Tag: احتساب کی خبریں

  • اساتذہ کو ہتھکڑی: چیئرمین نیب کا ایڈیشنل ڈائریکٹر کو معطل کرنے کا حکم

    اساتذہ کو ہتھکڑی: چیئرمین نیب کا ایڈیشنل ڈائریکٹر کو معطل کرنے کا حکم

    لاہور: چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے سابق وائس چانسلر پنجاب یونی ورسٹی کو ہتھکڑی لگا کر پیش کرنے کے معاملے پر نیب کے ایڈیشنل ڈی جی محمد رفیع کو معطل کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق جامعہ پنجاب کے اساتذہ کو ہتھکڑی لگانے کے معاملے پر قومی احتساب بیورو کے چیئرمین نے ایکشن لیتے ہوئے ایڈیشنل ڈائریکٹر نیب لاہور کو معطل کر دیا۔

    [bs-quote quote=”پنجاب یونی ورسٹی کیس نئی انویسٹی گیشن ٹیم کے حوالے کرنے کا حکم” style=”style-7″ align=”left” color=”#dd3333″][/bs-quote]

    چیئرمین نیب نے کیس کی تفتیشی ٹیم کی تبدیلی کے بھی احکامات جاری کر دیے، چیئرمین نے پنجاب یونی ورسٹی کیس نئی انویسٹی گیشن ٹیم کے حوالے کرنے کا حکم دے دیا۔

    جسٹس (ر) جاوید اقبال نے چیئرمین نیب کی انکوائری کمیٹی کی رپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے پنجاب پولیس کے اے ایس آئی کو بھی معطل کرنے کے لیے آئی جی پی کو سفارش کر دی۔

    قبل ازیں چیئرمین نیب نے احتساب بیورو کے لاہور آفس کا دورہ کیا، جہاں انھوں نے میگا کرپشن کیسز اور نیب لاہور کی مجموعی کارکردگی کا جائزہ لیا۔

    نیب سے جاری اعلامیے کے مطابق چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے کہا کہ میگا کرپشن کیسز کو منطقی انجام تک پہنچانا ترجیح ہے، ملک سے بد عنوانی کا خاتمہ پوری قوم کی آواز ہے۔

    دریں اثنا سابق وی سی پنجاب یونی ورسٹی مجاہد کامران کو ہتھکڑی لگانے کے معاملے پر چیئرمین نیب سے پنجاب یونی ورسٹی کے پروفیسرز پر مشتمل وفد نے ملاقات کی۔


    تفصیلات پڑھیں:  پنجاب یونی ورسٹی میں غیر قانونی بھرتیاں، سابق وی سی سمیت 6 ملزمان گرفتار


    چیئرمین نیب نے  وفد کو معاملے پر بھرپور انصاف کی یقین دہانی کرائی، اس موقع پر وفد نے بھی ڈی جی نیب لاہور کے خلاف چلائی گئی مہم پر اظہارِ افسوس کیا، نیب لاہور آفس کے دورے کے موقع پر چیئرمین نیب نے ڈاکٹر مجاہد کامران اور دیگر زیرِ حراست رجسٹرارز سے بھی ملاقات کی۔

    واضح رہے کہ پنجاب یونی ورسٹی کے سابق وائس چانسلر مجاہد کامران کو نیب نے 11 اکتوبر کو حراست میں لیا تھا، نیب نے سابق وی سی سمیت دیگر اساتذہ کو ہتھکڑیاں لگا کر احتساب عدالت میں پیش کیا تھا۔

  • نیب اجلاس: سابق وزرا، اسپیکر اور دیگر اعلیٰ عہدے داروں کے خلاف کارروائی کا حکم

    نیب اجلاس: سابق وزرا، اسپیکر اور دیگر اعلیٰ عہدے داروں کے خلاف کارروائی کا حکم

    اسلام آباد: قومی احتساب بیورو (نیب) نے سابق وزیر، سابق اسپیکر اور دیگر متعدد اعلیٰ عہدے داروں کے خلاف ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دے دی۔

    تفصیلا ت کے مطابق اسلام آباد میں چیئرمین نیب کی زیرِ صدارت ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں بدعنوانی کے 4 ریفرنسز دائر کرنے کی منظوری دی گئی۔

    نیب اجلاس میں سابق اسپیکر بلوچستان اسمبلی جان محمد جمالی اور سابق وزیر اعجاز حسین جاکھرانی کے خلاف تحقیقات کی منظوری دی گئی۔

