Tag: احتساب عدالت

  • فریال تالپورکے جسمانی ریمانڈ میں 14 دن  کی توسیع

    فریال تالپورکے جسمانی ریمانڈ میں 14 دن کی توسیع

    اسلام آباد: احتساب عدالت نے جعلی اکاؤنٹس کیس میں سابق صدر آصف زرداری کی ہمشیرہ فریال تالپور کے جسمانی ریمانڈ میں 14 دن کی توسیع کردی۔

    تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت کے معزز جج ارشد ملک نے جعلی اکاؤنٹس کیس سے متعلق آصف علی زرداری اور فریال تالپور کے خلاف سماعت کی۔

    سابق صدر آصف علی زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور احتساب عدالت کے جج ارشد ملک کے روبرو پیش ہوئے۔

    عدالت میں سماعت کے دوران نیب پراسیکیوٹر نے 14 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ فریال تالپورسے ایک دن بھی تفتیش نہیں کی ہے، فریال تالپورپروڈکشن آرڈر پرسندھ اسمبلی میں شریک ہیں۔

    نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ سندھ اسمبلی اجلاس کی وجہ سے تفتیش نہیں کی جاسکی جس پر فریال تالپور کے وکیل لطیف کھوسہ نے کہا کہ سیدھا کہیں کچھ حاصل نہیں ہوا۔

    احتساب عدالت کے جج نے استفسار کیا کہ اسمبلی کا سیشن چل رہا ہے جس پر وکیل لطیف کھوسہ نے جواب دیا جی سندھ اسمبلی کا اجلاس ابھی جاری ہے۔

    احتساب عدالت نے جعلی اکاؤنٹس کیس میں سابق صدر آصف زرداری کی ہمشیرہ فریال تالپور کے جسمانی ریمانڈ میں 14 دن کی توسیع کرتے ہوئے سماعت 22 جولائی تک ملتوی کردی۔

    جعلی اکاؤنٹس کیس: نیب نے فریال تالپورکوگرفتارکرلیا

    یاد رہے کہ 14 جون کو پاکستان پیپلزپارٹی کی رہنما فریال تالپور کو جعلی اکاؤنٹس کیس میں نیب نے گرفتار کیا تھا، ان کی رہائش گاہ کو سب جیل قرار دے دیا گیا تھا۔

  • آصف زرداری کی ہمشیرہ فریال تالپور اسلام آباد منتقل

    آصف زرداری کی ہمشیرہ فریال تالپور اسلام آباد منتقل

    اسلام آباد: سابق صدر آصف علی زرداری کی ہم شیرہ اور جعلی اکاؤنٹس کیس میں گرفتار فریال تالپور کو اسلام منتقل کر دیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق نیب ذرایع کا کہنا ہے کہ فریال تالپور کو آج کراچی سے اسلام آباد منتقل کر دیا گیا ہے، کل فریال تالپور کو احتساب عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

    ذرایع کا کہنا ہے کہ احتساب عدالت سے فریال تالپور کے مزید ریمانڈ کی استدعا کی جائے گی۔

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ 24 جون کو فریال تالپور کو اسپیکر سندھ اسمبلی کی جانب سے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کے بعد سندھ اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لیے کراچی منتقل کیا گیا تھا۔

    کراچی منتقلی پر فریال تالپور کو خیابان شمشیر فیز 8 میں واقع ان کے گھر میں رکھا گیا اور گھر کو سب جیل قرار دے دیا گیا تھا، بجٹ کی منظوری تک فریال تالپور کو سندھ اسمبلی لایا جاتا رہا۔

    یہ بھی پڑھیں:  جعلی اکاؤنٹس کیس: فریال تالپور کے جسمانی ریمانڈ میں 8 جولائی تک توسیع

    چوبیس جون کو فریال تالپور کو جعلی اکاؤنٹس کیس میں احتساب عدالت میں بھی پیش کیا گیا تھا، جہاں عدالت نے ان کا 14 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے ریمانڈ میں 8 جولائی تک توسیع کر دی تھی۔

    یاد رہے 10 جون کو جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق صدر آصف زرداری اور فریال تالپور کی درخواست ضمانت مسترد کردی تھی اور گرفتار کرنے کا حکم دیا تھا، جس کے بعد 14 جون کو فریال تالپور کو جعلی اکاؤنٹس کیس میں نیب نے گرفتار کیا اور ان کی رہایش گاہ کو سب جیل قرار دے دیا۔

