Tag: احساس پروگرام

  • احساس پروگرام: امدادی رقم میں کٹوتی کا معاملہ، سندھ حکومت کا نوٹس

    کراچی: سندھ حکومت نے احساس پروگرام کے تحت مستحقین کی امدادی رقم میں کٹوتی کرنے والوں کے خلاف ایکشن لے لیا، ملوث افراد کی گرفتاری کا بھی حکم جاری کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراطلاعات سندھ ناصر حسین شاہ نے امدادی رقم میں کٹوتی کرنے والوں کی گرفتاری اور مقدمہ درج کرنے کا حکم دے دیا۔ انہوں نے مستحقین کی امدادی رقم سے کٹوتی کو مسترد کردیا۔

    ناصر حسین شاہ کا کہنا ہے کہ نوسرباز اور چیٹر عوام سے 500روپے وصول کررہے ہیں، سندھ حکومت کبھی برداشت نہیں کرے گی، اگر کوئی افسر اس میں ملوث پایا گیا تو اسے نوکری سے برطرف کردیا جائے گا۔

    انہوں نے کہا کہ احساس پروگرام کا جو طریقہ کار ہے اس سے کرونا بڑھے گا، ہمیں وفاقی حکومت کی جانب سے تنگ کیا جارہا ہے، مرادعلی شاہ نے لاک ڈاؤن پر تمام وزرائے اعلیٰ سے رابطے کا فیصلہ کیا، لاک ڈاؤن پر وزیراعظم اور وفاقی وزرا سے بھی رابطہ کیا جائے گا۔

    احساس پروگرام، مستحقین کی امدادی رقم میں کٹوتی، رینجرز کا ایکشن

    واضح رہے کہ اے آر وائی نیوز نے مستحقین کو دی جانے والی امداد میں کٹوتی کی خبر نشر کی تھی، ایس ایس پی کی ہدایت پر درج مقدمے میں 2 نامعلوم سمیت 4 ملزمان کو نامزد کیا گیا ہے۔

    ادھر صوبائی وزیر تعلیم سعید غنی کا کہنا تھا کہ لوگوں میں رقم تقسیم سے متعلق سندھ حکومت کا کوئی تعلق نہیں ہے، گھوٹکی، بدین اور عمر کوٹ میں گرفتاریاں اور مقدمے درج کیے گئے ہیں، پیسے کاٹنے سے متعلق ہمیں بھی شکایات ملی تھیں جس پر ایکشن لیا ہے۔

  • مستحقین کیلئے احساس پروگرام کے تحت 12 ہزار روپے حاصل کرنے کا آسان طریقہ

    مستحقین کیلئے احساس پروگرام کے تحت 12 ہزار روپے حاصل کرنے کا آسان طریقہ

    کراچی: وزیراعظم عمران خان کی جانب سے گزشتہ روز کرونا وائرس کے نتیجے میں متاثر ہونے والے غریب طبقے کے لیے احساس پروگرام کے تحت فی خاندان 12 ہزار روپے دینے کا اعلان کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ روز احساس پروگرام کے تحت غریب طبقے کو 12 ہزار روپے دینے کا اعلان کیا جس کی تقسیم کا آغاز آج سے شروع ہوگیا، بہت سے لوگ ایسے ہیں جنہیں اس پروگرام کے تحت رقم حاصل کرنے کا طریقہ معلوم نہیں ہے۔

    احساس پروگرام کی چیئرپرسن ثانیہ نشتر کا کہنا ہے کہ احساس پروگرام کے لیے 4 کروڑ 30 لاکھ 44 ہزار 60 ایس ایم ایس موصول ہوچکے ہیں۔

    واضح رہے کہ اگر آپ کسی مستحق کو جانتے ہیں یا خود کو مستحق سمجھتے ہیں تو اپنے شناختی کارڈ نمبر 8171 پر ایس ایم ایس کریں اور جانیں کہ آپ اس امداد کے اہل ہیں یا نہیں۔

    مزید پڑھیں: ‘احساس پروگرام میں پیغام بھیجنے پرموبائل بیلنس سے کٹوتی نہ کی جائے’ حکومت سے اپیل

