Tag: احتساب عدالت

  • ایل این جی کیس میں شاہد خاقان عباسی کے اثاثے منجمد کر دیے گئے

    ایل این جی کیس میں شاہد خاقان عباسی کے اثاثے منجمد کر دیے گئے

    اسلام آباد: احتساب عدالت نے شاہد خاقان کی گاڑی ٹرانسفر کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا، نیب کا کہنا ہے کہ ایل این جی کیس میں سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کے اثاثے منجمد کر دیے گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق قومی احتساب بیورو نے کہا ہے کہ ایل این جی کیس میں مسلم لیگ ن کے رہنماؤں شاہد خاقان عباسی اور سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کے اثاثے منجمد کر دیے گئے ہیں۔

    نیب کے مطابق شاہد خاقان عباسی کے منقولہ و غیر منقولہ اثاثے منجمد کیے گئے ہیں، شاہد خاقان کی جائیدادوں اور گاڑیوں کے ٹرانسفر پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

    خیال رہے کہ آج احتساب عدالت میں ایل این جی کیس مین سماعت تھی، عدالت نے شاہد خاقان عباسی کی فروخت شدہ گاڑی کا ٹرانسفر بھی روک دیا ہے، جائیدادوں اور گاڑیوں کے ٹرانسفر پر فیصلہ بعد میں سنایا جائے گا۔

    یاد رہے کہ 5 اپریل کو شاہد خاقان عباسی کے خلاف ایل این جی اسکینڈل میں نیا موڑ اس وقت آیا تھا جب ملزمان کی جائیداد ضبطگی کا مرحلہ آن پہنچا تھا، احتساب عدالت میں سماعت کے دوران سابق ایم ڈی پی ایس او شاہد الاسلام کو اشتہاری ملزم قرار دیا گیا، عدالت نے ملزم کا شناختی کارڈ بلاک کرنے کا حکم جاری کیا۔

    نیب تفتیشی افسر کا عدالت میں کہنا تھا کہ ملزم شاہد الاسلام بیرون ملک روپوش ہو چکا ہے، اور جان بوجھ کر عدالتی کارروائی کا سامنا نہیں کر رہا۔ عدالت نے ملزم کے دائمی وارنٹ گرفتاری بھی جاری کیے۔

  • توشہ خانہ کیس، نواز شریف کے وارنٹ گرفتاری جاری، زرداری کو آج حاضری سے استثنیٰ

    توشہ خانہ کیس، نواز شریف کے وارنٹ گرفتاری جاری، زرداری کو آج حاضری سے استثنیٰ

    اسلام آباد : احتساب عدالت نے توشہ خانہ ریفرنس میں سابق وزیراعظم نواز شریف کے قابل ضمانت وارنٹ جاری کردیے اور آصف زرداری کی آج حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرتے ہوئے کیس کے ملزمان کو 11جون کو ہرصورت پیش ہونے کا حکم دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت میں سابق صدر آصف زرداری اور سابق وزرائے اعظم نواز شریف ، یوسف رضا گیلانی کیخلاف توشہ خانہ ریفرنس پرسماعت ہوئی، کیس کی سماعت احتساب عدالت کےجج اصغر علی نے کی، طلبی کے نوٹس کے باوجود نواز شریف عدالت سے غیر حاضر رہے جبکہ سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی عدالت میں پیش ہوئے۔

    آصف زرداری کی جانب سے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی گئی، اسد عباسی ایڈووکیٹ نے کہا کہ آصف زرداری علیل ہیں،حاضری سے استثنیٰ دیا جائے، جس پر ڈپٹی پراسیکیوٹرجنرل نیب کی جانب سے استثنیٰ کی درخواست کی مخالفت کی۔

    ڈپٹی پراسیکیوٹرجنرل نیب سردار مظفر نے کہا کہ ملزم کوعدالتی سمن کی تعمیل کراچکےہیں، سمن کی تعمیل کےباوجود ملزم عدالت سے غیر حاضر ہے ، ملزم نواز شریف کےناقابل ضمانت وارنٹ جاری کئےجائیں۔

