Tag: احتساب عدالت

  • رمضان شوگرملز کیس: شہبازشریف کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور

    رمضان شوگرملز کیس: شہبازشریف کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور

    لاہور: احتساب عدالت نے رمضان شوگر ملز کیس میں اپوزیشن لیڈر شہبازشریف کی ایک دن کے لیے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرلی۔

    تفصیلات کے مطابق رمضان شوگر ملز ریفرنس میں شہباز شریف بیرون ملک ہونے کی وجہ سے احتساب عدالت میں پیش نہ ہوسکے، حمزہ شہباز عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔

    شہبازشریف کے وکیل نے اپنے موکل کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی گئی جس میں موقف اختیار کیا گیا کہ پاکستان میں شہبازشریف کے ٹیسٹ کی سہولت میسر نہیں ہے۔

    نیب پراسیکیوٹر نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ شہبازشریف عدالت کی اجازت کے بغیر بیرون ملک گئے، ملزم کی جانب سے بار بار حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دے دی جاتی ہے، ملزم کی حاضری سے استثنیٰ کی بار بار کی درخواستوں کی وجہ سے کیس کا ٹرائل رکا ہوا ہے۔

    عدالت نے شہبازشریف کی ایک دن کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرتے ہوئے شہبازشریف کے وکیل امجد پرویز کو ہدایت کی کہ وہ اپنے موکل سے ہدایات لے کرآئیں کہ وہ کس حتمی تاریخ کو عدالت کے سامنے پیش ہوں گے۔

    احتساب عدالت نے رمضان شوگر ملز کیس کی سماعت 28 مئی تک کے لیے ملتوی کردی۔

  • شرجیل میمن کیس میں اہم انکشافات، اثاثوں کی اصل تفصیل سامنے آ گئی

    شرجیل میمن کیس میں اہم انکشافات، اثاثوں کی اصل تفصیل سامنے آ گئی

    کراچی: سابق صوبائی وزیر شرجیل میمن کیس میں اہم انکشافات ہوئے ہیں، شرجیل میمن کے اثاثوں کی اصل تفصیل سامنے آ گئی۔

    تفصیلات کے مطابق شرجیل میمن کے اثاثے اصل میں کتنے تھے اور ظاہر کتنے کیے گئے، اے آر وائی نیوز نے نیب کی تحقیقاتی رپورٹ حاصل کر لی۔

    رپورٹ کے مطابق 2011-18 تک ٹیکس کی مد میں 22 کروڑ 64 لاکھ 61 ہزار 991 روپے آمدن ظاہر کی گئی تھی، اور ایف بی آر کے مطابق خاندان کی آمدن 28 کروڑ 94 لاکھ 94 ہزار 591 روپے ظاہر کی گئی۔

    ادھر نیب کا کہنا ہے کہ ایف بی آر کے مطابق خاندان کی آمدن، جائیداد اور اثاثہ جات کی کُل مالیت میں بڑا فرق پایا گیا ہے، شرجیل میمن کی اصل انکم 1 ارب 71 کروڑ 53 لاکھ 60 ہزار 700 روپے ہے۔

    اصل اور ظاہری مالیت میں 1 ارب 42 کروڑ 58 لاکھ 66 ہزار 109 روپے کا بڑا فرق نکل آیا ہے، تحقیقات میں ملزم پر بد عنوانی اور کرپشن میں مسلسل ملوث ہونا پایا گیا۔

    نیب کا کہنا ہے کہ ملزم شرجیل میمن کے خلاف نیب کی دفعہ سیکشن 9 اے وی 1999 کے تحت کارروائی کی جائے گی۔

    بتایا گیا کہ ملزم شرجیل میمن کے بیرون ملک اربوں روپے کے اثاثہ جات ہیں، سابق وزیر دبئی میں کئی فلیٹس اور ولاز کا بھی مالک ہے، ملزم انٹرنیشنل گلف گروپ میں کاروباری شراکت بھی رکھتا ہے، نیب نے کہا کہ ملزم کے خلاف تحقیقات ابھی جاری ہیں۔

    دریں اثنا، آج احتساب عدالت میں محکمہ اطلاعات میں پونے 6 ارب روپے کرپشن ریفرنس کی سماعت ہوئی، سابق صوبائی وزیر شرجیل میمن اور دیگر ملزمان عدالت میں پیش ہوئے۔