    ایس ایم ایس کرنے کے بعد جوابی میسج میں آپ کو بتایا جائے گا کہ آپ امداد کے اہل ہیں یا نہیں، اور اگر آپ رقم حاصل کرنے کے اہل ہوں گے تو اپنے علاقے کے کس مرکز پر جاکر نقد رقم حاصل کرسکتے ہیں یہ بھی ایس ایم ایس میں بتادیا جائے گا۔

    یاد رہے کہ ثانیہ نشتر کا کہنا تھا کہ لوگ اپنے کوائف نادرا میں صحیح جمع کرائیں تاکہ ان کا تازہ ترین ریکارڈ حکومت کے پاس دستیاب ہو اور زیادہ سے زیادہ لوگ اس پروگرام سے استفادہ کرسکیں۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ احساس پروگرام کے تحت مستحق ایک کروڑ 20 لاکھ خاندانوں کو پیسے فراہم کیے جائیں گے، 17 ہزار مقامات سے 12 ہزار روپے مستحق افراد میں تقسیم ہوں گے۔

  • ‘احساس پروگرام میں پیغام بھیجنے پرموبائل بیلنس سے کٹوتی نہ کی جائے’ حکومت سے اپیل

    ‘احساس پروگرام میں پیغام بھیجنے پرموبائل بیلنس سے کٹوتی نہ کی جائے’ حکومت سے اپیل

    کراچی: وزیراطلاعات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے وفاقی حکومت سے اپیل کی احساس پروگرام میں پیغام بھیجنے پرموبائل بیلنس سے کٹوتی نہ کی جائے اور پیغامات مفت کردے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراطلاعات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے وفاقی حکومت سے اپیل کی ہے کہ احساس پروگرام میں پیغامات پر موبائل کمپنیاں کٹوتی کررہی ہیں، احساس پروگرام میں پیغام بھیجنے پرموبائل بیلنس سے کٹوتی نہ کی جائے،ناصرحسین شاہ

    ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ پیغام بھیجنے کے اخراجات بھی وفاقی حکومت کو برداشت کرنےچاہییں، وفاقی حکومت احساس پروگرام پر پیغامات مفت کردے، پیغامات مفت کرنے سے عوام کو مزید سہولت میسر ہوگی۔

    یاد رہے کورونا وائرس کے باعث ملک بھر میں جاری لاک ڈاون کے پیش نظر وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر احساس ایمرجنسی کیش پروگرام شروع کیا گیا۔

    اس پروگرام کے مستحقین میں دیہاڑی دار افراد اور مزدور سر فہرست ہیں جو کہ حفاظتی اقدامات کے باعث گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں۔

    ثانیہ نشتر کا کہنا تھا کہ مستحق افراد کی نشاندہی کا آغازا یس ا یم ا یس مہم کے ذریعے کیا گیا ہے، شہری 8171 پرایس ایم ایس بھیج کر پروگرام میں شامل ہونے کے لیے اپنی اہلیت کو جانچ سکیں۔

    احساس ایمرجنسی کیش پروگرام کا کل بجٹ 144 ارب روپے ہے، جس سے ایک کروڑ بیس لاکھ خاندان مستفید ہو‌ں گے اور ہر خاندان کو 12000 روپے کا وظیفہ دیا جائے گا۔

  • امریکا نے وزیر اعظم کے احساس اسکالر شپ پروگرام کی تعریف کر دی

    امریکا نے وزیر اعظم کے احساس اسکالر شپ پروگرام کی تعریف کر دی

    واشنگٹن: امریکا نے بھی حکومت پاکستان کے احساس اسکالر شپ پروگرام کی تعریف کر دی ہے، نائب امریکی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ نوجوان خواتین کو با اختیار بنانے پر حکومت پاکستان کے اقدامات کو امریکا سراہتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق نائب وزیر خارجہ ایلس ویلز نے ٹویٹر کے ذریعے کہا ہے کہ ہم پاکستان کے اسکالر شپ پروگرام کو سپورٹ کرتے ہیں، تعلیم نوجوانوں کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے، ہم خواتین کے بین الاقوامی دن کے موقع پر احساس تعلیمی وظائف کے ساتھ بھرپور تعاون کرتے ہیں۔

    ایلس ویلز نے ٹویٹ میں لکھا کہ احساس اسکالر شپ نئی تعلیمی اسکالر شپ ہے، جو یو ایس ایڈ پاکستان اسکالر شپس کی طرز پر تشکیل دی گئی ہے، ہم نوجوان خواتین کو با اختیار بنانے پر حکومت پاکستان کے اقدامات کو سراہتے ہیں۔

