Tag: احد چیمہ

  • احد چیمہ کے بیان پر پنجاب لینڈ ڈویلپمنٹ کے چارافسران گرفتار

    احد چیمہ کے بیان پر پنجاب لینڈ ڈویلپمنٹ کے چارافسران گرفتار

    لاہور : آشیانہ ہاؤسنگ اسکیم اور ایل ڈی اے سٹی اسکینڈل کی تحقیقات میں اہم پیش رفت ہوئی ہے، نیب لاہور نے پنجاب لینڈ ڈیویلپمنٹ کمپنی کے چار افسران کو حراست میں لے لیا۔

    تفصیلات کے مطابق آشیانہ ہاؤسنگ اسکیم میں مبینہ کرپشن کا معاملہ مزید الجھ گیا، احد چیمہ نے ایویلوایشن کمیٹی کو ذمہ دار ٹھہرا دیا، احد خان چیمہ کے انکشافات پر نیب حکام نے پنجاب لینڈ ڈویلپمنٹ کے چار افسران کو گرفتار کرلیا۔

    انہوں نے بیان دیا تھا کہ کمیٹی نے سارے فیصلے کئے میں نے تو صرف معاملات کو آگے بڑھایا تھا، آشیانہ ہاؤسنگ اور ایل ڈی اے سٹی اسکینڈل سے متعلق مزید انکوائری کے لیے حراست میں لیے گئے افسران میں چیف انجینئر اسرار سعید اور بلال قدوائی شامل ہیں۔

    نیب ترجمان کے مطابق امتیاز حیدر اور عارف نامی افسران کو بھی حراست میں لے لیا گیا ہے، زیرحراست افسران سے نیب لاہور کے حکام نے سات گھنٹے تک پوچھ گچھ کی ہے۔ جسمانی ریمانڈ کے لیے ملزمان کو آج احتساب عدالت میں پیش کیا جائے گا۔


    مزید پڑھیں: احد چیمہ اورشاہد شفیق 15 روزہ جسمانی ریمانڈ پرنیب کےحوالے


    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ 21 جنوری کو قومی احتساب بیورو نے سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد چیمہ کو بدعنوانی کے الزام میں گرفتار کیا تھا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔  

  • آشیانہ ہاؤسنگ اسکیم اسکینڈل: ملزم شاہد شفیق جسمانی ریمانڈ پرنیب کےحوالے

    آشیانہ ہاؤسنگ اسکیم اسکینڈل: ملزم شاہد شفیق جسمانی ریمانڈ پرنیب کےحوالے

    لاہور: احتساب عدالت نے آشیانہ اسکیم کرپشن میں گرفتار ملزم شاہد شفیق کو ایک روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق آشیانہ ہاؤسنگ کرپشن میں گرفتاربسم اللہ کنسٹرکشن کے چیف ایگزیکٹو شاہد شفیق کو ضلع کچہری میں جوڈیشل مجسٹریٹ کے سامنے پیش کیا گیا۔

    مجسٹریٹ نے ملزم شاہد شفیق کا ایک روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے اسے نیب کے حوالے کردیا۔

    ملزم شاہد شفیق بسم اللہ کمپنی کا چیف ایگزیکٹو ہے جس پرکمپنی کے لیے ٹھیکہ لینے کا الزام ہے۔

    ذرائع کے مطابق ملزم شاہد شفیق کو کل احتساب عدالت میں پیش کیا جائے گا اور عدالت سے ملزم کے 15 روزہ جسمانی ریمانڈ کی درخواست کی جائے گی۔

    آشیانہ ہاؤسنگ اسکیم اسکینڈل میں گرفتار ملزم شاہد شفیق کے وکیل نے میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ آشیانہ پراجیکٹ پر کمپنی بہت پیسہ لگا چکی ہے، کمپنی نے حکومت سے اب تک کوئی پیسہ نہیں لیا۔

    علی بخاری نے کہا کہ میرے موکل شاہد شفیق کو پھنسایا جا رہا ہے، بہت جلد سب کے سامنے سچ اورجھوٹ آ جائے گا۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز نیب نے ملزم شاہد شفیق کو حراست میں لیا تھا، ملزم پر ایل ڈی اے اہلکاروں کی ملی بھگت سے 14 ارب روپے کا ٹھیکہ جعلی کاغذات پرحاصل کرنے کا الزام ہے۔

    واضح رہے کہ 22 فروری کو احتساب عدالت نے آشیانہ ہاؤسنگ سوسائٹی اسکینڈل میں گرفتار سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد چیمہ 11 روزہ جسمانی ریمانڈ پرنیب کے حوالے کیا تھا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • احد چیمہ کی گرفتاری: نیب نےپنجاب حکومت کےموقف کی پھرتردید کردی