    تاہم، نیب کے گواہ کی عدم حاضری کے باعث سماعت ملتوی کر دی گئی، عدالت نے نیب کے گواہ کو حاضری یقینی بنانے کا حکم جاری کیا اور سماعت کل تک ملتوی کر دی۔

  • احتساب عدالت میں جعلی اکاؤنٹس کیس کی سماعت 30 مئی تک ملتوی

    احتساب عدالت میں جعلی اکاؤنٹس کیس کی سماعت 30 مئی تک ملتوی

    اسلام آباد: احتساب عدالت نے سابق صدر آصف علی زرداری اور فریال تالپور سمیت دیگر ملزمان کے خلاف جعلی بینک اکاؤنٹس کیس کی سماعت 30 مئی تک ملتوی کردی۔

    تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت کے معزز جج محمد ارشد ملک نے جعلی بینک اکاؤنٹس کیس کی سماعت کی۔

    سابق صدر آصف علی زرداری اور ان کی ہمشیرہ احتساب عدالت میں پیشی کے بعد روانہ ہوگئے۔

    عدالت میں سماعت کے دوران عبدالغنی مجید کی جانب سے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائرکی گئی جس میں کہا گیا کہ ملزم کے پروڈیکشن آرڈرجاری ہوئے تھے لیکن وہ بیمار ہیں۔

    دوسری جانب حسین لوائی کے وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ ان کے موکل کو ایف آئی اے نے گرفتارکیا تھا، حسین لوائی کومچلکوں کے عوض رہائی کا حکم دیا جائے۔

    وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ حسین لوائی کوبھی آزاد رہ کرٹرائل کا سامنا کرنےکی اجازت دی جائے۔

    نیب پراسیکیوٹر نے حسین لوائی کی رہائی کی درخواست کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ کیس نیب کومنتقل ہوا ہے توملزمان کی حیثیت بھی برقرار رہے گی، ملزم کی رہائی کی درخواست خارج کی جائے۔

    احتساب عدالت نے حسین لوائی اور طٰہ رضا کی ضمانت کی درخواست مسترد کردی۔

    جعلی بینک اکاؤنٹس کیسزکی منتقلی سے متعلق سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی گئی، رجسٹرار آفس نے اپیل دائرکرنے کے لیے مزید 2 ہفتے کی مہلت دے دی۔

    سابق صدر آصف علی زرداری اور فریال تالپورکی کیس منتقلی فیصلے کے خلاف اپیل دائرنہ ہوسکی۔

    بعدازاں احتساب عدالت نے سابق صدر آصف علی زرداری اور فریال تالپور سمیت دیگر ملزمان کے خلاف جعلی بینک اکاؤنٹس کیس کی سماعت 30 مئی تک ملتوی کردی۔

    سابق صدر آصف علی زرداری اور ان کی بہن فریال تالپور جعلی بینک اکاؤنٹس کیس کی سماعت کے لیے عدالت میں پانچویں مرتبہ پیش ہوئے۔

    آصف علی زرداری کی احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے، عدالت کے احاطے میں غیر متعلقہ افراد کا داخلہ ممنوع تھا۔

    سپریم کورٹ نے 7 جنوری 2019 کو اپنے فیصلے میں نیب کو حکم دیا تھا کہ وہ جعلی اکاؤنٹس کی ازسرنو تفتیش کرے اور 2 ماہ میں مکمل رپورٹ پیش کرے جبکہ عدالت نے جے آئی ٹی رپورٹ بھی نیب کو بجھوانے کا حکم دیا تھا۔

    آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو نے 20 مارچ کو نیب کی انویسٹی گیشن ٹیم کے سامنے پیش ہوکربیان ریکارڈ کرایا تھا۔

  • شہبازشریف اور حمزہ شہباز کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور

    شہبازشریف اور حمزہ شہباز کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور

    لاہور: احتساب عدالت نے آشیانہ اقبال ہاؤسنگ اور رمضان شوگر مل کیس کی سماعت 25 مئی تک ملتوی کردی۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کی احتساب عدالت میں آشیانہ اقبال ہاؤسنگ اسکیم اوررمضان شوگرمل کیس کی سماعت ہوئی۔

