Tag: اجمل وزیر

  • پی ٹی آئی کی اہم شخصیت نے پارٹی سے راہیں جدا کرلی

    پی ٹی آئی کی اہم شخصیت نے پارٹی سے راہیں جدا کرلی

    اسلام آباد: تحریک انصاف کے سابق مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا اجمل وزیر نے بھی پارٹی سے راہی جدا کرنے کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اجمل وزیر نے پارٹی چھوڑنے کا اعلان کیا، انہوں نے کہا کہ نو مئی کے واقعات کے بعد پی ٹی آئی کو چھوڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔اجمل وزیر کا کہنا تھا کہ میں نا لکھی ہوئی چیزیں پڑھ رہا ہوں اور نا ہی کسی کا پریشر ہے، نو مئی کے بعد دو راستے ہیں میں یا تو چپ کر جاؤں یا مذمت کروں، اجمل وزیر نے کہا کہ چپ کرنے کا مطلب ملوث ہوں، مذمت کرو تو پارٹی کی خلاف ورزی ہے۔

    یہ بھی پڑھیں: تحریک انصاف کے ایک اور اہم رہنما کا پارٹی چھوڑنے کا اعلان

    انہوں نے کہا کہ تین سال چپ رہنےکے بعد اب میں بات کررہاہوں، اپنے ساتھ زیادتی برداشت کی لیکن ملک کے ساتھ زیادتی ناقابل برداشت ہے۔

    گذشتہ روز بھی سابق صوبائی وزیر ڈاکٹر ہشام انعام اللہ نے پارٹی چھوڑنے کا اعلان کیا تھا،ہنگامی پریس کانفرنس میں صوبائی وزیر ڈاکٹر ہشام انعام اللہ کا کہنا تھا کہ 9 مئی کے واقعے پر بہت رنجیدہ ہوں، سوچ بھی نہیں سکتا تھا کہ احتجاج کی آڑ میں لوگ اس حد تک چلے جائیں گے۔

    سابق وزیر نے مزید کہا کہ ہمارے جوان روز وطن اور ہمارے لیے جانیں قربان کررہے ہیں، میرا فیصلہ ایسا نہیں ہوتا اگر عمران خان واقعات کی مذمت کر دیتے، عمران خان کو رہائی کے بعد شہدا کی یادگاروں کا دورہ کرنا چاہیے تھا۔

  • اجمل وزیر کی آڈیو ٹیپ کی تحقیقات میں پیش رفت

    اجمل وزیر کی آڈیو ٹیپ کی تحقیقات میں پیش رفت

    پشاور: سابق مشیر اطلاعات خیبر پختون خوا اجمل وزیر کی آڈیو ٹیپ کی تحقیقات میں پیش رفت ہوئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سابق مشیر کے پی کی آڈیو ٹیپ کی تحقیقات کے سلسلے میں انکوائری کمیشن کی منظوری آج صوبائی کابینہ سے لی جائے گی۔

    اس سلسلے میں جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ کابینہ کا اجلاس 11 نکاتی ایجنڈے پر مشتمل ہے، جس میں آڈیو ٹیپ کے حوالے سے انکوائری کمیشن کی منظوری بھی شامل ہے۔

    یاد رہے کہ اجمل وزیر آڈیو کیس کی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیشن کا قیام 14 جولائی کو ہوا، محکمہ انتظامی امور نے انکوائری کمیشن سے متعلق اعلامیہ جاری کیا تھا۔

    اجمل وزیر کا عہدے سے ہٹائے جانے کے بعد بیان سامنے آگیا

    11 جولائی کو خیبر پختون خواہ حکومت نے مشیر اطلاعات اجمل وزیر کو عہدے سے ہٹاتے ہوئے کامران بنگش کو مشیر اطلاعات کے پی کی اضافی ذمہ داری سونپ دی تھی، جن کے پاس بلدیات کا قلم دان بھی تھا۔

