Tag: اجلاس

  • منی لانڈرنگ کے خاتمے کے لیے متعلقہ اداروں کو کردار ادا کرنا ہوگا: وزیر اعظم

    منی لانڈرنگ کے خاتمے کے لیے متعلقہ اداروں کو کردار ادا کرنا ہوگا: وزیر اعظم

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا جس میں انہوں نے کہا کہ منی لانڈرنگ کے خاتمے کے لیے متعلقہ اداروں کو کردار ادا کرنا ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں منی لانڈرنگ کی روک تھام کے لیے کیے جانے والے اقدامات سے متعلق بریفنگ دی گئی۔

    اجلاس میں وفاقی وزیر برائے داخلہ، وزیر خزانہ اسد عمر اوروزیر تجارت سمیت اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں وزیر اعظم کو کم آمدن طبقے کے لیے گھروں کی فراہمی کے منصوبے پر بریفنگ دی گئی۔ وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ 5 لاکھ گھروں کی فوری تعمیر اولین ترجیح ہے، گھروں کی تعمیر کے لیے نجی شعبہ آگے آئے۔ منصوبہ رہائشی مسائل کاحل اور اقتصادی ترقی کا باعث ہوگا۔

    انہوں نے کہا کہ رہائشی منصوبے سے روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوں گے، بے گھر کیے بغیر کچی آبادیوں کو ریگولرائز کرنے کی پالیسی بنانا ہوگی۔ منصوبے پر عملدر آمد اور روڈ میپ کے لیے سیکریٹری ہاؤسنگ کی سربراہی میں کمیٹی بھی قائم کردی گئی۔

    اجلاس میں وزیر اعظم کو منی لانڈرنگ کی روک تھام کے لیے اقدامات سے متعلق بریفنگ  دینے کے ساتھ ساتھ ایف اے ٹی ایف کی شرائط اور ہنڈی کے خاتمے سے متعلق اقدامات سے بھی آگاہ کیا گیا۔

    اس موقع پر وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ منی لانڈرنگ کے خاتمے کے لیے متعلقہ اداروں کو کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کومخاطب کرکے کہا کہ ہنڈی کی بجائے بذریعہ بینک اپنی رقوم وطن بھجوا کر پاکستان کی تعمیروترقی میں اپنا کردارادا کریں۔

    خیال رہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے منی لانڈرنگ کے حوالے سے شروع سے ہی سخت مؤقف اپنایا ہے۔ وزارت عظمیٰ کا حلف اٹھانے کے بعد قوم سے اپنے پہلے خطاب میں وزیر اعظم نے کہا تھا کہ پاکستان سے چوری ہو کر باہر جانے والا پیسہ واپس لانا ہے، ہر سال پاکستان سے ایک ہزار ارب روپے چوری ہو کر باہر جاتے ہیں۔

    انہوں نے کہا تھا کہ منی لانڈرنگ سے باہر گیا پیسہ واپس لانے کے لیے ٹاسک فورس بنائیں گے۔ جس پارٹی کے لیڈر کا پیسہ ملک میں نہیں اسے کبھی ووٹ نہ دیں، جس کے اربوں روپے باہر پڑے ہیں وہ کیسے عوام کی حالت بہتر کرے گا۔

    یاد رہے کہ پاکستان میں اس وقت متعدد اہم سیاسی رہنماؤں اور اداروں کے خلاف مختلف منی لانڈرنگ کیسز کی تحقیقات چل رہی ہیں ، جن میں سابق وزیراعظم نواز شریف اور ان کے اہل خانہ ، سابق صفر آصف علی زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور سمیت کئی اہم نام شامل ہیں۔

  • 5 سال میں دہشت گردی کے الزامات میں 16 ہزار سے زائد افراد گرفتار

    5 سال میں دہشت گردی کے الزامات میں 16 ہزار سے زائد افراد گرفتار

    اسلام آباد: سینیٹ اجلاس میں وزارت داخلہ نے اپنے تحریری جواب میں بتایا گیا کہ 5 سال میں دہشت گردی کے الزامات پر 16 ہزار 6 سو 22 افراد کو گرفتار کیا گیا جن میں سے 3 سو 76 کو سزائے موت دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق قائم مقام چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا کی زیر صدارت سینیٹ کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں وزارت داخلہ نے اپنا تحریری جواب جمع کروایا۔

