Tag: احسان مانی

  • چیئرمین پی سی بی بورڈ میں سازشی ٹولے کو بے نقاب کریں، وزیراعظم کی ہدایات

    چیئرمین پی سی بی بورڈ میں سازشی ٹولے کو بے نقاب کریں، وزیراعظم کی ہدایات

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان چیئرمین پی سی بی احسان مانی کو ہدایات دی ہیں کہ بورڈ میں ایسا کوئی شخص نہیں ہونا چاہیے جو خرابی پیدا کرے، سازشی ٹولے کو بے نقاب کیا جائے۔

    یہ بات انہوں نے اسلام آباد میں ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہی، تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے جمعہ کو وزیراعظم عمران خان سے ون آن ون ملاقات کی۔

    ملاقات میں پی سی بی کے موجودہ بحران پر حکمت عملی اور ورلڈ کپ کی تیاریوں کے سلسلے میں تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر وزیراعظم نے احسان مانی کو اہم ہدایات دیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ بورڈ میں ایسا کوئی شخص نہیں ہونا چاہیے جو معاملات میں خرابی پیدا کرے، ایسے سازشی ٹولے کو بے نقاب کیا جائے اور اس سلسلے میں کسی قسم کا دباؤ اور بلیک میلنگ ہرگز قبول نہ کریں۔

    وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ کرکٹ میں صرف اور صرف بہتری چاہیے، ڈومیسٹک کرکٹ کا ڈھانچہ فوری طور پر تبدیل کریں، کرکٹ کے معاملات میرٹ پر چلائیں، علاوہ ازیں وزیراعظم نے احسان مانی کو تفصیلی ملاقات کیلئے آئندہ ہفتے پھر طلب کرلیا۔

    مزید پڑھیں: وزیراعظم عمران خان سے قومی کرکٹ ٹیم کی ملاقات

    یاد رہے کہ قومی کرکٹ ٹیم اور انتظامیہ نے گزشتہ روز بنی گالہ میں وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی پی سی بی حکام نے وزیراعظم کو ورلڈکپ کی تیاریوں کے حوالے سے بریفنگ دی۔

    اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ انگلینڈ کی مشکل کنڈیشنز میں دلیری کے ساتھ کھیلنا ہوگا۔

    وزیراعظم نے قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جب کپتان دلیری کے ساتھ کھیلے گا تو ٹیم بھی دلیری کے ساتھ کھیلے گی۔

  • ڈومیسٹک کرکٹ کو مشکلات سے نکالنے کے لئے بھرپور کوششیں کی جارہی ہیں: احسان مانی

    ڈومیسٹک کرکٹ کو مشکلات سے نکالنے کے لئے بھرپور کوششیں کی جارہی ہیں: احسان مانی

    لاہور: پی سی بی کے چیئرمین احسان مانی نے کہا ہے کہ ڈومیسٹک کرکٹ کو مشکلات سے نکالنے کے لئے بھرپور کوششیں کی جارہی ہیں.

    ان خیالات کا اظہار انھوں نے ایک کتاب کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا. اس موقع پر پی سی بی کے ڈائریکٹر انٹرنیشنل ذاکر خان ، ڈائریکٹر ڈومیسٹک ہارون الرشید ، سابق کپتان عامر سہیل ،چیف آپریٹنگ آ فیسر سبحان احمد سمیت دیگر بھی موجود تھے ۔

    ان کا کہنا تھا کہ آ ج کل پاکستان میں ڈومیسٹک کرکٹ مشکل صورت حال کا شکار ہے، کوشش ہے کہ ڈومیسٹک کرکٹ کو دوبارہ پوری آب وتاب سے بحال کریں.

    انھوں‌ نے کہا کہ پاکستان کے 90 کی دہائی میں اور96 کے ورلڈکپ سے پہلے بھارتی بورڈ کے ساتھ دوستانہ تعلقات تھے.

    مزید پڑھیں: آئی سی سی فوجی ٹوپیاں پہننے پر بھارتی کرکٹ بورڈ کیخلاف ایکشن لے، احسان مانی

    خیال رہے کہ گزشتہ دونوں احسان مانی نے کہا تھا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی نے کہا تھا کہ ترجیحات میں خواتین کی کرکٹ بھی شامل ہے، کبھی خواتین کی کرکٹ کو نظر انداز نہیں کریں گے۔ کوشش ہوگی کہ سری لنکا سے پوری سیریز پاکستان میں ہو۔

    تقریب میں انھوں‌ نے صاحب کتاب طاہر میمن کی پاکستان کرکٹ کی خدمات کا بھی تذکرہ کیا اور انھیں قابل تعریف ٹھہرایا.

