Tag: اجلاس

  • سعودی کابینہ کی جانب سے اہم فیصلوں کی منظوری

    سعودی کابینہ کی جانب سے اہم فیصلوں کی منظوری

    ریاض: سعودی عرب میں خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز کی سربراہی میں کابینہ کا اجلاس منعقد ہوا جس میں متعدد اہم فیصلوں کی منظوری دی گئی۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز کی سربراہی میں کابینہ کا آن لائن اجلاس منگل کو ہوا، اجلاس میں کابینہ نے نامیاتی زراعت اور نجکاری کے نظاموں کی منظوری دے دی۔

    اجلاس کے آغاز میں شاہ سلمان نے امیر کویت شیخ نواف الاحمد الجابر الصباح کو بھیجے جانے والے مکتوب کے متعلق آگاہ کیا، کابینہ کو ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے علاوہ روسی ایلچی اور وزیر خارجہ کے ساتھ ہونے والی گفتگو سے بھی آگاہ کیا گیا۔

    کابینہ نے شامی بحران کے پائیدار حل پر ایک مرتبہ پھر توجہ دلائی اور اس بات پر زور دیا کہ شامی بحران کے مسئلے کا حل عوام کی مرضی اور منشا کے مطابق ہونا چاہیئے۔

    کابینہ نے یمن میں جنگ بندی کی اہمیت کی طرف نشاندہی کی اور عالمی برادری پر زور دیا کہ حوثی باغیوں کو ایران کی طرف سے فراہم کیے جانے والے اسلحہ کی روک تھام کے لیے کردار ادا کرنا چاہیئے۔

    کابینہ نے ایران کے جوہری پروگرام اور میزائل ٹیکنالوجی کو روکنے کے لیے عالمی کوششوں کو سراہا ہے۔

    بعد ازاں کابینہ نے کرونا وائرس کی تازہ ترین صورتحال کا جائزہ لیا اور ملک کے طول و عرض میں کرونا وائرس ویکسین مہم پر اطمینان کا اظہار کیا۔

    کابینہ نے اقتصادی و ترقیاتی کونسل کے علاوہ سیکیورٹی کونسل کی رپورٹوں کا جائزہ لینے کے بعد متعدد دیگر فیصلے بھی کیے۔

    کابینہ نے وزیر نیشنل گارڈ کو ذمہ داری تفویض کی کہ وہ روس کے ساتھ سعودی اور روسی اقتصادی کمیٹی کے قیام کے لیے مذاکرات کریں، کابینہ نے سعودی ٹی وی اور ریڈیو اتھارٹی اور انڈونیشی ٹی وی چینل کے درمیان معاہدے کی توثیق کی۔

    سعودی کابینہ نے نامیاتی زراعت کے نظام کی منظوری بھی دی جس کے بعد متعلقہ سابقہ نظام منسوخ کردیے گیے۔

    نئے نظام کی منظوری کے بعد سمندری شکار، آبی حیات، شہد کی مکھیاں پالنے کا نظام، نامیاتی زراعت کا سابقہ نظام اور زرعی آلات کی تجارت کا سابقہ نظام منسوخ کردیے گیے۔ ان کی جگہ نئے نظام سے ہم آہنگ دوسرے نظام متعارف کروائے جائیں گے۔

  • وزیر اعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس منگل کو ہوگا

    وزیر اعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس منگل کو ہوگا

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس منگل کو ہوگا، اجلاس میں کراچی میں فیڈرل سروسز ٹربیونل دفتر تعمیر کرنے کی اجازت سمیت متعدد امور زیر غور آئیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس منگل کو طلب کرلیا گیا، وفاقی کابینہ 8 نکاتی ایجنڈے پر غور کرے گی۔

    کابینہ اجلاس میں وفاقی ملازمین کو ڈسپیرٹی ریڈکشن الاؤنس دینے کی منظوری دی جائے گی، اسلام آباد ایئرپورٹ تک میٹرو بس منصوبے پر بریفنگ دی جائے گی۔ اجلاس میں کراچی میں فیڈرل سروسز ٹربیونل دفتر تعمیر کرنے کی بھی اجازت شامل ہے۔