    سردار مظفر نے استدعا کی کہ نواز شریف کو گرفتار کر کے عدالت میں پیش کیا جائے جبکہ آصف زرداری اور یوسف رضاگیلانی کو جوڈیشل ریمانڈ پرجیل بھیجاجائے، جس پر وکیل کی جانب سے آصف زرداری کا میڈیکل سرٹیفکیٹ عدالت میں جمع کرادیا گیا۔

    توشہ خانہ ریفرنس میں نیب نے یوسف گیلانی اورعبدالغنی مجید کو گرفتار کرنے کی بھی استدعا کی اور بتایا کہ نواز شریف،آصف زرداری کو سمن انکی رہائش گاہوں پروصول کرائے اور انور مجیداسپتال میں زیر علاج ہیں وہاں سمن وصول نہیں کئے گئے۔

    عدالت نے توشہ خانہ ریفرنس میں نواز شریف کے قابل ضمانت وارنٹ جاری کردیے اور آصف زرداری کی آج حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرتے ہوئے جج نے کہا آصف زرداری کوصرف آج حاضری سے استثنیٰ دےرہاہوں، آئندہ سماعت پرآصف زرداری ہرصورت پیش ہوں۔

    احتساب عدالت نے نیب کی یوسف رضا گیلانی اور عبدالغنی مجید کو گرفتار کرنے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے نواز شریف،آصف زرداری، یوسف گیلانی کو 11جون کو ہرصورت پیش ہونے کا حکم دے دیا۔

    یاد رہے نیب نے کہا تھا کہ آصف زرداری،نوازشریف نےیوسف گیلانی سےغیرقانونی طورپرگاڑیاں حاصل کیں، آصف زرداری نےگاڑیوں کی صرف15فیصد ادائیگی جعلی اکاؤنٹس کےذریعے کی، آصف زرداری کوبطورصدرلیبیااوریواےای سےبھی گاڑیاں تحفےمیں ملیں، گاڑیاں توشہ خانہ میں جمع کرانےکے بجائےخوداستعمال کیں۔

    نیب کا کہنا تھا کہ نوازشریف2008میں کسی بھی عہدےپرنہیں تھے،ان کو2008میں بغیرکوئی درخواست دیئےتوشہ خانےسےگاڑی دی گئی، گاڑیوں کی ادائیگی عبدالغنی مجید نے جعلی اکاؤنٹس سے کی، انور مجید نے انصاری شوگرملزکےاکاؤنٹس سے2کروڑسے زائد کی غیرقانونی ٹرانزیکشنز کیں اور آصف زرداری کےاکاؤنٹس میں بھی9.2ملین روپے ٹرانسفر کئے۔

    نیب کے مطابق عبدالغنی مجیدنے37ملین روپےکسٹم کلیکٹراسلام آبادکوٹرانسفرکئے، ملزمان سیکشن نائن اےکی ذیلی دفعہ2، 4، 7اور12کےتحت کرپشن کےمرتکب ہوئے۔

  • احتساب عدالت کا احد چیمہ کو یکم جون کو پیش کرنے کا حکم

    احتساب عدالت کا احد چیمہ کو یکم جون کو پیش کرنے کا حکم

    لاہور: احتساب عدالت نے سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد چیمہ کو یکم جون کو پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت میں سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد چیمہ کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس کی سماعت ہوئی۔احد چیمہ کو پیش نہ کیے جانے پر عدالت نے سخت برہمی کا اظہار کیا۔

    عدالت نے سماعت کے دوران استفسار کیا کہ احد چیمہ کو آپ نے پیش کیوں نہیں کیا، جس پر جیل سپرنٹنڈنٹ نے جواب دیا کہ کرونا وائرس کی وجہ سے پیش نہیں کیا۔احتساب عدالت نے ریمارکس دیے کہ اب تو تمام مارکیٹس بھی کھول دی گئی ہیں، ہر کاروبار کھولا جا رہا ہے۔

