Tag: احتجاج

  • اسرائیل میں ہزاروں شہری نیتن یاہو کیخلاف سڑکوں پر نکل آئے

    اسرائیل میں ہزاروں شہری نیتن یاہو کیخلاف سڑکوں پر نکل آئے

    تل ابیب: غزہ میں اسرائیلی بربریت کا سلسلہ جاری ہے، ایسے میں اسرائیل کے دارالحکومت میں ہزاروں شہری اسرائیلی وزیر اعظم کے خلاف سڑکوں پر نکل آئے اور وزیراعظم نیتن یاہو کی خلاف احتجاج کرتے ہوئے فوری طور پر مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق غزہ پر مسلسل بمباری اور اپنے یرغمالیوں کو ایک ماہ سے زائد عرصہ گزر جانے کے باوجود تاحال رہا نہ کروا پانے پر اسرائیلی وزیراعظم کو اپنے ہی ملک میں شدید مخالفت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

    اسرائیلی دارالحکومت تل ابیب میں آج بھی ہزاروں مظاہرین نیتن یاہو کے خلاف سڑکوں پر نکل آئے، جنہوں نے اسرائیلی وزیر اعظم کے خلاف شدید احتجاج کیا، مظاہرے میں مخالف جماعتوں پر کریک ڈاؤن اور غزہ میں جنگ بندی کا مطالبہ بھی کیا گیا۔

    مظاہرین میں حماس کے ہاتھوں یرغمال بنائے گئے اسرائیلی شہریوں اور فوجیوں کے اہل خانہ اور ان کے دوست بھی شامل تھے جنھوں نے حکومت سے کسی بھی قیمت پر اپنے پیاروں کی محفوظ واپسی کا مطالبہ کیا۔

    مظاہرے میں شامل مقررین نے غزہ میں حماس کے ہاتھوں یرغمال 200 سے زائد اسرائیلی اور غیر ملکیوں کو بازیاب نہ کروا پانے پر اسرائیلی وزیراعظم پر کڑی تنقید کی اور اس ناکامی پر فوری استعفیٰ دینے کا مطالبہ کیا۔

  • نجکاری کے خلاف احتجاج: پی آئی اے انتظامیہ مذاکرات کے لیے مان گئی

    نجکاری کے خلاف احتجاج: پی آئی اے انتظامیہ مذاکرات کے لیے مان گئی

    اسلام آباد: پی آئی اے انتظامیہ تنخواہوں میں اضافے اور نجکاری کے خلاف احتجاج کرنے والے پی آئی اے ملازمین سے مذاکرات کے لیے مان گئی۔

    تفصیلات کے مطابق تنخواہوں میں اضافے اور نجکاری کے خلاف پی آئی اے ملازمین کا احتجاج کئی دنوں سے جاری ہے تاہم پی آئی اے کے جی ایم آئی آر نے کہا ہے کہ پی آئی اے انتظامیہ سی بی اے عہدیداروں سے مذاکرات کرنا چاہتی ہے۔

    ذرائع کے مطابق پی آئی اے کے جی ایم آئی آر نے نیشنل انڈسٹریل ریلیشن کو تحریری جواب جمع کرادیا جس میں انہوں نے یقہن دہانی کرانے ہوئے کہا کہ چیئرمین پی آئی اے خود ملازمین سے مذاکرات کرینگے۔

    پاکستان انٹر نیشنل ائیر لائن (پی آئی اے) سی بی اے کو انتظامیہ کی طرف سے جی ایم آئی آر نے مذاکرات کی یقین دہانی کرائی ہے، اس ہفتے پی آئی اے انتظامیہ اور سی بی اے عہدیداروں کے درمیان مذاکرات ہونگے۔

     جی ایم آئی آر کے مطابق قومی کمیشن برائے صنعتی تعلقات (این آئی آر سی) نے 9 ستمبر کو پی آئی اے جی ایم آئی آر اور پی آئی اے سی بی اے عہدیداروں کو طلب کیا ہے۔

  • کراچی میں جلاؤ گھیراؤ: کتنے افراد کو گرفتار کیا گیا؟

    کراچی میں جلاؤ گھیراؤ: کتنے افراد کو گرفتار کیا گیا؟

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں گزشتہ دنوں جلاؤ گھیراؤ، دہشت گردی اور پھر ملزمان کی گرفتاری کے معاملات پر اہم اجلاس طلب کرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے مختلف مقامات پر جلاؤ گھیراؤ اور دہشت گردی کے معاملے پر ایڈیشنل آئی جی کراچی نے اہم اجلاس طلب کرلیا۔