  • کوشش ہوگی کہ سری لنکا سے پوری سیریز پاکستان میں ہو: احسان مانی

    کوشش ہوگی کہ سری لنکا سے پوری سیریز پاکستان میں ہو: احسان مانی

    لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی کا کہنا ہے کہ ترجیحات میں خواتین کی کرکٹ بھی شامل ہے، کبھی بھی خواتین کی کرکٹ کو نظر انداز نہیں کریں گے۔ کوشش ہوگی کہ سری لنکا سے پوری سیریز پاکستان میں ہو۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا مقصد کارکردگی دکھانا تھا۔ میں کراچی میں 8 میچز کروانے پر قائم رہا، پاکستان سپر لیگ کے انعقاد میں پی سی بی کے عملے نے بہت محنت کی۔

    احسان مانی کا کہنا تھا کہ پاکستان میں وہ آپریٹر نہیں جو جدید آلات چلا سکیں، ہم کوشش کریں گے کہ آئندہ پی ایس ایل میں اس پر قابو پاسکیں۔

    انہوں نے کہا کہ پی سی بی کے کرائسٹ چرچ واقعے پر ردعمل کو سب نے سراہا، دہشت گردی کی وجہ سے کرکٹ کو نہیں رکنا چاہیئے۔ کرکٹ رکنے سے دہشت گردی کی جیت ہوتی ہے۔ ہم نے اختتامی تقریب کو سادہ رکھا، تقریب میں سے ڈانس نکال دیا گیا تھا۔

    احسان مانی کا کہنا تھا کہ تقریب سے پہلے فضا میں کبوتر بھی چھوڑے گئے۔ اسلام آباد یونائٹیڈ نے اپنا اسپرٖٹ آف دی اسپورٹ ایوارڈ آصف کے نام کیا، آصف کی بیٹی کینسر سے جنگ لڑ رہی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ہماری پوری کوشش ہوگی کہ پی ایس ایل کے تمام میچ پاکستان میں ہوں۔ وزیر اعلیٰ سندھ اور انتظامیہ نے میچز کے انعقاد میں اہم کردار ادا کیا۔ پاکستان نے دہشت گردی جیسے بڑے چیلنجز کا کامیابی سے سامنا کیا۔ کرکٹرز کا تحفظ ہماری اولین ترجیح تھی، پاک بھارت کشیدگی کے دوران مشینری لانے میں مشکل پیش آئی۔

    احسان مانی کا کہنا تھا کہ پاکستان میں کرکٹ کے میدانوں کی بہتری کے لیے بہت کام ہو رہا ہے، سیاست کے باعث سب سے زیادہ نقصان کرکٹ کو ہوتا ہے۔ سیاست اور کرکٹ کو ملانا نہیں چاہیئے۔ ’مجھے امید ہے کہ بھارت میں لوگ معقولیت کی طرف جائیں گے‘۔

    انہوں نے کہا کہ بھارت پہلے دن سے ہی پی ایس ایل ناکام بنانے کے لیے سرگرم ہے، میری ترجیحات میں خواتین کی کرکٹ بھی شامل ہے۔ کرکٹ کے بزنس پلان میں خواتین کرکٹ اوپر ہے۔ ہم کبھی بھی خواتین کی کرکٹ کو نظر انداز نہیں کریں گے۔

    چیئرمین کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل کے انعقاد سے نیا ٹیلنٹ سامنے آیا، حیدر آباد میں اسٹیڈیم پر بہت کام کرنا ہے۔ ہمارے ہاں علاقائی اور اسکول کی سطح پر کرکٹ کو فروغ نہیں دیا جاتا۔ علاقائی تنظیمیں کرپشن کا بہت شکار ہیں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ میران شاہ اور مظفر آباد میں میچ کروانے سے متعلق جائزہ لیں گے، ہمیں پاکستان نہ آنے پر کسی کو دھکی دینے کا کوئی فائدہ نہیں ہے۔ ٹیموں کے دورے سے متعلق ماہرین کو مطمئن کرنے کی کوشش کی ہے، ہماری کوشش ہوگی کہ سری لنکا سے پوری سیریز پاکستان میں ہو۔

