Tag: احسان مانی

  • ٹی 20 ورلڈ کپ: پی سی بی کا بھارت سے اہم مطالبہ

    ٹی 20 ورلڈ کپ: پی سی بی کا بھارت سے اہم مطالبہ

    لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ نے بھارت سے سیکیورٹی کی تحریری یقین دہانی کا مطالبہ کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق چئیرمین پی سی بی احسان مانی نے آج میڈیا سےگفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کرکٹر، آفیشل، اور شائقین کے ویزوں اور سیکیورٹی کی یقین دہانی کرائے۔

    احسان مانی کا کہنا تھا یقین دہانی نہ کرائی گئی تو ہم ورلڈ کپ وینیو تبدیلی کا مطالبہ کریں گے، ہم نے آئی سی سی سے بھارت سے تحریری گارنٹی لے کر دینے کا کہا ہے۔

    چیئرمین کرکٹ بورڈ نے کہا بھارت نے آئی سی سی کو اس سلسلے میں دسمبر میں بتانا تھا، لیکن تاحال نہیں بتایا گیا، اگر گارنٹی نہ ملی تو یو اے ای میں ٹی 20 ورلڈ کپ کا کہیں گے۔

    پی سی بی چیئرمین نے کہا ستمبر میں میری مدت مکمل ہو رہی ہے، اگر کام جاری رکھنے کا کہا گیا تو دیکھوں گا، وسیم خان اہم کام کر رہے ہیں، میں چاہتا ہوں کہ انھیں 3 سال کی توسیع ملے۔

    پی ایس ایل ترانے سے متعلق انھوں نے بتایا کہ یہ سب کی مشاورت سے تیار کیا گیا ہے، بہت کم لوگ ہیں جنھیں پی ایس یل ترانہ پسند نہیں آیا۔

  • پی سی بی اور پی ٹی وی اسپورٹس کے درمیان 3 سالہ معاہدے پر دستخط

    پی سی بی اور پی ٹی وی اسپورٹس کے درمیان 3 سالہ معاہدے پر دستخط

    اسلام آباد: پاکستان کرکٹ بورڈ اور پاکستان ٹیلی وژن اسپورٹس کے درمیان 3 سالہ معاہدے پر دستخط ہو گئے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پی سی بی اور پی ٹی وی اسپورٹس کے درمیان تین سالہ معاہدہ ہوا ہے، اس معاہدے سے پی سی بی کو 200 ملین امریکی ڈالر کی آمدن متوقع ہے، معاہدے پر ایم ڈی پی ٹی وی عامر منظور اور چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے دستخط کیے۔

    سال 2023 تک جاری معاہدے کی پہلی اسائنمنٹ نیشنل ٹی 20 کپ ہوگا، 30 ستمبر سے شروع ہونے والے ٹورنامنٹ کی پروڈکشن پی سی بی اور براڈ کاسٹنگ پی ٹی وی کرے گا۔

    چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ احسان مانی نے کہا ہے کہ یہ پاکستان کرکٹ کی تاریخ کی سب سے بڑی براڈ کاسٹنگ ڈیل ہے۔

    اگر ہم اپنا کرکٹ کا اسٹرکچر درست کر لیں تو پاکستان ناقابل شکست ہوجائے گا، وزیراعظم

    انھوں نے کہا 3 سالہ معاہدے سے پاکستان کی کرکٹ پر بہت مثبت اثرات مرتب ہوں گے، پی سی بی 3 سال میں قومی مینز اور ویمنز کرکٹ کے فروغ پر 15 ارب روپے خرچ کرے گا۔

    احسان مانی کا کہنا تھا کہ یہ رقم اعلیٰ کارکردگی مراکز میں سابق کرکٹرز کے روزگار کے لیے بھی خرچ ہوگی۔