    احتساب عدالت کے جج نے جیل سپرنٹنڈنٹ کو شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد چیمہ کو یکم جون کو پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

    نیب حکام کے سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد چیمہ کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں اب تک 8گواہان اپنے بیان قلمبند کرا چکے ہیں۔

  • شہباز شریف کے وکیل کرونا وائرس میں مبتلا

    شہباز شریف کے وکیل کرونا وائرس میں مبتلا

    لاہور: مسلم لیگ ن کے صدر اور اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کے وکیل ایڈووکیٹ محمد نواز بھی کرونا وائرس میں مبتلا ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کی احتساب عدالت میں جج امجد نذیر چوہدری نے آشیانہ اور رمضان شوگر ملز کیس کی سماعت کی۔حمزہ شہباز شریف کو آج بھی جیل حکام کی جانب سے پیش نہیں کیا گیا،جس کے باعث فرد جرم عائد نہ کی جا سکی۔

    عدالت نے استفسار کیا کہ حمزہ شہباز کو آج کیوں نہیں پیش کیا گیا؟ آپ کا لاک ڈاؤن اب کتنا عرصہ چلنا ہے۔ جیل سپرنٹنڈنٹ کی جانب سے حمزہ شہباز کو پیش نہ کرنے سے متعلق رپورٹ پیش کی گئی، جس میں کہا گیا کہ حمزہ شہباز کو کرونا وائرس اور لاک ڈاؤن میں توسیع کے پیش نظر پیش نہیں کیا، جیسے ہی حکومت کی جانب سے کوئی واضح ہدایات آئیں تو حمزہ شہباز کو پیش کر دیا جائے گا۔

    احتساب عدالت نے شہباز شریف کے پلیڈر محمد نواز چوہدری کے کرونا میں مبتلا ہونے کے باعث حاضری معافی کی درخواست منظور کر لی اور سماعت 5 جون تک ملتوی کرتے ہوئے قرار دیا کہ اگر شہباز شریف کے پلیڈر پیش نہیں ہوتے تو آئندہ سماعت پر وہ خود  پیش ہوں۔

    عدالت نے شریک ملزم امتیاز حیدر کی بریت کی درخواست پر نیب کو نوٹس جاری کر کے جواب طلب کر لیا۔ آشیانہ ریفرنس میں شہباز شریف، احد چیمہ اور فواد حسن فواد سمیت 13 ملزمان کو نامزد کیا گیا ہے۔

  • احسن اقبال کی احتساب عدالت میں پیشی سے معذرت

    احسن اقبال کی احتساب عدالت میں پیشی سے معذرت

    اسلام آباد: مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال نے نارووال اسپورٹس سٹی کیس میں آج احتساب عدالت میں پیشی سے معذرت کر لی۔

    تفصیلات کے مطابق سابق وزیر داخلہ اور مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی احسن اقبال کے خلاف نارووال اسپورٹس سٹی کیس کی سماعت احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے کی۔

    نیب پراسیکیوٹر وسیم جاوید عدالت کے روبرو پیش ہوئے تاہم کورونا وائرس کے باعث مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال پیش نہ ہوئے۔

    احتساب عدالت کے جج نے سماعت کے دوران استفسار کیا کہ احسن اقبال کے خلاف ریفرنس کا کیا بنا؟ جس پر نیب پراسیکیوٹر نے جواب دیا کہ انکوائری مکمل ہے، ریفرنس تیاری کی مراحل میں ہے۔

    عدالت نے نارووال اسپورٹس سٹی کیس میں پیشرفت رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے احسن اقبال کے خلاف کیس کی سماعت 8 جون تک ملتوی کر دی۔

    یاد رہے کہ گزشتہ سال 23 دسمبر کو مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال کو قومی احتساب بیور (نیب) نے نارووال اسپورٹس سٹی کیس میں گرفتار کیا تھا۔

