Tag: اجلاس

  • چینی بحران: وزیراعظم عمران خان نے اہم اجلاس طلب کر لیا

    چینی بحران: وزیراعظم عمران خان نے اہم اجلاس طلب کر لیا

    اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کل اعلیٰ سطح کا اجلاس طلب کر لیا جس میں چینی بحران میں ملوث افراد کے خلاف مقدمات دائر کا فیصلہ ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت کل اعلیٰ سطح کا اجلاس ہو گا جس میں شوگر انکوائری رپورٹ میں ذمہ دار قرار دیے گئے افراد کے خلاف ایکشن کا فیصلہ ہوگا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں چینی بحران میں ملوث افراد کے خلاف مقدمات دائر کرنے کا بھی فیصلہ ہوگا۔

    اس سے قبل گزشتہ ہفتے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ یہ پہلی حکومت ہے جس نے چینی بحران کمیشن کی رپورٹ عوام کے سامنے پیش کی اور وزیراعظم عمران خان نے بلا امتیاز و تفریق ذمہ داران کے خلاف کارروائی کی ہدایت کی ہے۔

    یاد رہے کہ ڈی جی ایف آئی اے واجد ضیاء کی سربراہی میں تحقیقاتی رپورٹ کا فرانزک کرنے کے لیے بننے والے 6 رکنی تحقیقاتی کمیشن نے حتمی رپورٹ میں جہانگیر ترین، مونس الہیٰ، اومنی گروپ اور مخدم خسرو بختیار کے بھائی عمر شہریار کو چینی بحران کا ذمہ دار قرار دیا تھا۔

    رپورٹ میں کمیشن نے چینی بحران کا ذمہ دار ریگولیٹرز کو قرار دیا ہے، جن کی غفلت کے باعث چینی بحران پیدا ہوا اور قیمت بڑھی، کمیشن نے کیسز نیب، ایف آئی اے اور اینٹی کرپشن کو بھجوانے کی سفارش کی ہے۔

  • اقتصادی رابطہ کمیٹی اجلاس، مزدوروں کیلئے 75ارب روپے کے ریلیف کی منظوری

    اقتصادی رابطہ کمیٹی اجلاس، مزدوروں کیلئے 75ارب روپے کے ریلیف کی منظوری

    کراچی: مشیرخزانہ عبدالحفیظ شیخ کی زیرصدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس سے متعلق اعلامیہ جاری کردیا گیا، اجلاس میں اہم اقدامات کی منظوری دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق جاری کردہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ اجلاس میں احساس پروگرام کے تحت مزدوروں کے لیے 75ارب کے ریلیف کی منظوری دی گئی، مزدوروں کو 75ارب، 200ارب کے پیکج میں سے فراہم کیے جائیں گے۔

    ’ریلیف پیکج کے تحت چنے گئے افراد کو 12ہزار روپے دیے جائیں گے، مزدوروں کے لیے منظور کردہ پروگرام کو مزدور کا احساس پروگرام کا نام دیا گیا ہے، احساس کفالت پروگرام میں مزدروں کے لیے چوتھی کیٹیگری شامل کی جائے گی، نئی کیٹیگری کے تحت کم آمدنی والے 60 لاکھ مستحقین مستفید ہوں گے‘

    ایک سال 4 ماہ میں معیشت میں استحکام آ گیا: مشیرخزانہ

    اعلامیے کے مطابق احساس پروگرام کے 1 کروڑ 20 لاکھ مستفید افراد اس کے علاوہ ہیں، لاک ڈاؤن سے متاثرہ دیہاڑی دار اور مزدور طبقے کی امداد کی جاسکے گی، وزارت صنعت اور دیگر اداروں کو اس ضمن میں میکنزم کی تیاری کی ہدایت کی گئی ہے۔ اجلاس میں بلوچستان کے 19 جاری منصوبوں کے لیے 60 کروڑ سے زائد سپلیمنٹری گرانٹ منظور کی گئی۔

