Tag: احتجاج

  • بھارتی جارحیت کیخلاف پاکستانی متحد،عوام کا مودی کو کرارا جواب

    بھارتی جارحیت کیخلاف پاکستانی متحد،عوام کا مودی کو کرارا جواب

    کراچی / ژوب / پشاور / خان پور : بھارت کے جارحانہ عزائم کیخلاف پاکستانی عوام کے حوصلے بلند ہیں۔ وطن کے تحٖفظ کیلئے فوج چوکنی اورعوام فوج کے شانہ بشانہ ہے۔

    مختلف شہروں میں عوام نے احتجاج کرتے ہوئے مودی سرکار کو کرارا جواب دیا۔ تفصیلات کے مطابق ملک کے مختلف شہروں میں بھارتی جنگی جنون کیخلاف پاکستانی عوام اٹھ کھڑے ہوئے اوربھارت مودی سرکارکو للکارتے ہوئے پاک فوج سے اظہار یکجہتی کیا۔

    ژوب میں سول سوسائٹی اورقبائل نےبلوچستان میں "را” کی مداخلت اورمودی کےبیانات کیخلاف مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے خبردارکیا کہ قوم پاک فوج کے شانہ بشانہ ہے مودی سرکار مہم جوئی سے باز رہے۔

    مظاہرین نے مودی کے پتلوں پر تھپڑوں کی بارش کردی اور بھارتی پرچم جلائے گئے، خان پور میں بھی بھارت کے جارحانہ عزائم کیخلاف عوام کےحوصلے بلند ہیں۔

    شہریوں نے ڈنڈا بردارفورس بنالی کہا کہ حوصلے اتنے بلند ہیں کہ نہتے ہی میدان میں اترآئیں گے، پشاور میں بھی طلبہ نے ریلی نکالی۔ اس موقع پر طلبہ نے وطن سے یکجہتی کا اظہار کیا اور بھارت کیخلاف شدید نعرے بازی کی۔

     

  • بولیویا کے نائب وزیرداخلہ کان کنوں کے ہاتھوں قتل

    بولیویا کے نائب وزیرداخلہ کان کنوں کے ہاتھوں قتل

    سکرے : بولیویا میں احتجاج کرنے والے کان کنوں نے مبینہ طور پر ملک کے نائب وزیرداخلہ روڈولفو ایلانز کو اغوا کے بعد قتل کردیا.

    تفصیلات کے مطابق بولیویا کے46 سالہ وزیرداخلہ ایلانز کان کنوں سے مذاکرات کے لیے گئے تھے جو کہ کان کنی کے قوانین پر پیدا ہونے والے تنازع کے باعث سراپا احتجاج تھے.

    police-post-1

    مظاہرین قوانین میں تبدیلی کا مطالبہ کرتے آرہے ہیں اور منگل کو ہونے والے مظاہرے اس وقت پرتشدد صورت اختیار کر گئے جب مظاہرین نے ایک مرکزی شاہراہ بلاک کر دی اور پولیس سے ان کی جھڑپیں شروع ہو گئیں.

    police-post-2

    بعد ازاں مظاہرین نے جمعہ کی صبح کو حکومت کے ساتھ مذاکرات پر آمادگی ظاہر کی تھی.مظاہرین جائے کار پر زیادہ رعایت کے علاوہ کسی نجی یا غیر ملکی کمپنی کے لیے کام کرنے کا حق چاہتے ہیں.

    police-post-3

    اس سے قبل کہ حکام نائب وزیر کی موت کی تصدیق کرتے،مقامی ذرائع ابلاغ نے خبر دی کہ ایک ریڈیو اسٹیشن کے ڈائریکٹر نے مقتول وزیر کی لاش دیکھی ہے.

    police-post-4

    واضح رہے کہ حکومتی وزیر کارلوس رومیرو نے اس واقعے کو "بزدلانہ اور وحشیانہ قتل” قرار دیتے ہوئے کان کنوں سے لاش واپس کرنے کا مطالبہ کیا ہے.