    جواب میں پانچ سال کے دوران اسلام آباد میں زیادتی کا شکار بچوں کی تفصیلات پیش کی گئیں۔

    رپورٹ کے مطابق 79 بچوں اور بچیوں سے زیادتی کے مقدمات درج ہوئے۔ کل 100 ملزمان گرفتار کیے گئے جن میں سے صرف 4 کو سزا سنائی گئی۔

    وزارت داخلہ کی جانب سے جمع کروائے گئے ایک اور تحریری جواب میں بتایا گیا کہ 5 سال میں دہشت گردی کے الزامات پر 16 ہزار 6 سو 22 افراد کو گرفتار کیا گیا۔

    پنجاب سے 10 ہزار 993، سندھ سے 2 ہزار 728، پختونخواہ سے1967، بلوچستان سے 147، گلگت بلتستان سے 126 اور اسلام آباد سے 61 افراد کو گرفتار کیا گیا۔

    وزارت داخلہ کے مطابق فاٹا اور آزاد کشمیر سے گرفتار افراد کی رپورٹ تا حال موصول نہیں ہوئی۔ 5 سال میں دہشت گردی پر 376 مجرمان کو سزائے موت سنائی گئی۔

    پنجاب میں 330، سندھ میں 19، بلوچستان میں 15، پختونخواہ میں 7 اور گلگت بلتستان میں 5 دہشت گردوں کو سزائے موت سنائی گئی۔

    رپورٹ کے مطابق پانچ سال میں 2 ہزار 525 افراد کو دہشت گردی ثابت ہونے پر سزا سنائی گئی۔ اسلام آباد میں بھی 2 افراد کو دہشت گردی کے مقدمات میں سزا ہوئی۔

    وزارت داخلہ کا کہنا تھا کہ سنہ 2015 میں دہشت گردی کے الزام میں 4 ہزار 439 افراد کو گرفتار کیا گیا تھا۔

  • وزیراعظم عمران خان نےسینئرپارٹی قیادت کا اجلاس طلب کرلیا

    وزیراعظم عمران خان نےسینئرپارٹی قیادت کا اجلاس طلب کرلیا

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے پاکستان تحریک انصاف کی سینئرپارٹی قیادت کا اجلاس آج طلب کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم پاکستان اور پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے سینئرپارٹی قیادت کا اجلاس آج طلب کیا ہے۔

    عمران خان کی زیرصدارت اجلاس سہ پہر 3 بجے بنی گالہ میں شروع ہوگا جس میں صدارتی انتخاب سے متعلق مشاورت ہوگی۔

    عمران خان نے ڈاکٹرعارف علوی کو صدارتی امیدوارنامزد کردیا

    وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ ہفتے کراچی سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹر عارف علوی کو صدر پاکستان کے عہدے کے لیے نامزد کیا تھا۔

    صدارت کے عہدے کے لیے کاغذات نامزدگی 27 اگست کو دن 12 بجے تک جمع کرائے جاسکیں گے جس کی جانچ پڑتال 29 اگست کو صبح 10 بجے ہوگی۔

    الیکشن کمیشن کے مطابق امیدوار کاغذات نامزدگی 30 اگست کو دوپہر12 بجے تک واپس لے سکیں گے جس کے بعد امیدواروں کی حتمی فہرست اسی دن ایک بجے جاری کی جائے گی۔

    صدرمملکت ممنون حسین آئندہ ماہ اپنے منصب سے سبکدوش ہورہے ہیں جس کے باعث نئے صدر کے انتخاب کے لیے 4 ستمبر کو پولنگ ہوگی۔

    واضح رہے کہ پیپلزپارٹی نے صدرکے انتخاب کے لیے اعتراز احسن کو امیدوار نامزد کیا ہے تاہم مسلم لیگ ن نے ان کے نام پرتحفظات کا اظہار کیا ہے۔

  • مسلم لیگ ن کی مرکزی قیادت کا ماڈل ٹاؤن سیکریٹریٹ میں اجلاس

    مسلم لیگ ن کی مرکزی قیادت کا ماڈل ٹاؤن سیکریٹریٹ میں اجلاس

    لاہور : مسلم لیگ ن کے صدر شہبازشریف کی زیرصدارت ن لیگ کی مرکزی قیادت کا اجلاس جاری ہے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور میں مسلم لیگ ن کی مرکزی قیادت کا ماڈل ٹاون سیکریٹریٹ میں اجلاس جاری ہے جس کی صدارت شہبازشریف کررہے ہیں۔

