Tag: احتساب عدالت

  • مریم نواز کے خلاف نیب کی درخواست مسترد ہونے کا تحریری حکم نامہ جاری

    مریم نواز کے خلاف نیب کی درخواست مسترد ہونے کا تحریری حکم نامہ جاری

    اسلام آباد: احتساب عدالت نے مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کے خلاف نیب کی درخواست مسترد ہونے کا تحریری حکم نامہ جاری کردیا، جس میں کہا گیا ہے کہ ریفرنس میں مریم نواز کی اپیل کا فیصلہ ہونے کے بعد کارروائی ممکن ہے۔

    تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت کی جانب سے مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کے خلاف نیب کی درخواست مسترد ہونے کا تحریری حکم نامہ جاری کردیا گیا، 3 صفحات پرمشتمل حکم نامہ جج احتساب عدالت محمد بشیرنے تحریرکیا۔

    معزز جج کی جانب سے لکھے گئے حکم نامے میں کہا گیا کہ نیب نے ایون فیلڈریفرنس کا فیصلہ آنے کے 30 روز میں درخواست دائر نہیں کی۔

    حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ مریم نواز کی سزا کے خلاف اپیل اسلام آباد ہائی کورٹ میں زیرسماعت ہے، جب تک اپیل عدالت میں زیرسماعت ہے سیکشن 30 کی کارروائی نہیں ہوسکتی۔

    عدالتی حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ ریفرنس میں مریم نوازکی اپیل کا فیصلہ ہونے کے بعد کارروائی ممکن ہے، موجودہ حالات میں نیب کی درخواست ناقابل سماعت، مسترد کی جاتی ہے۔

    مریم نواز کے خلاف جعلی ٹرسٹ ڈیڈ سے متعلق نیب کی درخواست خارج

    مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کے خلاف گزشتہ روز ایون فیلڈ ریفرنس میں جعلی ٹرسٹ ڈیڈ پیش کرنے سے متعلق کیس کی سماعت احتساب عدالت کے معزز جج محمد بشیر نے کی تھی۔

    احتساب عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد مریم نواز کے خلاف نیب کی جانب سے دائر جعلی ٹرسٹ ڈیڈ ریفرنس کی درخواست ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے خارج کردی تھی۔

  • مریم نواز کے خلاف جعلی ٹرسٹ ڈیڈ سے متعلق نیب کی درخواست خارج

    مریم نواز کے خلاف جعلی ٹرسٹ ڈیڈ سے متعلق نیب کی درخواست خارج

    اسلام آباد: احتساب عدالت نے مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کے خلاف جعلی ٹرسٹ ڈید کی نیب کی درخواست خارج کردی۔

    تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کے خلاف ایون فیلڈ ریفرنس میں جعلی ٹرسٹ ڈیڈ پیش کرنے سے متعلق کیس کی سماعت احتساب عدالت کے معزز جج محمد بشیر نے کی۔

    احتساب عدالت میں نیب کے ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل سردار مظفرعباسی نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ ٹرسٹ ڈیڈ جعلی تھی، ٹرسٹ ڈیڈ سے متعلق عدالت کا دائرہ اختیار ہے، مریم نواز نے کہا عدالت کا دائرہ اختیارنہیں۔

    معزز جج نے ریمارکس دیے کہ جعلی ٹرسٹ ڈیڈ کا معاملہ فرد جرم سے ہدف کردیا گیا تھا، نیب پراسیکیوٹر نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ مریم نواز کی درخواست پرمعاملہ فرد جرم سے نکالا گیا تھا۔

    نیب پراسیکیوٹر نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ عدالت نے کہا تھا کہ جعلی دستاویزات کا معاملہ فیصلے کے بعد دیکھا جائے گا۔ سردار مظفر عباسی نے ایون فیلڈ ریفرنس کا حکم نامہ عدالت کو پڑھ کرسنایا۔

    احتساب عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد مریم نواز کے خلاف نیب کی جانب سے دائر جعلی ٹرسٹ ڈیڈ ریفرنس کی درخواست ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے خارج کردی۔

    مسلم لیگ ن کی نائب صدر کی احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے، غیرمتعلقہ افراد کو احاطہ عدالت میں داخلے کی اجازت نہیں دی گئی۔

    قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے احتساب عدالت میں دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ مریم نواز نے ایون فیلڈ ریفرنس میں جعلی ٹرسٹ ڈیڈ پیش کرکے عدالت کو گمراہ کیا تھا، عدالت اپنے اختیارات کو استعمال کرتے ہوئے مریم نواز کو اس جرم میں بھی سزا سنائے۔

    ایون فیلڈ ریفرنس میں جعلی ٹرسٹ ڈیڈ، مریم نواز 19 جولائی کو طلب

    احتساب عدالت نے نیب کی درخواست پر ابتدائی سماعت کے بعد مریم نواز کو 19 جولائی کو عدالت میں پیش ہونے کا نوٹس جاری کیا تھا۔

    یاد رہے کہ احتساب عدالت نے چھ جولائی 2018 کو ایون فیلڈ ریفرنس میں نوازشریف کو مجموعی طورپر گیارہ سال اور مریم نواز کو آٹھ سال قید بامشقت اور جرمانے کی سزا سنائی تھی اور ساتھ ہی مجرموں پر احتساب عدالت کی جانب سے بھاری جرمانے عائد کیے گئے تھے۔

    فیصلے میں مریم نواز اور کیپٹن صفدر کو 10 سال تک کسی بھی عوامی عہدے کے لیے بھی نااہل قرار دیا تھا اور 13 جولائی کو وطن واپسی پر نوازشریف اور مریم نواز کو گرفتار کرلیا گیا تھا۔

  • مریم نواز اور شاہد خاقان کی احتساب عدالت میں کل پیشی، سخت سیکورٹی انتظامات

    مریم نواز اور شاہد خاقان کی احتساب عدالت میں کل پیشی، سخت سیکورٹی انتظامات

    اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنماؤں مریم نواز اور شاہد خاقان عباسی کی کل احتساب عدالت میں پیشی کے سلسلے میں وفاقی دار الحکومت میں سیکورٹی کے سخت انتظامات کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔

    ذرایع کے مطابق احتساب عدالت میں مریم نواز اور شاہد خاقان عباسی کی پیشی کے لیے سخت حفاظتی اقدامات کی ہدایت کی گئی ہے، احتساب عدالت کے داخلی و خارجی راستوں پر بھاری نفری تعینات ہوگی۔

    ذرایع کا کہنا ہے کہ احتساب عدالت میں غیر متعلقہ افراد کے داخلے پر پابندی ہوگی، عدالت کے ارد گرد احتجاج کی بھی اجازت نہیں ہوگی۔

    خیال رہے کہ نیب نے سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کو ایل این جی اسکینڈل میں گرفتاری کے بعد اسلام آباد منتقل کر دیا ہے، کل انھیں احتساب عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

    یہ بھی پڑھیں:  شاہد خاقان عباسی کی گرفتاری کی وجوہ سامنے آ گئیں

    آج قومی احتساب بیورو نے مسلم لیگ ن کے رہنما شاہد خاقان کو کرپشن اور کرپٹ پریکٹسز کے ٹھوس شواہد پر گرفتار کیا۔

    ان پر الزام ہے کہا انھوں نے ایل این جی ٹرمینل ون کی بولی کی دستاویز کے لیے من پسند لیگل فرم کا استعمال کیا، انھوں نے یہ کام سوئی سدرن کی بہ جائے کیو ای جی کنسلٹنٹ کو دیا۔

    نیب کے مطابق ای ای پی ٹی پی ایل کو ٹھیکا دینے کے لیے شاہد خاقان نے اثر و رسوخ استعمال کیا، ٹھیکے میں کمپنی مفاد کو ترجیح دینے پر قومی خزانے کو اربوں نقصان ہو رہا ہے۔

  • احتساب عدالت نے سبطین خان کو مزید 14روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا

    احتساب عدالت نے سبطین خان کو مزید 14روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا

    لاہور : احتساب عدالت نے چنیوٹ میں معدنیات کے غیرقانونی ٹھیکے دینے کے الزام میں گرفتار سابق صوبائی وزیر سبطین خان کو مزید 14روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل روانہ کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کی احتساب عدالت نے غیر قانونی ٹھیکے دینے کے الزام میں گرفتار تحریک انصاف کے سابق وزیر جنگلات سبطین خان کو مزید 14روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا دیا۔