  • نئی دہلی: گجرات کی وزیراعلیٰ آنندی بین پٹیل نے استعفی دے دیا

    نئی دہلی: گجرات کی وزیراعلیٰ آنندی بین پٹیل نے استعفی دے دیا

    نئی دہلی : بھارتی شمالی ریاست گجرات کی خاتون وزیراعلیٰ آنندی بین پٹیل نے وزیراعظم نریندر مودی کی حکومت پر بڑھتے ہوئے دباؤ اور دلت برادری کے احتجاج کے پیش نظر اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا.

    تفصیلات کے مطابق آنندی بین پٹیل ریاست گجرات کی پہلی خاتون وزیراعلیٰ بنی اور تیرہ سال تک اس عہدے پر فائز رہیں،انہوں نے اپنے استعفے کی کاپی فیس بک پر شیئر کی اور لکھا کہ کیوں کہ ان کی عمر پچھتر برس ہوگئی ہے اور وزیراعظم مودی بھی ان کے ریٹائر ہونے کی توقع رکھتے ہیں.

    وزیراعلیٰ آنندی بین پٹیل نے ایک ایسے وقت میں استعفیٰ دیا ہے جب ریاست میں ایک ہندو انتہا پسند گروپ کی جانب سے گائے کی کھال اتارنے پر ایک دلت خاندان کو تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد احتجاجی مظاہرے جاری ہیں.

    یاد رہے کہ گذشتہ دنوں چار دلت نوجوانوں کو ایک مردہ گائے کی کھال اتارنے پر تشدد کا نشانہ بنایا گیا تھا جس پر دلت برادری میں غم و غصہ پایا جاتا ہے.

    دوسری جانب عام آدمی پارٹی کے رہنما اور دہلی کے وزیراعلیٰ اروند کیجریوال نے دعویٰ کیا ہے کہ آنندی بین پٹیل کے استعفیٰ نے آئندہ اسمبلی کے انتخابات میں ان کی پارٹی کے لیے چیلنجز میں مزید اضافہ کردیا ہے.

    واضح رہے کہ 31 جولائی کو دلت برادری نے انتہاپسند گروپ کے خلاف ریلی نکالی اور حکمران جماعت بھارتی جنتا پارٹی کی اس معاملے پر توجہ دلاتے ہوئے کہا تھاکہ بی جے پی آئندہ الیکشن کے لیے اس سے ضرور سبق سیکھے گی.

  • کشمیر میں مظالم ، وکلا رہنماوں کا اقوام متحدہ کے دفتر کے سامنے احتجاج کا اعلان

    کشمیر میں مظالم ، وکلا رہنماوں کا اقوام متحدہ کے دفتر کے سامنے احتجاج کا اعلان

    لاہور: کشمیرمیں بھارتی بربریت کے خلاف سپریم کورٹ اور لاہور ہائیکورٹ بار نے 29 جولائی کواقوام متحدہ کے دفتر کے سامنے احتجاج کرنے کا اعلان کر دیا۔

    لاہور میں سپریم کورٹ بار اور ہائیکورٹ بار کے سیکریٹری اسد منظور بٹ اور لاہور ہائی کورٹ بار کے صدر رانا ضیاءعبدالرحمن اور سیکرٹری انس غازی نے ہائیکورٹ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی قابض افواج کشمیریوں کی نسل کشی میں مصروف ہیں جس پر اقوام عالم کی خاموشی معنی خیز ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ بھارت نہتے کشمیریوں پر کیمیائی ہتھیار استعمال کر رہا ہے مگر انسانی حقوق کی تنظیموں اور اقوام عالم نے اس پر چپ سادھ رکھی ہے جو یقینا افسوسناک ہے۔

    انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کو حق خود ارادیت دلانے کے لئے حکومت کشمیریوں کی سفارتی اور اخلاقی مدد کا سلسلہ مزید موثر بنائے اور دنیا بھر میں موجود پاکستانی سفارت کاروں کو مسئلہ کشمیر پر عالمی رائے عامہ ہموار کرنے کا ٹاسک دیا جائے۔

    انہوں نے کہا کہ وکلاء کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لئے اسلام آباد میں اقوام متحدہ کے دفتر کے سامنے احتجاج کریں گے اور یادداشت پیش کریں گے، وکلا رہنماوں کا کہنا تھا کشمیر کے مسئلے کو حل کئے بغیر نہ تو خطے میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنائی جا سکتی ہے نہ ہی دنیا کا امن بحال کیا جا سکتا ہے۔