    چیئرمین ٹاسک فورس برائے آئی ٹی اینڈ ٹیلی کام کی بریفنگ، پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ کے بورڈ آف گورنرز کی تشکیل نو کی منظوری اور این ٹی ڈی سی کے ایم ڈی کی تعیناتی کی منظوری بھی اجلاس کے ایجنڈے کا حصہ ہے۔

    علاوہ ازیں کابینہ کمیٹی برائے ادارہ جاتی اصلاحات کے گزشتہ اجلاس کے فیصلوں کی توثیق بھی متوقع ہے۔

    اس سے قبل 9 فروری کے اجلاس میں وفاقی کابینہ نے ٹیکس قوانین میں ترمیم آرڈیننس 2021 کی منظوری دی گئی تھی، ان ترامیم کا مقصد ڈیجیٹل روشن پاکستان منصوبے میں سہولت کاری ہے۔

    گزشتہ اجلاس میں کابینہ نے مختلف شہروں میں مزید 30 احتساب عدالتوں کے قیام کی بھی منظوری دی تھی۔

  • تھر میں کوئلہ نکالنے کے کام میں توسیع

    تھر میں کوئلہ نکالنے کے کام میں توسیع

    کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو بتایا گیا کہ تھر میں کوئلے کی مائننگ میں توسیع کی جارہی ہے، سنہ 2022 تک مزید 2 بجلی کے منصوبے کام شروع کردیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت تھر کول اینڈ انرجی بورڈ کا 22 واں اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں وزیر کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ تھر کول ون 3.8 ایم ٹی پی اے کا منصوبہ ہے۔

    بریفنگ میں بتایا گیا کہ منصوبے کی لاگت 627 ملین ڈالرز ہے، تاحال 6 ملین ٹن کول نکالا گیا ہے، تھر کول 2 کی گنجائش 7.6 ایم ٹی پی اے (میٹرک ٹن سالانہ) ہے، منصوبے کی لاگت 862 ملین ڈالر ہے۔

    بریفنگ کے مطابق ایس ای سی ایم فیز 3 میں 7.6 ایم ٹی پی اے سے بڑھا کر 13 ایم ٹی پی اے کول مائین کرے گا، مائننگ میں توسیع کی فزیبلٹی مکمل ہو چکی ہے۔ تھل نوول کے پاور پروجیکٹ پر بھی 30 فیصد کام ہوچکا ہے۔ دونوں منصوبے سال 2022 میں کام شروع کردیں گے۔

    وزیر اعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ تھر کول مائننگ اور پاور پراجیکٹس سندھ حکومت کی ان تھک محنت کا صلہ ہے، ہم نے صرف باتیں نہیں کیں بلکہ کام کر کے دکھایا، تھر کول منصوبے ملک کی توانائی کی ضروریات کا ضامن ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ مٹیاری میں گرڈ اسٹیشنز پر کام تیزی سے جاری ہے، تھر کول مائنز سے نیو چھور عمر کوٹ تک ریلوے لنک کی ضرورت ہے۔

  • بلوچستان میں دہشت گردوں کے خلاف بڑے پیمانے پر آپریشن شروع: وزیر داخلہ

    بلوچستان میں دہشت گردوں کے خلاف بڑے پیمانے پر آپریشن شروع: وزیر داخلہ

    کوئٹہ: صوبائی وزیر داخلہ ضیا اللہ لانگو کی زیر صدارت امن و امان پر اہم اجلاس منعقد ہوا، صوبائی وزیر داخلہ نے بتایا کہ صوبے میں دہشت گردوں کے خلاف بڑے پیمانے پر آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیا اللہ لانگو کی زیر صدارت امن و امان پر اجلاس ہوا، اجلاس میں مچھ واقعے سے متعلق رپورٹ پیش کی گئی جبکہ آئندہ کے لائحہ عمل اور مختلف تجاویز کا بھی جائزہ لیا گیا۔

