Tag: احتساب عدالت

  • ایف آئی اے کو حمزہ شہباز کا بیان جیل میں ریکارڈ کرنے کی اجازت مل گئی

    ایف آئی اے کو حمزہ شہباز کا بیان جیل میں ریکارڈ کرنے کی اجازت مل گئی

    لاہور: احتساب عدالت نے شہباز شریف فیملی کے خلاف آمدن سے زاٸد اثاثہ جات انکوائری کیس میں حمزہ شہباز کا بیان جیل میں ریکارڈ کرنے کی اجازت دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کی احتساب عدالت میں شہباز شریف فیملی کے خلاف آمدن سے زاٸد اثاثہ جات انکوائری کے معاملے پر سماعت ہوئی۔

    ایف آٸی اے اینٹی کرپشن سرکل لاہور نے حمزہ شہباز کا جیل میں بیان ریکارڈ کرنے کی اجازت طلب کی اور موقف اختیار کیا کہ شہباز شریف ، حمزہ شہباز اور سلمان شہباز کے خلاف آمدن سے زاٸد اثاثہ جات کیس کی انکوائری جاری ہے۔

    ایف آئی اے کا کہنا تھا کہ حمزہ شہباز العربیہ اور رمضان شوگر مل سمیت دیگر کمپنیوں کے ڈائریکٹر ہیں، کیس کی تفتیش میں حمزہ شہباز کا بیان انتہائی اہمیت کا حامل ہے، استدعا ہے کہ حمزہ شہباز اس وقت جیل میں قید ہیں جہاں ان کا بیان ریکارڈ کرنے کی اجازت دی جاٸے۔

    دلائل کے بعد عدالت نے حمزہ شہباز کا جیل میں بیان ریکارڈ کرنے کی اجازت دے دی۔

    یاد رہے مسلم لیگ ن کی جانب سے حمزہ شہباز کو کرونا ہونے پر اتفاق اسپتال منتقلی کی درخواست دی گئی تھی، جسے صوبائی محکمہ داخلہ نے مسترد کر دیا تھا۔

  • احتساب عدالت کا احد چیمہ کے خلاف تفتیش بند کرنے کا حکم

    احتساب عدالت کا احد چیمہ کے خلاف تفتیش بند کرنے کا حکم

    لاہور: احتساب عدالت نے سابق ڈی جی لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی احمد چیمہ کے خلاف تفتیش بند کرنے کا حکم دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت نے ایل ڈی اے سٹی میں مبینہ کرپشن کیس میں سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد چیمہ سمیت 10 ملزمان کے خلاف انویسٹی گیشن بند کرنے کا حکم دے دیا۔

    احتساب عدالت کے جج جواد الحسن نے نیب کی انویسٹی گیشن بند کرنے کی درخواست بھی منظور کی تھی۔نیب نے احد چیمہ سمیت دیگر ملزمان کے خلاف ایل ڈی اے سٹی کیس کی تفتیش بند کرنے کی استدعا کی تھی۔

    خیال رہے کہ ملزمان پر ایل ڈی اے سٹی میں کروڑوں روپے کی مبینہ کرپشن کرنے کا الزام تھا اور اس کیس میں سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد چیمہ کو ڈیڑھ سال گرفتار رہے۔

    نیب لاہور نے 21 فروری 2018 کو احد چیمہ کو غیر قانونی طور پر پلاٹ الاٹ کرنے اور اختیارات کے ناجائز استعمال کے الزامات پر گرفتار کیا تھا۔

    لاہور ہائی کورٹ نے احد چیمہ کی ایل ڈی اے سٹی کیس میں ضمانت منظور کر رکھی ہے۔

  • منی لانڈرنگ ریفرنس: شہباز فیملی کے خلاف حکم نامہ جاری

    منی لانڈرنگ ریفرنس: شہباز فیملی کے خلاف حکم نامہ جاری

    لاہور: منی لانڈرنگ ریفرنس میں میاں شہباز شریف کی فیملی سمیت دیگر ملزمان کے خلاف عدالت نے حکم نامہ جاری کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت کے ایڈمن جج جواد الحسن نے منی لانڈرنگ ریفرنس میں شہباز شریف فیملی اور دیگر ملزمان کے خلاف گزشتہ سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کر دیا جو 4 صفحات پر مشتمل ہے۔

    حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ سلمان شہباز کے ناقابل ضمانت وارنٹ بذریعہ وزارتِ خارجہ جاری کیے جاتے ہیں، نیب وزارت خارجہ سے سلمان شہباز کی بیرون ملک میں رہنے کی وجہ معلوم کرے۔

    عدالت نصرت شہباز اور رابعہ عمران کو دوبارہ پیش ہونے کا حکم دیتی ہے، نصرت شہباز، رابعہ عمران کے گھروں کے باہر سمن آویزاں کیے جائیں، اور آئندہ سماعت پر حمزہ شہباز پیش ہو کر ریفرنس کی کاپیاں وصول کریں۔

    شہبازشریف فیملی کیخلاف منی لانڈرنگ ریفرنس، نیب کی خصوصی پراسیکیوشن ٹیم تشکیل

    حکم نامے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ عدالت علی احمد خان، محمد طاہر اور ہارون نقوی کے وارنٹ گرفتاری جاری کر رہی ہے۔

    نیب لاہور نے شہباز شریف فیملی کے خلاف 7 ارب سے زائد کا ریفرنس دائر کر رکھا ہے، ریفرنس میں شہباز شریف، حمزہ شہباز اور سلمان شہباز، نصرت شہباز سمیت سولہ افراد کو نامزد کیا گیا ہے۔

    یاد رہے کہ 28 اگست کو قومی احتساب بیورو نے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف فیملی کے خلاف منی لانڈرنگ ریفرنس میں نیب کی خصوصی پراسیکیوشن ٹیم تشکیل دی تھی۔

  • احتساب عدالت سے نواز شریف کے پرنسپل سیکریٹری کے اہل خانہ کو ریلیف

    احتساب عدالت سے نواز شریف کے پرنسپل سیکریٹری کے اہل خانہ کو ریلیف

    لاہور: آمدن سے زائد اثاثہ جات ریفرنس میں سابق وزیر اعظم  نواز شریف کے پرنسپل سیکریٹری فواد حسن فواد کے اہل خانہ کو بڑا ریلیف مل گیا، احتساب عدالت نے فواد حسن فواد کی اہلیہ اور بھابھی کو حاضری سے مستقل استثنیٰ دے دیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق احتساب عدالت کے جج محمد اکمل خان نے فواد حسن کی اہلیہ اور بھابھی کی حاضری سے استثنیٰ  کی درخواست منظور کر لی، عدالت نے رباب حسن اور ڈاکٹر انجم کو اپنی جگہ نمائندہ مقرر کرنے کی اجازت دے دی۔

    آمدن سے زائد اثاثہ جات ریفرنس کے ٹرائل کے دوران دونوں خواتین کی جگہ ان کے نمائندے پیش ہو کر حاضری لگوائیں گے، نیب کی جانب سے فواد حسن فواد کے خلاف آمدن سے زاٸد ثاثے کیس میں ان کی اہلیہ، بھاٸی، بھابھی سمیت اہل خانہ کو بھی نامزد کیا گیا ہے، نیب کے مطابق فواد حسن فواد نے اربوں کے اثاثے بناٸے انھوں نے اپنے فیملی ممبران کے نام پر بے نامی جاٸیدایں خریدیں۔

    آشیانہ ہاؤسنگ اسکینڈل

    ادھر لاہور کی احتساب عدالت میں آشیانہ ہاؤسنگ اسکینڈل کیس کی سماعت کے دوران کسی گواہ کا بیان قلم بند نہ ہو سکا، احد چیمہ اور شاہد شفیق کے جوڈیشل ریمانڈ میں توسیع کر دی گٸی۔ احتساب عدالت کے جج امجد نذیر چوہدری نے کیس پر سماعت کی ،شہباز شریف کی جگہ معاون محمد نواز اور فواد حسن فواد کی جگہ محمد شہباز نے حاضری لگوائی۔

    خیال رہے کہ عدالت نے دونوں کو حاضری سے استثنیٰ دے رکھا ہے، نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کو آگاہ کیا کہ گواہ کا رشتہ دار فوت ہو گیا ہے جس کی وجہ سے وہ پیش نہیں ہوا۔ عدالت نے احد چیمہ اور شاہد شفیق کے جوڈیشل ریمانڈ میں توسیع کرتے ہوئے سماعت 10 ستمبر تک ملتوی کر دی اور آئندہ سماعت پر مزید گواہان کو بیان قلم بند کرانے کے لیے طلب کر لیا۔

