Tag: احتساب مارچ

  • صرف نوازشریف نہیں سب کا احتساب ہونا چاہئیے، سراج الحق

    صرف نوازشریف نہیں سب کا احتساب ہونا چاہئیے، سراج الحق

    لاہور : جماعت اسلامی کے امیر سینیٹرسراج الحق نے کہا ہے کہ صرف نواز شریف کو نااہل قرار دینے سے قوم کا مسئلہ حل نہیں ہو گا، پانامہ لیکس میں شامل سب کا احتساب ہونا چاہئیے، خون کے آخری قطرے تک کرپٹ سسٹم کے خلاف لڑیں گے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں داتا دربار کے باہر احتساب مارچ کی اسلام آباد روانگی سے قبل شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا، جس کے بعد جماعت اسلامی کا احتساب مارچ داتا دربار سے اسلام آباد کی جانب روانہ ہو گیا۔

    شرکاء سے خطاب میں سنیٹر سراج الحق نے کہا کہ پاناما کیس میں صرف نواز شریف کو نااہل قرار دینے سے قوم کا مسئلہ حل نہیں ہو گا، پانامہ لیکس میں 436 سے زائد افراد کے نام ہیں، سب کا احتساب ہونا چاہئیے۔

    امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ احتساب مارچ کا سفر پاکستان کے لیے ہے، کرپٹ سسٹم اور کرپٹ اشرافیہ نے عوام کے حقوق پر ڈاکہ ڈالا ہے، خون کے آخری قطرے تک کرپٹ سسٹم کے خلاف لڑیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ عام آدمی پیاز اور ٹماٹر کے لیے پریشان ہے، حکمرانوں کے بچے سونے سے کھیل رہے ہیں اور ان کے کتے مکھن کھا رہے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ حکمرانوں کی شوگر ملوں اور جائیدادوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، 150 سے زائد کرپشن کے میگا اسکینڈل موجود ہیں، ان کے نہ اکاؤنٹس منجمد کئے گئے اورنہ ہی کسی کے بیرون ملک جانے پر پابندی لگائی گئی۔

    سراج الحق نے کہا کہ ڈاکٹر عاصم بیرون ملک چلے گئے، آصف علی زراداری کو کلین چٹ اور ولی اللہ کا رتبہ دے دیا گیا، نواز شریف کو بھی کلین اور ولی بنایا جائے گا۔

    انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو پہلے دن کہا تھا کہ جب تک عدالتیں کلئیر نہ کریں، وزرات عظمیٰ کا عہدہ چھوڑ دیں، مشورہ مانتے تو کچھ عزت بچ جاتی، اب اسحاق ڈار کو مشورہ ہے کہ عدالتوں سے کلئیر ہونے تک عہدہ چھوڑ دیں۔

    امیر جماعت اسلامی نے سیاسی جماعتوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ پرویز مشرف کا ساتھ دینے اور آئین توڑنے والے سیاسی جماعتوں میں بیٹھ کر جو خود کو جمہوریت کا علمبردار کہتے ہیں انہیں باہر نکالا جائے۔

    انہوں نے برما کے مسلمانوں کی حالت زار پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ روہنگیا مسلمانوں کے قتل عام پر حکومت نے آنکھیں بند کرکے بزدلی کا راستہ اپنایا ہے، کشمیر اور روہنگیا کا مسئلہ غیرت مند قیادت ملنے تک حل نہیں ہو سکتا۔

    مارچ سے خطاب کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے کہا کہ کرپشن کا خاتمہ کر کے دم لیں گے، 436 چوروں کا احتساب کروانے کیلئے آج جماعت اسلامی پھر سڑکوں پر ہے۔

  • کرپٹ افراد کے پاتھوں میں ہتھکڑیاں دیکھنا چاہتےہیں، سراج الحق

    کرپٹ افراد کے پاتھوں میں ہتھکڑیاں دیکھنا چاہتےہیں، سراج الحق

    لاہور : امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ پاناما کیس میں آنیوالے افراد کے ہاتھوں میں ہتھکڑیاں دیکھنا چاہتےہیں، ملک کو کرپشن سے پاک کرنے کیلئے قانون سازی ہونی چاہئیے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور مال روڈ مسجد شہداء سے چیئرنگ کراس تک جماعت اسلامی کے زیر اہتمام عزم احتساب مارچ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

    سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ وزیراعظم کے اثاثے ان کی آمدنی سے زیادہ تهے، اس لئے انہیں صادق امین نہ ہونے کی بنا پر نااہل کیا گیا، حکمران جماعت کو عدالتی فیصلہ قبول کرنا چاہیئے تها لیکن وہ مسترد کر رہے ہیں، نوازشریف سے متعلق عدالت کے فیصلے کو قوم نے سراہا۔

    انہوں نے کہا کہ میرا مسئلہ صرف نواز شریف نہیں، وہ سب لوگ ہیں جن کی وجہ سے غریب کو حق نہیں مل رہا، جنہوں نے قوم کو لوٹا ہے، چاہے وہ حکومت میں ہوں یا اپوزیشن میں سب کا احتساب چاہتے ہیں۔

    پاناما اسکینڈل میں436لوگوں کا نام لیکر سپریم کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹایا، پانامہ اسکینڈل میں حکمران ہیں، دیگر سیاستدان، جج ، بیوروکریٹ ہیں یا جنرل سب کا احتساب ہونا چاہیئے۔