    دریں اثنا، وزیر اعظم عمران خان نے اسلام آباد میں ڈومیسٹک کرکٹ کے نشریاتی حقوق کے معاہدوں کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر ہم اپنا کرکٹ اسٹرکچر درست کر لیں تو پاکستان ناقابل شکست ہو جائے گا، پاکستان میں جتنا ٹیلنٹ ہے وہ کسی اور ملک میں نہیں ہے، ہمارا ٹیلنٹ ایک نظام نہ ہونے کے باوجود نکلتا تھا۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ اچھے مقابلے اور میرٹ سے کرکٹ بہتر ہوتی ہے، دنیا میں سب سے بہترین کرکٹ کا نظام آسٹریلیا میں ہے جو سب سے بہتر کرکٹ کو پالش کرتی ہے اور لوگ اوپر آتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ہمارے یہاں ٹیلنٹ تو نظر آ جاتا ہے لیکن اس کو پالش کرنے کے نظام میں مسئلہ ہے جسے ٹھیک کرنے کی ضرورت ہے۔

  • ٍوزیراعظم عمران خان سے چیئرمین پی سی بی کی ملاقات

    ٍوزیراعظم عمران خان سے چیئرمین پی سی بی کی ملاقات

    اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان سے چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ احسان مانی نے ملاقات کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے چیئرمین پی سی بی نے ملاقات کی جس میں قومی کرکٹ ٹیم کے دورہ انگلینڈ پر مشاورت کی گئی۔ ملاقات میں ڈومیسٹک اور انٹرنیشنل کرکٹ سے متعلق امور پر بھی گفتگو کی گئی۔

    اس موقع پر وزیراعظم پاکستان کا کہنا تھا کہ قومی ٹیم کا دورہ انگلینڈ ایس او پیز کے تحت کیا جائےگا۔انہوں نے چیئرمین پی سی بی سے کہا کہ کھیلوں کےگراؤنڈ آباد ہونے چاہئیں۔

    یاد رہے کہ تین روز قبل پاکستان نے دورہ انگلینڈ کے لیے 29 رکنی اسکواڈ کا اعلان کیا تھا جس میں فواد عالم اور سرفراز احمد کے ساتھ ساتھ نوجوان حیدر علی کو بھی شامل کیا گیا ہے۔

    قومی ٹیم کے چیف سلیکٹر اور ہیڈ کوچ مصباح الحق کا کہنا تھا کہ سلیکٹرز نے ایک ایسے اسکواڈ کا انتخاب کیا ہے جس سے انگلینڈ میں طویل اور محدود دونوں طرز کی کرکٹ میں بہتر کارکردگی کی توقع ہے۔

    مصباح الحق کا کہنا تھا کہ کافی عرصے سے کھلاڑیوں کی میدان سے دوری ایک چیلنج ہے تاہم پرامید ہیں کہ انگلینڈ میں ایک ماہ کے دوران بھرپور ٹریننگ کی بدولت مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔

  • خیبر پختون خوا کا کرکٹ بورڈ اگلے 2 یا 3 ماہ میں بن جائے گا: احسان مانی

    خیبر پختون خوا کا کرکٹ بورڈ اگلے 2 یا 3 ماہ میں بن جائے گا: احسان مانی

    پشاور: چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ نے کہا ہے کہ لاہور سے بیٹھ کر خیبر پختون خوا میں کرکٹ نہیں چلائی جا سکتی، کے پی کا کرکٹ بورڈ اگلے 2 یا 3 ماہ میں بن جائے گا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پشاور کے اسٹیڈیم پر جس رفتار سے کام ہو رہا ہے اسے دیکھ کر خوشی ہوئی، خواہش ہے کہ پشاور کا اسٹیڈیم اگلے سال پی ایس ایل کے لیے تیار ہو جائے۔

    انھوں نے کہا کہ تمام صوبوں کا اپنا الگ ایک سسٹم ہونا چاہیے، اسٹیڈیم بنانا پی سی بی کا کام نہیں، کے پی حکومت کا شکر گزار ہوں کہ انھوں نے اسٹیڈیم بنایا، کراچی، بلوچستان، کے پی میں این سی اے بنا رہے ہیں، کے پی حکومت کی تعریف میں میرے پاس الفاظ نہیں، انھوں نے بڑا قدم اٹھایا ہے، کے پی میں بچوں کو ہم نے مواقع فراہم کرنے ہیں۔

    چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ ہماری کوشش ہوگی کہ پی ایس ایل پشاور میں بھی ہو، کے پی میں جو بھی نئے کھلاڑی سامنے آئیں گے ان کی ٹریننگ یہیں ہوگی، خواہش ہے کہ پاکستان کے ہر حصے میں میچز ہوں، پہلے لاہور پھر کراچی میں میچز ہوئے، اب دیگر شہروں میں ہو رہے ہیں۔

    احسان مانی کا کہنا تھا کہ میرٹ بیس سسٹم لانا ہماری خواہش ہے، گراس روٹ، کلب کرکٹ سے ہی کرکٹ کو فروغ ملے گا۔ گزشتہ روز کے میچ پر تبصرہ کرتے ہوئے چیئرمین نے کہا کہ کرکٹ میں ہار جیت ہوتی ہے، بھارتی انڈر 19 ٹیم نے زیادہ اچھا کھیلا، باؤلنگ اور بیٹنگ دونوں ہم سے اچھی تھی۔

  • 2021 میں 6 مقامات پر پی ایس ایل میچز ہوں گے: چیئرمین پی سی بی

    2021 میں 6 مقامات پر پی ایس ایل میچز ہوں گے: چیئرمین پی سی بی

    لاہور: چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) احسان مانی کا کہنا ہے کہ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ بحال ہوچکی ہے، ہماری سب سے بڑی کامیابی ٹیسٹ کی بحالی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اپنے ایک انٹرویو میں چیئرمین پی سی بی کاکہنا تھا کہ 2020 میں پورا پی ایس ایل ہوم گراؤنڈ پر ہوگا، 2021 میں 6 مقامات پر پی ایس ایل میچ ہوں گے، ہر ٹیم کا اپنا ہوم گراؤنڈ ہوگا۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ سری لنکا سیریز سے پیغام گیا کہ پاکستان محفوظ ملک ہے، عالمی معیار کی پچز کے لیے باہر سےکنسلٹنٹ بلائیں گے، کرکٹ کے فروغ کے لیے آئندہ سال اہم ہوگا جس طرح رواں سال کام کیا اس سے بہتر مستقبل ہوگا۔

    پی ایس ایل 5: شائقین کے لیے زبردست خوش خبری

    خیال رہے کہ قومی کرکٹ بورڈ نے پاکستان سپرلیگ کے پانچویں ایڈیشن کا شیڈول تیار کرلیا ہے، جس کا باقاعدہ اعلان یکم جنوری کو کیا جائے گا۔ پی ایس ایل فائیو کی افتتاحی تقریب اور پہلا میچ کراچی جبکہ فائنل لاہور میں کھیلا جائے گا، رواں سال ہونے والے ایڈیشن کے تمام میچز پاکستان کے چار بڑے شہروں میں کھیلے جائیں گے۔

    ذرائع کے مطابق پی ایس ایل کا آغاز 20 فروری سے ہوگا اور میچز 22 مارچ تک جاری رہیں گے، لاہور، کراچی، راولپنڈی اور ملتان میں ٹیمیں مد مقابل ہوں گی۔ پی ایس ایل فائیو کے زیادہ میچز کی میزبانی کا اعزاز قذافی اسٹیڈیم کے پاس جائے گا۔

  • احسان مانی کا راولپنڈی اسٹیڈیم کا دورہ، گراؤنڈ پر 6 ماہ میں 7 سو ملین خرچ

    احسان مانی کا راولپنڈی اسٹیڈیم کا دورہ، گراؤنڈ پر 6 ماہ میں 7 سو ملین خرچ

    اسلام آباد: چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم کا دورہ کر کے انتظامات کا جائزہ لیا، چیئرمین نے بتایا کہ راولپنڈی اسٹیڈیم میں 6 ماہ میں 6 سو سے 7 سو ملین روپے خرچ ہوئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم کے انتظامات کا جائزہ لینے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان محفوظ ہے، اگر کسی کو اعتراض ہے تو وہ ہمیں آگاہ کرے، بنگلا دیش سے بات چل رہی ہے، اگلے ماہ ایم سی سی آ رہی ہے۔