    اجلاس میں رواں مالی سال اسٹیل ملز واجبات کے لیے 1ارب 30 کروڑ کی منظوری دی گئی۔ پاکستان اسٹیل ملز کیلئے اگلے 3 سال کیلئے ہر سال 3 ارب 85 کروڑ روپے منظور کرلیے گئے، دریں اثنا اسلام آباد ہیلتھ کیئر ریگولیٹری اتھارٹی کے لیے 15 کروڑ روپے گرانٹ کی منظوری دی گئی۔

    اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ ای او بی آئی کے لیے نظرثانی شدہ بجٹ تجاویز بھی منظور کرلی گئیں، وزارت تجارت نے ایکسپورٹ اور امپورٹ پالیسی آرڈرز 2020 کی منظوری دے دی۔

  • سعودی کابینہ کا اجلاس: پاکستان میں سرمایہ کاری سے متعلق مفاہمتی یادداشتوں کی منظوری

    سعودی کابینہ کا اجلاس: پاکستان میں سرمایہ کاری سے متعلق مفاہمتی یادداشتوں کی منظوری

    ریاض: سعودی کابینہ کے اجلاس میں معدنیات کے شعبے میں سرمایہ کاری کے مواقع کے جائزے سے متعلق پاکستانی حکومت کے ساتھ مفاہمتی یادداشتوں کی منظوری دے دی گئی۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی کابینہ نے منگل کو شاہ سلمان کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس کے دوران 16 قراردادیں منظور کی ہیں، کابینہ نے امریکا کے ساتھ ایٹمی سلامتی کے تنظیمی امور میں تعاون اور تکنیکی معلومات کے تبادلے سے متعلق مفاہمتی یادداشت کی منظوری دی۔

    اجلاس میں تجدد پذیر توانائی کے منصوبوں کو جدید خطوط پر استوار کرنے، آئل ریفائنری اور پیٹرو کیمیکل کے شعبے میں سرمایہ کاری کے امکانات اور معدنیات کے شعبے میں سرمایہ کاری کے مواقع کے جائزے سے متعلق پاکستانی حکومت کے ساتھ مفاہمتی یادداشتوں کی بھی منظوری دی ہے۔

    سعودی کابینہ نے طے کیا ہے کہ سیاحتی ویزوں کی میعاد میں بین الاقوامی پروازوں پر پابندی کا دورانیہ شمار نہیں کیا جائے گا۔

    سعودی کابینہ نے سیول نیشنل یونیورسٹی کوریا کے قومی تجربات کے ادارے اور سیول نیشنل یونیورسٹی کے اسپتال کے ساتھ وزارت نیشنل گارڈز کی مفاہمتی یادداشتوں کی منظوری دی ہے۔

    سعودی کابینہ نے وزیر خزانہ کو آمدنی اور زکوٰۃ کے مفاہمتی یادداشت کے لیے مختلف مالک کے ساتھ مذاکرات کا اختیار تفویض کردیا۔ انہیں سنگاپورکے محکمہ کسٹم کے ساتھ مفاہمتی یادداشت پر دستخط کا اختیار بھی سپرد کردیا۔

    کابینہ نے جہاز رانی کے شعبے میں چین کے ساتھ تعاون کے معاہدے کی منظوری جبکہ سعودی ایف ڈی اے کے سربراہ کو امارات کے ساتھ خوراک کے شعبے میں تعاون سے متعلق مفاہمتی یادداشت کا اختیار تفویض کردیا۔

  • پنجاب میں محکموں کے غیر ضروری اخراجات اور نئی بھرتیوں پر پابندی عائد

    پنجاب میں محکموں کے غیر ضروری اخراجات اور نئی بھرتیوں پر پابندی عائد

    لاہور: صوبائی وزیر خزانہ ہاشم جواں بخت کی زیر صدارت اجلاس میں تمام محکموں کے غیر ضروری اخراجات، ضمنی گرانٹس کے اجرا اور نئی بھرتیوں پر پابندی عائد کردی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر وزیر خزانہ پنجاب ہاشم جواں بخت کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں کرونا وائرس کے پیش نظر معاشی صورتحال، ترقیاتی پروگرام اور لائحہ عمل کا جائزہ لیا گیا۔

    اجلاس میں شہروں میں ترقیاتی کام ڈیولپمنٹ اتھارٹیز کے وسائل سے کروانے کی تجویز پر غور کیا گیا، اجلاس میں محکموں کے غیر ضروری اخراجات پر پابندی عائد کردی کردی گئی۔