    اجلاس میں شعبہ تفتیش کے تمام ایس ایس پیز کو طلب کیا گیا ہے، ایڈیشنل آئی جی کراچی 9 مئی کو ہونے والی پیش رفت پر تفصیلی بریفنگ لیں گے۔

    اجلاس میں شعبہ تفتیش کے افسران کو پروگریس رپورٹ ہمراہ لانے کی ہدایت کی گئی ہے جس میں اس حوالے سے تفصیلات ہوں گی کہ کتنے ملزمان گرفتار ہوئے اور کتنے مفرور ہیں۔

    پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ ایسٹ پولیس نے دہشت گردی ایکٹ کے تحت 3 مقدمات درج کیے، 75 ملزمان کو نامزد کرنے کے بعد 31 کو گرفتار کر کے جیل بھجوایا گیا۔

    دہشت گردی میں ملوث 44 ملزمان تاحال مفرور ہیں۔

    ان کے علاوہ 6 مقدمات میں 97 ملزمان کو نامزد کر کے 88 کو گرفتار کیا گیا، 54 ملزمان ضمانت پر، 30 کو سیکشن 63 کے تحت رہا کیا گیا۔

    اجلاس میں پیش کیے جانے کے لیے شارع فیصل پر موجود تمام کیمروں کی فوٹیجز حاصل کی جائیں گی جس کے لیے پولیس حکام کی جانب سے کمانڈ اینڈ کنٹرول کو خط لکھ دیا گیا ہے۔

  • پنجاب میں احتجاج کے دوران کتنی گاڑیاں جلائی گئیں؟

    پنجاب میں احتجاج کے دوران کتنی گاڑیاں جلائی گئیں؟

    لاہور: پنجاب پولیس نے سابق وزیر اعظم عمران خان کی گرفتاری کے خلاف احتجاج کے دوران پنجاب میں جلائی جانے والی گاڑیوں اور نقصان پہنچائی جانے والی عمارتوں کے اعداد و شمار جاری کردیے۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان پنجاب پولیس کا کہنا ہے کہ حملوں اور جلاؤ گھیراؤ میں ملوث گرفتار شرپسند عناصر کی تعداد 3 ہزار 185 تک جا پہنچی ہے۔۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ شرپسند عناصر کی کارروائیوں میں پنجاب بھر میں 152 پولیس افسران اور اہلکار زخمی ہوئے، پنجاب پولیس کے زیر استعمال 94 گاڑیوں کو نقصان پہنچایا گیا۔

    ترجمان کے مطابق شرپسند عناصر نے لاہور پولیس کی 27 اور فیصل آباد پولیس کی 21 گاڑیوں کو جلایا، راولپنڈی پولیس کی 19، میانوالی پولیس کی 9، سیالکوٹ پولیس کی 5، ملتان پولیس کی 4، گوجرانوالہ پولیس کی 3 اور اٹک، جھنگ اور ٹوبہ ٹیک سنگھ پولیس کی ایک، ایک گاڑی کو نقصان پہنچایا۔

    ترجمان پولیس کا کہنا ہے کہ پولیس کانسٹیبلری کی 3 جبکہ 8 نجی گاڑیاں بھی شرپسند عناصر کے ہاتھوں تباہ ہوئیں، پولیس اسٹیشنز اور دفاتر سمیت 22 سرکاری عمارتوں کو شدید نقصان پہنچایا گیا۔

    انسپکٹر جنرل (آئی جی) پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا کہنا ہے کہ شرپسند عناصر قانون کی گرفت سے بچ نہیں پائیں گے۔

  • ملک بھر میں احتجاج، انٹرنیٹ کی بندش، کاروبار زندگی معطل: 3 روز میں معیشت کو اربوں کا نقصان

    ملک بھر میں احتجاج، انٹرنیٹ کی بندش، کاروبار زندگی معطل: 3 روز میں معیشت کو اربوں کا نقصان

    اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کا کہنا ہے کہ گزشتہ 3 روز سے ملک بھر میں جاری احتجاج، انٹرنیٹ کی بندش اور کاروبار زندگی معطل ہونے سے معیشت کو اربوں روپے کا نقصان پہنچ گیا۔