    ضیا اللہ لانگو کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کے خلاف بڑے پیمانے پر آپریشن کا آغاز کر دیا گیا ہے، موجودہ بدامنی کی لہر ملک دشمن قوتوں کی سازش ہے۔

    صوبائی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ دہشت گرد فرقہ واریت اور لسانی بنیادوں پر تقسیم کرنا چاہتی ہے، دہشت گرد منصوبہ بندی کے تحت کارروائیاں کر رہے ہیں۔ ہم وار زون میں ہیں، جہاں دہشت گرد ہوں گے بھرپور کارروائی ہوگی۔

    خیال رہے کہ ایک ہفتے قبل بلوچستان کے علاقے مچھ میں کوئلہ فیلڈ میں نامعلوم مسلح افراد کے حملے میں ہزارہ برادری سے تعلق رکھنے والے کم از کم 10 کان کنوں کو قتل کردیا گیا تھا۔

    واقعے کے بعد جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین نے میتوں سمیت کوئٹہ کے مغربی بائی پاس کے علاقے میں ایک احتجاجی دھرنا دیا جو شدید سردی میں چھ روز تک جاری رہا۔

    دو روز قبل ان میتوں کی تدفین کردی گئی جس کے بعد وزیر اعظم عمران خان کوئٹہ پہنچے اور لواحقین سے تعزیت کی تھی۔

  • نیب اجلاس: متعدد افراد کے خلاف ریفرنسز و تحقیقات کی منظوری

    نیب اجلاس: متعدد افراد کے خلاف ریفرنسز و تحقیقات کی منظوری

    اسلام آباد: قومی ادارہ برائے احتساب (نیب) کے ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں 2 ریفرنسز، 8 انویسٹی گیشنز اور 15 انکوائریز کی منظوری دے دی گئی۔ اجلاس چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کی زیر صدارت ہوا۔

    تفصیلات کے مطابق قومی ادارہ برائے احتساب (نیب) کے ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس چیئرمین جسٹس (ر) جاوید اقبال کی زیر صدارت ہوا، اجلاس میں 2 ریفرنسز کی منظوری دی گئی۔

    نیب اجلاس میں عمران علی یوسف اور دیگر کے خلاف ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دی گئی، مذکورہ کیس میں سرکاری افسران کی ملی بھگت سے سرکاری فنڈز ذاتی فوائد کے لیے استعمال کیے گئے اور قومی خزانے کو 49 کروڑ روپے سے زائد کا نقصان پہنچایا گیا۔

    دوسرا ریفرنس سابق رکن بورڈ آف ریونیو کوئٹہ سرور جاوید کے خلاف منظور کیا گیا، ریفرنس میں سابق سینئر رکن بورڈ آف ریونیو شہباز خان مندو خیل اور دلشاد اختر بھی نامزد ہیں۔

    دوسرے ریفرنس میں ملزمان پر غیر قانونی طور پر سرکاری زمین دلشاد اختر کے نام الاٹ کرنے کا الزام ہے، غیر قانونی الاٹمنٹ سے قومی خزانے کو 6 کروڑ 48 لاکھ روپے کا نقصان پہنچایا گیا۔

    نیب کے ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں 8 انوسٹی گیشنز اور 15 انکوائریز کی منظوری دی گئی، مسلم لیگ ن کے مدثر قیوم نہرا اور ایم این اے اظہر قیوم نہرا کے خلاف انوسٹی گیشن کی منظوری دی گئی۔

    علاوہ ازیں محمد آصف بلال سابق ڈائریکٹر فوڈ پنچاب، احمد شیر ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ خوراک پنجاب، بلوچستان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی انتظامیہ اور دیگر، بلوچستان انٹیگریٹڈ واٹر ریسورس مینجمنٹ پراجیکٹ کوئٹہہ، پی ڈی اے میں حاجی ظریف کنٹریکٹر ضلع موسیٰ خیل، ریونیو ڈپارٹمنٹ ضلع نوشکی کی انتظامیہ، ڈی ایچ کیو ہاسپٹل ڈیرہ غازی خان کے افسران و اہلکار اور عبد اللہ شوگر ملز لمیٹڈ دیپال پور لاہور کے خلاف تحقیقات کی منظوری دی گئی۔