  • احتساب عدالت کے جج ارشد ملک نے مریم نواز کے الزامات کو بے بنیاد اورجھوٹا قراردے دیا

    احتساب عدالت کے جج ارشد ملک نے مریم نواز کے الزامات کو بے بنیاد اورجھوٹا قراردے دیا

    اسلام آباد: احتساب عدالت کے معزز جج ارشد ملک نے مریم نوازکی پریس کانفرنس میں دکھائی گئی ویڈیو کوحقائق کے برعکس قرار دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت کے جج ارشد ملک نے پریس ریلیز کے ذریعے اپنے خلاف سامنے آنے والی مبینہ ویڈیو پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ میری ذات اورخاندان کی ساکھ متاثرکرنے کی سازش کی گئی۔

    معزز جج کی جانب سے جاری پریس ریلیز میں کہا گیا کہ نوازشریف اور ان کے خلاف کے خلاف مقدمات کی سماعت کے دوران ان کے نمائندوں سے بارہا نہ صرف رشوت کی پیش کش کی گئی بلکہ تعاون نہ کرنے کی صورت میں سنگین نتائج کی دھمکیاں بھی دی گئیں جنہیں سختی سے رد کرتے ہوئے حق پر قائم رہنے کا عزم کیا۔

    فاضل جج نے کہا کہ اگر دباؤ یا رشوت کی لالچ میں فیصلہ سناتا تو ایک مقدمے میں سزا اور دوسرے میں بری نہ کرتا، انصاف کرتے ہوئے شواہد کی بنا پر نوازشریف کو العزیزیہ کیس میں سزا اور فلیگ شپ کیس میں بری کیا۔

    انہوں نے کہا کہ مجھ پر بالواسطہ یا بلا واسطہ کوئی دباؤ نہیں تھا، مریم نواز کی پریس کانفرنس میں دکھائی گئی ویڈیو جعلی، جھوٹی اورمفروضوں پرمبنی ہے، اس ویڈیو میں ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی کی جانی چاہیے۔

    احتساب عدالت کے جج نے کہا کہ گزشتہ روز مریم نواز کی جانب سے پریس کانفرنس میں مجھ پر سنگین الزامات لگائے گئے اور میری ذات اور میرے خاندان کی ساکھ کو متاثر کرنے کی سازش کی گئی۔

    معزز جج نے کہا کہ ناصربٹ اوراس کے بھائی سے وکالت کے دورکی پرانی شناسائی ہے انہوں نے مزید کہا کہ خدا کو حاضر ناظرجان کر قانون وشواہد کی بنیاد پرفیصلے کیے۔

    مریم نواز احتساب عدالت کے جج کی مبینہ ویڈیو سامنے لے آئیں

    یاد رہے کہ گزشتہ روز مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے اپنے والد اور پارٹی قائد نوازشریف کے خلاف احتساب عدالت کے کیس میں جج ارشد ملک کی خفیہ کیمرے سے بنی مبینہ ویڈیو سامنے لائی تھیں۔

  • میں دنیا کا خطرناک ترین انسان ہوں  ، شہباز شریف

    میں دنیا کا خطرناک ترین انسان ہوں ، شہباز شریف

    لاہور : لاہور احتساب عدالت میں رمضان شوگر ملز کیس میں اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی شہباز شریف نے بیان میں کہا میں دنیا کے خطرناک ترین انسان ہوں ، مگر عوامی خدمت میں بے ایمانی نہیں کی، میں نے رمضان شوگر ملز کے حوالے سے کوئی فائدہ اٹھایا نہ تعلق ہے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کی احتساب عدالت میں رمضان شوگر ملز کیس کی سماعت ہوئی ، احتساب عدالت کے جج ارشد نعیم نے کیس کی سماعت کی۔ نیب ٹیم نے حمزہ شہباز کو عدالت کے روبرو پیش کیا جبکہ شہباز شریف بھی عدالت میں موجود تھے۔