    احد چیمہ کی گرفتاری: نیب نےپنجاب حکومت کےموقف کی پھرتردید کردی

    لاہور: نیب نے سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد چیمہ کی گرفتاری کے بعد حکومت پنجاب کے موقف کی تردید کرتے ہوئے حقائق بیان کردیے۔

    تفصیلات کے مطابق نیب کی جانب سے جاری اعلامیے میں حکومت پنجاب کے موقف کی تردید کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ پی ایل ڈی سی سےآشیانہ اقبال پراجیکٹ ایل ڈی اے کو دیا گیا، پنجاب حکومت نے 20 جنوری 2015 کو اقدام کیا۔

    نیب ترجمان کے مطابق سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد چیمہ نے اختیارات کا ناجائز استعمال کیا، بطور جوائنٹ وینچر ٹھیکا کاسا ڈویلپرزکودیا گیا۔

    نیب اعلامیے کے مطابق جوائنٹ وینچرکے تحت اسپارکو کنسٹرکشن کے9 فیصد شیئرزتھے، اسپارکوکنسٹرکشن کو کاسا ڈویلپرزکی فرنٹ کمپنی ظاہر کرنا غیرقانونی تھا۔

    ترجمان نیب کے مطابق 90 فیصد شیئرز بسم اللہ انجینئرنگ کی ملکیت تھے، بسم اللہ انجینئرنگ کو14 ارب کا ٹھیکا دیا گیا، احد چیمہ نے پرپوزل ریکویسٹ تیار کیں بلکہ منظوربھی کرائیں۔

    نیب اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ کاسا ڈویلپرزکو14ارب کا ٹھیکا اختیارات کا ناجائزاستعمال کرتے ہوئے دیا، ملی بھگت سے مارچ 2015 میں ٹھیکا پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت دیا۔

    ترجمان نیب کے مطابق اصل لیڈ کمپنی بسم اللہ انجینئرنگ خود بڑا پراجیکٹ لینے کے لیے نااہل تھی، ٹھیکے کے لیے ایکٹ کے تحت شیئرہولڈرزکی تفصیلات حاصل کرنا لازم ہے۔

    نیب کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ احد چیمہ نے جے وی ممبران کی ملی بھگت سےایم اویو منظورکیا، ایم او یوکے تحت شیئر ہولڈرز کی تفصیلات کو پوشیدہ رکھا گیا۔


    احد چیمہ کے خلاف نیب کے پاس ٹھوس شواہد موجود ہیں‘ نیب


    یاد رہے کہ گزشتہ روزقومی احتساب بیورو کے ترجمان نے کہا تھا کہ احد چیمہ کو قانون کے مطابق گرفتار کیا گیا، ان کے خلاف نیب کے پاس ٹھوس شواہد موجود ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • عمران خان سول افسران کے خلاف ہرزہ سرائی کر رہے ہیں، احد چیمہ کی گرفتاری پر تحفظات ہیں: رانا ثنا اللہ

    عمران خان سول افسران کے خلاف ہرزہ سرائی کر رہے ہیں، احد چیمہ کی گرفتاری پر تحفظات ہیں: رانا ثنا اللہ

    لاہور: وزیر قانون پنجاب رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ عمران خان سول افسران کے خلاف ہرزہ سرائی کر رہے ہیں، جن افسران پرالزامات لگائےانہوں نےدیانت داری سے نوکری کی.

    رنا ثنا اللہ نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ احد چیمہ کی گرفتاری پر پنجاب حکومت اور سول افسران کے تحفظات ہیں، نیب نےغیرقانونی کام کیا، حصول انصاف کے لیے سول افسران کے ساتھ ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ افسران دل براشتہ ہو کرایسے ماحول میں کام کرنا بند کردیں گے. آئین سول افسران کومیڈیا پرآ کراپنا دفاع کرنے سے روکتا ہے. جن افسران کا نام عمران خان نے لیا، ان کی 30 سے 35 سال کی سروس ہے۔

    رانا ثنا اللہ نے کہا کہ ہرچیزکی حد ہوتی ہے، احد چیمہ ملزم ہے، مجرم نہیں، ہر قانون میں پہلے انکوائری کی جاتی ہے، احد چیمہ کی مجرموں کی طرح تصویر شائع کی گئی.