    حکومتی اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ اجمل وزیر کو مبینہ آڈیو معاملے پر عہدے سے ہٹایا گیا، آڈیو کی تحقیقات کے لیے وزیر اعلیٰ محمود خان کی جانب سے انکوائری کمیٹی بھی قائم کی گئی تھی، مبینہ آڈیو میں اشتہارات پر ٹیکسز کی مد میں چھوٹ، ٹیکس چھوٹ کو کمیشن میں تبدیل کرنے سمیت اشتہاری کمپنی کے نمائندے سے بات کی گئی تھی۔

    اجمل وزیر نے عہدے سے ہٹانے جانے کے بعد بیان دیا کہ میرے خلاف منظم سازش ہوئی ہے، سازشیوں نے راستہ روکنے کے لیے گھٹیا طریقہ اپنایا، وزیر اعظم عمران خان کے وژن کا قائل ہوں، الزامات جس پر بھی لگے سامنا کرنا چاہیے۔ انھوں نے آڈیو سے متعلق کہا کہ مختلف اجلاسوں، بریفنگز کو کٹ کر کے من گھڑت آڈیو تیار کرائی گئی، جس معاملے پر تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے اس سے میرا تعلق ہی نہیں ہے۔

  • اجمل وزیر کا عہدے سے ہٹائے جانے کے بعد بیان سامنے آگیا

    اجمل وزیر کا عہدے سے ہٹائے جانے کے بعد بیان سامنے آگیا

    پشاور: سابق مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا کا کہنا ہے کہ سازشیوں نے راستہ روکنے کے لیے گھٹیا طریقہ اپنایا۔

    تفصیلات کے مطابق سابق مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا اجمل وزیر کا عہدے سے ہٹانے جانے کے بعد بیان سامنے آگیا، اجمل وزیر نے کہا کہ میرے خلاف منظم سازش ہوئی ہے۔

    اجمل وزیر کا کہنا تھا کہ سازشیوں نے راستہ روکنے کے لیےگھٹیا طریقہ اپنایا، وزیراعظم عمران خان کے ویژن کا قائل ہوں،الزامات جس پر بھی لگے سامنا کرنا چاہیے۔

    سابق مشیر اطلاعات نے کہا کہ مختلف اجلاسوں، بریفنگ کو کٹ کر کے من گھڑت آڈیو تیار کرائی گئی،جس معاملے پر تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے اس سے میرا تعلق ہی نہیں ہے۔

    اجمل وزیر کا کہنا تھا کہ اشتہار محکمہ صحت کا تھا جس کا چیئرمین وزیر صحت ہوتا ہے،کمیٹی میں اعزازی ممبر تھا میرے پاس فیصلے کا اختیار ہی نہیں تھا۔

    مشیراطلاعات خیبرپختونخوا اجمل وزیر کو عہدے سے ہٹا دیا گیا

    اس سے قبل خیبر پختونخوا حکومت نے اجمل وزیر کی آڈیو ٹیپ سامنے آنے کے بعد انہیں مشیر اطلاعات کے عہدے سے ہٹا دیا تھا۔صوبائی حکومت نے ایک نوٹیفکیشن جاری کیا تھا جس کے ذریعے مشیر اطلاعات کو عہدے سے ہٹایا گیا۔

    نوٹیفکیشن کے مطابق اجمل وزیر کی جگہ وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی کامران بنگش کو محکمہ اطلاعات کا اضافی چارج دیا گیا ہے۔

    وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے اجمل وزیر کے آڈیو ٹیپ سے متعلق چیف سیکرٹری کو مراسلہ ارسال کیا ہے جس میں آڈیو ٹیپ کے حوالے سے حقائق جاننے کے لیے تحقیقات کی ہدایت کی گئی ہے۔