  • ایتھنز: نیشنل ہیلتھ سسٹم ریفارمز کے خلاف سرکاری اسپتالوں کے عملےکا احتجاج

    ایتھنز: نیشنل ہیلتھ سسٹم ریفارمز کے خلاف سرکاری اسپتالوں کے عملےکا احتجاج

    ایتھنز : یونان میں نیشنل ہیلتھ سسٹم ریفارمزکےخلاف سرکاری اسپتالوں کے عملےنےچار گھنٹےتک ہڑتال کی اور ریلی نکالی،جس سےمریضوں کو شدیدمشکلات کاسامنا کرناپڑا.

    تفصیلات کے مطابق یونان میں حکومت کی جانب سےمجوزہ نیشنل ہیلتھ سسٹم ریفارمز کے خلاف دارالحکومت ایتھنز میں سرکاری اسپتالوں کےعملے نےچار گھنٹےکی ہڑتال کی،میڈیکل اسٹاف کی جانب سے وزارت صحت کی عمارت کے سامنے احتجاج کیا.

    وزارت صحت کی عمارت کے سامنے احتجاج کرتے ہوئےریلی کے شرکا کا کہنا تھا کہ ہیلتھ سسٹم میں اصلاحات کا مطلب ہے کہ اسٹاف کو نہ تو مناسب اجرت ملے گی، نہ انہیں چھٹیاں ملیں گی اور نہ ہی اسپتالوں میں جدید مشینری دستیاب ہوگی.

    یونان میں اقتصادی اصلاحات کی تجاویز سامنے آنے کےبعد مختلف طبقات کی جانب سے ہڑتالیں اور احتجاج معمول بن گیاہے.

    یاد رہے اس سے قبل گذشتہ روز سے ریلوے کے کارکنوں نے احتجاج شروع کررکھا ہے.

    واضح رہے کہ گذشتہ سال نومبر میں یونان کے دارالحکومت میں عوام حکومت کی جانب سےمراعات میں کٹوتی اورکفایتی پالیسی کے خلاف ہزاروں افراد نے پارلیمنٹ کے بعد حکومت کے خلاف احتجاج کیا تھا.

  • اوسلو میں سانحہ ماڈل ٹاؤن کی دوسری برسی پراحتجاجی مظاہرہ

    اوسلو میں سانحہ ماڈل ٹاؤن کی دوسری برسی پراحتجاجی مظاہرہ

    اوسلو: سانحہ ماڈل ٹاؤن کی دوسری برسی پر ناروے کے دارالحکومت اوسلو میں پاکستان عوامی تحریک کے کارکنوں کی جانب سے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا.

    تفصیلات کے مطابق ناروے کے دارالحکومت میں سانحہ ماڈل ٹاؤن کی دوسری برسی پر اوسلو میں پاکستان عوامی تحریک کی جانب سے احتجاج کیا گیا.

    اس موقع پرخطاب کرتے ہوئے منہاج القرآن ناروے کے ڈائریکٹر محمد اقبال فانی نے کہا کہ اس سانحہ کو دو سال مکمل ہو چکے ہیں مگر کسی بھی مظلوم کی داد رسی ممکن نہیں ہو سکی۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ الٹا متاثرین کے خلاف کیسز بنا کر ان کو پریشان کیا جارہاہے، انہوں نے مطالبہ کیا کہ جسٹس باقرکی رپورٹ کو شائع کی جائے تاکہ قاتلوں کے چہرے بےنقاب ہو سکیں.

    یاد رہے جمعے اور ہفتے کی درمیانی شب پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ علامہ طاہر القادری نے لاہور میں کہا تھا کہ دو برس گزرنے کے باوجود سانحہ ماڈل ٹاؤن میں ایک قدم بھی انصاف کی قدم کی جانب نہیں بڑھ سکا، متاثرین کو انصاف دلانے کے لیے ہر حد تک جائیں گے،جنرل راحیل شریف فوجی عدالتوں کے ذریعے متاثرین کو انصاف دلائیں.