    شہباز شریف نے عدالت کے روبرو بیان قلمبند کراتے ہوئے کہا کہ مجھے ایک دن قبر میں جانا ہے اللہ کی عدالت میں پیش ہونا ہے ، میں اگر جھوٹ بولوں گا تو مجھے اللہ سزا دے، عدالت میں جو بتاؤں گا حقائق اور دستاویزات پر مبنی ہو گا، عدالت کا وقت ضائع نہیں کروں گا نہ اپنے کارنامے یہاں سناؤں گا، آج صرف رمضان شوگر ملزسےمتعلق عدالت کو حقائق سےآگاہ کروں گا۔

    اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی کا اپنے بیان میں کہنا تھ حقائق عدالت کو بتاؤں گا اس سے ثابت ہو گاکیس جھوٹا ہے میں دنیا کا خطرناک ترین انسان ہوں مگراللہ کو حاضر ناظر جان کر کہتا ہوں عوامی خدمت میں کوئی بے ایمانی نہیں کی۔

    انھوں نے کہا میں نے رمضان شوگر ملز کے حوالے سے کوئی فائدہ اٹھایا نہ تعلق ہے ، میرے بچے خودمختار ہیں اور وہ کاروبار کودیکھتے ہیں ، جھوٹےمقدمے بنا کر میری تذلیل کر رہے ہیں۔

    شہباز شریف کا عدالت میں کہنا تھا عوام کو کیا پیغام دینا چاہتے ہیں، 2015 میں گنےکی قیمت زیادہ اور چینی فروخت نہیں ہو رہی تھی، مجھےمیرےخاندان کے لوگوں نےکہاگنے کی قیمت کم کر دوں، میں نے گنے کے کاشتکاروں کو نقصان سے بچانے کے لیے قیمت کم نہیں کی۔

    ن لیگی رہنما نے کہا سندھ میں بھی یہی صورتحال پیدا ہوئی تو لوگ ہائیکورٹ چلے گئے، سندھ حکومت نے اس پر اربوں کی سبسڈی دی ، سندھ سے سبسڈی ملنےکے بعد تمام سٹیک ہولڈرز میرے ارد گرد جمع ہو گئے کہ قیمت کم کرو۔

    شہباز شریف کا مزید کہنا تھا میرے بچوں سمیت ملز مالکان کااربوں کا نقصان ہوا، لیکن میں نے کہا کہ مجھے استعفی دینا پڑےتو دوں گامگر قیمت کم نہیں کروں گا۔

    خیال رہے رمضان شوگر ملز میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز پر فردجرم کی جا چکی ہے، عدالت نے شہادتوں کے لیے گواہان کو بھی طلب کر رکھاہے ۔

  • ہم کمزورنہیں صاحب ، 13سال قید تنہائی کاٹی،  ڈرنےوالےاور ہوں گے، زرداری کاجج سےمکالمہ

    ہم کمزورنہیں صاحب ، 13سال قید تنہائی کاٹی، ڈرنےوالےاور ہوں گے، زرداری کاجج سےمکالمہ

    اسلام آباد‌: جعلی اکاؤنٹس کیس میں سابق صدر آصف زرداری نے جج سےمکالمے میں کہا ہم کمزور نہیں، تیرہ سال قید تنہائی کاٹی ہے، وہ اور ہوں گے جو ڈرتے ہیں، فاضل جج نے جواب دیا سب ایک سے نہیں ہوتے، کچھ لوگ شیر سے لڑ جاتے اور کچھ چھوٹے جانور سے ڈرتے ہیں، عدالت نے فردجرم کیلئے ملزمان کو ریفرنس کی نقول فراہم کرنےکاحکم دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت میں جعلی اکاؤنٹس کیس کی سماعت ہوئی ، ،نیب حکام نے آصف زرداری کو اسلام آباد کی احتساب عدالت میں پیش کیا، سماعت شروع ہوئی تو حسین لوائی اور طحہ رضا کے وکیل نے دونوں ملزموں کی عدم موجودگی پر اعتراض کیا۔

    وکیل صفائی نے استفسارکیا کہ دونوں ملزم نیب کی تحویل میں تھے کہیں اُنہیں مار تو نہیں دیا، دونوں ملزموں سے نہ وکلا کو نہ ہی اہلخانہ کو ملنے دیتے ہیں، دونوں ملزموں پر نیب نے ضرور تشدد کیا ہو گا، دونوں ملزم بیمار تھے کچھ پتہ نہیں انہیں نیب نے کیا کھلا دیا ہو۔