    اجلاس میں احسن اقبال ، رانا ثنااللہ، ایازصادق، رانا تنویر، حمزہ شہباز، عبدالقادر بلوچ، شاہ محمد شاہ، پرویز رشید سمیت دیگر رہنما بھی شریک ہیں۔

    شہبازشریف کی زیرصدارت اجلاس میں صدارتی انتخاب اورنیب مقدمات پرغورہوگا اور اس کے علاوہ نوازشریف اورمریم نوازکا نام ای سی ایل میں ڈالنے پربھی تبادلہ خیال ہوگا۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹرپرمسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ وفاقی کابینہ کے پہلے اجلاس میں نوازشریف خاندان کا نام ای سی ایل میں ڈالنا سیاسی انتقام ہے۔

    خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ میاں نوازشریف کا نام ای سی ایل میں ڈالنا عمران حکومت کے لیے درد سر بن جائے گا۔

    اڈیالہ جیل میں قید نوازشریف اورمریم نوازکانام ای سی ایل میں ڈال دیا گیا

    واضح رہے کہ قومی احتساب بیورو کی درخواست پرسابق وزیراعظم نوازشریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کا نام ای سی ایل میں ڈال دیا گیا۔

  • وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس جاری

    وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس جاری

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس جاری ہے جس میں حکومت کی ترجیحات طے کی جائیں گی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وزیراعظم سیکریٹریٹ میں وفاقی کابینہ کا پہلا اجلاس جاری ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پہلے خیرمقدمی اجلاس میں حکومت کی ترجیحات طے کی جائیں گی، وزیراعظم کی وفاقی کابینہ کے پہلے اجلاس کا پہلاایجنڈا احتساب ہوگا۔

    ذرائع کے مطابق وزراکو وزارتوں میں پہنچنے اوربریفنگزلینے کی ہدایات دی جائیں گی، منصوبوں اورمعاہدوں پروزیراعظم کواپ ڈیٹ کرنے کی ہدایت کی جائے گی۔

    ایوان صدر میں وفاقی کابینہ نے حلف اٹھا لیا

    خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان کی 16 رکنی وفاقی کابینہ نے حلف اٹھا لیا جبکہ کابینہ ڈویژن کی جانب سے 5 مشیروں کا بھی نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔

    ایوان صدر میں صدر ممنون حسین نے 16 رکنی کابینہ سے حلف لیا، اس موقع پروزیراعظم عمران خان موجود تھے۔

    وفاقی کابینہ میں شاہ محمود قریشی، اسد عمر، پرویز خٹک، فروغ نسیم، خالد مقبول صدیقی، شریں مزاری، شیخ رشید، فواد چوہدری، زبیدہ جلال، غلام سرور خان، فہمیدہ مرزا، طارق بشیرچیمہ، عامر کیانی، شفقت محمود، خسرو بختیار اور مولانا نورالحق قادری شامل ہیں۔

    وزیراعظم عمران خان کی کابینہ میں 5 مشیر بھی شامل ہیں جن میں بابراعوان پارلیمانی امور، ملک امین اسلم ماحولیاتی تبدیلی اور ڈاکٹرعشرت حسین ادارہ جاتی اصلاحات، عبدالرزاق داؤد صنعت وتجارت جبکہ محمد شہزاد ارباب کواسٹیبلشمنٹ ڈویژن کا مشیرلگایا گیا ہے۔

  • وزیراعظم عمران خان نے کابینہ کا پہلا اجلاس آج طلب کرلیا

    وزیراعظم عمران خان نے کابینہ کا پہلا اجلاس آج طلب کرلیا

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ کا پہلا اجلاس وزیراعظم سیکریٹریٹ میں آج طلب کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم سیکریٹریٹ میں وزیراعظم عمران خان نے کابینہ کا پہلا اجلاس آج طلب کرلیا۔ وزرا اورمشیروں کے نوٹیفکیشن کے بعد کابینہ اجلاس ہوگا۔

    اجلاس میں وزیراعظم 100 روزہ پلان پرعملدرآمد کی حکمت عملی وضع کریں گے، اجلاس میں گڈ گورننس سے متعلق امور کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔

    وزیراعظم کی زیرصدارت ہونے والے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں اداروں میں اصلاحات کے معاملے پر بھی غور کیا جائے گا، سرکاری محکموں میں اخرجات کم کرنے پربھی گفتگو ہوگی۔

    دوسری جانب وزیراعظم عمران خان کی 21 رکنی کابینہ آج حلف اٹھائے گی، کابینہ میں 16 وزرا اور 5 مشیر شامل ہیں۔ وفاقی وزرا آج ایوان صدر میں اپنے عہدے کا حلف لیں گے۔

    منی لانڈرنگ سے باہر گیا پیسہ واپس لانے کے لیے ٹاسک فورس بنائیں گے‘ عمران خان

    خیال رہے کہ گزشتہ روز ایک گھنٹہ اور 9 منٹ طویل خطاب میں وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی تاریخ میں کبھی اتنے مشکل مالی حالات نہیں تھے جیسے اب ہیں۔

    وزیراعظم پاکستان کا کہنا تھا کہ 10 سال قبل پاکستان کا قرضہ 6 ہزار ارب روپے تھا جو کہ 2013 میں بڑھ کر 15 ہزار ارب اور اب یہ 28 ہزار ارب روپے ہوچکا ہے۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ ایک طرف قوم مقروض ہے دوسری طرف صاحب اقتدار اس ملک میں ایسے رہتے ہیں، جیسے انگریز یہاں رہتے تھے جب ہم ان کے غلام تھے۔

  • سیاسی رہنماؤں سمیت بڑے پیمانے پر تحقیقات کی منظوری

    سیاسی رہنماؤں سمیت بڑے پیمانے پر تحقیقات کی منظوری

    اسلام آباد: قومی احتساب بیورو (نیب) کے اجلاس میں سیاسی رہنماؤں سمیت مختلف افراد کے خلاف تحقیقات کی منظوری دے دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین نیب جاوید اقبال کی زیر صدارت ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس منعقد ہوا۔

    اجلاس میں بابر خان غوری اور دیگر کے خلاف ریفرنس دائرکرنے کی منظوری دے دی گئی۔ ملزمان پر غیر قانونی طور پر 974 بھرتیاں کرنے کا الزام ہے۔ ملزمان نے قومی خزانے کو تقریباً 2 ارب 85 کروڑ کا نقصان پہنچایا۔

    نیب اجلاس میں سابق وفاقی وزیر خواجہ آصف اور دیگر کے خلاف منی لانڈرنگ کے الزامات پر انکوائری کی منظوری بھی دی گئی۔ خواجہ آصف پر 3 ارب 66 کروڑ سے زائد قومی خزانہ کو نقصان پہنچانے کا الزام ہے۔

    نیب ایگزیکٹو بورڈ اجلاس میں سکندر عزیز اور دیگر کے خلاف بھی ریفرنس کی منظوری دے دی گئی۔ ملزمان پر کنٹونمنٹ بورڈ پشاور بورڈ کی زمین پر جعلی کاغذات پر قبضے کا الزام ہے۔

    علاوہ ازیں صوبائی ورکس ویلفیئر بورڈ پنجاب، سندھ و بلوچستان کے خلاف انکوائری کی منظوری دی گئی۔ افسران پر میٹرک ٹیک پروجیکٹ میں آلات کی خریداری میں خرد برد کا الزام ہے۔

    نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے افسران و اہلکاروں کے خلاف بھی انکوائری کی منظوری دے دی گئی۔ ملزمان پر غیر قانونی طور پر ملتان سکھر موٹر وے کا ٹھیکہ دینے کا الزام ہے۔

    اجلاس میں میسرز ساحل لمیٹڈ کی انتظامیہ اور ریوینیو افسران کے خلاف انکوائری کی منظوری دی گئی۔ ملزمان پر زمین غیر قانونی الاٹ کرنے اور کمرشل مقاصد کے لیے استعمال کرنے کا الزام ہے۔

    علاوہ ازیں ظفر علی لغاری، خصوصی اسسٹنٹ برائے وزیر اعلیٰ سندھ بھلاج مل، سابق ممبر قومی اسمبلی عبد الحکیم بلوچ، ڈسٹرکٹ ناظم پشاور اور نواز شریف کے داماد کیپٹن (ر) صفدر کے خلاف بھی انکوائری کی منظوری دے دی گئی۔