    عدالت نے سماعت کے آغاز پراستفسار کیا کہ کیا شہباز شریف اورحمزہ شہباز موجود ہیں؟ جس پر وکیل نے جواب دیا کہ آج کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دی ہے۔

    احتساب عدالت نے ریمارکس دیے کہ شہباز شریف ملک سے باہر چلے گئے، انہوں نے ملک سے باہر جانے کی ٹرائل کورٹ سے اجازت نہیں لی۔

    نیب وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ شہبازشریف نے عدالت کی کارروائی کا مذاق اڑایا ہے، شہبازشریف کے وکیل نے کہا کہ ان کے موکل کے بہت سے ٹیسٹ ہونا ہیں اس لیے ملک سے باہر ہیں۔

    عدالت نے استفسار کیا کہ کیا یقین دہانی کرا سکتے ہیں کہ وہ 2 ہفتے بعد پیش ہوں گے جس پروکیل نے جواب دیا کہ جی !امید کی جاتی ہے کہ وہ علاج کے بعد پاکستان واپس آجائیں گے۔

    نیب وکیل نے کہا کہ حاضری معافی کی درخواست کو مسترد کیا جائے، گزشتہ 3 سماعتوں سے وہ عدالت میں پیش نہیں ہو رہے۔

    احتساب عدالت نے شہبازشریف اور حمزہ شہباز کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرتے ہوئے کیس کی سماعت 25 مئی تک کے لیے ملتوی کردی۔

  • احتساب عدلت میں چوہدری برادران کے خلاف پلاٹس کی خریداری کا کیس بند

    احتساب عدلت میں چوہدری برادران کے خلاف پلاٹس کی خریداری کا کیس بند

    لاہور: احتساب عدالت نے چوہدری شجاعت اور چوہدری پرویز الہٰی کے خلاف انکوائری بند کرنے کی درخواست منظور کر لی۔

    تفصیلات کے مطابق قومی احتساب بیورو (نیب) نے لاہور کی احتساب عدالت کو بتایا کہ پلاٹس ملازم نے خریدے، چوہدری شجاعت اور چوہدری پرویز الٰہی کا پلاٹس سے کوئی تعلق ثابت نہیں ہوا۔

    نیب رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پلاٹس کی خریداری سے چوہدری برادران کا کوئی تعلق نہیں ہے، چوہدری برادران کے خلاف کسی قسم کے ثبوت نہیں ملے۔

    خیال رہے کہ چوہدری برادران کے خلاف احتساب عدالت میں ایل ڈی اے سٹی میں 28 پلاٹس غیر قانونی طور پر خریدنے کا ریفرنس دائر کیا گیا تھا۔

    یہ بھی پڑھیں: پلاٹس کی فروخت : چوہدری برادران کیخلاف نیب انکوائری بند کرنے کی منظوری

    رواں سال جنوری میں قومی احتساب بیورو نے احتساب عدالت کو سفارش کی تھی کہ چوہدری برادران کے خلاف پلاٹس خریدنے کا کیس بند کر دیا جائے۔

    نیب نے کہا تھا کہ چوہدری پرویز الہٰی اور چوہدری شجاعت حسین کے خلاف اس کیس میں کوئی دستاویزی یا زبانی شواہد نہیں ملے۔

    واضح رہے کہ نیب چوہدری برادران کو نا جائز اثاثہ جات کیس میں بھی طلب کر چکا ہے، چوہدری برادران اپنے اور اہل خانہ کے تمام اثاثہ جات کی تفصیلات نیب کو جمع کرا چکے ہیں۔

    یاد رہے کہ چوہدری برادران کے خلاف مذکورہ کرپشن کیس نیب کے 179 میگا کرپشن کیسز میں شامل ہیں جنھیں 2015 میں دائر کیا گیا تھا۔ ریفرنس کے مطابق چوہدری برادران پر 2.428 ارب کے غیر قانونی اثاثہ جات، آمدن سے زائد اخراجات اور نا جائر بھرتیوں کے الزامات ہیں۔

  • علیم خان کے جوڈیشل ریمانڈ میں 13 مئی تک توسیع

    علیم خان کے جوڈیشل ریمانڈ میں 13 مئی تک توسیع

    لاہور: احتساب عدالت نے آمدن سے زائد اثاثہ جات اور آف شور کمپنی کیس میں گرفتار پی ٹی آئی کے سینئر رہنما علیم خان کے جوڈیشل ریمانڈ میں 13 مئی تک توسیع کردی۔

