Tag: احسان مصطفیٰ یردکل

  • کابل ایئر پورٹ کی سیکیورٹی کے لیے امریکا سے مذاکرات جاری ہیں: ترک سفیر

    کابل ایئر پورٹ کی سیکیورٹی کے لیے امریکا سے مذاکرات جاری ہیں: ترک سفیر

    اسلام آباد: پاکستان میں تعینات ترک سفیر احسان مصطفیٰ یردکل نے کہا ہے کہ ہمارا کوئی خفیہ ایجنڈا نہیں ہے، افغانستان میں ترکی کا جو بھی کردار ہوگا، وہ وہاں کے عوام کے لیے ہوگا، کابل ایئر پورٹ کی سیکیورٹی کے لیے امریکا سے مذاکرات بھی جاری ہیں۔

    ان خیالات کا اظہار انھوں نے ترکی کے سفارت خانے میں پریس کانفرنس کے دوران کیا، انھوں نے کہا ترکی کے افغانستان سے تاریخی سماجی ثقافتی تعلقات ہیں، ہماری دل چسپی مستحکم، خوش حال اور پُر امن افغانستان ہے، پُر امن افغانستان ہی پورے خطے کے استحکام، ترقی اور خوش حالی کے لیے اہم ہے۔

    احسان مصطفیٰ یردکل نے بتایا کہ ہمارے امریکا سے مذاکرات جاری ہیں کہ ترکی کابل ایئر پورٹ کی سیکیورٹی جاری رکھے، ترکی کا افغانستان میں جو بھی کردار ہوگا وہاں کے عوام کے لیے ہوگا، ہمارا کوئی خفیہ ایجنڈا نہیں ہے۔ خیال رہے کہ طالبان ترجمان نے کابل ایئر پورٹ پر فوجی رکھنے پر ترکی کو وارننگ دی ہے کہ اس کے ساتھ ویسا ہی سلوک کیا جائے گا جیسا کہ کسی قابض فوج کے ساتھ کیا جاتا ہے۔

    ترک سفیر نے کہا ترکی اور پاکستان کے اعلیٰ سطحی سیاسی تعلقات ہیں، ترکی اور پاکستان دونوں افغانستان میں استحکام، امن اور خوش حالی چاہتے ہیں، خطے، مشترکہ مفادات اور افغان صورت حال پر دونوں ممالک کے درمیان ہر سطح پر مشاورت جاری رہتی ہے۔

    ترکی کو کابل ایئر پورٹ پر فوجی رکھنے پر طالبان کی وارننگ

    سفیر احسان مصطفیٰ یردکل نے ترکی کی جدوجہد اور بغاوت کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ترکی کو بالواسطہ اور بلاواسطہ طور پر فوجی بغاوتوں اور مسائل کا سامنا رہا، ترکی میں اک پارٹی کی 2002 میں آمد کے بعد جمہوری اقدار مضبوط ہوئیں، لیکن 15 جولائی 2016 کو حکومت کے خاتمے کے لیے فوجی بغاوت ہوئی، اس ناکام بغاوت میں تمام اقدار کو پامال کیا گیا۔

    انھوں نے کہا اس بغاوت کا مقصد منتخب حکومت کا خاتمہ اور مخصوص گروپ اور فتح اللہ گولن کی حکومت قائم کرنا تھا، فوجی بغاوت کے پیچھے موجود عناصر نے حکومتی اداروں، سیاسی شخصیات، عوام کو ہدف بنایا، یہ جمہوریت کے خلاف شب خون مارنے، مذہب کو اپنے مقاصد کے لیے استعمال کرنے کا سیاہ باب تھا، بغاوت کے دوران ترک گرینڈ نیشنل اسمبلی، نیشنل انٹیلیجنس دفتر، پولیس ہیڈکوارٹر کو نشانہ بنایا گیا، ترکی میں بغاوت کے 5 سال بعد آج بھی جمہوری جدوجہد جاری ہے۔