    حکومت نے محکموں کے لیے ضمنی گرانٹس کے اجرا اور نئی بھرتیوں، محکموں کے لیے نئی گاڑیاں اور دیگر پرتعیش اشیا کی خریداری پر بھی پابندی عائد کردی گئی۔

    اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ محکمہ صحت میں ڈاکٹرز اور دیگر عملے کی بھرتیوں کی اجازت ہوگی۔ محکموں کو مالیاتی نظم و ضبط اور بچت و کفایت شعاری کی پالیسی پر سختی سے عملدر آمد کی ہدایت کی گئی۔

    وزیر خزانہ ہاشم جواں بخت کا کہنا تھا کہ کرونا وبا کے باعث غیر معمولی صورتحال کا سامنا ہے، پنجاب حکومت نے مالی مشکلات پر 18 ارب روپے کے ٹیکس کا ریلیف دیا۔

    انہوں نے کہا کہ مستحق افراد کی مالی امداد کے لیے 10 ارب روپے کے فنڈز دیے گئے ہیں، رمضان المبارک میں بھی عوام کو ریلیف دیں گے۔

  • وزیراعظم نے حکومتی اور پارٹی ترجمانوں کا اہم اجلاس طلب کر لیا

    وزیراعظم نے حکومتی اور پارٹی ترجمانوں کا اہم اجلاس طلب کر لیا

    اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے حکومتی اور پارٹی ترجمانوں کا اہم اجلاس طلب کر لیا، اجلاس میں ملکی سیاسی اور معاشی صورت حال کا جائزہ لیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت حکومتی اور پارٹی ترجمانوں کا اجلاس کل سہ پہر ڈھائی بجے وزیر اعظم ہاؤس میں ہو گا۔

    ذرائع کے مطابق اجلاس میں پی ٹی آئی سینئر رہنمابھی اجلاس میں شریک ہوں گے، اجلاس میں ملکی سیاسی اور معاشی صورت حال کا جائزہ لیا جائے گا۔

    اجلاس میں عوام کو فوری ریلیف فراہم کرنے سے متعلق تجاویز پر غور ہوگا۔ وزیراعظم عمران خان ملکی صورتحال کے پیش نظر ترجمانوں کوگائیڈ لائن دیں گے۔

    وزیراعظم کا دیہاڑی دار طبقے کو روزگار فراہم کرنے کے لیے بڑا اعلان

    یاد رہے کہ گزشتہ روز سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر وزیراعظم عمران خان نے اپنے پیغام میں کہا تھا کہ کرونا سے پیدا ہونے والی صورتحال میں دیہاڑی دار افراد اجرت سے محروم ہیں۔

    وزیراعظم کا کہنا تھا کہ حکومت نے دیہاڑی دار طبقے کو بلین ٹری منصوبے میں روزگار دینے کا فیصلہ کیا ہے، اقدام سے زندگیوں اور زمین دونوں پر مثبت اثرات بیک وقت پڑےگا۔

  • وفاقی کابینہ کے اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی

    وفاقی کابینہ کے اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی

    اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت ہونے والے وفاقی کابینہ کے اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت ہونے والے وفاقی کابینہ کے اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔

    وزیراعظم نے کہا کہ کابینہ میں آج پھر بتاناچاہتا ہوں کہ ہم حکومت میں کیوں آئے؟ اقتدار میں آنے کا مقصد عام طبقے کا تحفظ کرنا تھا، غریب عوام کو مافیا سے نجات دلانا چاہتا ہوں۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ حکومت سنبھالتے ہی کابینہ اراکین کوگائیڈ لائینز فراہم کر دیں تھیں، چاہتا ہوں آپ سب اپنے فیصلے اسی گائیڈ لائین کی روشنی میں کریں، آپ سے توقع رکھتا ہوں کہ فیصلہ ذاتی نہیں عوامی مفاد کے پیش نظر ہوگا۔

    وزیراعظم نے کہا کہ انکوائری رپورٹ سے متعلق کمیشن کے حتمی فیصلے کا انتظار ہے، کمیشن کے فیصلے کی روشنی میں کارروائی ہوگی۔انہوں نے بتایا کہ آٹا چینی بحران پر تحقیقاتی رپورٹس میرے کہنے پر پبلک کی گئیں۔