  • کراچی: پی ایس ایل 4 کی اختتامی تقریب کا آغاز، کرائسٹ چرچ کے شہدا کے لیے ایک منٹ کی خاموشی

    کراچی: پی ایس ایل 4 کی اختتامی تقریب کا آغاز، کرائسٹ چرچ کے شہدا کے لیے ایک منٹ کی خاموشی

    کراچی: پاکستان سپر لیگ 4 کی رنگا رنگ اختتامی تقریب کا آغاز ہو گیا ہے، تقریب شروع ہوتے ہی کرائسٹ چرچ، نیوزی لینڈ کے شہدا کے لیے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل کے چوتھے ایڈیشن کے فائنل میچ سے قبل نیشنل اسٹیڈیم میں شان دار میوزک کنسرٹ کے ساتھ اختتامی تقریب کا آغاز ہو گیا ہے۔

    آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ بھی نیشنل اسٹیڈیم میں پی ایس ایل کا فائنل دیکھ رہے ہیں، ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور بھی موجود ہیں۔

    [bs-quote quote=”آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ بھی نیشنل اسٹیڈیم میں پی ایس ایل کا فائنل دیکھیں گے۔” style=”style-8″ align=”left”][/bs-quote]

    آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے گیلری میں آ کر ہاتھ ہلا کر لوگوں کے نعروں کا جواب دیا، کور کمانڈر کراچی بھی گیلری میں آئے، کراچی کا نیشنل اسٹیڈیم پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھا۔

    صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی بھی اختتامی تقریب میں شریک ہیں، شہریار آفریدی، سعید غنی و دیگر بھی نیشنل اسٹیڈیم میں موجود ہیں۔

    تقریب کے شروع ہوتے ہی نیوزی لینڈ میں دہشت گردی میں شہید افراد کے لیے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی، بعد ازاں چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ اور وزیرِ اعلیٰ سندھ نے تقریب سے خطاب کیا۔

    وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے خطاب میں پاکستان زندہ باد کے نعرے لگوائے، نیشنل اسٹیڈیم میں امن کی علامت سفید کبوتر چھوڑے گئے، آئی ایس پی آر نے اختتامی تقریب میں 23 مارچ کا ترانہ پاکستان زندہ باد لانچ کر دیا۔

    قبل ازیں چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے کہا کہ آج پاکستان اور کراچی کے لیے تاریخی دن ہے، آج پاکستان پی ایس ایل فائنل کی میزبانی کر رہا ہے، اور اس وقت اسٹیڈیم میں 28 ہزار سے زائد تماشائی موجود ہیں۔

    انھوں نے کہا کہ پی ایس ایل کے میچز کو پوری دنیا میں لاکھوں لوگوں نے دیکھا ہے، میں پولیس چیف، ڈی جی رینجرز، سندھ حکومت کا شکر گزار ہوں، کراچی میں میچز کرانے پر تعاون کی کوئی نذیر نہیں، کرکٹ وہ کھیل ہے جو زندگیوں میں خوشی اور روشنی لاتا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  ہسپانوی اسٹار فٹبالر کارلوس پیول اور وزیرِ اعلیٰ سندھ نیشنل اسٹیڈیم پہنچ گئے

    احسان مانی کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ سندھ ، سیکریٹری داخلہ اور کور کمانڈر کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں، پیار اور محبت پر کراچی کے لوگوں کو انعام دینا چاہیے۔

    وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ سب سے پہلے نیوزی لینڈ میں شہید 50 لوگوں کے لیے دعا کرتے ہیں، میں زخمیوں کی صحت یابی کے لیے بھی دعا گو ہوں۔

    یہ بھی پڑھیں:  پرانا کراچی واپس آگیا،امید ہے پرانا پاکستان بھی واپس آئے گا‘ مراد علی شاہ

    انھوں نے کہا ’2 سال پہلے اسی گراؤنڈ میں وعدہ کیا تھا پی ایس ایل کراچی لائیں گے، اس سال پاکستان میں ہونے والے تمام میچز کراچی میں ہوئے، یہ کراچی کی جیت ہے، اگلے سال پورا پی ایس ایل پاکستان میں کھیلا جائے گا۔‘