    قومی احتساب بیورو نے سابق وفاقی وزیر تنویر حسین گیلانی کے خلاف بھی انکوائری کی منظوری دی ہے، جب کہ سابق سیکریٹری پانی و بجلی شاہد رفیع کے خلاف بھی ریفرنس دائر کیا جائے گا۔

    نیب اجلاس میں سابق کمشنر افغان مہاجرین ضیا الرحمان کے خلاف بھی انکوائری کی منظوری دی گئی ہے، سابق کمشنر افغان مہاجرین مولانا فضل الرحمان کے بھائی ہیں۔

    نیب نے سی ای او قائدِ اعظم اسپتال شوکت بنگش و دیگر کے خلاف ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے، نیب کے مطابق شوکت علی بنگش پر 612 ملین روپے خورد برد کا الزام ہے۔


    یہ بھی پڑھیں:  سابق چیئرمین نیب کے گودام سے برآمد گاڑیاں قطری سفارتخانے کی نکلیں


    قومی احتساب بیورو نے جن دیگر افراد کے خلاف ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دی ہے ان میں سابق سیکریٹری لینڈ کراچی غلام مصطفی، سابق ڈی سی فضل الرحمان، سابق کمشنر روشن علی بھی شامل ہیں۔

    نیب نے شوکت حسین جوکھیو کےخلاف بھی بد عنوانی کا ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دی، ملزمان پر 265 ایکٹر سرکاری زمین غیر قانونی طور لیز پر دینے کا الزام ہے۔

    نیب اجلاس میں سابق کمشنر سکھر جام غلام قادر، وائس چیئرمین اسپورٹس بورڈ حنیف عباسی کے خلاف تحقیقات اور سابق چیئرمین بورڈ آف گورنرز پیپکو محمد سلیم عارف، ملک محمد رضی عباس اور طاہر بشارت کے خلاف ریفرنسز دائر کرنے کی منظوری دی گئی۔

  • نیب کا وزیرِ دفاع، اسپیکر سندھ اسمبلی اور میئر کراچی کے خلاف انکوائری کا اعلان

    نیب کا وزیرِ دفاع، اسپیکر سندھ اسمبلی اور میئر کراچی کے خلاف انکوائری کا اعلان

    اسلام آباد: قومی احتساب بیورو (نیب) نے وزیرِ دفاع پرویز خٹک، اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درّانی اور میئر کراچی وسیم اختر سمیت 14 اہم افراد کے خلاف انکوائریز کی منظوری دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کی زیرِ صدارت ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں ایگزیکٹو بورڈ نے کرپشن کے سلسلے میں 14 اہم افراد کے خلاف تحقیقات کی منظوری دی۔

    احتساب بیورو کی جانب سے جاری اعلامیے میں سابق وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا اور موجودہ وزیرِ دفاع کے خلاف بھی انکوائری کا اعلان کیا گیا ہے، نیب انکوائری کے اعلان سے پرویز خٹک کے گرد نیب کا گھیرا مزید تنگ ہوگیا ہے۔

    وزیرِ دفاع پرویز خٹک کے خلاف نیب اعلامیے میں انکوائری کی تفصیلات فراہم نہیں کی گئی ہیں، چیئرمین نیب جاوید اقبال نے پیپلز پارٹی کے آغا سراج درانی اور ایم کیو ایم پاکستان کے وسیم اختر کے خلاف انکوائری کی بھی منظوری دی۔

    واضح رہے کہ پرویز خٹک صاف پانی فراہمی کیس میں چیف جسٹس پاکستان ثاقب نثار کے طلب کرنے پر سپریم کورٹ پشاور رجسٹری میں پیش ہو چکے ہیں، ان پر ٹرانسپورٹ منصوبے کے حوالے سے بھی کرپشن کے الزامات ہیں۔


    یہ بھی پڑھیں:  وزیر دفاع پرویز خٹک کا وزارت دفاع کا دورہ


    اس سے قبل بھی نیب کی جانب سے مالم جبہ میں 275 ایکڑ سرکاری جنگلات کی اراضی سیمنز گروپ آف کمپنیز کو لیز پر دینے پر سابق وزیرِ اعلی خیبر پختون خواہ پرویز خٹک کے خلاف اختیارات کے ناجائز استعمال پر انکوائری کی منظوری دی جا چکی ہے۔