    *جنرل راحیل شریف فوجی عدالت سے انصاف دلائیں، طاہر القادری کا مطالبہ

    اپنے خطاب کے آخر میں انہوں نے دھرنا سحری و نماز فجر کے بعد ملتوی کرنے کا اعلان کیا تھا اور کہا کہ رمضان اور اعتکاف کے سبب یہ دھرنا ختم کیا جارہا ہے لیکن ہمیں جس لمحہ محسوس ہوا کہ انصاف نہیں مل رہا دوبارہ دھرنا دیں گے.

  • لاہور : نجی ہوٹل سے اغوا ہونے والا بچہ تین روز کے بعد بھی نہ مل سکا

    لاہور : نجی ہوٹل سے اغوا ہونے والا بچہ تین روز کے بعد بھی نہ مل سکا

    لاہور : اسلام پورہ تھانے کی حدود میں مقامی ہوٹل سے اغوا ہونے والا پانچ سالہ شیراز تین روز گزجانے کے باوجود نہ مل سکا،اہل خانہ نے روڈ بلاک کر کے احتجاج کیا.

    تفصیلات کے مطابق ہفتے کی رات کو اسلام پورہ تھانے کی حدود میں مقامی ہوٹل میں نکاخ کی تقریب میں آنے والا شیراز ابھی تک نہ مل سکا.

    بچے کے اہل خانہ نے الزام عائد کیا ہے کہ سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بچہ ہوٹل سے باہر نہیں گیا اور یہی سے اغوا ہوا ہے.

    پولیس نے شیراز کے والد کی مدعیت میں تھانہ اسلام پورہ میں ہوٹل انتظامیہ کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے،تاہم بچہ نہ ملنے کے خلاف اہل خانے نے ٹائر جلا کر روڈ کو بلاک کر دیا.

    احتجاج کے باعث روڈ پرگاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئی،پولیس کی جانب سے انصاف کی یقین دہانی پرسڑک کو ٹریفک کے لیے کھول دیاگیا.

  • دفتر خارجہ میں افغان ناظم الامور کی طلبی، طور خم فائرنگ پر احتجاج

    دفتر خارجہ میں افغان ناظم الامور کی طلبی، طور خم فائرنگ پر احتجاج

    اسلام آباد: دفتر خارجہ نے طور خم سرحد پر بلا اشتعال فائرنگ کے واقعہ کا سخت نوٹس لیتے ہوئے افغان ناظم الامور کو طلب کرکے واقعہ پر احتجاج کیا ہے۔

    دفتر خارجہ سے جاری کردہ بیان کے مطابق گزشتہ رات طور ختم سرحد پر بلااشتعال فائرنگ کے واقعے کو حکومت نے انتہائی سنجیدگی سے لیا ہے اور افغان ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کرکے اپنا احتجاج ریکارڈ کرایا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق حکومت پاکستان نے افغان حکومت پر واضح کیا ہے کہ واقعے کو ہرگز پس پشت نہیں ڈالا جائے گا، افغان حکومت واقعہ کی فوری اور شفاف تحقیقات کرکے ملوث سرحدی حکام کے خلاف کارروائی کرے۔

    ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ ایسے واقعات  سے دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہوگا، ہم افغانستان سے بہتر تعلقات چاہتے ہیں جس کے لیے دونوں ممالک کو اقدامات کرنے ہوں گے۔

    اس حوالے سے  مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ پاکستان دہشت گردی سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا ملک ہے ، دکھ کی اس گھڑی میں متاثرین کے ساتھ ہیں۔

    ڈائریکٹر جنرل آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ افغان فوج طور خم سرحد پر زیر تعمیر گیٹ پر فائرنگ کررہی ہے ، گیٹ پاکستانی حدود میں 37میٹر کے فاصلے پر زیر تعمیر ہے ،گیٹ تعمیر کرنے کا مقصد دہشت گردوں کی بلا روک ٹوک آمد کو بند کرنا ہے تاکہ پاکستان میں امن کا قیام یقینی بنایا جاسکے۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق طور خم سرحد پر پاکستانی علاقے میں واقع گیٹ پر افغان سیکیورٹی فورسز نے نو بج کر بیس منٹ پر بلا اشتعال فائرنگ شروع کردی، جس کا پاکستانی فورسز نے بھرپور جواب دیا، افغان سیکورٹی فورسز کی بلااشتعال فائرنگ اور مارٹر گولوں کے استعمال سے دو سیکیورٹی اہلکاروں سمیت نو پاکستانی شہری زخمی ہوئے۔

