Tag: احتجاجی تحریک

  • بانی پی ٹی آئی  کا حکومت کیخلاف احتجاجی تحریک شروع کرنے کا اعلان

    بانی پی ٹی آئی کا حکومت کیخلاف احتجاجی تحریک شروع کرنے کا اعلان

    راولپنڈی : بانی پی ٹی آئی نے حکومت کیخلاف احتجاجی تحریک شروع کرنے کا اعلان کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق سینیٹرعلی ظفر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نےحکومت کیخلاف احتجاجی تحریک شروع کرنے کا اعلان کر دیا ہے ، احتجاجی تحریک کا مرکز اسلام آباد نہیں ہوگا، ملک بھر میں احتجاجی تحریک چلائیں گے۔

    علی ظفر کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے کہا ہمیں دیوار سے لگایا گیا،اب کوئی راستہ نہیں بچا، ہمارے پاس سڑکوں پر آنے کے علاوہ کوئی آپشن نہیں بچا۔

    انھوں نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی نےکہااحتجاجی تحریک سے متعلق تمام ہدایات جیل سے دوں گا، بانی نے مجھے ذمہ داری دی کہ احتجاجی تحریک کا پلان بنا کر دوں، بانی سے آئندہ ملاقات پر احتجاج تحریک کا پلان پیش کروں گا۔

    مزید پڑھیں : عید سے پہلے رہائی کی خبریں ، بانی پی آئی کے وکیل کا اہم بیان آگیا

    رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ عمران خان بہت سنجیدہ ہیں اب جوتحریک چلے گی ایسی پہلے کبھی نہیں چلی ہو گی، تحریک چلانے میں رکاوٹیں آتی ہیں لیکن ہمیں بھی طریقے آتے ہیں۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ چند دنوں میں احتجاجی تحریک کی حکمت عملی تیار ہو جائے گی، عمران خان نے کہا کوئی آپشن نہیں چھوڑا گیا، اس سے زیادہ دیوار کیساتھ نہیں لگ سکتے، 5 جون کو سماعت ہوتی ہے یا نہیں سوالیہ نشان ہے، لیکن امید ہے ریلیف ملے گا۔

  • سراج الحق کا بجلی کے بلوں اور مہنگائی کے خلاف ملک گیر ’احتجاجی تحریک‘ کا اعلان

    سراج الحق کا بجلی کے بلوں اور مہنگائی کے خلاف ملک گیر ’احتجاجی تحریک‘ کا اعلان

    اسلام آباد: جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سراج الحق نے بجلی بلوں اور مہنگائی کے خلاف ملک گیر احتجاجی تحریک کا اعلان کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ عوام پر ظلم کے خلاف چاروں گورنر ہاؤسز کے باہر دھرنے دیے جائیں گے، 8،9،10 ستمبر کو رحیم یار خان، لیہ، مظفرگڑھ میں احتجاجی مظاہرے ہوں گے۔

    سراج الحق کا کہنا ہے کہ 15 ستمبر کو فیصل آباد 21 اور 22 کو راولپنڈی اور ملتان میں دھرنے دیے جائیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ آئی پی پیز کے مہنگے معاہدوں کو آئندہ ہفتے سپریم کورٹ میں چیلنج کریں گے اور توانائی سیکٹر پر وائٹ پیپر جاری کیا جائے گا۔

     امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے مزید کہا کہ حکومت بجلی کی قیمتوں میں کمی کرکے عوام کو ریلیف دے ورنہ احتجاجی تحریک پرامن اور آئین و قانون کے دائرہ میں رہ کر جاری رہے گی۔

    انہوں نے کہا کہ مہنگی بجلی کا بوجھ غریبوں پر لادنے کی بجائے مفت بجلی کی فراہمی بند کی جائے، ہزار ارب کے لگ بھگ بجلی چوری اور لائن لاسز ختم کیے جائیں۔

  • حبیب جالب کی’’دستور‘‘ سے مودی کے دستور کو للکارتے بھارتی

    حبیب جالب کی’’دستور‘‘ سے مودی کے دستور کو للکارتے بھارتی

    سیاسی جبر کے مخالف، مساوات کے پرچارک اور انصاف کے متوالے حبیب جالب کے انقلابی ترانے ہندوستان میں گلی گلی گونج رہے ہیں۔