    بعدازاں 25 فروری کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے نارووال اسپورٹس کمپلیکس کیس میں احسن اقبال کی ضمانت منظور کرتے ہوئے لیگی رہنما کو ایک کروڑ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا تھا۔

  • احتساب عدالت کراچی سے شاہد خاقان کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری

    احتساب عدالت کراچی سے شاہد خاقان کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری

    کراچی: احتساب عدالت کراچی نے سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے۔

    تفصیلات کے مطابق نیب کراچی کی جانب سے پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما شاہد خاقان عباسی کے خلاف غیر قانونی تقرری کے الزام پر ریفرنس دائر کیا گیا، جس پر احتساب عدالت نے ان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے۔

    نیب کراچی کی جانب سے دائر ریفرنس میں سابق ایم ڈی پی ایس او عمران الحق شیخ کی غیر قانونی تقرری کا الزام لگایا گیا ہے، ریفرنس پر احتساب عدالت نے شاہد خاقان کے ساتھ سابق سیکریٹری پیٹرولیم ارشد مرزا کے بھی ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے۔

    احتساب عدالت کراچی میں کیس کی مزید سماعت 10 اپریل کو ہوگی، عدالت کی جانب سے سابق ایم ڈی پی ایس او عمران الحق اور یعقوب ستار کو بھی نوٹس جاری کر دیے گئے ہیں۔

    نیب کا شاہد خاقان کی ضمانت منسوخی کیلیے اپیل دائر کرنے کا فیصلہ

    یاد رہے کہ تین دن قبل شاہد خاقان عباسی نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام پاور پلے میں گفتگو کرتے ہوئے کرونا وائرس کے سلسلے میں حکومتی اقدامات پر تنقید کی تھی، اور مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے حکومت کے معاشی ریلیف پیکج کو ناکافی قرار دیا تھا۔ انھوں نے کہا کہ لیبر کے لیے 3 ہزار روپے سے زائد ماہانہ پیکج ہونا چاہیے تھا، پٹرولیم مصنوعات میں 15 روپے فی لیٹر کمی بھی ناکافی ہے، پٹرول کم سے کم 80 روپے فی لیٹر تک لانا چاہیے تھا، بجلی اور گیس کی قیمتیں بھی کم کرنی چاہیے تھیں۔

    اس سے قبل 25 فروری کو اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے شاہد خاقان عباسی کو ایل این جی کیس میں ضمانت پر رہا کیا گیا تھا جس پر نیب نے سپریم کورٹ میں اپیل دائر کرنے کا فیصلہ کیا۔

  • سعد رفیق جیل میں بیمار پڑ گئے، اسپتال منتقل کرنے کا حکم

    سعد رفیق جیل میں بیمار پڑ گئے، اسپتال منتقل کرنے کا حکم

    لاہور: خواجہ سعد رفیق بھی جیل میں بیمار پڑ گئے، احتساب عدالت نے انھیں سروسز اسپتال منتقل کرنے کا حکم دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق پیراگون کیس میں گرفتار ن لیگی رہنما خواجہ سعد رفیق بھی جیل میں بیمار پڑ گئے، احتساب عدالت نے ان کو سروسز اسپتال منتقل کرنے کا حکم دے دیا۔

    جیل سپرنٹنڈنٹ نے عدالت میں سعد رفیق کو اسپتال میں داخل کرانے کی درخواست دائر کر دی تھی، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ سعد رفیق کو گلے کی تکلیف ہے، جیل اسپتال میں علاج ممکن نہیں، عدالت سعد رفیق کو اسپتال داخل کرانے کی اجازت دے۔

    احتساب عدالت کے جج جواد الحسن نے جیل سپرنٹنڈنٹ کی درخواست پر سماعت کی، عدالت نے حکم جاری کیا کہ سعد رفیق کو علاج کے لیے سروسز اسپتال داخل کرایا جائے۔