    احسان مانی کا کہنا تھا ہم یہ کہنے کے لیے کیوں کسی کے پاس جائیں کہ پاکستان ایک محفوظ ملک ہے، کسی کو اس حوالے سے اعتراض ہے تو وہ آکر بات کرے، بنگلا دیش کے ساتھ ٹیسٹ میچ بھی راولپنڈی ہی میں ہوں گے، اس سلسلے میں بنگلا دیش کی سیکورٹی ٹیم یہاں آئی تھی۔ بھارتی کرکٹ بورڈ کے سیکریٹری پاکستان کے ساتھ کرکٹ کے فروغ کے لیے کام کریں۔

    یہ بھی پڑھیں:  سری لنکن ٹیم پریکٹس کے لیے اسٹیڈیم پہنچ گئی، احسان مانی بنگلا دیشی ٹیم کے دورے کے لیے پرامید

    چیئرمین پی سی بی نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ وزیر اعظم کا کام ملک کو چلانا ہے وہ کسی ٹیم کو کیوں دعوت دیں گے۔ خیال رہے احسان مانی نے دو دن قبل بنگلہ دیشی ٹیم کے دورے سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان نے بنگلا دیشی وزیر اعظم کو فون کیا تھا، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی بھی بنگلا دیشی وزیر خارجہ سے مل چکے ہیں۔

    احسان مانی نے کہا کہ ہمارے پاس 7 سلیکٹرز ہیں اور سب کے سب کرکٹر رہ چکے ہیں، جب تک ملک میں فرسٹ کلاس کرکٹ نہیں ہوگی اچھا کھیل پیش نہیں کر سکتے، ہمیں کرکٹ کو بین الاقوامی معیار پر لانا ہوگا، آئی سی سی کے جنوری کے اجلاس میں شرکت کروں گا، کبھی آئی سی سی میں اتنے لوگ شامل نہیں ہوئے جتنے اب ہیں۔

    واضح رہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان پہلے ٹیسٹ میچ کا آج دوسرا دن ہے، تاہم راولپنڈی اسٹیڈیم میں بارش کے باعث میچ تاخیر کا شکار ہو چکا ہے۔

  • سری لنکن ٹیم پریکٹس کے لیے اسٹیڈیم پہنچ گئی، احسان مانی بنگلا دیشی ٹیم کے دورے کے لیے پرامید

    سری لنکن ٹیم پریکٹس کے لیے اسٹیڈیم پہنچ گئی، احسان مانی بنگلا دیشی ٹیم کے دورے کے لیے پرامید

    راولپنڈی: پاکستان میں 10 سال بعد انٹرنیشنل ٹیسٹ کرکٹ کی رونقیں بحال ہو گئی ہیں، سری لنکن ٹیم پریکٹس سیشن کے لیے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں موجود ہے، تاہم گراؤنڈ پر اس وقت گہرے بادلوں کے ڈیرے ہیں، اور بارش کا امکان ہے۔

    دوسری طرف پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسانی مانی نے بنگلا دیشی ٹیم کے پاکستان کے دورے کے لیے امید کا بھرپور اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اعلیٰ سطح رابطوں کے بعد بنگلا دیشی ٹیم پاکستان ضرور آئے گی۔

    اس وقت کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں سری لنکن ٹیسٹ ٹیم پریکٹس کے لیے موجود ہے، آئی سی سی میچ آفیشلز بھی اسٹیڈیم میں موجود ہیں، پاکستان، سری لنکن ٹیمیں کل پہلا ٹیسٹ اسی اسٹیڈیم میں کھیلیں گی، قبل ازیں پی سی بی کے چیف ایگزیکٹیو وسیم خان نے اسٹیڈیم میں پچ کا معائنہ کیا، ہیڈ کوچ مصباح الحق اور سری لنکن ٹیم ہیڈ کوچ مکی آرتھر بھی معائنے کے وقت ان کے ہم راہ تھے۔

    دریں اثنا، چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے کہا ہے کہ بنگلا دیش کے دورے سے متعلق مثبت جواب کا امکان ہے، وزیر اعظم عمران خان نے بنگلا دیشی وزیر اعظم کو فون کیا تھا، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی بھی بنگلا دیشی وزیر خارجہ سے مل چکے ہیں، بنگلا دیش نے دورے سے منع کیا تو وجہ بتانا ہوگی، بنگلا دیشی سیکورٹی وفد کی رپورٹ بھی مثبت ہے۔