    نیب کے اجلاس میں سیف الملوک کھوکھر، سابق وزیر اعلیٰ ڈاکٹر عبد المالک، ثنا اللہ زہری، اکبر درانی اور سابق سیکریٹری ہوم ڈپارٹمنٹ کوئٹہ کے خلاف انکوائریز کی منظوری دی گئی۔

    نیب اجلاس میں پبلک لمیٹڈ کمپنیز پنجاب کے چیف ایگزیکٹوز، سابق وزیر تعلیم رحیم زیارت، ایم پی اے جمعہ خان، سابق ایڈیشنل چیف سیکریٹری نصیب اللہ بازئی، طارق مرتضیٰ میسرز سٹار ٹیک ٹریڈرز، سابق ایم پی اے اعجاز احمد اچلانہ، رئیس ابراہیم خلیل، ریونیو ڈپارٹمنٹ کے اہلکاروں، سابق چیئرمین ریلویز عارف عظیم، جنرل مینیجر گیپکو محسن رضا، سابق اسسٹنٹ ڈپٹی کمشنر ریونیو گجرات رانی حفصہ کنول، اختر حسین، سبینہ سیماب، شہناز قمر، مقصود احمد، احسن سرور بٹ اور دیگر کے خلاف بھی انکوائریز کی منظوری دی گئی۔

  • وزیر اعظم نے پارٹی رہنماؤں اور ترجمانوں کا اجلاس طلب کرلیا

    وزیر اعظم نے پارٹی رہنماؤں اور ترجمانوں کا اجلاس طلب کرلیا

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے پارٹی رہنماؤں اور ترجمانوں کا اجلاس طلب کرلیا، اجلاس میں اپوزیشن کے حکومت مخالف بیانیے پر مشاورت ہوگی جبکہ مہنگائی کے خلاف حکومتی اقدامات اور انتظامات پر بھی بریفنگ دی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے پارٹی رہنماؤں اور ترجمانوں کا اجلاس طلب کرلیا، وزیر اعظم کی سربراہی میں اہم اجلاس آج شام کو ہوگا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں اپوزیشن کے حکومت مخالف بیانیے پر مشاورت ہوگی، اس حوالے سے وزیر اعظم پارٹی ترجمانوں اور رہنماؤں کو گائیڈ لائنز دیں گے، سابق وزیر اعظم نواز شریف کی وطن واپسی سے متعلق حکومتی اقدامات پر بھی بات ہوگی۔

    ذرائع کے مطابق اجلاس میں مہنگائی کے خلاف حکومتی اقدامات اور انتظامات پر بھی بریفنگ دی جائے گی۔

    خیال رہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر ٹائیگر فورس نے مصنوعی مہنگائی اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف ایکشن شروع کردیا ہے۔

    ٹائیگر فورس کی نشاندہی پر انتظامیہ نے مختلف شہروں میں چھاپے مارے، چھاپوں کے دوران آٹا، چینی اور چاول کی ذخیرہ اندوزی پکڑی گئی، انتظامیہ نے بڑی مقدار میں اسٹاک تحویل میں لے کر اسٹور سیل کر دیے ہیں۔

  • ملک بھر میں کرونا وائرس کیسز اور اموات کی شرح میں اضافہ: این سی او سی

    ملک بھر میں کرونا وائرس کیسز اور اموات کی شرح میں اضافہ: این سی او سی

    اسلام آباد: نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے اجلاس میں بریفنگ میں بتایا گیا کہ ملک بھر میں کرونا وائرس کے مثبت کیسز اور اموات کی شرح بڑھ رہی ہے، گزشتہ 4 روز کے دوران مثبت کیسز کی شرح میں 40 فیصد اضافہ ہوا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر کی زیر صدارت نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کا اجلاس ہوا، اجلاس میں ملک میں کرونا وائرس کی صورتحال اور حکومتی اقدامات پر غور کیا گیا۔