    جج ارشد ملک نے کہا کہ اسلم مسعود ہسپتال میں ہیں، اسلم مسعود کی میڈیکل عدالت میں پیش کردی گئی ہے۔
    .
    اس موقع پر آصف زرداری نے کہا کہ وائٹ کالر کرائم ہے اس میں ان ملزمان کو ہتھکڑیاں لگائی گئی ہیں، تمام ملزمان پڑھے لکھے ہیں، آصف زرداری نے میگا منی لانڈرنگ کیس کے ملزمان کی ہتکھڑیاں کھولنے کی استدعا کردی۔

    جج ارشد ملک نے استفسار کیا یہ ملزمان نیب کی تحویل میں ہیں یا جیل میں، وکیل نے عدالت کوبتایا کہ ملزمان جیل میں ہیں، جس پر فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ عدالت میں تو پولیس کو پستول لانے کی اجازت نہیں، ان کو ہتکھڑیاں لگائی گئیں ہیں۔

    جج ارشد ملک نے استفسارکیا کہ فریال تالپور کہاں ہیں، اورانورمجید کواسلام آباد منتقل کیا گیا یا نہیں؟ تفتیشی افسر نے کہا کہ فریال تالپور پروڈکشن آرڈر پر کراچی میں سندھ اسمبلی کے اجلاس میں ہیں۔

    جج کے استفسار پر آصف زرداری روسٹرم پر آگئے اور بولے انور مجیدکا صرف تیس فیصد دل کام کرتا ہے، انہیں اسپتال سے اٹھایا گیا، یہ لوگ ڈکیت نہ ملک دشمن اورنہ ہی سماج دشمن عناصر ہیں۔

    اس جواب پرفاضل جج نے کہا سماج دشمن کےعلاوہ ایک اناج دشمن بھی ہوتا ہے،ان ریمارکس پرکمرہ عدالت میں قہقہے گونج اٹھے۔

    ملزم عبدالغنی مجیدنےجب یہ کہا نیب نے اسے اسپتال سے اٹھایا ہے، طبی سہولتیں دی جائیں تو جج نے کہا نیب ہیڈکوارٹرز کو کسی اسپتال میں ہی منتقل نہ کردیں؟ کوئی اندر سے خود کنڈی لگا کر دو دن بیٹھا رہے، اس کی طبیعت خراب نہیں ہوتی ، اس کیس میں ایسا ہی ہورہا ہے،گرفتار ہوکر بیمارہوجاتے ہیں۔

    آصف زرداری نے فاضل جج سے مکالمےمیں کہاایسےبھی ہم کمزورنہیں صاحب، وہ اورہوں گےجوڈرتے ہیں ، جس پر جج نےجواب دیا سب ایک جیسےنہیں ہوتے، کچھ لوگ شیر سے لڑ جاتے ہیں کچھ چھوٹے سے جانور سے ڈرتے ہیں۔

    سماعت میں نمر مجید، ذوالقرنین مجید اور علی مجید نے بریت کی درخواستیں دائر کیں توفاضل جج نے کہا تھوڑا صبر نہیں ابھی سے بریت کی درخواست لے آئے ہیں،

    عدالت نےفریقین کوسننےکےبعدفردجرم کیلئے ملزمان کو ریفرنس کی نقول فراہم کرنےکاحکم دیتے ہوئے سماعت ملتوی کردی، آٹھ جولائی کوفردجرم کی تاریخ مقرر کئے جانے کا امکان ہے۔

  • پیراگون اسکینڈل: احتساب عدالت میں خواجہ برادران کے خلاف سماعت آج ہوگی

    پیراگون اسکینڈل: احتساب عدالت میں خواجہ برادران کے خلاف سماعت آج ہوگی

    لاہور: احتساب عدالت میں مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ سعد رفیق اور خواجہ سلمان رفیق کے خلاف پیراگون ہاؤسنگ اسیکنڈل کیس کی سماعت آج ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت کے معزز جج جوادالحسن خواجہ برادران کے خلاف پیراگون ہاؤسنگ اسکینڈل کیس کی سماعت کریں گے۔ جیل حکام نامزد ملزم خواجہ سعد رفیق اورسلمان رفیق کو عدالت کے سامنے پیش کریں گے۔