  • ڈاکٹرز، پیرا میڈیکس اسٹاف اور صحافی اپنا پلازمہ عطیہ کر رہے ہیں: اجمل وزیر

    ڈاکٹرز، پیرا میڈیکس اسٹاف اور صحافی اپنا پلازمہ عطیہ کر رہے ہیں: اجمل وزیر

    پشاور: خیبر پختونخواہ کے مشیر اطلاعات اجمل وزیر کا کہنا ہے کہ حیات آباد میڈیکل کمپلیکس کے 2 ڈاکٹرز اور ایک پیرا میڈیکس اسٹاف ممبر نے اپنا پلازمہ عطیہ کیا ہے جبکہ 4 صحافی بھی پلازمہ عطیہ کرنے آرہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخواہ کے مشیر اطلاعات اجمل وزیر کا کہنا ہے کہ حیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں پلازمہ سےعلاج شروع ہو چکا ہے، سب سے پہلے حیات آباد میڈیکل کمپلیکس کے 2 ڈاکٹرز نے پلازمہ عطیہ کیا۔

    اجمل وزیر کے مطابق پیرا میڈیکس اسٹاف ممبر نے بھی اپنا پلازمہ عطیہ کیا ہے، 4 صحافی بھی پلازمہ عطیہ کرنے آرہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ پختونخواہ میں صحت کا نظام کرونا سے لڑ رہا ہے، کرونا سے لڑنے والے ڈاکٹرز اور طبی عملہ ہمارے ہیروز ہیں، صحتیاب افراد کا پلازمہ عطیہ کرنے کا جذبہ لائق تحسین ہے۔

    مشیر اطلاعات کا کہنا ہے کہ احتیاطی تدابیر پر عمل کرنا ہم سب کا فرض ہے، عید سادگی سے منائی اور طیارہ حادثے کے شہدا، کرونا سے لڑنے والے ڈاکٹرز، طبی عملے اور شہدا کے نام کی۔

    انہوں نے کہا کہ احتیاطی تدابیر پر عمل نہ ہوا تو لاک ڈاؤن میں نرمی کے فیصلے پر سوچنا پڑے گا، ایک قوم بن کر ہم سب نے مل کر اس کرونا وائرس کو شکست دینی ہے۔

    مشیر اطلاعات کا مزید کہنا تھا کہ ملک میں سیلاب اور زلزلے جیسی آفات کا ہم نے مل کر مقابلہ کیا، احتیاط نہ کرنے سے صورتحال گھمبیر ہونے کا خدشہ ہے۔

  • خیبر پختونخوا میں کرونا وائرس کے 85 نئے کیس رپورٹ

    خیبر پختونخوا میں کرونا وائرس کے 85 نئے کیس رپورٹ

    پشاور: مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا اجمل وزیر کا کہنا ہے کہ صوبے میں 24گھنٹے میں 85 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ خیبرپختونخوا میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے 85 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد صوبے میں کرونا کیسز کی مجموعی تعداد 1793 ہوگئی۔

    اجمل وزیر کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں 24گھنٹے میں 4 اموات بھی ہوئیں، صوبے میں مجموعی طور پر 93 افراد کرونا وائرس کا شکار ہو کر جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

    مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا اجمل وزیر کا کہنا ہے کہ صوبے میں ایک دن میں13 کرونا مریض صحت یابن ہوگئے جس کے بعد کے پی میں کرونا کو شکست دینے والوں کی تعداد 485 ہو گئی۔

    پشاور میں کرفیو لگانے کا کوئی پلان نہیں،اجمل وزیر

    خیال رہے کہ دو روز قبل پشاور میں میڈیا بریفنگ کے دوران مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا اجمل وزیر کا کہنا تھا کہ صوبائی دارالحکومت پشاور میں کرفیو لگانے اور فوج بلانے کا پلان نہیں، حالات کنٹرول میں ہیں۔