    جالب کی نظموں کے اشعار نعروں کی صورت مودی سرکار کو للکار رہے ہیں۔ بھارتی شہریت کے متنازع قانون کے خلاف احتجاج اور مظاہروں کے دوران خاص طور پر نوجوانوں نے پاکستان کے اس عظیم انقلابی شاعر کی مشہور ترین نظم دستور کو اپنا نعرہ اور پرچم بنا لیا ہے۔

    حبیب جالب نے ظلم، زیادتی اور ناانصافی کے خلاف جو ترانے لکھے، وہ مقبول ہوئے۔ جو شعر کہا وہ زبان زدِ عام ہوا۔ کسی دور میں مصلحت سے کام نہ لینے والے حبیب جالب ہر مظلوم کے دل کی آواز بنے رہے۔ یہی وجہ ہے کہ دورِ آمریت اور سیاسی جبر کے خلاف بات کریں، طبقاتی نظام سے لڑنا ہو یا کروڑوں عوام کے حق کے لیے آواز اٹھانی ہو، آج بھی حبیب جالب کے ترانے اور ان کے اشعار کا سہارا لیا جاتا ہے۔

    مودی کے جنون کی نذر ہوتے بھارت اور ہندتوا کی آگ میں جلتے ہندوستانی معاشرے کے سنجیدہ، باشعور، نڈر اور بے باک عوام شاعرِ انقلاب کی مشہور نظم ‘‘دستور’’ سے حق و انصاف کا الاؤ بھڑکاتے ہوئے سڑکوں پر نظر آرہے ہیں۔ اجتماعات کے دوران حبیب جالب کی نظمیں‌ پڑھی جارہی ہیں اور بینروں‌ پر ان کے اشعار لکھے ہوئے ہیں۔

    گزشتہ دنوں‌ ایک تصویر دنیا کے سامنے آئی جس میں‌ بھارتی لڑکی نے بینر اوڑھا ہوا ہے جو جالب کی مشہور نظم دستور کے اشعار سے سجا ہوا ہے۔

    دیپ جس کا محلات ہی میں جلے
    چند لوگوں کی خوشیوں کو لے کر چلے
    وہ جو سائے میں ہر مصلحت کے پلے

    ایسے دستور کو صبحِ بے نور کو
    میں نہیں مانتا، میں نہیں جانتا

    میں بھی خائف نہیں تختۂ دار سے
    میں بھی منصور ہوں، کہہ دو اغیار سے
    کیوں ڈراتے ہو زنداں کی دیوار سے

    ظلم کی بات کو، جہل کی رات کو
    میں نہیں مانتا، میں نہیں جانتا

    تم نے لوٹا ہے صدیوں ہمارا سکوں
    اب نہ ہم پر چلے گا تمہارا فسوں
    چارہ گر دردمندوں کے بنتے ہو کیوں

    تم نہیں چارہ گر، کوئی مانے مگر
    میں نہیں مانتا، میں نہیں جانتا!

  • احتجاجی تحریک کی دھمکی سے خوف زدہ ہونے والے نہیں: گورنر پنجاب

    احتجاجی تحریک کی دھمکی سے خوف زدہ ہونے والے نہیں: گورنر پنجاب

    لاہور: گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ احتجاجی تحریک کی دھمکی سے خوف زدہ ہونے والے نہیں۔

    تفصیلات کے مطابق گورنر پنجاب سے وفاقی وزیر غلام سرور خان اور صوبائی وزیر اسلم بھروانہ نے ملاقات کی، چوہدری سرور نے کہا کہ اپوزیشن کا جھگڑا صرف احتساب کی راہ میں رکاوٹیں ڈالنے کے لیے ہے۔

    گور نر ہاؤس میں ملاقات میں مختلف امور پر بات چیت کی گئی، گورنر کا کہنا تھا کہ احتجاجی تحر یک کی دھمکی سے خوف زدہ ہونے والے نہیں ہیں۔

    انھوں نے کہا کہ عوام حکومت کے ساتھ کھڑے ہیں، حکومت آئینی مدت پوری کرے گی، پیسا کمانے کا شو ق رکھنے والوں کو سیاست نہیں کاروبار کرنا چاہیے۔

    یہ بھی پڑھیں:  آصف زرداری کا عید کے بعد سڑکوں پرحکومت مخالف تحریک چلانےکااعلان

    چوہدری محمد سرور کا کہنا تھا کہ ماضی کے حکمرانوں کی غلط پالیسوں سے ملکی حالات یہاں تک پہنچے، پارٹی میں کسی قسم کی کوئی تفریق یا گروپ بندی نہیں، پنجاب حکومت بلدیاتی اداروں کے ذریعے اختیارات منتقل کر رہی ہے۔