    احسان مانی کا کہنا تھا کہ وہ پُر امید ہیں کہ بنگلا دیش کی ٹیم ضرور پاکستان آئے گی، 2021 میں انگلینڈ، 2022 میں آسٹریلیا کے دورۂ پاکستان کے لیے بھی پُر امید ہوں، پاکستان آئی سی سی کے اضافی ٹورنامنٹس کے حق میں ہے، بھارت، آسٹریلیا اور انگلینڈ نے آئی سی سی کے 2 ٹورنامنٹس کی مخالفت کی، تاہم آئی سی سی کے اضافی ٹورنامنٹس سے ممبر ممالک کو 700 ملین ڈالرز کا فائدہ ہو سکتا ہے۔

  • سری لنکا سے سیریز سے مزید ٹیموں کی آمد کا سلسلہ شروع ہوگا: چیئرمین پی سی بی

    سری لنکا سے سیریز سے مزید ٹیموں کی آمد کا سلسلہ شروع ہوگا: چیئرمین پی سی بی

    کراچی: چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے کہا ہے کہ سری لنکا سے سیریز سے پاکستان میں مزید ٹیموں کی آمد کا سلسلہ شروع ہوگا، یہ سیریز پاکستان کے لیے بہت اہم ہے۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ احسان مانی کراچی میں پریس کانفرنس کر رہے تھے، انھوں نے کہا سری لنکن بورڈ کے تعاون سے یہ سیریز ممکن ہوئی ہے۔

    چیئرمین کا کہنا تھا دہشت گردی کے واقعات تو نیوزی لینڈ میں بھی ہو چکے ہیں، مقصد سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کرنا ہوتے ہیں، سری لنکن بورڈ کی سیکورٹی ٹیم پہلے ہی انتظامات سے مطمئن ہے۔

    احسان مانی نے کہا سری لنکا سے سیریز پاکستان کے لیے اہمیت کا حامل ہے، مزید ٹیمیں بھی پاکستان آنے لگیں گی۔

    تازہ ترین:  دوسرا ون ڈے، بابر اعظم کی سنچری، سری لنکا کو جیت کے لیے 306 رنز کا ہدف

    خیال رہے کہ کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تین ون ڈے میچز پر مشتمل سیریز کھیلی جا رہی ہے، جس کا دوسرا میچ آج کھیلا جا رہا ہے۔ پہلا میچ جو 27 ستمبر کو نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جانا تھا، شہر قائد میں بارش کی وجہ سے منسوخ کر دیا گیا تھا۔

    نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے دوسرے ایک روزہ میچ میں بابر اعظم کی شان دار سنچری کی بہ دولت پاکستان نے سری لنکا کو جیت کے لیے 306 رنز کا ہدف دے دیا ہے۔

    واضح رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان ون ڈے سیریز کا تیسرا اور آخری میچ 2 اکتوبر کو کھیلا جائے گا۔

  • سری لنکن ٹیم کی آمد سے دنیا کو پیغام جائے گا پاکستان محفوظ ملک ہے: احسان مانی

    سری لنکن ٹیم کی آمد سے دنیا کو پیغام جائے گا پاکستان محفوظ ملک ہے: احسان مانی

    لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی کا کہنا ہے کہ 13 سال بعد سری لنکن ٹیم کی پاکستان آمد سے عالمی کرکٹ کے راستے کھلیں گے، ٹیم کی آمد سے دنیا کو پیغام جائے گا کہ پاکستان محفوظ ملک ہے۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ احسان مانی کا کہنا ہے کہ سری لنکن ٹیم کی پاکستان آمد خوش آئند ہے، 13 سال بعد سری لنکن ٹیم کی پاکستان آمد سے عالمی کرکٹ کے راستے کھلیں گے۔

    احسان مانی کا کہنا تھا کہ سری لنکن ٹیم کی آمد سے دنیا کو پیغام جائے گا پاکستان محفوظ ملک ہے، پاکستان سری لنکا کرکٹ سیریز شیڈول کے مطابق ہو رہی ہے۔ ثابت ہوگیا پاکستان اور سری لنکن بورڈز میں کتنے گہرے تعلقات ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ امن و امان کا کریڈٹ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو جاتا ہے، کرکٹ کی واپسی میں پاک فوج، رینجرز اور پولیس کا اہم کردار ہے۔ پاکستان میں کرکٹ کی واپسی میں پی ایس ایل کا بڑا کردار ہے۔ پاکستان نے ہمیشہ ہی سری لنکا کو سپورٹ کیا ہے۔