    عدالت نے تفتیشی افسر کو آئندہ سماعت پر انکوائری رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کر دی۔ احتساب عدالت کے جج چوہدری امیر محمد خان نے چنیوٹ مائنز اینڈ منرلز سکینڈل کیس کی سماعت کی۔

    سابق صوبائی وزیر سبطین خان کو جوڈیشل ریمانڈ ختم ہونے پر جیل سے لا کر عدالت میں پیش کیا گیا۔ دوران سماعت نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ اس کیس کی انکوائری رپورٹ چیئرمین نیب کو پیش کر دی گئی ہے۔

    عدالت نے سبطین خان کے جوڈیشل ریمانڈ میں31 جولائی تک توسیع کر تے ہوئے آئندہ سماعت پر نیب سے انکوائری رپورٹ طلب کرلی۔

    مزید پڑھیں: نیب نے پنجاب کے وزیر جنگلات سبطین خان کو گرفتار کر لیا

    یاد رہے 14 جون کو نیب لاہور نے صوبائی وزیرجنگلات سبطین خان کوگرفتارکیاتھا، بطین خان پرغیرقانونی ٹھیکوں کاالزام ہے، بعد ازاں وزیر جنگلات پنجاب سبطین خان نے گرفتاری کے بعد استعفٰی وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کوبھجوادیا تھا۔

  • شہباز شریف خاندان کیلئے منی لانڈرنگ : ملزم آفتاب محمود سے جیل میں تفتیش کی اجازت

    شہباز شریف خاندان کیلئے منی لانڈرنگ : ملزم آفتاب محمود سے جیل میں تفتیش کی اجازت

    لاہور : احتساب عدالت نے نیب کو گرفتار ملزم آفتاب محمود سے جیل میں تفتیش کی اجازت دے دی، ملزم کو شہباز شریف خاندان کیلئے منی لانڈرنگ کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق قومی احتساب بیورو ( نیب ) نے شہباز شریف خاندان کیلئے منی لانڈرنگ کرنے کے الزام میں گرفتار ملزم آفتاب محمود سے جیل میں تفتیش کے لیے درخواست احتساب عدالت میں جمع کرادی۔

    احتساب عدالت کے جج امیر محمد خان نے نیب کی درخواست منظور کرتے ہوئے ملزم سے جیل میں تفتیش کرنے کی اجازت دے دی۔ نیب کے مطابق آفتاب محمود نے شریف فیملی کو لاکھوں ڈالر بیرون ملک سے منتقل کیے۔

    غیر ملکی جریدے کے ہوشربا انکشافات کے بعد ملزم سے مزید تفتیش درکار ہے۔ ملزم آفتاب محمود اسی کیس میں جوڈیشل ریمانڈ پر جیل میں قید ہے۔  نیب ذرائع کے مطابق ملزم آفتاب محمود برطانیہ میں عثمان انٹرنیشنل منی ایکسچینج کے ذریعے رقوم پاکستان منتقل کرتا تھا۔

    واضح رہے کہ قومی احتساب بیورو نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی 3 جائیدادیں منجمد کرنے کے لیے ڈپٹی کمشنر ہری پور کو ہدایت جاری کردیں، نیب کی جانب سے ڈی جی ایکسائز پنجاب کو بھی شہباز شریف کی 2 گاڑیاں منجمد کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

    ذرائع کے مطابق نیب نے شہباز شریف کے دو پلاٹس منجمد کرنے کے لیے سیکریٹری ماڈل ٹاؤن سوسائٹی کو خط لکھا ہے، نیب نے ڈی ایچ لاہور کو سابق وزیراعلیٰ پنجاب کے 2 گھر منجمد کرنے کی ہدایت کی ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ نیب نے شہباز شریف کے 9 پلاٹس منجمد کرنے کے لیے ڈی جی ایل ڈی اے کو ہدایت کی ہے جبکہ شہباز شریف کی 14 کمپنیاں منجمد کرنے کے لیے ایس ای سی پی کو ہدایت کی گئی ہے۔

  • جج ارشد ملک بلیک میلنگ اسکینڈل: ایف آئی اے نے میاں طارق کو گرفتار کرلیا

    جج ارشد ملک بلیک میلنگ اسکینڈل: ایف آئی اے نے میاں طارق کو گرفتار کرلیا

    اسلام آباد:جج ارشدملک بلیک میلنگ اسکینڈل میں بڑی پیش رفت ہوئی ہے ، احتساب عدالت کے جج ارشد ملک کی ویڈیو بنا نے والے میاں طارق کو حراست میں لے لیا گیا۔

