Tag: احتساب عدالت

  • سابق وزیر خزانہ کے گھر کی نیلامی کے لیے اشتہار جاری

    سابق وزیر خزانہ کے گھر کی نیلامی کے لیے اشتہار جاری

    لاہور: نیب کے حکم پر سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے گھر کی نیلامی کے لیے اشتہار جاری کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق نیب کے حکم پر ضلعی حکومت لاہور کی طرف سے اسحاق ڈار کے گھر کی نیلامی کے لیے اشہتار جاری کر دیا گیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق لاہور کے علاقے گلبرگ کے ایچ بلاک میں موجود اسحاق ڈار کے گھر کا نمبر 7 ہے، ضلعی حکومت کی جانب سے گھر کی کم از کم قیمت 18 کروڑ تیس لاکھ مقرر کی گئی ہے، نیلامی کے لیے بولی جنوری کے آخری ہفتے میں لگائی جائے گی۔

    اسحاق ڈار کے گھر کا رقبہ چار کنال 17 مرلے ہے، گھر 12 کمروں پر مشتمل ہے، نیب کے حکم پر ضلعی حکومت نے 3 ماہ قبل اس گھر کو سیل کر دیا تھا۔

    اسحاق ڈار کی جائیداد نیلام ہوگی ، احتساب عدالت کا فیصلہ

    یاد رہے کہ گزشتہ برس نومبر میں احتساب عدالت نے آمدن سے زائد اثاثوں کے مقدمے میں نیب کے خلاف مفرور ملزم اسحاق ڈار کی اہلیہ کی درخواست مسترد کرتے ہوئے فیصلے میں کہا تھا اسحاق ڈار کی جائیداد نیلام ہوگی، یہ فیصلہ اسحاق ڈار کی جائیداد صوبائی حکومت کی تحویل میں دینے سے متعلق تھا۔

    عدالت نے قرار دیا تھا کہ تبسم اسحاق ڈار جائیداد تحفے میں ملنے کا کوئی ثبوت پیش نہیں کر سکی ہیں، یاد رہے تبسم اسحاق ڈار نے جائیداد قرقی کو چیلنج کیا تھا، درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ ملزم اسحاق ڈار ہیں، لاہور والا گھر تو میری ملکیت ہے، میری ملکیت والا گھر ضبط نہیں کیا جا سکتا، گھر 14 فروری 1989 کو اسحاق ڈار نے حق مہر کے عوض گفٹ کیا تھا، لاہور والے گھر کی میں اکیلی مالک ہوں، گلبرگ لاہور والا گھر حکومتی تحویل میں جانے سے میرا نقصان ہوگا۔

  • احتساب عدالت نے شہباز شریف کو پیش ہونے کا آخری موقع دے دیا

    احتساب عدالت نے شہباز شریف کو پیش ہونے کا آخری موقع دے دیا

    لاہور: آشیانہ ہاؤسنگ اسکینڈل میں احتساب عدالت نے میاں شہباز شریف کو پیش ہونے کا آخری موقع دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت نے پی ایم ایل این کے صدر شہباز شریف کو 7 جنوری کو ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا ہے، عدالت کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کو آخری موقع دیا جاتا ہے، آیندہ حاضری یقینی بنائیں۔

    لاہور کی احتساب عدالت میں آشیانہ ہاؤسنگ اسکینڈل کی سماعت کے دوران جج نے اپوزیشن لیڈر کو سات جنوری کو ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کا حکم دیتے ہوئے کہا شہباز شریف مسلسل غیر حاضر ہیں، جس کے باعث کیس میں عدالتی کارروائی متاثر ہو رہی ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  شہباز شریف نے ابھی کوئی مقدمہ دائر نہیں کیا، برطانوی صحافی ڈیوڈ روز

    احتساب عدالت کے جج امجد نذیر چوہدری نے تحریری حکم نامہ جاری کرتے ہوئے کہا آشیانہ اقبال ریفرنس میں شہباز شریف مسلسل غیر حاضر رہے ہیں، اب انھیں آخری موقع دیا جاتا ہے کہ وہ ذاتی حیثیت میں اگلی پیشی پر حاضر ہوں۔