    تفصیلات کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کا کہنا ہے کہ گزشتہ 3 روز سے ملک بھر میں جاری احتجاج کے باعث معیشت کو اربوں روپے کا نقصان پہنچ گیا۔

    ایف بی آر کا کہنا ہے کہ ٹیلی کام سیکٹر کو پونے 2 ارب کے قریب نقصان کا ابتدائی تخمینہ لگایا گیا ہے، ٹیلی فون، انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا کی بندش سے تقریباً 60 کروڑ روپے ٹیکس ریونیو کا نقصان ہوا۔

    ایف بی آر کے مطابق آئی ٹی اور فری لانس انڈسٹری کو یومیہ 20 لاکھ ڈالر نقصان کا سامنا ہے۔

    احتجاج سے ملک بھر میں لاکھوں کا دیہاڑی دار مزدور طبقہ روزگار سے محروم ہوا، ٹرانسپورٹ بند ہونے سے ٹرانسپورٹرز کا کاروبار بھی متاثر ہوا۔

    راستے بند ہونے سے مارکیٹوں اور دکانداروں کو بھی کروڑوں روپے کے نقصان کا سامنا ہے۔

  • ٹیلی کام کمپنیوں کا نقصان دوسرے روز 1.6 ارب روپے تک پہنچ گیا

    ٹیلی کام کمپنیوں کا نقصان دوسرے روز 1.6 ارب روپے تک پہنچ گیا

    اسلام آباد: پاکستان کے مختلف شہروں میں موبائل براڈ بینڈ انٹرنیٹ خدمات کی فراہمی دوسرے روز بھی معطل رہی۔

    تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعظم عمران خان کی گرفتاری کے بعد سوشل میڈیا پر رد عمل کو روکنے کے لیے ملک بھر میں موبائل براڈ بینڈ انٹرنیٹ بند کر دیا گیا ہے، اس بندش کی وجہ سے دو روز کے دوران ٹیلی کام کمپنیوں کو ریونیو میں 1.6 ارب روپے کے نقصان کا سامنا ہے۔

    ذرائع ٹیلی کام انڈسٹری کا کہنا ہے کہ ٹیلی کام خدمات بند ہونے سے حکومتی محصولات میں 57 کروڑ روپے کا نقصان بھی اٹھانا پڑا ہے، جب کہ انٹرنیٹ براڈ بینڈ سے کامرس، آن لائن سروسز، ہوم ڈیلیوری، رائڈ سروسز متاثر ہوئی ہیں۔

    ذرائع نے بتایا کہ انٹرنیٹ بندش کی وجہ سے ڈیجیٹل ادائیگیاں اور کریڈٹ کارڈز بھی متاثر ہوئے ہیں، جس کے باعث لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

    ملک میں انٹرنیٹ سروس اور سوشل میڈیا ایپس کی بندش کیخلاف درخواست دائر

    ادھر ملک میں انٹرنیٹ سروس اور سوشل میڈیا ایپس کی بندش کے خلاف لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی ہے، جس میں کہا ہے کہ انٹرنیٹ سروس کی معطلی بنیادی انسانی حقوق کے منافی ہے۔ یہ درخواست وکیل ابوذر سلمان نیازی نے دائر کی ہے، جس میں وفاقی حکومت اور پی ٹی اے سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔

  • کراچی سے گرفتار مظاہرین پر بھی مقدمات قائم

    کراچی سے گرفتار مظاہرین پر بھی مقدمات قائم

    کراچی: گزشتہ روز پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی گرفتاری کے بعد صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں احتجاج کرنے والے مظاہرین کو گرفتار کر کے ان پر مقدمات قائم کردیے گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں احتجاج کرنے والے تحریک انصاف رہنماؤں اور کارکنوں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ مقدمے میں تحریک انصاف رہنماؤں اور درجنوں کارکنوں کو نامزد کیا گیا ہے۔

    مقدمے کے متن کے مطابق مظاہرین کی جانب سے جلاؤ گھیراؤ کیا گیا اور گاڑیوں کے شیشے توڑے گئے۔

    مقدمات سچل، فیروز آباد اور ٹیپو سلطان تھانوں میں مقدمات درج کیے گئے۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کو گرفتار کرلیا گیا تھا جس کے بعد ملک بھر میں احتجاج اور مظاہروں کا سلسلہ شروع ہوگیا تھا۔