    ان کا کہنا تھا کہ لاہور، ملتان، حیدر آباد، سب شہروں میں کراچی جیسا جوش ہو، کراچی آ کر کرکٹ کھیلنے پر غیر ملکی کھلاڑیوں کا شکر گزار ہوں۔

    انھوں نے فائنل کھیلنے والی ٹیموں کے لیے کہا کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز، پشاور زلمی دونوں اچھی ٹیمیں ہیں، فائنل کوئی بھی جیتے جیت کراچی اور پاکستان کی ہوگی۔

  • پی ایس ایل کی فائنلسٹ ٹیموں کے لیے استقبالیہ، صدر عارف علوی کی شرکت

    پی ایس ایل کی فائنلسٹ ٹیموں کے لیے استقبالیہ، صدر عارف علوی کی شرکت

    کراچی: پی ایس ایل سیزن فور کی فائنلسٹ ٹیموں کے لیے گورنر ہاؤس میں تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں صدر مملکت عارف علوی نے خصوصی شرکت کی۔

    تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل سیزن فور کے فائنل سے قبل فائنلسٹ ٹیموں کے لیے گورنر ہاؤس کراچی میں استقبالیہ دیا گیا، صدر مملکت عارف علوی، چیئرمین پی سی بی احسان مانی بھی تقریب میں موجود تھے، تقریب میں نیوزی لینڈ میں دہشت گردی کے واقعے پر ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔

    چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے بیرون ممالک سے آنے والے تمام کھلاڑیوں اور مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یقین ہے آئندہ سال مزید کھلاڑی پاکستان آئیں گے۔

    احسان مانی نے کہا کہ پاکستان میں ٹیموں کا شاندار استقبال کیا گیا اور مکمل سیکیورٹی فراہم کی گئی، چیئرمین پی سی بی نے امید ظاہر کی کہ پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ مکمل بحال ہوجائے گی۔

    ہم پاکستان میں بہت لطف اندوز ہوئے، ویوین رچرڈ

    ویسٹ انڈیز کے لیجنڈری بلے باز سر ویوین رچرڈ نے کہا کہ ہم پاکستان میں بہت لطف اندوز ہوئے، پاکستان میں سیکیورٹی کا کوئی ایشو نہیں ہے، بیرون ممالک کی ٹیموں کو پاکستان کا دورہ کرنا چاہئے۔

    ایونٹ کامیاب بنانے میں غیرملکی کھلاڑیوں کے شکرگزار ہیں، مصباح

    پشاور زلمی کے بلے باز مصباح الحق نے کہا کہ پی ایس ایل کامیاب بنانے میں غیرملکی کھلاڑیوں کے شکر گزار ہیں، ایونٹ کو کامیاب بنانے میں پاکستانی قوم کے بھی شکر گزار ہیں۔

    انہوں نے امید کا اظہار کیا کہ غیرملکی کھلاڑی آئندہ بھی پاکستان آتے رہیں گے، ایونٹ کامیاب ہونے سے غیرملکی ٹیمیں بھی پاکستان کا دورہ کریں گی۔

    واضح رہے کہ کل نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی کے درمیان فائنل کھیلا جائے گا، پشاور زلمی ایک بار ٹائٹل جیت چکی ہے جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز تین بار فائنل میں پہنچنے کے باوجود ٹائٹل سے محروم رہی ہے۔

  • آئی سی سی فوجی ٹوپیاں پہننے پر بھارتی کرکٹ بورڈ کیخلاف ایکشن لے، احسان مانی

    آئی سی سی فوجی ٹوپیاں پہننے پر بھارتی کرکٹ بورڈ کیخلاف ایکشن لے، احسان مانی

    کراچی : چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے کہا ہے کہ آئی سی سی بھارتی کرکٹ بورڈ کیخلاف ایکشن لے، بھارتی ٹیم نے فوجی کیپ پہن کر بری حرکت کی جس سے ان کا معیار گرا ہے۔

    یہ بات انہوں نے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی نے آئی سی سی سے بھارتی ٹیم کے خلاف ایکشن لینےکا مطالبہ کردیا۔

    ان کا کہنا ہے کہ کرکٹ کو سیاست کیلئے استعمال نہیں کرنا چاہیے۔ چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ  عمران طاہر، معین علی کے ساتھ تعصبانہ رویے پر آئی سی سی نے قدم اٹھایا تھا، چاہتے ہیں آئی سی سی بھارتی کرکٹ بورڈ کیخلاف ایکشن لے۔

