کر کے صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی کے ہم راہ ایک ہی طیارے میں اسلام آباد روانہ ہوچکے ہیں۔

  • بیرون ملک موجود پیسہ واپس لانے کے لیے ٹاسک فورس قائم کردی گئی: فواد چوہدری

    بیرون ملک موجود پیسہ واپس لانے کے لیے ٹاسک فورس قائم کردی گئی: فواد چوہدری

    اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں بیرون ملک موجود پیسہ واپس لانے کے لیے ٹاسک فورس قائم کردی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ کابینہ اجلاس میں بیرون ممالک سے رقم واپس لانے کا فیصلہ کیا گیا، بیرون ممالک سے پیسے واپس لانے کے لیے ٹاسک فورس قائم کی گئی ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ باہر سے پیسے لانے کے لیے وزیر اعظم ہاؤس میں یونٹ قائم کیا گیا ہے، یونٹ میں ایف آئی اے اور نیب کے نمائندے بھی شامل ہوں گے۔ صوابدیدی فنڈز ختم کرنے سے 80 ارب روپے واپس آگئے ہیں۔ لیپ ٹاپ جیسی اسکیمیں ختم کرنے سے پیسہ وزارت خزانہ میں واپس آیا۔

    انہوں نے کہا کہ تعلیم، صحت، پانی اور صفائی کے منصوبوں کا تعلق صوبوں سے ہے، وفاق ان منصوبوں سے متعلق براہ راست اقدامات کرے گا۔ تعلیم سے متعلق بھی ایک ٹاسک فورس بنائی گئی ہے۔ ٹاسک فورس ڈھائی کروڑ بچوں کو اسکول واپس بھجوانے کے لیے اقدامات کرے گی۔ ٹاسک فورس مدارس کے بچوں کے لیے بھی اقدامات کرے گی۔

    فواد چوہدری نے کہا کہ مدارس لیول پر سرٹیفیکیٹ ختم کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے، ملک بھر میں تعلیم سے متعلق ایک ہی سرٹیفیکیٹ کا اجرا کیا جائے گا۔ پرائیوٹ اسکولوں سے بھی بات چیت کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ سلیبس سے متعلق بھی سارےمتعلقہ حکام سے بات چیت ضروری ہے۔

    انہوں نے کہا کہ اسٹریٹ چلڈرن سے متعلق ادارے بنائے جائیں گے۔ اسٹریٹ چلڈرن اور خواتین سے متعلق ادارے کے لیے فنڈز رکھے گئے ہیں۔ اسٹریٹ چلڈرن کے لیے اسلام آباد میں یتیم خانہ بنایا جائے گا۔ انسانی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے بھی اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ معذور افراد کے روزگار سے متعلق بھی اقدامات کا فیصلہ کیا گیا ہے، پاکستانی سفارتخانوں کے رویے بہتر کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ پاکستانی شہریوں سے رویے کی شکایت برداشت نہیں کی جائے گی۔ بیرون ملک پاکستانی قیدیوں سے متعلق اقدامات کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ایران میں پاکستانی سزائے موت کے قیدیوں کو سزاؤں میں ریلیف ملے گا، ایران نے اپنے انسداد منشیات کے قانون میں تبدیلی کی ہے۔ قانون میں تبدیلی سے امید ہے قیدیوں کو سزاؤں میں ریلیف ملے گا۔ ایرانی وزیر خارجہ کا دورہ پاکستان اہم تھا اس حوالے سے بھی گفتگو ہوئی۔

    فواد چوہدری نے کہا کہ وزیر اعظم نے تربیلا ڈیم کے فنڈز میں خورد برد کا نوٹس بھی لیا ہے۔ تربیلا ڈیم کے 25 ارب کے فنڈز کی تحقیقات کی منظوری دی گئی ہے۔ لوٹی ہوئی رقم بیرون ملک رکھنے والوں کی معلومات دینے والوں کا نام صیغہ رازمیں رکھا جائے گا۔

    انہوں نے کہا کہ اسکول کے بچوں کو جسمانی سزا نہیں دی جاسکتی، مدارس اور انگریزی اسکولوں میں بنیادی تعلیم یکساں ہوگی۔ نجی اسکولوں کی فیسوں کو مناسب سطح پر لایا جائے گا۔ تمام سیاسی جماعتیں چاہتی ہیں کہ پاکستان میں یکساں تعلیمی نصاب ہو۔

    انہوں نے کہا کہ صوبوں کی مشاورت سے آگے بڑھیں گے۔ ریاست پاکستان فیصلہ کرے گی اس ملک کو کیسے چلانا ہے۔ آئین پاکستان ہمیں اقلیتوں کے تحفظ کی ذمہ داری دیتا ہے۔ اسلام میں بھی اقلیتوں کے تحفظ کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ اقلیتوں سے متعلق الگ رویے کا سوچ بھی نہیں سکتے۔ اقلیتوں کے معاملے پر بے لاگ پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے۔