    سراج الحق نے کہا کہ یہ فیصلہ آخری نہیں ہونا چاہیئے، کسی نے سیاہ جهنڈا اٹهایا ہو یا سفید، سب کا احتساب چاہتے ہیں، میری لڑائی کسی پارٹی سے نہیں یا کسی بیمار سے نہیں، میری لڑائی ان سے ہے جنہوں نے ملک کو بدنام کیا ہے۔

    آئین کی شق 62اور63 کا خاتمہ نہیں ہونے دیں گے

    ان کا کہنا تھا کہ یہ لوگ آئین کی شق 62، 63 کا خاتمہ چاہتے ہیں، جس کے تحت صرف صادق اور امین اسمبلی ممبر ہو سکتا ہے، غیرمسلم ممالک میں بهی دیانتدار اور امین ہونے کی شرط ہے تو یہ مسلمان ملک کے آئین سے نکال رہے ہیں، کل آپ پاکستان کے آئین سے وزیراعظم اور صدر کیلئے مسلمان کی شرط بهی ختم کریں گے۔

    یہ پاکستان کا اسلامی تشخص ختم کرنا چاہتے ہیں، لیکن ایسا نہیں ہونے دیں گے، اگر 62، 63 کو ختم کرنے کی کوشش کی گئی تو عوام کا ہاتھ ان کے گریبان پر ہو گا، وزیراعظم کے انتخاب میں اپوزیشن متفقہ امیدوار دے ورنہ ثابت ہو جائے گا کہ حزب اختلاف تقسیم ہے۔

    انہوں نے کہا کہ سومنات کے مندر پر یہ پہلہ حملہ ہے، ہم سترہ حملے کر کے کرپشن کے ہر بت کو پاش پاش کریں گے، میرا ایجنڈا نواز شریف کو ہٹانا نہیں کرپشن مافیا کا احتساب ہے، اشرافیہ اور کرپٹ مافیا کا خاتمہ چاہتے ہیں۔

    سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ دو اگست کو مرکزی مجلس شوری کا اجلاس طلب کیا ہے جس میں آئندہ کی حکمت عملی دوں گا، میں جهکنے اور ڈرنے والا نہیں، میں سیاست اور صرف سیاست نہیں اصلاح چاہتا ہوں۔

  • تحریک انصاف کے مارچ میں را کی دہشت گردی کا خدشہ

    تحریک انصاف کے مارچ میں را کی دہشت گردی کا خدشہ

    لاہور: تحریک انصاف کے رائے ونڈ مارچ میں بھارتی خفیہ ایجنسی را کی جانب سے دہشت گردی کا خدشہ ہے، محکمہ داخلہ پنجاب نے اس ضمن میں مراسلہ جاری کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کی جانب سے کرپشن کے خلاف منعقد کیے گئے رائے ونڈ مارچ میں دہشت گردی کے ممکنہ حملے کے پیش نظر محکمہ داخلہ پنجاب نے مراسلہ جاری کردیا، جس میں کہا گیا ہے کہ بھارتی خفیہ ایجنسی را کی جانب سے ریلی کے شرکاء کو نشانہ بنایا جاسکتا ہے۔

    محکمہ داخلہ کی جانب سے جاری کیے گئے مراسلے میں آگاہ کیا گیا ہے کہ ’’رائے ونڈ مارچ میں دہشت گردی کے لیے بھارتی خفیہ ایجنسی را نے حملے کا منصوبہ تیار کرلیا ہے، مارچ کے دوران حملے میں دہشت گردی کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

    پڑھیں:  تاریخی مارچ سے مودی کو جواب دیں گے، عمران خان

     پنجاب حکومت نے مراسلے میں تحریک انصاف کی قیادت کو آگاہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’بھارتی خفیہ ایجنسی را نے افغان ایجنسی این ڈی ایس کی مدد سے پی ٹی آئی کی ریلی کو نشانہ بنانے کا منصوبہ تیار کرلیا ہے، جس کے تحت تحریک انصاف کی ریلی کو ٹارگٹ کیا جاسکتاہے‘‘۔

    صوبائی حکومت نے تحریک انصاف کی قیادت کو معاملے کی سنگینی سے آگاہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’ریلی کے دوران فول پروف سیکیورٹی کے اقدامات کیے جائیں اور  انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کریں‘‘۔

    مزیر پڑھیں:  رائے ونڈ مارچ قوم کی تقدیر کا فیصلہ کرے گا،عمران خان

     یاد رہے کہ کرپشن اور پاناما لیکس کے خلاف تحریک انصاف کی جانب سے ملک گیر سطح پر ریلیوں کا انعقاد کیا گیا تھا جس کا آخری سلسلہ رائے ونڈ مارچ ہے، تحریک انصاف کی جانب سے کل جمعہ 30 ستمبر کے روز مارچ کا اعلان کیا گیا ہے۔

    تحریک انصاف کے چیئرمین نے امید ظاہر کی ہے کہ عوام کی بڑی تعداد ریلی میں شرکت کر ے گی اور کرپٹ حکمرانوں سے نجات اور پاناما لیکس کی تحقیقات کے لیے حکمرانوں کو مجبور کرے گی۔

    یہ بھی پڑھیں:  لاہور ہائی کورٹ نے تحریک انصاف کو رائے ونڈ میں جلسے کی اجازت دے دی

    چیئرمین تحریک انصاف نے رائے ونڈ مارچ کو امید کی کرن ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’قوم کے پاس یہ آخری موقع ہے کہ وہ حکمرانوں سے لوٹے ہوئے پیسوں کا حساب طلب کریں، اس کام کے لیے انہیں رائے ونڈ مارچ میں ضرور شرکت کرنی ہوگی‘‘۔