    احسان مانی نے کہا کہ بھارتی کرکٹ ٹیم نے بری حرکت کی جس سے ان کا معیار گرا ہے، اس معاملے پر آئی سی سی کوخط لکھ دیا ہے اور 12گھنٹے میں دوسرا خط لکھنے جارہے ہیں، نہیں چاہتے سیاست کیلئے کرکٹ کو استعمال کیا جائے۔

    مزید پڑھیں: بھارتی کرکٹ ٹیم بھی مودی کے جنگی جنون میں‌ مبتلا ہوگئی

    پی ایس ایل سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا اور بنگلادیش کے سیکیورٹی آفیشلز کراچی آرہے ہیں، پی ایس ایل فور کے کامیاب انعقاد سے انہیں معلوم ہوجائے گا کہ پاکستان میں کرکٹ کو کوئی خطرہ نہیں۔

  • پاکستان میں پی ایس ایل کے میچز شیڈول کے مطابق ہوں گے، چیئرمین پی سی بی

    پاکستان میں پی ایس ایل کے میچز شیڈول کے مطابق ہوں گے، چیئرمین پی سی بی

    دبئی: چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے کہا ہے کہ پاکستان میں پی ایس ایل سیزن فور کے میچز شیڈول کے مطابق ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق دبئی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے کہا ہے کہ پی ایس ایل سیزن فور کے میچز پاکستان میں شیڈول کے مطابق ہوں گے۔

    [bs-quote quote=”فرنچائز مالکان کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے ہمارا ساتھ دیا” style=”style-8″ align=”left” author_name=”احسان مانی”][/bs-quote]

    چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے کہا کہ تمام ٹیمیں پاکستان میں میچز کھیلنے کی حمایت کررہی ہیں، پی ایس ایل کے تمام کھلاڑی پاکستان میں کھیلنے کو تیار ہیں۔

    احسان مانی کا کہنا تھا کہ ہر کسی کا متفقہ فیصلہ ہے کہ لیگ پاکستان میں ہی ہو، فرنچائز مالکان کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے ہمارا ساتھ دیا۔

    واضح رہے کہ پاک بھارت کشیدگی کے بعد پی سی بی حکام نے دبئی میں غیرملکی کرکٹرز کے ساتھ ملاقاتوں کا سلسلہ شروع کیا تھا اور پاکستان میں مکمل سیکیورٹی کی یقین دہانی کرائی تھی۔

    یاد رہے کہ پی ایس ایل سیزن فور کے آخری 8 میچز پاکستان میں کھیلے جائیں گے جن میں 3 میچ لاہور 5 میچ کراچی میں ہوں گے۔

    پی ایس ایل 4 کے لاہور میں تین میچز 9، 10 اور 12 مارچ کو کھیلے جائیں گے جبکہ کراچی میں پانچ میچز 7، 10، 13، 15 اور فائنل 17 مارچ کو نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

  • پی ایس ایل فور اب تک کا سب سے بڑا ایونٹ ہوگا، احسان مانی

    پی ایس ایل فور اب تک کا سب سے بڑا ایونٹ ہوگا، احسان مانی

    لاہور: چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے کہا ہے کہ پی ایس ایل کا چوتھا ایڈیشن اب تک کا سب سے بڑا ایونٹ ثابت ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے کہا ہے کہ اس بار آٹھ میچ پاکستان میں ہوں گے، فرنچائز کو تین سال کی محنت کا فائدہ اب نظر آنا شروع ہوگا، ویسٹ انڈیز ویمنز ٹیم کی آمد سے اچھا پیغام گیا۔

    پی سی بی گورننگ بورڈ کا اجلاس ہوا جس میں پی ایس ایل انتظامات سے متعلق غور کیا گیا، بورڈ اراکین نے چیئرمین پی سی بی کو بتایا کہ پی ایس ایل کا آفیشل ترانہ 18 جنوری کو لانچ کیا گیا، پی سی بی کی ٹیم پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب کے لیے دن رات محنت کررہی ہے۔