    لاہور کی احتساب عدالت میں پیرا گون ہاؤسنگ سکینڈل کیس کی سماعت، ایک گواہ کا بیان قلمبند، عدالت نے خواجہ برادران کو آئندہ سماعت پر پیش ہونے کا حکم دے دیا۔

  • غیر قانونی اراضی الاٹمنٹ کیس: نواز شریف کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

    غیر قانونی اراضی الاٹمنٹ کیس: نواز شریف کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

    لاہور: احتساب عدالت نے غیر قانونی اراضی الاٹمنٹ کیس میں نواز شریف کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کی احتساب عدالت میں نواز شریف اور میر شکیل الرحمان کے خلاف غیر قانونی  اراضی الاٹمنٹ کیس کی جج  اسد علی نے کی۔میر شکیل الرحمان کو جیل حکام کی جانب سے عدالت میں پیش کیا گیا۔

    عدالت کے استفسار پر پولیس نے آگاہ کیا کہ نواز شریف کے گھر سمن نوٹس جاری کر دیے ہیں۔ نیب پراسیکیوٹر نے کہا میاں نواز شریف کی رہائش گاہ پر  بتایا گیا کہ وہ چھ ماہ سے بیرون ملک ہیں، عدالت میاں نواز شریف کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرے۔

    عدالت نے نیب کی استدعا منظور کرتے ہوئے نواز شریف کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے اور پاکستانی ہاٸی کمیشن کو وارنٹ پر عمل درآمد کا حکم دے دیا۔

    احتساب عدالت نے میر شکیل الرحمان کے جوڈیشل ریمانڈ میں 17  ستمبر تک  توسیع کر دی۔

    واضح رہے کہ نیب ریفرنس میں میاں  نواز شریف، میر شکیل الرحمان، سابق ڈی جی ایل ڈی اے ہمایوں فیض اور میاں بشیر احمد کو نامزد کیا گیا ہے۔ ریفرنس کے مطابق میر شکیل الرحمان نے نواز شریف کی ملی بھگت سے 54 کنال زمین غیر قانونی طور پر الاٹ کروائی۔

    میر شکیل کو غیر قانونی طور پر دو گلیاں بھی الاٹ کر دی گئیں۔میر شکیل اور نواز شریف کی وجہ سے قومی خزانے کو کروڑوں کا نقصان ہوا ہے۔

  • احسن اقبال کیخلاف ریفرنس کب دائر کیا جائے گا؟ احتساب عدالت کا نیب سے سوال

    احسن اقبال کیخلاف ریفرنس کب دائر کیا جائے گا؟ احتساب عدالت کا نیب سے سوال

    اسلام آباد : احتساب عدالت نے نیب سے سوال کیا کہ بتایا جائے احسن اقبال کیخلاف ریفرنس کب تک دائر کیا جائے گا، جس پر نیب تفتیشی افسر نے کہا کہ جیسے ہی ہیڈ کوارٹرز سے ریفرنس منظور ہوگا آگاہ کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت میں نارووال سپورٹس سٹی ریفرنس کی سماعت ہوئی ، مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔

    وکیل احسن اقبال نے عدالت کو بتایا احسن اقبال کونیب نےگرفتار کیامگرریفرنس دائرنہ کرسکا، احسن اقبال کو جیل بھیجا گیا، جسمانی ریمانڈ دیا گیا، عدالتی حکم کے باوجود چیئرمین نیب ریفرنس دائرنہ کرنےپروضاحت نہ کرسکے۔

    وکیل کا کہنا تھا کہ نیب صرف لوگوں کو گرفتار کررہاہے ، تلوار لٹکی ہوئی ہے ایسا نہیں ہونا چاہیے، جس پر نیب پراسیکیوٹر نے کہا ریفرنس ڈرافٹ منظوری کیلئے ہیڈ کوارٹرز کو بھجوا دیا گیا ہے۔

    احتساب عدالت جج محمد بشیر نے کہا وکیل صفائی نے آج تو نیب کی بہت کلاس لے لی ، عدالت نے ملزمان کو ریفرنس دائرہونے تک مرضی سے آنے کی اجازت دے دی۔

    جج احتساب عدالت نے سوال کیا نیب بتائے کب تک ریفرنس دائر کیا جائے گا ، جس پر نیب تفتیشی افسر نے جواب دیا کہ جیسے ہی ہیڈ کوارٹرز سے ریفرنس منظور ہوگا آگاہ کریں گے۔