  • وزیر اعظم کی زیر صدارت اجلاس: سرکاری ملازمین کو برطرف نہ کیے جانے کا فیصلہ

    وزیر اعظم کی زیر صدارت اجلاس: سرکاری ملازمین کو برطرف نہ کیے جانے کا فیصلہ

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں سرکاری ملازمین کو برطرف نہ کیے جانے کا بڑا فیصلہ کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس وزیر اعظم آفس میں ہوا۔

    اجلاس میں کابینہ کو بیرون ملک سے لوٹی گئی رقم واپس لانے پر بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر نے دی۔

    شہزاد اکبر نے رقم کی واپسی سے متعلق ٹاسک فورس کی رپورٹ بھی پیش کی۔

    اجلاس میں پاکستان اور چین میں شعبہ تعلیم میں تعاون کے لیے معاہدے کی منظوری دی گئی۔

    اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کسی بھی سرکاری ملازم کو نوکری سے برطرف نہیں کیا جائے گا۔ فیصلے کا اطلاق ریگولر، کنٹریکٹ اور ایڈ ہاک پر رکھے ملازمین پر بھی ہوگا۔

    فیصلے میں کہا گیا کہ سرکاری ملازم کو ڈسپلن کی خلاف ورزی پر بھی برطرف نہیں کیا جا سکے گا تاہم حکم کا اطلاق عدالتی فیصلوں پر نہیں ہوگا۔ فیصلے کا نوٹی فیکیشن جاری کردیا گیا ہے۔

    اجلاس میں پاکستان انٹرنیشل ایئر لائنز پی آئی اے کا چارج سیکریٹری ایوی ایشن کے حوالے کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

    اجلاس میں این آئی آر سی کے سربراہ کی مدت ملازمت میں توسیع اور وزارتوں اور ڈویژنز کے صوابدیدی فنڈز واپس لینے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز وزیر اعظم عمران خان نے کابینہ کی نجکاری، سی پیک اور توانائی کمیٹیاں تشکیل دی تھیں۔

    توانائی کمیٹی میں وزرائے خزانہ، منصوبہ، ریلوے، مشیر تجارت و ٹیکسٹائل اور صنعت و پیداوار شامل ہوں گے جبکہ سیکریٹری کابینہ ڈویژن بھی توانائی کمیٹی کا حصہ ہوں گے۔

    7 رکنی کابینہ کمیٹی برائے نجکاری کے چیئرمین وزیر خزانہ اسد عمر ہوں گے جبکہ سی پیک کمیٹی میں وزرائے خارجہ، قانون، خزانہ، پیٹرولیم، ریلوے، وزیر مملکت داخلہ، مشیر تجارت، صنعت و سرمایہ کاری شامل ہوں گے۔

  • شہباز شریف کی زیر صدارت مسلم لیگ ن کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس

    شہباز شریف کی زیر صدارت مسلم لیگ ن کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس

    اسلام آباد: مسلم لیگ ن کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا جس میں نواز شریف کے کیسز اور جوڈیشل پروسیسنگ میں تاخیر پر اظہار تشویش کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس شہباز شریف کی زیر صدارت ہوا۔

    اجلاس کے آغاز پر مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے تلاوت قرآن پاک کے دوران سب سے چھوٹی سورت سورۃ الکوثر پڑھنے کی کوشش کی لیکن آخر میں چند الفاظ بھول گئے جس کے بعد اسے ایسے ہی ادھورا چھوڑ دیا۔

    اجلاس میں نواز شریف کے کیسز اور جوڈیشل پروسیسنگ میں تاخیر پر اظہار تشویش کیا گیا۔ اجلاس میں الیکشن میں ہونے والے مبینہ دھاندلی پر کمیشن بنانے کے مطالبے سے پیچھے نہ ہٹنے کا فیصلہ کیا گیا۔

    اجلاس میں وزیر اعظم عمران خان اور چیئرمین نیب کی ملاقات کو مفادات کا ٹکراؤ قرار دیا گیا۔ پارلیمانی پارٹی کا کہنا تھا کہ جس کا خود نیب میں کیس ہو وہ کیسے نیب کے چیئرمین سے مل سکتا ہے۔

    مسلم لیگ ن کے اجلاس میں تارکین وطن کی ضمنی الیکشن میں ووٹنگ کا معاملہ مسترد کردیا گیا۔ پارلیمانی کمیٹی نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے بجلی مہنگی کرنے کی تجویز پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔

    پارلیمانی کمیٹی کا کہنا تھا کہ سی پیک کے فنڈز کی بندش اور مغربی روٹ پر کام روک دیا گیا۔

    پارلیمانی کمیٹی نے لوکل گورنمنٹ نظام ختم کرنے کے اعلان پر کنونشن کا فیصلہ بھی کیا۔ کمیٹی کا کہنا تھا کہ بلدیاتی نمائندوں کو آئینی مدت پوری کرنی چاہیئے۔

    کمیٹی نے خارجہ پالیسی پر حکومتی اقدامات کو مضحکہ خیز قرار دیا۔