    خیال رہے کہ آشیانہ ہاؤسنگ کیس میں شہباز شریف سمیت 10 ملزمان پر فرد جرم عائد ہو چکی ہے۔ شہباز شریف ضمانت پر رہا ہیں اور ان دنوں میں اپنے بڑے بھائی نواز شریف کی عیادت کے سلسلے میں لندن میں مقیم ہیں۔

  • احتساب عدالت میں جگہ کم پڑ گئی، جعلی اکاؤنٹس ریفرنسز میں مسلسل اضافہ

    احتساب عدالت میں جگہ کم پڑ گئی، جعلی اکاؤنٹس ریفرنسز میں مسلسل اضافہ

    اسلام آباد: جعلی اکاؤنٹس ریفرنسز میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے جس کے باعث احتساب عدالت میں جگہ کم پڑ گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق قومی احتساب بیورو کی جانب سے احتساب عدالت میں جعلی اکاؤنٹس کے زمرے میں دائر کیے جانے والے ریفرنسز کی تعداد بڑھتی جا رہی ہے، اسلام آباد میں تیسری احتساب عدالت بنائی جائے گی۔

    آج کسانوں کے لیے سب سڈی میں خورد برد ریفرنس میں 2 گاڑیاں بھر کر متعلقہ افراد کو عدالت لایا گیا، 40 ملزمان کے لیے بنائی گئی نقول کے صفحات 2 لاکھ سے تجاوز کر گئے ہیں۔

    احتساب عدالت نے جعلی اکاؤنٹس کیس میں فرد جرم کے لیے انور مجید، اے جی مجید سمیت 40 ملزمان کو طلب کر لیا، عدالت نے حکم دیا کہ تمام ملزمان کو 2 جنوری کو پیش کیا جائے۔

    یہ بھی پڑھیں:  جعلی اکاؤنٹس کیس میں نیب نے آٹھواں ریفرنس دائر کر دیا

    نیب کا کہنا ہے کہ انور مجید، عبد الغنی مجید، نمر مجید، مناہل، سمیت اس ریفرنس میں 40 ملزمان نامزد ہیں، ملزمان کروڑوں سرکاری سب سڈی فنڈز کے غلط استعمال میں ملوث ہیں، 3.9 ارب روپے کی سبسڈی حقیقی کاشت کاروں تک پہنچ ہی نہیں سکی تھی۔

    یاد رہے کہ 9 دسمبر کو قومی احتساب بیورو نے سندھ بینک قرضوں سے متعلق کرپشن کا ریفرنس دائر کیا تھا، یہ جعلی اکاؤنٹس کیس کا آٹھواں ریفرنس تھا، جس میں بلال شیخ اور طارق احسن سمیت 20 ملزمان نامزد کیے گئے تھے۔

    ریفرنس کے مطابق ملزمان پر اومنی گروپ کو 29 ارب روپے قرضہ دینے کا الزام ہے، 29 ارب میں سے 25 ارب روپے تا حال واجب الادا ہیں، 1.84 بلین روپے اومنی کی 3 بے نامی کمپنیوں کو فراڈ کے ساتھ دیے گئے، جب کہ 1.84 بلین روپے کا قرضہ سمٹ بینک کے کیپٹل پورا کرنے کے لیے دیا گیا۔

  • خورشید شاہ کے خلاف سوا ارب روپے کا ریفرنس دائر

    خورشید شاہ کے خلاف سوا ارب روپے کا ریفرنس دائر

    سکھر: قومی احتساب بیورو (نیب) نے پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما خورشید شاہ کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں ایک ارب 23 کروڑ سے زائد کا ریفرنس دائر کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق خورشید شاہ کے خلاف نیب نے سوا ارب روپے کا ریفرنس دائر کر دیا، نیب ذرایع کا کہنا ہے کہ ریفرنس میں 18 لوگوں کے نام شامل ہیں۔