    ملکی تاریخ کے سب سے بڑے اسکالرشپ پروگرام کا آغاز 

    یاد رہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے ہر سال 50 ہزار اسکالر شپس دینے کا اعلان کیا ہے، دو دن قبل وزیر اعظم نے احساس انڈر گریجویٹ اسکالر شپ پروگرام کا آغاز کیا، جس کے تحت مستحق ذہین طلبہ میں وظائف دیے جا رہے ہیں، احساس اسکالر شپ پروگرام پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا پروگرام ہے۔

    تعلیمی سال 19-2020 کے پہلے مرحلے کی احساس اسکالر شپس کے لیے سالانہ 6 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں، احساس انڈر گریجویٹ 4 سالہ پروگرام کے لیے 24 ارب کے وظائف دیے جائیں گے۔

  • خواتین کو بااختیار بنانے کیلیے حکومت کے اہم اعلانات

    خواتین کو بااختیار بنانے کیلیے حکومت کے اہم اعلانات

    کراچی: وفاقی وزیر ترقی و منصوبہ بندی اسد عمر نے اعلان کیا ہے کہ 70 لاکھ کفالت بینیفشریز کے بینک اکاونٹ کھولنے جا رہے ہیں جب کہ احساس پروگرام میں 70 فیصد حصہ صرف خواتین کے لئے رکھا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق گیارہوں کراچی لٹریچر فیسٹول کے سیشن میں وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر، اسٹیٹ بینک کے گورنر رضا باقر ، عائشہ عزیز اور سابق گورنر اسٹیٹ بینک عشرت حسین نے خطاب کیا۔

    وفاقی وزیر اسد عمر نے فیسٹول کے مالیاتی شمولیت اور خواتین کو بااختیار بنانے سے متعلق سیشن میں رائے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کو مالیاتی شعبوں میں بھی با اختیار بنانے کے لئے اہم اقدامات کئے جانے ضروری ہیں۔

    اسد عمر نے بتایا کہ 70 لاکھ کفالت بینیفشریز کے بینک اکاونٹ کھولنے جا رہے ہیں، یوتھ اسکیم میں 100 ارب روپے کے قرضے دیے جائیں گے جب کہ احساس پروگرام میں 70 فیصد حصہ صرف خواتین کے لئے رکھا گیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ اسکلز ٹریننگ میں 30 فیصد صرف خواتین کے لئے مختص ہے، تمام فیلڈز میں خواتین کو ہائی ٹیک ٹریننگ دی جا رہی ہیں۔

    وفاقی وزیر اسد عمر کا کہنا تھا کہ دس سے گیارہ کروڑ خواتین کو اگر مواقع دئے جائیں تو اہم تندیلئ لائی جا سکتی ہے۔

  • احساس پروگرام وزیر اعظم کی محروم طبقات سے محبت کا اظہار ہے: فردوس عاشق اعوان

    احساس پروگرام وزیر اعظم کی محروم طبقات سے محبت کا اظہار ہے: فردوس عاشق اعوان

    اسلام آباد: وزیر اعظم کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ احساس پروگرام وزیر اعظم عمران خان کی محروم اور پسے ہوئے طبقات کے ساتھ محبت، وابستگی اور ہمدردی کا مظہر ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے عوامی ’احساس‘ کا دائرہ مسلسل بڑھ رہا ہے۔ احساس پروگرام اب لیہ میں شروع کیا جا رہا ہے۔

    معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ احساس آمدن پروگرام سے پسماندہ علاقوں کے غریب اور مستحق لوگوں کی مدد ہوگی، ان کے معیار زندگی کو بہتر بنانے میں احساس ایک اہم سنگ میل ثابت ہو رہا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ احساس صحت مند اور روشن معاشرے کا بنیادی عنصر ہوتا ہے۔ یہ پروگرام وزیر اعظم عمران خان کی محروم اور پسے ہوئے طبقات کے ساتھ محبت، وابستگی اور ہمدردی کا مظہر ہے۔

    معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ یہ غریبوں کے روزگار کے لیے وسائل کی فراہمی کو یقینی بنانے کی جانب عملی قدم ہے، 15 بلین روپے بجٹ کے اس پروگرام سے 1.45 ملین افراد مستفید ہوں گے۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان کے 23 اضلاع کی 375 دیہی یونین کونسلوں میں اس پروگرام کا آغاز، گراس روٹ سطح پر عوام کا معیار زندگی بلند کرنے اور خوشحالی منتقل کرنے کے عمران خان کے وژن کا آئینہ دار ہے۔

    معاون خصوصی کا مزید کہنا تھا کہ اثاثہ جات منتقلی پروگرام کے تحت زرعی آلات، مویشی چنگچی رکشہ باڈی اور چھوٹے کاروبار کرنے کے آلات شامل ہیں۔

  • احساس پروگرام میں شہری اور دیہی علاقوں کے لیے علیحدہ پروگرام ہیں، ثانیہ نشتر

    احساس پروگرام میں شہری اور دیہی علاقوں کے لیے علیحدہ پروگرام ہیں، ثانیہ نشتر

    اسلام آباد: وزیراعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر کا کہنا ہے کہ احساس پروگرام میں شہری اور دیہی علاقوں کے لیے علیحدہ پروگرام ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا کہ لیہ میں20 یونین کونسل میں 10 ہزار افراد کو پروگرام میں شامل کیا ہے، احساس پروگرام میں شہری اور دیہی علاقوں کے لیے علیحدہ پروگرام ہیں۔

    ڈاکٹر ثانیہ نشتر کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کی حکومت کے خلاف کوئی ا سکینڈل سامنے نہیں آیا۔

    دوسری جانب تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل کا کہنا تھا کہ میڈیا کے کردار کے بغیرحکومت کی کارکردگی کو بہترنہیں کیا جاسکتا، تنخواہ کے حوالے سے وزیراعظم کے بیان کو سیاق وسباق سے ہٹ کر لیاگیا۔

    شہباز گل کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کے کہنے کا مقصد تھا، ماضی کے حکمرانوں کے برعکس صرف تنخواہ لے رہے ہیں، ماضی میں وزیراعظم کی سیکورٹی پر کروڑوں روپے خرچ کیے جاتے تھے

    حکومت عوام کی مشکلات پر خاموش تماشائی نہیں رہ سکتی،وزیراعظم

    یاد رہے کہ دو روز قبل وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ حکومت عوام کی مشکلات پر خاموش تماشائی نہیں رہ سکتی، عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے ہر آپشن پر غور کیا جائے گا۔

  • فلاحی ریاست کی جانب ایک اور قدم، گوجرانوالہ میں 2 لنگر خانے کھولنے کا فیصلہ

    فلاحی ریاست کی جانب ایک اور قدم، گوجرانوالہ میں 2 لنگر خانے کھولنے کا فیصلہ

    اسلام آباد: حکومت نے فلاحی ریاست کی جانب ایک اور قدم اٹھاتے ہوئے گوجرانوالہ میں بھی 2 لنگر خانے کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت نے گوجرانوالہ میں بھی 2 لنگر خانے کھولنے کا فیصلہ کر لیا، اس سلسلے میں وزیر اعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر ظفر مرزا نے گوجرانوالہ لاری اڈہ پر پناہ گاہ بنانے کے حوالے سے دورہ کیا۔

    ظفر مرزا نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کا خواب ہے کہ پاکستان میں کوئی نادار اور غریب بھوکا نہ سوئے، اس لیے گوجرانوالہ میں بھی 2 لنگر خانے کھولے جا رہے ہیں، فروری تک یہ لنگر خانے قائم کر دیے جائیں گے۔

    معاون خصوصی نے کہا کہ وزیر اعظم احساس پروگرام کے تحت نچلے اور نادار طبقے کو اٹھانا چاہتے ہیں، ان کا وژن ایک فلاحی ریاست پر مشتمل ہے۔

    یاد رہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے 7 اکتوبر کو اسلام آباد میں احساس سیلانی لنگر اسکیم کا افتتاح کیا تھا، لنگر اسکیم سماجی و فلاحی بہبود کے جامع پروگرام احساس کا اہم جزو ہے۔ وزیر اعظم نے لنگر خانہ پروگرام کو ملک بھر کے پس ماندہ علاقوں تک وسعت دینے کا فیصلہ کیا تھا۔ پروگرام کے تحت سندھ کے ضلع تھرپارکر میں بھی لنگر خانے کھولے جانے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