    پاکستان میں کرونا کے مصدقہ کیسز کی تعداد 12723 ہو گئی، 269 جاں بحق

    واضح رہے کہ نئے اور مہلک وائرس کووِڈ 19 سے پاکستان بھر میں اموات کی تعداد 269 ہو گئی ہے، ملک کے مختلف حصوں میں کرونا وائرس کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد بھی بڑھ کر 12723 ہوگئی۔

  • پشاور میں کرفیو لگانے کا کوئی پلان نہیں،اجمل وزیر

    پشاور میں کرفیو لگانے کا کوئی پلان نہیں،اجمل وزیر

    پشاور: مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا اجمل وزیر کا کہنا ہے کہ پشاور میں کرفیو لگانے کا کوئی پلان نہیں ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پشاور میں میڈیا بریفنگ کے دوران مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا اجمل وزیر نے کہا کہ صوبائی دارالحکومت پشاور میں کرفیو لگانے اور فوج بلانے کا پلان نہیں، حالات کنٹرول میں ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ کرونا سے متعلق آج وزیراعلیٰ کی زیرصدارت ٹاسک فورس کا اجلاس ہوا، جس میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کو کرونا صورت حال پرتفصیلی بریفنگ دی گئی۔

    مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ فیصلےنیشنل کوآرڈینیشن میٹنگ میں وزیراعظم عمران خان کے سامنے رکھے جائیں گے۔انہوں نے میڈیا بریفنگ کے دوران بتایا کہ خیبر پختونخوا میں 24گھنٹے میں 88 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد صوبے میں کرونا مریضوں کی مجموعی تعداد 1541 ہوگئی۔

    اجمل وزیر نے کہا کہ 24گھنٹے میں 2 اموات ریکارڈ ہوئیں،صوبے میں کرونا وائرس سے جاں بحق افراد کی تعداد 85 ہوگئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ خیبرپختونخوا میں ایک دن میں 41 کرونا مریض صحت یاب ہوئے۔

    مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا کا مزید کہنا تھا کہ صوبے میں کرونا کو شکست دینے والے مریضوں کی تعداد 455 ہوگئی۔

    پاکستان میں کرونا سے ایک دن میں 13 ہلاکتیں، اموات کی تعداد 237 تک جاپہنچی

    واضح رہے کہ پاکستان میں میں کرونا وائرس نے مزید 13 جانیں لے لیں، جس کے بعد کرونا سے اموات کی تعداد 237 ہوگئی جبکہ 111 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔

  • ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کو بغیر وارنٹ گرفتار کیا جاسکےگا،اجمل وزیر

    ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کو بغیر وارنٹ گرفتار کیا جاسکےگا،اجمل وزیر

    پشاور: مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا اجمل وزیر کا کہنا ہے کہ ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کو بغیر وارنٹ گرفتار کیا جاسکےگا۔

    تفصیلات کے مطابق پشاور میں میڈیا بریفنگ کے دوران مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا اجمل وزیر نے کہا کہ افغانستان سے آنے والے520 افراد کو قرنطینہ سینٹر منتقل کر دیاگیا،افغانستان سے آنے والے افراد کے ٹیسٹ کیے جا رہے ہیں۔

    ذخیرہ اندوزی سے متعلق اجمل وزیر کا کہنا تھا کہ ناجائز منافع خوری اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف سخت اقدامات کر رہے ہیں،ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کے خلاف آرڈیننس جاری کر دیا گیا ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کو بغیر وارنٹ گرفتار کیا جاسکےگا،ذخیرہ اندوزوں کو 3سال قید،جرمانہ او ضبط شدہ مال کی نیلامی کی جائے گی، ذخیرہ اندوزی کی نشاندہی کرنے والوں کو ضبط مال سے 10 فیصد بطور انعام دیا جائے گا۔

    مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ کے پی حکومت کے جتنے وسائل ہیں وہ عوام کے لیے استعمال کر رہے ہیں،ہمیں خود سے زیادہ اپنے عوام کی جان عزیز ہے۔