    ذرایع کے مطابق ریفرنس میں خورشید شاہ کی 2 بیگمات، 2 بیٹے فرخ شاہ، زیرک شاہ، خورشید شاہ کے بھتیجے اویس قادر شاہ کے علاوہ رحیم بخش اعوان، نثار احمد پٹھان، عبد الرزاق، محمد اکرم جنید قادر شاہ، محمد شعیب، طفیل احمد، زوہیب میر، ثاقب رضا اور محمد ثاقب کو نامزد کیا گیا ہے۔

    ریفرنس میں 600 ایکڑ زرعی زمین، متعدد اکاؤنٹس، کراچی اور سکھر میں پلاٹس کا بھی تذکرہ ہے، خیال رہے کہ خورشید شاہ کو دو روز قبل احتساب عدالت نے ریفرنس دائر نہ ہونے پر رہا کرنے کا حکم دیا تھا، تاہم احتساب عدالت کے جج کے چھٹی پر ہونے کے باعث ان کی رہائی عمل میں نہ آ سکی تھی۔

    یہ بھی پڑھیں:  احتساب عدالت میں خورشید شاہ کی ضمانت منظور

    پی پی رہنما خورشید شاہ اس وقت امراض قلب کے اسپتال میں زیر علاج ہیں، ذرایع کا کہنا ہے کہ خورشید شاہ کے وکلا آج سیشن جج کے پاس ضمانتی مچلکے جمع کرائیں گے۔

    یاد رہے کہ دو دن قبل سکھر کی احتساب عدالت میں خورشید شاہ کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس کی سماعت ہوئی، وکیل صفائی رضا ربانی نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ خورشید شاہ کو گرفتار کیے 90 روز گزر گئے، نیب کوئی ثبوت نہ ریفرنس پیش کر سکی۔ خورشید شاہ کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، استدعا ہے قانون کے مطابق کیس خارج کیا جائے۔

    عدالت نے نیب پراسیکیوٹر سے استفسار کیا کہ کیا نیب نے ریفرنس فائل کیا ہے، نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ خورشید شاہ سمیت 18 افراد پرعبوری ریفرنس تیار کیا جا چکا ہے، خورشید شاہ کے خلاف ریفرنس میں 1 ارب 24 کروڑ کے شواہد اکٹھے کیے گئے ہیں۔

    بعد ازاں، عدالت نے 50 لاکھ روپے کے عوض ضمانت منظور کرتے ہوئے خورشید شاہ کو رہا کرنے کا حکم دے دیا۔

  • شیخ رشید سابق وزیر اعظم شاہد خاقان کے خلاف گواہ بن گئے

    شیخ رشید سابق وزیر اعظم شاہد خاقان کے خلاف گواہ بن گئے

    اسلام آباد: ایل این جی اسکینڈل کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کے خلاف نیب کے گواہ بن گئے۔

    تفصیلات کے مطابق شیخ رشید احتساب عدالت میں ایل این جی کیس میں مسلم لیگ ن کے رہنما شاہد خاقان عباسی کے خلاف گواہی دیں گے، اس کیس میں نیب مجموعی طور پر 59 گواہان عدالت میں پیش کرے گا۔

    وفاقی وزیر شیخ رشید بہ طور شکایت کنندہ نیب کے پہلے گواہ ہوں گے، وزارت توانائی کے 4 افسران حسن بھٹی، نواز احمد ورک، عبدالرشید جوکھیو اور عمر سعید بھی گواہان میں شامل ہیں۔ قائم مقام جی ایم سوئی سدرن گیس فصیح الدین بھی گواہان میں شامل ہیں، جب کہ جمیل اجمل ڈائریکٹر پورٹ قاسم اتھارٹی بھی استغاثہ کے گواہ ہوں گے۔

    یہ بھی پڑھیں:  نیب نے شاہد خاقان عباسی کیخلاف ایل این جی ریفرنس دوبارہ دائر کردیا

    یاد رہے کہ 12 دسمبر کو قومی احتساب بیورو (نیب) نے سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کے خلاف ریفرنس دوبارہ دائر کر دیا تھا، جسے احتساب عدالت نے باقاعدہ سماعت کے لیے منظور کر لیا تھا، ریفرنس میں شاہد خاقان سمیت 10 ملزمان نامزد ہیں۔