  • مستحق اور نادار افراد کو راشن کی خریداری کے لیے وزیر اعظم کا زبردست قدم

    مستحق اور نادار افراد کو راشن کی خریداری کے لیے وزیر اعظم کا زبردست قدم

    اسلام آباد: ملکی معاشی صورت حال میں بہتری پر وزیر اعظم عمران خان نے زبردست اقدام اٹھا لیا، حکومت نے معیشت میں بہتری کے ثمرات مستحق افراد تک پہنچانے کا فیصلہ کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزارنے والوں کی سہولت کے لیے منصوبہ بندی مکمل کر لی گئی، وزیر اعظم نے معیشت میں بہتری کے ثمرات نچلے طبقے تک پہنچانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق مستحق اور نادار افراد کو راشن کی خریداری کے لیے حکومت کی جانب سے رقم کی ادائیگی کی جائے گی، وزیر اعظم نے احساس پروگرام کی سربراہ کو اس سلسلے میں خصوصی ہدایت جاری کر دی ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  وزیراعظم کی سرپرستی میں’احساس پروگرام‘ کی نئی پالیسی تشکیل

    ذرایع کا کہنا ہے کہ مستحق افراد کو ضروری راشن کی خریداری کے لیے رقم ادا کی جائے گی، جس سے کم از کم آٹے کا 20 کلو تھیلا، 3 کلو گھی اور 5 کلو چینی دستیاب ہو سکے گی۔

    وزیر اعظم عمران خان نے ہدایت کی ہے کہ مستحق افراد تک رقوم کی ادائیگی شفاف طریقے سے کی جائے۔ ذرایع نے بتایا کہ وزیر اعظم کی ہدایات پر عمل درآمد فوری طور پر شروع کیا جا رہا ہے۔

  • احساس پروگرام کا مقصد تعلیم، خوراک اور صحت کی سہولت فراہم کرنا ہے: وزیر اعظم

    احساس پروگرام کا مقصد تعلیم، خوراک اور صحت کی سہولت فراہم کرنا ہے: وزیر اعظم

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ احساس پروگرام کا مقصد غربت کا خاتمہ، تعلیم، خوراک اور صحت کی سہولت فراہم کرنا ہے، سروے سے یوٹیلیٹی اسٹورز اور دیگر فلاحی اداروں کو مدد ملے گی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا جس میں معاون خصوصی ثانیہ نشتر، چیئرمین نادرا اور بی آئی ایس پی کے حکام شریک ہوئے۔

    اجلاس میں وزیر اعظم کو نیشنل سوشیو اکنامک رجسٹری پروگرام پر بریفنگ دی گئی۔ معاون خصوصی ثانیہ نشتر نے بریفنگ میں بتایا کہ بی آئی ایس پی نے 2011 میں پہلا سروے کیا تھا، بریفنگ کا مقصد ضرورت مند لوگوں کی نشاندہی تھا۔

    بریفنگ میں بتایا گیا کہ نادرا کی مدد سے نیا سروے 2020 میں مکمل ہوجائے گا۔ مختلف این جی اوز کے تعاون سے ڈیٹا اکٹھا کر رہے ہیں۔ ڈیٹا اکٹھے کر کے اس کی تصدیق بھی کروائی جائے گی۔

    ثانیہ نشتر نے بتایا کہ مرکزی کنٹرول روم بھی بنا دیا گیا ہے، پارلیمنٹرینز اپنے حلقوں کا جائزہ کنٹرول روم سے لے سکیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ احساس پروگرام سے استفادے کے لیے سیلف رجسٹریشن ڈرائیو شروع کی جائے گی۔

    وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ احساس پروگرام موجودہ حکومت کا فلیگ شپ پروگرام ہے۔ پروگرام کا مقصد غربت کا خاتمہ، تعلیم، خوراک اور صحت کی سہولت فراہم کرنا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ مقامی انتظامیہ اور حکومتوں سے مل کر پوری آبادی کا سروے کیا جائے۔ سروے ایک قومی سطح کی سرگرمی ہے۔ سروے سے یوٹیلیٹی اسٹورز اور دیگر فلاحی اداروں کو مدد ملے گی۔