  • نواز شریف کی احتساب عدالت میں کل پیشی کے انتظامات مکمل، سیکورٹی پلان تیار

    نواز شریف کی احتساب عدالت میں کل پیشی کے انتظامات مکمل، سیکورٹی پلان تیار

    اسلام آباد: سابق وزیرِ اعظم نواز شریف کے خلاف العزیزیہ اور فلیگ شپ ریفرنسز کے ٹرائل کے لیے احتساب عدالت میں کل پیشی کے انتظامات مکمل کرلیے گئے، سیکورٹی کا فول پروف پلان بھی تیار کر لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد انتظامیہ نے احتساب عدالت میں سیکورٹی کے لیے پلان تیار کرلیا، کل نواز شریف کے خلاف العزیزیہ اور فلیگ شپ ریفرنسز کا ٹرائل شروع ہوگا۔

    سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے نواز شریف کی سیکورٹی کے لیے اسلام آباد انتظامیہ کو خط لکھ دیا، انھوں نے کہا کہ احتساب عدالت پیشی کے لیے فول پروف سیکورٹی مہیا کی جائے۔

    انتظامیہ کا کہنا ہے کہ غیر متعلقہ افراد کا فیڈرل جوڈیشل کمپلیکس میں داخلہ بالکل بند ہوگا، نواز شریف کی سیکورٹی کے لیے خصوصی انتظامات کیے جائیں گے، احتساب عدالت کے اطراف 200 سے زائد اہل کار تعینات ہوں گے۔

    ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا یافتہ مجرم نواز شریف کے بی کلاس میں مزے

    ذرائع نے کہا ہے کہ نواز شریف کو اڈیالہ جیل سے آرمرڈ وہیکل کے ذریعے عدالت لایا جائے گا، قافلے میں جیمرز والی گاڑی اور ایمبولینس بھی شامل ہوگی۔

    احتساب عدالت کے جج محمد بشیر کے بعد نئے جج ملک ارشد ٹرائل شروع کریں گے۔ خیال رہے کہ نواز شریف نے جج محمد بشیر پر اعتراض کر دیا تھا اور انھیں تبدیل کرنے کی درخواست کی تھی۔

    نواز شریف ، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کی ایون فیلڈ فیصلے کے خلاف اپیلیں دائر

    واضح رہے کہ نواز شریف ایون فیلڈ ریفرنس میں اڈیالہ جیل میں دس سال کی قید کاٹ رہے ہیں، ان کی جانب سے سپریم کورٹ میں سزا کے خلاف اپیلیں بھی کی گئی ہیں جن پر سماعت کا آغاز ہو چکا ہے۔

  • بڑی مچھلیوں پر قانون کے مطابق ہاتھ ڈالیں گے، چیئرمین نیب

    بڑی مچھلیوں پر قانون کے مطابق ہاتھ ڈالیں گے، چیئرمین نیب

    اسلام آباد: قومی احتساب بیورو کے چیئرمین جسٹس (ر) جاوید اقبال نے کہا ہے کہ بڑی مچھلیوں پر قانون کے مطابق ہی ہاتھ ڈالا جائے گا، کسی کے ساتھ امتیاز نہیں برتا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین نیب جاوید اقبال کی زیرِ صدارت نیب ہیڈ کوارٹرز میں اجلاس کے دوران چیئرمین نے کہا ’نیب بد عنوانی میں ملوث بڑی مچھلیوں پر قانون کے مطابق ہاتھ ڈالے گا۔‘

    نیب ہیڈ کوارٹرز میں منعقدہ اجلاس میں بدعنوانی میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لیے پالیسی کا جائزہ لیا گیا، اجلاس کے شرکا نے پالیسی پر اطمینان کا اظہار کیا۔

    جاوید اقبال کا کہنا تھا کہ کرپشن کے چھوٹے کیسز کے بر عکس نیب کی پالیسی یہ ہے کہ وہ بڑے اور میگا اسکینڈلز کی تحقیقات کو ترجیح دے رہا ہے۔

    چیئرمین نیب نے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ نیب ملزمان کی گرفتاری کے لیے امتیازی پالیسی پریقین نہیں رکھتا، نیب کی جانب سے کی جانے والی گرفتاریاں بلا امتیاز، شواہد اور قانون کے مطابق ہوتی ہیں۔

    نیب نے سابق وزیراعظم شوکت عزیزکے خلاف ریفرنس دائرکر دیا

    جسٹس (ر) جاوید اقبال نے نیب کے طریقۂ کار کے حوالے سے کہا ’نیب عدالت میں ملزم پر لگائے گئے الزامات کا ثبوت پیش کرتا ہے، احتساب عدالت مزید تحقیقات کے لیے ملزم کا ریمانڈ دیتی ہے۔‘

    قومی احتساب بیورو کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ نیب کی تحقیقات سائنسی ہوتی ہیں، وہ ملزم سے سائنسی بنیادوں پر تحقیقات کرتا ہے اور کرپشن کے ثبوت حاصل کرتا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