    چینی بحران پر رپورٹ عام کرنے پر وفاقی کابینہ نے وزیراعظم کو زبردست خراج تحسین پیش کیا ۔کابینہ ارکان نے چینی بحران رپورٹ عام کرنے کو وزیراعظم کا جرأت مندانہ اقدام قرار دیا۔

    وفاقی کابینہ کے ارکان کا کہنا تھا کہ پہلی مرتبہ شوگر انڈسٹری سے متعلق سسٹم میں خرابیاں بھی سامنے آئیں، امید ہے حالیہ اقدامات کے بعد خامیوں پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اب چینی کی قیمت کسی صورت نہیں بڑھنے دیں گے۔

  • لاک ڈاؤن کی وجہ سے پاکستانیوں کو واپس لانے میں مشکلات پیش آ رہی ہیں،وزیرخارجہ

    لاک ڈاؤن کی وجہ سے پاکستانیوں کو واپس لانے میں مشکلات پیش آ رہی ہیں،وزیرخارجہ

    اسلام آباد: وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ لاک ڈاؤن کی وجہ سے پاکستانیوں کو واپس لانے میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں وزارت خارجہ میں شاہ محمود قریشی کی زیرصدارت کرونا وبائی چیلنج سے نمٹنے سے متعلق اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں بیرون ممالک وطن واپسی کے منتظر پاکستانیوں کی مرحلہ وار واپسی کا جائزہ لیا گیا۔

    اجلاس میں معاون خصوص برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کرونا صورتحال ،ٹیسٹنگ کی سہولت ،انتظامات پر بریفنگ دی۔ وزیر خارجہ کی زیرصدارت اجلاس میں متعلقہ اداروں سے موصول ہونے والی تجاویز پر مشاورت کی گئی۔

    اجلاس میں وزیر ہوا بازی غلام سرور،معاون خصوصی اوورسیز پاکستانی زلفی بخاری، معاون خصوصی نیشنل سیکیورٹی معید یوسف،سی ای او شوکت خانم، ڈاکٹر فیصل اور اسپیشل سیکریٹری خارجہ معظم علی خان نے بھی شرکت کی۔

    اس موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پہلی ترجیح وطن واپسی کے منتظر، پاکستانیوں کی مرحلہ وار واپسی ہے، کرائسز مینجمنٹ سیل پاکستانی سفارت خانوں سے رابطے میں ہے۔

    شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ایئرپورٹس پر کرونا کیسز کے لیے طبی سہولتیں کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہیں، بہت سے ممالک میں لاک ڈاؤن سے فلائٹس آپریشن معطل ہیں،لاک ڈاؤن کی وجہ سے پاکستانیوں کو واپس لانے میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔

  • اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس کل ہوگا

    اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس کل ہوگا

    اسلام آباد: مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس کل طلب کرلیا جس میں 11 نکاتی ایجنڈا پر غور ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس کل ہوگا۔ای سی سی کے اجلاس میں 11 نکاتی ایجنڈا پر غور کیا جائے گا۔

    ذرائع کے مطابق اجلاس میں ماہانہ، سہ ماہی فیول ایڈجسٹمنٹ کا معاملہ زیر غور آئےگا، تاپی منصوبے سے حاصل گیس کی قیمت کا تعین پر کمیٹی کی تشکیل کا فیصلہ ہوگا،روپے کی قدر میں کمی سے پی ایس او و دیگر تیل کمپنیوں کو نقصان پر غور ہوگا۔

    اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں کوہالہ پن بجلی منصوبے کی ادائیگیوں کے معاملے پر بات ہوگی،بیرونی قرضوں،ادائیگیوں کے بارے میں مربوط پالیسی کا جائزہ لیا جائے گا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں نجی شعبے سے فارن کرنسی لون کی مد میں واجبات کی وصولی پر بات ہوگی، فرنٹیئر کانسٹیبلری ٹریننگ سینٹر کی تعمیر کے لیے پیشگی رقم کا معاملہ زیر غور آئےگا۔

    مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ کی زیرصدارت اجلاس میں پاکستان رینجرز کے ہیلی کاپٹر کی مرمت، اسپیئر پارٹس کے لیے50 لاکھ گرانٹ کاامکان ہے۔اجلاس میں پاکستان نیوکلیئر ریگولیٹری اتھارٹی کے لیے 9 کروڑ سے زائد ضمنی گرانٹ اور وزیر اعظم یوتھ بزنس لون سے منسلک ایگزیکٹیو ایجنسیز کے لیے بھی ضمنی گرانٹ کا امکان ہے۔

  • کرونا وائرس پر پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس  آج ہوگا

    کرونا وائرس پر پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس آج ہوگا

    اسلام آباد: اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی زیرصدارت کرونا وائرس پر پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس آج ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کرونا وائرس پر پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس آج دوپہر 12 بجے پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوگا۔اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر25 رکنی پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کریں گے۔

    ترجمان قومی اسمبلی کے مطابق وزیراعظم کے مشیر خزانہ ڈاکٹر حفیظ شیخ اور مشیر تجارت وصنعت عبدالرزاق داؤد کرونا وائرس کی وجہ سے ملکی معیشت اور تجارت پر پڑنے والے اثرات اور معیشت کی بحالی پر پارلیمانی کمیٹی کو بریفنگ دیں گے۔

    معاون خصوصی ظفرمرزا، چیئرمین این ڈی ایم اے محمدافضل کرونا پر بریفنگ دیں گے۔اجلاس میں کمیٹی کے ممبران ویڈیو کانفرنس کے ذریعے بھی شریک ہوں گے۔

    پارلیمانی کمیٹی کرونا سے متعلق معاملات کا جائرہ، مانیٹرنگ، نگرانی کے لیے قائم کی گئی ہے، پارلیمانی کمیٹی میں قومی اسمبلی سے 12، سینیٹ سے 13 پارلیمانی لیڈرز شامل ہیں۔

    پارلیمانی کمیٹی کرونا وائرس سے متعلق سرگرمیوں پر نظر رکھےگی، اسد قیصر

    یاد رہے کہ دو روز قبل اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کا کہنا تھا کہ پارلیمانی کمیٹی کرونا وائرس سے متعلق سرگرمیوں پر نظر رکھےگی، جہاں پر بھی کوتاہی نظر آئےگی کمیٹی ایکشن لےگی۔

  • وزیراعظم نے پی ٹی آئی کور کمیٹی کا اجلاس طلب کر لیا

    وزیراعظم نے پی ٹی آئی کور کمیٹی کا اجلاس طلب کر لیا

    اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے پاکستان تحریک انصاف کی کور کمیٹی کا اجلاس طلب کر لیا جس میں کرونا وائرس سے پیدا ہونے والی صورت حال کا جائزہ لیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے کل شام وزیراعظم ہاؤس میں پی ٹی آئی کور کمیٹی کا اجلاس طلب کر لیا جس میں کرونا وائرس سے پیدا ہونے والی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

    اجلاس میں حکومتی معاشی ٹیم ملکی معاشی صورت حال پر بریفنگ دے گی، کرونا سے نمٹنے کے لیے حکومتی فیصلوں پر مشاورت ہو گی، کور کمیٹی حکومتی اقدامات کا بھی جائزہ لے گی۔

    وزیراعظم کی زیرصدارت اجلاس میں تعمیراتی انڈسٹری کے ریلیف پیکج پر بریفنگ ہو گی، اشیائے ضروریہ کی فراہمی سے متعلق امور کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔

    حکومت کا سی پیک منصوبوں پرکام اور تعمیراتی انڈسٹری کھولنے کا بڑا فیصلہ

    واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت قومی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا، اجلاس میں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ اور عسکری حکام شریک ہوئے جبکہ وفاقی وزرا اورچیئرمین این ڈی ایم اے بھی اجلاس میں موجود تھے۔

    اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ غریب کے گھرکا چولہا جلے اس لیے کل تعمیراتی انڈسٹری کھول رہے ہیں، مزدوروں کا روزگار انڈسٹری سے وابسطہ ہے، مزدورطبقہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