    صوبائی چیف سیکریٹریز نے بذریعہ ویڈیو لنک این سی او سی کو بریفنگ دی جبکہ وزارت قومی صحت حکام نے بھی اعداد و شمار پر بریفنگ دی۔ حکام قومی صحت نے اپنی بریفنگ میں بتایا کہ گزشتہ 5 روز سے مثبت کرونا وائرس کیسز کی شرح میں اضافہ ہو رہا ہے، 4 روز کے دوران مثبت کیسز کی شرح میں 40 فیصد اضافہ ہوا۔

    بریفنگ میں بتایا گیا کہ ملک بھر میں مثبت کرونا کیسز اور اموات کی شرح بڑھ رہی ہے جبکہ کرونا وائرس مریضوں کے اسپتال میں داخلے کی شرح میں بھی اضافہ جاری ہے۔

    حکام قومی صحت کے مطابق کراچی، حیدر آباد، مظفر آباد اور گلگت میں مثبت کرونا وائرس کیسز کی شرح میں اضافہ ہوا، پنجاب کے اسپتالوں میں بھی کرونا وائرس مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہوا۔

    چیف سیکریٹری پنجاب نے بتایا کہ پنجاب میں کرونا وائرس سے شرح اموات میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، پنجاب میں مثبت کیسز کی شرح 0.92 فیصد سے 1.33 فیصد ہوچکی ہے۔ پنجاب میں یکم ستمبر کو کرونا وائرس کی شرح اموات 1.6 فیصد تھی جو اب 6 فیصد ہوچکی ہے۔

    بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ دنیا بھر میں مثبت کرونا کیسز کی شرح 2.72 فیصد ہے، پاکستان میں مثبت کرونا کیسز کی شرح 2.06 فیصد ہے، ملک میں کرونا وائرس سے مرنے والے 71 فیصد مرد ہیں، مرنے والے 76 فیصد مریض 50 سال سے زائد عمر کے ہیں۔

  • ریستوران اور شادی ہالز کوویڈ کے پھیلاؤ کے مراکز بن چکے: این سی او سی

    ریستوران اور شادی ہالز کوویڈ کے پھیلاؤ کے مراکز بن چکے: این سی او سی

    اسلام آباد: نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے اجلاس میں ملک میں احتیاطی تدابیر کی خلاف ورزی پر تشویش کا اظہار کیا گیا، این سی او سی کا کہنا ہے کہ عوامی اجتماعات، ریستوران اور شادی ہالز کوویڈ کے پھیلاؤ کے مراکز بن چکے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے ترقی و منصوبہ بندی اسد عمر کی زیر صدارت نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کا اجلاس ہوا، اجلاس میں کرونا وائرس کی موجودہ صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

    اجلاس میں ماہرین نے فورم کو دنیا میں کرونا وائرس کی دوسری لہر سے متعلق آگاہی دی، ماہرین نے اپنی بریفنگ میں بتایا گیا کہ ملک میں کوویڈ کیسز میں کچھ اضافہ ہوا ہے۔

    اجلاس میں مختلف شعبہ جات کھلنے کے بعد کرونا وائرس کے اثرات کا جائزہ لیا گیا، این سی او سی نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں عوام نے احتیاط کا دامن چھوڑ دیا، صحت عامہ کی پرواہ کیے بغیر ہاتھ ملانا معمول بن چکا ہے۔

    این سی او سی کی جانب سے کہا گیا کہ سماجی فاصلے اور نو ماسک نو سروس کی پالیسی پر عمل نہیں ہو رہا۔ عوامی اجتماعات، ریستوران اور شادی ہالز کوویڈ کے پھیلاؤ کے مراکز بن چکے ہیں۔

    اسد عمر کی سربراہی میں این سی او سی نے فریقین سے نئی صورتحال پر فوری مشاورت کا فیصلہ کیا، این سی او سی اسٹیک ہولڈرز سے مل کر جلد حکمت عملی تشکیل دے گا۔