  • بلوچستان اسمبلی کےاسپیکراورڈپٹی اسپیکرکےانتخاب کےلیےاجلاس آج  ہوگا

    بلوچستان اسمبلی کےاسپیکراورڈپٹی اسپیکرکےانتخاب کےلیےاجلاس آج ہوگا

    کوئٹہ : بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں آج اسپیکراور ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب عمل میں لایا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق بلوچستان اسمبلی کے اسپیکروڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کے لیے اجلاس آج دوپہر تین بجے ہوگا جس کی صدرات اسپیکرراحیلہ حمید درانی کریں گے۔

    بلوچستان اسمبلی میں نئے اسپیکروڈپٹی اسپیکر کا انتخاب خفیہ رائے شماری کے ذریعے کیا جائے گا۔

    بلوچستان اسمبلی کے اسپیکرکے لیے عوامی پارٹی اور اتحادی جماعتوں نے میرعبدالقدوس بزنجو کو نامزد کیا ہے جبکہ ڈپٹی اسپیکر کے لیے تحریک انصاف کے سردار بابرموسیٰ خیل کو نامزد کیا ہے۔

    اسپیکراور ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کے لیے کاغذات نامزدگی آج دوپہر تک سیکرٹری اسمبلی کے پاس جمع کرائے جاسکتے ہیں اور دوپہرڈھائی بجے تک کاغذات نامزدگی واپس لیے جاسکتے ہیں۔

    کاغذات نامزدگی درست قرار دینے والے امیدواروں کے نام اسمبلی سیکرٹریٹ کے نوٹس بورڈ پرآویزاں ہوں گے۔

    خیال رہے کہ بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں پہلے اسپیکر کے عہدے کے لیے انتخاب ہوگا اور پھر ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب عمل میں لایا جائے گا۔

    بلوچستان اسمبلی میں نومنتخب اراکین نے حلف اٹھالیا

    واضح رہے کہ تین روز قبل بلوچستان کے نو منتخب ارکان نے حلف اٹھایا تھا، اسپیکربلوچستان اسمبلی راحلیہ حمید درانی نے اراکین اسمبلی سے حلف لیا تھا۔

  • تحریک انصاف کے اسد قیصر قومی اسمبلی کے اسپیکر، قاسم خان سوری ڈپٹی اسپیکر منتخب

    تحریک انصاف کے اسد قیصر قومی اسمبلی کے اسپیکر، قاسم خان سوری ڈپٹی اسپیکر منتخب

    اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار اسد قیصر قومی اسمبلی کے اسپیکر  اور قاسم خان سوری ڈپٹی اسپیکر منتخب ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق اسپیکر ایاز صادق کی زیر صدارت قومی اسمبلی کا اجلاس شروع ہوا۔ اجلاس کے آغاز میں 5 نو منتخب امیدواروں نے حلف اٹھایا۔

    اس کے بعد اسپیکر کے انتخاب کے لیے پولنگ کا عمل شروع ہوا جس میں پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار اسد قیصر 176 ووٹ لے کر قومی اسمبلی کے اسپیکر منتخب ہوگئے۔

    اسپیکر کے اہم ترین عہدے کے لیے پاکستان تحریک انصاف کے اسد قیصر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے خورشید شاہ کے درمیان سخت مقابلہ تھا۔

    اسپیکر کے لیے کل 330 ووٹ کاسٹ کیے گئے جس میں سے 8 مسترد کردیے گئے۔ پولنگ مکمل ہونے کے بعد ایک بار گنتی ہوجانے کے بعد پیپلز پارٹی کی شازیہ مری کی درخواست پر دوبارہ گنتی کی گئی۔

    حتمی نتائج کے مطابق متحدہ اپوزیشن کے امیدوار سید خورشید شاہ نے 146 ووٹ حاصل کیے۔


    اپوزیشن کا احتجاج

    بعد ازاں اسد قیصر کو حلف برداری کے لیے بلایا گیا۔ اس موقع پر مسلم لیگ ن کے مرتضیٰ عباسی نے احتجاجی تقریر کی جس کے ساتھ ہی اپوزیشن پنچوں سے ’ووٹ کو عزت دو‘ کے نعرے لگنے لگے۔