    شہباز شریف کےفرنٹ مین احد چیمہ کی گرفتاری پربیوروکریسی کا احتجاج شرمناک ہے‘عمران خان

    ان کا کہنا تھا کہ ان افسران نے صرف شہبازشریف دور میں نہیں، گذشتہ حکومتی ادوار میں بھی کام کیا، سول بیوروکریسی کا ایک ونگ ہے، جس کے بغیر حکومت نہیں چل سکتی، سول افسران سے متعلق عمران خان کی گفتگو قابل مذمت ہے. انھیں‌ ہماری وجہ سے تضحیک اور تنقید سننا پڑی. عمران خان کے جھوٹے دعوؤں کا قوم کونوٹس لینا چاہیے، اداروں کا ٹکراؤ ہوگا نہ ہی ہونا چاہیے.

    پنجاب حکومت نے گرفتار احد چیمہ کو 20 گریڈ پر ترقی دے دی

    رنا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ اپنےساتھ زیادتی کے خلاف آوازاٹھانا ہی جمہوریت ہے، احد چیمہ سے زیادتی کی پٹیشن ہائیکورٹ احتساب عدالت میں دی ہے، نیب نے کوئی واضح ثبوت پیش نہیں کیے، جس احدچیمہ کومیں جانتا ہوں اس سے متعلق الزامات غلط ہیں. نیب نے طریقے کار کو بائی پاس کیا، جس پرہمیں‌ اعتراض ہے، احد چیمہ کی گرفتاری پر پنجاب حکومت اورسول افسران کو شدید تحفظات ہیں.


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • نیب کی ٹیم نے احد چیمہ کے موبائل فونز اور لیپ ٹاپ کا ریکارڈ حاصل کر لیا، اہم انکشافات متوقع

    نیب کی ٹیم نے احد چیمہ کے موبائل فونز اور لیپ ٹاپ کا ریکارڈ حاصل کر لیا، اہم انکشافات متوقع

    لاہور : نیب لاہور کی تفتیشی ٹیم نے سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد چیمہ کے موبائل فونز اور لیپ ٹاپ کا ریکارڈ بھی حاصل کر لیا، اہم انکشافات متوقع ہیں۔

    نیب ذرائع کے مطابق سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد خان چیمہ کی گرفتاری کے بعد نیب تفتشی ٹیم آفس کے بعد بھی تفتیش کرنے لگی، نیب کی تفتیشی ٹیم نے احد چیمہ کے موبائل فونز اور لیپ ٹاپ کا ریکارڈ بھی حاصل کر لیا ہے۔

    تحقیقاتی ٹیم احد چیمہ کے ای میل ایڈریس سے بھی مواد کا جائزہ لے رہی ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ نیب نے احد چیمہ کے موبائل اور لیپ ٹاپ سے ڈیلیٹ کیا گیا ڈیٹا ریکور کرنے کے لئے ماہرین کی خدمات بھی حاصل کر لی ہیں اور احد چیمہ کے موبائل فون اور لیپ ٹاپ میں موجود سینکڑوں دستاویزات کا جائزہ لیا جا رہا ہے، جس کی بنیاد پر تحقیقات کو آگے بڑھایا جائے گا۔

    نیب حکام کو یہ اطلاع موصول ہوئی تھی کہ احد چیمہ سعودی عرب روانہ ہونے والے ہیں، جس کے بعد ان کی گرفتاری عمل میں لائی گئی تھی۔

    ذرائع نے دعوٰی کیا کہ احد چیمہ کے لیپ ٹاپ اور موبائل فون سے ملنے والے میسجز اور دستاویزات سے بڑے پیمانے پر انکشافات ہونے کا امکان ہے۔

    دوسری جانب صوبائی حکومت اور بیورو کریسی احد چیمہ کے حق میں کھل کر سامنے آگئیں، پنجاب حکومت نے گرفتار احد چیمہ کو بیس گریڈ پر ترقی دے دی جبکہ نیب کی جانب سے ٹاپ آفیسر کی گرفتاری کیخلاف صوبے بھر کے افسران نے احتجاج بھی کیا۔


    مزید پڑھیں : پنجاب حکومت نے گرفتار احد چیمہ کو 20 گریڈ پر ترقی دے دی


    یاد رہے کہ احد چیمہ کی گرفتاری کے بعد پنجاب حکومت اور بیورو کریسی میں ہل چل مچ گئی تھی، پنجاب اسمبلی میں اجلاس طلب کرلیا گیا تھا ، احد چیمہ کرپشن ریفرنس میں 11دن کےریمانڈپرنیب کی تحویل میں ہیں۔

    سول سیکریٹیریٹ میں احد چیمہ کی گرفتاری کے خلاف بیورو کریسی نے ہڑتال کا اعلان کیا، جس کے بعد سول سیکریٹریٹ میں موجود دفاتر بند کردئیے گئے اور جی او آر میں اجلاس طلب کیا گیا، جسمیں متعدد افسران نے شرکت کی۔