    بعد ازاں احتساب عدالت نے نارووال سپورٹس سٹی ریفرنس سے متعلق کیس کی سماعت 22ستمبر تک ملتوی کردی۔

  • توشہ خانہ کیس: آصف علی زرداری کا احتساب عدالت پیش ہونے کا فیصلہ

    توشہ خانہ کیس: آصف علی زرداری کا احتساب عدالت پیش ہونے کا فیصلہ

    اسلام آباد: توشہ خانہ کیس میں سابق صدر آصف علی زرداری نے احتساب عدالت میں پیش ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت میں 17 اگست کو توشہ خانہ کیس میں سماعت ہوگی۔سابق صدر آصف علی زرداری نے احتساب عدالت میں پیش ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ آصف زرداری،فریال تالپور کل کراچی سے اسلام آباد پہنچیں گے۔پیپلزپارٹی کا آصف علی زرداری کی پیشی پر بھرپور شو آف پاور کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق پی پی ارکان پارلیمان اور پیپلز لائرز فورم کے ارکان کو 17 اگست کو اسلام آباد پہنچنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

    احتساب عدالت نے توشہ خانہ ریفرنس میں آصف زرداری کے وارنٹ جاری کر رکھے ہیں۔سابق وزیراعظم یوسف رضاگیلانی نےتوشہ خانہ ریفرنس میں پیشی سےاستثنیٰ حاصل کر رکھا ہے۔

    یاد رہے کہ دو روز قبل آصف علی زرداری نے احتساب عدالت میں میڈیکل رپورٹ کے ہمراہ جمع کرائی گئی درخواست میں کہا تھا کہ ڈاکٹرز نے سفر سے منع کیا ہے، اس لیے عدالتی حکم کے تحت 17 اگست کو پیش نہیں ہوسکتا لہذا ویڈیو لنک کے ذریعے حاضری لگائی جائے۔

    احتساب عدالت نے توشہ خانہ ریفرنس میں نے توشہ خانہ ریفرنس میں سابق صدر آصف علی زرداری کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست مسترد کر کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے 17 اگست کو حاضری یقینی بنانے کا حکم دیا تھا۔

  • احتساب عدالت کارروائی کے خلاف نواز شریف کی درخواست سماعت کے لیے مقرر

    احتساب عدالت کارروائی کے خلاف نواز شریف کی درخواست سماعت کے لیے مقرر

    اسلام آباد: سابق وزیراعظم نواز شریف کی احتساب عدالت کارروائی کے خلاف درخواست سماعت کے لیے مقرر کر دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق توشہ خانہ ریفرنس میں مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کی مفرور قرار دینے کے خلاف درخواست سماعت کے لیے مقرر کر دی گئی ہے۔

    چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس اطہر من اللہ کی سربراہی میں دو رکنی بینچ تشکیل دیا گیا ہے۔چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ اور جسٹس عامر فاروق پیر کے روز درخواست کی سماعت کریں گے۔

    نوازشریف کی جانب سے بیرسٹر جہانگیر جدون عدالت میں پیش ہوں گے۔ہائی کورٹ انسٹی ٹیوشن برانچ نے رٹ پٹیشن پر نمبر 2211 الاٹ کر دیا۔

    مسلم لیگ ن کے قائد نے توشہ خانہ ریفرنس اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کر رکھا ہے۔نوازشریف کی جانب سے احتساب عدالت کاحکم نامہ چیلنج کیاگیا ہے۔

    احتساب عدالت نے نوازشریف کو پیشی کا آخری موقع دے رکھا ہے، 17اگست کو پیش نہ ہونے پر نوازشریف کو اشتہاری قرار دینے کا فیصلہ کیا جائے گا۔

    توشہ خانہ ریفرنس : نواز شریف نے احتساب عدالت کا حکم نامہ چیلنج کر دیا

    یاد رہے قومی احتساب بیورو (نیب) نے توشہ خانہ ریفرنس میں سابق صدر آصف زرداری اور سابق وزیراعظم نواز شریف کی گاڑیاں قبضے میں لینے کا فیصلہ کیا تھا۔