    فائرنگ کے نتیجے میں دونوں اطراف کشیدگی بڑھ گئی جس کے طورخم اورلنڈی کوتل میں کرفیو نافذ کردیا گیا ہے۔

  • لاہور: تیزرفتارٹرک کی ٹکر سے اٹھارہ سالہ نوجوان جاں بحق

    لاہور: تیزرفتارٹرک کی ٹکر سے اٹھارہ سالہ نوجوان جاں بحق

    لاہور: قائداعظم انٹرچینگ کے قریب تیزرفتارٹرک کی ٹکر سے اٹھارہ سالہ نوجوان موٹرسائیکل سوار جاں بحق،جائے وقوعہ سے ٹرک ڈرائیور فرار ہوگیا.

    تفصیلات کے مطابق قائداعظم انٹر چینج کے قریب تیز رفتار ٹرک نے موٹر سائیکل سوارنوجوان کو ٹکر مار دی۔جس کے نتیجے میں رشید چوک کا رہائشی اٹھارہ سالہ شیراز موقع پر ہی دم توڑ گیا۔

    ٹرک ڈرائیور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا،جس کے بعد لواحقین اور اہل علاقہ نے لاش کو سڑک پر رکھ کر احتجاج کیا.

    مقتول شیراز کےلواحقین کا کہنا تھا کہ ٹرک کو اورنج لائن منصوبے میں استعمال کیا جا رہا تھا.

    پولیس نے جائے حادثہ پر پہنچ کر لاش کو تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے جناح اسپتال منتقل کر دیا.

  • امریکی ڈرون حملے کےخلاف سرگودھاکےشہری بھی سراپااحتجاج

    امریکی ڈرون حملے کےخلاف سرگودھاکےشہری بھی سراپااحتجاج

    سرگودھا: بلوچستان میں امریکی ڈرون حملے کے خلاف سرگودھاکے شہری بھی سراپااحتجاج،امریکہ کے خلاف اور پاک فوج کے حق میں ریلی نکالی گئی.

    تفصیلات کے مطابق سرگودھا کے شہری بھی بلوچستان میں امریکی ڈرون حملے کے خلاف سڑکوں پر نکل آئے انصاف فاؤنڈیشن کی جانب سے امریکہ مخالف ریلی نکالی گئی.

    ریلی شاہین چوک سے شروع ہوئی اور مختلف بازاروں سے ہوتی ہوئی خوشاب روڈپر اختتام پذیرہوئی،ریلی کے شرکاء نے ہاتھوں میں بینرزا ور پلے کارڈزاٹھارکھے تھے جن پر امریکہ اور حکومت مخالف نعرے درج تھے.

    مظاہرین کا کہناتھاکہ امریکہ پاکستانی حدودمیں بمباری کرکے بارباردہشت گردی کا مرتکب ہورہاہے حکمرانوں کو چاہیے کہ پاکستانیوں کے جذبات کومدنظررکھتے ہوئے امریکہ کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کی جائے اور اب انہیں نومورکاواضح پیغام دیاجائے.

    یاد رہے گذشتہ روزامریکی ڈرون حملے کے خلاف بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں احتجاجی مظاہرے کیےگئےاور ریلیاں نکالنے کے علاوہ کئی مقامات پرامریکی جھنڈا نذرآتش کیا گیا۔

    امریکی ڈرون حملوں کے خلاف بلوچستان میں احتجاجی مظاہرے

    مظاہرین کا کہنا تھا کہ امریکی ڈرون حملہ ملکی خود مختاری اور سالمیت کو چیلنج کرنے کے مترادف ہے،بلوچستان میں امریکی حربے برداشت نہیں کیے جائیں گے.