    اس ریفرنس میں رجسٹرار احتساب عدالت کے اعتراضات دور کیے گئے ہیں، ریفرنس 8 ہزار صفحات پر مشتمل ہے، جو اختیارات کے غلط استعمال پر دائر کیا گیا، ملزمان میں مفتاح اسماعیل کا نام بھی شامل ہے، ریفرنس میں کہا گیا ہے کہ ایک کمپنی کو 21 ارب روپے سے زائد کا فائدہ پہنچایا گیا، مارچ 2015 سے ستمبر 2019 تک یہ فائدہ پہنچایا گیا، 2029 تک قومی خزانے کو 47 ارب روپے کا نقصان ہوگا اور عوام پر گیس بل کی مد میں 15 سال میں 68 ارب سے زائد کا بوجھ پڑے گا۔

  • وفاق کا نہیں پتا، سندھ میں پی پی حکومت وقت پورا کرے گی: آغا سراج

    وفاق کا نہیں پتا، سندھ میں پی پی حکومت وقت پورا کرے گی: آغا سراج

    کراچی: آغا سراج درانی نے کہا ہے کہ پاکستان میں سیاسی حالات ہر گھنٹے تبدیل ہوتے ہیں، وفاق کا نہیں پتا لیکن سندھ میں پیپلز پارٹی حکومت اپنا وقت پورا کرے گی۔

    تفصیلات کے مطابق اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی نے احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں سیاسی حالات ہر گھنٹے تبدیل ہوتے ہیں، وفاق کے حالات کا مجھے پتا نہیں لیکن سندھ میں پی پی حکومت اپنا ٹائم پورا کرے گی۔

    آغا سراج درانی سے ایک صحافی نے سوال کیا کہ سیاسی ماحول میں کیا تبدیلی کی فضا آ رہی ہے؟ انھوں نے جواب دیا کہ تبدیلی تو ڈیڑھ سال پہلے آ گئی تھی۔ ایک اور سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ ضمانت کے بعد اچھا محسوس ہو رہا ہے، آزادی بالآخر آزادی ہوتی ہے، ہماری ضمانتیں ہونا اللہ کی مہربانی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ہائی کورٹ کا فیصلہ پڑھیں تا کہ پتا چلے میرے ساتھ کتنی زیادتی ہوئی۔

    آغا سراج نے اسٹوڈنٹ یونین کے حوالے سے کہا کہ یونین ذوالفقار بھٹو نے بنائی اسی سے پیپلز پارٹی کا جنم ہوا، پیپلز پارٹی نے ہمیشہ اسٹوڈنٹ یونین کی بحالی کی بات کی ہے، طلبہ یونین سے نکل کر ہی بچے سیاست اور اقتدار میں آتے ہیں، طلبہ یونین لیڈر شپ ضروری ہے، پارٹی کو مضبوط طلبہ ہی بناتے ہیں۔

    دریں اثنا، آغا سراج درانی کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات ریفرنس پر احتساب عدالت میں سماعت ہوئی، پی پی رہنما اور دیگر عدالت میں پیش ہوئے۔ تفتیشی افسر نے مفرور ملزمان سے متعلق رپورٹ عدالت میں پیش کی۔ تفتیشی افسر نے کہا کہ مفرور ملزمان کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی شروع کر دی گئی ہے، اخبارات میں اشتہارات بھی دے دیے گئے۔ بعد ازاں، احتساب عدالت نے ریفرنس پر سماعت 15 جنوری تک ملتوی کر دی۔

  • احتساب عدالت میں خورشید شاہ کے جوڈیشل ریمانڈ میں 5 روز کی توسیع

    احتساب عدالت میں خورشید شاہ کے جوڈیشل ریمانڈ میں 5 روز کی توسیع

    سکھر: آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں سکھر کی احتساب عدالت نے پی پی رہنما خورشید شاہ کے جوڈیشل ریمانڈ میں 5 روز کی توسیع کر دی۔

    تفصیلات کے مطابق سکھر کی احتساب عدالت نے خورشید شاہ کے جوڈیشل ریمانڈ میں توسیع کرتے ہوئے 12 دسمبر کو دوبارہ پیشی کا حکم دے دیا۔