  • پارک لین ریفرنس، آصف زرداری سمیت 13 ملزمان پر فرد جرم عائد

    پارک لین ریفرنس، آصف زرداری سمیت 13 ملزمان پر فرد جرم عائد

    اسلام آباد: پارک لین ریفرنس میں احتساب عدالت نے سابق صدر آصف علی زرداری سمیت 13 ملزمان پر فرد جرم عائد کر دی، تمام ملزمان نے صحت جرم سے انکار کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق پارک لین ریفرنس میں آصف زرداری، انور مجید سمیت 13 ملزمان پر وڈیو لنک کے ذریعے فرد جرم عائد کر دی گئی، 17 ملزمان میں سے 3 یونس قدوائی، عزیر نعیم اور اقبال میمن کو اشتہاری قرار دیا جا چکا ہے، جب کہ ایک ملزم اسلم مسعود وعدہ معاف گواہ بن گیا تھا۔

    آصف زرداری پر بلاول ہاؤس کراچی میں وڈیو لنک کے ذریعے فرد جرم عائد کی گئی ہے، جب کہ انور مجید پر کراچی کے اسپتال میں وڈیو لنک کے ذریعےفرد جرم عائد کی گئی۔

    سماعت کے لیے تین ملزمان فاروق عبداللہ، محمد حنیف اور سلیم فیصل رجسٹرار آفس کراچی سے وڈیو لنک پر موجود تھے، جب کہ اقبال خان نوری، محمد حنیف، حسین لوائی اور طٰہ رضا کے لیے اڈیالہ جیل میں انتظامات کیے گئے تھے، احتساب عدالت نے تمام ملزمان کی وڈیو لنک پر حاضری یقینی بنانے کا حکم دے رکھا تھا۔

    کیس کی سماعت احتساب عدالت کے جج اعظم خان نے کی، وکیل نے ملزم طہٰ رضا سے ملاقات کے لیے درخواست دائر کی تام جج نے کہا کہ فرد جرم عائد ہونے دیں پھر اس پر دلائل سن لیتے ہیں، دوسری طرف آصف زرداری ویڈیو لنک پر موجود رہے۔

    واضح رہے کہ آصف علی زرداری کی ریفرنس خارج کرنے کی درخواست مسترد ہونے پر ان پر فرد جرم عائد کی گئی، درخواست عدالتی دائرہ اختیار سے متعلق تھی، احتساب عدالت نے آئندہ سماعت پر گواہان بھی طلب کر لیے۔

    دوران سماعت آصف علی زرداری ویڈیو لنک پر خود بول اٹھے، انھوں نے اپنے مؤقف میں کہا کہ میرے وکیل فاروق ایچ نائیک سپریم کورٹ میں مصروف ہیں، مجھ پر فرد جرم عائد نہیں کی جا سکتی، جج نے کہا ملزم کا چارج فریم ہوتا ہے، آپ سن لیں، آپ کو پڑھ کر سناؤں گا، آپ سے 2 سوال پوچھوں گا کہ آپ تسلیم کرتے ہیں یا انکار، فرد جرم انگریزی میں ہو گی امید ہے آپ سمجھیں گے۔ زرداری نے کہا میں 30 سال سے کیسز کا سامنا کر رہا ہوں، آپ مجھے رولنگ دے دیں۔

    جج اعظم خان نے کہا کورٹ رولنگ دے گی، ہم کورٹ آرڈر میں لکھوائیں گے کہ آپ کا وکیل موجود نہیں تھا، اب آپ پر منحصر ہے کہ آپ مانتے ہیں یا انکار کرتے ہیں۔ بعد ازاں، سابق صدر آصف علی زرداری پر فرد جرم کی تحریر پڑھ کر سنائی گئی، عدالت نے پوچھا کیا آپ نے کمپنی پارتھینن کے ذریعے غیر قانونی 1.5 ارب کا قرض حاصل کر کے فراڈ کیا؟ جواب میں آصف زرداری نے کہا میں تمام الزامات کو رد کرتا ہوں، آپ کراچی آ کر عمارت کو بھی دیکھ لیں۔

    سماعت کے دوران آصف علی زرداری نے ایک بار پھر ویڈیو لنک پر آ کر کہا مجھے فرد جرم عائد کرتے وقت وکیل کی سہولت نہیں دی گئی، جس پر جج نے کہا ہم آرڈر میں لکھ دیں گے کہ آپ کے وکیل سپریم کورٹ میں تھے۔ بعد ازاں، عدالت نے ملزمان کو لگائی گئی دفعات سے بھی ویڈیو لنک کے ذریعے آگاہ کیا، عدالت نے کہا ملزمان پر کرپشن اور کرپٹ پریکٹسز کے سیکشن 9 اے 3، 4،6،12 کے تحت کیس چلے گا۔

