کراچی میں گڈز ٹرانسپورٹرز نے آج احتجاجی ریلی نکالنے کا اعلان کیا ہے، ان کا کہنا ہے کہ صوبے بھر میں ہماری گاڑیوں کو جلایا جارہا ہے۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق گڈز ٹرانسپورٹرز کی جانب سے سندھ حکومت کو دی جانے والی ڈیڈ لائن ختم ہوگئی جس کے بعد ٹرانسپورٹرز نے آج سہ پہر 3 بجے احتجاجی ریلی نکالنے کا اعلان کردیا۔
اس سے قبل گڈز ٹرانسپورٹرز کا رات گئے اجلاس منعقد ہوا، جس میں احتجاج کا متفقہ فیصلہ کیا گیا، پی جی ٹی اے کے صدر ملک شہزاد اعوان کا کہنا تھا کہ احتجاجی ریلی میں پاکستان بھر سے ٹرانسپوٹرز شریک ہونگے۔
ان کا کہنا تھا کہ سندھ کے مختلف علاقوں میں ہماری گاڑیوں کو جلایا جارہا ہے، ان حالات میں گاڑیاں نہیں چلاسکتے، سندھ حکومت ہمارے مسائل کو سنجیدگی سے نہیں لے رہی۔
یاد رہے کہ 22 مئی کو ٹرانسپورٹرز نے سندھ حکومت کو اپنے نقصانات کے ازالے کے لیے 48گھنٹے کا الٹی میٹم دیا تھا جو گزر گیا۔
یاد رہے کہ ٹرانسپورٹرز نے 22 مئی کو متاثرہ گاڑیوں، آئل ٹینکرز اور لوٹے گئے سامان کا مکمل معاوضہ ادا کرنے کے لیے حکومت سندھ کو 48 گھنٹے کا الٹی میٹم دیا تھا، بصورت دیگر ملک گیر پہیہ جام ہڑتال کرنے کا کہا گیا تھا۔
مزید پڑھیں : گڈز ٹرانسپورٹرز نے سندھ حکومت کو 48 گھنٹے کا الٹی میٹم دے دیا
گڈز ٹرانسپورٹرز کا یہ بھی مطالبہ ہے کہ ان کی گاڑیوں کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف قانونی کارروائی بھی کی جائے، ان کا کہنا ہے کہ ان کا 28 ارب روپے کا نقصان ہو چکا ہے۔