    تفصیلا ت کے مطابق جج ارشدملک بلیک میلنگ اسکینڈل کے مرکزی ملزم میاں طارق کو ایف آئی اے کے سائبر کرائم ونگ نے گرفتار کرلیا ہے ، میاں طارق دبئی فرار ہونے کی کوشش کررہے تھے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم میاں طارق کی گرفتاری عین اس لمحے عمل میں آئی جب وہ ملک چھوڑ کرفرار ہونے کی کوشش کررہے تھے، گرفتاری کے بعد انہیں سخت سیکیورٹی حصار میں عدالت پیش کیا گیا۔

    عدالت میں پیش کرنے کے لیے میاں طارق کو انتہائی سخت سیکیورٹی حصار میں بکتر بند گاڑی کے ذریعے سول کورٹ لایا گیا، جہاں عدالت نے ان کا دوروزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرکے انہیں ایف آئی اے کی تحویل میں دے دیا ہے۔

    یاد رہے کہ میاں طارق محمود ملتان کا رہائشی ہیں، میاں طارق کی فوارہ چوک کے قریب طارق ٹی وی سینٹر کے نام سے دکان ہے، طارق محمود کو معاملات طے کرانے میں ماہر سمجھا جاتا ہے، اسی شخص نے جج کی ملتان میں تعیناتی کےدوران مبینہ ویڈیو حاصل کی، طارق محمود اسمگل شدہ ٹی وی، ایل ای ڈیز کی خرید و فروخت میں بھی ملوث ہیں۔

    ذرائع کے مطابق طارق محمود کا بڑا بھائی میاں ادریس اسمگلنگ کیس میں گرفتار رہ چکا ہے، میاں طارق کے پاس کئی اہم شخصیات کی مبینہ ویڈیوزبھی موجود ہیں، ویڈیو منظرعام پرآنے کے بعد جج ارشد ملک میاں طارق سے ملنے ملتان بھی آئے تھے۔

    خیال رہے کہ میاں طارق محمود ہر دور میں اعلیٰ افسران وسیاسی شخصیات سےرابطےمیں رہے ہیں، میاں طارق محمود کو تعلقات بنانے کا ماہر بھی سمجھا جاتا ہے۔

  • احتساب عدالت میں پیراگون ہاؤسنگ اسکینڈل کیس کی سماعت آج ہوگی

    احتساب عدالت میں پیراگون ہاؤسنگ اسکینڈل کیس کی سماعت آج ہوگی

    لاہور: احتساب عدالت میں مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ سعد رفیق اور خواجہ سلمان رفیق کے خلاف پیراگون ہاؤسنگ اسیکنڈل کیس کی سماعت آج ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت کے معزز جج جوادالحسن خواجہ برادران کے خلاف پیراگون ہاؤسنگ اسکینڈل کیس کی سماعت کریں گے۔ نیب کی جانب سے ملزم خواجہ سعد رفیق اورسلمان رفیق کو عدالت کے سامنے پیش کیا جائے گا۔

    خواجہ برادران کی احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، سڑکوں کو کنٹینرز لگا کر عام ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔

    احتساب عدالت میں گزشتہ سماعت کے دوران تفتیشی افسر نے دلائل دیتے ہوئے کہا تھا کہ ندیم ضیا، عمر ضیا اور فرحان علی سےمتعلق تفتیشی رپورٹ جمع کرا دی، تینوں افراد اپنے گھروں میں موجود نہیں ہیں۔

    تفتیشی افسر نے بتایا تھا کہ تینوں ملزمان بیرون ملک فرار ہوچکے ہیں، ملزمان کواشتہاری قرار دینے کی کارروائی کا آغاز کردیا گیا ہے۔

    واضح رہے 11 دسمبر کو لاہور ہائی کورٹ نے مسلم لیگ ن کے رہنماؤں خواجہ سعد رفیق اور ان کے بھائی سلمان رفیق کی عبوری ضمانت خارج کردی تھی، جس کے بعد قومی احتساب بیورو (نیب) نے دونوں بھائیوں کو حراست میں لے لیا تھا۔

    خواجہ برادران کو پیراگون ہاؤسنگ اسکینڈل میں گرفتار کیا گیا ہے جبکہ دونوں بھائی پیراگون ہاؤسنگ اسکینڈل سمیت 3 مقدمات میں نیب کو مطلوب تھے۔