    اجمل وزیر نے مزید کہا کہ عوام کرونا وائرس کے پیش نظر سماجی فاصلوں پر سختی سے عمل کریں، ہم نے کرونا کے خلاف جنگ احتیاطی تدابیر،سماجی فاصلے سے لڑنی ہے۔

  • سی ایم ہاؤس میں ٹک ٹاک ویڈیو بنانا قابل افسوس ہے: اجمل وزیر

    سی ایم ہاؤس میں ٹک ٹاک ویڈیو بنانا قابل افسوس ہے: اجمل وزیر

    پشاور: مشیر اطلاعات خیبر پختون خوا نے وزیر اعلیٰ ہاؤس کے پی میں پشتو گلوکارہ کے ٹک ٹاک ویڈیو بنانے کے عمل کو قابل افسوس قرار دے دیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق اجمل وزیر نے پشتو گلوکارہ صوفیہ کیف کی ٹک ٹاک ویڈیو پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ سستی شہرت کے لیے اس طرح کی ویڈیوز بنائی جاتی ہیں، یہ قابل افسوس ہے، سی ایم ہاؤس کے لان میں نجی ٹی وی نے پروگرام کی اجازت لی تھی۔

    مشیر اطلاعات نے کہا کہ وزیر اعلیٰ ہاؤس میں بنائی گئی ویڈیو کو متنازعہ بنا کر پیش کرنا پیشہ ورانہ خیانت ہے، صوبائی حکومت نے وزیر اعلیٰ ہاٶس کو پبلک پراپرٹی سمجھتے ہوئے اس میں عوام کی فلاح و بہبود کے لیے مشروط سرگرمیوں کی اجازت دی تھی۔

    پشتو گلوکارہ کی وزیراعلیٰ ہاؤس میں ٹک ٹاک ویڈیو وائرل

    ان کا کہنا تھا کہ سی ایم ہاؤس کے اندر نجی چینل کے نئے پشتو چینل کی لانچنگ کا پروگرام تھا، وزیر اعلیٰ خود یہاں مقیم نہیں ہیں، پروگرام میں بہت سے اداکاروں نے لائیو پرفارمنس کی ہے، ہال میں پریس کانفرنس ہوتی ہے، دیگر پروگرام بھی ہوتے ہیں۔

    اجمل وزیر نے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ کے ذریعے مزید تفصیل بتاتے ہوئے کہا کہ لان سے پیوست ہال شریک فن کار اپنی تیاری کے لیے استعمال کر رہے تھے، کسی ایک فن کار کا ہال میں تیاری کے موقع پر ویڈیو کو بہ طور اسکینڈل پیش کرنا غیر اخلاقی ہے۔ سیاحت و ثقافت کے فروغ کے لیے حکومتی اقدامات کو متنازعہ نہ بنایا جائے، پشتو چینل کی لانچنگ کے لیے وزیر اعلیٰ ہاؤس کے لان کو استعمال کرنے کی اجازت لی گئی تھی، تقریب میں حکومتی شخصیات، سینئر صحافیوں، فن کاروں اور سول سوسائٹی سمیت ہر مکتبہ فکر کے لوگ شریک ہوئے.

  • خیبرپختونخوا کابینہ میں ردوبدل کا امکان ہے، اجمل وزیر

    خیبرپختونخوا کابینہ میں ردوبدل کا امکان ہے، اجمل وزیر

    پشاور: ترجمان خیبرپختونخوا حکومت اجمل وزیر کا کہنا ہے کہ صوبائی کابینہ میں ردوبدل کا امکان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا حکومت کے ترجمان اجمل وزیر کا کہنا ہے کہ وزیراعظم قبائلی علاقوں کی ترقی میں دلچسپی لے رہے ہیں، صحت انصاف کارڈ، انتظامی اداروں کا دائرہ کار قبائلی اضلاع تک بڑھا دیا گیا، ایک ارب روپے بلا سود قرضے قبائلی علاقوں میں عوام کو دے رہے ہیں۔