    تفصیلات کے مطابق آمدن سے زائد اثاثہ جات اور آف شور کمپنی کیس میں گرفتار پی ٹی آئی کے رہنما علیم خان کوجوڈیشل ریمانڈ مکمل ہونے پر احتساب عدالت کے جج نجم الحسن کے روبرو پیش کیا گیا۔

    احتساب عدالت نے نیب کو تفتیشی رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کررکھی ہے۔

    بعدازاں عدالت نے آمدن سے زائد اثاثہ جات اور آف شور کمپنی کیس میں گرفتار پی ٹی آئی کے سینئر رہنما علیم خان کے جوڈیشل ریمانڈ میں 13 مئی تک توسیع کردی۔

    عدالت میں گزشتہ سماعت پر نیب پراسیکیوٹر اور علیم خان کے وکلا نے دلائل پیش کیے۔ نیب پراسیکیوٹر کے مطابق تحقیقات کافی حد تک مکمل ہو گئی ہیں۔

    نیب وکیل کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کے رہنما کے خلاف ریفرنس دائرکرنے سے پہلے چیئرمین نیب سے منظوری لی جائے گی۔

    علیم خان کے جوڈیشل ریمانڈ میں 30 اپریل تک توسیع

    یاد رہے کہ علیم خان کو 6 فروری کو آمدن سے زائد اثاثے اور آف شور کمپنیاں بنانے کے الزام میں نیب نے گرفتار کیا تھا، نیب کی جانب سے گرفتاری کے بعد علیم خان نے صوبائی وزارت کے عہدے سے اپنا استعفیٰ وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو بھجوا دیا تھا۔

    پاکستان تحریک انصاف کے رہنما علیم خان کا کہنا تھا کہ مقدمات کا سامنا کریں گے، آئین اور عدالتوں پر یقین رکھتے ہیں۔

  • نندی پور پاور پراجیکٹ: عدالت نے بابراعوان کی بریت سے متعلق فیصلہ موخرکردیا

    نندی پور پاور پراجیکٹ: عدالت نے بابراعوان کی بریت سے متعلق فیصلہ موخرکردیا

    اسلام آباد: احتساب عدالت نے نندی پور پاور پراجیکٹ کیس میں بابراعوان کی بریت سے متعلق کیس کی سماعت 6 مئی تک ملتوی کردی۔

    تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت کے معزز جج محمد ارشد ملک نے نندی پور پاو پراجیکٹ کیس کی سماعت کی۔

    عدالت نے بابراعوان کی بریت سے متعلق فیصلہ موخر کردیا، جج محمد ارشد ملک نے ریمارکس دیے کہ بریت کی اور درخواستیں بھی ہیں سب کو سن کر ایک ساتھ فیصلہ سنائیں گے۔

    احتساب عدالت کے معزز جج نے کیس کی سماعت 6 مئی تک کے لیے ملتوی کردی۔

    عدالت نے 26 اپریل کو نندی پور پاور پراجیکٹ ریفرنس میں تحریک انصاف کے رہنما بابراعوان کی بریت کی درخواست پرفیصلہ محفوظ کرلیا تھا۔

    نیب کے مطابق پیپلزپارٹی کے دور حکومت میں وزراء کی ملی بھگت سے نندی پور پاور پراجیکٹ منصوبے میں 2 سال کی تاخیرہونے سے قومی خزانے کو 27 ارب کا نقصان پہنچا تھا۔

    نندی پور پاور پراجیکٹ کیس میں سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف، سابق وزیرقانون بابراعوان، سابق سیکریٹری قانون اور دیگر پر فرد جرم عائد ہوچکی ہے۔

    واضح رہے کہ نیب ریفرنس میں عائد الزامات پر بابراعوان وزیراعظم کے مشیر برائے پارلیمانی امور کے عہدے سے مستعفی ہوگئے تھے۔