  • جعلی اکاؤنٹس کیس: آصف علی زرداری کا 14 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور

    جعلی اکاؤنٹس کیس: آصف علی زرداری کا 14 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور

    اسلام آباد: احتساب عدالت نے جعلی اکاؤنٹس کیس میں گرفتار سابق صدر آصف زرداری کا 14 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے 29 جولائی تک توسیع کردی۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کی احتساب عدالت میں سابق آصف علی زرداری کے خلاف جعلی اکاؤنٹس کیس کی سماعت ہوئی، آصف علی زرداری کو 13 روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر احتساب عدالت میں پیش کیا گیا۔

    عدالت میں سماعت کے دوران وکیل صفائی نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ بچے کل نیب حوالات میں والد سے اکیلے ملنا چاہتے ہیں، ہفتے میں 2 بار ملنے کی اجازت بھی دی جائے۔

    آصفہ بھٹو نے عدالت سے استدعا کی کہ والد سے ملاقات کرنے کی اجازت دی جائے جس پر معزز جج نے ان کی درخواست منظور کرلی، وکیل صفائی نے کہا کہ آج بھی مل لیں گی کل بھی ملاقات کی اجازت چاہیے۔

    احتساب عدالت کے جج نے استفسار کیا کہ تفتیشی افسر کہاں ہے، وکیل نیب نے کہا کہ راستے میں ہیں تھوڑی دیر تک پہنچ جائیں گے۔

    بعدازاں احتساب عدالت نے جعلی اکاؤنٹس کیس میں گرفتار سابق صدر آصف زرداری کا 14 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے 29 جولائی تک توسیع کردی۔

    آصف علی زرداری کی پیشی کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے، جوڈیشل کمپلیکس کے اطراف میں پولیس کی بھاری نفری تعینات تھی۔

    نیب وکیل نے گزشتہ سماعت کے دوران عدالت کو بتایا تھا کہ پارک لین کیس میں بھی اہم پیش رفت ہوئی ہے، 27 اپریل 2019 کو چیئرمین نیب نے وارنٹ جاری کیے تھے۔

    تفتیشی افسر کا کہنا تھا آصف زرداری نے پروڈکشن آرڈر پر اسمبلی اجلاس میں شرکت کی، آصف زرداری سے تفتیش مکمل نہیں ہو سکی، صرف کل ہی ان سے تفتیش ہوسکی، جس پر جج نے کہا تھا ایک کے بعد دوسرے پھر تیسرے کیس میں گرفتار کیا جائےگا، بہتر نہیں کہ تمام مقدمات کے تفتیشی افسران کو تفتیش کی اجازت دے دیں؟ ایسا کرنے سے بار بارگرفتاری اور ریمانڈ کی ضرورت نہیں پڑے گی۔

    عدالت نے آصف زرداری کے پارک لین کیس میں جسمانی ریمانڈ کی درخواست پر فیصلہ محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے آصف زرداری کا 13روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کیا تھا

  • پیراگون اسکینڈل: خواجہ برادران کے خلاف سماعت 16 جولائی تک ملتوی کردی

    پیراگون اسکینڈل: خواجہ برادران کے خلاف سماعت 16 جولائی تک ملتوی کردی

    لاہور: احتساب عدالت میں مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ سعد رفیق اور خواجہ سلمان رفیق کے خلاف پیراگون ہاؤسنگ اسیکنڈل کیس کی سماعت 16 جولائی تک ملتوی ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت کے معزز جج جوادالحسن نے خواجہ برادران کے خلاف پیراگون ہاؤسنگ اسکینڈل کیس کی سماعت کی۔ نیب کی جانب سے ملزم خواجہ سعد رفیق اورسلمان رفیق کو عدالت کے سامنے پیش کیا گیا۔

    عدالت میں سماعت کے دوران تفتیشی افسر نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ ندیم ضیا، عمر ضیا اور فرحان علی سےمتعلق تفتیشی رپورٹ جمع کرا دی، تینوں افراد اپنے گھروں میں موجود نہیں ہیں۔