    یاد رہے کہ جمعہ 6 مارچ کو احتساب عدالت میں پیراگون ہاؤسنگ سوسائٹی اسکینڈل کی سماعت ہوئی تھی، خواجہ سعد رفیق اور سلمان رفیق ایڈمن جج امیر محمد خان کی عدالت میں پیش ہوئے تھے، وعدہ معاف گواہ قیصر امین بٹ پیش نہیں ہوئے، وکیل نے بتایا کہ وہ بیماری کے باعث اسپتال میں داخل ہیں، پچھلی بار پیشی پر انھیں ایمبولینس میں لایا گیا تھا۔

    عدالت نے ریمارکس دیے یہ کہ ہائی پروفائل کیس ہے اس لیے اسے سن رہے ہیں، بعد ازاں عدالت نے سماعت 19 مارچ تک ملتوی کر دی۔

  • 6 ماہ گزر گئے نیب الزامات ثابت نہیں کر سکا: شاہد خاقان عباسی

    6 ماہ گزر گئے نیب الزامات ثابت نہیں کر سکا: شاہد خاقان عباسی

    اسلام آباد: سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ چھ ماہ گزر گئے نیب چارجز ثابت نہیں کر سکا، نئے ترمیمی آرڈیننس کے بعد اختیارات کے غلط استعمال کا الزام بھی ختم ہو چکا ہے۔

    پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میرے دوستوں اور رشتہ داروں پر نیب والے دباؤ ڈالتے ہیں کہ ان کے اثاثے شاہد خاقان کے ہیں، نیب کو صرف پولیٹیکل انجینئرنگ کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے، یہ تماشے پرانے ہیں۔

    سابق وزیر اعظم نے ایک بار پھر نیب پر تنقید کے نشتر چلاتے ہوئے کہا کہ نیب کا ایک ہی طریقہ ہے کہ لوگوں کو بدنام کیا جائے، چیئرمین نیب میری ضمانت پر ہائی کورٹ کی باتیں معلوم کر لیں، نیب نے ملک کو مفلوج، معیشت کو تباہ کر دیا ہے۔

    قبل ازیں، ایل این جی ریفرنس سے متعلق آج احتساب عدالت میں سماعت ہوئی، شاہد خاقان کے وکیل نے عدالت میں کہا کہ جس ضمنی ریفرنس کے بارے میں کہا گیا تھا وہ عدالت میں ابھی تک پیش نہیں کیا گیا۔ نیب کے وکیل نے کہا کہ ریفرنس حتمی مراحل میں ہے، اگلی سماعت تک دائر کر دیں گے۔ بعد ازاں، احتساب عدالت نے مزید سماعت یکم اپریل تک ملتوی کر دی۔

    شاہد خاقان نے عدالت کے باہر میڈیا سے مہنگائی سے متعلق گفتگو میں کہا کہ ایف آئی اے مہنگائی سے متعلق کام نہیں کر سکتا، اس سلسلے میں حکومت پارلیمانی کمیٹی تشکیل دے، حکومت مہنگائی کو کنٹرول کرنے میں ناکام ہو چکی ہے۔ برطانیہ کو لکھے گئے خط پر تبصرہ کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ شہباز شریف جلد واپس آئیں گے، برطانیہ کو لکھے گئے خط کا کوئی سفارتی جواز نہیں۔

  • حمزہ شہباز کے جوڈیشل ریمانڈ میں 28 فروری تک توسیع

    حمزہ شہباز کے جوڈیشل ریمانڈ میں 28 فروری تک توسیع

    لاہور: احتساب عدالت نے مسلم لیگ ن کے رہنما حمزہ شہباز کے جوڈیشل ریمانڈ میں 28 فروری تک توسیع کر دی۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کی احتساب عدالت میں مسلم لیگ ن کے رہنما حمزہ شہباز کے خلاف منی لانڈرنگ کیس کی سماعت ہوئی، لیگی رہنما کو عدالت کے سامنے پیش کیا گیا۔