    احد چیمہ گرفتاری کے خلاف پنجاب کے بیوروکریٹس نے تحفطات کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب سے ملاقات کی اور کہا تھا ایسے حالات میں ہمارے لیے کام کرنا مشکل ہے۔

    واضح رہے کہ نیب لاہور نے آشیانہ ہاؤسنگ اسکیم میں بدعنوانی میں سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد چیمہ کو گرفتارکیا تھا، جس کے بعد احتساب عدالت نے احد چیمہ کو کرپشن ریفرنس میں 11دن کے ریمانڈ پر نیب کی تحویل میں دیدیا تھا۔


    مزید پڑھیں : آشیانہ ہاؤسنگ اسکیم میں بدعنوانی : سابق ڈی جی ایل ڈی اے گرفتار


    خیال رہے کہ احد چیمہ پنجاب حکومت کے طاقتور افسر شمار کیے جاتے ہیں، یہ اس وقت ڈی جی ایل ڈی اے تھے جب آشیانہ ہاؤسنگ اسکیم میں بڑے پیمانے پر اربوں روپے کی کرپشن کی گئی، جس کی نیب تحقیقات کر رہا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • سابق ڈی جی ایل ڈی اے کی گرفتاری: نیب اورپنجاب حکومت آمنے سامنے

    سابق ڈی جی ایل ڈی اے کی گرفتاری: نیب اورپنجاب حکومت آمنے سامنے

    لاہور : نیب نے احد چیمہ کی گرفتاری پر ترجمان پنجاب حکومت کی جانب سے  عائد الزامات مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملزم نے آشیانہ اقبال اسکیم کا14ارب روپے کا ٹھیکہ منظور نظرافراد کو دیا۔

    تفصیلات کے مطابق قومی احتساب بیورو لاہور کی جانب سے سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد چیمہ کی گرفتاری پر پنجاب حکومت کے ترجمان نے کہا ہے کہ احد چیمہ کی گرفتاری ادارے کے اختیارات سے تجاوز ہے۔

    ملک احمد خان کا کہنا ہے کہ ایسی سیکڑوں مثالیں موجود ہیں کہ سمن پرحاضرنہ ہونیوالوں کو نیب نے گرفتار نہیں کیا، ان کی گرفتاری فرض شناس افسر سے زیادتی کے مترادف ہے۔

    ترجمان پنجاب حکومت کا مزید کہنا تھا کہ سرکاری افسرکی ضابطہ کار سے ہٹ کر گرفتاری سے انتظامی مشینری میں بےچینی پائی جاتی ہے، سرکاری مشینری میں اضطراب سے عوامی امور متاثر ہوسکتے ہیں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ نیب کے کسی اقدام سے کسی فرد کی تذلیل یا تضحیک کا تاثرنہیں ملنا چاہیے، پنجاب حکومت کا ترقی کا سفرجاری رہے گا۔

    دوسری جانب پنجاب حکومت کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے ترجمان نیب کا کہنا ہے کہ احد چیمہ پر اختیارات کا ناجائز استعمال اورکرپشن کا الزام ہے۔

    ملزم نے آشیانہ اقبال ہاؤسنگ اسکیم کا 14 ارب روپے کا ٹھیکہ منظور نظرافراد کو دیا، آشیانہ اقبال اسکیم کی 32 کینال اراضی پیراگون سٹی کو غیرقانونی طور پر دی گئی تھی۔

    ترجمان نیب نے کہا کہ احد چیمہ کو انکوائری کے دوران صفائی کا پورا موقع دیا گیا لیکن انکوائری کے دوران وہ الزامات کا دفاع نہیں کرسکے، ترجمان نے واضح کیا کہ احد چیمہ کی گرفتاری ملکی لوٹی ہوئی دولت واپس لینے کیلئے کی گئی ہے۔

    علاوہ ازیں سابق ڈی جی ایل ڈی اے کی گرفتاری کی خبر سن کر ڈی ایم جی افسران اکٹھے ہوگئے، افسران نے احد چیمہ کی گرفتاری کو غیرقانونی قرار دے دیا۔


    مزید پڑھیں: آشیانہ ہاؤسنگ اسکیم میں بدعنوانی، سابق ڈی جی ایل ڈی اے گرفتار


    ڈی ایم جی افسران نے وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف سے فوری طور پر رابطہ کرکے اپنے خدشات سے آگاہ کیا، ذرائع کے مطابق مذکورہ افسران کو وزیراعلیٰ کی جانب سے پیغام دیا گیا ہے کہ احدچیمہ کی رہائی جلد کرالی جائے گی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