    علاوہ ازیں، ترک سفیر کے مطابق اسلام آباد میں 15 جولائی کی صبح فاطمہ جناح پارک میں شجر کاری کی جائے گی، اسی دن شام کو سفارت خانے میں خصوصی تقریب کا انعقاد بھی کیا جائے گا۔

  • رجب طیب اردوان کا دورہ ، ترک سفیر نے پاکستان کو بڑی  خوشخبری سنادی

    رجب طیب اردوان کا دورہ ، ترک سفیر نے پاکستان کو بڑی خوشخبری سنادی

    اسلام آباد : پاکستان میں تعینات ترک سفیر احسان مصطفیٰ یردکل کا کہنا ہے کہ ترک صدر دورہ پاکستان دورہ تاریخی ہوگا ، ایف اے ٹی ایف پر پاکستانی موقف کی تائید کریں گے اور پاکستان کا نام گرے لسٹ سے نکالے جانے کے حوالے سے پُرامید ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان میں تعینات ترک سفیراحسان مصطفیٰ یردکل نے اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو میں ترک صدر کے دورہ پاکستان کے حوالے سے کہا دونوں ممالک کے درمیان صدارتی سطح پر دورہ ہمیشہ بامعنی اور تاریخی ہوتا ہے، یہ دورہ ان میں سے ایک ہیں۔

    ترک سفیر کا کہنا تھا کہ ترک صدر رجب طیب اردوان کا پاکستان کا دورہ تاریخی ہوگا، کشمیر پر واضح مؤقف ہے اور پاکستان کے ساتھ ہیں ، دورے کے دوران مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری، بعض مضبوط معاہدے اور ایم اویوز پر دستخط کئے جائیں گے ۔

    انھوں نے مزید کہا کہ ایف اے ٹی ایف پر پاکستانی موقف کی تائید کریں گے، پاکستان کا نام گرے لسٹ سے نکالے جانے کے حوالے سے پُرامید ہیں۔

    احسان مصطفیٰ کا کہنا تھا دورے میں ہمارے صدر اردوان اور وزیراعظم عمران خان کی صدارت میں ایک اعلیٰ سطح اسٹرٹیجک  تعاون کونسل بنائی جائے گی جبکہ دونوں ممالک کے درمیان معیشت اور تجارت توانائی ، ثقافت اور ٹرانسپورٹ سمیت شعبہ حیات میں باہمی تعاون کی مزید راہیں کھلیں گی۔

    یاد رہے ترک صدر کا 13 اور 14 فروری کو دورہ پاکستان کا  دورہ کریں گے ، وہ کاروباری شخصیات سمیت اعلیٰ سطح وفد کے ہمراہ اسلام آبادپہنچیں گے۔

    مزید پڑھیں : ترک صدرطیب اردوان13 اور 14فروری کو پاکستان کا دورہ کریں گے

    ذرائع کا کہنا تھا کہ ترک صدر پاکستانی سیاسی وعسکری قیادت سےاہم ملاقاتیں کریں گے جبکہ صدر،وزیراعظم، ترک صدر اور مہمانوں کے اعزازمیں ضیافتوں کا اہتمام کریں گے۔

    ذرائع کے مطابق پاک، ترک اعلیٰ سطح تذویراتی تعاون کونسل کا اجلاس منعقد ہو گا، وزیراعظم عمران خان اور ترک صدر رجب طیب اردوان اجلاس کی مشترکہ صدارت کریں گے، متعدد معاہدے، تعاون کی یادداشتوں پر دستخط اور کئی منصوبے شروع ہوں گے۔

    ترک صدر کے دورے کے دوران تذویراتی اقتصادی فریم ورک، باہمی تعاون کے تحت معاہدات کا امکان ہے جبکہ سرمایہ کاری، تجارت، دفاعی پیداوار، بینکنگ، مالیات میں تعاون بڑھایا جائے گا۔