    نیب نے عدالت سے خورشید شاہ کے 15 روزہ جوڈیشل ریمانڈ کی استدعا کی تھی، تاہم عدالت نے صرف پانچ دن کا ریمانڈ منظور کیا۔ خورشید شاہ کے وکیل نے عدالت میں کہا کہ خورشید شاہ کو 82 روز ہو گئے، نیب اب تک کوئی شواہد پیش نہیں کر سکا، ان پر کوئی کیس نہیں بنتا، ہم اس کیس میں ضمانت نہیں لے رہے تاکہ نیب مکمل انکوائری کر لے۔

    مزید پڑھیں:  خورشید شاہ کے جوڈیشل ریمانڈ میں 15 روز کی توسیع

    نیب وکیل کا کہنا تھا کہ خورشید شاہ پر انویسٹی گیشن کرنے کے لیے چیئرمین نیب سے اجازت طلب کی ہے، انویسٹی گیشن کی اجازت ملنے پر عدالت کو آگاہ کریں گے، خورشید شاہ کے ریمانڈ کو ابھی 90 روز مکمل نہیں ہوئے،اس لیے مزید ریمانڈ دیا جائے، آصف زرداری تو 120 روز سے نیب تحویل میں ہیں۔

    خیال رہے کہ خورشید شاہ کی پیشی کے دوران احتساب عدالت اور اطراف میں سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے، شیری رحمان، اویس شاہ اور دیگر رہنما بھی احتساب عدالت پہنچ گئے تھے، جیالوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔

    خورشید شاہ کو 15 روزہ ریمانڈ ختم ہونے پر عدالت میں پیش کیا گیا تھا، نیب تاحال ان کے خلاف ٹھوس ثبوت نہیں لا سکی ہے، خورشید شاہ کو 18 ستمبر کو آمدن سے زائد اثاثوں کے الزام پر گرفتار کیا گیا تھا۔

  • خواجہ برادران کے جوڈیشل ریمانڈ میں 9 دسمبر تک توسیع

    خواجہ برادران کے جوڈیشل ریمانڈ میں 9 دسمبر تک توسیع

    لاہور: احتساب عدالت نے مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ سعد رفیق اور خواجہ سلمان رفیق کے جوڈیشل ریمانڈ میں 9 دسمبر تک توسیع کردی۔

    تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت کے معزز جج جوادالحسن کے چھٹی پر ہونے پر ڈیوٹی جج نے خواجہ برادران کے خلاف پیراگون ہاؤسنگ اسکینڈل کیس کی سماعت کی۔ جیل حکام نے نامزد ملزم خواجہ سعد رفیق اورسلمان رفیق کو عدالت کے سامنے پیش کیا۔

    احتساب عدالت میں آج کسی بھی گواہ کا بیان قلمبند نہ کیا جاسکا۔عدالت نے مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ سعد رفیق اور خواجہ سلمان رفیق کے جوڈیشل ریمانڈ میں 9 دسمبر تک توسیع کردی۔

    خواجہ برادران کی احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے، سڑکوں کو کنٹینرز لگا کر عام ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا۔

    عدالت میں گزشتہ سماعت کے دوران خواجہ برادران کے وکلا کی موجودگی میں گواہان کے بیان قلمبند کیے گئے، نیب پراسیکیوٹرکی جانب سے گواہ سے سرگوشی پر وکیل صفائی کا کہنا تھا کہ آپ شہادت ریکارڈ کراتے وقت گواہ کو ہدایت نہیں دے سکتے۔

    یاد رہے کہ 11 دسمبر 2018ء کو لاہور ہائی کورٹ نے مسلم لیگ ن کے رہنماؤں خواجہ سعد رفیق اور ان کے بھائی سلمان رفیق کی عبوری ضمانت خارج کردی تھی، جس کے بعد قومی احتساب بیورو (نیب) نے دونوں بھائیوں کو حراست میں لے لیا تھا۔

    نیب نے گرفتاری کے دوسرے ہی دن خواجہ برادران کو لاہور کی احتساب عدالت میں پیش کیا تھا، جہاں عدالت نے خواجہ سعد رفیق اور سلمان رفیق کو ابتدائی طور پر 10 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کیا تھا۔