    اجمل وزیر نے کہا کہ نوکریوں میں غیرمقامی لوگوں کی بھرتیوں کی معلومات حاصل کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کے پاس بی آر ٹی منصوبے کےعلاوہ کچھ نہیں ہے، بی آرٹی منصوبے سے متعلق تحقیقات کا خیرمقدم کرتے ہیں۔

    ترجمان کے پی کے حکومت نے کہا کہ پی پی نے سندھ کا بیڑہ غرق کر دیا، تھرمیں بچے مر رہے ہیں، سندھ واحد ہے جس نے نیشنل ایکشن پلان میں کوئی مدد نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کسی صورت کرپشن برداشت نہیں کرتے۔

    پرانے سسٹم سے پیسہ بنانے والے مافیا کے لیے 2020 مشکل سال ہوگا، وزیراعظم

    یاد رہے کہ تین روز قبل وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ پرانے سسٹم سے پیسہ بنانے والے مافیا کے لیے 2020 مشکل سال ہوگا، 2020 میں عوام کو بہتر تبدیلی نظر آئے گی۔

    وزیراعظم کا کہنا تھا کہ تبدیلی اور اصلاحات کرنا چاہتے ہیں تو راستے میں مافیا کھڑا ہوتا ہے، کرپٹ نظام سے فائدہ اٹھانے والا مافیا ہر جگہ ہوتا ہے۔

  • مارچ کی آڑ میں فضل الرحمان پرائیویٹ ملیشیا تیار کر رہے ہیں: اجمل وزیر

    مارچ کی آڑ میں فضل الرحمان پرائیویٹ ملیشیا تیار کر رہے ہیں: اجمل وزیر

    پشاور: وزیر اعلیٰ خیبر پختون خوا کے مشیر اجمل وزیر نے کہا ہے کہ جمہوریت اور اسلام کے نام پر دکان داری ختم کی جائے، مارچ کی آڑ میں فضل الرحمان پرائیویٹ ملیشیا تیار کر رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پشاور میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب میں ترجمان صوبائی حکومت اجمل وزیر نے کہا کہ کوٹ لکھپت جیل سے مولانا کو چٹھی آئی ہے کہ مارچ کرو، مارچ کی آڑ میں وہ نجی ملیشیا کی تیاری کر رہے ہیں۔

    اجمل خان وزیر کا کہنا تھا ڈنڈا بردار، مسلح جتھوں کو مٹر گشت کی اجازت نہیں دی جا سکتی، ملکی بقا کے لیے حکومت اور فوج ایک پیج پر ہیں، وزیر اعلیٰ کے پی واضح کر چکے ہیں کہ حکومتی رٹ پر سمجھوتا نہیں ہوگا۔

    یہ بھی پڑھیں:  مولانا فضل الرحمان کو کے پی سے گزرنے نہیں دوں گا، وزیراعلیٰ کے پی

    انھوں نے کہا کہ ریاست کے اندر ریاست قطعی برداشت نہیں کی جائے گی، وردی پہن کر مشقیں کرنا پہلی بار دیکھ رہا ہوں، مشقیں صرف فوج کرتی ہیں، لوگوں کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے۔

    اجمل وزیر نے کہا کہ جے یو آئی ف مارچ سے متعلق وزیر اعلیٰ کا بیان حکومتی رٹ چیلنج کرنے والوں کے لیے تھا۔

    یاد رہے کہ وزیر اعلیٰ کے پی نے کہا تھا کہ مولانا فضل الرحمان کو کے پی سے گزرنے نہیں دوں گا اور اپنے بیان پر قائم رہوں گا، جس طرح مولانا چندہ جمع کر رہے ہیں میں بھی انھیں روکوں گا، ہماری اپنی حکمت عملی ہے، قیام امن حکومت کی ذمہ داری ہے۔