    واضح رہے کہ سابق صدر آصف زرداری نے عید کے بعد سڑکوں پر حکومت مخالف تحریک چلانے کا اعلان کر دیا ہے اور کہا ہے کہ نیب اور معیشت ایک ساتھ نہیں چل سکتے۔

    یاد رہے چند روز قبل سابق صدر آصف علی زرداری نے حکومت مخالف تحریک چلانے کا عندیہ دیا تھا ، تاہم انھوں نے یہ نہیں بتایا کہ تحریک کب شروع کی جائے گی۔

  • عمران خان کراچی میں 30اپریل سے احتجاجی تحریک کی قیادت کریں گے

    عمران خان کراچی میں 30اپریل سے احتجاجی تحریک کی قیادت کریں گے

    کراچی : پی ٹی آئی نے تیس اپریل کو کراچی کے بنیادی مسائل کے حل کیلئے مزار قائد سے احتجاجی تحریک چلانے کا اعلان کردیا، تحریک کی قیادت عمران خان کریں گے۔

    پاکستان تحریک انصاف کراچی ریجن کے صدر فردوس شمیم نقوی نے کہا ہے کہ ہم نے متعدد بار کراچی میں پانی کے مسئلے کو اٹھا کر کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کی حقیقت کو بیان کیا جس کے بعد ہم نے کے الیکٹرک کی جانب سے کراچی کی عوام پر ظلم کے خلاف آواز اٹھائی۔

    ان خیالات کا اظہار انصاف ہاؤس کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے فردوس شمیم نقوی نے کیا، انہوں نے بتایا کہ انشاء اللہ پاکستان تحریک انصاف 30اپریل کو اپنی احتجاجی تحریک کا آغاز مزار قائد سے کرے گی جس کی قیادت خود چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کریں گے۔

    انہوں نے کہا کہ چیئرمین عمران خان نے کراچی کی عوام سے وعدہ کیا تھا کہ وہ کراچی کے مسائل پر آواز اٹھائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں بلدیاتی اور سندھ حکومت دونوں ناکام ہو چکی ہیں، پانی کے منصوبے پیسے نہ ہونے کی وجہ سے رکے ہوئے ہیں، کراچی وہ واحد بڑا شہر رہ گیا جہاں ماس ٹرانزٹ کاکوئی نظام نہیں ہے۔

    انہوں نے کہا کہ شہریوں کو دعوت دیتے ہیں کہ وہ سیاست  مسلک اور زبان سے بالا تر ہو کر اپنے حقوق کے حصول کے لئے اپنے گھروں سے باہر نکلیں اورحکومت کو بتائیں کہ ہم حکومت کی کارکردگی سے کتنے ناخوش ہیں کیونکہ جب عوام کی آواز بلند ہوتی ہے تو ہر حکومت مجبور ہوتی ہے کہ ا ن کے مسائل حل کرے۔

  • دھاندلی کیخلاف کے پی کے میں دس جون سے تحریک چلائی جائے گی، میاں افتخار

    دھاندلی کیخلاف کے پی کے میں دس جون سے تحریک چلائی جائے گی، میاں افتخار

    پشاور : خیبرپختونخوا میں سہ فریقی اتحاد نے بلدیاتی انتخابات میں مبینہ دھاندلی پرصوبائی حکومت کے خلاف دس جون سے احتجاجی تحریک چلانے کا اعلان کردیا ہے۔

    پشاور میں سہ فریقی اتحاد کے اجلاس کے بعد میڈیا سے بات چیت کے دوران اتحاد کے صدر اور اے این پی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات میاں افتخارحسین کا کہنا تھا کہ دس جون کو صوبہ بھر میں شٹرڈاون ہڑتال کے ساتھ ساتھ احتجاجی مظاہرے کئے جائیں گے۔

    ان کا کہنا تھا کہ اگر صوبائی حکومت رضاکارانہ طور پر مستعفی نہیں ہوئی تو عوامی قوت سے حکومت کا خاتمہ کیا جائے گا۔

    میاں افتخارحسین کا کہنا تھا کہ سہ فریقی اتحاد کشتیاں جلا چکی ہے اور اب صوبائی حکومت کے خاتمہ تک ان کی یہ تحریک جاری رہے گی۔

    اس موقع پر انہوں نے تاجر برادری سے بھی شٹرڈاون ہڑتال میں بھر پور ساتھ دینے کی اپیل کی۔