    اجلاس میں بتایا گیا کہ یکم جولائی سے وفاقی حکومت نے فرنچائز کو ٹیکس سے استثنیٰ دے دیا ہے، پی ایس ایل فرنچائز کو درپیش مسائل سے متعلق اراکین کو آگاہ کیا گیا اور پاکستان کرکٹ ٹیم کی کارکردگی کے حوالے سے تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

    یہ پڑھیں: پی ایس ایل 4 :  کراچی کو کرکٹ سٹی قرار دیا جائے گا

    چیف سلیکٹر انضمام الحق اور رکن وسیم حیدر نے اجلاس میں خصوصی شرکت کی، کمیٹی اراکین نے ٹیم منتخب کرنے کے طریقہ کار اور مستقبل کے لائحہ عمل سے آگاہ کیا۔

    انضمام الحق نے اعتراف کیا کہ تینوں فارمیٹس میں ٹیم کی بہتری کی گنجائش موجود ہے، 2016 سے ٹیم صحیح سمت میں چل رہی ہے۔

    گورننگ بورڈ کے ممبران نے سلیکشن کمیٹی کے موقف پر اعتماد کا اظہار کیا، چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے مستقبل میں قومی ٹیم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

  • ہم سب سرفراز احمد کو بطور کپتان سپورٹ کرتے ہیں: چیئرمین پی سی بی

    ہم سب سرفراز احمد کو بطور کپتان سپورٹ کرتے ہیں: چیئرمین پی سی بی

    لاہور: چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ احسان مانی کا کہنا ہے کہ جب تک کوئی دوسرا نہیں مل جاتا سرفراز ہی کپتان رہیں گے، آسٹریلیا سیریز اور ورلڈ کپ میں سرفراز احمد کپتانی کریں گے۔ ہم سب سرفراز احمد کو بطور کپتان سپورٹ کرتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ احسان مانی اور کپتان قومی ٹیم سرفراز احمد نے میڈیا بریفنگ کی۔ چیرمین پی سی بی احسان مانی کا کہنا تھا کہ سرفراز احمد سے بہت عرصہ پہلے ملاقات ہوئی تھی، سرفراز احمد میں بہت عرصہ پہلے لیڈر شپ دیکھی تھی۔

    احسان مانی نے کہا کہ سرفراز کی کپتانی پہلی بار 2006 جونیئر ورلڈ کپ میں دیکھی تھی، اس ورلڈ کپ میں پاکستان نے بھارت کو شکست دی تھی۔ سرفراز کی اس دن اور آج کی کپتانی ویسی ہی ہے۔ ان کی کپتانی دیکھ کر شہریار خان کو خط بھی لکھا تھا۔

    مزید پڑھیں: سرفراز کو ورلڈ کپ 2019 کے لیے کپتان برقرار رکھنے کا فیصلہ

    انہوں نے کہا کہ جب تک کوئی دوسرا نہیں مل جاتا سرفراز ہی کپتان رہیں گے، جب بھی کوئی ایونٹ آتا ہے قیاس آرائیاں شروع ہوجاتی ہیں۔ آسٹریلیا سیریز اور ورلڈ کپ میں سرفراز احمد کپتانی کریں گے۔ پورا بورڈ سرفراز احمد کے ساتھ ہے۔

    چیئرمین پی سی بی  کا کہنا تھا کہ ہم سب سرفراز احمد کو بطور کپتان سپورٹ کرتے ہیں۔ سرفراز احمد کی کپتانی میں ہم کامیابی حاصل کریں گے۔ پاکستان جنوبی افریقہ سیریز میں ہارا ہے اس میں شک نہیں، نیوزی لینڈ سیریز سے دیکھ لیں وہاں کامیابی بھی ملی ہے۔ ہار سے سبق ملتا ہے، اسی طرح پرفارمنس میں بہتری آتی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پہلے دن سے کہہ رہا ہوں ایک ہی کپتان ہیں اور وہ سرفراز احمد ہیں۔ ریویو ہم ضرور کرتے ہیں، ٹیم مینیجمنٹ تمام معاملات دیکھتی ہے۔ کوئی سیاسی مداخلت نہیں، سرفراز احمد ہی ورلڈ کپ میں کپتانی کریں گے۔ ’انشا اللہ اس بار ورلڈ کپ لے آئیں گے‘۔