  • اپوزیشن سے کیسے نمٹا جائے؟ وزیر اعظم نے پارٹی قیادت کا اجلاس طلب کرلیا

    اپوزیشن سے کیسے نمٹا جائے؟ وزیر اعظم نے پارٹی قیادت کا اجلاس طلب کرلیا

    اسلام آباد: اپوزیشن سے کیسے نمٹا جائے؟ وزیر اعظم عمران خان نے پارٹی قیادت کا اجلاس طلب کرلیا، اجلاس میں قیادت سے مشاورت کی جائے گی جبکہ اداروں کا دفاع کرنے کے لیے اہم ٹاسک بھی سونپا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعظم نواز شریف کی اداروں پر بڑھتی تنقید اور اپوزیشن کی تحریک کے معاملے پر وزیر اعظم عمران خان نے قیادت سے مشاورت کا فیصلہ کیا ہے، اپوزیشن کی تنقید کا بھرپور جواب دینے کے لیے ترجمانوں کو میدان میں اتارا جائے گا۔

    اس سلسلے میں وزیر اعظم عمران خان نے پارٹی قیادت اور ترجمانوں کا اجلاس طلب کرلیا ہے، اجلاس کل شام 4 بجے وزیر اعظم آفس میں بلایا گیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پارٹی قیادت اور ترجمانوں کے اجلاس میں سیاسی حکمت عملی طے کی جائے گی، مریم نواز کے جلسوں کے اعلان کے حوالے سے بھی لائحہ عمل تیار کیا جائے گا۔

    وزیر اعظم عمران خان اجلاس میں حکومتی مؤقف پر بریفنگ دیں گے، اپوزیشن کی تنقید کے بعد اداروں کا دفاع کرنے کے لیے اہم ٹاسک سونپا جائے گا۔

    اجلاس میں ملکی سیاسی معاملات کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔

  • وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت کراچی کمیٹی کا اجلاس

    وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت کراچی کمیٹی کا اجلاس

    اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان آج کراچی ٹرانسفارمیشن پلان کے تحت شہر کے لیے 802 ارب روپے کا خصوصی پیکج کا اعلان کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت کراچی کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزیر اسد عمر، شبلی فراز، علی زیدی، امین الحق، گورنر سندھ عمران اسماعیل اور وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ بھی موجود تھے۔

    اجلاس میں کراچی سمیت سندھ کی صورت حال پر تبادلہ خیال کرنے سمیت وفاق اور صوبے میں باہمی تعاون،ورکنگ ریلیشن شپ پرگفتگو کی گئی۔

    گورنر سندھ عمران اسماعیل نے وزیراعظم پاکستان کو کراچی میں بارش کے بعد کی صورت حال پر بریفنگ دی۔وزیراعظم کو کراچی کے علاقوں کی تباہ حالی سے متعلق بتایا گیا۔

    اجلاس میں وزیراعظم عمران خان کو کے الیکٹرک کی جانب سے بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ پر بھی بریفنگ دی گئی۔

    قبل ازیں کراچی پہنچنے پر گورنر سندھ عمران اسماعیل اور وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے وزیراعظم عمران خان کا استقبال کیا وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فرار اور ممبر قومی اسمبلی عامر محمود کیانی بھی وزیراعظم کے ہمراہ کراچی آئے۔

    وزیراعظم عمران خان نے کراچی پہنچنے کے فوراََ بعد ہیلی کاپٹر کے ذریعے بارشوں سے متاثرہ علاقوں کا فضائی جائزہ لیا۔

    وزیراعظم آج کراچی ٹرانسفارمیشن پلان کے تحت شہر کے لیے 802 ارب روپے کے خصوصی پیکج کا اعلان کریں گے۔

    وزیراعظم عمران خان سے ایم کیو ایم کا وفد اور جی ڈی اے کے رہنما سید صدر الدین شاہ بھی الگ الگ ملاقاتیں کریں گے۔

    وزیراعظم پاکستان دورہ کراچی کے دوران پاکستان اسٹاک ایکسچینج بھی جائیں گے جس کے بعد وہ آج شام کراچی سے واپس اسلام آباد روانہ ہوجائیں گے۔