    احسان مانی کا کہنا تھا کہ سری لنکن ٹیم پر لاہور میں حملہ ہوا تھا اس کے باوجود وہ پاکستان آرہی ہے، پی سی بی اور سری لنکن بورڈ کے روابط بہت پرانے ہیں۔ سری لنکن ٹیم کو ٹیسٹ کیپ دلانے میں پاکستان کا اہم کردار تھا۔ کولمبو واقعے کے 10 روز بعد بھی ہماری انڈر 19 ٹیم سری لنکا گئی تھی۔

    انہوں نے مزید کہا کہ پہلے دن کہا تھا کہ کرکٹ کے لیے بھارت کے پیچھے نہیں بھاگوں گا، اگر بھارت کو ہم سے کرکٹ کھیلنی ہے تو کھیلے۔ سی ای او کرکٹ انگلینڈ بورڈ ڈائریکٹر کے ساتھ آرہے ہیں۔ ہم آج ایک قدم اٹھائیں تو 2 سے 3 سال میں منزل تک پہنچیں گے۔

  • پی سی بی کا سری لنکا کے خلاف سیریز کے لیے کپتان و نائب کپتان کا اعلان

    پی سی بی کا سری لنکا کے خلاف سیریز کے لیے کپتان و نائب کپتان کا اعلان

    لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ نے سری لنکا کے خلاف ہوم سیریز کے لیے کپتان اور نائب کپتان کے ناموں کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سری لنکا کے خلاف ہوم سیریز کے لیے سرفراز احمد کپتان اور بابر اعظم نائب کپتانی کے فرائض انجام دیں گے۔

    قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان اور نائب کپتان کی تقرری چیئرمین پی سی بی نے کی، چیف سلیکٹر، ہیڈ کوچ مصباح الحق، پی سی بی کرکٹ کمیٹی نے سفارش کی تھی۔

    چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے کہا کہ سری لنکن کرکٹ بورڈ سے بات چیت جاری ہے، سری لنکن بورڈ کی جانب سے کوئی منفی پیغام نہیں ملا، سری لنکن بورڈ صرف حکومت سے منظوری چاہتا ہے۔

    مزید پڑھیں: سری لنکا کا دورہ پاکستان، رینجرز کے اعلیٰ افسران کا نیشنل اسٹیڈیم کا دورہ

    احسان مانی نے کہا کہ امید ہے کہ سری لنکن کرکٹ ٹیم ضرور پاکستان آئے گی، پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ واپس آرہی ہے یہ بڑی بات ہے، دوسرے وینیو کا اب وقت نہیں ہے۔

    چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ بابر اعظم سیریز میں نائب کپتان ہوں گے، پہلی مرتبہ انہیں موقع دیا جارہا ہے، فیصلہ سازی میں بابر اعظم کی مشاورت بھی شامل ہوگی، دیکھا جائے گا کہ بابراعظم نائب کپتانی کو کیسے ہینڈل کرتے ہیں، کرکٹ کی بہتری کے لیے جو بھی ہوسکا وہ کریں گے۔

    واضح رہے کہ سری لنکا کے خلاف ایک روزہ، ٹی ٹوینٹی سیریز 27 ستمبر سے 9 اکتوبر تک جاری رہے گی، سرفراز احمد 2017 سے تینوں فارمیٹ میں قومی ٹیم کی قیادت کررہے ہیں۔

    سرفراز احمد کی قیادت میں قومی ٹیم نے 4 ٹیسٹ، 26 ایک روزہ اور 29 ٹی ٹوینٹی میچز میں کامیابی حاصل کی ہے، بابر اعظم آئی سی سی ٹی ٹوینٹی رینکنگ میں پہلے نمبر پر موجود ہیں، بابر اعظم ایک روزہ کرکٹ میں تیسرے، ٹیسٹ میں 13ویں بہترین کھلاڑی ہیں۔