  • حمزہ شہباز کے جوڈیشل ریمانڈ میں 14 دن کی توسیع

    حمزہ شہباز کے جوڈیشل ریمانڈ میں 14 دن کی توسیع

    لاہور: احتساب عدالت نے آمدن سے زائد اثاثہ جات، منی لانڈرنگ  اور  رمضان شوگر ملز کیس میں حمزہ شہباز کے جوڈیشل ریمانڈ میں 14 دن کی توسیع کر دی۔

    تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے خلاف کیسز کی سماعت ہوئی۔ جیل حکام نے جوڈیشل ریمانڈ ختم ہونے پر حمزہ شہباز کو عدالت کے روبرو پیش کیا۔

    احتساب عدالت نے رمضان شوگر ملز کے کیس میں حمزہ شہباز کو ریفرنس کی کاپیاں فراہم کردیں جبکہ نیب پراسکیوٹر کو منی لانڈرنگ کیس کا ریفرنس جلد دائر کرنے کی ہدایت کر دی۔

    شہباز شریف کے وکلا نے آشیانہ اقبال اور رمضان شوگر ملز کیس میں ان کی مستقل حاضری معافی کی درخواست جمع کرائی جس میں موقف اختیار کیا کہ شہباز شریف اپنے اور بھائی کے علاج کے سلسلے میں بیرون ملک ہونے کے باعث پیش نہیں ہوسکتے۔

    وکیل نے بتایا کہ شہباز شریف کی درخواست پاکستانی سفارت خانے سے تصدیق شدہ ہے، عدالت نے مستقل حاضری معافی کی درخواست پر نیب کونوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔

    حمزہ شہباز شریف پیشی کے موقع پر پولیس اہلکاروں کے ساتھ ساتھ چلنے پر برہم بھی ہوئے اور غصے میں اہلکاروں کو رکنے کا کہا جبکہ پولیس اہلکار حمزہ شہباز کی جھاڑ سن کر خاموشی سے پیچھے کھڑے رہ گئے۔ احتساب عدالت میں حمزہ شہباز کی پیشی کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔

  • آصف زرداری اور فریال تالپور کے جوڈیشل ریمانڈ میں 17 دسمبر تک توسیع

    آصف زرداری اور فریال تالپور کے جوڈیشل ریمانڈ میں 17 دسمبر تک توسیع

    اسلام آباد: احتساب عدالت نے سابق صدر آصف علی زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور کے جوڈیشل ریمانڈ میں 17 دسمبر تک توسیع کردی۔

    تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت کے جج اعظم خان نے جعلی اکاؤنٹس، میگامنی لانڈرنگ اور پارک لین ریفرنس پر سماعت کی۔ سابق صدر آصف علی زرداری عدالت میں پیش نہ ہوئے جبکہ فریال تالپور کو عدالت میں پیش کیا گیا۔

    پراسیکیوٹر نے سماعت کے دوران دلائل دیتے ہوئے کہا کہ ہم نے ضمنی ریفرنس دائر کر دیا ہے، ریفرنس اسکروٹنی کے مرحلے میں ہے، ریفرنس کے 65 والیم ہیں، ملزمان کی تعداد وہی ہے، مزید شواہد شامل کیے گئے ہیں۔

    احتساب عدالت نے ملزمان کو ضمنی ریفرنس کی نقول فراہم کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ 17 دسمبر سے پہلے ملزمان کو نقول کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔

    بعدازاں عدالت نے آصف علی زرداری اور فریال تالپور کے جوڈیشل ریمانڈ میں 17 دسمبر تک توسیع کرتے ہوئے ملزمان کو ضمنی ریفرنس کی نقول فراہم کرنے کا حکم دے دیا۔

    جعلی اکاؤنٹس اسکینڈل ، آصف زرداری اور فریال تالپور کی مشکلات میں اضافہ

    یاد رہے کہ گزشتہ روز قومی احتساب بیورو ( نیب) نے سابق صدر آصف زرداری اوران کی بہن فریال تالپور کے خلاف عبوری ریفرنس دائرکر دیا تھا۔