    تفتیشی افسر نے بتایا کہ تینوں ملزمان بیرون ملک فرار ہوچکے ہیں، ملزمان کواشتہاری قرار دینے کی کارروائی کا آغاز کردیا گیا ہے۔خواجہ برادران کو آج ریفرنس کی نقول فراہم نہ کی جاسکیں، آئندہ سماعت پرخواجہ برادران کوریفرنس کی نقول فراہم دی جائیں گی۔

    بعدازاں احتساب عدالت نے مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ سعد رفیق اور خواجہ سلمان رفیق کے خلاف پیراگون ہاؤسنگ اسیکنڈل کیس کی سماعت 16 جولائی تک ملتوی کردی۔

    خواجہ برادران کی احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے، سڑکوں کو کنٹینرز لگا کر عام ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا۔

    خواجہ برادران کے جوڈیشل ریمانڈ میں 14 دن کی توسیع

    خیال رہے کہ گزشتہ سماعت پر احتساب عدالت نے نیب کو خواجہ سعد اور سلمان رفیق کے خلاف جلد ریفرنس دائر کرنے کا حکم دیتے ہوئے خواجہ برادران کے جوڈیشل ریمانڈ میں 13 جون تک توسیع کردی تھی۔

    نیب پراسیکیوٹر نے سماعت کے دوران دلائل دیتے ہوئے کہا تھا کہ آئندہ سماعت پر ملزمان کو ریفرنس کی نقول فراہم کر دیں گے۔

    واضح رہے 11 دسمبر کو لاہور ہائی کورٹ نے مسلم لیگ ن کے رہنماؤں خواجہ سعد رفیق اور ان کے بھائی سلمان رفیق کی عبوری ضمانت خارج کردی تھی، جس کے بعد قومی احتساب بیورو (نیب) نے دونوں بھائیوں کو حراست میں لے لیا تھا۔

    خواجہ برادران کو پیراگون ہاؤسنگ اسکینڈل میں گرفتار کیا گیا ہے جبکہ دونوں بھائی پیراگون ہاؤسنگ اسکینڈل سمیت 3 مقدمات میں نیب کو مطلوب تھے۔

  • اسحٰق ڈار کے خلاف اثاثہ جات ریفرنس کی سماعت 17 جولائی تک ملتوی

    اسحٰق ڈار کے خلاف اثاثہ جات ریفرنس کی سماعت 17 جولائی تک ملتوی

    اسلام آباد: سابق وزیر خزانہ اسحٰق ڈار کے خلاف آمدنی سے زائد اثاثہ جات کے ضمنی ریفرنس میں کیس کے تفتیشی افسر نادر عباس نے بیان قلمبند کروا دیا۔

    تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت میں سابق وزیر خزانہ اسحٰق ڈار کے خلاف آمدنی سے زائد اثاثہ جات کے ضمنی ریفرنس پر سماعت ہوئی۔ سماعت احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے کی۔

    سماعت کے دوران شریک ملزمان نعیم محمود، منصور رضا رضوی اور سابق صدر نیشنل بینک سعید احمد عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔ کیس کے تفتیشی افسر نادر عباس نے اپنا بیان قلمبند کروا دیا۔

    عدالت نے مزید سماعت 17 جولائی تک ملتوی کردی، آئندہ سماعت پر تفتیشی افسر نادر عباس پر وکیل صفائی جرح کریں گے۔

    خیال رہے کہ اس سے قبل اسحٰق ڈار کے اکاؤنٹس سے 36 کروڑ روپے پنجاب حکومت کو منتقل کیے جاچکے ہیں۔ اسحٰق ڈار کے مختلف کمپنیوں کے بینک اکاؤنٹس چند ماہ پہلے منجمد کیے گئے تھے۔ اس سے قبل بھی عدالت کے حکم پر اسحٰق ڈار کی جائیداد قرقکی جاچکی ہے۔

    اسحٰق ڈار کیس کے تفتیشی افسر نادر عباس کے مطابق اسحٰق ڈار کی موضع ملوٹ اسلام آباد میں واقع 6 ایکڑ اراضی فروخت کی جاچکی ہے، اراضی کیس کی تفتیش شروع ہونے سے پہلے فروخت کی گئی۔

    اسحٰق ڈار کا گلبرگ 3 لاہور میں گھر بھی صوبائی حکومت کی تحویل میں دیا جاچکا ہے جبکہ اسحٰق ڈار کے اکاؤنٹس میں موجود رقم بھی صوبائی حکومت کی تحویل میں دے دی گئی تھی۔