    عدالت نے سماعت کے آغاز پر نیب پراسیکیوٹر سے استفسار کیا کہ اس کیس کے ریفرنس کی کیا صورت حال ہے جس پر پراسیکیوٹر نے جواب دیا کہ ریفرنس تیاری کے آخری مراحل میں ہے۔

    بعدازاں عدالت نے مسلم لیگ ن کے رہنما حمزہ شہباز کے جوڈیشل ریمانڈ میں 28 فروری تک توسیع کر دی۔

    حمزہ شہباز کی درخواست ضمانت مسترد

    اس سے قبل 11 فروری کو لاہور ہائی کورٹ نے آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں مسلم لیگ ن کے رہنما حمزہ شہباز شریف کی درخواست ضمانت مسترد کر دی تھی۔

    عدالت نے ریمارکس دیے کہ تھے ہم مطمئن نہیں کہ ملزم کے ذرائع آمدن کیا تھے، آپ نے کہا والد، بھائی اور بہن سے تحائف ملے،ان کے اثاثوں کو بھی دیکھنا ہوگا کہ ذرائع آمدن کیا ہیں۔

    واضح رہے کہ لاہور ہائی کورٹ رمضان شوگر ملز کیس میں مسلم لیگ ن کے رہنما حمزہ شہباز کی ضمانت منظور کرچکی ہے۔

  • ایل این جی سے متعلق پاکستان گیس پورٹ کمپنی کے معاہدے کی منسوخی

    ایل این جی سے متعلق پاکستان گیس پورٹ کمپنی کے معاہدے کی منسوخی

    اسلام آباد: پاکستان گیس پورٹ کمپنی کا کیس آج اسلام آباد ہائی کورٹ میں سنا جائے گا، حکومت نے معاہدے کی خلاف ورزی پر کمپنی کا کنٹریکٹ منسوخ کر رکھا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایل این جی سے متعلق پاکستان گیس پورٹ کمپنی کے معاہدے کی منسوخی کے کیس کی سماعت آج اسلام آباد ہائی کورٹ میں ہوگی، کمپنی نے معاہدے کی خلاف ورزی کی تھی جس سے پاکستان کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق حکومت کمپنی کو ڈھائی لاکھ ڈالر یومیہ ، 90 ملین ڈالر سالانہ کرایہ ادا کر رہی ہے، کمپنی پر پہلے بھی معاہدے کی تکمیل میں تاخیر پر 41 ملین ڈالر جرمانہ کیا گیا تھا، سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے جرمانے کی رقم ایک ملین ڈالر کر دی تھی۔

    جرمانہ عائد کرنے والے ایم ڈی پاکستان ایل این جی ٹرمینل کو بھی برطرف کر دیا گیا تھا، اعلیٰ افسر کی برطرفی پر چیئرمین پی ٹی آئی نے احتجاجی ٹویٹ بھی کیا تھا۔

    نیب نے شاہد خاقان عباسی کیخلاف ایل این جی ریفرنس دوبارہ دائر کردیا

    یاد رہے کہ 12 دسمبر کو قومی احتساب بیورو (نیب) نے سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کے خلاف ایل این جی ریفرنس دوبارہ دائر کر دیا ہے، جسے احتساب عدالت نے باقاعدہ سماعت کے لیے منظور کر لیا تھا، ریفرنس میں شاہد خاقان سمیت 10 ملزمان نامزد ہیں۔ نیب نے رجسٹرار احتساب عدالت کے اعتراضات دور کر کے 8 ہزار صفحات پر مشتمل ایل این جی ریفرنس احتساب عدالت میں دوبارہ جمع کرایا تھا۔

    ریفرنس احتساب عدالت اسلام آباد میں اختیارات کے غلط استعمال پر دائر کیا گیا، جس میں سابق وزیر اعظم اور مفتاح اسماعیل کے نام بھی ملزمان میں شامل ہیں۔