    حلف برداری کے دوران مسلم لیگ ن کے ارکان مسلسل میاں محمد نواز شریف کے حق میں نعرے لگاتے رہے۔ اس دوران پیپلز پارٹی اس احتجاج سے لاتعلق رہی۔

    اب اگلا مرحلہ ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کا ہے۔ ڈپٹی اسپیکر کے لیےتحریک انصاف کے نامزد امیدوار قاسم سوری اور اپوزیشن کے امیدوار اسد محمود میدان میں ہیں۔


    اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب

    اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب خفیہ رائے شماری سے ہوگا۔ پہلے مرحلے میں اسپیکر کا انتخاب قاعدہ 9 باب 3 کے تحت ہوا۔

    پولنگ کے موقع پر کسی بھی رکن کو موبائل سے ووٹ کی تصویر بنانے کی اجازت نہیں دی گئی۔ ہر ووٹر کو بیلٹ پیپر سیکریٹری اسمبلی کی طرف سے جاری کیا گیا۔

    امیدواروں نے اپنے دو دو پولنگ ایجنٹوں کے نام اسپیکر کو دیے۔ امیدواروں اور پولنگ ایجنٹس کی موجودگی میں ووٹوں کی گنتی ہوئی، کامیاب اسپیکر سے سبکدوش اسپیکر نے حلف لیا۔


    عمران خان شناختی کارڈ ساتھ لانا بھول گئے

    اسپیکر کے انتخاب کے دوران پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان رجسٹریشن اور شناختی کارڈ ساتھ لانا بھول گئے۔ پولنگ ایجنٹس کی رضا مندی سے عمران خان کو ووٹ کاسٹ کرنے دیا گیا۔


    ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب

    ڈپٹی اسپیکر کے لیے پی ٹی آئی کےقاسم خان سوری اور متحدہ اپوزیشن کےاسعد محمود میں مقابلہ تھا،

    پی ٹی آئی کے قاسم خان سوری 183ووٹ لےکرڈپٹی اسپیکرقومی اسمبلی منتخب ہوئے، متحدہ اپوزیشن کےامیدواراسعدمحمودنے144ووٹ حاصل کیے۔ ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب میں  328ووٹ کاسٹ ہوئے،ایک ووٹ مستردہوا۔

  • پنجاب اسمبلی کا اجلاس پیر کو بلائے جانے کا امکان

    پنجاب اسمبلی کا اجلاس پیر کو بلائے جانے کا امکان

    لاہور: پنجاب اسمبلی کے نو منتخب ارکان کی حلف برداری کے لیے اجلاس پیر کو بلائے جانے کا امکان ہے۔ ممکنہ طور پر 297 میں سے 287 ارکان حلف اٹھائیں گے۔

    ذرائع کے مطابق پنجاب کے نو منتخب ارکان صوبائی اسمبلی کی حلف برداری کے لیے اجلاس آئندہ پیر کو بلائے جانے کا امکان ہے۔

    وزارت قانون کی جانب سے اسمبلی اجلاس طلب کیے جانے کے لیے آج گورنر کو سمری بھجوائی جائے گی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ممکنہ طور پر پیر کے روز طلب کیے جانے والے اجلاس میں پنجاب اسمبلی کے 297 میں سے 287 ارکان حلف اٹھائیں گے۔

    پنجاب اسمبلی کی 6 نشستوں پر انتخابات ملتوی ہوئے تھے جبکہ 5 نشستیں قومی اسمبلی میں ارکان کے جانے کے باعث خالی ہوں گی۔

    ذرائع کے مطابق اسپیکر کے لیے پاکستان تحریک انصاف نے اپنے اتحادی مسلم لیگ ق کے چوہدری پرویز الٰہی کو گرین سنگل دے رکھا ہے۔

    مسلم لیگ ن اسپیکر کے لیے امیدوار کا فیصلہ اجلاس سے پہلے طے کرے گی۔

    ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن آج پنجاب اسمبلی میں خواتین کے لیے مخصوص نشستوں پر 66 امیدواروں کی کامیابی کا نوٹیفیکیشن جاری کرے گا۔

    اقلیتوں کی 8 نشستوں کے لیے بھی آج ہی نوٹیفیکیشن جاری کیا جائے گا۔