    احسان مانی نے مزید کہا کہ حفیظ اور شعیب دونوں نے اعلان کیا ہے کہ یہ ان کا آخری ورلڈ کپ ہے۔ جب کسی کو کپتان منتخب کیا جاتا ہے تو وہ آخر تک کپتان ہی ہوتا ہے۔ کسی کو یہ نہیں کہا جاتا کہ آپ ایک یا دو سال کے لیے کپتان بنے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ سب کو معلوم ہے کپتان موجود نہیں تو سینئر کھلاڑی ٹیم کو دیکھتے ہیں، اس میں کوئی وجہ نہیں کہ سرفراز کی غیر موجودگی میں شعیب دیکھتے ہیں۔ پلیئرز کھیل کر بنتے ہیں ایک ہی رات میں نہیں بنتے۔ سرفراز کی پرفارمنس دیکھ لیں میرٹ کا پتہ چل جائے گا۔

    قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ چیئرمین پی سی بی کا مشکور ہوں انہوں نے مجھ پر اعتماد کیا ہے۔ میرے لیے فخر کی بات ہے پاکستان کرکٹ ٹیم کی کپتانی کر رہا ہوں۔

    انہوں نے کہا کہ چیئرمین پی سی بی نے شروع سے مجھ پر اعتماد کیا جس سے حوصلہ بڑھا، کوشش کریں گے پاکستان ٹیم بہترین پرفارمنس پیش کرے۔ جنوبی افریقہ کے کھلاڑی سے 3 مرتبہ معذرت کی، بات نکل گئی جس پر معذرت کی اب آگے بڑھنا چاہیئے۔۔

    سرفراز کا کہنا تھا کہ کوئی کراچی یا لاہور والا نہیں، سب پاکستانی ہیں۔ ٹیم کے نائب کپتان کے حوالے سے بورڈ سے بات کروں گا۔ کسی کرکٹر کو پسند نہیں ہے کہ اس پر تنقید ہو، کرکٹ پر تنقید کریں گے تو ٹھیک ہے، ذاتی ہونا مسئلہ ہوتا ہے۔

  • سرفراز احمد پر پابندی، احسان مانی آئی سی سی پر برہم

    سرفراز احمد پر پابندی، احسان مانی آئی سی سی پر برہم

    لاہور: سرفراز احمد پر پابندی پر چیئرمین پی سی بی احسان مانی آئی سی سی پر برہم ہوگئے، چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ معافی کے باوجود سرفراز احمد پر پابندی سمجھ سے بالاتر ہے۔

    تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد پر 4 میچز کی پابندی پر چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے آئی سی سی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ سرفراز کے معاملے پر بیورو کریسی حاوی ہوئی ہے۔

    احسان مانی نے کہا کہ سرفراز احمد نے اپنی غلطی تسلیم کرنے کے بعد جنوبی افریقی کھلاڑی سے معافی بھی مانگ لی تھی اس کے باوجود آئی سی سی کا سزا دینا سمجھ سے بالاتر ہے۔

    چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ دونوں کھلاڑیوں اور بورڈ میں معاملہ حل ہوگیا تھا اس کے بعد آئی سی سی میدان میں آگیا، اگر یہ صلح آئی سی سی رولز کے تحت نہیں ہوئی تو اس کا مطلب یہ نہیں کہ صلح نہیں ہوئی، جنوبی افریقی کپتان ڈوپلیسی نے اس معاملے کو ختم کردیا تھا۔

    مزید پڑھیں: شعیب اختر مجھ پر ذاتی حملے کررہے ہیں، سرفراز احمد

    انہوں نے کہا کہ سرفراز نے جو کچھ بولا، وہ کلچر کا فرق تھا پاکستان میں ایسے الفاظ کو سنجیدہ نہیں لیا جاتا ہے اور سرفراز نے جان بوجھ کر ایسا نہیں کیا ہے۔

    واضح رہے کہ جنوبی افریقا کے خلاف دوسرے ون ڈے میچ میں جنوبی افریقی کھلاڑی فلک کوائیو کو جملے کسنے پر سرفراز احمد پر آئی سی سی کی جانب سے 4 میچز کی پابندی عائد کی گئی تھی۔

    پاکستان کرکٹ بورڈ نے سرفراز احمد کو 4 میچز کی پابندی کے بعد وطن واپس بلالیا تھا، سرفراز احمد کا وطن واپسی پر کہنا تھا کہ معافی مانگی پھر بھی مجھے سزا ملی۔