    خواجہ برادران کی احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، سڑکوں کو کنٹینرز لگا کر عام ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔

    خیال رہے کہ گزشتہ سماعت پر احتساب عدالت نے نیب کو خواجہ سعد اور سلمان رفیق کے خلاف جلد ریفرنس دائر کرنے کا حکم دیتے ہوئے خواجہ برادران کے جوڈیشل ریمانڈ میں 13 جون تک توسیع کردی تھی۔

    نیب پراسیکیوٹر نے سماعت کے دوران دلائل دیتے ہوئے کہا تھا کہ آئندہ سماعت پر ملزمان کو ریفرنس کی نقول فراہم کر دیں گے۔

    واضح رہے 11 دسمبر کو لاہور ہائی کورٹ نے مسلم لیگ ن کے رہنماؤں خواجہ سعد رفیق اور ان کے بھائی سلمان رفیق کی عبوری ضمانت خارج کردی تھی، جس کے بعد قومی احتساب بیورو (نیب) نے دونوں بھائیوں کو حراست میں لے لیا تھا۔

    خواجہ برادران کو پیراگون ہاؤسنگ اسکینڈل میں گرفتار کیا گیا ہے جبکہ دونوں بھائی پیراگون ہاؤسنگ اسکینڈل سمیت 3 مقدمات میں نیب کو مطلوب تھے۔

  • نندی پور پاور پراجیکٹ تاخیر ریفرنس  ، بابر اعوان  کو بری کردیا گیا

    نندی پور پاور پراجیکٹ تاخیر ریفرنس ، بابر اعوان کو بری کردیا گیا

    اسلام آباد : نندی پور پاور پراجیکٹ میں تاخیرسےمتعلق ریفرنس میں بابراعوان کو بری کردیا گیا جبکہ سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کی بریت کی درخواست مسترد کردی۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کی احتساب عدالت میں نندی پور پاور پراجیکٹ میں تاخیر سے متعلق ریفرنس پر سماعت ہوئی ، سماعت میں عدالت نے بریت کی درخواستوں پر محفوظ فیصلہ سنا دیا، احتساب عدالت کے جج محمد ارشد ملک نے بریت کی درخواستوں پر فیصلہ سنایا۔

    احتساب عدالت نے بابراعوان کو بری کر دیا اور ریاض کیانی کی بریت کی درخواست بھی منظور کرلی جبکہ شمائلہ محمود، پرویز اشرف اور ریاض محمود کی بریت کی درخواستیں مسترد کردیں۔

    گزشتہ روز احتساب عدالت میں نندی پور پاور پروجیکٹ ریفرنس کی سماعت جج محمد ارشد ملک نے کی تھی، دوران سماعت جج ارشد ملک نے استفسار کیا کہ نندی پور پاور پروجکیٹ ریفرنس میں کتنے ملزمان ہیں؟، ملزمان کے خلاف کیا الزام ہے مختصر بتا دیں،کیا ملزمان پر کرپشن اور رشوت کا الزام ہے؟ پھر ملزمان پر کیا الزام ہے بتا دیں۔

    جس پر نیب پراسیکیوٹر عثمان مسعود ملزمان کی بریت کی درخواستوں کے خلاف د لائل دیتے ہوئے کہا تھا کہ سات ملزمان ہیں بریت کی پانچ درخواستیں دائر ہوئی ہیں،کیس میں چار گواہان کے بیانات قلمبند ہوچکے ہیں۔

    نیب پراسیکیوٹر نے کہا تھا کسی بھی ملزم کے خلاف کرپشن اور رشوت لینے کا الزام نہیں ہے، ملزمان پر بددہانتی کا الزام  ہے، وزیر اعظم کابینہ کے احکامات کے باوجود پراجیکٹ میں تاخیر کی گئی،پراجیکٹ میں تاخیر سے27بلین کا نقصان ہوا۔

    وکیل راجا پرویز اشرف کا کہنا تھا کہ نندی پور پاور پراجیکٹ سے 425 میگا واٹ بجلی پیدا ہونی تھی،آج تک نندی پور پاور پلانٹ سے کوئی بجلی پیدا نہیں ہوئی، نندی پور پاور پراجیکٹ میں تاخیر کے حوا لے سے ایک ریفرنس لاہور میں بھی زیر التوا ہے،2014سے انکوائری شروع ہوئی تو 2017 تک نیب نے کیا کیا، نیب  نے جان بوجھ کر مناسب وقت کا انتظار کر کے ریفرنس فائل کیا۔