  • اسلام آباد بار کا عدالتی عملے اور وکلا پر تشدد کے خلاف احتجاج کا اعلان

    اسلام آباد بار کا عدالتی عملے اور وکلا پر تشدد کے خلاف احتجاج کا اعلان

    اسلام آباد بار ایسوسی ایشن نے اسلام آباد ہائی کورٹ سے عمران خان کی گرفتاری کے دوران عدالتی عملے اور وکلا پر تشدد کے خلاف احتجاج کا اعلان کردیا۔

    سیکرٹری اسلام آباد بار ایسوسی ایشن رضوان شبیر کیانی نے آج عدالتی بائیکاٹ کا اعلان کرتے ہوئے ہائی کورٹ کی ڈائری برانچ میں شیشے توڑنے اور تشدد کے واقعے کی عدالتی تحقیقات کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔

    رضوان شبیر کیانی نے کہا کہ آئین پاکستان کی خلاف ورزی کرنے والے اداروں کو غیر قانونی اقدامات سے باز رہنے کی وارننگ دیتے ہیں۔

    سیکرٹری اسلام آباد بار ایسوسی ایشن رضوان شبیر کیانی نے کہا کہ عدلیہ اور وکلا آئین کے تحفظ کیلئے کسی بھی حد تک جانے کو تیار ہیں۔

  • ملک بھر میں ایک دن الیکشن کے لیے پیپلز پارٹی کا احتجاج کا اعلان

    ملک بھر میں ایک دن الیکشن کے لیے پیپلز پارٹی کا احتجاج کا اعلان

    لاہور: پاکستان پیپلز پارٹی وسطی پنجاب نے ملک بھر میں ایک دن الیکشن کے لیے احتجاج کا اعلان کردیا،پارٹی عہدیدار فاروق سعید کا کہنا ہے کہ ہمیں پنجاب اور دیگر جگہوں پر الگ الگ الیکشن قبول نہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی وسطی پنجاب نے ملک بھر میں ایک دن الیکشن کے لیے احتجاج کا اعلان کردیا، ایک ہی روز الیکشن کے لیے پیپلز پارٹی سینٹرل پنجاب 25 اپریل کو احتجاج کرے گی۔

    پارٹی عہدیدار فاروق سعید کا کہنا ہے کہ منگل کے روز وسطی پنجاب کے تمام ضلعی ہیڈ کوارٹرز میں احتجاج ہوگا۔

    انہوں نے کہا کہ تمام ضلعی تنظیمیں منگل کو پریس کلب کے سامنے احتجاج کریں، ہمیں پنجاب میں اور دیگر جگہوں پر الگ الگ الیکشن قبول نہیں۔

  • پیپلز پارٹی کا ملک میں ایک ہی دن انتخابات کرانے کیلئے 25 اپریل کو احتجاج  کا اعلان

    پیپلز پارٹی کا ملک میں ایک ہی دن انتخابات کرانے کیلئے 25 اپریل کو احتجاج کا اعلان

    کراچی: پیپلز پارٹی نے ملک بھر میں ایک دن پر انتخابات کروانے کے لیے 25 اپریل کو سندھ بھر میں احتجاج کا اعلان کر دیا۔

    صدر پی پی پی سندھ نثار کھوڑو کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی 25 اپریل منگل کے روز سندھ کے تمام ضلعی ہیڈکوارٹرز میں بھرپور احتجاج کرے گی کیونکہ سندھ کو ون ڈے پول کے علاوہ الگ الگ انتخابات کا فیصلہ قبول نہیں ہے۔

    نثار کھوڑو کا کہنا ہے کہ الیکشن ایکٹ کی شق 69 کے تحت تمام اسمبلیوں کے انتخابات ایک دن کرائے جائیں، الگ الگ انتخابات ملک کو 2 حصوں میں تقسیم کرنے کے مترادف ہے، سندھ نے پاکستان بنایا اور سندھ ملک کو 2 حصوں میں تقسیم نہیں ہونے دیگا۔

    انہوں نے کہا کہ انتخابات کرانا الیکشن کمیشن کا اختیار ہے الیکشن کا فیصلہ اسی کو کرنے دیا جائے، عدالت فل کورٹ بنا کر اپنے فیصلے پر نظرثانی کرے، پنجاب اور کے پی اسمبلیاں بحال کرنی پڑیں تو بحال کی جائیں۔