    آصف زرداری نے ایک بار پھر ویڈیو لنک پر آ کر کہا میں کچھ کہنا چاہتا ہوں، احتساب عدالت کے جج نے کہا کہ آپ کچھ بھی کہہ سکتے ہیں، زرداری نے کہا میں نے 18 ویں ترمیم دی اس لیے مجھ پر دباؤ ڈالنے کے لیے مقدمات بنائے جا رہے ہیں، عدالتوں کو غیر جانب دار رہ کر فیصلہ دینا چاہیے۔ جج نے اس پر کہا کہ اسی لیے ہم نے یکم ستمبر کو گواہوں کو بلایا ہے، دودھ کا دودھ پانی کا پانی ہو جائے گا۔

    یاد رہے پارک لین ریفرنس میں نیشنل بینک کے 2 سابق صدور علی رضا اور سید قمر حسین آصف زرداری کے خلاف وعدہ معاف گواہ بن گئے تھے، نیب نے ان کو قانون کے مطابق گواہی دینے پر معاف کر دیا تھا۔

    نیب نے آصف علی زرداری کے خلاف پارک لین ریفرنس میں 61 گواہان تیار کر لیے ہیں، جن میں نیشنل بینک کریڈٹ کمیٹی کے تمام افسران، نیب راولپنڈی تفتیشی ٹیم کے 9 افسران، جعلی اکاؤنٹس کی ابتدائی تفتیش کرنے والے ایف آئی اے کے محمد علی ابڑو بھی گواہان میں شامل ہیں، جب کہ قرض لینے والی مبینہ فرنٹ کمپنی پارتھینون کے کمپیوٹر آپریٹر کی گواہی بھی شواہد کا حصہ ہے۔

    اس کیس میں ملزمان پر پارک لین کی کمپنی کے نام پر نیشنل بینک سے ڈھائی ارب سے زیادہ کے قرض غبن کا الزام ہے جب کہ آصف زرداری کو پارک لین کا 25 فی صد شیئر ہولڈر ہونے پر ملزم نامزد کیا گیا تھا۔

  • شاہد خاقان عباسی پر فرد جرم عائد

    شاہد خاقان عباسی پر فرد جرم عائد

    کراچی: احتساب عدالت نے سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی اور دیگر پر فرد جرم عائد کر دی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پی ایس او میں غیر قانونی بھرتیوں سے متعلق کیس کی کراچی کی احتساب عدالت میں سماعت کے دوران احتساب عدالت کی جانب سے سابق وزیر اعظم سمیت دیگر ملزمان پر فرد جرم عائد کر دی گئی۔

    ملزمان نے کمرہ عدالت میں صحتِ جرم سے انکار کر دیا، قبل ازیں، پی ایس او بھرتیوں کے کیس میں عدالت میں شاہد خاقان عباسی، سابق سیکریٹری پیٹرولیم ارشد مرزا، سابق ایم ڈی پی ایس او شیخ عمران الحق، چیف فنانس آفیسر یعقوب ستار پیش ہوئے۔

    خیال رہے کہ شاہد خاقان اور دیگر ملزمان نے سندھ ہائی کورٹ سے ضمانت لے رکھی ہے، نیب کا کہنا ہے کہ بطور وزیر پیٹرولیم شاہد خاقان نے شیخ عمران الحق کا غیر قانونی تقرر کیا تھا۔

    بعد ازاں شاہد خاقان عباسی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نیب نے مجھ پر اختیارات کے ناجائز استعمال کا الزام لگایا ہے، میں نیب کا شکر گزار ہوں کہ اربوں کی کرپشن کا الزام نہیں لگایا، نیب ہمیں یہ تو بتا دے کہ ہمارے اختیارات ہیں کیا، سپریم کورٹ نے کہا کہ نیب صرف سیاسی انجینئرنگ کرتا ہے۔

    مسلم لیگ ن کے رہنما نے کہا کہ نیب لوگوں کو تنگ کرنے کے لیے استعمال ہوتا ہے، آج کشمیریوں سے یک جہتی کا دن ہے اور سارا پاکستان متحد ہونا چاہیے، عوام متحد ہیں مگر حکومت یک جہتی کا ہاتھ اپوزیشن کی طرف نہیں بڑھاتی۔

    انھوں نے کہا کشمیر پاکستان کے عوام کے دلوں میں رہے گا، مسئلہ کشمیر پر پاکستان میں کوئی دو رائے نہیں ہے۔