  • رمضان شوگرملزاورآشیانہ ہاؤسنگ کیس کی سماعت11 مئی تک ملتوی

    رمضان شوگرملزاورآشیانہ ہاؤسنگ کیس کی سماعت11 مئی تک ملتوی

    لاہور: احتساب عدالت میں رمضان شوگرملز اور آشیانہ اقبال ہاؤسنگ کیس کی سماعت 11 مئی تک ملتوی ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہبازشریف اور ان کے صاحبزادے حمزہ شہباز کے خلاف آشیانہ اقبال ہاؤسنگ اور رمضان شوگرملز کیس کی سماعت ہوئی۔

    مسلم لیگ ن کے صدر شہبازشریف عدالت میں پیش نہ ہوئے ان کے صاحبزادے حمزہ شہباز عدالت کے سامنے پیش ہوئے۔

    شہبازشریف کے وکیل کی جانب سے ایک روز کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست کی گئی جسے عدالت نے منظور کرلیا۔

    احتساب عدالت نے آشیانہ اقبال ہاؤسنگ کیس میں گواہان کو بیانات قلمبند کرنے کے لیے طلب کیا تھا۔

    حمزہ شہبازکی احتساب عدالت پیشی کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے اور غیر متعلقہ افراد کو عدالت جانے سے روکا گیا۔

    بعدازاں احتساب عدالت نے رمضان شوگر ملز اور آشیانہ اقبال ہاؤسنگ کیس کی سماعت جج نجم الحسن بخاری کی رخصت کے باعث 11 مئی تک کے لیے ملتوی کردی۔

    رمضان شوگرملز: شہبازشریف اور حمزہ شہباز پر فرد جرم عائد

    یاد رہے کہ 9 اپریل کو احتساب عدالت نے رمضان شوگرملز کیس میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف اور ان کے بیٹے حمزہ شہبازپر فرد جرم عائد کی تھی، ملزمان نے کمرہ عدالت میں صحت جرم سے انکار کیا تھا۔

  • آغا سراج درانی کے خلاف کیس کی سماعت 10 مئی تک ملتوی

    آغا سراج درانی کے خلاف کیس کی سماعت 10 مئی تک ملتوی

    کراچی: احتساب عدالت نے آمدن سے زائد اثاثے رکھنے کے الزام میں گرفتار ہونے والے اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کے خلاف کیس کی سماعت 10 مئی تک ملتوی کردی۔

    تفصیلات کے مطابق قومی احتساب بیورو نیب کی جانب سے پیپلزپارٹی کے رہنما آغا سراج درانی کوآج عدالت کے سامنے پیش کیا گیا۔

    عدالت میں سماعت کے دوران نیب پراسیکیوٹر کی جانب سے انکوائری مکمل کرنے کے لیے مہلت طلب کی گئی جس پر عدالت نے استفسار کیا کہ انکوائری مکمل کرنے کے لیے ٹائم کیوں چاہیے؟۔

    تفتیشی افسر نے جواب دیا کہ انکوائری ابھی مکمل نہیں ہوئی، آغا سراج درانی کی جانب سے جیل میں بی کلاس کی درخواست دائر کردی گئی۔

    وکیل آغا سراج درانی نے کہا کہ نیب کواعتراض نہیں ہونا چاہیے، آغا سراج اسپیکرسندھ اسمبلی ہیں، عدالت نے جیل میں بی کلاس کی فراہمی پرنیب کونوٹس جاری کردیے۔

    بعدازاں احتساب عدالت نے آمدن سے زائد اثاثے رکھنے کے الزام میں گرفتار ہونے والے اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کے خلاف کیس کی سمعت 10 مئی تک ملتوی کردی۔

    نیب نے اسپیکرسندھ اسمبلی آغاسراج درانی کو گرفتار کرلیا

    یاد رہے کہ 20 فروری کو نیب کراچی نے آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں اسپیکرسندھ اسمبلی آغاسراج درانی کوگرفتارکیا تھا۔

    واضح رہے اپریل 2018 میں چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج کے خلاف تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے کہا تھا کہ آغا سراج درانی کے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں کی چھان بین ہوگی۔

    سابق اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کے خلاف تین انکوائریز کا حکم دیا گیا تھا، جن میں آمدن سے زائد اثاثوں، غیر قانونی بھرتیوں اور ایم پی اے ہاسٹل، سندھ اسمبلی بلڈنگ کی تعمیر میں کرپشن شامل ہیں۔