Tag: احمد آباد

  • ٹرمپ کے دورہ بھارت سے قبل مودی سرکار کی ’شرمناک حرکت‘

    ٹرمپ کے دورہ بھارت سے قبل مودی سرکار کی ’شرمناک حرکت‘

    نئی دہلی: بھارتی قوم امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی آمد پر حواس باختہ ہوگئی، بھارت میں جابجا پھیلی جھونپڑ پٹیوں کو امریکی صدر کی نظروں سے چھپانے کے لیے دیواروں کے گرد محصور کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔

    ریاست گجرات کے شہر احمد آباد کی مقامی انتظامیہ نے ایک کچی بستی کے گرد دیوار تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا ہے جو صدر ٹرمپ کے راستے میں نظر آسکتی ہے۔

    امریکی صدر اپنے دورہ بھارت کے دوران گجرات میں عوامی اجتماع سے خطاب کریں گے اور اس اجتماع کا نام ’کیم چھو ٹرمپ‘ ہوگا، یہ اجتماع نریندر مودی کے دورہ امریکا کے دوران ہیوسٹن میں منعقد ہوئے اجتماع ’ہاؤی ڈی مودی‘ کی طرز پر کیا جارہا ہے۔

    اجتماع میں شرکت کے لیے امریکی صدر اور بھارتی وزیر اعظم اس راستے سے گزریں گے تو یہ کچی بستی انہیں نظر آئے گی۔

    کچی بستی کوچھپانے کے لیے تعمیر کی جانے والی یہ دیوار 7 فٹ اونچی ہوگی اور نصف کلو میٹر تک تعمیر کی جائے گی۔ اس کچی بستی میں تقریباً ڈھائی ہزار افراد آباد ہیں۔

    یہاں رہنے والوں نے اس دیوار کی تعمیر پر سخت اعتراض کیا ہے، مقامی افراد کا کہنا ہے حکومت غربت چھپانا چاہتی ہے تو وہ پکے مکان کیوں نہیں تعمیر کروا دیتی۔

    کچی بستی کی رہائشی ایک خاتون کا کہنا ہے کہ دیوار کی تعمیر شروع ہوچکی ہے، اس دیوار کے بننے سے ہماری بستی محصور ہوجائے گی، ہوا پانی بند ہوجائے گا۔ یہاں نہ سیوریج کا انتظام ہے اور نہ ہی بجلی اور پانی، اندھیرے میں گزارا کرنا پڑتا ہے۔ بارش میں یہاں گھٹنوں گھٹنوں پانی بھر جاتا ہے۔

    چونکہ یہ علاقہ ائیرپورٹ کے نزدیک ہے لہٰذا اکثر کسی خاص مہمان کی آمد پر یہاں پردہ ڈال دیا جاتا ہے لیکن اب حکومت یہاں دیوار بنا کر اسے مکمل طور پر چھپانا چاہتی ہے۔

    ایک خاتون کا کہنا تھا کہ ہماری غربت کو پردے اور دیوار سے ڈھانپنے کے بجائے سرکار ہمیں سہولیات مہیا کرئے تاکہ ہماری زندگی بہتر ہو۔

    یاد رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اپنی اہلیہ میلانیا ٹرمپ کے ساتھ 24 اور 25 فروری کو بھارت کا دورہ کریں گے، 2 روزہ دورے کے دوران وہ دہلی اور گجرات جائیں گے۔

  • بھارت، لاپتہ لڑکا لڑکی بن کے گھر لوٹ آیا

    بھارت، لاپتہ لڑکا لڑکی بن کے گھر لوٹ آیا

    احمد آباد : بھارت کے علاقے احمد آباد میں سونے کے معروف تاجر کے لاپتہ بیٹے کا معمہ حل ہوگیا ہے جس پر والدین پریشان اور اہل محلہ حیران ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق بھارت کے علاقے احمد آباد میں مشہور سونے کے تاجر کے بیٹے کی پر اسرار گمشدگی نے سراسمیگی پھیلا دی تھی جس کا ڈراپ سین ہو گیا ہے۔

    والدین کا کہنا ہے کہ ہم نے بیٹے کی گمشدگی کی اطلاع تھانے میں درج کرادی تھی جس پر چند روز بعد تھانے سے فون آیا کہ آپ کا گمشدہ بیٹا مل گیا ہے اور اس وقت ایک اسپتال میں موجود ہے جہاں وہ تبدیلیء جنس کے آپریشن کے بعد لڑکا سے لڑکی بن گیا ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ شائم نامی لڑکے نے اپنے بیان میں بتایا کہ میں اپنی مرضی سے تبدیلی جنس کا آپریشن کروانے کے لیے گھر سے لاپتہ ہوا تھا کیوں کہ میری اس خواہش پر والدین ناراضگی کا اظہار کرتے اور کبھی میرا آپریشن نہیں ہونے دیتے۔

    اعلیٰ تعلیم یافتہ شائم نے اپنے بیان میں پولیس کو بتایا کہ اسے شروع سے ہی یہ محسوس ہوتا تھا کہ اسے لڑکا نہیں بلکہ لڑکی ہونا چاہیے تھا اور شاید غلطی سے لڑکی کی روح کسی لڑکے کے مجسمے میں جا بسی ہے جس کا اظہار میں نے اپنے والدین سے بھی کیا تھا اور ان سے تبدیلی جنس کا آپریشن کروانے کی اجازت بھی مانگی تھی۔

    لیکن والدین نے سخت ردعمل دیتے ہوئے اس بات کو ماننے سے یکسر انکار کردیا جس کے بعد میں نے خود ہی آپریشن کرانے کی منصوبہ بندی کی اور موقع دیکھ کر اپنے گھر والوں کو اطلاع دیئے بغیر چپ چاپ اسپتال منتقل ہوگیا جہاں پہلے ہی تمام انتظامات مکمل تھے اور ڈاکٹرز کی ماہر ٹیم نے آپریشن کا آغاز کیا جو بہ احسن طریقے سے تکمیل کو پہنچا جس کے بعد میں نے پولیس کو اطلاع دی۔

    میڈیا سے بات کرتے ہوئے جنس تبدیل کروانے والے شائم نے بتایا کہ والدین اور چھوٹی بہنیں ابھی اس حقیقیت کا سامنے کرنے سے قاصر نظر آتی ہیں تاہم میری پوری کوشش ہے کہ وہ مجھے اس تبدیلی کے ساتھ دل سے قبول کر لیں اور ہماری زندگی دوبارہ نارمل طریقے سے گذر بسر ہونے لگے۔