    ملزمان کی بریت کی درخواستوں پر دلائل مکمل ہونے کے بعد احتساب عدالت نے پانچ ملزمان کی بریت کی درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کر لیا تھا۔

    یاد رہے نیب کے مطابق پیپلزپارٹی کے دور حکومت میں وزراء کی ملی بھگت سے نندی پور پاور پراجیکٹ منصوبے میں 2 سال کی تاخیرہونے سے قومی خزانے کو 27 ارب کا نقصان پہنچا تھا۔

    نندی پور پاور پراجیکٹ کیس میں سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف، سابق وزیرقانون بابراعوان، سابق سیکریٹری قانون اور دیگر پر فرد جرم عائد ہوچکی ہے۔

    واضح رہے کہ نیب ریفرنس میں عائد الزامات پر بابراعوان وزیراعظم کے مشیر برائے پارلیمانی امور کے عہدے سے مستعفی ہوگئے تھے۔

  • فریال تالپورکوآج احتساب عدالت میں پیش کیا جائے گا

    فریال تالپورکوآج احتساب عدالت میں پیش کیا جائے گا

    اسلام آباد: جعلی اکاؤنٹس کیس میں گرفتار سابق صدر آصف علی زرداری کی ہمشیرہ فریال تالپور کو آج احتساب عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق نیب کی جانب سے پیپلزپارٹی کی رہنما فریال تالپور کو آج اسلام آباد کی احتساب عدالت میں‌ پیش کیا گیا۔ معزز جج ارشد ملک کیس کی سماعت کریں گے

    ذرائع کے مطابق نیب کی جانب سے فریال تالپور کا مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی جائے گی۔

    خیال رہے کہ پیپلزپارٹی کی رہنما فریال تالپور کو 15 جون کو نیب کی جانب سے اسلام آباد کی احتساب عدالت میں‌ پیش کیا گیا تھا۔

    سردار مظفر عباسی نے کہا تھا کہ فریال تالپور کے گھر کو سب جیل کا درجہ دیا گیا ہے، سب جیل پر2 خواتین افسران کو تعینات کیا گیا ہے، خاتون افسران میں ڈپٹی اسسٹنٹ ڈائریکٹر نیب ارفع بی بی اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر ارشم بشارت شامل ہیں۔

    ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل نیب نے دلائل دیتے ہوئے کہا تھا کہ ملزمہ سے تفتیش کے لیے 14 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کیا جائے۔ احتساب عدالت نے فریال تالپور کا 9 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے 24 جون کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیا تھا۔

    جعلی اکاؤنٹس کیس: نیب نے فریال تالپورکوگرفتارکرلیا

    یاد رہے کہ 14 جون کو پاکستان پیپلزپارٹی کی رہنما فریال تالپور کو جعلی اکاؤنٹس کیس میں نیب نے گرفتار کیا تھا، ان کی رہائش گاہ کو سب جیل قرار دے دیا گیا تھا۔

  • جعلی اکاؤنٹس کیس: آصف علی زرداری کے ریمانڈ‌میں 11 روز کی توسیع

    جعلی اکاؤنٹس کیس: آصف علی زرداری کے ریمانڈ‌میں 11 روز کی توسیع

    اسلام آباد: جعلی اکاؤنٹس کیس میں گرفتار سابق صدرآصف علی زرداری کے ریمانڈ میں احتساب عدالت  نے 11 روز کی توسیع کردی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کی احتساب عدالت میں سابق صدر آصف علی زرداری کے خلاف جعلی اکاؤنٹس کیس کی سماعت معزز جج ارشد ملک  نے کی ، نیب کی جانب سے ریمانڈ میں 14 روز کی توسیع کے لیے درخواست کی گئی۔

    فریقین کے دلائل سننے کے بعد احتساب عدالت نے سابق صدر کے ریمانڈ میں 11 روز کی توسیع کرتے ہوئے 11 فاروق ایچ نائیک کی درخواست پر دو جون کو سماعت مقرر کردی۔

    عدالت میں سماعت کے بعد نیب کی ٹیم پارلیمنٹ کی جانب سے جاری کردہ پروڈکشن آرڈر کے سبب آصف علی زرداری کو لے کر پارلیمنٹ ہاؤس پہنچ گئی جہاں وہ اجلاس میں حصہ لیں گے۔

    احتساب عدالت میں آج سابق صدر آصف علی زرداری کی پیشی کے موقع پر پولیس نے پیپلزپارٹی کے رہنماؤں کو عدالت میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جس کے بعد پیپلزپارٹی کے ارکان پارلیمنٹ عدالت کے باہرموجود رہے۔

    سابق صدر کی احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پرسیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔ عدالت کی جانب آنے والے تمام راستے بند کردیے گئے ہیں۔

    خیال رہے کہ 10 جون کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے جعلی اکاؤنٹس کیس میں آصف علی زرداری اور ان کی بہن فریال تالپورکی درخواست ضمانت مسترد کردی تھی۔

    اسلام آباد ہائی کورٹ سے ضمانت مسترد ہونے کے بعد نیب کی ٹیم نے پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کو زرداری ہاؤس اسلام آباد سے گرفتار کیا تھا۔

    نیب کی 15 رکنی ٹیم میں سے 6 اہلکاروں کو زرداری ہاؤس میں داخلے کی اجازت دی گئی تھی جنہوں نے سابق صدر کو گرفتار کرکے انہیں نیب دفتر راولپنڈی منتقل کیا تھا۔

    بعدازاں 11 جون کو احتساب عدالت نے آصف علی زرداری کا 10 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کیا تھا اور انہیں 21 جون کو دوبارہ عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا تھا۔

    سابق صدر آصف علی زرداری کی جسمانی ریمانڈ کے دوران بچوں سے ملاقات کرائی گئی، اسپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے پروڈکشن آڈر جاری ہونے کے بعد پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین نے قومی اسمبلی کے اجلاس میں بھی شرکت کی۔

  • احتساب عدالت نے آصف زرداری کے بچوں کو ملاقات کی اجازت دے دی

    احتساب عدالت نے آصف زرداری کے بچوں کو ملاقات کی اجازت دے دی

    اسلام آباد : احتساب عدالت نے سابق صدر آصف علی زرداری کے بچوں کو ملاقات کی اجازت دے دی ،آصف علی زرداری دس روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حراست میں ہیں۔

    تٍفصیلات کے مطابق سابق صدر آصف علی زرداری کے وکیل فاروق ایچ نائک نے بچوں سے ملاقات کے لئے احتساب میں درخواست دائر کی، جس میں استدعا کی گئی کہ آصف علی زرداری کی بچوں کو ملاقات کی اجازت دے دیں۔.

    احتساب عدالت نے استدعا منظور کرتے ہوئے سابق صدر آصف علی زرداری سے بچوں کو ملاقات کی اجازت دے دی۔

    خیال رہے کہ آصف علی زرداری دس روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حراست میں ہیں۔

    دوسری جانب جعلی اکاؤنٹس کیس میں سابق صدر آصف زرداری اور فریال تالپور کی ضمانت حاصل کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ، قانونی ٹیم کا کہنا ہے دونوں کی عبوری ضمانت مسترد ہونے کے فیصلے قانونی نکات کو نظرانداز کیاگیا۔

    مزید پڑھیں : سابق صدر آصف زرداری اور فریال تالپور کی ضمانت حاصل کرنے کا فیصلہ

    ذرائع کے مطابق آصف زرداری اورفریال تالپورکی درخواست ضمانت وکیل کےتوسط سےدائرکی جائے گی، درخواست ضمانت چند روز میں اسلام آباد ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ میں دائر کی جائے گی۔

    یاد رہے 10 جون کو جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق صدر آصف زرداری اور فریال تالپور کی درخواست ضمانت مسترد کردی تھی اور گرفتار کرنے کا حکم دیا تھا۔

    جس کے بعد نیب ٹیم نے سابق صدر آصف زرداری کو زرداری ہاؤس سے گرفتار کرلیا تھا، بعد ازاں احتساب عدالت نے آصف زرداری کو 21 جون تک جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کردیا تھا۔